لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ قومی لیڈر عمران خان کی زندگی کو لا حق خطرات پر ساری قوم شدید تشویش میں مبتلا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسرت جمشید چیمہ نے لکھا کہ ملک کا بچہ بچہ آصف زرداری کی شہرت سے واقف ہے اس لئے کسی صورت خیر کی توقع نہیں رکھی جا سکتی، عمران خان واحد لیڈر ہیں جن کی زندگی کو سب سے زیادہ خطرات لا حق ہیں لیکن ان کی سکیورٹی ہٹا لی گئی ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کروڑوں عوام کی دعائیں عمران خان کیساتھ ہیں، نقصان پہنچانے کی سازش کرنے والے نا مراد ہی رہیں گے. عمران خان مکمل صحتیابی کے بعد دوبارہ عوام کے درمیان آنے کیلئے پر عزم ہیں۔
Monthly Archives: January 2023
ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ
کراچی : (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ( ایم کیو ایم ) نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے کارکنان کو انتخابات کی تیاری کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق کراچی کے 9 حلقوں پر انتخابات 16 مارچ کو ہوں گے۔
ملک میں آج سے مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کاامکان
کوئٹہ : (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کراچی میں بونداباندی اور دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں پہاڑوں پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔ محکمۂ موسمیات نے بارش کا سبب بننے والا مغربی ہواؤں کے سلسلے کے آج سے بلوچستان میں داخل ہونے اور صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتراضلاع میں آج بھی ہلکی ہلکی بارش اور برفباری ہوئی ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ہرنائی، قلات، خضدار، چمن، قلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ ،پیشن ، خانوزئی ، مسلم باغ، دالبندین،نوکنڈی ،تربت پنجگور میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ محکمہ پی ڈی ایم اے نے 28 اور 29 جنوری کو شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ علاوہ ازیں چاغی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہلکی ہلکی بارش کی سبب پاک افغان سرحدی علاقہ براپچہ میں سردی میں اضافہ ہوگیا ہے ، آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کے ڈیرے پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا ، گریس ویلی شاہراہ 13 روز سے بدستور بند، نظام زندگی متاثر ہوا ہے جبکہ برفباری سے بند شاہراؤں کی بحالی جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 06ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا، زیارت میں کم سےکم درجہ حرارت منفی11 ، قلات منفی 08، ژوب منفی02، بارکھان میں 02، سبی میں03، تربت میں 08، پنجگور میں منفی 01 ، اوڑمارہ میں07، گوادراور پسنی میں 08اورجیونی میں09، دالبندین منفی03 جبکہ نوکنڈی اور لسبیلہ میں منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔
کورونا کے مزید 17 کیسز مثبت، 10 مریضوں کی حالت نازک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 462 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 462 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 17 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.38 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 10 مریضوں کی حالت نازک ہے۔
فواد چودھری،شہباز گل،اعظم سواتی کی گرفتاری کی حمایت نہیں کرتا، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فواد چودھری، شہباز گل اور اعظم سواتی کی گرفتاری کی حمایت نہیں کرتا،ثبوت کے بغیر گرفتاریوں کی روایت نہیں ہونی چاہیے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معاملات کے پیچھے حقائق تلخ ہوتے ہیں لیکن میں بتا نہیں سکتا،حقائق جاننے کیلئے کمیشن بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کو الیکشن میں تاخیر کی بات کہنے کا حق نہیں،آئین کے مطابق 90 روز میں الیکشن ہونے چاہئیں اور ہوں گے،انتخابات نہ ہونے کا کہنا آئین کی نفی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسی وجہ نظر نہیں آتی کہ اکتوبر میں عام انتخابات نہ ہوں،الیکشن کا خرچ اتنا بڑا نہیں کہ معیشت پر اثر ڈالے،کوئی جماعت قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن لڑنے میں سنجیدہ نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ماضی میں انتخابات ملتوی ہونے کی نظیریں موجود ہیں، 2008 میں بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد الیکشن ملتوی ہوئے تھے، قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن کرانے کا کوئی فائدہ نہیں۔
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 22.16 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا، سی ڈی ڈبلیو پی نے 22 ارب 16 کروڑ روپے کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے بلوچستان کیلئے قومی تحفظ خوراک کے 1 ارب 10 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی، سماجی شعبے میں صحت، غذا، تعلیم کے منصوبوں کیلئے 4 ارب 82 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں قائداعظم یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل میں تحقیق کی سہولت کے منصوبے کیلئے 3 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی جبکہ کنگ سلمان بن عبد العزیز ہسپتال ترلائی کیلئے 2 ارب 49 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔
اس کے علاوہ گلگت شہر کے نکاسی آب کے منصوبے کیلئے 4 ارب 98 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی جبکہ 4 ارب 66 کروڑ 97 لاکھ روپے سے گوادر پورٹ نیوی گیشن چینل کی کھدائی کا منصوبہ منظور کیا گیا۔
وزیراعظم سے اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کی ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم نے جان شیر خان (جو 8 مرتبہ عالمی چیمپئن اور 6 مرتبہ برٹش اوپن چیمپئن کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں) کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے اور آپ کے خاندان نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، ملک میں اسکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت ملک میں اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے وزیراعظم کو اسکواش کے فروغ کیلئے اپنی حالیہ سرگرمیوں بارے آگاہ کیا جنھیں وزیراعظم نے سراہا۔ خیال رہے کہ جان شیر خان ان دنوں اسکواش کے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
مغربی کنارے میں جاری کشیدگی تشویشناک ہے:اقوام متحدہ
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ کشیدگی تشویشناک ہے۔
فلسطین میں مقبوضہ بیت المقدس میں امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ مندوب ٹور وینس لینڈ نے کہا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران 9 فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد تشدد کے جاری سلسلے پر شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس سال کے آغاز سے مسلسل تشدد اور دیگر منفی رجحانات کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو 2022 کی خصوصیت رکھتے ہیں،انہوں نے جانی نقصان کو روکنے کے لیے کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ دفتر او سی ایچ اے نے فلسطینی سرزمین پر کام کرنے والے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر وہاں کے تقریباً 1.6 ملین کمزور لوگوں کی مدد کے لیے 502 ملین ڈالر کی اپیل بھی شروع کی۔
بلوچستان کی مالی مشکلات کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم بیٹھک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بلوچستان کی مالی مشکلات کے حوالے سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی اور وزیر خزانہ انجینئر زمرک کی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفد کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ کو بلوچستان کے مالی مشکلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے مالی مسائل کے حل کے لئے بلوچستان کے این ایف سی ایوارڈ کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ وزیر خزانہ نے ملاقات میں شریک وزارت خزانہ کے حکام کو اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
شان مسعود کے ولیمے کی تقریب،کرکٹرز سمیت معروف شخصیات کی شرکت
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر شان مسعود کے ولیمے کی تقریب میں کرکٹرز سمیت معروف شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
شان مسعود کے ولیمے کی تقریب ڈیفنس میں واقع نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی، تقریب میںشان مسعود بھی اپنی اہلیہ نیشے کے ساتھ تقریب میں پہنچ گئے، فوٹو شوٹ ایک ولا میں منعقد ہوا ۔
ولیمے کی تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، فواد عالم، سعود شکیل ،سہیل خان، دانش عزیز، حسان خان اور دیگر کرکٹرز کے ساتھ معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ چیف سلیکٹر ہارون رشید، سابق کرکٹرز وسیم باری، جلال الدین، عبدالرقیب اور صادق محمد بھی شان مسعود کے ولیمے میں پہنچے، شان مسعود کے نکاح کی تقریب رواں ہفتے پشاور میں ہوئی تھی۔
شاہ رخ خان کی نئی فلم پٹھان نے دو روز میں 220 کروڑ کما لیے
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان فلم ’پٹھان‘ نے دنیا بھر سے صرف 2 دن میں 220 کروڑ کما لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’پٹھان‘ آنے والے دنوں میں مزید بزنس کر کے ریکارڈز قائم کرے گی جو کہ طویل وقت تک قائم رہ سکتے۔
رپورٹس کے مطابق فلم ’پٹھان‘ کے پیسے کمانے کی رفتار میں کمی نہیں آرہی، فلم نے پہلے دن دنیا بھر میں 105 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ دوسرے دن فلم نے 113 کروڑ سے زائد کمائے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا معیشت پر عمران خان کو لائیو مناظرے کا چیلنج
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان معیشت کی بدحالی اور مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، نیازی صاحب آپ نے جھوٹ بولا اور غلط اعداد و شمار پیش کئے، موجودہ حکومت آپ کی خرابیاں درست کر رہی ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مانتا ہوں عمران خان کے دور میں ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، باقی ہر چیز کا عمران نے بیڑہ غرق کیا، عمران دور میں قرضوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، عمران خان نے چار سالہ دور میں 75 فیصد قرضوں میں اضافہ کیا، عمران خان بات کرنے سے پہلے حقیقت کو سامنے رکھا کریں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کےحوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش کی، عمران خان باربارغلط بیانی کرتے ہیں، لائیو مناظرہ کر لیں، بحث کر لیتے ہیں، آئی ایم ایف معاہدہ ہم نے نہیں آپ نے کیا تھا، عمران خان نے بین الاقوامی معاہدوں کو پورا نہیں کیا، عمران خان جاتے جاتے لینڈ مائن بچھا کر گئے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈوبتی معیشت چھوڑ کر گئے، معیشت کو بجلی کا سوئچ آن آف کر کے ٹھیک نہیں کیا جا سکتا، بہتری میں وقت لگے گا، تمام پارٹیاں سیاسی کیپیٹل کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، نواز شریف دور میں پاکستان دنیا کی پانچویں بہترین سٹاک مارکیٹ تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی کریڈبیلٹی کا بیڑہ غرق کیا، آپ نے کہا تھا آئی ایم ایف ڈیل کرنے سے بہتر ہے خود کشی کر لوں گا، نیازی صاحب آپ انتخابات چوری کر کے اقتدار میں آئے تھے، ہم کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لے کر جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، آپ نے کہا 55 لاکھ نوکریاں دیں، کوئی اعداد و شمار دکھائیں، آپ لوگوں نے گزشتہ دنوں جھوٹ کا پلندہ وائٹ پیپر جاری کیا تھا، نیازی صاحب جھوٹ بولنا کوئی اچھی بات نہیں ہے، اپنے افلاطونوں کو اکٹھا کر لیں اور مجھے جھوٹا ثابت کریں۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مہربانی کر کے نیازی صاحب سچ بولیں، جوش خطابت میں جھوٹ مت بولیں، آپ صادق اور امین نہیں ہیں، آپ نے تو اربوں روپے کے ہیرے، گھڑیاں لیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ نے کہا میں 1999ء میں بھی معیشت تباہ کر کے چلا گیا تھا، خدا کا خوف کریں اور مجھے مت بتائیں، سویپنگ سٹیٹمنٹ نہ دیا کریں۔
سیاہ فام شہری کی ہلاکت، امریکی پولیس کے 5 اہلکاروں پر فرد جرم عائد
نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست میمفس میں پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام شہری کے کیس میں عدالت نے پانچ پولیس اہلکاروں پر فرد جرم عائد کردی۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں 7 جنوری کو پولیس نے افریقی نژاد ٹائر نکولس کو نہ رکنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اُسے کی حالت تشویشناک ہوئی۔
بعد ازاں ٹائر نکولس کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ تین دن زیر علاج رہنے کے بعد 11 جنوری کی صبح خالق حقیقی سے جا ملا تھا، اس واقعے کے بعد مقتول کے اہل خانہ اور سول سوسائٹی سمیت سیاہ فام شہریوں نے احتجاج کیا۔
شہریوں کے احتجاج پر ریاسٹ ٹینیسی کے پولیس چیف نے شرکا سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ٹائر نکولز پر ہونے والے تشدد کی فوٹیج جلد سامنے لائیں گی ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے واقعے کی تحقیقات کیلیے کمیٹی بنائی اور ملوث اہلکاروں کو معطل کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’پولیس اہلکاروں کا یہ رویہ مجرمانہ، قابل نفرت اور انسانی حقوق کے خلاف ہے، جس پر انہیں ہر صورت سزا دی جائے گی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ 29 سالہ ٹائر نکولز جو میمفس میں فیڈکس شپنگ فرم میں ڈرائیور ی کرتا تھا اُسے 7 جنوری کو میمفس پولیس نے ’’تیز گاڑی چلانے پر روکنے کی کوشش کی‘ اور موقع سے بھاگ نکلا پر اہلکاروں نے اُس کا پیچھا کیا اور پھر سڑک پر ہی اُس کو گھیر کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقتول کے اہل خانہ کے پُرامن احتجاج کے بعد پانچ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُس سے تفتیش کی گئی جہاں عدالت نے تمام اہلکاروں پر قتل اور اقدام قتل کے تحت فرد جرم عائد کردی۔
میفس کے میئر نے کہا کہ ٹائر نکلولس کی ہلاکت معمولی واقعہ نہیں، اس میں ملوث تمام افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی کیونکہ کوئی بھی شخص قانون سے بالا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول کے لواحقین اور شہر کے لوگ انصاف کے حقدار ہیں۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹائر نکولس کی موت میں ملوث تمام اہلکاروں کو خاموشی سے جیل سے رہا کردیا گیا ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کے پاس بھی کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
جیل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ اہلکاروں کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے اور وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔
پولیس اہلکار دیسمنڈ ملز اور جسٹن اسمتھ نے ڈھائی لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جس کے بعد انہیں جمعرات کی شام رہا کردیا گیا۔


















