لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ نے دو ہفتوں میں ایک ارب ڈالر سے زائد بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔
جیمز کیمرون کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے ریکارڈ بزنس کے ساتھ 2022 کی تیز ترین کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
قبل ازیں دو امریکی فلمیں ’ٹاپ گن: میورک‘ اور ’جراسک ورلڈ ڈومینین‘ 2022 میں ایک ارب ڈالر کی حد عبور کرنے میں کامیاب ہوسکی تھیں۔
تاریخی طور پر اپنے ریلیز کے پہلے دو ہفتوں میں ہالی وڈ کی صرف چھ فلمیں ایک ارب ڈالر کمانے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ 2021 میں ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ نے یہ سنگ میل صرف 12 روز میں حاصل کرلیا تھا۔
فلم ’اوتار‘ کے پہلے پارٹ کو 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا اور وہ 2.97 ارب ڈالر کی کمائی کے ساتھ تاریخ کی سب سے زیادہ کامیاب فلم قرار دی گئی تھی۔
Monthly Archives: January 2023
پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن کا پرویز الہٰی کو اعتمادکا ووٹ نہ دینےکا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن سیدہ زہرا نقوی نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو اعتمادکا ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی رہنما سیدہ زہرا نقوی 2018 میں خواتین کی مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔
ترجمان ایم ڈبلیو ایم مظاہر شگری کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کو وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کے بعض اقدامات پر شدید تحفظات ہیں، وزیر اعلیٰ کو اعتمادکا ووٹ نہ دینے کا فیصلہ پارٹی قیادت کی ہدایت کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینےکا فیصلہ ایم ڈبلیوایم پولیٹیکل کونسل نےمشاورت کے بعدکیا ہے۔
سالانہ مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے پارلیمنٹیرینز کی تفصیلات جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سالانہ مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے پارلیمنٹرینز کی تفصیلات جاری کر دیں۔
ای سی پی کی جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی گوشوارے جمع نہ کرانیوالوں میں شامل ہیں، چیئرمین کشمیر کمیٹی مخدوم زادہ سید باسط سلطان بخاری اورسید خورشید شاہ نے بھی مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے۔
وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ، وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی، قاسم خان سوری، سردار محمد اختر مینگل نے بھی مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے، وفاقی وزیر ساجد حسین طوری، رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری، شفقت محمود، علی نواز اعوان سمیت دیگر نے مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے۔
گوشوارے جمع نہ کرانیوالوں میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ آصف، احسن اقبال، اسد عمر، اسد قیصر، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، عمر ایوب بھی شامل، سردار ایاز صادق، محسن شاہنواز رانجھا نے بھی مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے۔
پی پی رکن اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی، جی ڈی اے کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے بھی مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے گئے، سینیٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ نے بھی مالی گوشواروں کی تفصیل نہیں دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سینیٹر مولا بخش چانڈیو، تاج حیدر، پی ٹی آئی سینیٹر محسن عزیز، اعظم سواتی نے بھی مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارلیمنٹرینز و اراکین صوبائی اسمبلی کو مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے 15 جنوری تک مہلت دے دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 15 جنوری تک تفصیلات نہ جمع کرانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
اوکاڑہ میں کمسن بچہ اغواء کے بعد قتل، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اوکاڑہ میں اغواء کے بعد کمسن بچے کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے افسوسناک واقعہ میں ملوث گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کے قتل میں ملوث ملزم قانون کے مطابق سخت سزا کا مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچے کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے معصوم بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سعودی عرب، موسلادھار بارشوں سے سڑکیں زیر آب، ٹریفک کا نطام درہم برہم
ریاض: (ویب ڈیسک) مکہ، مدینہ، جدہ اور دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور 4انڈر پاس عارضی طور پر بند ہو گئے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ جدہ، رابغ اور الکامل میں شروع ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ آئندہ روز سہ پہر تک جاری رہے گا۔
قومی مرکز موسمیات نے کہا کہ مکہ مکرمہ، جدہ، الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ، اضم، میسان، طائف، الکامل، رابغ، خلیص، عسفان، الجموم، بحرہ، اللیث اور الشعیبہ میں موسلا دھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بارش کا سلسلہ مدینہ منورہ ، ریاض، حائل، القصیم،الجوف، لشرقیہ، حدود شمالیہ اور شمال مشرقی علاقوں ک پھیل جائے گا۔
بارش کے باعث بیشتر علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم ہرہم ہو گیا جبکہ جدہ میں بارش کے باعث4انڈر پاس عارضی طور پربند کردیئے گئے ۔
جنان شہر میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید
مقبوضہ یروشلم: (ویب ڈیسک) غاصب اسرائیلی فورسز نے جنان شہر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنان کے گاؤں میں چھاپہ مار کارروائی کی اور اس دوران دو فلسطینی جوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
فلسطین کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے جوانوں کی شناخت 22 سالہ محمد سمیر جب کہ دوسرے شخص کی شناخت 25 سالہ محمد عابد کے نام سے ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی فورسز کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران کم از کم تین مزید افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
135 سے کم سٹرائیک ریٹ پر ٹی 20 میں سلیکشن نہیں کرینگے: شاہد آفریدی
کراچی: (ویب ڈیسک) پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جن کھلاڑیوں کا ٹی ٹوئنٹی میں سٹرائیک ریٹ 135 سے کم ہوگا اس کو سلیکٹ نہیں کرینگے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام بچوں پر بطور سلیکٹر میری نظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کی پچ سے مطمئن نہیں ہوں، میری خواہش تھی کہ باوئنسی پچ ہونی چاہئے،عہدے پر رہتے ہوئے سب کو خوش رکھنا مشکل کام ہے، پلان بنائے جاتے ہیں اورحکومتیں بدل جاتی ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہوں، ثقلین مشتاق کے ساتھ کمیونی کیشن گیپ بہت اہم ہے، رابطے کے فقدان میں کوئی درمیان کا شخص فائدہ اٹھالیتا ہے۔
جوکرنا ہے کر لیں ،ہم عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں،مونس الہٰی
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوکرنا ہے کر لیں ،ہم عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا صاحب یہ وہی کیس ہے جو ہائیکورٹ نے خارج کر دیا ہے، جب ہم اپوزیشن میں تھے تب بھی آپ لوگوں سے نہیں ڈرے۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مونس الٰہی کے مبینہ فرنٹ مینوں کے خلاف انکوائری شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے مبینہ فرنٹ مینوں پنجاب اسمبلی کے نائب قاصد قیصر، ارم امین اور ارشد اقبال کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔
تینوں افراد کے خلاف انکوائری کا آغاز اُن کے اکاؤنٹس میں مشکوک ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
خواتین ارکان کے تحفظات دور کئے جائیں، شہباز شریف کی سینئر قائدین کو ہدایت
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان کے تحفظات کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کو خواتین ایم پی ایز کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہے کہ سینئر قائدین فوری طور پر خواتین ارکان سے ملاقاتیں کریں، کسی خاتون رکن کے تحفظات ہیں تو انہیں فوری ختم کیا جائے، شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ اور سعد رفیق کی سربراہی میں 2 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
پارٹی صدر کا کہنا تھا کہ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں خواتین ارکان کو اعتماد میں لیا جائے، ن لیگ کی پنجاب میں حکومت آنے پر انہیں مزید ترجیح دی جائے گی، ذرائع کے مطابق رانا ثناءاللہ اور سعد رفیق کل سے خواتین ارکان سے ملاقاتیں شروع کریں گے۔
عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے متعلق آگاہی دی جائے، عمران خان کی ترجمانوں کو ہدایت
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے متعلق آگاہی دی جائے۔
اپنے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں عمران خان نے حکومت کیخلاف پارٹی بیانیے کو مذید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تباہ حال معیشت اور مہنگائی کے پس پردہ حقائق عام تک پہنچائے جائیں اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق موثر آواز بلند کی جائے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں ہونے والی مہنگائی ریلیوں میں عوام کو متحرک کیا جائے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں عمران خان نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی ناکام پالیسیوں اور بیڈ گورننس کو میڈیا پر لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بتائیں حکومت نے کس طرح این آر او ٹو سے فائدہ لیا ہے۔
اللہ نے ابھی کیسے وزیراعلیٰ بنا دیا، خود نہیں پتا چلا، پرویز الہی
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے کہا ہے کہ اللہ نے ابھی کیسے وزیراعلیٰ بنا دیا، خود نہیں پتا چلا۔
ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پہلی بار ہوا کہ مسلم لیگ ن کے غنڈے داخل ہوئے، بھاگنے والے ڈپٹی اسپیکر کے حکم پر پولیس ایوان میں داخل ہوئی، یہ تاریخ میں بد نما داغ ہے جو اسمبلی میں ہوا۔
پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بنا تو خیال آیا کہ اسمبلی میں جگہ کم ہے نئی بلڈنگ بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر چیمبر میں 800 افراد کےلیے گنجائش ہے،نئی عمارت میں 400گاڑیوں کی پارکنگ رکھی گئی ہے۔
ن لیگ نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے اسپیکر سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نمبر پورے نہ ہونے پر ن لیگ نے سبکی سے بچنے کے لیے تحریک عدم اعتماد واپس لی جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ن لیگ کی لاکھ کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان توڑے نہ جاسکے۔
ذرائع کے مطابق اراکین پنجاب اسمبلی توڑنے میں ناکامی پر حکمت عملی کے تبدیلی کے نام پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لی کیونکہ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اتحاد کو واضع برتری حاصل ہے۔
آئی ایم ایف، سودی پالیسیوں کے سبب ملک دیوالیہ ہونے کے قریب آگیا، سراج الحق
پشاور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی وجہ سے صوبہ خیبرپختونخوا غیر محفوظ ہوچکا ہے۔
المرکز الاسلامی پشاور میں صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدامنی کی شدید لہر ہے۔ لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔اس سب کی ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہیں، ان کی آپس کی چپقلش کی وجہ سے ترقی کا پہیہ جام ہوگیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ معاشی صورتحال بد سے بدتر ہورہی ہے۔مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔روزمرہ کی اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، آٹا، چینی، دال کی قیمتوں میں آئے دن اضافے سے عوام عاجز آچکے ہیں۔آئی ایم ایف اور سودی پالیسیوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اورقانون نفاذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں عملاً ناکام ہوچکے ہیں۔ملک کی معیشت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا۔


















