دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے۔
پی سی بی کے مطابق ثقلین مشتاق کو گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران دائیں گھٹنے پر گیند لگی جس کی وجہ سے ان کا گھٹنہ سوجن کا شکار ہے اور وہ تکلیف بھی محسوس کر رہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے میڈیا مینجر ابراہیم بادیس کے مطابق ثقلین مشتاق آرام کر رہے ہیں جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان اور بیٹر فخر زمان نے بھی آرام کیا جبکہ فاسٹ بولرز سمیت دیگر کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں شریک رہے۔
فاسٹ بولر شاہین آفری بھی گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں اور وہ ری ہیب کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں۔
اس کے علاوہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کمر کی تکلیف کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ محمد رضوان، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھارت کے خلاف میچ میں کریمپس کی وجہ سے تکلیف میں دکھائی دیے۔
ایشیا کپ میں پاکستان کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی جبکہ پاکستان ٹیم دوسرا میچ جمعے کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی ،سپر فور میں پہنچنے کے لیے پاکستان ٹیم کو یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔
Monthly Archives: August 2022
پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کی رقم موصول: اسٹیٹ بینک
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہو گئی۔
اسٹیٹ بینک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں قسط موصول ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اس سے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور کثیر جہتی اور دو طرفہ ذرائع سے دیگر رقوم کی وصولی میں بھی مدد ملے گی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ دونوں پاکستان کو رقم جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔
سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کیلئے ججز روسٹر جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ ہفتے کیلئے ایک تین رکنی جبکہ 2 دو رکنی بینچ تشکیل دیےگئے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔
دوسرا بینچ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر جبکہ تیسرا بینچ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل ہو گا۔
اسپین میں 2 برس بعد ٹماٹروں کی جنگ دوبارہ چھڑ گئی
میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اسپین میں 2 برس کے وقفے کے بعد ٹماٹروں کی جنگ دوبارہ چھڑ گئی۔
اسپین میں 3 برس بعد ٹوماٹینا تہوار کی واپسی ہوگئی، شہریوں نے ایک دوسرے پر ٹماٹروں کی بارش کردی، لال ٹماٹروں کی بہتات سے سڑکیں سرخ ہوگئیں۔
فیسٹیول میں دنیا بھر سے 15 ہزار افراد نے حصہ لیا، ٹماٹروں سے بھرے ٹرک دن بھر لال ٹماٹر پہنچاتے رہے اور شرکاء لال ٹماٹروں سے نشانہ بازی کرتے رہے، فیسٹیول میں 130 ٹن ٹماٹر استعمال ہوئے۔
ٹماٹروں کی یہ لڑائی اسپین کے قصبے بنول میں 1945 سے تواتر کے ساتھ لڑی جاتی ہیں جس میں حصہ لینے کے لیے دنیا بھر سے سیاح اسپین کا رخ کرتے ہیں۔
سیلاب: 24 گھنٹوں میں 27 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 1191 ہوگئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیلاب سے 24 گھنٹوں میں مزيد 27 افراد زندگى کى بازى ہار گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1191 ہو گئی، ملک بھر میں 3 لاکھ 72 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوئے جبکہ 5 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو نقصان پہنچا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 15، خیبر پختونخوا میں 7 ، بلوچستان میں 4 اور پنجاب میں 1 شخص جاں بحق ہوا، بارشوں اور سيلاب سے سندھ میں سب سے زیادہ 422 اموات ريکارڈ ہوئیں، بلوچستان میں 253،خيبرپختونخوا میں 264، پنجاب میں 188، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 41 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔، جاں بحق ہونے والوں میں 522 مرد، 246 خواتين اور 399 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلاب سے مجموعی طور پر ملک کے 80 اضلاع متاثر ہوئے جن میں 3 لاکھ 72 ہزار 823 مکانات تباہ ہوئے جبکہ 5 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب بلوچستان میں آج مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، صوبے میں جون سے اب تک بارشوں سے 256 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 121 مرد ،61 خواتین اور 73 بچے شامل ہیں، زیادہ تر اموات بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، بولان، ژوب، کیچ، دکی، خضدار، کوہلو، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔
مختلف حادثات سے 166 افراد زخمی بھی ہوئے، بارشوں سے 61 ہزار 718 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 17 ہزار 608 مکانات منہدم اور 44 ہزار 110 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں 18 پلوں اور 1000 کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا، 5 لاکھ کے قریب مال مویشی ہلاک ہوئے جبکہ 2 لاکھ ایکر سے زائد رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا، متاثرہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرہ اضلاع لورالائی، نصیر آباد، جعفر آباد، قلعہ سیف اللہ، پشین اور صحبت پور کے متاثرین میں 1550 ٹینٹ، 350 فوڈ پیکٹس، 900 کمبل، 500 ترپال اور 100 گیس سلنڈر تقسیم کیے گئے۔
بدترین مالی بحران کے شکار سری لنکا کا آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ طے پاگیا
کولمبو: (ویب ڈیسک) شدید ترین معاشی بحران کے شکار ملک سری لنکا کے ساتھ آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا تاہم ابھی اس کی منظوری مالیاتی ادارے کے ایگزیکیٹو بورڈ سے لینا ہوگی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مالی بحران کے شکار سری لنکا کو عالمی منڈی سے تیل، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے ڈالرز کی شدید قلت کا سامنا ہے جس پر آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر قرض کی درخواست کر رکھی ہے۔
قرض کی فراہمی کے لیے سری لنکا کے حکام اور آئی ایم ایف کے اسٹاف کے درمیان اسٹاف لیول پر مذاکرات گزشتہ ہفتے سے جاری تھے اور اب فریقین نے ایک معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔
اس معاہدے سے متعلق دیگر تفصیلات سے میڈیا کو کل (جمعرات) کو آگاہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسٹاف لیول کے اس معاہدے کی منظوری عالمی مالیاتی ادارے کا ایگزیکیٹو بورڈ سے گا جس کا جائزہ لینے کے لیے بورڈ کی میٹنگ جلد طلب کی جائے گی۔
سری لنکا میں اس وقت پٹرول صرف اسپتالوں اور ہنگامی کاموں کے لیے دیا جا رہا ہے جب کہ شدید عوامی احتجاج کے باعث ایک حکومت گھر جا چکی ہے اور اس وقت نئی قیادت ملک کی حکمراں ہے۔
سیلاب سے نقصانات، مودی کا اظہار افسوس، وزیراعظم بھارتی ہم منصب کے مشکور
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات پر اظہار افسوس کا اظہار کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کا شکریہ ادا کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سیلاب میں جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا تھا، پاکستانی عوام اپنے جذبہ ایمانی سے اس قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پالیں گے۔
اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستانی عوام معمولات زندگی اور سماجی سرگرمیاں بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دے دی، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے سیلاب کے باعث پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دے دی۔
کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ٹماٹراور پیاز کی درآمد کی اجازت دی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ نے موجودہ ہنگامی صورتحال میں ان اشیا کی درآمد پر ٹیکس استثنیٰ دیا ہے۔
کابینہ نے منظوری سیلاب کی صورتحال میں مقامی منڈی میں ان اشیا کی قلت پر قابو پانے کیلئے دی ہے۔
کوہ پیما شہروز کاشف کی ریڑھ کی ہڈی کا کامیاب آپریشن
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف کی ریڑھ کی ہڈی کا کامیاب آپریشن کرلیا گیا۔
اس حوالے سے شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ انہیں ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف نیپال میں ہوئی، تکلیف کے باوجود 6 چوٹیاں سر کیں، ڈاکٹرز نے ایک ماہ آرام کا کہا ہے۔
شہروز کاشف نے کہا کہ 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا مشن ایک ماہ بعد دوبارہ شروع کروں گا۔
ایشیا کپ: بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دیکر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا
دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔
بھارت کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں پر 152رنز بناسکی۔بابر حیات 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں2 وکٹوں پر 192رنز بنائے، سوریا کمار یادیو 26 گیندوں پر 68 اور ویرات کوہلی 44 گیندوں پر 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
سوریا کمار یادیو کی اننگز میں 6 چھکے شامل تھے۔اس کے علاوہ کے ایل راہول 36 اور کپتان روہت شرما 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے ایوش شکلا اور محمد غضنفر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہانگ کانگ نے ایشیا کپ 2022 میں اپنا پہلا جبکہ بھارت نے دوسرا میچ کھیلا، بھارت نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی،ہاردک پانڈیا کی جگہ رشبھ پنٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔
افغانستان گزشتہ روز بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کرنا ہو گا، بلاول بھٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔
غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پاکستان میں بڑے رقبے پر تباہی مچائی ہے،مون سون کی بارشوں کا آغاز جون سے ہوا اور اختتام اگست میں ہوا،سیلاب سے سندھ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو سیلاب سے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔سڑکیں پانی میں بہہ جانے سے لوگوں تک پہنچنے میں کچھ مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
سیلاب متاثرین کی امدادی اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹی نہ لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امدادی اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹی نہ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ضروری اشیا کی درآمد پر تمام ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ ہو گی اور تمام اشیا این ڈ ی ایم اے کی تصدیق پر ٹیکس اور ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
ایف بی آر نے بتایا کہ بیرون ممالک سے موصول سامان پر بھی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس لاگو نہیں ہوں گے۔
ایف بی آر کے مطابق سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے بنیادی اشیائے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدام کیا۔
چینی شخص نے ایک ساتھ تین ریوبک کیوب اچھالتے ہوئے ساڑھے تین منٹ میں حل کردیئے
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی شخص نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جس میں انہوں نے ہوا میں گھماتے ہوئے رنگ برنگی چھکوں پر مشتمل تین ریوبک کیوب کو حل کیا ہے اور اس میں انہیں صرف ساڑھے تین منٹ لگے ہیں۔
لی ژائی ہواؤ نے ہوا میں گھماتے ہوئے شعبدہ بازی کے کھیل کھیل میں تین ریوبک کیوب کو سیدھا کیا ہے اور اس میں صرف تین منٹ اور 29.29 سیکنڈ میں تمام رنگوں والے خانے کو یکساں طور پر برابر کیا گیا ہے۔
یہ کارنامہ انہوں ںے صوبہ فیوجیان کے شہر ژیامن میں انجام دیا ہے جس کی تصدیق اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کردی ہے۔ اس طرح انہوں نے ایک ساتھ تین ریوبک کیوب ہوا میں گھماتے ہوئے حل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس سے قبل وہ الٹا لٹک کر ریوبک کیوب اچھالتے ہوئے انہیں حل کرنے کا شاندار مظاہرہ بھی کرچکے ہیں۔ اسی طرح الٹا لٹک کر ایک ہاتھ سے بھی ریوبک کیوب ٹھیک کرنا ان کا محبوب مشغلہ ہے۔