سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری طلبا شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران فائرنگ کر کے 2 کشمیری طلبا کو شہید کردیا۔شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت راحیل راشد اور بلال احمد کے نام سے ہوئی ہے، راحیل ماسٹر آف ٹیکنالوجی کا طالب علم تھا جب کہ دوسرا نوجوان بھی طالب علم تھا۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقہ مکینوں نے بھر پور احتجاج کیا۔دوسری جانب ضلع بڈگام میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گھر گھر تلاشی کے دوران 5 نوجوانوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب کہ بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ضلع پلوامہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔حریت رہنماﺅں نے ضلع شوپیاں میں نوجوانوں کی شہادت اور ضلع بڈگام میں بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر نہتے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے روک نہیں سکتا اور ان مظالم سے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہوگیا ہے۔
Monthly Archives: April 2019
سجل علی بھارت کے بعد چین میں بھی جلوے بکھیرنے کیلئے تیار
ممبئی(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی بھارت کے بعد چین میں بھی دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں۔دوبرس قبل ریلیزہونے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی اورعدنان صدیقی کی پہلی بالی ووڈ فلم”مام“بھارتی باکس آفس پر کمال دکھانے کے بعد اب چین میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی کہانی ماں اوربیٹی کے جذباتی اور خوبصورت رشتے کے گرد گھومتی ہے جس میں سجل علی نے بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھایا ہے۔بھارتی کمپنی زی اسٹوڈیوکی بین الاقوامی سربراہ ویبھا چوپڑا کا کہنا ہے کہ چین بھارتی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے، بالی ووڈ فلمیں چین میں بہت زیادہ بزنس کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم کو چین میں ریلیز کیے جانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔انہوں نے مزید کہا یہ فلم ہماری طرف سے ان تمام ماﺅں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو اپنے بچوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔ فلم کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ22 مارچ کو چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر فلم کو مقررہ تاریخ پر ریلیز نہیں کیا جاسکا لہٰذا اب ”مام“10 مئی 2019 کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔دوبرس قبل ریلیز ہونے والی پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی اور اداکار عدنان صدیقی کی فلم ”مام“اس لیے بھی خاص تھی کیونکہ اس میں بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی نے 5 سال بعد فلموں میں واپسی کی تھی فلم میں سری دیوی نے سجل علی کی ماں اورعدنان صدیقی کی بیوی کا کردار نبھایا تھا۔ بعد ازاں فلم ”مام“سری دیوی کی آخری فلم ثابت ہوئی اور 2018 میں سری دیوی اپنے تمام چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا سے چلی گئیں۔
فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی تاریخ کے پہلے پاکستانی نائب صدر منتخب
لاہور(ویب ڈیسک) سید فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کلب کنفیڈریشن کے بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہوگئے۔کوالالمپور میں ہونے والے اجلاس میں رسمی کارروائی پوری ہونے کے بعد ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، وہ 4 سال تک اس عہدہ پر فائز رہیں گے، دوسری جانب سلمان بن ابراہیم الخلیفہ اے ایف سی کے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔ایشین فٹبال کلب کنفیڈریشن کی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی کو عہدہ ملا ہے، اس حوالے سے فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ اے ایف سی کی نائب صدارت پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، ایشیا میں فٹبال کے فروغ کے لیے اپنا تجربہ بروئے کار لاﺅں گا، پاکستان فٹبال کی بہتری کیلیے بھی ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔یاد رہے کہ عدالتی حکم پر ہونے والے انتخابات میں سید اشفاق حسین کی سربراہی میں قائم ہونے والی پی ایف ایف کو اے ایف سی نے تسلیم نہیں کیا، جنرل سیکرٹری کی جانب سے جاری کیے جانے والے لیٹر میں واضح کیا گیا تھا کہ سید فیصل صالح حیات کو ہی فیڈریشن کا صدر تسلیم کرتے ہیں اور ان کے ساتھی ہی معاملات رکھیں گے،اس متنازع صورتحال میں فریقین کا موقف جاننے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کا مشترکہ وفد پاکستان آ رہا ہے، اس کی رپورٹ کی روشنی میں پی ایف ایف کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
جلد پر دھاگےکی کڑھائی کی طرح نظر آنے والے حیرت انگیز ٹیٹو
نیویارک(ویب ڈیسک) اب ذرا اوپر کی تصویر کو دیکھیں تو یوں لگتا ہے کہ کسی خاتون نے بازو پر سوئی سے رنگ برنگی دھاگوں سے کڑھائی کی ہوئی ہے۔ لیکن اس کی ڈیزائننگ میں کوئی دھاگہ استعمال نہیں ہوا ہے بلکہ یہ ماہرین کی تیار کردہ مخصوص سیاہی کی بدولت ایسے دکھائی دیتے ہیں۔سلائی کڑھائی ایک روایتی ہنر ہے جو اب بزرگوں تک محدود ہوکررہ گیا ہے لیکن اب طرز کے ٹیٹو یا جسمانی نقش و نگار اب نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔ اس طرح کے ایمبرائڈری والے ٹیٹو اتنے خوبصورت اور دیدہ زیب ہیں کہ ان پر گویا حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔کڑھائی والے ٹیٹو دیکھ کر پہلے پہل یہ گمان ہوتا ہے کہ گویا کس نے جلد پر سوئی دھاگے کی کڑھائی کراادی ہے۔ پھر تھری ڈی ساخت کی بنا پر یہ حیرت انگیز کڑھائی کی مدد سے یہ خاص ابھار کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔
امریکا کا ایرانی فورس پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے ایران کی سیکیورٹی فورس پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا باضابطہ اعلان پیر کے روز کیا جائے گا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا نے ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور اس ضمن میں باقاعدہ اعلان پیر کے روز متوقع ہے۔ اس بات کا انکشاف رائٹرز سے بات کرتے ہوئے 3 اہم امریکی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کیا۔امریکی حکام نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاسداران انقلاب نے شام میں باغیوں کے خلاف بشارالاسد حکومت کا ساتھ دیا، لبنان حکومت میں شامل تنظیم حزب اللہ کی سرگرمیوں میں مدد کی اور فلسطین کی تنظیم حماس کی بھی معاونت کی جب کہ یمن میں بھی ان کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ٹرمپ انتظامیہ نےاگر پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تو یہ دنیا میں کسی بھی ملک کی فوج کو دہشت گرد قرار دینے کا پہلا واقعہ ہو گا، امریکا کی جانب سے پاسداران انقلاب کے بعض اہلکاروں کو پہلے ہی غیر ملکی دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔دوسری جانب پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد علی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایسی احمقانہ حرکت کی تو پاسداران انقلاب دنیا بھر میں امریکی فوجیوں کو داعش کے طور پر لیں گے۔ امریکا خطے میں امن کے خلاف مسلسل ایسے اقدامات کر رہا ہے جس سے طاقت کا توازن بگڑ جائے۔واضع رہے کہ ایرانی انقلاب کے بعد آیت اللہ خمینی کی سربراہی میں پاسدارانِ انقلاب کا قیام عمل میں آیا تھا جس کا بنیادی مقصد نئی حکومت کی حفاظت اور فوج کے ساتھ اقتدار کا توازن برقرار رکھنا تھا جب کہ حکومتی پالیسی اور احکامات کی تعمیل کرانا بھی اس فورس کی ذمہ داری میں شامل ہے۔
بی جے پی کی انتہا پسندانہ رویے سے دل برداشتہ شتروگھن سنہا کانگریس میں شامل
نئی دلی(ویب ڈیسک) بھارت کے لیجنڈ اداکار شترو گھن سنہا نے اپنی جماعت بی جے پی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں سے نالاں ہو کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار شترو گھن سنہا نے ’ڈکٹیٹر شپ‘ اور انتہا پسندانہ پالیسیوں پر اختلاف کے باعث اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ شتروگھن سنہا ریاست بہار کے علاقے پٹنہ صاحب سے الیکشن لڑیں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیجنڈ اداکار کا کہنا تھا کہ بی جے پی میں تبدیلی اور ترقی کا عمل رک گیا تھا اور ایک شخص کی آمریت قائم تھی، میں سچ بات منہ پر کہہ دینے کا قائل ہوں اور اسی عادت کے باعث بی جے پی میں ’مس فٹ‘ ہوں اور اب کانگریس میں شامل ہوکر عدم برداشت کی سیاست جاری رکھوں گا۔واضح رہے کہ شتروگھن سنہا 1996 سے پارلیمانی سیاست کا حصہ ہیں اور اس دوران لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے کے علاوہ ایک بار اٹل بہاری واجپائی کے دور میں صحت اور فیملی ویلفیئر کے وفاقی وزیر بھی رہے۔
شعبان المعظم کا چاند نظر آ گیا
کراچی(ویب ڈیسک)مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ملک میں شعبان المعظم کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔ذرائع کے مطابق شعبان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرائے، محکمہ موسمیات اور اسپارکوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ملک بھر میں چاند دیکھنے کے لیے زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ مقامات پر ہوئے جس میں چاند نظر آنے سے متعلق شہادتیں اکٹھا کی گئیں جن سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے اور ان کی تصدیق کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک میں شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز اتوار7 اپریل یکم شعبان ہوگی۔
ذہنی تناﺅ کے شکار ہیں تو 20 منٹ فطری ماحول میں گزاریں
مشی گن(ویب ڈیسک) روزانہ کسی پرفضا اور سبزے والے مقام پر صرف 20 منٹ گزارنے سے ڈپریشن اور ذہنی تناﺅ سے چھٹکارا حاصل کرنے میں خاطر خواہ مدد ملتی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ پرفضا مقام پر کچھ وقت گزارنے سے بدن میں دباﺅ اور پریشانی بڑھانے والے (اسٹریس) ہارمون کم ہوجاتے ہیں اور انسان خود کو ہلکا پھلکا اور بہتر محسوس کرتا ہے۔ ماہرین نے ایک مطالعےکے بعد یہ بات کہی ہے جس کی تفصیل’ فرنٹیئرز ان سائیکالوجی‘ جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ ماہرین نے اس عمل کو ’فطری دوا‘ کا نام بھی دیا ہے۔یہ تحقیق یونیورسٹی آف مشی گن کی پروفیسر میری کیرول نے کی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اس سے قبل سرسبز جگہ پر وقت گزارنے اور بہتر موڈ کے درمیان گہرا تعلق دریافت ہوچکا ہے لیکن اب اس کے سائنسی و طبی ثبوت ملے ہیں۔’ہماری تحقیق بتاتی ہے کہ روزانہ 20 سے 30 منٹ تک پرفضا مقام پر واک کرنے سے کارٹیسول ہارمون ازخود کم ہوتا ہے جو جسم میں ہوتو انسان کی پریشانی اور ڈپریشن بڑھاتا ہے۔ اسی لیے ہم لوگوں کو کچھ وقت فطری ماحول میں گزارنے کا مشورہ دیتےہیں،‘ پروفیسر میری نے کہا۔ماہرین کے مطابق شہر تیزی سے پھیل رہے ہیں اور سبزہ تیزی سے ختم ہوتا جارہا ہے۔ لوگ باہر نہیں نکلتے اور یوں قدرتی ماحول سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ اس ضمن میں فطری ماحول میں رہنا بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے قبل سوئزرلینڈ میں ڈاکٹروں نے باقاعدہ اپنے طبی نسخے میں مریضوں کو قدرتی پرفضا مقامات میں جانے پر زور دیا ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ اگر وقت کی تنگی ہے تب بھی ہفتے میں تین مرتبہ کم سے کم دس منٹ سبزے والے پرسکون مقام پر ضرور گزارئیے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے ق لیگ یوتھ ونگ لاہور کے صدر شیخ عمر کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا
لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما و سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے ق لیگ یوتھ ونگ کے صدر شیخ عمر کی رہائش گاہ جا کر ان کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی اس موقع پر ق لیگ کے رہنما اعجاز چودھری۔ سہیل سرفراز چیمہ۔ اشفاق بھٹی۔ اقبال خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ والدین دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہیں والد کی کمی کوئی پوری نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس کھڑی میں سب شیخ عمر کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کو مارنے کی کوشش ہے،جواد احمد
لاہور( ویب ڈیسک)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد کا کہناہے کہ عمران خان اور انکی جماعت پی ٹی آئی نے محض اقتدار کے شوق میں ملک کا مستقبل تاریک کر دیا ،لوگوں کیلئے پہلے دوائی خریدنا مشکل تھا اب بچوں کیلئے کتابیں خریدنا بھی ممکن نہیں رہا ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں لاہور کمیٹی کے ورکرز سے خصوصی ملاقات میں کیا اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر صحت ادویات کی قیمتوں میں اضافہ پر چھپنے کی کوشش نہ کریں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر نا غریبوں کو مارنے کی کوشش کے مترادف ہے،ساری قوم کو عذاب میں مبتلا کر دیا گیا ہے حد تو یہ ہے کہ ایک سوروپے کی دوائی کو 588 روپے قیمت جاری کر دی گئی، حکومتی ماتحت ادارہ ڈریپ اپنا کردار بخوبی ادا نہیں کررہا جس کے باعث اب ادویات بھی 99فی صد عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں جبکہ مدینہ ریاست کا دعوی کرنے والوں نے پنجاب کی غریب عوام سے ہسپتالوں میں فری ٹیسٹوں کی سہولت بھی چھین لی ہے اور ادیات کی تیاری کے لئے کمپنی کو 51 فیصد منافع دیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے برابری پارٹی ادویات اور بجلی کے بلوں میں ہونے والے حالیہ اضافہ کو رد کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ بار بار ڈالر کی قیمت میں اضافہ کرکے عوام کو مزید پریشانی میں نہ ڈالا جائے بلکہ اس موقع پر پارلیمنٹ غریبوں کو لوٹنے والے افسران اور نجی کمپنیوں کے مابین گٹھ جوڑ کامیاب نہ ہونے کے لئے اپنا کردار اد کرئے۔
مودی حکومت کی جنگ کا ماحول بناکرانتخابات جیتنے کی سازش بے نقاب ہوچکی، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جھوٹے دعووں کے ذریعے جنگ کا ماحول بنا کر انتخابات جیتنے کی بی جے پی کی سازش بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جنگ کا ماحول بناکر انتخابات جیتنے کی کوشش کی اور پاکستانی جہاز ایف 16 گرانے کے جھوٹے دعوے کیے گئے لیکن یہ سازش بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے، سچائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے اور یہی بہترین پالیسی ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے فیڈرل اور صوبائی نمائندگان کو اپنے علاقوں میں موجود پناہ گاہوں کا دورہ کرنا چاہیئے اور پناہ گاہوں میں موجود افراد کے ساتھ کھانا کھانا چاہیئے، اس اقدام سے ہمارے نمائندگان کو احساس ہوگا کہ ہمارے معاشرے کے سب سے نچلے درجے کا افراد کے مسائل کیا ہیں اور آنے والے مہینوں میں ، میں بذات خود غربت کے خلاف اس جہاد کی نگرانی کروں گا۔
حمزہ شہباز لوٹی ہوئی دولت واپس کریں یا جیل جائیں، فواد چوہدری
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اربوں روپے لوٹنے والے نواز، شہباز، حمزہ اور آصف زرداری یا تو پیسے واپس کریں یا جیل کاٹیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ماڈل ٹاﺅن میں آپریشن ہورہا ہے، کل سے لاہور میں چلنے والے ڈرامے کا مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں جو گھر کی بیسمنٹ میں چھپے بیٹھے ہیں اور انہوں نے خواتین و بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے، اصولی طور پر حمزہ شہباز کو گرفتاری دینی چاہیے اور الزامات کا سامنا بھی کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہبازکو گرفتارکرنا نیب کے لیے مشکل نہیں ہے، ان کے پاس وارنٹ گرفتاری اور فورس موجود ہے اور وہ جب چاہیں گھر میں گھس گرفتار کرسکتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے تماشہ ہوگا، اس لیے وہ انتظار کررہے ہیں کہ حمزہ شہباز خود گرفتاری دیں، اور (ن) لیگ کی غنڈہ گردی بھی برداشت کررہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ قانون سے ریلیف شریف فیملی کو ملا ہے، شریف خاندان اپنی مرضی اور سہولت کے ساتھ قانون کو چلانا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی اورن لیگ چاہتی ہے قوم کا پیسہ ان کی جیب میں جاتارہے اورکوئی نہ پوچھیں، جب ان لوگوں پرہاتھ ڈالتے ہیں تویہ جمہوریت کے پیچھے چھپتے ہیں تاہم وقت آگیا ہے کہ سیاست اورجرم میں فرق کریں۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف اوران کے خاندان پرالزام ہے کہ انہوں نے بیرون ملک85بلین ارب کی جائیدادبنائی ہے جب کہ زرداری صاحب پرپانچ بلین بیرون ملک بھجوانے کا الزام ہے، اپوزیشن اپنی چوری بچانے میں لگی ہوئی ہے اب یہ لوگ یا توپیسے واپس کریں یاجیل جائیں۔
عوام دو کے بجائے ایک روٹی کھا کر گزارا کریں، وقت آئے گا جب عوام کو ڈھائی روٹی کھانے کو ملے گی: اسپیکر کے پی اسمبلی کا مشورہ
پشاور(ویب ڈیسک)اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے اس لیے عوام دو کے بجائے ایک روٹی کھا کر گزارا کریں۔پاکستان اس وقت مشکل ترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے اور اس کا اعتراف وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر بارہا اپنے بیانات میں بھی کر چکے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان حالات کا ذمہ دار مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو قرار دیتی ہے جب کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کی موجودہ معاشی صورت حال کا ذمہ دار تحریک انصاف کو ٹھہراتی ہے۔خیبر یونین آف جرنلسٹ کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ ملک مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے اور قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے اس لیے عوام دو کے بجائے ایک روٹی کھا کر گزارا کریں، آگے وقت آئے گا جب عوام کو ڈھائی روٹی کھانے کو ملے گی۔


















