کراچی : (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازت کے لیے ایک سے زائد عالمی ایجنسیوں نے حکومت سے رابطہ کیا ہے۔
اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے لکھا کہ بین الاقوامی ایجنسیوں نے زمینی راستے سے بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازت مانگی ہے۔ تاہم اس معاملے پر حکومت اپنے اتحادیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی۔
مفتاح اسماعیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت سپلائی کی کمی کی بنیاد پر فوڈ آئٹمز منگوانے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی۔
Monthly Archives: August 2022
سیلاب متاثرین کی مدد: ترکیہ سے چھٹی پرواز کراچی پہنچ گئی
کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امدادی سامان لے کر ترکیہ سے چھٹی پرواز کراچی پہنچ گئی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ایئر فورس کے ایئربس طیارے نے رات 2 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی، جہاں ڈائریکٹر جنرل ایم او ایف اے نے تر کیہ طیارے کا استقبل کیا۔
اس سے قبل گزشتہ 3 روز کے دوران ترکیہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لیکر ترکش ایئر فورس اور ترکش کارگو کے 5 طیارے کراچی پہنچ چکے ہیں۔
حکومت ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب اور بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے بھیجے گئے سامان میں ٹینٹس، مچھر دانیاں اور اشیائے خور و نوش شامل ہیں۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان کا اعلان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان سیکریٹری جنرل کے مطابق انتونیو گوتریس نو ستمبر کو پاکستان آئیں گے۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
انتونیو گوتریس سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔
انتونیوگوترس کا کہنا تھا کہ آج موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان تباہ ہورہا ہے۔ کل کوئی اور ملک بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہاں کے فراخ دل لوگوں کو مصیبت میں دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے۔ اقوام متحدہ 52 لاکھ متاثر افراد کو خوراک اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرے گا ۔
اس سے قبل انہوں نے عالمی برادری سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلیے 160 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کی تھی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سیلاب زدگان کے لیے25 ہزار روپے فی خاندان امدادکی منظوری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب زدگان کے لیے پچیس ہزار روپے فی خاندان امداد کی فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سیلاب زدگان کے لیے امداد کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں جی ٹوئینٹی ممالک سے قرض موخر کروانے کے لیے اقدامات کرنے اورایف اے ٹی ایف ٹیم کےدورہ کیلئے انتظامات،اخراجات کی ضمن میں 70 لاکھ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے گندم کے اسٹرٹیجک ذخائر 10 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 20 لاکھ ٹن کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ این ایچ اے کو بزنس پلان کی تیاری کیلئے 30 ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔
کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی شہزادی ڈیانا کی25ویں برسی
برطانیہ : (ویب ڈیسک) کروڑوں دلوں کی ملکہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 25 برس بیت گئے۔ شہزادی ڈیانا یکم جولائی انیس سو اکسٹھ کو برطانیہ میں پیدا ہوئیں اور انہیں ہمیشہ سے ہی فلاحی کاموں میں دلچسپی تھی۔
بھولی بھالی صورت اور پرکشش شخصیت کی مالک برطانوی شہزادی نے 29 جولائی 1981 کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی کی۔
ڈیانا کی شہرت کا سورج برطانوی شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوا اورپھر شادی سے شاہی سفر کا آغاز کیا تو لوگوں نے اسے خوشیوں اور خوابوں کے سفر سے تعبیر کیا جس کے بعد2 بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی۔
شہزادی ڈیانا اپنی ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائیں۔ دونوں کی زندگی میں کمیلا پارکر، جیمز گبلی، جیمز ہیوئیٹ اور لیگی بورک جیسے رقابت دار آئے اور16 سال بعد اگست 1996 میں طلاق ہوگئی۔
ڈیانا نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں ناکام ازدواجی زندگی کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کی ناچاکیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کر لیا۔
ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی میڈیا کےلیے سب سے بڑی خبر بن گئی 31 اگست 1997 کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کے ساتھ روانہ ہوئی۔
ڈیانا منزل تک نہ پہنچ سکی جب ان کی گاڑی ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گئی، حادثے میں شہزادی کےساتھ ان کے دوست بھی جان کی بازی ہار گئے۔ ڈیانا کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔
ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ تصاویر لیڈی ڈیانا کی کھینچی گئی ہیں۔ ڈیانا کی عالمی سطح پر مقبولیت کابڑا سبب ان کی خوبصورت شخصیت تھی اور طلاق کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔
طلاق کے بعد ان کے ایک مصری ارب پتی اور پاکستانی ڈاکٹر کےساتھ دوستی کی خبریں بھی سامنے آتی رہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ شہزادی ڈیانا فلاحی کاموں کے سلسلے میں پاکستان بھی آئیں۔
انڈیا سے تجارت اور دوحہ میں مشکوک میٹنگ سوالیہ نشان ہے: شیخ رشید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انڈیا سے تجارت اوردوحا میں مشکوک میٹنگ سوالیہ نشان ہے، حکمران خواب غفلت سے باہرنہیں آئے، وزراء کی تعداد آئین اورقانون کی پابندی کی حد کو پارکر گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہبازشریف نے نوازشریف کے بیانیے کو زمین بوس کر دیا ہے، سیلاب تو چلا جائے گا لیکن غریب عوام مزید تباہی اور مہنگائی کے سیلاب میں آئیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ بلاول نے ایک گھنٹے میں کھربوں میں چندہ لے کر دنیا کو انگشتِ بدنداں کردیا ہے، سندھ کا کوئی وزیرعوام میں جانے کی جرات نہیں کر رہا، سیلابی تباہی پربھی کمپنی کی مشہوری کامقابلہ جاری ہے، 25 کلومیٹر کی بھکاری حکومت تخمینہ لگا سکی نہ منصوبہ بندی کرسکی، یہ ایجنڈامکمل ہونے پرنکال دیئے جائیں گے۔
مہنگائی سے تنگ عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مزید 4.34 روپے فی یونٹ مہنگی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی سے تنگ عوام کو ایک اور جھٹکا، نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی مزید 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔
نیپرا نے بجلی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی، جبکہ سی پی پی اے نے 4 روپے 70 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا۔
جولائی میں ایف سی اے کی ایکچوئل لاگت 10 روپے 98 پیسے تھا، جولائی میں ریفرنس فیول لاگت 4 روپے 69 پیسے بنتا ہے، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 7 ارب 52 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کی قلت کے باعث 6 ارب 93 کروڑ کی مقصان ہوا، سسٹم خرابیوں کے باعث 46 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا۔
نیپرا حکام کے مطابق فیصلے سے بجلی صارفین پر 59 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔
پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیموں کے ناموں کا اعلان، 6 اکتوبر سے ایونٹ کا آغاز
لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیموں کے ناموں کا اعلان کر دیا ، انڈر 19 ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیموں میں بہاولپور، گوجرانوالا، گوادر، حیدر آباد، مردان اور راولپنڈی شامل ہیں، جنوبی افریقا کے عمران طاہر بہاولپور، شعیب ملک گوجرانوالا ،سر ویون رچرڈز گوادر اور ڈیرن سیمی حیدر آباد کے مینٹور مقرر کیے گئے ہیں۔
شاہد آفریدی مردان اور کولن منرو راولپنڈی کے مینٹور ہوں گے جبکہ جاوید میانداد تمام ٹیموں کی معاونت کریں گے۔
پاکستان جونیئر لیگ کا ڈرافٹ 6 ستمبر کو لاہور میں منعقد کیا جائے گا، پاکستان جونئیر لیگ کا پہلا ایڈیشن 6 سے 21 اکتوبر 2022 تک کھیلا جائے گا۔
سابق سوویت یونین کے آخری صدر میخائل گوربا چوف انتقال کر گئے
ماسکو: (ویب ڈیسک) سابق سوویت یونین کے آخری صدر میخائل گورباچوف 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
گوربا چوف نے 1985 میں اقتدار سنبھالا، وہ اصلاحات متعارف کروانے اور مغرب سے تعلقات بحال کرنے کے لیے جانے جاتے تھے لیکن 1991 میں سوویت یونین کو بکھرنے سے روک نہیں سکے، کئی روسی شہری آج بھی ان کو اور ان کی اصلاحات کو ملک کے بکھرنے کا ذمہ دارٹھہراتے ہیں۔
روسی میڈیا کے مطابق سابق صدر گوربا چوف کافی عرصے سے علیل تھے، گوربا چوف 54 سال کی عمر میں سوویت کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری جنرل اور ملک کے سربراہ بنے۔
گوربا چوف کی اصلاحات کے تحت عوام کو حکومت پر تنقید کا حق دیا گیا جس کے بارے میں پہلے سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا، لیکن ملک کے مختلف حصوں میں اس پالیسی کے خلاف ردعمل بھی سامنے آیا اور آخر کار سوویت یونین ٹوٹ گیا۔
سیلاب زدگان میں امدادی رقوم کی تقسیم شفاف طریقے سے ہوگی: ڈاکٹر ثانیہ نشتر
لاہور: (ویب ڈیسک) چیئر پرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بنک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود، ڈی جی آپریشنز پی آئی ٹی بی فاروق یوسف سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے جمع کی گئی امدادی رقوم کی تقسیم کیلئے سیلاب زدگان کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا، رجسٹریشن کے بعد امدادی رقوم کی فراہمی کے حوالے سے میکانزم پر بھی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنک آف خیبر اور بنک آف پنجاب کے تعاون سے امدادی رقوم متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی، ضرورت پڑنے پر دیگر بنکوں کو بھی اس پروگرم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے شناختی کارڈ نمبر اور بائیو میٹرک تصدیق لازم ہو گی، ویب پورٹل، ایس ایم ایس اور رجسٹریشن سنٹرز کے ذریعے متاثرین کی رجسٹریشن کی جائے گی، سرکاری خدمت مراکز، اراضی سنٹرز، ڈپٹی کمشنر آفسز کے ذریعے امدادی رقم تقسیم کی جائے گی۔
چیئرپرسن پنجاب احساس پروگرام کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ بہن، بھائیوں کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی، چند گھنٹوں کی ٹیلی تھون سے عمران خان نے 5 ارب سے زائد کے عطیات جمع کئے، ان عطیات کو مستحقین تک پہنچانے کی ذمہ داری میری زیر نگرانی ایک کمیٹی کو سونپی گئی ہے۔
سیلاب کی تباہ کاریاں، مزید 36 اموات، متاثرین بے یارومددگار، مسیحا کے منتظر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، متاثرہ علاقے قیامت کا منظرپیش کرنے لگے، 24 گھنٹے کے دوران مزید 36 اموات، مجموعی تعداد 1162 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ 57 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے، 7 لاکھ 35 ہزار مویشی بھی مارے گئے ہیں، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ہرطرف پانی نے گھر گھر تباہی مچا دی ہے۔ سندھ میں ہر طرف تباہی سے گوٹھ بچے نہ گھر، سڑکیں بھی کھنڈر بن گئیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 405 تک پہنچ گئی، جن میں 160 بچے بھی شامل ہیں، 35 لاکھ 19 ہزار ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں برباد ہونے کے ساتھ ساتھ ، مواصلاتی نظام ناکارہ ہوگیا جبکہ ریلوے ٹریک بھی مکمل بند ہیں، صوبے میں غذائی بحران کا خدشہ پیدا ہونے لگا ہے۔ ادھر کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں سیلابی ریلوں نے کئی خاندانوں کو بے سرو ساماں کر دیا، حکومتی امداد کے منتظر متاثرین مخیر حضرات کی جانب سے دو وقت کی روٹی ملنے پر اپنی بھوک مٹانے پر مجبور ہیں۔ حالیہ مون سون کی بارشوں نے دوسرے صوبوں کی بلوچستان کے ہر ضلع کو بھی شدید متاثر کیا ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں سیلابی پانی اپنے ساتھ پتھر اور مٹی کے ڈھیر بھی لے آیا، جس کی وجہ سے سڑکوں پر پتھر اور مٹی کی کئی فٹ موٹی تہہ جم گئی، علاقے میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے سے متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بالاکوٹ کی وادی منور میں آنے والے سیلاب کے 6 روز گزرنے کے بعد بھی علاقہ مکین گھروں میں محصور ہیں، راشن بھی ختم ہو چکا ہے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پر معاون خصوصی احمد شاہ دیگر افسران نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے منور پہنچےاور30 کروڑ فنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ سوات کےعلاقے بحرین میں بھی حالیہ سیلاب نے تباہی پھیلا دی ہے، متعدد گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، بحرین بازار کے قریب درجنوں گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث بلوچستان میں 249افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 405، پنجاب میں 187افراد خیبر پختونخوا میں 257، آزاد کشمیر میں 41افراد ،گلگت بلتستان میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 7لاکھ 30ہزار483 مویشی ہلاک ہوئے، بلوچستان میں ایک ہزارکلومیٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں ، 18 پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ سندھ میں 2ہزار328 کلو میٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں،60پلوں کو نقصان پہنچا، پنجاب 130، خیبر پختونخوا ایک ہزار 589 کلومیٹر سڑکیں متاثر،84 پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ گلگت بلتستان میں 16 کلومیٹر شاہراہ اور 65 پل متاثر ہوئے۔
توہین عدالت کیس، عمران خان کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی، سکیورٹی الرٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہو گی۔ دوسری جانب عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث پولیس کی جانب سے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، عدالت میں داخلہ اجازت نامے سے مشروط ہوگا، سٹاف کو محدود نقل و حمل کی اجازت دی گئی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں الفاظ واپس لینے کی پیشکش کی تھی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ججز کے احساسات کو مجروع کرنے پر یقین نہیں رکھتے، الفاظ غیر مناسب تھے تو واپس لینے کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت تقریر کاسیاق و سباق کیساتھ جائزہ لے، پوری زندگی قانون اور آئین کی پابندی کی ہے، عمران خان نے استدعا کی کہ ان کیخلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لیا جائے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے عدالتی بینچ پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
پنجاب:سیلاب سے اربوں مالیت کی فصلیں تباہ، خوراک کی قلت
ملتان: (ویب ڈیسک) جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی اربوں مالیت کی مختلف فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جس سے سیلاب زدہ علاقوں میں خوراک کی قلت ہونے پر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں خوفناک سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تا حال جاری ہے جس سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی کپاس، کماد، دھان، دالیں مختلف فصلیں اور چارہ جات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اربوں مالیت کی فصلیں تباہ ہونے سے سیلاب زدہ علاقوں میں غذائی قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے متاثرہ بستیوں کے مکینوں کی بڑی تعداد راشن کے حصول کیلئے امدادی ٹیموں کی منتظر ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خو راک کی نایابی کیساتھ ادویات اور صاف پانی کی قلت کا بھی مسئلہ درپیش ہے جس کی و جہ سے سیلاب متاثرین کی اکثریت سیلابی پانی پینے پر مجبور ہو گئی ہے۔ حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر نو کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے جبکہ جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے لیکن فصلوں کے نقصان کے حوالے سے تا حال کوئی سروے نہیں کیا گیا۔ فصلوں کے نقصان کے سروے نہ ہونے کی وجہ سے سیلاب متاثرین کے تحفظات بڑھنے پر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نقصان کے ازالے کیلئے سروے شروع کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔


















