اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں بلوچستان سمیت ملک کے سیکورٹی امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد 14 لوگوں کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
Monthly Archives: April 2019
نورا فتیحی ماہرہ خان کی فلم ’سپراسٹار‘ میں جلوہ گر ہوں گی
لاہور(ویب ڈیسک)کینیڈین نژاد مراکشی اداکارہ نورا فتیحی بالی ووڈ کے بعد لالی ووڈ میں انٹری دینے کی تیاری کررہی ہیں۔پاکستان ڈرامہ انڈسٹری اور لالی ووڈ سمیت بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی خوبروہ اداکارہ ماہرہ خان آج کل ’فلم سپر اسٹار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل اداکار وماڈل بلال اشرف مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ فلم میں اب ایک آئٹم نمبر بھی شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے جس کے لیے نورا فتیحی کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کینیڈین نژاد مراکشی اداکارہ بالی ووڈ کی متعدد فلموں میں ڈانس نمبر کرچکی ہیں لیکن جان ابراہم کی فلم ’ستیا میو جیاتے‘ میں ماضی کے مشہور گیت ’دلبر دلبر‘ پر ڈانس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا جس کے بعد انہوں نے سلمان خان کی ’بھارت‘ سمیت متعدد فلموں میں آئٹم نمبر کیے جب کہ اب وہ ماہرہ خان کی فلم ’سپر اسٹار‘ میں ڈانس کرتی دکھائی دیں گی۔ معروف ہدایتکارہ مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’سپر اسٹار‘ میں محمد احتشام الدین ہدایت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ فلم میں ماہرہ خان ’نوری‘ اور بلال اشرف ’سمیر‘ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
ممتاز دانشور ڈاکٹر جمیل جالبی 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
کراچی(ویب ڈیسک) ممتاز محقق، دانشور اور ماہر لسانیات ڈاکٹر جمیل جالبی 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ترجمان انجمن ترقی اردو کے مطابق سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی جمیل جالبی 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے، ان کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر کراچی کے علاقے ڈیفنس کی مسجد ابوبکر میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم متعدد کتابوں کے مصنف و مترجم تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ممتاز ادیب اور تعلیم دان جمیل جالبی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جالبی صاحب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ڈاکٹر جمیل جالبی 12 جون 1929ءکو علی گڑھ میں پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام محمد جمیل خان تھا۔ وہ پاکستان کے نامور اردو نقاد، ماہرِ لسانیات، مﺅرخ اور صدر اردو لغت بورڈ تھے۔ ان کا سب سے اہم کام اردو لغت کی تدوین اور تاریخ ادب اردو جیسی اہم کتاب کی تصنیف و تالیف ہے۔ 1947ءمیں تقسیم ہند کے بعد ڈاکٹر جمیل جالبی پاکستان آ گئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کرلی۔جمیل جالبی نے 1972 میں قدیم اُردو ادب پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی اور 1978ءمیں مثنوی کدم راﺅ پدم راﺅ پر ڈی لٹ کی ڈگریاں حاصل کیں جبکہ سی ایس ایس کے امتحان میں بھی کامیاب ہوئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ادبی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔1983ء میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور 1987ءمیں مقتدرہ قومی زبان کے چیئرمین تعینات ہوئے۔ 1990ءسے 1997ءتک اردو لغت بورڈ کراچی کے سربراہ بھی مقرر ہوئے۔ انہوں نے بارہ سال کی عمر میں سب سی پہلی کہانی سکندر اور ڈاکو لکھی جسے اسکول میں ڈرامے کے طور پر اسٹیج کیا گیا۔
اسلام آباد میں کینیڈین ماڈل کو ہراساں کرنے والے ملزمان گرفتار
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں کینیڈا کی شہری خاتون کو ہراسانی کا نشانہ بنانے والے اوباش نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔اسلام آباد پولیس کے مطابق کینیڈین خاتون سے بدتمیزی اور ان کا پیچھا کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونے والوں میں حمزہ سہیل اورانس کامران شامل ہیں۔ملزمان کیخلاف تھانہ سہالہ میں خاتون کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ غیر ملکی خاتون نے دونوں ملزمان کی شناخت بھی کرلی ہے۔واضح رہے کہ منگل کو اوباش نوجوان نے خاتون کو ہراساں کیا تھا جس پر انہوں نے وزیراعظم کے شکایات پورٹل پر شکایت درج کرائی تھی۔
بھارت میں عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا سماں
نئی دلی / سری نگر(ویب ڈیسک) بھارت میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم مقبوضہ کشمیر میں عوام نے انتخابات کے نام پر ڈھونگ کو مسترد کردیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 95 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریاست تمل ناڈو کی 38، مہاراشٹرا کی 10، کرناٹکا کی 14، اتر پردیش کی 8، آسام ، بہار اور اڑیسہ کی 5،5، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال کی 3،3 جب کہ مقبوضہ کشمیر کی 2 اور منی پور کی ایک نشست پر پولنگ ہورہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں انتخابی ڈھونگ مسترد
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے عوام نے انتخابات کے نام پر رچائے جانے والے ڈھونگ کو مسترد کردیا ہے، حریت رہنماﺅں کی اپیل پر نام نہاد انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا ہے، پولنگ اسٹیشن ویران پڑے ہیں جب کہ وادی میں کرفیو کا سماں ہے۔
رقم کی تقسیم پر انتخاب ملتوی
بھارت کی مختلف ریاستوں میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو لبھانے کے لیے شراب، ملبوسات، سونے کے زیور اور نقد رقم کی تقسیم بڑے پیمانے پر ہوتی ہے، بھارتی ریاست تمل ناڈو کے حلقہ ویلور میں نقد رقم بانٹنے پر انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لوک سبھا کے انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوا تھا جس میں 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔
بی جے پی رہنما پر پریس کانفرنس کے دوران جوتے سے حملہ
نئی دلی(ویب ڈیسک)بی جے پی رہنما پر پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران جوتے سے حملہ کیا گیا۔حملہ آور جس نے خود کو ڈاکٹر بتایا، کے حملہ کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔حملے کے بعد اسے فوری طور پر سیکیورٹی گارڈز نے پارٹی دفتر سے باہر نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔بی جے پی رہنما بھوپیندرا یادیو اور جی وی ایل نرسمہا راﺅ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس پر ہندوتوا رہنماﺅں پر جھوٹے الزامات لگاکر ہتک عزت کا دعویٰ کر رہے تھے۔انہوں نے پریس کانفرنس میں سادھوی پراگیا سنگھ ٹھاکر پر لگنے والے الزامات کا دفاع کرتے ہوئے اسے کانگریس کی سازش قرار دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمراں جماعت بی جے پی نے اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ انتخابات میں 2008 کے خونریز بم دھماکے میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کرنے والی امیدوار کو میدان میں اتاریں گے۔48 سالہ خاتون پنڈت پراگیا سنگھ ٹھاکر ضمانت پر رہا ہیں، جنہیں بم دھماکے کے مقدمات کا سامنا ہے جہاں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ بھوپال شہر سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔پراگیا سنگھ ٹھاکر قومی سطح پر ہیڈلائنز کا حصہ اس وقت بنی تھیں جب ریاست مہاراشٹرا کے مغربی علاقے میں مالیگاﺅں شہر میں ایک مسجد کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔دھماکے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا اور حکام کا کہنا تھا کہ وہ اس حملے کی ماسٹرمائنڈ ہیں۔پراگیا سنگھ ٹھاکر 2017 میں ضمانت پر رہا ہوئی تھیں، وہ اپنے خلاف ایک الزام سے بری بھی ہوچکی ہیں تاہم دیگر مقدمات میں انہیں اب بھی ٹرائل کا سامنا ہے۔
ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان، محمد عامر کو ڈراپ کردیا گیا
لاہور(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین ہیں تاہم محمد حفیظ کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا اور ہمارے پاس 23 اپریل تک موقع ہے کہ ہم ورلڈکپ اسکواڈ میں تبدیلی کرسکتے ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
کرکٹ ورلڈکپ 2019: جنوبی افریقا کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان
ڈربن(ویب ڈیسک)جنوبی افریقا نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔آئندہ ماہ برطانیہ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ میں جنوبی افریقاکی قیات فاف ڈوپلیسی کریں جب کہ ہاشم آملہ کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ہاشم آملہ جنوبی افریقا کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اوروہ اب تک ایک روزہ کرکٹ میں 8000 کے لگ بھگ رنز اسکور کر چکے ہیں لیکن گزشتہ ایک برس کے دوران کی کاکردگی خاطرخوا نہیں جس کی وجہ سے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک تھی۔جنوبی افریقا کی 15 رکنی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی، ایڈن مرکرام ، کوئنٹن ڈی کاک، ہاشم آملہ، رسی وینڈر ڈسن، ڈیوڈ ملر، فلکوایو، جے پی ڈومنی،ڈیوائن پریٹورئیس، ڈیل اسٹین، کاگیسو رباڈا، لنگی نگیدی، آنرچ نورٹج، عمران طاہر اور تبریز شمسی ہیں۔
پیرو کے سابق صدر کی گرفتاری سے بچنے کے لیے خودکشی
لیما(ویب ڈیسک) لاطینی امریکی ملک پیرو کے سابق صدر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خودکشی کرلی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایلن گارسیا 1985 سے 1990 اور 2006 سے 2011 تک پیرو کے صدر رہے تھے۔ ان کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا تھا اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے برازیلی تعمیراتی کمپنی کو ملک میں بڑے پیمانے پر سرکاری کاموں کے ٹھیکوں کے عوض اس سے رشوت وصول کی تھی۔پولیس گارسیا کو گرفتار کرنے پہنچی تو انہوں نے خود کو گولی مارلی جس کے بعد گارسیا کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔پیرو کے دفتر استغاثہ کے مطابق وارنٹس کے تحت گارسیا کو 10روز کے لیے زیر حراست رکھا جاسکتا تھا جس کے دوران ان کے خلاف شواہد جمع کئے جانے تھے، اس کے علاوہ ان کو گرفتار کئے جانے کا مقصد انہیں ملک سے فرار ہونے سے روکنا بھی تھا۔
ورلڈکپ کیلیے سری لنکن ٹیم کا اعلان
کولمبو(ویب ڈیسک ) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے ورلڈکپ 2019 کے لیے 15 رکنی سری لنکن ٹیم کا اعلان کیا جب کہ میگا ایونٹ کے لیے ڈیموتھ کرارتنے کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔سری لنکا کی ٹیم ڈیموتھ کرارتنے کی قیادت میں ملندا سری وردانا، جیون مینڈس، نوان پردیپ، انجیلو میتھیوز، کشال پریرا، لہیرو تھرمانے، تھسارا پریرا، اوشکا فرننڈو، کشال مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، لیستھ ملنگا، جیفری ویندرسے، ایسورو یودانا اور سرنگا لکمل پر مشتمل ہے۔
وزیر خزانہ اسد عمر کا مستعفیٰ ہونے کا اعلان
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرا کے قلمدانوں میں ردو بدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ مجھ سے وزارت خزانہ واپس لے کر وزارت توانائی کا قلمدان دینا چاہتے تھے تاہم میں نے کوئی بھی محکمہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔اسدعمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ پورا یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ہی پاکستان کے لیے واحد امید ہے، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی۔بعدازاں اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیر خزانہ کو بھی مشکلات کا سامنا ہوگا اور وہ ایک مشکل معیشت سنبھالے گا، وزیراعظم کے بعد مشکل ترین عہدہ وزیر خزانہ کا ہے، کوئی شک نہیں کہ بہتری کی طرف جارہے ہیںِ، صرف تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے، اگر مشکل فیصلے نہیں کیے گئے تو دوبارہ کھائی میں گرسکتے ہیں، لوگ نئے وزیر خزانہ سے تین ماہ میں معجزوں اور دودھ شہد کی نہریں بہنے کی توقع نہ کریں۔اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کابینہ میں ردو بدل کرنے جارہے ہیں، آئی ایم ایف سے بہت بہتر شرائط پر معاہدہ ہوگیا ہے، آئندہ بجٹ پر آئی ایم ایف پروگرام کا اثر پڑے گا، مجھے اپنے کسی سازش کا معلوم نہیں کیونکہ میں سازشوں میں نہیں پڑتا، وزیراعظم عمران خان کابینہ میں رد و بدل کرنے والے ہیں، مزید تبدیلوں کی کل صبح اعلان ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ملک کی معاشی حالت کے پیش نظر حکومت بالخصوص اسد عمر پر تنقید کی جارہی تھی، اس کے علاوہ اسد عمر کو کابینہ میں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، صورت حال اس حد تک جاپہنچی تھی کہ چند روز قبل کابینہ میں رد و بدل کی بھی خبریں منظر عام پر آئی تھیں تاہم وزیر اطلاعات نے اس کی تردید کردی تھی۔
حمزہ شہباز نیب کی جانب سے پیر کے روز طلب
لاہور ( صدف نعیم ) حمزہ شہباز شریف کو نیب کی جانب سے پیر کے روز طلب کر لیا گیا ۔ حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں طلب کیا گیا ۔نیب کی جانب سے حمزہ کو تمام تر دستاویزات ہمراہ لانے کا حکم دیا گیا۔
واسا اہلکاروں پر قائم مقدمات اور شوکاز نوٹس واپس لئے جائیں
لاہور(ویب ڈیسک ) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ برابری پارٹی پاکستان واسا کی ممکنہ نجکاری کو مسترد کرتی ہے واسا اہلکاروں پر قائم مقدمات اور شوکاز نوٹس واپس لئے جائیں ان باتوں کا اظہار انھوں نے واسا ایمپلایز ویلفیئر یونین کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر جاری دھرنے اور مظاہرہ میں اپنے خطاب میں کیا اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پھول یونین کی جانب سے بنائے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل کرتے ہوئے ملازمین کے تمام مطالبات سمیت خصوصی طور پر اوورٹایم کو منظور کرئے کیونکہ واسا ملازمین کا تعلق ملک کے 99فیصد عوام سے ہے جو محنت کش ہیں اور برابری پارٹی ان محنت کشوں مزدوروں کے حقوق کی محافظ ہے اور ان کے حقوق کی خاطر اپنا موقف دینا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے.


















