کراچی میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع ہو گیا ، ویمن ٹیم 9 فروری کو عالمی کپ کھیلنے نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔
نیوزی لینڈ میں ہونے والے ویمن ورلڈپ کپ کے لیے قومی ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، پہلے روز کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔
میگا ایونٹ کا آغاز چار مارچ سے ہوگا جبکہ قومی ویمن ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

مالی نے فرانس کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا

بماکو: (ویب ڈیسک) مالی حکومت نے فرانسیسی وزیر خارجہ کی جانب سے سفارتی آداب کے منافی بیان پر اس کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ جین یوو لے ڈریان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بیان میں مالی کی عبوری حکومت کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ مالی کی حکومت نے اس بیان کو اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت تصور کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر کو 72 گھنٹوں میں مالی سرزمین چھوڑنے کا حکم سنایا تھا۔
فرانس کے وزیر دفاع فلورنس پارلی نے مالی حکومت کے اقدام کے بعد وہاں موجود اپنی افواج کی تعداد میں کمی کی دھمکی دیدی، فرانس نے مالی میں بد امنی پر قابو پانے کیلئے فوج بھجوائی تھی۔ واضح رہے کہ سال 2020 میں مالی کے فوجی جنرلز نے اقتدار پر کنٹرول حاصل کرکے عبوری حکومت قائم کی تھی۔

‘یہ کہنا کہ وزیراعلیٰ کے اختیارات لوکل کونسلز کو دئیے جائیں تو کیا باقی گھر بیٹھ جائیں ؟’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا یہ کہنا کہ وزیر اعظم، وزیراعلیٰ اور کابینہ کے اختیارات لوکل کونسلز کو دئیے جائیں تو کیا باقی سب گھر بیٹھ جائیں ؟ آرٹیکل ایک سو چالیس اے کی پوری پاسداری کی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے، کوئی قابل اعتراض بات ہوئی تو اپیل کا حق ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں، سینیٹ میں دیگر جماعتوں کے سینیٹرز بھی غیر حاضر تھے، اجلاس شروع ہوا تو حکومت کے لوگ بھی پورے نہیں تھے، حکومت کو بل پاس کرانے کیلئے چیئرمین سینیٹ کے ووٹ کا سہارا لینا پڑتا ہے، ہمارے لئے تشویش کی بات ہے چیئرمین سینیٹ نے آئی ایم ایف کی غلامی کے بل پر ووٹ دیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 158 کے تحت صوبوں کو وہاں سے پیدا ہونیوالے معدنیات پر پہلا حق ہے، ہمارے ڈومیسٹک صارفین کو گیس فراہم نہیں کی جا رہی، گیس بحران تب ہی ختم ہوگا جب یہ نااہل یہاں سے نکلیں گے، حکومت سے گیس کی عدم دستیابی کا کہیں تو کہتے ہیں پچھلی حکومت چور ہے، حکومت کے پاس ایک ہی ریکارڈ ہے جو بار بار پلے ہو کر گھس گیا، اپنی نااہلی چھپانے کیلئے وفاقی حکومت ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہم نے بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم اسمبلی میں بل لاکر کی، اٹھارویں ترمیم پیپلزپارٹی لے کر آئی تھی، اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کیلئے انہیں دستور ساز اسمبلی بنانا ہوگی، ملکی نظام میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی سے سنا وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی،دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، ایک جیب سے پیسے نہیں نکل رہے تو وفاقی حکومت دوسری جیب سے نکال لیتی ہے۔

صرف عمران خان کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانا زیادتی ہے: چودھری شجاعت حسین

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ صرف عمران خان کو مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرانا زیادتی ہے، بعض اندرونی، بیرونی عناصر بھی معاشی بحران کے ذمہ دار ہیں۔
صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ زراعت کے شعبے کو ٹارگٹ کر کے تمام چیزوں کو مہنگا کیا جا رہا ہے، مصنوعی مہنگائی کے اثرات براہ راست عوام پر پڑتے ہیں، پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اس کی زراعت کو ٹارگٹ کر کے پورے ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، صرف ٹماٹر ہی دیکھ لیں کہ کسان آڑھتی کو ٹماٹر 25 روپے کلو فروخت کرتا ہے، دوسرے دن وہی ٹماٹر مختلف ذرائع سے ہوتا ہوا بازار میں عوام کو 150 روپے کلو میں ملتا ہے جس کا دھچکا کسان کو پہنچتا ہے، پھر کہا جاتا ہے کسان کو ہونے والے اس بھاری نقصان کا ذمہ دار صرف عمران خان ہے جو زیادتی ہے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آج کل کھاد کے بحران کی وجہ سے گندم کے مہنگا ہونے کا شور ہے، کھاد کی کمی کی وجہ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے، اس مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار ذخیرہ اندوز بھی ہیں، تمام ارکان اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کریں اور کھاد ریلیز کروائیں۔

ن لیگ سے پہلے بھی ہاتھ ہوا اور آئندہ بھی ہاتھ ہونے والا ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ سے پہلے بھی ہاتھ ہوا اور آئندہ بھی ہاتھ ہونے والا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک بل منظوری کے بعد باتیں کی جا رہی ہیں لیکن اسٹیٹ بینک کو خودمختار بنانا آئین کے خلاف نہیں۔ کیا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اسٹیٹ بینک بل میں ترمیم نہیں کی تھی ؟
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کہتی ہے اسٹیٹ بینک بل رات کی تاریکی میں پیش کیا گیا۔ کیا یہ ان لوگوں کو اسٹیٹ بینک بل سے متعلق علم نہیں تھا ؟ کیا یہ معصوم تھے؟ حکومت اسٹیٹ بینک کو بااختیار ادارہ بنانا چاہتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کا اختیار حکومت کے پاس ہو گا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن بھی اپنا ریکارڈ دیکھ لیں دونوں نے کیا ترامیم کیں۔ اسٹیٹ بینک آج اور کل بھی اس ایوان کے تابع رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دور دور تک قائد حزب اختلاف نظر نہیں آئے۔ گزشتہ روز یوسف رضا گیلانی نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت کو فائدہ پہنچایا۔ یوسف رضا گیلانی کا بیان کسی طور پر درست نہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران حزب اختلاف نے شور شرابہ شروع کر دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابقہ حکومتیں اپنے مقاصد کے لیے اس ادارے کو استعمال کرتی تھیں اور حزب اختلاف کے بہت سے حلقے قائد حزب اختلاف کی وضاحت سے متفق نہیں۔ کیا قائد حزب اختلاف کو نہیں معلوم تھا کہ ترمیمی بل سینیٹ میں آیا ہے کیونکہ انہوں نے کہا ہمیں بروقت اطلاع نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شش وپنج میں ہے کہ ماجرا کیا ہے۔ سینیٹر دلاور کو آپ نے حاضری کا کہا اور خود پیش نہیں ہوئے۔ کیا قائد حزب اختلاف ووٹ خرید کر منتخب نہیں ہوئے ؟ پیشگوئی کر رہا ہوں پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ ن سے آگے بھی ہاتھ ہونے والا ہے۔ قائد حزب اختلاف کے استعفیٰ کی بات جھوٹ تھی وہ واپس لیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کیا قائد حزب اختلاف الیکشن کمیشن میں تاریخیں نہیں بھگت رہے ؟ آج بھی قائد حزب اختلاف کی پٹیشن الیکشن کمیشن میں چل رہی ہے۔

نیب دنیا کے تمام امور کا انچارج نہیں ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نیب نے ہر ایک پر دہشت پھیلا رکھی ہے، نیب دنیا کے تمام امور کا انچارج نہیں ہے۔
سپریم کورٹ میں سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے خلاف تحقیقات روکنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے وضاحت طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ نیب بتائے کس اختیار کے تحت انکوائری دوبارہ شروع کی ؟
جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ ملزم کی پلی بارگین کرنے کے بعد نیب کا کیا اختیار بنتا ہے ؟ ڈیپارٹمنٹ نے صحیح کیا یا غلط کیا، نیب نے دوبارہ انکوائری کس قانون کے تحت شروع کی؟ نیب نے قانون کے اندر اور اپنے دائرہ اختیار میں ہی رہنا ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نیب نے ہر ایک پر دہشت پھیلا رکھی ہے اور کیا نیب نے کیس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کر لیا ہے ؟ نیب کی جانب سے ہر ایک کو بلا کر کہا جاتا ہے جواب جمع کروائیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ کیس ختم ہونے کے بعد دوبارہ کس قانون کے تحت انکوائری شروع کی۔ نیب دنیا کے تمام امور کا انچارج نہیں ہے۔
سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

امریکی کمپنی ایپل کا چین پر راج

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی کمپنی ایپل چین میں سب سے زیادہ موبائل فون فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی ہے، یہ پوزیشن ایپل نے 6 سال بعد حاصل کی ہے۔
کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کا کہنا ہے کہ ایپل نے 2021 کی چوتھی سہ ماہی میں چین میں ریکارڈ 23 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیے۔ یہ ایپل کے آئی فون 13 کی کم ابتدائی قیمت کے ذریعے ممکن ہوا، جس میں جدید کیمرہ اور 5G خصوصیات تھیں۔
دریں اثنا، کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ نے کہا ہے کہ چین کی سمارٹ فون مارکیٹ 2021 میں پارٹس اور صارفین میں کی وجہ سے نقصان میں رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 2021 میں ہواوے کمپنی کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا جس سے ایپل کو فائدہ ہوا۔ کاؤنٹر پوائنٹ کی تحقیق کے مطابق ایپل کی شاندار کارکردگی کی وجہ قیمتوں کے تعین کی حکمت عملی اور ہواوے پریمیئم بیس سے حاصل ہونی والی معلومات ہیں۔
آئی فون 13 کی ریلیز کے ہونے کے بعد ایپل چین میں پہلے نمبر پر تھا، کیونکہ اس کی ابتدائی قیمتیں اپنی حریف کمپنیوں کے مقابلے میں قدرے کم تھیں۔
چین ایپل کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے، ہانگ کانگ اور تائیوان میں ایپل کی خریدوفروخت میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تاہم کاؤنٹر پارٹ کی رپورٹ کے مطابق ویوو اور اوپو اپنی مضبوط آن لائن ساخت کی بنیاد پر اس مقابلے میں زیادہ پیچھے نہیں ہیں۔

سابق کپتان کا بیٹا بھی والد کے نقش قدم پر

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق کپتان، سابق ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق کا بیٹا بھی اپنے والے کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ فہام الحق سنٹرل پنجاب کی انڈر 16 ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ اس سے قبل وہ لاہور انڈر 13 کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔
فہام الحق ان دنوں انڈر 16 نیشنل کپ میں سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ فہام الحق بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں اور بطور اوپنر ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ناردرن وائٹس کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔
فہام الحق بائیں ہاتھ سے اسپن بالنگ بھی کرتے ہیں۔ سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا اچھا کھیل رہا ہے تو اسے اس سے نہیں جوڑنا چاہیے کہ وہ میرا بیٹا ہے۔
فہام الحق بھی ایسے ہی جیسے دوسرے کرکٹر ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں تو یہی چاہتا ہوں کہ وہ صحت مند رہے اور اچھا کھیلتا رہے۔

جنوری 2022 کے دوران مہنگائی میں اضافہ، اعدادوشمار جاری

لاہور : (ویب ڈیسک) نئے سال کے پہلے مہینے جنوری میں مہنگائی بڑھ گئی، دال مسور، دال چنا، دال ماش، چنے، پھل، موٹرفیول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے دوران مہنگائی میں صفر اعشاریہ 39 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جنوری 2021ء کے مقابلے میں جنوری 2022ء میں مہنگائی کی شرح 12.96 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
جولائی تا جنوری 2021-22ء میں مہنگائی کی شرح 10.26 ریکارڈ کی گئی، جنوری میں دال مسور 6.13، چنے 4.79، اور پھل 4.11 فیصد، ایندھن 5.16، موٹر فیول 1.75، مائع ہائیڈروکاربن کی قیمتوں میں 1.29فیصد اضافہ ہوا۔
بیسن 3.82، دال چنا 3.44، دال ماش 3.37اور آٹا 1.28فیصد مہنگا ہوا، جنوری میں ٹماٹر 42.88، آلو 13.32، مصالحہ جات 7.50 فیصد، بجلی کے نرخ 2.52اور تعمیراتی سامان 0.08 فیصد سستا ہوا۔
ایک سال میں خوردنی تیل 54.33، ویجی ٹیبل آئل 47.4، مسٹرڈ آئل 46.68، دال مسور 41.3، پھل 28.35، چنے 24.7، گوشت 22.38 فیصد، چکن 17، دال چنا 15.67، بیسن 15.37، دال ماش 12.46، سبزیاں 11.58 فیصد، بجلی کے نرخ 56.20، موٹر فیول 36.22،جوتے 25اور لانڈری 22فیصد مہنگی ہوئی ہیں۔
اعدادو شمار کے مطابق ایک سال میں ٹماٹر 42، دال مونگ 25، پیاز4.39 اور مسالحہ جات 2.58 فیصد سستے ہوئے۔

لاہور:حمزہ شہباز کی عدالت سے واپس پر لیگی کارکن آپس میں الجھ پڑے

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور میں حمزہ شہباز کی عدالت سے واپسی پر مسلم لیگ ن کے کارکن آپس میں الجھ پڑے۔
رپورٹ کے مطابق لیگی کارکن حمزہ شہباز کی گاڑی کے قریب پہنچ کر نعرے لگانے کی دوڑ میں آپس میں جھگڑپڑے ہیں۔ لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے پر مکوں گھونسوں سے حملہ کیا۔ سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے کارکنوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا.
آج اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی، جبکہ اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

گوگل کی صارفین سے مبینہ دھوکہ دہی پر مقدمہ درج

واشنگٹن ڈی سی: (ویب ڈیسک) دھوکے سے صارفین کی معلومات جمع کرنے اور انہیں فروخت کرونے پر امریکی حکومت نے گوگل کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔
گوگل کے خلاف یہ مقدمہ مبینہ طور پر صارفین کی لوکیشن کی معلومات دھوکے سے جمع کرنے کے بعد مختلف کمپنیز کو فروخت کرنے پر دائر کیا گیا ہے۔اگر عدالتی تفتیش میں بھی الزامات درست ثابت ہوئے تو گوگل پر اربوں ڈالر کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔
گوگل کے خلاف یہ مقدمہ واشنگٹن ڈی سی سپریم کورٹ میں چار امریکی ریاستوں کے اٹارنی جنرلز کی طرف سے دائر کیا گیا ہے۔ ان میں ریاست واشنگٹن، ٹیکساس، انڈیانا اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے سرکاری وکیل شامل ہیں۔
سرکاری وکلا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2018 میں گوگل کے خلاف صارفین کی طرف سے معلومات حاصل کرنے اور انہیں فروخت کرنے کی شکایات آئی تھیں۔
تین سال تک ان معلومات کی تصدیق کے لیے تفتیش کروائی گئی۔ یہ الزامات 2018 میں پہلی بار امریکی نیوز ایجنسی اے پی نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں شائع کئے تھے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فونز کےلیے گوگل اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم، گوگل میپ، گوگل کروم اور دوسری تمام گوگل مصنوعات و خدمات میں لوکیشن سروس بند کرنے کے باوجود گوگل خفیہ طور پر اپنے صارفین کے راستوں اور ان مقامات پر نظر رکھتا ہے کہ جہاں وہ آنا جانا کرتے ہیں۔
اس طرح گوگل اپنے صارفین کو دھوکے میں رکھتے ہوئے مسلسل ان کا لوکیشن ڈیٹا جمع کرتا رہتا ہے۔ بعد ازاں یہی ڈیٹا مہنگے داموں میں مختلف کمپنیوں کو کےلیے فروخت کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معلومات صارفین کے موبائل فونز پر اشتہاری کمپنیوں کی طرف سے ان کی پسند کے اشتہار بھیجنے کے لیے حاصل کی جاتی ہیں۔ان معلومات کی فروخت سے گوگل نے سالانہ اربوں ڈالر کمائے۔
اس سے پہلے آسٹریلیا اور امریکی ریاست ایریزونا میں بھی گوگل کے خلاف اسی طرح کے مقدمات دائر کیے جاچکے ہیں۔
گوگل نے ان تمام الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب باتیں پرانی اور غلط معلومات کی بنیاد پر کی جارہی ہیں جبکہ گوگل اپنے صارفین کی پرائیویسی کا مکمل احترام کرتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، ایک ماہ میں 22 کشمیری شہید

لاہور: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج کی بربریت جاری ہے، جنوری کے مہینے میں قابض فوج نے 22 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق کالے قانون کے تحت سال کے پہلے ماہ میں 45 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا اور پُرامن مظاہروں پر فائرنگ سے 17 افراد زخمی ہوئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قابض فوجیوں نے ان میں سے 4نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 7 گھروں کو بھی تباہ کیا۔ جبکہ ایک خاتون کو بھی اپنی درندگی کا شکار بنایا گیا۔
یاد رہے پاکستان میں 5 فروری 2022 کو یومِ یکجہتیِ کشمیر منایا جائے گا تو دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں اگست 2019 سے جاری غیر انسانی لاک ڈاؤن کو 915 دن ہو چکے ہوں گے۔

مسجد نبوی میں اس رمضان اجتماعی افطار کی رونقیں بحال ہوں گی

سعودی عرب: (ویب ڈیسک) مسجد نبوی میں دو سال بعد رمضان المبارک میں اجتماعی افطاری کی جا سکے گی۔
سعودی عرب کی حکومت کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران مسجد نبوی میں اجتماعی افطاریوں کے لیے کورونا ویکسین اور دیگر ایس او پیز کی پابندی ضروری ہو گی۔
مسجد نبوی میں صرف ان افراد کو اجتماعی افطاریوں میں شرکت کی اجازت ہو گی جنہوں نے کورونا ویکسینیشن مکمل کروا رکھی ہے۔
سعودی عرب کی حکومت نے اس سال رمضان المبارک میں اجتماعی افطاری بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سال سے رمضان المبارک میں اجتماعی افطاریوں پر پابندی تھی۔
مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارے کی طرف سے جاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ اجتماعی افطاری میں شرکت کے لیے کچھ ایس او پیز پر عمل درآمد ضروری ہے۔
اگرسماجی فاصلے کی پابندی برقرار رہی تو ایک دسترخوان پرزیادہ سے زیادہ 5 افراد کوبیٹھ کرافطاری کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایک ہی خاندان کے زیادہ افراد بھی ایک ساتھ بیٹھ کر افطاری کر سکتے ہیں۔
کورونا کیسز کم ہونے پر سماجی فاصلے کی پابندی ختم کر دی گئی تو ایک دسترخوان پر12 افراد افطاری کرسکیں گے۔
اجتماعی افطاری کرانے والی کمپنیوں کو پرمٹ کے لیے درخواست دینا ہو گی۔ افطاری کرانے میں شریک تمام افراد کو کورونا نیگیٹو کا سرٹیفکیٹ اور کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازم ہو گا۔