ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو منائی جائے گی۔
حریمین شریفین کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شوال 1443 کا چاند نظر نہیں آیا، کل رمضان المبارک کا 30 واں روزہ ہو گا، اور عید الفطر 2 مئی 2022ء کو ہو گی۔
حریمین شریفین کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شوال 1443 کا چاند نظر نہیں آیا، کل رمضان المبارک کا 30 واں روزہ ہو گا، اور عید الفطر 2 مئی 2022ء کو ہو گی۔
دوسری طرف لیبیا میں چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد عید الفطر پیر کو منائی جائے گی۔
لیبیائی حکام کے مطابق یکم مئی کو آخری روزہ ہو گا اور دو مئی کو عید الفطر منائی جائے گی۔
اُدھر آسٹریلوی فتویٰ کونسل نے اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم مئی 2022ء کو رمضان المبارک کا آخری روزہ ہو گا اور عید الفطر دو مئی 2022ء بروز پیر کو منائی جائے گی۔
مزید برآں سنگا پور میں بھی عید کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں پر عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ مسلمانوں کے لیے عید الفطر اہم مذہبی تہوار ہے جسے دنیا میں بسنے والے مسلمان رمضان کا مہینہ ختم ہونے پر مناتے ہیں۔ عید کے دن مسلمانوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ مسلمان رمضان کے 29 یا 30 روزے رکھنے کے بعد یکم شوال کو عید مناتے ہیں۔ کسی بھی قمری ہجری مہینے کا آغاز مقامی مذہبی رہنماؤں کے چاند نظر آجانے کے فیصلے سے ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔ اسکے برعکس کچھ ممالک ایسے ہیں جو سعودی عرب کی پیروی کرتے ہیں۔ مسلمان کا عقیدہ ہے اسلام میں انہیں حکم دیا گیا ہے کہ رمضان کے آخری دن تک روزے رکھو۔ اور عید کی نماز سے پہلے صدقہ فطر ادا کرو۔
Monthly Archives: April 2022
اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید
قلقلیہ: (ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے قلقلیہ کے قریب ایک فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔
عرب نیوز نے فلسطینی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 27 سالہ یحییٰ علی عدوان شہید ہوگیا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ یحییٰ علی عدوان کو سینے میں گولی اس وقت لگی جب وہ اور دیگر فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کر رہے تھے جنہوں نے قلقیلیہ کے قریب عزون نامی علاقے پر حملہ کیا۔
فلسطینی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ یحییٰ کی نماز جنازہ میں شرکاء نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے اور مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے احاطے پر حالیہ چھاپوں کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
فلسطینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ یحییٰ کا قتل مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کا نتیجہ ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی کا چین کے سفارت خانے کا دورہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین کے عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کا دورہ کیا۔
صدر مملکت نے 26 اپریل 2022ء کو کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
چین کی ناظم الامور نے سفارت خانے کا دورہ کرنے اور چین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا بعد ازاں صدر مملکت نے سفارت خانے کی وزیٹر بک میں تاثرات بھی تحریر کیے۔
اس موقع پر عارف علوی نے کہا کہ قوم اس افسوس ناک واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے میں ہے، ہم چینی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، پاکستان چینی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے پیچھے کچھ ایسے ممالک ہیں جو پاک چین دوستی اور سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں وہ ممالک اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے چینی ناظم الامور کو یہ جذبات چینی عوام، کمیونسٹ پارٹی اور صدر شی جن پنگ کے تک چانے کا بھی کہا۔
ہر پاکستانی سمجھتا ہے عمران خان سے زیادتی ہوئی، چاہے مارا جاؤں، کپتان کیساتھ ہوں: شیخ رشید
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان پر اس وقت مشکل وقت ہے، ہر پاکستانی سمجھتا ہے عمران خان سے زیادتی ہوئی،چاہے مارا جاؤں،کپتان کے ساتھ کھڑا ہوں، ایسے میں ساتھ چھوڑنا غداری ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان سے ملکر آرہا ہوں وہ ایسا کوئی کام نہیں کرے گا جس سے ملک کو نقصان ہو، عمران خان ملک کے منافی کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔ میں سیاست سے ریٹائر ہونے جا رہا تھا، اس وقت سابق وزیراعظم پر کڑا وقت ہے،ساتھ چھوڑنا غداری ہو گی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ہماری کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں ہے مگر جس طرح پی ٹی آئی چیئر مین کو دیوار سے لگایا گیا وہ غلط ہے، ہر آدمی یہ سمجھتا ہے عمران خان سے زیادتی ہوئی ہے، میں کوشش کررہا ہوں کہ ان کو واپس لایا جائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال کو شدیدخطرات ہیں، موجودہ صورتحال میں خاموش تماشائی بن کرنہیں رہا جاسکتا، سب کو واضح طور پر کہہ رہا ہوں اگر عمران خان نہیں ہےتو پھر آپ بھی نہیں ہونگے، تم لوگ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے اور اب خود امپورٹڈ ہوگئے ہو۔
مسجدنبوی ﷺ واقعے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسجدنبوی ﷺمیں جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا مگر ان لوگوں کی شکلوں سے ہی لوگ نفرت کرتے ہیں، یہ لندن یا دنیا میں کہیں جائیں گے تو ان کو انڈے، ٹماٹر پڑیں گے پہلے سے خبردار کررہا ہوں بعد میں نہ کہنا کہ شیخ رشید نے ایسا بولا تھا۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ میں اردو میڈیم ہوں، مداخلت اور ساز ش میں کیا فرق ہے؟ اچھی طرح جانتا ہوں، میرے نزدیک مداخلت سازش سےبھی زیادہ خطرناک ہے۔
اسلام آباد کے لیے مئی کے آخری ہفتے میں کال دیں گے: عمران خان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دے دی۔
سابق وزیراعظم نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ آج ہماری کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، میٹنگ کے دوران پوری تفصیل میں اور پوری طرح تبادلہ خیال کیا کہ اسلام آباد میں جو کال دی اس کی نوعیت کیا ہو گی۔ میٹنگ کے دوران ہم نے فیصلہ کیا کہ مئی کے آخری ہفتے میں ہم کال دینے لگے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ تحریک انصاف کو نہیں سب پاکستانیوں کو کال دینے لگے ہیں اور اس لیے کال دے رہے ہیں کہ ہمارے ملک کی توہین کی گئی ہے، بیرون ملک سازش کے تحت ملک کے کرپٹ ترین لوگوں کو ملک کے اوپر مسلط کیا گیا، اس وقت وفاقی کابینہ میں 60 فیصد لوگ ضمانتوں پر ہیں، شہباز شریف کو کرائم منسٹر کہتے ہیں، ایف آئی اے اور نیب میں ان پر 40 ارب روپے کی کرپشن ہے۔ یہ ملک کی توہین ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھتے ہوئے میں چاہتا ہوں کہ ابھی سے تمام لوگ تیاری کر لیں اور ہماری تیاری کا آغاز چاند رات سے ہو گا، میں نوجوانوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے چاند رات کو بھی خاص طور پر نکلنا ہے، نوجوان جھنڈے پکڑ کر نکلیں۔ اور ساری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے، اور اس کے بعد ہمارا اگلا لائحہ عمل ہو گا اس کے بعد ہماری پوری تیاری ہو گی، میرا ایمان ہے اسلام آباد مارچ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا اور عوام کا سمندر باہر نکلے گا۔ اور واضح پیغام دنیا کو جائے گا کہ کوئی بیرونی ملک ہمارے اوپر ایک کرپٹ ٹولہ کو مسلط نہیں کر سکے گا۔ ملک کا جو فیصلہ ہو گا وہ پاکستان کی عوام کرے گی
اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی وقار خان انتقال کرگئے
پشاور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے خیبرپختونخوا کے رکن صوبائی اسمبلی وقار خان انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع نے وقار خان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ ان کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے سے ہوا۔
خیال رہےکہ وقار خان 2018 کے عام انتخابات میں پی کے7 سوات سے عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر رکن منتخب ہوئے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے وقار خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
جنگ بندی چاہتے ہیں تو امریکا اور نیٹو، یوکرین کو اسلحہ دینا بند کریں، روس
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے امریکا اور نیٹو پر یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی قوتیں جنگ بندی چاہتی ہیں تو حریف ملک کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کریں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزير خارجہ سيرگئی لارووف نے میڈیا سے گفتگو میں یوکرین جنگ کا ذمہ دار امریکا اور نیٹو کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ دونوں یوکرین کو ہتھیار فراہم کرتے رہیں گے، جنگ کا خاتمہ ممکن نظر نہیں آتا۔
سیرگئی لارووف نے روسی فوج کی یوکرین میں کارروائی کے سست روی کے شکار ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روسی فوج کی عسکری کارروائياں منصوبے کے تحت آگے بڑھ رہی ہيں۔
روسی وزير خارجہ سیرگئی لارووف اقتصادی اور معاشی پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ ان کا ملک اب ڈالر پر انحصار کم کر رہا ہے اور تجارت میں ملکی کرنسی روبل کو ترجیح دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے ٹيکنالوجی سيکٹر کو بھی خود کفيل بنانے کی کوششوں ميں ہے۔
مصر ميں مسافر بردار سائیکل رکشا دریائے نیل میں گر گیا، 8 بچے جاں بحق
قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں 13 مسافروں کو لے جانے والا سائيکل رکشا دريائے نيل کی ايک نہر ميں جا گرا جس کے نتیجے میں 8 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں ایک فیکٹری سے 13 افراد اپنے گھروں کو جانے کے لیے سائیکل رکشا میں سوار ہوئے تاہم گنجائش سے زیادہ مسافروں کی وجہ سے رکشا بے قابو ہوکر نہر میں جا گرا۔
ریسکیو ادارے کے غوطہ خوروں نے 5 افراد کو نہر سے زندہ نکال لیا تاہم 8 بچے ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ بچوں کی عمریں 12 سے 15 سال کے درمیان تھی اور وہ غربت کے باعث قریبی فیکٹری میں ملازمت کیا کرتے تھے۔
لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں جب کہ حکومتی سطح پر واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیدی
وزیراعظم شہبازاورسعودی ولی عہد کا دوطرفہ اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال
ریاض: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہی محل میں ہونے والی ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ، اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کا رایل پیلس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جہاں وزیر اعظم کو شاہی اسکوارڈ میں پیلس پہنچایا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا رائل پیلس پہنچنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خود استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بعدازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم سے اپنی کابینہ اور شہباز شریف نے اپنے وفد کے ارکان کا ولی عہد کے ساتھ تعارف کرایا۔
منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین فرنانڈز کے 7 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی تاجر سکیش چندراشیکھر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں متعلقہ ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز کے 7.12 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کرلیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں سکیشن چندراشیکھر کے اداکارہ سے گہرے تعلقات ہونے کی بنا پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین کو شامل تفتیش کیا، ملزم نے دوستی کے دوران اداکارہ پر بہت پیسے خرچ کیے، سونے اور ہیرے کے زیورات بھی تحفتاً دیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اداکارہ کے ضبط کیے گئے 7.12 کروڑ روپے کے اثاثوں کا تعلق بھی منی لانڈرنگ سے ملتا ہے اسی سبب ’ای ڈی‘ نے یہ اقدام اٹھایا۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز پچھلے کئی مہینوں سے سکیش چندراشیکھر کے خلاف 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ اور فراڈ کے کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ریڈار پر ہیں۔
جیکلین کو کیس میں تفتیش کے لیے متعدد مرتبہ طلب کیا جا چکا ہے، تحقیقاتی ایجنسی کی تیار کردہ چارج شیٹ کے مطابق اداکارہ نے ملزم سکیش چندراشیکھر سے مہنگے ترین تحائف وصول کیے، کئی تحائف بھی ضبط کیے جاچکے ہیں۔
انگش کائونٹی میں پاک بھارت جوڑی کی شراکت توجہ کا مرکز
لاہور: (ویب ڈیسک) انگش کائونٹی میں پاک بھارت جوڑی کی شراکت توجہ کا مرکز بن گئی۔
محمد رضوان اور چتیشور پجارا کی ایک ساتھ کھیلتے ہوئے تصاویر وائرل ہوگئیں۔ دونوں کرکٹرز سسیکس کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔
جمعہ کو ڈرہم کے خلاف میچ کے دوسرے روز آخری سیشن میں محمد رضوان نے سنچری میکر بھارتی بلے باز چتیشور پجارا کو جوائن کیا تو اس دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
اس تصویر پر پاکستان اور بھارت کے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ کھیل ختم ہونے تک چتیشور پجارا 128 جبکہ محمد رضوان 5 پر ناٹ آؤٹ تھے۔
صرف آنکھ دیکھ کر دماغی امراض بتانے والی ایپ
برکلے، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) جامعہ کیلیفورنیا، سان ڈیاگو کے سائنسدانوں نے اسمارٹ فون ایپ بنائی ہے جو آنکھ کے اندرونی خدوخال دیکھ کر الزائیمر، اے ڈی ایچ ڈی اور دیگر اعصابی امراض کی شناخت میں مدد دے سکتی ہے۔
قدرے نئے کیمروں میں چہروں کی شناخت کےلیے نیئر انفراریڈ کیمرے کی سہولت موجود ہے اور ایپ بھی انہیں ہی استعمال کرتی ہے۔ یہ آنکھ کی پتلی کی جسامت میں تبدیلی کو نوٹ کرتے ہوئے اکتسابی تنزلی سے آگاہ کرتی ہے۔
اس کی تفصیل حال ہی میں اے سی ایم کمپیوٹر ہیومن انٹرایکشن کانفرنس میں پیش کی جائے گی جو 30 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہے گی۔
تحقیق سے وابستہ پروفیسر کولِن بیری اور ان کے ساتھیوں نے کہا ہے کہ اگرچہ مزید تحقیق کی ضرورت تو ہے لیکن اس ٹیکنالوجی کو اعصابی اور دماغی اسکریننگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہاں تک کہ گھر اور عام جگہوں پر بھی اسے آزمایا جاسکتا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے دماغی امراض کی تشخیص کے نئے در کھلیں گے۔
حالیہ چند برسوں میں معلوم ہوا ہے کہ آنکھ کے اندر موتی کی طرح گول پتلی کی جسامت سے دماغی کیفیات سے آگہی حاصل کی جاسکتی ہے۔ مثلاً مشکل دماغی کام کے دوران یا کسی زوردار آواز سن کر آنکھ کی پتلی پھیل جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنکھ کی پتلی کے سکڑنے اور پھیلنے پر کئی ٹیسٹ بنائے گئے ہیں جو آسانی سے کئی اعصابی امراض کا پتا دیتے ہیں لیکن اس سے قبل صرف تجربہ گاہ میں کسی ماہر کی نگرانی اور مہنگے آلات کے تحت ہی ایسا ممکن تھا۔
جامعہ کیلیفورنیا کے تحت ڈجیٹل ہیلتھ لیب کے ماہرین نے کئی دماغی طبیبوں کے تعاون سے اسمارٹ فون کیمرےکے تجربات کئےہیں۔ اس طرح یہ کسی تکلیف کے بغیر آبادی کی بڑی تعداد میں تیزی سے دماغی امراض کی شناخت کا اہم ٹول بن سکتا ہے۔ بالخصوص اس سے الزائیمر کا مرض معلوم کیا جاسکتا ہے۔
نیئر انفراریڈ طیف (اسپیکٹرم) پر آنکھ کی پتلی میں تبدیلی معلوم کی جاسکتی ہے۔ اس سے ملی میٹر کے بھی معمولی حصے تک کی تبدیلی ایپ سے معلوم کی جاسکتی ہے۔ ایپ پہلے عام رنگ و روشنی اور اس کے بعد نیئر انفراریڈ سے آنکھ کا معائنہ کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ایپ عین پپلومیٹر کی طرح کام کرتی ہے جو پتلی کے سائز ناپنے کا عالمی معیاری آلہ اور پیمانہ بھی ہے۔ اس کے علاوہ ایپ میں بہت سے فیچر بھی شامل کئے گئے ہیں۔ تاہ آنکھ پر پلاسٹک کا یک جشمی آلہ (اسکوپ) رکھنا پڑتا ہے جو بہت ارزاں اوراستعمال میں آسان ہے۔ اس کے بعد ایپ آواز کے ذریعے استعمال کی رہنمائی کرتی ہے۔ اس طرح بزرگ افراد بھی آنکھ کا معائنہ ازخود کرسکتے ہیں۔
اس طرح پتلی میں تبدیلی سے الزائیمرکے اولین حملے سے آگہی حاصل کی جاسکتی ہے۔
جاپان میں کمپیوٹر درست رکھنے والا ’تعویذ‘ نے سب کو حیران کردیا
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے ایک مندر کی انتظامیہ نے ایک انوکھا تعویز پیش کیا ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ نچلے درجے کی ٹیکنالوجی سے بنایا گیا ہے جو نہ صرف کمپیوٹر کو ہر طرح کے وائرس سے پاک رکھتا ہے بلکہ انہیں درست رکھتے ہوئے کارکردگی برقرار رکھتا ہے۔
ٹوکیو کے علاقے آکی بارا میں واقع شنتو قسم کا ایک مشہور مندر ’کانڈا میوجن‘ واقع ہے جو کئی طرح کے تعویذ، گنڈے اور دعائیں فروخت کرتا ہے۔ اب ’کمپیوٹر تعویذ‘ بنایا گیا ہے جس میں ایک گتے پر سی پی یو کی شکل کا اسٹیکر چپکایا گیا ہے۔
ان کے مطابق اسے کسی بھی کمپیوٹر پر چپکایا جاسکتا ہے اور کمپیوٹرآپریٹر کےلیے بھی حفاظتی گنڈا بنایا گیا ہے ۔ اس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ درست استعمال کے بعد یہ کمپیوٹر کو وائرس، میل ویئر اور مشکوک پروگراموں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کی دوسری خاصیت یہ ہے کہ کمپیوٹر چلتے ہوئے فریز نہیں ہوتا۔
ایک صارف نے ٹویٹر پر بتایا کہ وہ اسے استعمال کرکے مسرور ہیں کیونکہ یہ ایک طرح کا شاہی گارڈ ہے اوربہت کامیاب ثابت ہوا ہے۔
اس تعویذ کی قیمت 1200 جاپانی ین ہے جو پاکستان روپوں میں 1730 کے برابر ہے لیکن اب تک یہ جاپان سے باہر دستیاب نہیں اور نہ ہی اسے فروخت کرنے کا کوئی اعلان کیا گیا ہے۔