چینی ہیکرز کے حملے،بھارتی ہسپتال ،سٹاک مارکیٹ،ٹرینیں کئی گھنٹے بند رہیں،مودی حکومت کو پیش رپورٹ میں انکشاف

 

ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لداخ میں سرحد پر جس وقت بھارت اور چین کے درمیان سخت فوجی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور دونوں ملکوں کی افواج ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی تھیں اسی دوران چین نے بھارت میں بجلی سپلائی کرنے والی کئی اہم تنصیبات کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ ممبئی میں بجلی کی ترسیل میں زبردست رکاوٹ اس کی ایک واضح مثال ہے۔

بھارتی میڈیا نے، حکومت کو پیش کی گئی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ برس جون میں گلوان وادی میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران بیس بھارتی جوانوں کی ہلاکت کے بعد جب دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اپنے عر وج پر تھی، اسی دوران چین نے بجلی فراہم کرنے والی تنصیبات پر سائبر حملے کیے تھے۔

ممبئی میں تاریکی

اکتوبر سن2020 میں بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں بجلی کی ترسیل میں بڑے پیمانے پر خرابیاں پیدا ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت رک گئی تھی، ہسپتال بند ہوگئے تھے اور اسٹاک ایکسچنج بھی کئی گھنٹے تک بند رہا تھا۔ رپورٹ میں مبینہ طورپر کہا گیا ہے کہ یہ چینی ہیکرز کی کارستانی ہو سکتی ہے۔ چین نقصاندہ سافٹ ویئر(Malware) بھارت میں بجلی سپلائی کے نظام میں داخل کرنے میں غالباً کامیاب ہوگیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق غالباً چین سے تعلق رکھنے والا ایک گروپ RedEcho   ہیکنگ میں ملوث تھا ۔ ممبئی میں بجلی کی ترسیل میں ہونے والی خرابی کی جانچ سے اس سلسلے میں ”اضافی شواہد” ملے ہیں۔

حساس تنصیبات چینی سائبر حملوں کی زد پر

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی ہیکرز  ہیکنگ کے جدید ترین طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے منظم حملے کرتے ہیں اور اس کی وجہ سے بھارت کی انتہائی حساس تنصیابت ان کی زد پر ہیں۔

سائبر ہیکنگ اور کمپیوٹر نظام میں نقصان دہ کوڈ کی موجودگی کا پتہ ایک امریکی کمپنی ریکارڈیڈ فیوچر نے لگایا ہے، جو اس طرح کے آن لائن ڈیجیٹل خطرات کا تجزیہ کرتی ہے۔ اس نے انکشاف کیا کہ بیشتر Malware ابھی بھی ایکٹی ویٹ نہیں ہوئے اور چونکہ ریکارڈیڈ فیوچر کو بھارت کے بجلی کے نظام تک رسائی نہیں ہے اس لیے وہ خود اس کوڈ کی تفصیلات کا جائزہ نہیں لے سکی جو ملک بھر میں ا نتہائی اہم بجلی کے نظام تقسیم میں داخل کردیے گئے ہیں۔

کم از کم دس کمپنیوں پر حملے

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں بجلی فراہم کرنے والی کم از کم دس اہم کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور ان میں ملک بھر میں علاقائی سپلائی کے پانچ میں سے چار مراکز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دو بھارتی بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

ریکارڈیڈ فیوچر کا کہنا ہے بجلی کی فراہمی سے وابستہ تنظیموں کو نشانہ بنانے کے واضح  ثبوت پائے گئے ہیں۔ بھارت میں بجلی پیدا کرنے اور ٹرانسمیشن سیکٹر سے وابستہ انتہائی اہم سمجھے جانے والے بارہ اداروں کی مجموعی طور پر 21 آئی پی ایڈریسیز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔


بھارت کے ایک سابق فوجی جنرل کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملے چین کی طرف سے وارننگ تھی

‘یہ وارننگ تھی‘

ممبئی میں گزشتہ اکتوبرمیں ہونے والے بلیک آؤٹ کے بعد بھارتی میڈیا نے چینی سائبر حملوں کا امکان ظاہر کیا تھا۔ تاہم بھارتی عہدیداروں نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کر لی تھی۔

بھارت کے سابق فوجی افسر اور سن 2016 میں لائن آف کنٹرول کے پار سرجیکل اسٹرائیک کی ذمہ داری سنبھالنے والے ریٹائرڈ لفٹننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا کا کہنا ہے کہ یہ چینی سائبر حملے غالباً بیجنگ کی جانب سے بھارت کو ‘اشارہ‘ دینے کے لیے کیے گئے ہوں گے۔

جنرل ڈی ایس ہوڈا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”میں سمجھتا ہوں کہ یہ چین کی جانب سے ایک اشارہ تھا کہ ہم یہ کر سکتے ہیں اور بحران کے وقت ہمار ے اندر ایسا کچھ کرنے کی صلاحیت ہےں۔ یہ ایک طرح سے بھارت کو وارننگ دینے کے مترادف ہے‘‘

ووٹ ہمیشہ خفیہ نہیں رہ سکتا ،سینٹ الیکشن خفیہ ووٹنگ سے ہی ہوگا:سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر رائے دے دی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے دے دی۔

سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن آئین کے تابع ہیں لہٰذا یہ الیکشن آئین کےمطابق ہوں گے۔

جیونیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے یہ رائے ایک چار سے دی ہے جب کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی رائے کا اظہار الگ سے تحریری طور پر کریں گے۔

عدالت نے اپنی رائے میں کہا ہےکہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے نہیں کروائے جاسکتے لہٰذا یہ انتخابات قانون کے بجائے آئین کے تحت ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا ہےکہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کے لیے تمام اقدامات کر سکتا ہے، انتخابی عمل سے کرپشن ختم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، تمام ادارے الیکشن کمیشن کےساتھ تعاون کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن کرپشن کے خاتمے کے لیے تمام ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کر سکتا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس اختیار ہے کہ وہ کرپٹ پریکٹس کے خلاف کارروائی کرے، تمام ایگزیکٹو  اتھارٹیز الیکشن کمیشن سے تعاون کی پابند ہیں، الیکشن کمیشن 218 تین کے تحت کرپشن روکنے کے تمام اقدامات کرے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ ابھی عدالت نے مختصر فیصلہ جاری کیا ہے اور تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

معزز چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ سیکریسی کبھی بھی مطلق نہیں ہوسکتی اور ووٹ ہمیشہ کے لیے خفیہ نہیں رہ سکتا، ووٹنگ میں کس حد تک سیکریسی ہونی چاہیے یہ تعین کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

عدالتی رائے زبردست ہے: فیصل جاوید

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ خوش آئند اور زبردست ہے، اٹارنی جنرل اور ان کی پوری ٹیم نے بہت محنت کی اور زبردست دلائل دیے گئے، لوگوں کو پہلی بار پتا چلا کہ سینیٹ کے الیکشن میں پہلے کیا ہوتا آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں کروڑوں روپے خرچ کرکے کرپشن کی جاتی تھی، عمران خان کی ہر ممکن کوشش تھی کہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ کریں، سینیٹ الیکشن سے رشوت خوری کا خاتمہ کریں کیونکہ عمران خان نے پیسے لینے والوں کو فارغ بھی کیا۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن تاقیامت سیکرٹ نہیں رہ سکتے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے، یہ شفافیت کے لیے زبردست رائے آئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا جب کہ ملک میں سینیٹ کے الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے۔

فرانس کے سابق صدر کو کرپشن پر قید کی سزا

پیرس: فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو بدعنوانی اور اثر و رسوخ کے غلط استعمال کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس کی ایک عدالت نے 2007 سے 2012 تک ملک کے صدر رہنے والے نکولس سرکوزی کو ایک جج خریدنے اور 2007 میں اپنی صدارتی انتخاب میں لوریئل وارث لیلیان بیٹن کورٹ سے غیر قانونی ادائیگی قبول کرنے کے جرم میں ایک سال کے لیے جیل بھیج دیا۔

عدالت نے سابق صدر نکولس سرکوزی کو کسی بھی عہدے پر کام کرنے سے بھی روک دیا۔ نکولس فرانس میں جیک چیراک کے بعد دوسرے صدر ہیں جنہیں کرپشن پر سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ خود ایک سابق وکیل کی حیثیت سے سرکوزی ایسی غیر قانونی کارروائی کا ارتکاب کرنے کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ تھے اور ان کے دو ساتھی ملزمان کو بھی ایک ہی سزا سنائی گئی تھی۔

66 سالہ سیاستدان پر الزام تھا کہ 2014 میں ایک سینیئر مجسٹریٹ سے ملازمت کے بدلنے کسی قانونی کارروائی کے بارے میں غیر قانونی طور پر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

یہ بات اس وقت منظر عام پر آئی جب نکولس سرکوزی اور ان کے وکیل تھیری ہرزگ کے مابین کشیدگی ہوئی تھی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ تاخیر کا شکار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ سے قبل ہی یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد میچ کو 9 بجے تک کے لیے مؤخر کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘آج شام ہونے والے میچ میں شامل ٹیموں میں سے ایک ٹیم کے کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘کھلاڑی کو دو روز قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں اور فوری طور پر آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا’۔

پی سی بی نے کہا کہ ‘مذکورہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ دوسری ٹیم کے کھلاڑیوں کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں’۔

پی سی بی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ 9 بجے شروع ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہمارا ایک کھلاڑی فواد احمد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور 2 روز قبل ہی انہیں فوری طور پر آئسولیشن بھیج دیا گیا تھا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں اور اراکین کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے’۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے فواد احمد کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ کھلاڑی رات کو میچ کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘اب میچ رات 9 بجے کے لیے شیڈول ہے، دیگر تمام ٹیموں کا اس وقت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے’۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل کا 12 واں میچ شام 7 بجے شیڈول تھا لیکن ٹیموں کو ہوٹل میں روک دیا گیا اور دیگر کھلاڑیوں کی کلیئرنس تک میچ کو مؤخر کردیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میچوں میں 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں چوتھے نمبر پر ہے۔

آئی سی سی کا بوم بوم آفریدی کو سالگرہ پر خراج تحسین

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بوم بوم آفریدی کو ان کی 44  ویں سالگرہ پر مبارکباد دی گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے شاہد آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ پہلے اپنے ڈیبیو میچ میں 37 گیندوں پر سنچری بنائی اور اب ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔

شاہد آفریدی کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر اپنی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996 میں کینیا کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے آخری ایک روزہ میچ مارچ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے 398 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں انہوں نے 351 چھکے مارے اور 23 اعشاریہ 57 کی اوسط سے 8054 رنز اسکور کیے۔