لاہور (خصوصی رپورٹ) سرکاری ہسپتالوں میں تشخیصی ٹیسٹوں کے بعد مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں دشواری کا سامنا‘ زکوٰة فنڈز اور لوکل پرچیز سے بھی مریضوں کو ادویات کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی۔ ہسپتالوں کی انتظامیہ نے مریضوں کو بازار سے ادویات خریدنے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کا سلسلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے مریضوں کو ادویات کی پرچیاں تھمانا شروع کردی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے ہسپتالوں میں ہونے والے تشخیصی ٹیسٹوں کے نرخ میں اس حد تک اضافہ کردیا گیا ہے کہ مریضوں کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا لیکن نئی حکومت میں ایسی تبدیلی رونما ہوئی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں فری ادویات کا سلسلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جس سے مریض سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں کیونکہ ہسپتالوں میں نہ تو زکوٰة فنڈ اور نہ لوکل پرچیز سے ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتالوں نے مفت ادویات کا سلسلہ کم کردیا ہے اور صرف وی آئی پی مریضوں کو ادویات فراہم کردی جاتی ہے لیکن باقی ماندہ مریضوں کو ادویات کے حصول کے لئے بازار کا رخ دکھایا جاتا ہے اور مریضوں کے لواحقین کو نسخہ جات کی پرچیاں تھمانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
Monthly Archives: April 2019
بیوی جنت میں جانے کا دروازہ : مصری عالم کا فتویٰ
قاہرہ( خصوصی رپورٹ )مصر کی جامعہ الازھر کے ایک سرکردہ عالم دین نے متنازع فتوی صادر کیا ہے جس پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔جامعہ الازھر کے عالم دین الشیخ محمد ابو بکر نے ایک ٹیلی ویژن کو دیے گئے انٹریو میں کہا کہ ‘جب تک بیوی ناراض رہے گی اس کا شوہرجنت میں داخل نہیں ہوگا۔ جنت میں جانے کے لیے شوہرکوبیوی کی خوشنودی حاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ مرد اس وقت تک جنت میں نہیں جائے گا جب تک اس کے اخلاق سے اس کی بیوی خوش نہ ہو۔اگر بیوی ناراض ہوگی تو فرشتے اس کے شوہر پر لعنت کریں گے۔اس لیے مردوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی بیگمات جنت میں داخلے کا دروازہ ہیں’۔الشیخ ابو بکر کے اس متنازع بیان کے سامنے آنے کے فوری بعد اس پر سوشل میڈیا پر سخت رد عمل سامنے آنا شروع ہوگیا۔ ناقدین کا کہنا ہےکہ جامعہ الازھر کےعالم دین نے سستی شہرت کے حصول کے لیےمتنازع فتوی صادر کیا ہے، حالانکہ اس حوالےسےقرآن کریم اور احادیث رسول میں ایسی کوئی نص قطعی موجود نہیں ہے۔
رمضان المبارک ۔۔۔ کھجوریں مہنگی
لاہور (خصوصی رپورٹ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل جہاں سبزیوں‘ گھی‘ دالوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے وہیں شہر بھر میں کھجور کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں 20 فیصد سے زائد اضافہ کردیا گیا۔ شہر کے بازاروں میں کھجوروں کا کاروبار کرنے والے دکانداروں نے راتوں رات قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے مطابق ٹافی کھجور کی قیمت 500 سے بڑھ کر600 ‘ مبروم کی قیمت 800 سے بڑھ کر 1000‘ عنبر کی قیمت 450 سے بڑھ کر 600 جبکہ عجوہ درجہ دوم کی قیمت 1200 سے بڑھ کر 1500 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب رمضان المبارک سے قبل کھجور کے سٹاک کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ”خوردنی آئٹم“ بھی کھجور ہی ہے اور شہریوں کی اکثریت سنت نبوی کے مطابق کھجور سے ہی روزہ افطار کرتی ہے۔
کوئٹہ کی بس سے اتار کر 14 مسافر قتل
گودار (مانیٹرنگ ڈیسک) گوادر میں انسانیت سوز واقعہ، اورماڑہ کے قریب کوسٹل ہائی وے پر 14 افراد کو بس سے اتار کر قتل کر دیا گیا۔ مسافروں کو شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد مارے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق رات 2بجے کے قریب مسلح افراد نے کوسٹل ہائی وے پر بس کو روکا اور 14مسافروں کو بس سے اتار کر ہاتھ باندھ کر قتل کیا۔ 5 سے 6 کے درمیان مسلح افراد تھے۔ نقاب پوش ملزمان نے شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کیا۔ پولیس کے مطابق مقامی لوگ ڈرے ہوئے ہیں اور معلومات دینے سے گھبرا رہے ہیں۔ پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
سمارٹ کارڈ ، نمبر پلیٹس کا بحران بے قابو
لاہور (نیااخباررپورٹ) گاڑیوں کی رجسٹریشن کی جگہ متعارف کروائے گئے سمارٹ کارڈ اور نمبر پلیٹوں کے بحران پر قابو نہ پایا جا سکا۔ شہری سمارٹ کارڈ اور نمبر پلیٹوں کے حصول کیلئے ایکسائز دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ دوسری طرف ایجنٹ مافیا بھی متحرک ہوگیا ہے اور انہوں نے سمارٹ کارڈ اور نمبر پلیٹوں کی ڈلیوری کیلئے شہریوں سے رقم ہتھیانی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز ڈائریکٹوریٹ جنرل میں تعینات ایک افسر کے کارخاص نے سمارٹ کارڈ کی فراہمی کیلئے شہریوں سے رقم ہتھیانی شروع کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹ کے بحران میں بھی شدت آ گئی ہے اور ان کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے اور دوسرے جانب زیرالتوا سمارٹ کارڈز کی تعداد بھی ہزاروں تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی صدر کی عقل گھاس چرنے چلی گئی ، ہر کوئی حیران
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع نوٹرے ڈیم کیتھڈرل گزشتہ پیر کو خوفناک آگ کا شکار ہوا۔ آگ بجھانے کیلئے 3سو فرانسیسی ماہرین دن رات جدید ترین فائر کنٹرول کے آلات اور بلندو بالا آگ بجھانے والی گاڑیوں کے ہمراہ آگ پر قابو پانے کیلئے کوشاں رہے۔ اسکے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں فرانسیسی ایجنسی کو ایک عجیب و غریب مشورہ دیا۔ ٹویٹ میں ڈونلڈ جے ٹرمپ نے کہا کہ نوٹرے ڈیم کیتھڈرل پیرس میں شدید آگ دیکھ کر دل پر خوف طاری ہو گیا شاید اگر فرانس اس آگ کو بجھانے کیلئے فلائنگ واٹر ٹینکر استعمال کرتا تو آگ بہت جلد بجھ جاتی۔ اس عجیب و غریب مشورے پر مبنی امریکی صدر کے ٹویٹ پر فرانسیسی سول سکیورٹی ایجنسی نے امریکی صدر کے ٹویٹ کو پوائنٹ آﺅٹ کر کے جوابی ٹویٹ کیا کہ کیتھڈرل کو لگی ہوئی آگ بجھانے کیلئے تمام دستیاب ذرائع استعمال کئے جاتے رہے ماسوائے طیاروں سے واٹر بمنگ کے۔ کیونکہ اگر بلندی سے کیتھڈرل کی آگ بجھانے کیلئے ائرکرافٹ واٹر بمنگ کرتے تو اس سے (آٹھ سو سال پرانے) کیتھڈرل کا سٹرکچر بھی تباہ ہو جاتا۔ ایڈن کلے EDEN CLAY نے اپنے جوابی ٹویٹ میں لکھ دیا کہ حقیقی لیڈر 800سال قدیمی نوٹرے ڈیم کیتھڈرل پیرس کی آتشزدگی پر دکھ افسوس اور تعزیت کے پیغامات بھیج رہے ہیں محترم صدر ٹرمپ صاحب آپ ہمیں متحیر کن آگ بجھانے کا طریقہ سمجھا رہے ہیں۔ آپ ہمارے 3سو سے زائد فائر فائٹرز کو یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں اتنی بڑی آگ کس طرح بجھانی چاہئے تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ مسٹر پریزیڈنٹ آپ ہمیں اپنے ٹویٹ کے ذریعے پشیمان کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک اور فرانسیسی شخصیت ELSIE نے اپنے ٹویٹ میں صدر ٹرمپ کو کہا کہ وہ شاید خود کو بہت ماہر فائرمین تصور کرنے لگے ہیں۔ فرانس کی سول سکیورٹی نے فوری جوابی ٹویٹ میں کہا کہ پیرس فائر بریگیڈ کے سینکڑوں فائر مین کیتھڈرل کی آگ جلد سے جلد بجھانے کیلئے ہرممکن ذریعہ استعمال کر رہے ہیں۔ تمام وسائل استعمال ہو رہے ہیں ماسوائے (بقول صدر ٹرمپ) واٹر بمبنگ ائرکرافٹ کے۔ اگر کیتھڈرل کے اوپر ائرکرافٹ کے ذریعے پانی کی بمباری کی جاتی تو اس سے کیتھڈرل کا پورا سٹرکچر تباہ و برباد ہوجاتا۔
معیشت بیٹھ جانے کا خوف‘ حکومت انتقامی پالیسی پر گامزن: حمزہ شہباز
لاہور( این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے معیشت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے کھلاڑی کے کھلنڈرے پن کا خوف ہے ، اپنا موقف دے چکا ہوں کہ جو بھی کیا پاکستان کے قانون اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا ، موجودہ حکومت انتقام کی پالیسی پر گامزن ہے اور پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے رکن نعیم بخاری کا شہباز شریف کے کیسز میں نیب کا وکیل مقرر ہونا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عدالتوں میں پیشیوں سے گھبراتا ہوں اور نہ گرفتاری سے ڈرتا ہوں۔ مجھے صرف پاکستانی معیشت کے بیٹھ جانے کا خوف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کے سامنے حقائق اور موقف پیش کر چکا ہوں کہ جو کچھ بھی کیا پاکستان کے قانون اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا ۔ انہوںنے کہا کہ مجھے کھلاڑی کے کھلنڈرے پن کا خوف ہے،آج جو ملک کے حالات ہیں اللہ کے سوا کوئی مدد کرنے والا نہیں۔
حکومت نے ذمہ داریوں سے شتر مرغ کی طرح منہ چھپا لیا : بلاول بھٹو
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ذمہ داریوں سے شترمرغ کی طرح اپنا سرریت میں چھپا لیا ہے۔ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بلاول بھٹو زرداری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے شدید متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے جب کہ آباد کاروں اور کسانوں کے لئے اسپیشل پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف بے نامی وزیراعظم عوام سے جھوٹ موٹ کا رابطہ رکھنے کے لیے بھی تیار نہیں، عمران خان نیازی کو نا تو دہشت گردی کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کی سسکیاں سنائی دیتی ہے اور نا ہی بارشوں کے متاثرہ لوگوں کی آہ و فغاں، لگتا ہے کہ وزیراعظم کو بولا گیا ہے کہ اگر وہ غریبوں سے رابطے میں رہیں گے تو قرضے نہیں ملیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخالفین کے خلاف صبح و شام آگ اگلنے میں مصروف وزرا کے منہ میں بھی بارش متاثرین سے ہمدردی کے لیے دو الفاظ نہیں اور سلیکٹڈ حکومت نے اپنی ذمہ داریوں سے شترمرغ کی طرح اپنا سرریت میں چھپا لیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کی اکثریت نے ایم ڈی اور نئے ڈومیسٹک ڈھانچے کیخلاف بغاوت کر دی : وزیراعظم کا نوٹس
کوئٹہ (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اکثریتی اراکین نے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور نئے مجوزہ ڈومیسٹک اسٹرکچر کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک اجلاس میں بیٹھنے سے انکار کردیا۔بدھ کو پہلی مرتبہ کوئٹہ میں منعقدہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا گورننگ بورڈ کا 53واں اجلاس اختلافات کی نذر ہو گیا جہاں بورڈ کے اکثر اراکین نے ایم ڈی پی سی بی کو ہٹانے سے سمیت متعدد مطالبات کی حامل کی قرار پیش کی۔اجلاس شروع ہوا تو 5 اراکین نے قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی جس میں ناصرف ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے متعلق ڈومیسٹک کرکٹ کے مجوزہ اسٹرکچر کو مسترد کیا گیا بلکہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی تقرری کو بھی غیرقانونی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیاتاہم ایجنڈے سے ہٹ کر قرارداد پیش کرنے پر چیئرمین پی سی بی اور چند اراکین نے مخالفت کی جس پر قرارداد پیش کرنےوالے ارکان نے مطالبات کی منظوری تک اجلاس میں بیٹھنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق اراکین نے بورڈ کا اجلاس 30 اپریل کو لاہور میں بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق چار ریجنز اور چار محکموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے۔اراکین نے محکمہ جاتی کرکٹ ختم کرنے کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی تقرری کو بھی چیلنج کردیا اور تقرری کو کالعدم قرار دیا۔اراکین نے بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی جانب سے وسیم خان کے اختیارات سے متعلق ایجنڈے کو پیش کرنے سے قبل ہی ماننے سے مکمل طور پر انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے ان اکثریتی اراکین نے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے لیے نئی کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے جبکہ 10 روز میں نیا اسٹرکچر تجویز کرکے 30 اپریل کو پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیش کی جانے والی قرارداد پر پانچ اراکین کے دستخط ہیں، اجلاس میں گورننگ بورڈ کے پانچ اراکین کے احتجاج کرنے پر تلخی بھی ہوئی۔گورننگ بورڈ کے اراکین نے مطالبات ماننے تک بورڈ کے اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔کوئٹہ میں گورننگ بورڈ کے اجلاس میں 7 میں سے 5 ارکان کا بورڈ کے ایجنڈے کو ماننے سے صاف انکار کا سیدھا مطلب چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے خلاف عدم اعتماد کے مترادف ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ کورم پورا نہ ہونے کے سبب اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔اعلامیے کے مطابق پانچ اراکین نے ایجنڈے سے ہٹ کر قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی جس پر پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ ایجنڈے سے ہٹ کر کوئی بھی معاملہ اجلاس کے اختتام پر پیش کیا جائے لیکن خان ریسرچ لیبارٹریز اور چار ریجنز کے نمائندوں نے اجلاس میں واپسی سے انکار کردیا۔پی سی بی چیئرمین نے اپنے بیان میں اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید تھی کہ پاکستان کرکٹ کے لیے موثر اور اسے بہتر بنانے کی بات کی جائے گی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی تاکہ صوبے میں کرکٹ کو فروغ دیا جا سکے لیکن مجھے زیادہ افسوس اس بات پر ہوا کہ بلوچستان کے نمائندوں نے بھی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے واضح کیا ہے کہ اجلاس کو کوئی بھی ہائی جیک نہیں کر سکتا ، ہونے والے فیصلے تبدیل نہیں ہونگے ، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی تعیناتی بورڈ آف گورنرز کا فیصلہ تھا،ہم کرکٹ کو تگڑا کرینگے ،ہمیں صرف کرکٹ کے بارے میں سوچنا چاہیے،کسی کا سیاسی ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے۔ بدھ کویہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہاکہ بورڈ کے جو فیصلے ہو چکے ہیں وہ تبدیل نہیں ہوں گے اور کوئی بھی اس طرح آکر اجلاس کو ہائی جیک نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کو تگڑا کریں گے، ہمارا پہلے بھی منصوبہ تھا کہ 6 یا 8 ریجن کھیلیں گے اور اب بھی ہے کہ 6 کھیلیں گے، اس میں زیادہ فرق نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ نیچے اسٹرکچر وہی ہو گا جو پہلے تھا بلکہ مضبوط ہو گا لیکن اس کے نتیجے میں لوگوں کے ذاتی مفادات ختم ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کار کر دگی اور کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس کے دور ان ہونے والی صورتحال پر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی احسان مانی کو اسلام آباد طلب کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کرکٹ بورڈ کی کارکردگی اور کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس کے دور ان ہونے والی صورتحال پر پر سخت برہمی کااظہار کیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے احسان مانی کو فون اور صورتحال سے متعلق معلومات لیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چیئر مین پی سی بی کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں ملاقات میں کا امکان ہے۔
پاکستان کی ایٹمی بٹن دبا نے کی دھمکی سے نہیں ڈرا:مودی کی گیدڑ بھبکی
سریندرنگر (نیٹ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے پاکستان کو دہشت گردی کا ایکسپورٹر قراردیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومتوں کے دوران دہشت گرد ہندوستان میں حملے کرکے وہاں چھپ جاتے تھے اوروہ جوہری حملے کی دھمکی دے کرانہیں بچا لیتا تھا، مگران کی حکومت نے ا س کی پرواہ کئے بغیرسرجیکل اسٹرائک اورفضائی حملے جیسی کارروائی کی۔نریندرمودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات کے سریندرنگرمیں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھرمیں ہندوستان کا ڈنکا بج رہا ہے۔ لوگوں نے30 سال بعد پہلی بار ان کی مکمل اکثریت کی مضبوط حکومت بنائی جس کی وجہ سے وہ ملک کی مضبوطی سے خدمت کرسکے۔ مسئلہ کشمیر، دراندازوں اورنکسل کے خلاف ٹھوس قدم اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ ‘ایک اپنا پڑوسی ملک ٹیررزم ایکسپورٹ کرنےکا کام کرتا ہے۔ یہ اس کا ایک ہی کام ہے۔ پہلے پاکستان سے دہشت گرد آ کر ہندوستان میں حملے کرکے واپس بھاگ جاتے تھے اورپاکستان ہندوستان کوڈراتا تھا کہ اگرکارروائی کی گئی، تواس کے پاس جوہری ہتھیار ہے جس کا وہ بٹن دبا دے گا۔ میں نے اس دھمکی کی پرواہ نہیں کرتے ہوئے کہا کہ جا دبا دو۔ پہلے ہمارے لوگ دنیا بھرمیں روتے تھے۔ اب پاکستان رونے جاتا ہے۔
” خبریں “ میڈیا گروپ کے سہ روزہ کسان میلہ کا 26اپریل سے آغاز
ملتان (خبرنگار) ”خبریں“ میڈیا گروپ کے کسان میلے کا افتتاح گورنر پنجاب چودھری سرور 26اپریل کو کریں گے جبکہ کسان میلے کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہونگے۔ دونوں معزز مہمانان گرامی نے اپنی شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے۔ پاکستان میں سب سے بڑا کسان میلہ 26 تا 28 اپریل قلعہ کہنہ قاسم باغ میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان بھر سے زراعت کے تمام شعبوں سے وابستہ کمپنیاں بھرپور شرکت کریں گی۔ ان کے علاوہ تین دن زراعت کے مختلف موضوعات پر کانفرنسیں بھی ہونگی۔ زرعی ماہرین، معاشی ماہرین، سیاسی و سماجی رہنماﺅں کے علاوہ زرعی یونیورسٹی کے طلباءوطالبات، اساتذہ، سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زرعی ماہرین، محکمہ زراعت، کاٹن، مینگوریسرچ کے علاوہ کسان، مزدور اور کسانوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندے و عہدیدار بھرپور شرکت کریں گے۔ کسان میلے کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہونگے۔ اس کے بعد رنگا رنگ ثقافتی پروگرام رات 12 بجے تک جاری رہیں گے۔ جس میں دنگل، وگتی، موسیقی اور آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے بھی ہونگے۔ تین دن تک کسان میلہ عوام کو بھرپور علم اور تفریح مہیا کرے گا۔ ”خبریں“ میڈیا گروپ کے کسان میلہ کی معاون کمپنیوں اور گروپوں میں تارا گروپ، پیپسی کولا شمیم اینڈ کمپنی، علی اکبر گروپ، پیٹرون گروپ، سن کراپ گروپ، بائیوو ٹریک، وِز واش، سولیکس کیمیکلز، ای دی آل گروپ، اپنا بینک، چوہان ڈویلپرز، شمع بناسپتی، کو اور سنٹرل، جالندھر سیڈز شامل ہیں۔
کسان میلہ
اہم کامیابی : امریکہ نے پاکستان کو خطرناک ترین ممالک کی فہرست سے نکال دیا
واشنگٹن (آن لائن) پاکستان کا نام امریکا کیلئے خطرہ قرار دیے جانے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کونسل آن فارن ریلیشنز نے پاکستان کا نام امریکا کیلئے خطرہ قرار دیئے جانےوالے ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ امریکی تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز نے پاکستان کا نام امریکا کیلئے خطرہ قرار دیئے جانے والے ممالک کی فہرست میں ڈالا تھا۔دو ہزار انیس پہلا سال ہے کہ پاکستان کا نام امریکا کیلئے خطرناک ممالک کی فہرست میں نہیں ڈالا گیا ہے۔ کونسل آن فارن ریلیشنز تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ پاکستان اب امریکا کیلئے خطرہ نہیں رہا۔ واضح رہے کہ دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں ہم امریکا کے اتحادی ہونے کے باوجود بھی اس لسٹ سے اپنا نام نہ نکلوا سکے جس لسٹ میں ان ممالک کے نام درج ہیں کہ جن سے امریکا یا امریکیوں کو خطرہ ہے۔ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ امریکی کونسل آن فارن ریلیشنز تھنک ٹینک نے پاکستان کا نام اس لسٹ سے نکال دیا ہے۔افغانستان کی جنگ سے لے کر طالبان کے ساتھ محاذ تک ہر موقع پر پاکستان امریکہ کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہا ہے اور دہشت گردی کی اس جنگ میں لاکھوں پاکستانیوں کی جان قربان ہونے کے علاوہ مالی طور پر بھی پاکستان کہیں پیچھے چلا گیا۔ یہی نہیں بلکہ امریکا کی اس جنگ میں ساتھ دینے کے بدلے دہشت گردی کا رخ پاکستان کی طرف ہو گیا اور اس حوالے سے بھی پاکستان کو خاصے نقصان کا سامنا کرناپڑ ا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام دہشت گرد ملک کے طور پر لیا جانے لگا۔امریکا نے دہشت گردی کی جنگ میں اتحادی ہونے کے باوجود پاکستانیوں پر دبا? ڈالے رکھا اور اس کا شمار اس ملک کے طور پر کیا جس سے امریکیوں کو خطرہ تھا۔
بھارتی الیکشن : دوسرا مرحلہ آج ، حریت کانفرنس کی ہڑتال کی اپیل ، سکیورٹی سخت
سرینگر+جموں(اے این این )بھارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ (آج) ،حریت کا نفرنس کی ہڑتال اور بائیکاٹ کی اپیل،وادی میں سکیورٹی سخت،فوج الرٹ،سرینگر اوراودھمپورنشستوں کیلئے میدان سج گیا ، 25امیدوار میدان میں دونوں نشستوں پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور بھارت مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نمایاں امیدوار ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بھارت کے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں18اپریل کو سرینگر اور اودہمپورپارلیمانی نشستوں کیلئے منگل کو انتخابی مہم کا اختتام ہوا۔وسطی کشمیر کی نشست پر13امیدوار جبکہ اودہمپور نشست پر 12امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ان دونوں نشستوں پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور بھارت مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نمایاں امیدوار ہیں۔ اس نشست پر نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، پی ڈی پی کے آغا محسن ،پیپلز کانفرنس کے عرفان انصاری،بی جے پی کے خالد جہانگیر اور عوامی اتحاد پارٹی کے ایڈوکیٹ بلال سلطان سمیت دیگر13امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن حکام کے مطابق سرینگر ضلع میں46جلسے منعقد ہوئے،جس دوران انتخابی مہم مجموعی طور پر خوشگوار رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی16 شکایتیں بھی موصول ہوئیں،جن میں سے9شکایتوں پرکارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ سرینگر پارلیمانی نشست پر2017کے ضمنی انتخابات کے دوران7.2فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے،جبکہ اس دوران9انسانی جانیں بھی تلف ہوئیں تھی،اور بیسوں زخمی ہوئے تھے۔اس دوران خانصاحب علاقے میں ایک نوجوان فاروق احمد ڈار کو فوجی آفسر نے گاڑی کے آگے باندھا تھا،اور سنگبازی سے بچنے کیلئے اپنا راستہ ہموار کیا تھا۔ سرینگر پارلیمانی نشست پر12لاکھ90ہزار318رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے،جن کیلئے1716پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔وسطی کشمیر کی نشست سے نقل مکانی کرنے والے ووٹروں کیلئے جموں میں21اور ادھمپور و دہلی میں ایک،ایک پولنگ مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔جغرافیائی طور پر سب سے طویل اودھمپور۔ ڈوڈہ حلقہ6 اضلاع کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن،ریاسی، اودھمپوراورکٹھوعہ جبکہ17اسمبلی نشستوںکشتواڑ، اندروال، ڈوڈہ، بھدرواہ، رام بن، بانہال، اودھمپور، رام نگر، چنینی، کٹھوعہ، ہیرا نگر، بنی، بسوہلی، بلاور، ریاسی، گول ارناس اور گلاب گڑھ پر مشتمل ہے ۔اس حلقہ میں رائے دہندگان کی کل تعداد16لاکھ85ہزار779ہے جن میں سے 8لاکھ 76ہزار319مرد جبکہ 7لاکھ،89 ہزاراور105خواتین ووٹر ہیں ۔اودھمپور۔ڈوڈہ حلقہ سے بی جے پی ڈاکٹر جتیندر سنگھ، کانگریس کے وکرم ادتیہ سنگھ، ڈوگرہ سوابھی مان سنگٹھن کے چوہدری لعل سنگھ اور پنتھرز پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ سمیت 12امیدوار میدان میں ہیں۔اس اہم نشست پر2014کے انتخابات میں بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کامیابی حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ 2014کے انتخابات میں 14لاکھ 69ہزار72رائے دہندگان میں سے 10لاکھ، 42 ہزاراور375ووٹروںنے حصہ لیا اور مجموعی طور پر پولنگ کی شرح 70.95فیصد رہی ۔اس الیکشن میں جتیندر سنگھ نے 4لاکھ، 87ہزاراور369ووٹ لیتے ہوئے کانگریس کے غلام نبی آزاد کو ہرایاتھا ۔آزاد کو اس الیکشن میں 4لاکھ،26ہزاراور393ووٹ ملے تھے ۔دلچسپ امر ہے کہ 2009سے 2014تک کانگریس کی طرف سے اس نشست پر ممبر پارلیمنٹ رہنے والے چوہدری لعل سنگھ نے آزاد کے حق میں مہم نہیںچلائی اور انہوںنے انتخابات کے بعد بی جے پی میں شمولیت کرلی تھی تاہم اس مرتبہ وہ خود اپنی جماعت سے بی جے پی اور کانگریس کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں ۔اودھمپور حلقہ کانگریس کا گڑ رہاہے اور اس پر بی جے پی کی طرف سے پہلے چمن لعل گپتا اور پھر 2014میں جتیندر سنگھ کامیاب ہوئے ہیں ۔ اس حلقہ کیلئے حکام کی طرف سے 2ہزار710پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی نے(آج) 18اپریل کو انتخابات کا بائیکاٹ اور بڈگام، گاندربل اور سرینگر اضلاع میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے، آزادی پسند لیڈران،کارکنان اور سینکڑوں نوجوانوں کو بلا جواز قید کیا گیا ہے ، ریاست کو اقتصادی طور مفلوج بنانے کے لیے آئے روز تاناشاہی فرمان جاری کئے جاتے ہیں اور یہاں کی مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے عدالتوں کو استعمال کیا جاتا ہے اور دوسری طرف بھارتی حکمران الیکشن سے لوگوں سے اس ظلم وجبر اور بربریت کی تائید حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندنواز تنظیمیں اور ان کے افراد کو عام لوگوں کے جینے مرنے سے کوئی مطلب نہیں ہے اور وہ ہر صورت میں الیکشن ڈرامے میں کامیابی حاصل کرکے بھارت کے فوجی قبضے کو مضبوط تر بنانے کا کارنامہ انجام دینے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینا چاہتے ہیں۔گیلانی نے کہا کہ یہ لوگوں کی آزمائش کا موقعہ ہے کہ وہ 2017کے سرینگر پارلیمانی انتخابات کی طرح غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل بائیکاٹ کریں۔ادھربھارتی ریاست تامل ناڈو میں لوک سبھا کے حلقے تھینی میں الیکشن کمیشن کی نگرانی ٹیم، اور محکمہ انکم ٹیکس کے مشترکہ چھاپے میں ایک دکان سے ووٹرز کی تقسیم کے لیے رکھے گئے ایک کروڑ 48 لاکھ بھارتی روپے برآمد کرلیے۔مذکورہ دکان کو مبینہ طور پر تامل ناڈو کی ایک سیاسی جماعت (اے ایم ایم کے) کا ہمدرد چلاتا تھا۔ چھاپے کے دوران اس کارروائی پر اعتراض کرنے والے سیاسی جماعت کے ہمدردوں کو منتشر کرنے کے لیے اہلکاروں کو ہوائی فائر بھی کرنے پڑے۔سینئر عہدیدار کے مطابق فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور سیاسی جماعت کے 4 کارکنان کو اس سے تعلق کے شبے میں گرفتار بھی کیا گیا۔ٹیم نے عمارت میں نقد رقم چھپائے جانے کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تاہم دکان کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


















