طالبان مذاکراتی ٹیم کو سفری سہولیات دینے پر پاکستان کے شکرگزار ہیں، زلمے خلیل زاد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے طالبان کی مذاکراتی ٹیم کو سفری سہولیات دینے پر شکرگزار ہیں۔امریکی سفارتخانے نے اپنے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ زلمے خلیل زاد نے 5 اور 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے، امریکا توقع رکھتا ہے کہ پاکستان اس عمل میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے طالبان کی مذاکراتی ٹیم کو سفری سہولیات دینے پر شکرگزار ہیں۔

ڈریپ کا ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر ملک بھر میں کریک ڈاﺅن

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافے پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر میں کریک ڈاﺅن شروع کردیا۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے مطابق غیرقانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی 31 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور زائد قیمت وصولی پر 143 ادویات قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ڈریپ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی اضافے پر ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے کیے گئے ہیں جب کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات کیے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر ادویات کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا

لاہور(ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کے وکیل کی متفرق درخواست کی سماعت کی جس میں نیب کو حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے وارنٹ گرفتاری اور شہباز شریف کے نیب طلبی نوٹس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں۔ حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت 8 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے اور جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ پیر کو سماعت کرے گا۔حمزہ شہباز نے درخواست میں کہا کہ نیب چھاپہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، نیب اپنے قانونی فرائض پورے کرنے میں ناکام رہا اور موجودہ حکومت کا گماشتہ بن کر سیاسی انتقامی کاروائیاں کر رہا ہے، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم ٹی وی چینلز کے پروگرام میں حساس نوعیت کی معلومات پر گفتگو کرتے رہے ہیں، نیب سیاسی بنیادوں پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کی غیر قانونی تحقیقات کر رہا ہے۔حمزہ شہباز نے موقف اختیار کیا کہ جائیداد رکھنا اور اس سے مستفید ہونا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، نیب کی جانب سے گرفتاری ہائیکورٹ کے حکم نامے کی خلاف ورزی ہے، نیب نے بے بنیاد منی لانڈرنگ کے الزامات لگا کر کردار کشی کی، عدالت سے استدعا ہے کہ عبوری درخواست ضمانت منظور کرے اور نیب کو گرفتاری سے روکے۔

لاہور: نیب کا حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے شہبازشریف کی رہائش گاہ کا محاصرہ

لاہور (ویب ڈیسک ) نیب کی بھاری نفری نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے شہبازشریف کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرلیا۔ نیب کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ماڈل ٹاﺅن میں واقع رہائش گاہ 96 ایچ کا دوبارہ محاصرہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب حکام کا کہناہے کہ رہائش گاہ کا محاصرہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے سلسلے میں مارا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نیب نے حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثوں اور مبینہ منی لانڈرنگ میں گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا ہے۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس حمزہ شہباز کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں اور اسی بناءپر چھاپا مارا گیا ہے۔نیب حکام کا موقف ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا جن سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں حمزہ شہباز، سلیمان شہباز اور ان کی والدہ کے اکاﺅنٹس میں کروڑوں روپے کی منتقلی ہوئی، اسی سلسلے میں نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری کرنا ہے۔

حکومت نہیں جا رہی زرداری جیل جائیگا : عمران خان

خیبر،جمرود(آئی این پی ‘ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو اسلام آباد آ کر دھرنا دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی لیکن آصف زرداری جیل جانے والے ہیں،ملک سخت معاشی مشکلات سے دوچارہے، چند ماہ میں مشکل مرحلے سے نکل آئیں گے، جعلی اکا ﺅ نٹس میں آصف علی زرداری کا کم از کم 100 ارب روپے ہیں،یہ ہم پر دباﺅ ڈال رہے ہیں کہ کسی طرح این آر او دے دیں، کنٹینر کی صفائی کریں، یہ اسلام آباد آئیں اور ایک ہفتہ گزار کر دکھا دیں، انہیں کھانا بھی دیں گے، آصف زرداری دھرنا تب کامیاب ہوتا ہے جب آپ عوام کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، جو شخص پرچی دکھا کر کہے کہ پارٹی وراثت میں مل گئی تو وہ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، لیڈر جدوجہد کر کے بنتا ہے، ہر دوسرے دن مولانا فضل الرحمان ملین مارچ کی بات کرتے ہیں۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1998میں قبائلی علاقے کے عوام نے کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دیا، قبائل میں آپرینش کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کی تکلیف سے واقف ہوں، قبائلی علاقے کے لوگوں نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں، یقین دلاتا ہوں کہ قبائلی علاقوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے، قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کےلئے روزگار کےلئے اقدامات کررہے ہیں، ہدایت کی ہے کہ طورخم بارڈر 24گھنٹے کھلا رہے، افغان عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں، افغانستان میں امن کےلئے دل سے دعا کرتا ہوں، 40سال سے جاری جنگ کی تباہی کو اب افغانستان میں بند ہونا چاہیے، گزشتہ 15سال کے دوران ہم نے امریکیوں کی جنگ لڑی، افغانستان میں امن ہو گا تو قبائلی علاقوں سمیت سب کا فائدہ ہو گا، ہاتھ اٹھا کر دعا کرتا ہوں کہ افغانستان کے لوگوں کو امن ملے، ایک بھائی اپنے تجربے سے دوسرے بھائی کو مشورہ دے رہا ہے، افغان عوام نیوٹرل امپائر سے الیکشن کرائیں تا کہ وہ نتیجہ مانیں،افغانستان کے لوگ الیکشن نتائج نہیں مانتے تو دوبارہ انتشار ہو گا، ہم افغانستان کے خیرخواہ ہیں، تجارت سے دونوں ملکوں کا فائدہ ہو گا،علاقے میں پینے کے پانی کا منصوبہ شروع کریں گے جس سے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا،علاقے میں ڈیم اور بائی پاس کے منصوبے شروع کریں گے، ان منصوبوں کا اعلان کررہا ہوں جن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، 2008میں پاکستان کا قرضہ 6ہزار ارب روپے تھا جس کو (ن)لیگ نے 30ہزار ارب روپے کر دیا،5سال بعد ہماری حکومت کا موازنہ سابق حکومتوں سے کیا جائے، علاقے میں 12ڈیم بنائیں گے جس سے کاشتکاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بھی ملک کے اتنے مشکل معاشی حالات نہیں تھے، ہم سمجھتے تھے کہ (ن)لیگ کا معاشی تجربہ اچھا ہے لیکن ان کا اصل تجربہ چوری ہے، بلاول بھٹو کو اسلام آباد دعوت دیتا ہوں میں ان کو کنٹینر دوں گا، میں چیلنج کرتا ہوں یہ لوگ ایک ہفتہ دھرنانہیں دے سکتے، آصف زرداری جلد جیل میں جانے والے ہیں،حکومت کہیں نہیں جا رہی، آمدنی بڑھانے کےلئے قرضہ لے کر وسائل بنانے پڑتے ہیں، جعلی اکاﺅنٹس میں 100ارب سے زائد پیسہ پڑا ہے جبکہ شریف خاندان کا 100ارب سے زائد بیرون ملک میں ہے، یہ چاہتے ہیں کہ ان کو این آر او دے دیں، اس کےلئے اپوزیشن حکومت پر دباﺅ ڈال رہی ہے، ان کو ملک کو جواب دینا پڑے گا جو انہوں نے ملک کا پیسہ چوری کیا ،جیلوں سے بچنا ہے تو ایک طریقہ ہے ملک کا پیسہ واپس کر دیں جو ہم قوم کی ترقی پر لگاسکیں، ہم خیبر اور افغانستان کے درمیان اکنامک کا ریڈور بنائیں گے تا کہ روزگار کے مواقع ملیں، خیبرپختونخوا کا انضمام مشکل کام ہے اور انتشار ڈالنے کی کوشش کی جائے گی، ہم اگلے دس سال میں قبائلی علاقوں کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی لیکن آصف زرداری جیل جانے والے ہیں۔جمرود میں جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کے عوام بڑی مشکلات سے گزرے ہیں اور ان کے اس درد کا احساس ہے، جو یہاں کے لوگوں کی قربانیاں ہے اس کا اندازہ کوئی اور نہیں کرسکتا کیونکہ لوگ ان علاقوں میں گئے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کے لیے پوری کوشش کروں گا کہ آپ کا کاروبارچلے، آپ کا نقصان پورا کرے، بے روزگار نوجوانوں کو ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے روز گار دیا جائے اور سود کے بغیر نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں تاکہ وہ اپنا کاروبار کرسکیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا ہے کہ طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کھولا جائے کیونکہ یہ لوگوں کا روزگار ہے اور اس کے بند ہونے سے نقصان ہوتا ہے۔افغانستان کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے افغانستان میں انتخابات سے پہلے عبوری حکومت کا کہا تو مجھ پر تنقید کی گئی لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم افغانستان کے لوگوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دعا کرتا ہوں کہ وہاں کے لوگوں کو امن ملے اور انسانیت کے ناطے یہ کہہ رہا ہوں کہ اللہ افغانستان کے لوگوں کو امن دے۔عمران خان نے مزید کہا کہ اگر الیکشن سے افغانستان میں امن حاصل کرنا ہے تو ایسی عبوری حکومت سے انتخابات کروائے جنہیں وہاں کے لوگ غیر جانبدار سمجھیں، ہم افغانستان کے خیر خواہ ہیں اور وہاں کی بہتری چاہتے ہیں۔اپنی گفتگو میں انہوں نے افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھائیوں کی طرح مشورہ دیا اگر اسے نہیں ماننا تو نہیں مانیں لیکن یہ کوئی مداخلت نہیں ہے۔قبائلی علاقوں کے لیے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جبہ اور باڑہ ڈیم بنائیں گے جس سے لاکھوں لوگوں کو پانی ملے گا اور کاشت کاری ہوگی۔اس کے علاوہ باڑہ بائی پاس بھی بنایا جائے گا اور سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یہ وہ تمام چیزیں ہیں جو میں کرسکتا ہوں لیکن جو چیز میں پوری نہیں کرسکتا اس کا وعدہ نہیں کروں گا۔عمران خان نے کہا کہ ان علاقوں کے لیے بجلی اور گیس کی فراہمی کی کوشش کروں گا، اس کے ساتھ ساتھ آئندہ 10 برس تک قبائلی علاقوں کے لیے ہر سال 100 ارب روپے خرچ ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے نوجوان یونیورسٹی اور 3 جی اور 4 جی مانگ رہے ہیں، یہاں کا بہت روشن مستقبل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو کہا ہے کہ تعلیم اور کھیل پر توجہ دینی ہے تاکہ یہاں کا ٹیلنٹ باہر آسکے، میرے کرکٹ کے وقت میں قبائلی علاقوں اور پختونخوا سے کوئی کھلاڑی نہیں آتا تھا لیکن آج یہاں کے لوگ موجود ہیں اور ہم یہاں کھیل کے میدان بنائیں گے۔معاشی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کے کبھی اتنے مشکل حالات نہیں تھے، جب پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو 6 ہزار ارب روپے قرض تھا جو 2013 تک 15 ہزار ارب ہوگیا جس کے بعد مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اس قرضے کو 30 ہزار ارب تک پہنچا دیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سابق حکومتوں کے قرض پر یومیہ سود کی مد میں ساڑھے 6 ارب روپے دے رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ چند ماہ بعد ان حالات سے باہر نکل جائیں گے۔اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری دھرنا تب کامیاب ہوتا ہے جب آپ عوام کے دکھ و درد میں شامل ہوتے اور ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں لیکن ملک کو لوٹ کر چوری کیے گئے پیسے کو بچانے کے لیے دھرنے پیسے دے کر کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ میں آصف زرداری اور بلاول کو دعوت دیتا ہوں کہ اسلام آباد آجائیں اور دھرنا دیں میں کنٹینر اور کھانا تک دینے کو تیار ہوں لیکن چیلنج ہے کہ یہ ایک ہفتہ بھی نہیں گزار سکتے۔مولانا فضل الرحمن پر بھی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ان کی وکٹ اڑ گئی اور یہ ہر دوسرے دن ملین مارچ کی باتیں کرتے ہیں، فضل الرحمن 12 مین بنے ہوئے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ حکومت گرادوں۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاونٹس کیس میں سو ارب روپے باہر گیا، شریف خاندان کا بھی سو ارب باہر گیا، یہ پہلے دن سے کہے رہے ہیں کہ ہم ناکام ہوگئے ہیں، ان کے دباو کا مقصد این آراو ہے۔عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار باہر بھاگا ہوا ہے اور وہاں سے کہتا ہے معیشت خراب ہے۔ جس سے پوچھو پیسہ کدھرسے آیا، تین بار کے وزیراعظم کا بیٹا کہتا ہے میں کیوں جواب دوں، برطانوی شہری ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی عوامی عہدہ نہیں تھا لیکن میں نے چالیس سارے پرانے معاہدے دکھائے، یہ نہیں کہا کہ جمہوریت خطرے میں ہے، ان سے جواب طلب کرو تو کہتے ہیں نظام خطرے میں ہے۔ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن کے دورمیں فرار ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو پیسہ چوری کیا ہے اس کا جواب دینا ہے، اگر جیل سے بچنا ہے تو اس کے لیے قوم کا پیسہ واپس کرو تاکہ ہم اپنے لوگوں کو غربت سے نکال سکیں۔ یہ سمجھتے ہیں جلسوں سے عمران خان بلیک میل ہوگا، لیکن میں چوروں کے احتساب کے لیے ہی حکومت میں آیا ہوں۔

ممکنہ ٹیم کے انتخاب میں میرٹ کونظراندازکیاگیا :طاہرشاہ ، من پسندپلیئرزکوکھلا ورلڈکپ میں مشکلات پیش آئیں گی:سابق کرکٹرکی گگلی میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر شاہ نے کہا ہے کہ پی سی بی نے 23ممکنہ پلیئرز کااعلان کردیامگراس میںفوادعالم،خرم منظور، وہاب ریاض،عمراکمل اوراحمد شہزادکو نظرانداز کردیامگر حفیظ کاانگوٹھا زخمی ہونے کے باوجود ان کو شامل کرلیا گیا۔ چینل ۵کے پروگرام گگلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شعیب ملک اورمحمدعباس کوبھی فٹنس مسائل کاسامناہے مگر وہ فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔اب یہ تووقت بتائے گاکہ کیا ہوتاہے ، ورلڈکپ کےلئے سکواڈ کا انتخاب پسندناپسندکی بنیاد پر ہوتا نظر آرہا ہے اوراس میں میرٹ کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ فخر زمان،امام الحق،شان مسعود،حفیظ کو دیگروجوہات پرہی ورلڈکپ کھیلنے کاموقع ملے گا۔اس طرح سکواڈکاانتخاب ہوگا توٹیم کےلئے بڑے ایونٹ میں مشکل ہوگی۔

اپنے فن سے دنیا میں پاکستان کامثبت پہلو پیش کرتا ہوں:راحت فتح علی خان

اسلام آباد (ملک منظور احمد )پا کستان کے صف اول کے گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ بطور گلوکار میں دنیا بھر میں اپنے فن کا مظا ہرہ کر کے پا کستان کا سافٹ امیج اجاگر کرتا ہوں پا کستان کی تہذیب و ثقافت بہت پرانی ہے پا کستان کی وجہ سے مجھے پوری دنیا میں جو عزت ملی ہے وہ میں مرتے دم تک فراموش نہیں کر سکتا پا کستان ایک پر امن ملک ہے اور پاکستان کے گلوکاروں اور فنکاروں کو پوری دنیا میں بہت پسند کیا جاتا ہے پوری دنیا میں میرے کروڑوں مداح ہیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے مجھے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنا میرے لیے بہت ہی اعزاز کی بات ہے اور میں اس اعزاز کو پا کستان کے عوام کے نام کرتا ہوں امریکی سفیر پال جونز کی طرف سے امریکی یوم آزادی کے موقع پر دیے گئے عشائیہ کے موقع پر وہ خبریں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا کہ پا کستان کے صوفی میوزک کو امریکہ سمیت پوری دنیا میں بہت پذیرائی حاصل ہے ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے پا کستان کا روشن چہرہ ہم پو ری دنیا میں اجاگر کر رہے ہیں ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے عوامی رابطوں کو فروغ دیا جاتا ہے گلوکار ر احت فتح علی خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے آن لائن ویزا سسٹم کا اجرا کر کے ایک انقلابی فیصلہ کیا ہے پا کستان کو غیر ملکی سیاحوں کے لیے کھولنا ہمارے ا پنے مفاد میں ہے پا کستان دنیا کا خوبصورت ملک ہے اور اس نئی پالیسی کے ذریعے ہم اپنی سیاحت کی صنعت کو فروغ دے سکتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پا کستان نے مجھے جو عزت دی ہے اس کے شکریہ کے لیے میرے پاس الفاذ نہیں ہیں ۔

بیوہ سے اجتماعی زیادتی ، نازک اعضاءپر انتوں سے کاٹتے رہے ، ” خبریں ہیلپ لائن “ میں انکشاف

فیصل آباد(سٹی بیورو)بیوہ خاتون کو اجتماعی زیادتی اور غیر فطری فعل،جسم کے نازک اعضاءپر دانتوں سے کاٹتے رہے،حالت غیر ہونے پر بے ہوشی کی حالت میں پھینک کرفرار۔تفصیل کے مطابق مانانوالہ کی رہائشی عا بدہ پروین کا خاوند سلیم کچھ عرصہ قبل وفات پاچکا ہے اسکاشوہراور سمندری کارہائشی علی حیدر دونوں قریبی دوست تھے اور دونوں کا ایک دوسرے کے گھر بھی آنا جانا تھا اسی بناءپر علی حیدر سمندری سے فیصل آباد آیا اور عابدہ کومارکیٹ سے خریداری میں مددکے لئے لاری اڈا بلا لیا اور خاتون کو گاڑی میں بٹھا کر قریب میں ہی واقع ایک مکان میں لے گیا جہاں پر اسکے ساتھی سعید اور افتخار وغیرہ پہلے سے ہی موجود تھے تما م افراد نے اسلحہ کے زور پر خاتون کوباری باری زیادتی اور غیر فطری فعل کانشانہ بناڈالا ملزمان دوران زیادتی جسم کے نازک اعضاءپر دانتوں سے بھی کاٹتے رہے حالت غیر ہونے پر خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں لاری اڈا کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے اس حوالے سے متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ علی حیدر نے خریداری کا جھانسہ دیکر ساتھیوںکے ساتھ ملکر اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور اسی دوران جسم کے نازک اعضاءکو دانتوں سے کاٹتے بھی رہے ملزما ن کی جانب سے قانونی چارہ گوئی کی صورت میںمجھے اور میرے بچے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کاروائی کا آغاز کردیا۔

طالبان مطالبات کی منظوری تک دباو¿ ڈالتے رہیں گے:سنیٹر جنرل ( ر) عبدالقیوم، جعلی اکاو¿نٹس کیخلاف پہلا عبوری ریفرنس داخل ہوا،مزید سپلیمنٹری ریفرنسز بھی آئینگے: شاہ خاور ، شہید بھٹو کی پیپلزپارٹی کہیں نہیں، بھٹو نے عوام کو یکجا کیا: صفدر عباسی کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7 “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)چینل فائیو کے پروگرام ”نیوز ایٹ سیون“میں گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی حالت کے پیش نظر عوام کو دو سے ڈھائی سال کی تکلیف برداشت کرنی پڑے گی۔حکومت کی وسائل بڑھانے کے لیے ٹیکسیشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسے اکٹھے کرنے کی پالیسی غلط ہے ، حکومتی ترجیحات میں پیداوار اور ترقی کو شامل کرنا ہوگا۔ منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات سے بزنس کمیونٹی کو دھچکا لگ رہا ہے وہ سرمایہ کاری نہیں کر ینگے۔حکومت کی ترجیحات ٹیکسٹائل ، انڈسٹرلائزیشن اور زراعت کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے۔26ارب ڈالر خسارہ ہر حالت میں آئی ایم ایف کے پاس لیجائے گا۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پاکستان کی معاشی ساکھ بڑھے گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر جنرل (ر)عبدالقیوم نے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلمے خلیل زاد افغان مذاکرات کی کامیابی کے مشن پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔پاکستان سمیت تمام ممالک چاہتے ہیں کہ امن مذاکرات کامیاب ہوں۔ طالبان معصوم نہیں، انہیں سیز فائر نہیں ایکشن سے جیت ملی ، مطالبات کی منظوری تک طالبان دباﺅ ڈالے رکھیں گے۔ وزیراعظم کے اگلے دورہ چین میںسی پیک ، افغان امن عمل،پاک بھارت کشیدگی، ایف اے ٹی ایف اور مسعود اظہر کو دہشتگرد قرار دینے کا ایشوزیر بحث رہے گا۔ دوست ممالک کی عالم فورم پر پاکستان کی مدد کے تناظرمیں حکومت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کوئی بھی کالعدم تنظیم ایسا کام نہ کرے جسکا ملبہ پاکستان پر گرے۔ پلوامہ حملے کے بعد مذہبی تنظیموں کیخلاف کاوائی کا وقت نہیں تھا مگر حکومت نے کیا۔ ایسے میں دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں دہشتگرد طبقہ ہے۔ امریکا اور بھارت سمیت دنیا ایک ایجنڈے کے تحت ہٹ دھرمی پر ڈٹی ہے اور اپنے مفادات کی خاطر پاکستان کی سننے کو تیار نہیں۔ مودی خوددہشتگرد ہے، امریکا نے خود اس پر پابندی لگائی تھی۔بھارت میں ریاستی عناصر دہشتگرد ہیں۔نواز شریف نے کڑے وقت کا سامنا کیا ، انہیں انصاف ملنا چاہیے۔ احتساب کا رخ صرف اپوزیشن کی طرف ہے ، انتقامی سیاست کی بجائے سب کا احتساب ہونا چاہیے۔نواز شریف کی رہائی پر حکومتی حلقوں میں رونگٹے کھڑے ہوگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما صفدر عباسی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سیاسی جدو جہد، نظریاتی و جمہوری نظام کے تعمیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج بھٹو کی پیپلز پارٹی کہیں نہیں ہے۔بھٹو نے پاکستان کے دو لخت ہونے کے بعد عوام کو یکجا کیا،انکے بعد بے نظیر نے مذاہمتی سیاست جاری رکھی۔بے نظیر چاروں صوبوں کی حقیقی زنجیر تھیں۔ سینئر رہنما و ماہر قانون شاہ خاور نے کہا کہ جعلی اکاﺅنٹس کیخلاف پہلا انٹیرم ریفرنس احتساب عدالت میں داخل ہوا ہے، اس نامکمل ریفرنس میں سپلیمنٹری ریفرنسز بھی آئیں گے اور ملزمان کی تعداد میں مزیداضافہ ہوگا۔ ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل ہونے پر حتمی ریفرنس جاری کیا جائے گا۔ ریفرنس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی پرملزمان کے تحفظات کو بھی دیکھا جائے گا۔ ملزمان کے خلاف شہادتوں اور گواہان کے بیانات پر مشتمل مزید ریفرنسزپر نیب کو اختیار ہے کہ سپلیمنٹری یا حتمی ریفرنس جاری کرے۔

نیب اہلکاروں کے گلے پڑنے ،کپڑے پھاڑنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تو حکومتی مشینری کا چلنامشکل ہو گا : معروف صحافی ضیا شاہد کی چینل ۵ کے پروگرام ” ضیا شاہد کے ساتھ “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پرمشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے پاکستان میں جس بھی سیاست دان کو دیکھیں معلوم یہ ہوتا ہے اس نے کوئی کسر نہیں چھوری ہے پاکستان سے باہر پیسے بھیجنے میں اور نوازشریف، شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ اور ان کے بھائی سلمان شہباز کے بارے میں پتہ چلا کہ سب سے زیادہ پیسے انہوں نے بھجوائے ہیں اس سے لگتا ہے کہ جتنی مرضی تقریریں کر لیں مان بھی لیا جائے کہ وہ صحیح کہتے ہیں ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے تب اس بات سے کیسے انکار کر سکتے ہیں آپ باہر پیسے بھیج رہے تھے جب پیسے بھیجنے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کرنے کے لئے گئے تو آپ کے ورکروں نے بدنامی کی اور اگر نیب کو عدالت کے احتیار حاصل ہیں اگر اِس کے لوگ کسی کو پکڑنے کے لئے جاتے ہیں یا پوچھ گچھ کے لئے جاتے ہیں تو کیا ان کے کپڑے پھارنے چاہئیں۔ جس قسم کی بدمعاشی کا سلسلہش روع ہو گیا ہے یہ پاکستان کو کہاں لے جائے گا۔ کیا ملزموں کو اس بات کا اختیار ہوتا ہے کہ وہ جب جی چاہیں بیان دیں جب جی چاہے نہ بیان دیں۔ جس نہج پر سلسلہ چل نکلا ہے حکومتی مشینری کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔ اس بات سے لوگ ہیرو بنتے ہیں اور اکڑتے ہیں۔ کیا آپ کا گھر کوئی قلعہ ہے اس میں کوئی داخل نہیں ہو سکتا۔ آصف زرداری نے جو کہا تھا کہ جب چاہوں لات مار کر حکومت گرا دوں گا عمران خان نے جواب دے دیا کہ عنقریب زرداری صاحب جیل جائیں گے۔ عدالتوں کے نظم نسق کو چلنے دینا۔ اگر کوئی گرفتار کرنے آتا ہے اس کو آگے سے اکڑ فوں دکھانا یہ تو کسی بھی طور پر پسندیدہ فعل نہیں ہے۔ نوازشریف اور شہباز شریف نے بھی گرفتاریاں دی ہیں نئی نسل لگتا ہے زیادہ اکڑفوں میں ہے۔ بلاول بھٹو صاحب جو ہیں وہ دھمکیاں دے رہے ہیں وہ اپنے واہد صاحب کی منی لانڈرنگ کے کیس کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیتے کوئی وضاحت نہیں کرتے ذرا اس کی وضاحت کر دیں کہ یہ پیسے کیوں باہر بھیج رہے تھے اور کس لئے بھیج رہے تھے اور سلمان شہباز صاحب جو اپنی بیگم صاحبہ کو لے کر پاکستان سے باہر چلے گئے۔ انہوں نے سب سے زیادہ پیسے بھجوائے تھے اب جس طریقے سے یہ سلسلہ چل رہا ہے یہ تو لگتا ہے کہ ماریں بھی اور رونے بھی نہ دیں۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ 80 ارب سے 100 ارب روپے تک باہر بھیجے گئے ہیں جہ چھوٹی رقم نہیں ہے۔ اس سے قطع نظر کہ کون کیا ہے کون بڑے باپ کا بیٹا ہے جرم اور سزا کا جو قانون ہے وہ ظاہر کرتا ہے جو بھی کوئی ہے اسے قانون کی پکڑ میں آنا چاہئے۔ یہ ملک کے معاشرے کے لوگوں کا فیصلہ کرنا چاہئے کہ ہم نے اس ملک کا نظام کس قانونن یا ضابطے کے مطابق چلنا ہے یا جس کی بدمعاشی اس کی دھونس اس کے مطابق چلنا ہے۔ شہباز شریف کے صاحبزادوں کو حق حاصل ہے کہ اگر ان کے ساتھ کوئی زیادتی ہوتی ہے ضرور پریس کانفرنس کریں گے لیکن آج میں نے حمزہ شہباز کی جو گفتگو سنی ہے میری سمجھ میں نہیں آیا آخر وہ کیا چاہتے ہیں۔ اگر واقعی ان کو پہلے بھی بلایا گیا تھا جب بھی بلاتےے ہیں وہ آ جاتے ہیں ان کو حق حاصل ہے کہ وہ شکایت کریں۔ لیکن یہ اس بات کا جواب نہیں ہے کہ 85 ارب سے لے کر 100 ارب روپے تک تو باہر بھیجے گئے سلمان شہباز کے ذریعحے اور شہباز شریف کے ملازموں کے ذریعے یا حمزہ صاحب نے باہر بھیجے۔ آصف زرداری کے صاحبزادے ہوں تو وہ بھی اس کا کوئی جواب نہیں دیتے کہ اس پر اعتراض کیا جاتا ہے کہ ہماری پکڑ دھکڑ کیوں ہے اس بات کا کیا جواب ہے کہ اس غریب قوم کا پیسہ باہر کیوں بھیجا جا رہا ہے جہاں تک مہنگائی کا تعلق ہے اور ملک کے معاملات جو ہیں جس طریقے سے عام آدمی کو کوئی دکھ اور تکلیف ہے اس سے تو انکار نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کی پرفارمنس معیشت کے سلسلے میں بہت بری ہے لیکن اس کا بھی جواب دیا جا سکتا کہ خواہ آصف علی زرداری ہووںیا آپ لیڈران کرام ہں ان کے حوالے سے ہر تیسرے دن یہ بات کیوں سامنے آتی ہے فلاں نے باہر پیسے بھیجے آخر یہاں پیسے رکھنے میں کیا حرج ہے۔ یہاں رہ کر خرچ کریں ملک سے باہر تو نہ لے جائیں۔ 8 تاریخ کو شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کے سلسلے میں طلب کر لیا گیا ہے اگر انہوں نے کوئی منی لانڈرنگ کی ہے انہیں جواب دینا پڑے گا اگر نہیں کی ہے تو بری ہو جائیں گے۔ عمران خان نے خطاب میں زرداری کو جواب دیا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی ہے زرداری صاحب جیل میں جانے والے ہیں۔ ضیا شاہد نے کہا ہے کہ جس طرح مریم اورنگزیب صاحبہ نے کہا کہ نوازشریف کے بیٹوں کے بارے میں کہا کہ وہ باہہر کاروبار کر رہے ہیں جناب منی ٹریل کا مقصد اتنی دیر سے پاکستان میں تنازعہ ہے کہ جو ان کے دونوں صاحبزادے ہیں انہوں نے اتنے پیسے وہاں کیسے پہنچا دیئے۔ اور اتنا مال اسباب ان کے پاس کہاں سے آیا۔ اگر نوازشریف نے ان کو پیسے نہیں دیئے تو پھر کس نے دیئے اور جب وہ پاکستان سے باہر گئے تو وہ نابالغ تھے۔ کوئی ایسا طریقہ پاکستان کے لوگوں کو بتایا جائے کہ ان کی نابالغ اولادیں جب باہر جائیں تو پھر وہ دنوں میں اَرب پتی بن جائیں تو باقی لوگ بھی ارب پتی بن سکیں۔ ہمارے جو بھائی بھتیجے جو ہیں یہ یہاں چھوٹی چھوٹی نوکریاں کرتے ہیں 40,30 ہزار روپے میں اور بمشکل اپنی دال روٹی پوری کرتے ہیں۔ ہم ان کو بتائیں کہ یہ طریقہ ہے اس طریقے سے آپ لندن کی سب سے بڑی پراپرٹیو ںکے مالک بن سکتے ہیں۔ آج لفظی جنگ ہوئی بلاول بھٹو صاحب نے بڑا زبردست جملہ کہا کہ ایک لات مار کر حکومت گرا سکتا ہوں اس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ حکومت تو نہیں جا رہی زرداری صاحب جیل جا رہے ہیں۔ سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے بارے میں منی لانڈرنگ کی شکایات آئی ہیں۔ اس سے پہلے آصف زرداری کے حوالہ سے بھی مختلف شکایات آتی رہی ہیں اور اب کہا جا رہا ہے عمران خان کے بقول کہ وہ جیل جائیں گے۔ کیا وجہ ہےکہ پاکستان میں کوئی بھی بڑا لیڈر نہیں ہے جو منی لانڈرنگ کے الزام میں ملوث نہ ہو۔ پیپلزپارٹی کے لیڈروں پر یہ الزامات کیوں ہیں وہ پاکستان سے باہر پیسے بھیجتے رہے ہیں۔
بھارت میں 600 سے زائد فنکاروں کا بی جے پی حکومت کے خلاف بیان بڑی اہم خبر ہے۔ اس فہرست میں بڑے فنکارو ںکے نام بھی شامل ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ فنکار لوگ بڑے حساس ہوتے ہیں انسانیت کیلئے ان کے دل میں درد عام آدمی کی نسبت زیادہ ہوتا ہے یہ لوگ کسی سے زیادتی پسند نہیں کرتے۔ بھارت کے فنکاروں نے بھی جب دیکھا کہ وہاں اقلیتوں کے ساتھ اور ایک عام معتدل ہندو کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے تو انہوں نے مودی سرکار کے خلاف عوام سے اپیل کر دی ہے کہ اسے ووٹ نہ دیئے جائیں کیونکہ یہ نفرت کی سیاست کے علمبردار ہیں۔

سی آئی اے ، را ، موساد ، ٹرائیکا پاکستان کیخلاف سرگرم ، پاک فوج نے انہیں انٹیلی جنس میں مات دی:کاشف بشیر ، نیب کو سیاستدانوں نے ادھ موا کردیا ، ریاست کو سوچنا چاہئے کہ یہ کیا ہورہا ہے:آغا باقر ، پاکستان میں کوئی نظریاتی جماعت نہیں ، مال کی سیاست میں ووٹ بک رہا ہے:ناصر اقبال ، موجودہ حکومتی ٹیم کی کارکردگی سے عام آدمی کی بہتری کیلئے امید کی کوئی کرن نہیں:اشرف عاصمی ، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“میں گفتگو کرتے کالم نگار کاشف بشیر نے کہا کہ حمزہ شہباز اور دیگر لیگیوں کی گرفتاری کےلئے چھاپے4 اپریل کو دائر کیس کے تحت مارے گئے۔ فضل داد عباسی اور قاسم قیوم نامی ملازمین کے اکاﺅنٹس کے ذریعے صادق پلازہ لاہور اورعلی ٹاور ایم ایم عالم روڈ سے 85ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ ٹرانزیکشنز ثابت ہونے اور ملزمان کے انکشاف پرچیئرمین نیب نے حمزہ شہبازاور سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری نہ ہو پانا افسوس ناک ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو اب مثالی سزا نہ دی گئی تو سوالیہ نشان ہوگا۔ مافیا سسٹم کو ہائی جیک کرچکی ہے۔ نیب دو چار لاکھ والے بندے ہی پکڑے۔ شریف خاندان کے پاس نوٹ کاغذوں کی طرح ایسی جگہوں پر بھرے پڑے ہیں جہاں کوئی پہنچ ہی نہیں سکتا۔ مریم اورنگزیب جھوٹ بولنے پر شرم کریں کہ نیب کے پاس وارنٹ گرفتاری نہیں تھے۔ بے نظیر کرپٹ نہیں تھیں، آصف زرداری نے سندھ ہاﺅس میں ایک میٹنگ میں انہیں راضی کیا کہ ہمیں سیاست کے لیے پیسہ چاہیے۔ پاکستان کا جے ایف 17تھنڈر، ایف 16سے بہت آگے ہے۔ سی آئی اے، را، موساد ٹرائیکا پاکستان کیخلاف سرگرم ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ پاک فوج نے حالیہ معرکے میں اسرائیل کا طیارہ گرا کر پائلٹ پکڑا اور انہیں انٹیلی جنس میں مات دی۔ بھارت کیساتھ دو دن کی نہیں، فیصلہ کن جنگ تھی۔ پاکستان پر افغانستان کی جانب سے بھی حملہ کی اطلاعات تھیں۔ امریکہ کی پاکستان کیساتھ ہمیشہ دوغلی پالیسی رہی ہے۔امریکہ افغانستان سے نہیں نکلنا چاہتا تاکہ سی پیک میں بگاڑ پیدا کر سکے۔ میزبان تجزیہ کار آغا باقر کا کہنا تھا کہ عام پاکستانی پولیس سے سرچ وارنٹ مانگے تو عدالت میں جانے کا کہا جاتا ہے۔ سیاستدانوں نے ریاست کو ادھ موا کر دیا،چاہتے ہیں کہ نیب کو بھی ادھ موا کر دیا جائے تاکہ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ نہ ڈالا جاسکے۔ بھارت کی حالت کھسیانی بلی کھمبا نوچے جیسی ہے۔ ابھی نندن کی رہائی سے پاکستان کی اخلاقی فتح ہے۔ کالم نگار ناصر اقبال خان نے کہا کہ ریاست پاکستان اور نظام پاکستان کیساتھ کھلواڑ ہورہا ہے۔ حمزہ شہباز کو نیب کے سامنے سرنڈر کرنا چاہیے تھا۔ پاکستان میںکوئی نظریاتی جماعت نہیں، مالیاتی سیاست میں ووٹ بک رہا ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں نیب کے بازو کاٹنے کے لیے یکسو ہورہے ہیں۔ عوام کے کندھوں پر کھڑے ہو کر عوام کو بیچا جارہا ہے۔ نظریاتی نعرہ لگانے والے طاہر القادری اس وقت میں اپنا کردار ادا کریں مایوس ہوکر گھر نہ بیٹھیں۔ پاک فوج الرٹ ہے۔ بھارت کیساتھ غیراعلانیہ جنگ جاری ہے۔ فوجی اخراجات کے باعث مہنگائی میں اضافے کا سامنا ہے تاہم اگر بھارت نے دوبارہ مہم جوئی کی تو بھارت کا حشر دنیا دیکھے گی۔ پاکستانی عوام، پاکستان کی سالمیت کی قیمت ادا کررہے ہیں۔ عمران خان کی ٹیم میں عثمان بزدار اور اسد عمر جیسے لوگ سوالیہ نشان ہیں۔ تجزیہ کار میاں اشرف عاصمی کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری نہ ہونا ریاست کے اندر ریاست ہے، قانون سے کوئی نہیں بچ سکتا۔الیکشن میں عام آدمی مافیا کے خلاف کھڑا نہیں ہو سکتا۔ پاکستان مسلح افواج کو قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے،اللہ نے ہماری غیبی مدد فرمائی اور بھارت منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ بھارت ، اسرائیل اور امریکہ پاکستان کی معاشی کامیابی اور سی پیک کیخلاف ہیں۔ بھارت کسی بھی وقت شرارت کر سکتا ہے۔ 22سالہ جدوجہد سے حکومت بنانے والے وزیر اعظم کو ٹیم بھی بنانی چاہیے تھی، موجودہ حکومتی ٹیم کی کارکردگی سے عام آدمی کی بہتری کے لیے امید کی کوئی کرن نظر نہیں۔

”ہمسائے ماں جائے“ بشریٰ انصاری کی پاک بھارت امن قائم کرنے کیلئے منفرد کوشش

کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان کی باصلاحیت اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری نے پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ایک گانا جاری کیا ہے جس میں وہ اپنی بہن اسما عباس کے ساتھ پرفارم کرتی نظر آرہی ہیں۔نامورپاکستانی اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے اورامن قائم کرنے کے لیے گانا ”ہمسائے ماں جائے“ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی بہن اسما عباس کے ساتھ مل کریہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی صورت میں کس طرح دونوں جانب کے عوام متاثرہوتے ہیں۔ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے بھارتی اوراسماعباس نے پاکستانی خاتون کا کردار نبھایا ہے جو کچن میں گانا گاتے ہوئے جنگ کے خطرے اورمیڈیا کے کردار کے بارے میں بات کررہی ہیں۔ ویڈیو میں بشری انصاری نے سرحد کے دونوں طرف رہنے والے، ان کروڑوں لوگوں کی ترجمانی کی ہے جو ایک دوسرے کے خلاف کوئی بغض و عناد، کوئی نفرت نہیں رکھتے اور صرف امن چاہتے ہیں، لیکن جنگی جنونیوں نے ان پرامن آوازوں کو وقتی طورپردبا دیا ہے۔گانے کی شاعری نیلم احمد بشیر نے کی ہے اورہدایت کاری کے فرائض اقبال حسین نے انجام دئیے ہیں جب کہ بشریٰ انصاری نے گانے کو پروڈیوس کیا ہے۔

”جوانی پھر نہیں آنی 2“ پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم

کراچی(ویب ڈیسک) ہمایوں سعید اورفہد مصطفیٰ کی کامیاب ترین فلم”جوانی پھر نہیںآنی2“ نے پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا۔نامور پاکستانی اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، احمد علی بٹ، ماورا حسین اور ثروت گیلانی جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم”جوانی پھر نہیں آنی2“ نے ریلیز کے پہلے روز سے ہی شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ فلم نے گزشتہ برس پاکستان میں 51 کروڑ اور بیرون ملک 17 کروڑ کماکر مجموعی طور پر 68 کروڑ کا کھڑکی توڑ بزنس کیاتھا۔پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل فلم ”جوانی پھر نہیںآنی2“ کو مقامی سینماﺅں میں دوبارہ ریلیز کیاگیا اورشائقین نے ایک بار پھر رومینٹک اورمزاح سے بھرپور فلم دیکھنے کے لیے سینما کا رخ کیا۔ دوبارہ ریلیز کے بعد فلم مجموعی طور پر 70 کروڑکا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ فلم کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید نے سوشل میڈیا پر فلم کا اب تک کا بزنس شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ 2015 میں ریلیز ہوئی فلم”جوانی پھر نہیں آنی“ اور 2017 میں ریلیز ہوئی فلم”پنجاب نہیں جاﺅں گی“دنیا بھر میں 50 ، 50 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ علاوہ ازیں علی ظفر کی فلم”طیفا ان ٹربل“بھی حال ہی میں 50 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے تاہم ”جوانی پھر نہیں آنی2“ نے 70 کروڑ کے بزنس کے ساتھ تمام فلموں کو پیچھے چھوڑدیا۔