رمضان سے قبل ہی سبزیوں، گوشت اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی (ویب ڈیسک ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا اور گراں فروشوں نے کمر کس لی ہے، شہر میں سرکاری نرخ کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے، مرغی فروشوں نے سرکاری پرائس لسٹ غائب کردی، زندہ مرغی 194روپے کلو کی سرکاری قیمت کے بجائے 220روپے جب کہ مرغی کا گوشت 301 روپے کلو کی سرکاری قیمت کے بجائے 340 سے 350روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔
کچھ یہی حال سبزیوں کا ہے شہر میں صرف بیگن ہے جو 60 روپے کلو فروخت ہورہا ہے جب کہ پیاز کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں، ایک ماہ قبل 30 سے 40 روپے کلو فروخت ہونے والی پیاز 60 روپے کلو قیمت پر فروخت ہونے لگی، بھنڈی 160 روپے کلو، کھیرا 60 روپے کلو، لوکی ٹینڈے 100 روپے کلو اور توریاں 120 روپے کلو میں فروخت ہونے لگیں، 40روپے کلو قیمت پر بکنے والی پالک بھی اب 60روپے کلو فروخت ہورہی ہے، بند گو بھی 100روپے کلو، کریلے 140 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، شلجم 100 روپے، چقندر80 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔
دوسری جانب پھل فروشوں نے گراں فروشی کا سلسلہ رمضان سے قبل ہی شروع کردیا، 60 روپے درجن فروخت ہونے والے کیلے کی قیمت اب 80 روپے طلب کی جارہی ہے، کچھ بہتر شکل و صورت کا کیلا 100 روپے درجن فروخت ہورہا ہے، خربوزے جو کچھ روز قبل 100 روپے کا ڈھائی کلو فروخت ہوتا رہا، اب 60 روپے کلو فروخت ہورہا ہے، گرما 100 روپے کلو، چیکو 80 سے 100 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، تربوز 40 روپے کلو فروخت ہورہاہے، سبزی اور چکن کی طرح پھل کی سرکاری پرائس لسٹ بھی صرف سرکاری فائلوں تک ہی محدود ہے۔

خلاء میں زمین کی جسامت کے برابر پہلا سیارہ دریافت

واشنگٹن (ویب ڈیسک ) امریکی خلائی ادارے ناسا نے زمین کی جسامت کے برابر پہلا سیارہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔خلائی سائنس کے جریدے آسٹرو فزیکل جرنل لیٹر کے مطابق ناسا کی سیاروں پر نظر رکھنے والی ٹیلی اسکوپ نے زمین کی جسامت کے برابر ایک سیارہ ( Exoplanet) ڈھونڈ نکالا ہے۔ یہ سیارہ سب نیپچون کا ساتھی سیارہ ہے جسے پہلی مرتبہ رواں برس جنوری میں دیکھا گیا تھا تاہم مسلسل مشاہدے اور دیگر تفصیلات جاننے کے بعد باقاعدہ تصدیق کردی گئی ہے۔خلائی سائنس دانوں نے دو سال قبل Transiting Exoplanet Sruvey Satellite کی مدد سے نظام شمسی سے دور اور چمکدار ستاروں کے نزدیک پائے جانے والے سیاروں کے مشاہدے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کی ساخت اور سطح کا بغور جائزہ لیا جا سکے۔سائنس دانوں نے انکشاف کیا ان دو برسوں میں TESS نے زمین کی جسامت کے برابر یا اس سے بڑے سائز والے تقریباً 300 سیاروں کا مشاہدہ کیا جن میں ایک سیارے کا بغور جائزہ لیا گیا جو زمین سے 13 نوری سال کی مسافت پر زردی مائل سیارے ایچ ڈی 21749 کے گرد مدار میں گھوم رہا ہے۔سائنس دانوں نے اس دریافت کی ٹیلی اسکوپ مگیلین دوم کی مدد سے بھی تصدیق کی جو اپنے پلانیٹ فائنڈر اسپیکٹروگراف یعنی PFS کی مدد سے سیارے کی جسامت اور ساخت کے مطالعے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا، PFS نے بھی اس سیارے کی جسامت زمین کے برابر ہونے کی تصدیق کردی۔

نوزائیدہ بچوں کی جان لیوا بیماری ’ببل بوائے‘ کا علاج دریافت

لندن (ویب ڈیسک ) امریکی سائنس دانوں نے بغیر مدافعتی نظام لیے پیدا ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی کمیاب بیماری ’ببل بوائے‘ کا علاج ایچ آئی وی کی مدد سے دریافت کرلیا۔سائنسی جریدے ’نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن‘ میں شائع ہونے والے مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں میں مدافعتی نظام بالکل نہ ہونے یا انتہائی ناقص ہونے کی بیماری ’ببل بوائے‘ کا علاج دریافت کرلیا گیا ہے۔ برطانوی اسپتال میں 8 بچوں پر کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔اس بیماری کے شکار بچوں میں قوت مدافعت نہ ہونے کے باعث ہر لمحہ جراثیم سے پاک ’اسٹرائیڈ ماحول‘ میں رہنا ہوتا ہے جیسا کہ آپریشن تھیٹر میں ہوتا ہے یا منہ کو ایسے جراثیم کش تھیلے سے ڈھکنا ہوتا ہے جو سانس یا منہ کے ذریعے جراثیم کو جسم میں داخل ہونے سے روک سکے۔ ایسے بچے زیادہ عرصے جی نہیں سکتے تھے۔امریکی سائنس دانوں نے اس کمیاب لیکن معصوم کلیوں کو کچل دینے والی بیماری کا علاج ڈی این اے تھراپی کے ذریعے نکالا جس کے لیے نوزائیدہ بچوں کے بون میرو کو جمع کیا گیا اور ڈی این اے میں موجود عیب کو درست کیا اور عیب سے پاک جین کو ایچ آئی وی وائرس کے متبادل ورڑن میں داخل کیا گیا۔گو ایچ آئی وی کا ایک کردار ایڈز کے پھیلاوکا سبب بننا بھی ہے اور دنیا بھر میں اس کی ہلاکت خیزی معروف ہے تاہم سائنس دان اس وائرس کے مثبت کردار کو ’ببل بوائے‘ میں مبتلا 8 بچوں کا مکمل علاج کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور اب یہ بچے آزاد فضائ میں سانس لے رہے ہیں۔

دفتر میں زہریلے سانپ آن دھمکے، افریقی صدر کو حکومت گھر سے چلانا پڑ رہی ہے

لائیبریا (ویب ڈیسک ) مغربی افریقی ملک لائیبریا کے صدر کو دفتر میں 2 زہریلے سانپوں کی موجودگی کی وجہ سے کار مملکت اپنے گھر سے چلانا پڑ رہے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقہ ملک لائیبریا کے صدر جارج ویح کے دفتر خارجہ کی عمارت میں واقع دفتر میں دو سانپوں کو دیکھا گیا جو ملازمین کے ہاتھ نہ آسکے جس کے بعد صدر کو حفاظتی اقدام کے تحت دفتر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔صدارتی دفتر کے عملے نے صدر سے سانپوں کو پکڑنے یا ہلاک کردینے تک دفتر نہ آنے کی درخواست کی ہے جس کے بعد صدر جارج ویح نے اس ہفتے امور مملکت گھر بیٹھ کر چلا رہے ہیں۔ عمارت کی فیومیگیشن کے بعد پیر یا منگل سے صدر کے دفتر آمد کی امید ہے۔واضح رہے کہ لائیبریا زہریلے خطرناک سانپوں کے لیے پوری دنیا میں شہرت رکھتا ہے، صدارتی دفتر میں کالے زہریلے سانپ کی موجودگی کے بعد ملازمین میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔

حالات پی ٹی آئی کے نہیں آل شریف ،زرداری اورمولانا فضل الرحمن کے خراب ہیں،سابق وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور(صدف نعیم سے) پنجاب حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی شہباز شریف 15 سال سے تکبر کے پہاڑوں پر چڑھے ہوئے تھے حالات پی ٹی آئی کے نہیں آل شریف اور زرداری کے خراب ہیں حمزہ شہباز المعروف سیڑھی والی سرکار کی خواہش ہے کہ عمران خان کی حکومت ختم ہو جائے شجاعت حسین اور پرویز الہی ہمارے اتحادی رہیں گے پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے میری وزارت جانے پر جو مٹھائی کھائی تھی اسے اب اگلنے کا وقت آ چکا ہے چوہدری نثار کا کوئی مستقبل نہیں سمجھتا چوہدری نثار پی ٹی آئی میں نہیں آئیں گے چوہدری نثار کو انتخابات سے قبل پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہیے تھا چوہدری نثار میں فیصلہ سازی کی قوت کی کمی ہے فضل الرحمن کی مثال آلو کی ہے جو ہر سبزی کے ساتھ پک جاتا ہے آج کل مولانا فضل الرحمن کے حالات نازک ہیں فضل الرحمن اصول کے نام پر وصول کی سیاست کرتے ہیں مولانا فضل الرحمن کو آج کل اپنے پلے سے کھانا پڑ رہا ہے۔

بلوچ علیحدگی پسند ، دہشتگرد ایران سے آئے : شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (صباح نیوز‘ این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اورماڑہ واقعے پر کہا ہے کہ اس میں بلوث بلوچ دہشت گرد تنظیموں کے الائنس بی آر اے کے تربیتی کیمپ ایران میں ہیں اور اس سلسلے میں پڑوسی ملک کو قابل عمل معلومات فراہم کردی ہیں،واقعے میں ملوث دہشت گرد تنظیم بی آر آئی اے کے تانے بانے افغانستان سے بھی ملتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ علی الصبح بزی ٹاپ کے پاس پیش آیا، جہاں بسوں کو روکا اور لوگوں کی نشاندہی کے بعد 14 پاکستانیوں کو شہید کیا گیا، جس میں 10 پاکستان نیوی، 3 پاک فضائیہ اور ایک پاکستان کوسٹ گارڈ کے جوان تھے، اس واقعے پر ہمیں دکھ و تکلیف ہے کیونکہ جس بے دردی سے ہمارے سپائیوں کو شہید کیا گیا، اس پر پوری قوم کو غم و غصہ ہے اور وہ جانتا چاہتے ہیں کہ یہ واقعہ کیوں ہوا اور کس نے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ایک الائنس بی آر اے سامنے آچکا ہے، جس میں مختلف بلوچ دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں اور انہوں نے اس واقعے کی ذمہ داری بھی قبول کرلی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بغیر اطلاع کے الزامات لگانے کا بھارتی روایت نہیں دہرانا چاہتا تھا، اسی لیے مصدقہ اطلاعت کے بعد ہی پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کا سوچا تھا اور اب ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ یہ واقعہ بلوچ دہشت گرد تنظیموں کی کارستانی ہے اور اس نئے الائنس بی آر اے کے تربیتی اور لاجسٹکل کیمپ ایران کی سرحد کے اندر ہیں اور تحقیق و تصدیق کے بعد قابل عمل معلومات ایرانی حکام کے حوالے کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کیمپ کے مقامات کی نشاندہی کردی ہے اور بتادیا ہے کہ ان عناصر کے کیمپ یہاں موجود ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ایران ہمسائے اور برادرانہ تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے ان تنظیموں کے خلاف ایکشن لے گا۔گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ساتھ ہم افغان بھائیوں سے بھی کارروائی کی امید کر رہے ہیں کیونکہ بی آر اے کے تانے بانے افغانستان میں بھی جاتے ہیں، افغانستان ہمارا پڑوسی ہے اور ہم وہاں امن و استحکام کے خواہش مند ہے، ہمیں توقع ہے جس جذبے سے ہم ان کی مدد کر رہے ہیں وہ بھی ہماری مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس واقعے کے فارنزک ثبوت بھی ہیں جو ان دہشت گردوں تک پہنچنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے، یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ اس راستے کو پاکستان پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا، میری ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات چیت ہوئی اور پاکستانی عوام کے غم و غصہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم اپنے پڑوسی سے کیا توقعات کرتے ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ہم مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں اور ملزمان کو قرار واقعے سزا دلوانے کے لیے پاکستان کی مکمل مدد کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایران جارہے ہیں اور اس حوالے سے بات کرنے کا موقع بھی ملے گا۔سرحد کی حساسیت کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے سرحد پر امن و امان کے لیے کچھ اقدامات اٹھائے ہیں، جس میں پاکستان نے شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نئی 7 کمانڈ تشکیل دی ہے تاکہ نگرانی اور فوری کارروائی میں آسانی ہو، اس کمانڈ کا مرکز تربت میں قائم کیا گیا ہے تاکہ اس سرحد پر موثر نگرانی ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے ایک نئی فرنٹیئر کور بنائی ہے تاکہ سرحد کے لیے درکار نفری دستیاب ہو، اس کے علاوہ پاکستان اور ایران نے باہمی مشاورت سے سرحد کو پرامن رکھنے اور ایسے عناصر کے ناپاک عزائم کے لیے جوائنٹ بارڈر سینٹر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔اسی طرح پاک ایران سرحد پر بھی باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ایک مہنگی مشق ہے لیکن اس کے باوجود یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور اس عمل کا آغاز ہوگیا ہے، باڑ لگانے کا آغاز حساس مقامات سے کردیا ہے اور 950 کلومیٹر کی سرحد کو مکمل کرنے کا ارادہ ہے۔ایرانی وزیر خارجہ سے ہونے والی بات چیت پر انہوں نے مزید بتایا کہ ایران میں ہونے والے کوئی بھی واقعے کے بعد ان کی توقعات پر پاکستان نے انہیں کبھی مایوس نہیں کیا اور ان کے لاپتہ گارڈ کی بازیابی میں بھی پاکستان نے سنجیدگی سے کام کیا اور 9گارڈ کو بازیاب کروایا، لہذا ہمیں بھی ایران سے ایسی ہی توقع ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ایران پاکستان مخالف عناصر کے خاتمے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔اس موقع پر سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی جاتی رہتی ہے اور ایسے عناصر موجود ہیں جو دونوں ممالک کے تعلقات بہتر نہیں دیکھنا چاہتے۔پاکستان کے تینوں پڑوسی ممالک سے تعلقات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارا افغانستان سے مستقبل جڑا ہوا ہے، ایران سے بھی ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلقات بہتر ہوں، تاہم کچھ پابندیاں آڑے آجاتی ہیں،اسی طرح بھارت کے ساتھ بھی تعلقات معمول پر لانا چاہتے ہیں یہ سب جانتے ہوئے بھی کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ ایک سنگین مسئلہ ہے لیکن اس کے باوجود ہمسائے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں اور ہم اس کی کوشش کر رہے ہیں۔پاک ایران سرحد پر باڑ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ دنیا بدل گئی ہے، پہلے ایسی دہشتگردی نہیں تھی، اس کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھانے پڑے اور باڑ لگانا بھی اسی کا ایک قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ تنظیموں کی پشت پناہی کون کررہا ہے، ان کو ہتھیار کہاں سے ملتے ہیں، ان کی حمایت کون کرتے ہیں، ان کے تانے بانے کہاں سے ملتے ہیں یہ سب کو معلوم ہے، بلوچستان میں جان بوجھ کر بدامنی پھیلائی جاتی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک ایران تعلقات سے غافل نہیں ہوں، اس واقعے پر غم و غصہ ہے لیکن ہم بھائی اور دوست ہیں اور اسے کے حوالے سے توقعات رکھی ہیں۔ پاکستان نے اورماڑہ میں دہشت گردی کے واقعہ پر ایران سے شدید احتجاج کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اورماڑہ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 14افراد کی شہادت میں ملوث دہشتگرد وں نے ایرانی سرزمین استعمال کی ۔وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کو احتجاجی مراسلہ بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کو بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کے تربیتی کیمپوں اور سرحد پار لاجسٹک مراکز سے آگاہ کرچکا ہے، پاکستان نے پہلے بھی ایران سے کئی بار کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور معلومات بھی فراہم کیں لیکن پاکستان کی جانب سے انٹیلی جنس شیئرنگ کے باوجود ایران نے ان دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔مراسلے میں کہا گیا کہ 18 اپریل کو ایف سی یونیفارم میں ملبوس 15 سے 20 دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں بری ٹاپ کے قریب 3 سے 4 بسوں کو روکا، یہ بسیں اورماڑہ سے گوادر کوسٹل ہائی وے پر سفر کر رہی تھیں جنہیں بوزی ٹاپ کے قریب روکا گیا، دہشت گردوں نے 14 افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کردیا جن میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل تھے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران سے تعلق رکھنے و الے دہشتگردوں کی جانب سے 14 افرد کا قتل انتہائی تشویشناک ہے۔واضح رہے کہ 18 اپریل کو بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں نے بس سے اتار کر 14 افراد کو شناخت کرکے شہید کیا جس میں پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل تھے۔

ابھی نندن پیشہ ور سپاہی، بھارتی جعلی ایوارڈ وصول نہیں کرےگا:میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے اپنے پائلٹ ابھی نندن کو ایوارڈ دیے جانے کا اعلان س±ن کر ردعمل دیا ہے کہ جس طرح ہر بار جھوٹ چھپانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا، ابھی نندن سچا اور پیشہ ورانہ سپاہی ہے وہ جعلی ایوارڈ وصول نہیں کرے گا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئرفورس کے ونگ کمانڈر ابھی نند کو بھارت نے سب سے بڑے فوجی اعزاز ’اشوک چکرا‘ دینے جبکہ دیگر دو پائلٹس کو ’وایو سینا میڈل‘ دینے کا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ابھی نندن مگ 31 اور دیگر دو میراج 2000 طیارے اڑا کر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے جس کی وجہ سے تینوں کو یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ابھی نندن کو ایوارڈ دینے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ ’جس طرح بار بار جھوٹ بولنے سے وہ سچ نہیں بن جاتا اسی طرح ایوارڈ دینے سے بھی یہ (بہادری) سچ نہیں بن جائے گا۔ا±ن کا کہنا تھا کہ ابھی نندن سیکنڈ جنریشن کا ایک سچا سپاہی ہے جو پیشہ ورانہ اور ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم پرستانہ جذبات کو غالب نہیں آنے دے گا تاہم اگر ونگ کمانڈر کو دباو¿ میں لاکر یا مجبور کر کے ایوارڈ دے بھی دیا گیا تب بھی اس کو سچ میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

حکومت میں کوئی مستقل نہیں آتا ، صرف خدمت کرنیوالا رہیگا : عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کے لئے دل میں رحم پیدا کریں، وزراءحقائق ضرور بتائیں لیکن عوام کو خوف میں مبتلا نہ کریں۔ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آتا، کارکردگی نہ دکھانے والے گھر جائیں گے ۔ وفاق اورصوبائی حکومتوں کی کارکردگی روزانہ کی بنےاد پر مانےٹر ہو رہی ہے اسد عمر اچھے آدمی ہیں خواہش ہے کہ وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں۔ جبکہ میڈیا اور ٹاک شوز میں حکومتی موقف جارحانہ انداز میں پیش کیا جائے۔ ہفتہ کے روز بنی گالہ میںپارٹی رہنماوں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسد عمر اچھے آدمی ہیں ہماری خواہش ہے کہ وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں ۔اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے جبکہ ان کی واپسی کی صورت میں کابینہ کو فائدہ ہو گا وزیراعظم نے کہا کہ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آتا عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا رہے گا باقی سب گھر جائیں گے انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پربھی نظر ہے اور کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر ہو رہی ہے عمران خان نے کہا ہے کہ و زراءعوام کے لئے دل میں رحم پیدا کریں حکومت میں آنے کا مقصد عوامی فلاح کے منشور پر علمدرآمد ہے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ایک بار معیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کر جائیں گے وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی ترجمان حکومتی موقف جارحانہ انداز میں پیش کریں اورمیڈیا ٹاک میںمکمل معلومات اور تیاری کے ساتھ شرکت کریں اور اپوزیشن کے پروپیگنڈے کے بر عکس عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں جبکہ وزراء عوام کو حقائق ضرور بتائیں عوام کو ڈرائیں نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عاجزی اور خدمت میرا نصب العین ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کی 90 شاہراے میں پریس کانفرنس، صوبائی وزراءکی تبدیلی کی خبر بارے اہم انکشاف

لاہور ( صدف نعیم ) صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کی 90 شاہراے میں پریس کانفرنس۔صوبائی کابینہ میں اجلاس 15 دن بعد بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تھرمل پاور پراجیکٹ کے لیے 10 ارب کے فنڈ کے اجرا کی منظوری دی گئی ۔ آڈیٹر جنرل پنجاب کی رپورٹ 2016-2017 کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیمی اور صحت کے ادروں کا انسپکشن کرنے کے لیے دورے کریںگے ۔ واٹر ایکٹ 2019 کے مسودے ، بینک آف پنجاب کے سربراہ ، پنجاب اینیمل ہیلتھ بل کی منظوری دی گئی ۔ پریس کانفرنس کا مقصد کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرنا ہے ۔ پنجاب سیلیز ایکٹ میں تھوڑی تبدیلی کی گئی ۔رمضان المبارک میں اس دفع 309 بازار اور 2 ہزار دستر خوان لگائے جائینگے ۔ پنجاب میں صوبائی وزراءکوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ۔وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ اپنے کیپٹن کو کارکردگی اور صوبے کے معاملات کے بارے آگاہ کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے دفاع کےلئے میدان میں آ گئے

لاہور ( صدف نعیم ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے صدارتی نظام کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا ۔ان کاکہناہے کہ اسد عمر نے خود استعفی دیا دو وزیر بدلنے پر شورشرابا مچ گیا۔بلاول باپ کی کرپشن کےلئے کھڑا ہوگاتو اپنامستقبل ختم کر دے گا۔ کرپشن زدہ لوگوں کی خاتمے کی تاریخ شیخ رشید پھر بدل دی کہتے ہیں تیس جون تک کرپٹ لوگوں کا صفایاہوجائےگا ۔ شیخ رشید احمد نے جمہوری نظام کی حمایت کر دی،،،کہتے ہیں پاکستان میں پارلیمانی نظام ہے آئین بڑی مشکل سے بناہےاس کو آگے لے کر چلناہے ۔ نواززرداری اور شہباز کا کوئی مستقبل نہیں ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے دفاع کےلئے میدان میں آ گئے۔ کہتے ہیں کہ ملک معیشت کی کمزوری سے ٹوٹتے ہیں پہلے ہی کہہ دیاتھا کہ آئی ایم ایف کے بغیر گزارہ نہیں کرپشن کے باعث خزانہ خالی رہااسدعمر نے خود استعفی دیا ان سے کہوں گا کیبنٹ میں حکومت کی معاونت کریں۔شیخ رشید احمد کا مشیر پیٹرولیم ندیم بابر کے نیب کیسز سے متعلق سوال پر کہناتھاکہ عمران خان نیب زدہ شخص کو برداشت نہیں کریں گے خسروبختیار اپنے متعلق خود جواب دیں۔ شیخ رشید احمد کاکہناتھاکہ سرسید ایکسپریس کاافتتاح اگلے ماہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے بین الاقوامی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ ایم ایل ون مکمل ہواور ریلوے ترقی کرے،چین سے واپسی پر خوشخبریاں سناﺅں گا ۔

وزیراعظم عمران خان کا اب کھل کر دفاع کرونگا: فواد چودھری

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اب بھی عمران خان کا کھل کے دفاع کریں گے، کابینہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے، وزیر اعظم عمران خان کو کہا تھا رکن قومی اسمبلی کے طور پر زیادہ بہتر پرفارم کر سکتا ہوں۔ جمعہ کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے قلمدان تبدیلی کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا اب بھی عمران خان کا کھل کے ہی دفاع کریں گے، خاندان سو سال سے سیاست میںکہ ہیں بڑے بڑے عہدے آئے اور گئے، ہمیشہ کہا ہے کابینہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے، اب بھی وزیر اعظم عمران خان کو کہا تھا رکن قومی اسمبلی کے طور پر زیادہ بہتر پرفارم کرسکتا ہوں، یہ فیصلہ وزیر اعظم کا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت چلانی ہے۔

فلمیں میری زندگی کا حصہ ہیں زندگی نہیں ہیں‘ عالیہ بھٹ

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ فلمیں میری زندگی کا حصہ ہیں مگر میری زندگی نہیں ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ نے ایک ا کونٹرویو میں کہا ہے کہ فلموں میں اداکاری کرنا میری زندگی کا حصہ ہے مگر میری زندگی کی ترجیح میرے پیارے ہیں، میں اپنے کام کو لے کر بے حد پر جوش ہوں مگر وقت کے ساتھ ساتھ میں نے یہ بات سمجھی ہے کہ فلموں میں کامیابی اور ناکامی کا تعلق زندگی سے نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں پہلی ترجیح اپنے قریب ترین لوگوں کو ہی دینی چاہیے۔عالیہ بھٹ نے مزید کہا ہے کہ مجھے فلموں میں کام کرنا پسند ہے مگر میں کبھی بھی اپنے کام کو اپنی نجی زندگی میں داخل نہیں ہونے دیتی اور نہ ہی کامیابی اور ناکامی اپنے ذہن پر سوار کرتی ہوں، لہذا فلموں میں کام کر کے میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے مطمئن ہوتی ہوں۔
اورباکس آفس پر کتنی فلمیں ہٹ ہوئیں اس بات سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

امریکی اداکار کا اسد عمرکی جگہ وزیر خزانہ بننے کی خواہش کا اظہار

نیویارک (شوبز ڈیسک) امریکی اداکار جیریمی میک لیلن نے اسد عمرکی جانب سے وزارت خزانہ کے قلمدان سے مستعفی ہونے کے بعد خود یہ قلمدان سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ اسد عمرکی جانب سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبرٹوئٹرپر ٹاپ ٹرینڈ رہی۔ ٹوئٹر پرجہاں لوگوں نے اسد عمر کے استعفیٰ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا وہیں نامور امریکی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار جیریمی میک لیلن نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا یہ سن کر افسوس ہوا کہ اسد عمر نے وزیر خزانہ کے قلمدان سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔ لیکن میں ان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالنے کی پوری کوشش کروں گا۔جیریمی نے اس ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا آپ وزیرخزانہ تو نہیں وزیر مذاق بن سکتے ہیں، اور اس کے لیے ایک نئی وزارت متعارف کرانی پڑے گی۔