آج چین کا قومی دن ،شا ندا ر فو جی پر یڈ کیلئے بیجنگ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ،ڈرون پر پا بندی

بیجنگ (ویب ڈیسک): چین میں قومی دن کے موقع پر دارالحکومت بیجنگ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، سڑکوں پر پولیس کی نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ شہر میں ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق چین میں آج یکم اکتوبر کوقومی دن کے موقع پر تیانمن اسکوائر پر بڑے پیمانے پر ملٹری پریڈ کی جارہی ہے، جس میں 15 ہزار اہلکار، 160 سے زائد ایئر کرافٹ500 سے زائد جنگی سامان شامل ہوگا۔قومی دن کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، تیانمن اسکوائر کے ارد گرد کی سڑکیں بند ہیں جبکہ شہر میں ڈرون کے ساتھ کبوتر اور پتنگیں اڑانے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے چینی حکام کی خواہش ہے کہ اس بار شاندار فوجی پریڈ کو پورا چین اپنے ٹی وی سیٹ پر دیکھے اور اس کے لیے انتہائی غریب گھرانوں میں 6 لاکھ سے زائد ٹی وی تقسیم کیے گئے ہیں۔

گلوکار جسٹن بیبر نے ماڈل ہیلی بالد وین کیساتھ شادی کا اعلان کر دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار جسٹن بیبر نے ماڈل ہیلی بالد وین کیساتھ شادی کا اعلان کر دیا۔ جوڑے نے رواں ہفتے شادی تقریب منعقد کرنے کا کہا ہے جو جنوبی کیرولینا میں انجام پائے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکار نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا اکاونٹ پر ہیلی بالد وین کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی۔ معروف کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر اور امریکی ماڈل و اداکارہ ہیلی بالد وین رواں ہفتے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ جسٹن بیبر اور ہیلی بالد وین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں اس ہفتے کے آخر میں جنوبی کیرولینا میں اپنی شادی کی تقریب کا انعقاد کریں گے۔

آج کرفیو کا 58واں روز،بھارتی فوجیوں نے ستمبر میں 16 کشمیریوں کو شہید کیا،کشمیر میڈیا سروس

 

سری نگر(ویب ڈیسک): مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ ستمبر میں 16 کشمیریوں کو شہید کیا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 16 بے گناہ کشمیریوں کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔ بھارتی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں خاتون بیوہ اور 2 بچے یتیم ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 281 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ حریت کارکنوں اور طلباء سمیت 157 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے 25 مکانات کو نقصان پہنچایا جبکہ 4 خواتین کی بے حرمتی کی۔قابض افواج نے محلوں، علاقوں اور قصبوں میں گھر گھر تلاشی کے نام پر آپریشن کیا جس کے دوران چادر اور چاردیواری کا تقدس بھی پامال کیا گیا۔بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران 25 مکانوں کو تباہ کر دیا اور 4خواتین کوبے حرمتی کا نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی میں کمی،کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ

کراچی: (ویب ڈیسک)فنی خرابی کے باعث نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے جس کے باعث شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق حبکو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو 650 کے مقابلے 400 میگاواٹ تک بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سسٹم میں کے الیکٹرک کو فراہمی کے لیے بجلی کی کمی نہیں صرف فنی خرابی مسائل پیدا کر رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فنی خرابی 27 سمتبر سے ہے جس کو ٹھیک کرنے کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کا دورانیہ 10 گھنٹے سے زائد ہوگیا ہے اور لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے، مختلف علاقوں میں فنی خرابی اور کیبل فالٹ کے نام پر بجلی کی طویل بندش کی جارہی ہے۔

فضل الرحمن کے آزادی مارچ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے بلاول کی شہباز شریف سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شہبازشریف کے درمیان ملاقات طے پاگئی، بلاول بھٹو آج شہباز شریف سے منسٹر کالونی میں ان کی رہائش گاہ پر دوپہر دو بجے ملاقات کریں گے۔پیپلزپارٹی کے اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں رہنما سیاسی معاملات پر غور کرینگے، حکومت مخالف اپوزیشن کی تحریک پر بھی غور کیا جائے گا۔

شاپنگ بیگز کے استعمال کی مجوزہ پابندی کے خلاف مال روڈ پر انڈسٹری مالکان اور مزدور وں کا دھرنا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں شاپنگ بیگز کے استعمال کی مجوزہ پابندی کے خلاف لاہور میں شاپنگ بیگ انڈسٹری مالکان اور مزدور سڑکوں پر آگئے۔مال روڈ لاہور پر شاپنگ بیگز انڈسٹری سے متعلقہ افراد نے سٹیج سجا لیا، لاہور اور اس کے قرب و جوار سے فیکٹری مالکان اور مزدوروں کی بڑی تعداد پنجاب اسمبلی کے سامنے ڈٹ گئی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی بلا سوچے سمجھے لگائی جا رہی ہے، فریقین کو مشاورت میں شامل کر کے فیصلے کئے جائیں۔مظاہرین کے مطابق شاپنگ بیگز بنانے والی پنجاب میں چار ہزار 800 فیکٹریاں کام کرتی ہیں اور ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ افراد براہ راست اس کاروبار سے وابستہ ہیں، شاپنگ بیگز پر پابندی کا فیصلہ بڑا معاشی بحران جنم دے گا۔حکومت نے اب تک اسلام آباد، گوجرانوالہ اور سندھ میں شاپنگ بیگز پر پابندی کا مرحلہ وار آغاز کر چکی ہے اور اب پنجاب بھر میں پابندی کا ٹائم فریم آنا باقی ہے۔

جج ویڈیو کیس: گرفتار ملزمان کو بری کرانے کیلئے جج کو سفارش کا انکشاف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں اہم انکشاف، ملزمان نے بریت کے لیے خاتون جج سے رابطہ کیا جس پر جج کے مبینہ ڈیل سے انکار اور کیس سننے سے معذرت پر معاملہ دوسری عدالت میں منتقل ہونے کے بعد ملزمان کو کیس سے رہائی مل گئی۔ جج ویڈیو سکینڈل میں 3 گرفتار ملزمان نے بریت کے لیے سول جج شائستہ کنڈی سے رابطہ کیا، خاتون جج نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کیس سے علیحدگی اختیار کرلی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جج کے کنڈیکٹ کو سراہا اور تعریفی سند بھی جاری کی تاہم معاملہ دوسری عدالت میں جانے کے بعد تینوں ملزمان پولیس رپورٹ پر اسی روز بری ہو گئے۔

سابق ڈپٹی اسپیکرقو می اسمبلی قاسم سوری نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔قاسم سوری کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل ایڈووکیٹ نعیم بخاری کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ٹریبونل نے شواہد کا جائزہ نہیں لیا۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں میرے موکل سے منسوب نہیں ہو سکتیں لہٰذا الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ اپیل کو کل سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔