جدہ: (ویب ڈیسک) سویڈن، نیدرلینڈز اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس ہوا، جس میں اشتعال انگیز مجرمانہ کارروائیوں کی مذمت اور مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہم طحہ نے انتہائی دائیں بازو کے کارکنوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مجرمانہ فعل ہیں، جن کا مقصد مسلمانوں، ان کے مقدس مذہب، اقدار اور روایات کی توہین کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکومتوں کو سخت تادیبی اقدامات کرنے چاہئیں، ان ممالک میں انتہائی دائیں بازو کے انتہا پسند بارہا ایسی اشتعال انگیز کارروائیاں کر چکے ہیں، قرآن پاک کی بے حرمتی اور پیغمبر اسلامؐ کی توہین کے عمل کو محض اسلامو فوبیا کے ایک عام واقعے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے، ایسا عمل 1.6 ارب مسلمانوں کی براہ راست توہین ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے ڈاکٹر صالح الصحیبانی نے کہا کہ یہ اجلاس قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ موقف کا اظہار کرنے کے لیے بلایا گیا ہے، اس قسم کے واقعات مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر تے اور انتہا پسندی کے حامیوں کو شہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کو تمام مسلمانوں کی توہین سمجھا جا سکتا ہے، یہ نفرت انگیز کارروائیاں ان لوگوں کے انسانی، اخلاقی اور مذہبی اصولوں اور اقدار کے صریح متصادم ہیں جو امن اور بقائے باہمی کو پسند کرتے ہیں۔
اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر صالح الصحیبانی نے کہا کہ ایک سے زیادہ جگہوں پر ایسی گھناؤنی کارروائیاں کچھ حکومتوں کی اسلامو فوبیا کے رجحان کو محدود کرنے، اشتعال انگیزی کو روکنے اور ان کے مرتکب افراد کو آزادی اظہار کے نام پر سزا دینے میں غفلت اور ناکامی پر بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے لیکن ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ کچھ مسائل پر یہ آزادیاں محدود ہوجاتی ہیں۔
او آئی سی میں جمہوریہ ترکیہ کے مستقل نمائندے مہمت متین ایکر نے کہا کہ ترکیہ سٹاک ہوم میں 21 جنوری، دی ہیگ میں 22 جنوری اور کوپن ہیگن میں 27 جنوری کو قرآن کریم کے خلاف حالیہ نفرت انگیز جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے 21 جنوری کو قرآن پاک پر حملے کے خلاف ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں سویڈش حکام کی ناکامی نے ہالینڈ اور ڈنمارک میں ایسے حملوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، ترکیہ کے مستقل نمائندے نے خبردار کیا کہ دنیا کے بہت سے حصوں خصوصاً یورپ میں اسلام کے خلاف نفرت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، ہم انتہائی تشویش کے ساتھ مشاہدہ کرتے ہیں کہ کس طرح انتہائی دائیں بازو کے سیاست دان اسلام مخالف اور متعصبانہ بیانات کو اپنے منفی ایجنڈے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس طرح کی سستی شہرت کا سہارا مسلمانوں کے خلاف نسل پرستانہ حملوں کی راہ ہموار کرتا ہے۔
جمہوریہ ترکیہ کے مستقل نمائندے نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں قرآن کریم کے تقدس کے ساتھ ساتھ پیغمبر اسلامؐ سمیت دیگر مقدس اقدار کو مجروح کرنے کی کوششیں شہری اور سیاسی حقوق پر بین الاقوامی معاہدہ (انٹرنیشنل کاونینٹ آن سول اینڈ پولیٹیکل رائٹس ) اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی قانونی دستاویزات کی روح کے منافی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کی اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے کہ وہ اجتماعی طور پر کام کریں اور ہماری مقدس کتاب قرآن کریم کی حالیہ بے حرمتی کے خلاف مشترکہ موقف اختیارکریں۔
Monthly Archives: January 2023
بلوچستان کو این ایف سی کے واجبات کی ادائیگی کا آغاز
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی حکومت نے اہم کامیابی حاصل کر لی، وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کو این ایف سی کے واجبات کی ادائیگی کا آغاز ہو گیا۔
وفاقی حکومت نے این ایف سی کے بلوچستان کے واجبات کے حوالے سے صوبائی حکومت کا موقف تسلیم کر لیا، این ایف سی شیئر کی پوری ادائیگی نہ ہونے اور واجبات کی مد میں بڑھتے ہوئے اضافہ کے باعث صوبائی حکومت شدید مالی دباؤ کا شکار تھی، صوبے کی مالی صورتحال دن بدن خراب ہو رہی تھی۔
وزیر اعلیٰ کی جانب سے واجبات کے حصول کے لیے ٹھوس اور دو ٹوک موقف اختیار کیا گیا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور سیکرٹری خزانہ قمبر دشتی نے اسلام آباد میں طویل قیام کیا۔
صوبائی وزیر خزانہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ وزارت خزانہ کے حکام سے متعدد بار مذاکرات کیے، وفاقی حکام کو بلوچستان کے موقف پر قائل کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کے ہمراہ صوبائی ٹیم نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے بھی اہم ملاقات کی، واجبات کی ادائیگی سے نہ صرف صوبائی حکومت پر مالی دباؤ کم ہو گا بلکہ ترقیاتی عمل کو بھی جاری رکھنا ممکن ہو سکے گا۔
میانوالی میں تھانہ مکڑ وال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام
میانوالی: (ویب ڈیسک) تھانہ مکڑوال پر مبینہ طور پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ایلیٹ فورس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئیں، حملہ میں مبینہ دہشت گرد اللہ اکبر کی صدائیں بلند کر رہے ہیں، مقابلہ میں بھاری اسلحہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے میانوالی میں تھانہ مکڑ وال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، حملہ آور دہشت گرد پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے پسپا ہو کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
ڈی پی او میانوالی محمد نوید مزید نفری کے ساتھ تھانہ مکڑوال کی جانب روانہ ہو گئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او مکڑ وال سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، بہادری و فرض شناسی پر ایس ایچ او اور محرر کو شاباش دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رکھتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور سپیشل برانچ آپریشن میں میانوالی پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو جرات سے خاک میں ملایا، پولیس کے جری جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے دلیر جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے یہ جوان قوم کے ہیرو ہیں، قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔
آرمی چیف ایوان میں آکر بتائیں دہشت گردی کیوں ہو رہی ہے: نور عالم خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے پالیسی بیان پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نور عالم خان نے احتجاج کیا، حکومت پر برستے ہوئے انہوں نے کہا یہاں سب لوگ گپ شپ لگا رہے ہیں، جب تک پنجاب میں کوئی بندہ نہیں مرے گا یہ لوگ سنجیدہ نہیں لیں گے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تقریر کرتے ہوئے نور عالم نے کہا کہ خواجہ آصف نے تو پالیسی بیان دے دیا ہے، ہمیں بولنے کا حق نہیں دیتے، پشاور میں 100 شہادتیں ہو گئیں، میرے شہر میں شہادتیں ہوئی ہیں، کیا میں دہشت گرد ہوں؟، کون دہشت گردی کر رہا ہے؟، ایوان میں تقریر سے کیا فائدہ ہے؟، ریڈ زون میں دھماکہ ہوا۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے کہا کہ میں پرسوں ریڈ زون میں گیا، مجھے تو روکا جاتا ہے، ریڈ زون میں میرا شناختی کارڈ چیک کرنے کے بغیر نہیں جانے دیا جاتا، وزیر دفاع، وزیر داخلہ دونوں مجھے بتائیں، ہمیں آپ لوگوں نے مرنے کیلئے رکھا ہوا ہے، ملک میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کے لوگ قربانی دیتے ہیں، بہت بڑا سانحہ ہو گیا۔
نور عالم نے کہا آئی لو پاکستان، سارے پختون پاکستان سے محبت کرتے ہیں، آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے ہم مرتے ہیں، کوئی لاہور میں بیٹھ کر ایسے لوگوں کی محبت میں گانے گا رہے ہوتے ہیں، مجھے بتایا جائے حکومت کی پالیسی کیا ہے؟، چیف آف آرمی سٹاف ایوان میں آکر بتائے کیوں دہشت گردی ہو رہی ہے، اگر میری چیکنگ ہوتی ہے تو دوسرے لوگوں کی کیوں نہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ افغانی تو ہر جگہ پھرتے ہیں، صرف پاکستانی سے شناختی کارڈ مانگا جاتا ہے، اس ملک میں خود کو دوسرے درجے کا شہری سمجھتا ہوں، میں کونسی چیز پر روؤں ہمارا گناہ کیا ہے، ریڈ کل مائنڈ سیٹ ہمارا نہیں تھا، ہمارے کلچر کو ختم کر دیا گیا، اکانومی کا برا حال ہے اسحاق ڈار ایوان میں آتا ہی نہیں، گزشتہ حکومت نے بھی نوالہ چھینا آپ نے بھی وہی کام کیا، ڈالر 275 روپے پر چلا گیا ہے، ہوش کے ناخن لیں۔
حکومت اور نگران سیٹ اپ عمران خان کا راستہ نہیں روک سکتے: چودھری پرویز الہٰی
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح امن و امان کا قیام نہیں بلکہ صرف سیاسی انتقام ہے، حکمرانوں کو ملک کی فکر ہے نہ ہی عوام کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ دہشت گرد آزادانہ حملے کر رہے ہیں جبکہ سیاسی مخالفین کو قید کیا جا رہا ہے، نگران اڑھائی ماہ کے مہمان ہیں، ان کے تمام غیر آئینی اقدامات ریکارڈ ہو رہے ہیں، جو جو قانون سے تجاوز کر رہا ہے وہ قانون کے شکنجے میں آکر رہے گا۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت ہو یا نگران سیٹ اپ، سب کو صرف فکر ہے کہ عمران خان کو کیسے مائنس کرنا ہے، انتقام کا ایجنڈا رکھنے والے سن لیں عمران خان کا راستہ نہیں روکا جا سکتا، عوام، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، حکمران الیکشن میں مقابلہ کر لیں، عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تیرہ جماعتیں بھی ملکر عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، پی ڈی ایم کی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے لیکر عام انتخابات کے ہر محاذ سے بھاگ رہی ہیں، نگران سیٹ اپ ایک ایک فائل ڈھونڈ کر ہمارے دور کے اقدامات کو منسوخ کرنے میں مصروف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے، اس موقع پر سانحہ پشاور اور امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا، اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں توانائی بچت پلان پر عمل درآمد، موٹر سائیکل اور رکشوں میں لو گریڈ پٹرول کی فراہمی سے متعلق توانائی ڈویژن بریفنگ دے گی، سرمایہ کاری بورڈ کے ریگولیٹری اصول اور گائیڈ لائنز بھی پیش ہوں گی۔
امتیاز بی بی کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر عملدرآمد بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد میں ویسٹ مینجمنٹ پلان کو منظوری کیلئے بھی پیش کیا جائے گا۔
ای سی سی کے 17 اور 25 جنوری کے فیصلوں کی توثیق لی جائے گی اور سی سی ایل سی کے 27 جنوری کے فیصلوں کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
بجلی بریک ڈاؤن کا ذمہ دار این ٹی ڈی سی کو ٹھہرا دیا گیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بجلی بریک ڈاؤن کے معاملہ پر نیپرا میں اہم اجلاس ہوا جس میں ابتدائی طور پر این ٹی ڈی سی کو ذمہ دار ٹھہرا دیا گیا۔
اجلاس میں این ٹی ڈی سی، این پی سی سی، کے الیکٹرک، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور واپڈا کے حکام شریک ہوئے، تمام فریقین کی جانب سے بجلی بریک ڈاؤن پر نیپرا کو بریفنگ دی گئی، ابتدائی بریفنگ میں این ٹی ڈی سی کو بریک ڈاؤن کا قصور وار قرار دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بجلی کے بریک ڈاؤن کی حتمی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا، آئندہ چند روز میں تکنیکی کمیٹی قائم ہونے کا امکان ہے، کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
مریم نواز 2 روزہ دورہ بہاولپور کے لیے بدھ کو جاتی امرا سے روانہ ہوں گی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز 2 روزہ دورہ بہاولپور کے لیے یکم فروری بدھ کو روانہ ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز بدھ سہ پہر 11 بجے جاتی امراء رائے ونڈ سے روانہ ہوں گی، مریم نواز پہلے روز ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن 2 فروری کو پارٹی کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گی، مریم نواز لاہور سے بہاولپور بذریعہ ہوائی جہاز جائیں گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جنوری کا ٹیکس ہدف حاصل کر لیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جنوری کا ٹیکس ہدف حاصل کر لیا، ماہ جنوری میں ہدف سے 4 ارب روپے زائد محصولات جمع کئے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے جنوری میں 537 ارب روپے کے محصولات جمع کئے، رواں مالی سال کے سات ماہ میں 3967 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، ایف بی آر کے مطابق 7 ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت 23 فیصد اضافی ٹیکس جمع کیا گیا۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 7 ہزار 470 ارب روپے محصولات کا ہدف حاصل کیا جائے گا، ایف بی آر نے سات ماہ میں 208 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکھیرا کی الوداعی ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سیکرٹری کابینہ ڈویژن سردار احمد نواز سکھیرا نے الوداعی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے سردار احمد نواز سکھیرا کو پاکستان سول سروس میں گرانقدر خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹریٹو سروس کے 22 ویں گریڈ کے آفیسر، سیکرٹری کابینہ ڈویژن احمد نواز سکھیرا ریٹائر ہو گئے ہیں۔
آصف زرداری پر دہشتگردوں کے سہولت کار گھناؤنا الزام لگا رہے ہیں: شازیہ مری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ جنرل (ر) ضیا الحق کی کرتوتوں سے پاکستان کو بہت بڑا نقصان ہوا، ہم ان کو کیسے بھول جائیں۔
شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی کا بھی بھائی نہیں دہشت گرد ہیں، ہم نے امن کیلئے 80 ہزار لوگ قربان کیے، اسی ایوان کا حصہ تھی جب دہشت گردوں کو بھائی کہا جا رہا تھا، ہم لہو دے دے کر اب تھک چکے ہیں۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے، ہم نے بہت امتحان دے دیئے اب فیصلوں میں کلیئریٹی ہونی چاہیے، کلر از کلر، گڈ اور بیڈ میں تقسیم نہیں ہو سکتا، اب ایک نیا بیانیہ ہے یہ تو ناراض ہے ان کو روزگار دے کر ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 جنوری کو سابق صدر زرداری پر گھناؤنا الزام لگایا گیا، الزام وہ لگا رہے ہیں جو دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، اگر اچھی بات نہیں کر سکتے تو چپ رہیں، ملک انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے۔
ملکی طاقتوں کا ایجنڈا صرف عمران خان اور پی ٹی آئی محدود کرنا ہے: علی زیدی
کراچی: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ وہ تدبیر کرتے ہیں اور اللہ تدبیر کرتا ہے بیشک اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی زیدی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں تمام طاقتوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے، وہ ایجنڈا عمران خان اور پی ٹی آئی محدود کرنا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وہ سوچتے ہیں پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف مقدمات دائر کریں گے، تمام ریاستی مشینری استعمال کریں گے اور قوانین کو توڑیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین عبوری مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے ملاقات کی۔
نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں ادارہ جاتی کرکٹ کی بحالی پر بریفنگ دی، پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 8 کے کامیاب انعقاد کیلئے کیے گئے اقدامات سے تفصیلا آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نجم سیٹھی کی کاوشوں کو سراہا، شہباز شریف نے چیئرمین عبوری مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی کو سخت محنت اور لگن سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔