گرم موسم کی اس سوغات کو کھانا کیوں ضروری ہے؟

لاہور (ویب ڈیسک ) گرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور تربوز آج کل عام دستیاب پھل ہے جو پیاس کی شدت کو ختم کردیتا ہے درحقیقت صرف اس کی تصویر بھی ٹھنڈک فراہم کرسکتی ہے اور گرمیوں کی خاص سوغات ہے جو کچھ مہینے کے لیے ہی دستیاب ہوتی ہے۔

یہ نہ صرف گرمی سے لڑنے والا پھل ہے بلکہ یہ جسم کو وٹامن اے، بی اور سی کے ساتھ پوٹاشیم، لائیکو پین اور دیگر فائدہ مند اجزا بھی فراہم کرتا ہے۔

متعدد افراد اسے شوق سے کھاتے ہیں مگر کیا آپ کو اس کے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا علم ہے؟

اگر نہیں تو درج ذیل فوائد اس پھل کے لیے آپ کی محبت مزید بڑھا دیں گے۔

نظام ہاضمہ میں مددگار
تربوز میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے، اس کے علاوہ تربوز میں موجود فائبر بھی ہاضمے کی کارکردگی بڑھاتا ہے جبکہ قبض کی روک تھام کرتا ہے۔

حاملہ خواتین کے لیے فائدہ مند
تربوز کھانے سے سینے میں جلن کی شکایت کم ہوتی ہے، یہ مسئلہ دوران حمل کافی عام ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود منرلز حمل کی تیسری سہ ماہی کے دوران مسلز کی تکلیف سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

دمہ کی روک تھام
تربوز میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹ لائیکوپین جسم کو نزلہ زکام اور فلو سے لڑنے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ بچوں میں دمہ کی علامات کو بھی کم کرنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں مددگار
تربوز میں گلیسمیک انڈیکس زیادہ ہوتا ہے مگر گلیسمک لوڈ کم ہوتا ہے اور اسی لیے ذیابیطس کے مریض اسے محدود مقدار میں کھاسکتے ہیں۔ درحقیقت تربوز اس کا جوس ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے تاہم اس کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے سے ہی کرنا چاہئے۔

خلیات کو نقصان سے بچاتا ہے
تربوز لائیکوپین سے بھرپور پھل ہے جو کہ خلیات کو امراض قلب سے پہنچنے والے نقصان سے تحفظ فراہم کرتا ہے، یہ اینٹی آکسائیڈنٹ جسم میں گردش کرنے والے مضر فری ریڈیکلز سے لڑتا ہے اور خلیات کا دفاع کرتا ہے۔

ہیٹ اسٹروک سے بھی بچائے
پانی کی زیادہ مقدار ہونے کے باعث یہ پھل ہیٹ اسٹروک سے بھی بچاتا ہے، یہ ان چند پھلوں میں سے ایک ہے جو پیاس کو بجھاتا ہے جبکہ گرمی سے جلن کے احساس پر قابو پانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

جسمانی توانائی بڑھائے
تربوز وٹامن بی کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جو کہ جسم میں توانائی کی فراہمی کا ذمہ دار ہوتا ہے، اس میں کیلوریز کم ہوتی ہیں مگر توانائی زیادہ، جو دن بھر جسمانی طور پر متحرک رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم دن بھر کی مصروفیات کے باوجود تھکاوٹ کے احساس کو دور رکھتا ہے۔

شریانوں اور ہڈیوں کی صحت
تربوز میں موجود لائیکو پین خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہے جبکہ یہ ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بنا ہے۔ تربوز کا زیادہ استعمال خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے کیونکہ اس سے دوران خون بہتر ہوتا ہے جبکہ بلڈ پریشر کی سطح معمول پر آتی ہے۔ لائیکو پین سے آکسی ڈیٹیو اسٹریس بھی کم ہوتا ہے جبکہ ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتا ہے، اسی طرح تربوز میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں کیلشیئم کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جو کہ مضبوط ہڈیوں کے لیے ضروری جز ہے۔

جسمانی چربی میں کمی
تربوز میں موجود سٹرولائن خلیات میں چربی کے اجتماع کی شرح کم کرتا ہے، سٹرولائن ایسا امینو ایسڈ ہے جو کہ جسم میں جاکر آرجنین میں تبدیل ہوجاتا ہے جو کہ گردوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ سٹرولائن فیٹ سیلز میں ایسی سرگرمیوں کو روکتا ہے جو کہ جسم پر چربی چڑحنے کا باعث بنتے ہیں جس سے توند سے نجات بھی ممکن ہوتی ہے۔

کیا جھریاں جلد ماضی کا قصہ بن جائیں گی؟

لاہور( ویب ڈیسک ) چہرے اور آنکھوں کے نیچے جھریوں ہوجانا بڑھتی عمر کا حصہ ہوتا ہے تاہم اب لگتا ہے کہ یہ ماضی کا قصہ بننے والا ہے۔جی ہاں طبی ماہرین نے اس میکنزم کو شناخت کرلیا ہے جو جلد کی عمر بڑھانے میں کردار ادا کرتا ہے۔جاپانی سائنسدانوں کے مطابق ایک اہم پروٹین کمپا?نڈ عمر بڑھنے سے جلد پر مرتب ہونے والے اثرات کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور اس مقصد کے لیے 2 ادویات بھی مستقبل قریب میں تیار کی جائیں گی۔ٹوکیو میڈیکل اینڈ ڈینٹل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ ادویات ایک مخصوص پروٹین کی سطح بڑھانے میں مدد دیں گی جو کہ نوجوانی میں جلد کے خلیات میں پایا جاتا ہے مگر عمر بڑھنے کے ساتھ کم ہونے لگتا ہے۔

اس پروٹین کی سطح کم ہونے سے جلد جھریوں کی شکار ہوتی ہے جبکہ اس کی لچک کم ہوجاتی ہے۔

یہ پروٹین جسے سی او ایل 17 اے 1 کا نام دیا گیا ہے، سورج سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

محققین نے چوہوں اور انسانی جلد کے ٹشوز پر اس دریافت کو آزما کر کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ کار سے جلد کو نمایاں حد تک بہتر کیا جاسکتا ہے جس سے جلد پر چھایا بڑھاپا کم ہوسکتا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ اس طریقہ کار کے دیگر ٹشوز پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور دیگر اعضا پر عمر کے اثرات کو کس طرح ریورس کرنا ممکن ہے۔

حسنین انگلینڈکیخلاف ٹیم کا اہم ہتھیار ہونگے : طاہرشاہ ، عمر اوریاسرکی حرکتیں شرمناک،بورڈکاسختی کرنااچھااقدام،سابق کرکٹرکی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف حسنین اچھا باﺅلر ثابت ہو سکتا ہے حسنین عباس سے بہتر ہے وہاب ریاض کو ٹیم میں ڈال کر عامر کو نکالنا چاہئے۔ چینل فائیو کے پروگرام گگلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوچنگ سٹاف ،سکیورٹی سٹاف کیا آنکھیں موند کر سویا ہوا تھا۔کھلاڑیوں کو تنبیہ کرنی چاہئے اب کسی نے ایسی حرکت کی تو پابندی لگا دی جائے گی۔ پاکستان کے دو کرکٹر جس طرح کلب میں ڈانس کرتے دیکھے گئے یہ انتہائی شرمناک بات ہے اس سے ملک کی بدنامی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ عابد علی پر بھی بھروسہ کیا جا سکتا ہے فخر اور امام الحق کی کوئی پرفارمنس نہیں۔شاداب ون ڈے کا پلیئر ہے اسے کھلانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ اور باﺅلنگ لائن کافی مضبوط ہے۔

مشیروزیراعلیٰ پنجاب عون چودھری کی امتنان شاہد، ضیا شاہد سے ملاقات ، ملکی سیاسی صورتحال اور بالخصوص پنجاب کے انتظامی معاملات پر تفصیلی گفتگو

لاہور (تجزیہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چودھری نے گزشتہ روزایڈیٹر خبریں گروپ و سی ای او چینل ۵ امتنان شاہد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی چیف ایڈیٹر خبریں ضیا شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عون محمد چودھری نے ایڈیٹر خبریں گروپ اور چیف ایڈیٹر خبریں سے ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اس بات چیت میں بالخصوص پنجاب کے سیاسی اور انتظامی معاملات زیر بحث رہے۔

تیزرفتار انٹرنیٹ کےلیے ایمیزون کمپنی 3000 سیٹلائٹس چھوڑے گی

سان فرانسسو (ویب ڈیسک ) ای کامرس کی ممتاز کمپنی ایمیزون نے ایک عرصے کی افواہوں کے بعد خلا میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ کے لیے ہزاروں مصنوعی سیارچے بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔جمعرات کو ایمیزون کمپنی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اس ضمن میں 3000 سے زائد سیٹلائٹ زمین کے نچلے مدار میں روانہ کئے جائیں گے۔ اس منصوبے کو ’پروجیکٹ کائپر‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت دنیا بھر میں برق رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔اس منصوبے کا مقصد دنیا کے محروم اور پسماندہ علاقوں تک انٹرنیٹ کی سہولیات پہنچانا ہے اور ایمیزون کے مطابق سیٹلائٹ اس کا بہترین حل پیش کرسکتےہیں۔ واضح رہے کہ ایمیزون نے اقوامِ متحدہ کےتحت انٹرنیشنل ٹیلی کمیونکیشن یونین میں پروجیکٹ کائپر کی تفصیلات بھی جمع کراچکی ہیں۔ تاہم ایمیزون کو اس ضمن میں ایلون مسک کی راکٹ کمپنی اسپیس ایکس اور ایئربس کی قائم کردہ ون ویب کمپنی کی جانب سے شدید مسابقت کا سامنا ہے اور مزید ہوگا۔ دو ماہ قبل ون ویب اپنے چھ سیٹلائٹ پہلے ہی خلا میں بھیج چکی ہے۔اس کے علاوہ لیوسیٹ اور کینیڈا کی ٹیلی سیٹ نے بھی اسی طرح کے منصوبے کے لیے اپنی انقلابی اختراعات پیش کی ہیں اور انہوں نے روایتی سیٹلائٹ کی بجائے چھوٹے چھوٹے ہزاروں سیٹلائٹ کا منصوبہ بنایا ہے جو لیزر اور کمپیوٹر چپ ٹیکنالوجی کے تحت ایسا ہی کام انجام دیں گے۔

ٹوکری نما آلے کے ذریعے جسم سے خون کا لوتھڑا نکالنے کا کامیاب تجربہ

لندن (ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں لاکھوں مریض ایسے ہیں جن کی ٹانگوں کے نچلے حصے کی گہرائی میں موجود رگوں میں خون کے سخت لوتھڑے بن جاتے ہیں اس ضمن میں ماہرین نے ایک ٹوکری نما آلے سے اس لوتھڑے کو نکال باہر کرنے کا انتہائی کامیاب تجربہ کیا ہے۔55 سالہ خاتون جیکی فیلڈ ایک عرصے سے اپنی ٹانگ کے نچلے حصے کی رگ میں خون کے لوتھڑے بننے سے پریشان تھیں لیکن رگ پنڈلی کے گوشت کی گہرائی کے اندر تھی۔ آپریشن کے لیے ماہرین نے سینٹ تھامس ہسپتال میں خاتون کی شریان میں اینجیو پلاسٹی جیسا ایک تار داخل کیا جس میں جالی کی ایک چھوٹی باسکٹ بنی ہوئی تھی جس نے برمے (ڈرل) کی طرح دائروں میں گھوم کر لوتھڑے کو جذب کرلیا۔اس تجربے کے کامیابی کے بعد ایسے لاکھوں مریضوں کے علاج کی راہ کھلی ہے جو ’تھرمبوسِس‘ یا خون کے لوتھڑے بننے سے سخت تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اس میں ٹانگیں سوجن کی شکار ہوتی ہیں اور شدید تکلیف ہوتی ہے۔ مریض چلنے پھرنے سے معذور ہوجاتا ہے اور بسا اوقات اندر شدید زخم بھی بن جاتا ہے۔ بسا اوقات یہ کیفیت سانس لینے کے عمل کو بھی شدید متاثر کرتی ہے۔یہ آلہ ایک کمپنی ویٹیکس میڈیکل نے تیار کیا ہے۔ یہ تار کے ذریعے خون کے لوتھڑے کے مقام پر جاتا ہے اور ٹوکری لوتھڑے سے قبل دونوں دیواروں تک پھیل جاتی ہے اور ایک خاص انداز سے لوتھڑے کو کھینچ کر اپنے اندر جمع کرلیتی ہے۔ یہ طریقہ رگوں کی دیواروں سے چپکے ہوئے خوف ناک لوتھڑوں کو بھی نکال باہر کرتا ہے اور اس کےلیے کسی خاص دوا کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔

دنیا کے 100 ممالک میں بیگ پائپ بجانے والا فنکار

لاہور( ویب ڈیسک ) عمر کے ساتھ جسمانی وزن میں اضافہ قدرتی ہوتا ہے اور کوئی بری بات بھی نہیں۔

تاہم اگر یہ اضافہ بہت زیادہ ہو تو پھر ضرور پریشان ہونا چاہئے کیونکہ موٹاپا متعدد امراض جیسے ذیابیطس، کینسر، امراض قلب، بلڈ پریشر اور ایسے ہی متعدد جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھانے والا سب سے بڑا عنصر ہے۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ پیٹ کے ارگرد کی یہ اضافی چربی گھلانا آسان نہیں ہوتا مگر اس سے چھٹکارے کے لیے کوئی جادوئی گولی تو موجود نہیں۔

مگر کچھ ایسی غذائیں ضرورت ہیں جو اس چربی کو تیزی سے گھلانے میں مدد دے سکتی ہیں۔

اور اب موسم گرم ہورہا ہے، جس دوران کھیروں کا استعمال بڑھ جاتا ہے جو کہ گرمی کے احساس کو دور رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

یہ مزیدار سوغات جسم سے زہریلے مواد کے اخراج کے ساتھ ساتھ سکون بھی پہنچاتی ہے جبکہ اس میں موجود پوٹاشیم اور میگنیشم ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتے ہیں۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد دینے والی سوغات ہے، بس اس سے بننے والے ایک مشروب کے استعمال کو عادت بنانا ہوگا۔

اجزا
ایک میڈیم کھیرا

سلاد پتہ کی 2 ڈنٹھل (سرے کاٹ دیں)

ایک سیب

طریقہ کار
ایک جوسر میں کھیرے، سلاد پتے اور سیب کو ڈال کر بلینڈ کرلیں۔

اس مشروب کو گلاس میں ڈالیں اور پی لیں۔

سیب اور سلاد پتہ جسمانی وزن میں کمی کے ساتھ توند کی چربی گھلانے میں مدد دیتے ہیں جبکہ اس مشروب میں پانی اور فائبر کی مقدار پیٹ کو دیر تک بھرے رکھنے میں مدد دے گی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے 2 افسر ہلاک اور 2 زخمی

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں سڑک حادثے میں بھارتی فضائیہ کے دو افسر ہلاک اور دوزخمی ہوگئے ہیں جب کہ مرنے والوں میں ایک اسکواڈرن لیڈر بھی شامل ہے۔حادثہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں اس وقت پیش آیا جب بھارتی فضائیہ کے افسران جیپ میں سوار ملنگ پورہ کے علاقے سے گزررہے تھے، لاشوں اورزخمیوں کو فوجی اڈے میں واقع اسپتال منتقل کردیا گیا۔سینئرپولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں دوافسر ہلاک اور دو زخمی ہوئے تاہم حادثے کی دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئی اور نہ ہی یہ واضح ہوسکا کہ آخر اس وقت افسران کو غیرضروری سفر کی ضرورت کیوں پیش آئی۔جس مقام پر یہ حادثہ پیش آیا وہ بھارتی فضائیہ کے اڈے کے قریب ہی واقع ہے جب کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

افغانستان: طالبان کا چیک پوسٹ پر حملہ، 20 اہلکار ہلاک

کابل(ویب ڈیسک)افغانستان کے صوبے بادغیس کے مغربی علاقے میں سرکاری ہیڈکوارٹرز پر حملے کے نتیجے میں 20 فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔امریکی خبررساں ادارے ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق صوبائی کونسل رکن محمد ناصر نظاری نے کہا کہ بادغیس کے ضلع بالا میں صبح ہونے سے قبل کیے گئے حملے میں مقامی حکومت کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان نے سب سے پہلے کمپاﺅنڈ کے گرد تمام سیکیورٹی پوسٹس پر حملہ کیا، جس کی وجہ سے کمپاﺅنڈ میں تعینات سیکیورٹی فورسز کے 6 سو اہلکاروں کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔صوبائی حکومت کےترجمان جمشید شاہبانی نے بتایا کہ دوپہر تک سیکیورٹی اہلکاروں اور طالبان کے درمیان جھڑپ جاری تھی۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے میڈیا پر جاری ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کی۔دوسری جانب صوبہ بغلان کے ترجمان جاوید بشارت نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں ایک کلینک پر بم حملے کے نتیجے میں ایک ڈاکٹر ہلاک اور 18 شہری زخمیوں ہوگئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 2 بچے اور خاتون بھی شامل ہیں۔مزید برآں پولیس افسر زمان نے بتایا کہ افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں منی بس پر بم حملے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔بغلان اور ننگر ہار میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری کسی مسلح گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔افغان دارالحکومت کابل کی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس ) نے بتایا کہ انہوں نے داعش سے تعلق رکھنے والے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے افغان نوجوانوں کو حملوں کے لیے بھرتی کرنے کی کوشش کررہے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے صوبہ ننگرہار سے داعش کے 10 افراد کو گرفتار کیا اور ڈھائی سو کلوگرام دھماکا خیز مواد قبضے میں لیا ہے۔خیال رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیاہے کہ جب امریکی نمائندہ امن عمل زلمے خلیل زاد افغانستان کے دورے پر ہیں۔زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہوتے رہے ہیں اور گزشتہ ماہ قطر میں کیے گئے مذاکرات کے بعد دونوں فریقین نے اہم معاملات میں پیش رفت کا اعلان کیا تھا۔

سانحہ کرائسٹ چرچ؛ ملزم پر قتل عام کی فرد جرم عائد کی جائے گی

کرائسٹ چرچ(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی عدالت کی جانب سے سانحہ کرائسٹ چرچ کے ملزم پر 50 افراد کے قتل میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں سفید فام عیسائی دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 50 مسلمانوں کو شہید کردیا تھا جس میں 10 پاکستانی بھی شامل تھے جب کہ حملوں میں زخمی ہونے والی 24 افراد ابھی تک زیرعلاج ہیں، فائرنگ کرنے والے دہشت گرد کو اسی دن گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ملزم پر صرف ایک قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔رپورٹس کے مطابق آکلینڈ کی سخت حفاظتی جیل میں قید 28 سالہ دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شریک کیا جائے گا اور ملزم کو قانونی معاونت فرام کی جائے گی جب کہ ملزم پر 50 افراد کے قتل اور 39 اقدام قتل کے جرم میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔پولیس کے مطابق ملزم پر دیگر الزامات ابھی زیر غور ہیں اور اگر ان تمام اقدامات میں وہ مجرم قرار دیا جاتا ہے تو 28 سالہ سفید فام برینٹن ٹیرنٹ پہلا شخص ہوگا جسے نیوزی لینڈ کی عدالت کی جانب سے عمرقید کی سزا سنائی جاسکتی ہے اور ملزم کو عدالت سے کسی بھی قسم کی رعایت حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ اسے پیرول پر رہائی کا حق بھی نہیں دیا جائے گا۔

ملزمان کو ہتھکڑیاں لگانا غیر شرعی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل نے ملزمان کو ہتھکڑیاں لگانے کے عمل کو غیر شرعی قرار دیدیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا کہ نیب پولیس یا کوئی بھی ادارہ ملزمان کو ہتھکڑیاں نہ لگائیں کیونکہ ہتھکڑی صرف ملزم کی طرف سے تشدد کی صورت میں لگ سکتی ہے اور الزام ثابت ہونے تک ہتھکڑیاں لگانا غلط فعل ہے اس لیے نیب کی جانب سے ملزموں کو ہتھکڑیاں پہنانا پاکستانی اور شرعی قوانین کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ آئین میں طے کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بنایا جاسکتا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مغرب میں اسلامو فوبیا کے خطرناک رحجان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ، امریکا اور دیگر ممالک مسلمان اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کردار ادا کریں۔اسلامی نظریاتی کونسل نے کراچی میں معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ کی مذمت بھی کی۔

یوفون نے ملک میں 4 جی سروس متعارف کرانے کی تصدیق کردی

لاہور(ویب ڈیسک)یوفون نے آخرکار ملک میں 4 جی/ ایل ٹی ای سروس متعارف کرادی ہے اور یہ آخری ٹیلی کام آپریٹر کمپنی ہے جس نے پاکستان میں یہ سروس پیش کی۔اس سروس کے حوالے سے غیر مصدقہ رپورٹس تو کچھ دنوں سے سامنے آرہی تھیں مگر اب کمپنی نے خود اس کی تصدیق کی ہے کہ فورجی سروس کو صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق یوفون کے ترجمان عامر پاشا نے تصدیق کی کہ پاکستان کے بڑے شہروں بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں فور جی/ایل ٹی ای سروسز متعارف کرادی گئی ہیں جبکہ کراچی میں جلد اسے پیش کیا جائے گا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے فروری 2019 کے اعدادوشمار کے مطابق یوفون کے 80 لاکھ تھری جی صارفین جبکہ فور جی استعمال کرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 65 ہزار سے زائد تھی۔یعنی فروری میں کمپنی نے فورجی سروسز کو متعارف کرانا شروع کیا تھا مگر کمپنی نے اس وقت باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا۔ایسی افواہیں بھی سامنے آئئی تھیں کہ یوفون نے ریگولیٹرز سے 4جی لائسنس نہیں خریدا بلکہ کمپنی کو فور جی سروس متعارف کرانے کی اجازت دے دی گئی۔تاہم یوفون کے ترجمان نے واضح کیا کہ کمپنی کے پاس موبائل سروسز کے لیے ٹیکنالوجی نیوٹرل لائسنسز موجود ہیں، وہ فور جی/ایل ٹی ای لانچ کے لیے درکار عمل سے گزری ہے جس کے بعد ریگولیٹری اجازت ملی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں کمپنی کی توجہ ملک بھر میں تھری جی سروسز کو بلاامیتاز ہر ایک تک پہنچانے پر مرکوز تھی جن میں بلوچستان کے دور دراز کے علاقے بھی شامل ہیں۔یوفون کی فور جی سروسز متعارف کرائے جانے کے بعد اب ملک میں تمام موبائل آپریٹر کمپنیاں یہ سروس فراہم کرنے لگی ہیں اور ان کے درمیان مقابلہ بھی سخت ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان میں زونگ نے 2014 میں فور جی لائسنس حاصل کیا، جاز نے 2016 اور ٹیلی نار نے 2017 میں یہ سروس پیش متعارف کرائی۔

پولیس نے مالک کو جہاز واپس کردیا

عارف والا(ویب ڈیسک)پنجاب کے ضلع پاک پتن کے علاقے عارف والا کے رہائشی محمد فیاض کو اس کا بنایا ہوا جہاز واپس کر دیا گیا۔محمد فیاض کو31 مارچ کواس کا اپنا بنایا ہواجہاز اڑانے کی کوشش کرنے پر پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کا جہاز بھی قبضے میں لے لیا تھا۔ تاہم اگلے ہی روز عدالت نے محمد فیاض کو تین ہزار روپے جرمانہ کرکے رہا کردیا تھا۔بینک سے قرض لے کر اور اپنی زمین فروخت کرکے اپنی مدد آپ کے تحت چھوٹا جہاز بنانے والے محمد فیاض نے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ اس کا جہاز اسے واپس کیا جائے۔ڈی پی او پاکپتن ماریہ محمود کی ہدایت پر پولیس نے جہاز واپس کر دیا جس پر محمد فیاض کا کہنا ہے کہ وہ اپنا تیار کردہ جہاز واپس ملنے پر بے حد خوش ہے۔ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن ٹیم جہاز کے جائزے کے ساتھ محمد فیاض سے بھی ملے گی۔یاد رہے کہ پاکستان کی فضائی حدود بغیر اجازت کے استعمال کرنے پر قانوناً پابندی ہے اور ایسی کسی بھی کوشش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باقاعدہ اجازت لینا ضروری ہے۔