تازہ تر ین

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ تاخیر کا شکار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ سے قبل ہی یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد میچ کو 9 بجے تک کے لیے مؤخر کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘آج شام ہونے والے میچ میں شامل ٹیموں میں سے ایک ٹیم کے کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘کھلاڑی کو دو روز قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں اور فوری طور پر آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا’۔

پی سی بی نے کہا کہ ‘مذکورہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ دوسری ٹیم کے کھلاڑیوں کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں’۔

پی سی بی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ 9 بجے شروع ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہمارا ایک کھلاڑی فواد احمد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور 2 روز قبل ہی انہیں فوری طور پر آئسولیشن بھیج دیا گیا تھا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر تمام کھلاڑیوں اور اراکین کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے’۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے فواد احمد کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ کھلاڑی رات کو میچ کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘اب میچ رات 9 بجے کے لیے شیڈول ہے، دیگر تمام ٹیموں کا اس وقت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کو کھیل کے لیے کلیئر قرار دیا گیا ہے’۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل کا 12 واں میچ شام 7 بجے شیڈول تھا لیکن ٹیموں کو ہوٹل میں روک دیا گیا اور دیگر کھلاڑیوں کی کلیئرنس تک میچ کو مؤخر کردیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میچوں میں 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں چوتھے نمبر پر ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv