لندن میں جائیدادکے حصول کیلئے ایم کیو ایم کوکیس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا: فاروق ستار

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ لندن میں جائیداد کے حصول کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کو کیس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا۔
کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ لندن میں پراپرٹیز کیس کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل نے ان سے رابطہ کیا تھا، ان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا کیونکہ 2020 میں جب یہ کیس لندن کی عدالت میں دائر کیا گیا اس وقت وہ ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ نہیں تھے تاہم اس کے باوجود انہوں نے اس اقدام کی مخالفت کی تھی۔
فاروق ستارکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی بھی رہنما نے ان سے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا تاہم ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل کی جانب سے رابطہ کیا گیا، وہ ایم کیو ایم پاکستان والوں کی طرح بزدل نہیں ہیں کہ چھپ کر بیٹھ جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دعوے پر ایم کیو ایم لندن کے جوابی دعوے میں ان سے متعلق نکات تھے، 2015 میں ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی آئین نہیں تھا، 23 اگست 2016 کے بانی متحدہ سے علیحدگی کے فیصلےکو ایم کیو ایم لندن کی طرف سے جوابی دعوے میں غیر آئینی عمل کہا گیا جب کہ ان کے اس اعلان کے بعد بانی متحدہ نے بھی ان کے اس اقدام کی حمایت کی تھی۔
انہوں نےکہا کہ انہوں نے پارٹی آئین کے حوالے سے صرف ریکارڈ درست کیا ہے،کراچی میں جتنی بھی کے کے ایف کی پراپرٹیز ہیں اس میں سے بیشتر کی فائلز ان کے پاس ہیں اور وہ اس کے کسٹوڈین ہیں جب کہ 2012 سے 2015 تک کے کے ایف کے اکاؤنٹ میں 3 ارب روپے تھے جو 2015 تک جنہیں ہڑپ کرنے تھے انہوں نے کرلیے۔

اگلے ہفتے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیں گے: فواد چودھری

جہلم: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیں گے، 20 مارچ سے قبل ہم نے کے پی کے اور پنجاب میں الیکشن کروانے ہیں۔
جہلم کی تحصیل دینہ میں فواد چودھری نے دینہ منگلا بائی پاس دو رویہ روڈ کا افتتاح کر دیا، 12.83 کلو میٹر دو رویہ روڈ ایک ارب تیرہ کروڑ لاگت سے تیار کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اس روڈ کا کام شروع کروایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے ہم فیصلہ کریں گے کہ اسمبلیاں کب تحلیل کریں گے، 20 مارچ سے پہلے الیکشن ہو جائینگے، جہاں تک حکومت کا تعلق ہے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے، پہلے خود کہہ رہے تھے کہ ہم اپنی اسمبلیاں توڑیں گے، جب ہم نے اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ کیا تو ان کی کیسٹ ہی بدل گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ہر حربہ آزما لیں ہم تیار ہیں، تحریک عدم اعتماد کا ووٹ لانا ہے تو وہ بھی لیں آئیں ہم اس کے لیے تیار ہی، 20 مارچ تک الیکشن ہونگے، اگر 20 مارچ تک قومی اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، جوڈیشنل سسٹم کام نہیں کر رہا، لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر نہیں رہا، لوگ کہتے ہیں اپنے فیصلے خود کر لیں ان کے پاس جا کر کیا ملنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاقتور لوگ قانون سے بالا تر ہیں، جب تک ان کو قانون کے نیچے نہیں لیکر آتے ترقی نہیں کر سکتے، ہمارا نظام ہمارے شہریوں کو انصاف پر مبنی معاشی مواقع نہیں دے رہا جس کی وجہ سے ہمارے بچے باہر ممالک کا رخ کرتے ہیں، آپ دیکھ لیں کیا تماشا لگا ہوا ہے، اعظم سواتی ایک 75سال کے بزرگ ہیں، رات کے 3 بجے ان کو اٹھایا گیا، عورتوں کے سامنے تھپڑ مارے گئے، برہنہ کر کے ویڈیو بنائی گئی، ان کے بچوں کو اور ان کی والدہ کو وہ برہنہ ویڈیو بھیجی گئی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان سپریم کورٹ کو کہہ رہا ہے کے اس بات کا نوٹس لیں جو یہ سب کچھ ہوا لیکن سپریم کورٹ کے ججز ٹس سے مس نہیں ہو رہے، پاکستان کی عدلیہ 130 نمبر پر چلی گئی ہے۔

دو قابل ترین افسران کی قیادت سے دفاعِ وطن مزید مضبوط ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دو قابل ترین افسران کی قیادت ملنے سے وطن کا دفاع مزید مضبوط ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی۔
وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کے آرمی کے پیشہ وارانہ امور میں قابلیت اور کردار کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ فوج قوم کا قیمتی اثاثہ ہے، دو قابل ترین افسران کی قیادت ملنے سے دفاع وطن مزید مظبوط ہوگا۔
ملاقات میں مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور زیر غور آئے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

سندھ حکومت کا پروین رحمان قتل کیس کے ملزمان کو رہا نہ کرنےکا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان قتل کیس کے ملزمان کو رہا نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ حکومت نے ملزمان کو ایم پی او کے تحت 3 ماہ نظر بندکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ پروین رحمان کی بہن اور اہل خانہ کو ملزمان سے جان کا خطرہ ہے، ایم پی او قوانین 1960 کے تحت ملزمان کو 3 ماہ نظربند رکھا جائےگا۔
خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ ملزمان کو پروین رحمان قتل کیس سے بری کر چکی ہے، ملزمان میں شامل امجد حسین ، ایاز علی ،احمد علی، محمد رحیم، اور عمران سواتی کو رہائی نہیں ملے گی۔
واضح رہےکہ اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان کو 2013 میں کراچی میں قتل کیا گیا تھا اور ان کے کیس میں نامزد ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دسمبر 2021 میں 2،2 بار عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے گزشتہ دنوں ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا تھا۔

واٹس ایپ نے خاموشی سے دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے خاموشی سے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
گروپ چیٹس میں پہلے جب میسج کیا جاتا تھا تو کسی بھی فرد کی پروفائل فوٹو نظر نہیں آتی جس سے اکثر علم نہیں ہوتا تھا کہ کس نے یہ میسج کیا ہے۔
مگر اب واٹس ایپ نے اس حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
اب جب بھی کسی گروپ میں لوگوں کی جانب سے میسج بھیجا جائے گا تو ان کی پروفائل فوٹو دیگر اراکین کو نظر آئے گی۔
یہ فیچر موبائل اور ویب ورژن دونوں میں متعارف کرا دیا گیا ہے اور بیشتر افراد کو دستیاب ہے۔
اگر کسی فرد نے اپنی پروفائل فوٹو کو مخصوص افراد تک محدود کیا ہوا ہوگا تو وہ میسج کے ساتھ ظاہر نہیں ہوگی بلکہ ایک ڈیفالٹ فوٹو نظر آئے گی۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ واٹس ایپ گروپس میں آپ کی پروفائل فوٹو شو نہ ہو تو سیٹنگز میں جاکر پرائیویسی اور پھر پروفائل فوٹو کے آپشن میں اپنی مرضی کی سیٹنگ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
اس نئے فیچر پر کچھ عرصے سے کام ہورہا تھا اور اب جاکر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ پہلی اپوزیشن ہے جو حکومت کو کہہ رہی اسمبلیاں تحلیل نہ کریں: اسلم اقبال

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے، ظالمانہ اور جابرانہ نظام کا مزید حصہ نہیں رہ سکتے، یہ پہلی اپوزیشن ہے جو حکومت کو کہہ رہی ہے کہ اسمبلیاں تحلیل نہ کریں، سیاسی مخالفین صرف نعرے نہ لگائیں بلکہ 18ویں ترمیم پر عمل کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب بھی اسمبلی میں پہنچیں ہیں علاقے کے لوگوں کی ضروریات پر کام کیا، آج ہم دو 3 گراؤنڈز کا افتتاح کریں گے، یہ پہلی اپوزیشن ہے جو گورنمنٹ کو کہہ رہی ہے اسمبلیاں تحلیل نہ کریں، پی ٹی آئی فیصلہ کر چکی ہے کہ ہم 2 صوبوں میں اسمبلیاں تحلیل کریں گے، ہفتہ کے روز کے پی اسمبلی کے لوگ لاہور آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رائے لینے کے بعد اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ کیا جائے گا، ہمیں پنجاب میں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، نہ آئی جی لگانے دیا جارہا ہے، اگر 18ویں ترمیم کے نعرے مار رہے ہیں تو 18ویں ترمیم پر عمل بھی کرلیں، ہم مزید ظالمانہ اور جابرانہ نظام کا حصہ نہیں رہ سکتے۔
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا اس لئے کہہ رہے ہیں کیونکہ ان کے بڑوں کے کیسز تقریباً 70 فیصد ختم ہوچکے ہیں، باقی 30 فیصد کیسز ختم کرنے کے لئے اسمبلیوں کی مدت بڑھوائی جا رہی ہے۔

سائفر تحقیقات، ایف آئی اے اسلام آباد نے عمران خان کو دوبارہ طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ کے حکم پر امریکی سائفر کی تحقیقات کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے افسر طلبی کے سمن لیکر زمان پارک پہنچا، سائفر کیس میں ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کے حکم پر تحقیقات کا آغاز کر دیا، تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے لاہور کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
ایف آئی اے نے اس سے قبل بھی عمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری کئے تھے، عمران خان کو اس سے قبل 7 نومبر اور شاہ محمود قریشی کو 3 نومبر کو طلب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین وزیر آباد حملہ کیس میں زخمی ہونے کے باعث ایف آئی اے پیش نہیں ہوئے تھے۔
ایف آئی اے نے دوبارہ طلبی کے لیے سمن جاری کئے اور زمان پارک استقبالیہ پر نوٹس کی تعمیل کرواتے ہوئے 6 دسمبر کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔

چین نے بھارت کو امریکا کیساتھ مشترکہ جنگی مشقوں پر خبردار کردیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے بھارت کو امریکا کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقوں پر خبردار کردیا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ چین کو بھارت کی امریکا کے ساتھ مشترکہ مشقوں پر تحفظات ہیں۔ بھارت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت امریکا کے ساتھ جنگی مشقیں کرے گا تو چین کے ساتھ اس کے باہمی اعتماد میں اضافہ نہیں ہوگا۔ بھارت کی امریکا کے ساتھ مشترکا مشقیں چین کے ساتھ کیے گئے لائن آف ایکچوئل کنٹرول معاہدے کی خلاف ورزی ہیں اور معاہدے کی روح کے خلاف ہیں۔
بھارت اور امریکا کی جنگی مشقیں اتراکھنڈ میں چین کی سرحد کے قریب کی جارہی ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 44 پوائنٹس اضافے سے 42393 پر بند ہوا ہے۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 310 پوائنٹس کےبینڈ میں رہا، بازارمیں آج 16 کروڑ شیئرز کے سودے پونے 5 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ارب روپے کم ہوکر 6 ہزار 766 ارب روپے ہے۔

ملک میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں ڈالر کی قدر میں آج معمولی کمی ہوئی ہے اور انٹربینک میں ڈالر 0.12 فیصد سستا ہوا ہے۔
انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پرڈالر کا بھاؤ 26 پیسےکم ہوکر 223.69 روپے ہے۔ انٹربینک میں گذشتہ روز ڈالر 223.95 روپے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 231.50 روپے برقرار ہے۔

ہمایوں سعید نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سُپر اسٹار ہمایوں سعید کی عمرے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
ہمایوں سعید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خبر دی کہ وہ عمرے کیلئے مدینے سے مکہ روانہ ہورہے ہیں۔
تصاویر شیئر کرتے ہوئے ہمایوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمدللہ… اللہ پاک نے مجھے دوبارہ اپنے گھر بلایا اور میں عمرہ کرنے کے قابل ہوگیا۔ تمام دوستوں اُن کے خاندان اور آپ سب کے لیے، میرے خاندان کے لیے دعا۔ اللہ ہم سب پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، وہ ہم سب پر اپنی محبتوں کی بارش فرمائے، وہ ہمیں اور ہمارے پاکستان کو ہر شر سے محفوظ رکھے‘۔
ان تصاویر میں اُن کی جائے نماز کی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی جس پر اُنکا نام ’ہمایوں سعید ‘ درج ہے‘۔
ساتھی اداکار عمران اشرف سمیت دیگر کئی فنکاروں نے کمنٹ میں ہمایوں سعید کو عمرے کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

خاتون دوست کی خواہشات پوری کرنے والا ڈاکو ساتھی سمیت گرفتار

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) خاتون دوست کی خواہشات پوری کرنے والا ڈاکو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پولیس کی جانب سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے بارے انکشاف ہوا کہ وہ اپنی دوست کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے وارداتیں کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم اسد نے اپنی دوست کے لیے مہنگا موبائل خریدنے کی متعدد واراتیں کیں۔
اس موقع پر ملزم کی جانب سے بیان دیا گیا کہ خاتون دوست بار بار مہنگے موبائل کا تقاضا کرتی تھی، اس کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے وارداتیں کیں۔
پولیس نے لاہور سے ملزم اور اس کے ساتھی بلال کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضہ سے چھینی گئی رقم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

بھارت: انشورنس کی رقم کیلئے بیوی کو قتل کر کے حادثے کا ڈرامہ رچانے والا گرفتار

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لالچ میں بیوی کو قتل کر کے ایکسیڈنٹ کا ڈرامہ رچانے والے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی انشورنس لینے کی لالچ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو گاڑی کی ٹکر سے مروا کر ڈرامائی انداز میں ٹریفک حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تحقیقات کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے علاقے جے پور پولیس نے بتایا کہ مہیش چند نامی شخص نے کرائے کے قاتل کو 10 لاکھ روپے دے کر اپنی بیوی کو مارنے کیلئے راضی کیا۔ جب اس کی بیوی شالو اپنے کزن راجو کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہی تھی تو کار نے ٹکر مار کر دونوں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس تفتیش کے دوران مہیش چند نے بیوی کے قتل کو روڈ حادثہ قرار دینے کی کوشش کی۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے اعترافی بیان نے قتل کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی انشورنس لینے کیلئے بیوی کو قتل کرایا۔ پولیس نے ملزم کے ساتھ سازش میں ملوث مزید 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔