بلاول کی دورہ امریکہ کی تیاری

کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اتوار کو امریکہ کا دورہ کریں گے، ایگزٹ کنڑول لسٹ(ای سی ایل)سے نام نکلنے کے بعد بلاول بھٹو کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو امریکہ اور یورپ کا دس روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ امریکی تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے ۔ چیئرمن (پی پی پی) 6 فروری کو امریکہ میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں شریک ہوں گے۔نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر عالمی شخصیات شریک ہوں گی۔ واضح رہے گزشتہ سال 28دسمبر کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت ای سی ایل میں ڈالے گئے 172 افراد کی فہرست منظر عامر پر آئی تھی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام بھی شامل تھے۔مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث 172افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔بعد ازاں رواں سال جنوری میں سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

شہباز شریف ، حمزہ ملزم نامزد : ریفرنس تیار

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب لاہور کے ریجنل بورڈ نے رمضان شوگر ملز کیس کی منظوری دیدی، ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملزحمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد ہیں، ریفرنس چیئرمین نیب کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔ترجمان نیب کے مطابق نیب لاہور کے ریجنل بورڈ کا ڈائریکٹر جنرل نیب شہزاد سلیم کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں بڑے میگا کیسز کے ریفرنس فائل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ ریجنل بورڈ نے رمضان شوگر ملز کیس کی منظوری دیدی، ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملزحمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد ہیں۔ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام ہے، ریفرنس حتمی منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کرنے کےاحکامات جاری کر دئیے گئے۔ ریفرنس چیئرمین نیب کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔دوسری جانب سابق پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم ملزم فواد حسن فواد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں ، اجلاس میں ریجنل بورڈ کی جانب سے ملزم فواد حسن فواد کیخلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنیکی منظوری دیدی گئی، ملزم فواد حسن فواد پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر 1ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے، بورڈ میٹنگ میں ملزم علی جہانگیر صدیقی اور دوسرے ڈائریکٹر کیخلاف ایزگارڈ نائن کمپنی کیس میں جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کرنیکی منظوری دیدی گئی۔علی جہانگیر صدیقی اور ڈائریکٹر پر مبینہ طور پر کم و بیش 11ارب روپے کے غبن کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی جی نیب لاہور شہزد سلیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نیب میں “پسند نا پسند”سے مبرا ہو کر تمام تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے، نیب کا عزم لوٹی گئی عوامی دولت کی واپسی اور “شفاف پاکستان”کا قیام ہے، تمام میگا کرپشن کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔

لندن میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی تیاریاں ، بھارت کا روکنے کا مطالبہ ، برطانیہ کا انکار

لندن، نئی دہلی (وائس آف ایشیا) برطانوی حکومت نے بھارت کے احتجاج کے جواب میں ہاوس آف کامنز(دارالعوام)میں منعقد ہونے والی یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں مداخلت سے انکار کردیا۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے گزشتہ روز میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ دہلی نے 4 فروری کو آل پارٹی پارلیمینٹری گروپ(اے پی پی جی)کے تحت برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد کی جانے والی تقریب پر اعتراض کیا ہے۔خیال رہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد اس تقریب میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو اجاگر کیا جائے گا۔رویش کمار نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ برطانیہ اس معاملے پر ہمارے اعتراض کو سمجھے گا اور اس حوالے سے مناسب کارروائی کرے گا۔برطانیہ کو دوست ملک اور اسٹریٹیجک شراکت دار کہتے ہوئے رویش کمار نے کہا تھا کہ بھارت کو امید ہے کہ برطانوی حکومت دہلی کے خدشات کو سمجھے گی۔تاہم برطانیہ نے بھارت کی جانب سے احتجاج کے جواب میں کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے۔نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین آزاد ہیں، یہ ارکان پر ہے کہ وہ کس سے ملاقات کا فیصلہ کس مقصد کے لیے کرتے ہیں۔برطانوی وزارت خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق 4 فروری کو ہونے والی تقریب کے بعد لندن میں ایک نمائش ہوگی جس میں جموں اور کشمیر تنازع اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو اجاگر کیا جائے گا ، ان مظالم کی کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور انہیں فوری طور پر روکنا ضروری ہے۔اس اجلاس میں برطانیہ کی لیبر اور کنزرویٹو دونوں جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ شرکت کریں گے،اس کے ساتھ ہی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی شرکت کے امکانات بھی ہیں۔نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ برطانوی حکومت اس بات سے آگاہ ہے کہ شاہ محمود قریشی نجی تقریبات میں شرکت کے لیے لندن آئیں گے، اس دورے میں ان کا برطانوی حکومت سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں ۔ترجمان نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر طویل عرصے سے برطانیہ کا موقف ہے کہ بھارت اور پاکستان کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق اس مسئلے کا سیاسی حل تلاش کریں۔خیال رہے کہ 29 جنوری کو پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق کو کال کر کے تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا معاملہ اٹھانے اور بھارتی فوج کی جارحیت کا پردہ چاک کرنے کی پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا تھا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رہنما اے پی ایچ سی کو لندن میں ہاس آف کامنز کے زیر اہتمام آنے والی تقریب کے بارے میں بھی بتایا تھا، جس میں 4 اور 5 فروری کو ایک نمائش بھی کی جائے گی، جس پر میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی اس میں شرکت کے خواہشمند ہیں لیکن بھارتی حکومت نے ان کے پاسپورٹ ضبط کر رکھے ہیں تا کہ وہ بیرونِ ملک سفر نہ جاسکیں۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا تھا کہ بھارت نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور میر واعظ عمر فاروق کے درمیان ٹیلی فونک رابطے پر احتجاج کے لیے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا۔جس کے ردعمل میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستانی سفیر کی طلبی پر احتجاج کیا تھا۔

طالبان سے امن معاہدہ ہوتے ہی امریکی فوجیں افغانستان سے نکل جائینگی : ٹرمپ

واشنگٹن (اے پی پی)امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر طالبان کے ساتھ امن معاہدہ طے ہوتا ہے تو وہ افغانستان سے تمام امریکی فوجیں ملک واپس بلائیں گے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاو¿س سے ٹرمپ کا یہ بیان ایسے میں سامنے آیا ہے جب یہ خبریں آ رہی ہیں کہ 17 برس کے افغان تنازعے کے خاتمے کے لیے امریکا اور باغی گروپ نے امن سمجھوتے کے مسودے کی بنیادی ساخت (فریم ورک) پر اتفاق کر لیا ہے امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔طالبان کے ساتھ دوحہ میں کئی روز سے جاری مذاکرات کے بعد، امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ دونوں فریق نے ”اصولی طور پر“ فریم ورک پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔اِس کی رو سے متعدد ملکوں سے تعلق رکھنے والی دہشت گرد تنظیموں کے باغی، جن میں القاعدہ اور داعش شامل ہے، امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ افغانستان کے ہمسایوں کے خلاف حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال نہیں کر سکتے۔اس کے بدلے میں، امریکہ ملک سے اپنی فوجیں واپس بلائے گا۔ لیکن، طالبان کے لیے لازم ہوگا کہ وہ جنگ بندی پر عمل درآمد کریں اور افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں۔طالبان نے کہا ہے کہ دونوں فریق آئندہ ماہ بھی مذاکرات جاری رکھیں گے۔ایسے میں جب سرکش گروپ امریکی اہلکاروں سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے، ا±س نے ابھی تک افغان حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کرنے سے انکار کر رکھا ہے۔

اداکارہ تبو ایک بار پھر گووندا کی ہیروئن بننے کی خواہشمند

ممبئی(شوبزڈےسک) بالی ووڈ اداکارہ تبو ایک بار پھر اداکار گووندا کی ہیروئن بننے کی خواہش مند نکلیں ۔ ایک بھارتی ٹی وی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے اداکارہ تبو نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں گووندا جیسا اعلیٰ پائے کا کوئی اور اداکار نہیں وہ ماضی میں گووندا کے ساتھ ”ساجن چلے سسرال“ اور ”بیوی نمبر1“ جیسی شاندار کامیڈی فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔ تبو نے کہا کہ گووندا ساتھ اداکاری کرنا انھیں کو کسی اورکے مقابلے میں آسان لگتا ہے ان کی دلی خواہش ہے کہ وہ ایک بار پھر گووندا کی ہیروئن بنیں۔

یوسف، ثقلین کوبورڈمیں بڑی ذمہ داری ملنے کا امکان

لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان بلکہ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے تاہم بدقسمتی یہ ہے کہ پی سی بی یا کسی اور فورم پر آج تک ان کی صلاحتیوں سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا ہے۔سنہ 2006میں ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ 1788 ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے محمد یوسف کے حوالے سے اب ذرائع کی جانب سے یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی اہم ذمہ داری ملنے کا قوی امکان ہے۔اس کے علاوہ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ ثقلین مشتاق کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا جائے گا، انہیں بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا خاصہ تجربہ ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز میں بھی کوچنگ کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ پر خاصی گہری نظر رکھنے والے عتیق الزماں بھی وکٹ کیپنگ کے گر سکھانے کیلئے ایک مضبوط امیدوار ہیں۔پاکستان کی جانب سے سنہ 2000 میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عتیق الزمان کو سرٹیفائیڈ کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہیں انگلینڈ میں بھی کوچنگ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

معافی کے باوجود سرفراز پر پابندی سمجھ سے بالا تر : احسان مانی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد پر پابندی کے آئی سی سی کے فیصلے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ سرفراز کے معاملے پر بیوروکریسی، عام فہمی پر حاوی ہوگئی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر باضابطہ غلطی مان کر اور معافی مانگنے کے بعد بھی آئی سی سی کی جانب سے سرفراز احمد کی دی جانے والی سزا سمجھ سے باہر ہے۔احسان مانی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں، ٹیموں اور کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے پا جانے کے بعد آئی سی سی بیچ میں آگیا، اگر صلح آئی سی سی قوانین کے تحت نہیں ہوسکی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ صلح نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کافیصلہ بھی خاموشی سے آیا اور پریس ریلیز سے قبل جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلسی بھی اعلان کرچکے تھے کہ سرفراز کو معاف کردیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے جو بات کہی وہ شاید پاکستانی معاشرے میں اتنی بری نہیں سمجھی جاتی تاہم نسلی امتیاز کے معاملے پر کھلاڑیوں کی تربیت کی جائے گی۔یاد رہے کہ 27 جنوری کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نسل پرستانہ جملے کسنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی۔ سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے غصے کے عالم میں جنوبی افریقہ کے آل رانڈر ایندائل فلکوایو پر ‘نسل پرستانہ’ جملے کہے تھے جس کو براہ راست سنا گیا تھا۔بعدازاں سرفراز احمد نے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔پی سی بی نے بھی ٹیم کے کپتان کی جانب سے نسل پرستانہ جملے کسنے پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ نسل پرستانہ جملوں اور اس طرح کے الفاظ برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ایمی جیکسن برطانوی بزنس مین ٹائیکون کے بیٹے کیساتھ شادی کریں گی

ممبئی(اے پی پی)بالی وڈ اداکارہ ایمی جیکسن برطانوی بزنس ٹائیکون اینڈریاس پنایﺅتو کے بیٹے جارج پنایﺅتو کے ساتھ آئندہ سال کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بند جائیں گے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ ایمی جیکسن نے نئے سال کا آغاز برطانوی بزنس ٹائیکون اینڈریاس پنایﺅتو کے بیٹے جارج پنایﺅتو سے منگنی کے ساتھ کیا اور اب دونوں آئندہ سال کے آغاز میں یونان میں شادی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ یہ شادی یونانی رسم و رواج کے مطابق ہو گی اور اس متعلق خبریں سامنے آرہی ہیں کہ شادی کے لئے دونوں نے جزیرہ میکونوس کے قریب جگہ کا انتخاب کر رہے ہیں۔

شرعی طور پر حج ان لوگوں پر فرض ہے جو استطاعت رکھتے ہوں ، ہر شخص پر فرض نہیں : معروف صحافی ضیا شاہد کی چینل ۵ کے پروگرام ” ضیا شاہد کے ساتھ “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پرمشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں ایک سے ایک بڑا عالم دین پایا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر ایک بات پر سب کا اتفاق ہے کہ قرآن کی جو نص ہے اور اس کا جو متعین مفہوم ہے اس سے آپ روگردانی نہیں کر سکتے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ”ترجمہ: اور جس شخص کو استطاعت ہو راستے کے اخراجات ادا کرنے کی۔“ اس کا مطلب ہے کہ حج صرف ان لوگوں پر فرض ہے جن کے پاس استطاعت ہو اور ہر شخص پر فرض نہیں ہے۔ اگر آپ سرکاری خزانے سے رقم لے کر حج کے خواہش مندوں پر سب سڈی خرچ کریں ان کا حج تو آسان ہو جائے گا لیکن جن امور پر آپ بیت المال کا پیسہ خرچ کر رہے ہوں گے وہ امور پورے نہیں ہو سکیں گے مثلاً علاج معالجہ اور تعلیم اس کے علاوہ ضرورت مندوں کی حاجات، اس طرح سے آپ کو کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ آپ کچھ لوگوں کے اخراجات خود اپنی جیب سے دے کر یا ان کے پورے نہیں تو کچھ حصہ دے کر ان کو تو اس قابل بنا دیں کہ وہ حج کر سکیں لیکن اس حوالہ سے بہت سے دوسرے لوگ جو بیت المال کی امداد کو ترس رہے ہوں ان کو ان کے حق سے محروم کر دیں یہ کس طور پر بھی اسلام کی خدمت نہیں ہے لہٰذا پاکسشتان کے علماءکا فرض بنتا ہے کہ وہ قطع نظر اس سے کہ ان کا تعلق کس مکتب فکر سے ہے کس مسلک سے ہے ان کو اس بارے میں کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہئے۔ مولانا راغب نعیمی صاحب یہ جو بحث شروع ہوئی ہے کہ حج کے اخراجات میں سعودی عرب نے اضافہ کر دیا ہے تو ہماری اپوزیشن کے لوگ اور حکومت کے مخالفین یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم اس اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سبسڈی دی جا سکتی ہے۔ دوسری طرف لوگوں کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے پاس استطاعت نہیں ہے ان پر یہ حج فرض ہی نہیں ہے۔ آپ کیا فرماتے ہیں۔ کیا سبسڈی دی جا سکتی ہے کیا حج کو سستا کرنا چاہئے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ حج سے مستفید ہو سکیں۔ ضیا شاہد نے کہا کہ میں اپوزیشن کو عالم تین تصور نہیں کرتا۔ میں نہیں سمجھتا کہ کوئی دین کے معاملے میں وہ ایکسپرٹ نہیں ان کی رائے نہیں چاہئے انہیں بھی چاہئے کہ وہ مختلف مفتیان کرام اور علمائے عظام سے پوچھیں اور شرعی اعتبار سے جو وہ رائے دیں ان پر عمل کیا جانا چاہئے۔ ایک لاکھ 56 ہزار کا اضافہ ہوا ہے یہ سعودی عرب کو ایڈوانس ادا کرنے پڑتے ہیں اس میں حکومت کا کوئی خاص کردار نہیں ہے۔ یہ سعودی عرب کی طرف سے بڑھایا گیا ہے۔ملائیشیا کی طرف سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئےضیا شاہد نے کہا کہ ملائیشیا ایک ابھرتا ہوا ترقی پذیر ملک ہے جس کا اس علاقے میں بڑا اثرورسوخ اور تجارت میں بھی آگے ہے کسی قسم کی بھی مشترکہ تجارت کے منصوبے بنانے سے پاکستان کو بہر حال فائدہ ہو گا۔ بریانی فیسٹیول یقینا فائدہ مند ہو گا۔ اس قسم کی سرگرمیاں ہونی چاہئیں۔ملائیشیا ابھرتا ہوا ترقی پذیر ملک ہے اس سے تجارت کرنے میں پاکستان کو بہت فائدہ حاصل ہو گا۔ بریانی فیسٹیول یا کوئی بھی ایسی تقریبات جن سے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو فائدہ مند ہیں 18 ویں ترمیم کی بات صرف بلاول، آصف زرداری یا چند سندھی دوست ہی کرتے ہیں اور کسی سے یہ بات نہیں سنی قومی اسمبلی سینٹ یا صوبائی اسمبلیوں میں کبھی بھی اس پر بات یا کوئی قرارداد پیش نہیں ہوئی۔ کسی نے اب تک اس ترمیم کو حتم کرنے کا مطالبہ کیا ہے نہ یہ ختم ہونے جا رہی ہے البتہ یہ جعلی اکاﺅنٹس کیس کی وجہ سے پی پی رہنماﺅں کی جانب سے پیش بندی ہو سکتی ہے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں عدالتیں بھی لمبی تاریخیں دے رہی ہیں جو سمجھ سے بالا ہیں، اس معاملہ کا حل تو یہ ہے کہ جو فیصلہ کرنا ہے کر دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنا کام معمول کے مطابق کر رہے ہیں کسی سے ان کی کوئی غیر معمولی تعریف نہیں سنی کہ کوئی کام بھی نہ کیا ہو اور واہ واہ ہو رہی ہے۔ ساہیوال واقعہ افسوسناک ہے تاہم ایسے واقعات ملکی تاریخ میں چلتے رہتے ہیں۔ عثمان بزدار پر تنقید میں بغض برائے بغض نظر آتا ہے اپوزیشن کو ان سے بڑی شکایات ہیں تو ان کے خلاف عدم اعتماد لے آئیں کراچی میں پانی کمیاب ہو چکا ہے، غریب آدمی کیلئے پینے کا پانی حریدنا مشکل ہو چکا ہے۔ بلاول کو سب سے پہلے کراچی کی صفائی کرانی چاہئے۔ قائم علی شاہ کی جگہ مراد علی شاہ کو لانے سے کراچی کو کوئی فرق نہیں پڑا صفائی اور پانی کا مشکلات آج بھی وہیں ہیں۔ نوازشریف کے بارے میں میڈیکل بورڈ نے اگر سفارش کی ہے کہ ہسپتال داخل کرایا جائے تو انہیں ضرور ہسپتال میں داخل کرانا چاہئے اس بات کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میڈیکل بورڈ نے نوازشریف بارے جو سفارشات دی ہیں ان پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔ افسروں کی بڑی تعداد نے غیر ملکی خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں مزید شادیاں کی جا رہی ہیں چھوٹے چھوٹے ملکوں کی خواتین سے شادیاں رچا رہے ہیں۔ پاکستانی خواتین انتہائی سمجھدار پڑھی لکھی ہیں ان کا آئی کیو لیول بھی ان خواتین سے بڑھ کر ہے تو ایسا کھیل ہو رہا ہے۔ خواتین وزیروں اور این جی اوز کو چاہئے کہ اس معاملے پر کام کریں اور پتہ چلائیں کہ اس رجحان میں اضافے کا باعث کیا ہے۔

حج اخراجات میں اضافہ کا فیصلہ بہت بڑا ظلم ہے: مفتی نعیم ، سود کے پیسوں سے حج پر سبسڈی دی جا رہی تھی یہ کیسا حج ہے : آیت اللہ درانی ، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کے بعض قریبی لوگ ماحول خراب کرنے میں لگے ہیں : روبینہ خورشید کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7 “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)چینل فائیو کے پروگرام ”نیوز ایٹ سیون“ میں کرتے ہوئے مذہبی سکالر مفتی نعیم نے کہا ہے کہ اسلام میں حج کیلئے ”استطاعت“ کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کا اچانک حج کے پیسے بڑھانے کا فیصلہ بہت بڑا ظلم ہے‘ ریاست مدینہ میں ایسا نہیں ہوتا۔ دوسرے معاملات کی طرح حج پر بھی سبسڈی ہونی چاہئے۔ حکومت کا سبسڈی پر یہ کہنا کہ غیرشرعی ہے‘ حکومت کا یہ فیصلہ غیرشرعی ہے‘ ہندوستان جیسا ملک مسلمانوں کو حج کرنے کیلئے سبسڈی دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ غریب طبقے کو مفت حج کرانا چاہئے۔ استطاعت کے لفظ کی کوئی حد نہیں۔ تمام علماءکو اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔ حکومت لوگوں کی دعا لے‘ بددعا سے بچنا چاہئے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما آیت اللہ درانی نے کہا ہے کہ حکومت کا حج پر سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ احسن ہے۔ یہ پیسہ تعلیم و صحت کیلئے ہونا چاہئے‘ سبسڈی دینے سے دوسروں کے حقوق مارے جائیں گے۔ حکومت کو چاہئے کہ ٹیکس کم کرے اور پی آئی اے کے کرایوں میں کمی جیسی سہولتیں دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سود کے پیسوں سے حج پر سبسڈی دی جا رہی تھی۔ یہ کیسا حج ہے۔ ملک قرض پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم 10بار سندھ کا دورہ کریں لیکن حکومت سندھ کے 90ارب روپے فوری جاری کرے۔ عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ہیں‘ سندھ حکومت کا 90ارب روپے روک رکھا ہے۔ موجودہ حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں‘ مہنگائی‘ قرضے بڑھتے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ نون کی رہنما روبینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو رکھا ہی ماحول خراب کرنے کیلئے ہے۔ پارلیمنٹ کسی طرح پی اے سی کا ماحول بھی خراب کرنا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں جینا‘ مرنا‘ کھانا مہنگا‘ اب تو اللہ کا گھر دیکھنا بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر و باہر عمران خان کے کچھ لوگ ہیں جنکا کام ہی گند بولنا ہے۔ شیخ رشید کی ایک پی اے سی کے بجائے 2پی اے سی ہونے کا بیان کے بارے میں آنے والا وقت بتائے گا۔ شہبازشریف کے خلاف کچھ ثابت نہیں ہوا اس لئے ان پر بیانات داغے جا رہے ہیں۔

ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کرایا جائے :ضمیر آفاقی ، حج کے اخراجات میں اچانک 4لاکھ 36ہزار روپے کے اضافہ کی مثال نہیں ملتی: میاں افضل ، اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے اسکے روکنے کے باوجود حکومت نے حج اخراجات بڑھا دئیے: آغا باقر ، سانحہ ساہیوال کی جتنی مذمت کریں وہ کم ہے ، ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے: مریم ارشد ، چینل ۵ کے پروگرام ” کالم نگار “ میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے تجزیوں و تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ضمیر آفاقی نے کہا ہے کہ نظریاتی کونسل مشورہ دے سکتی ہے۔ قانون سازی نہیں کر سکتی۔ ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کرایا جائے۔ حج صاحب استطاعت کیلئے کسی غریب آدمی کیلئے نہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ حج سبسڈی پہلے عوام کو دوسرے ریلیف ملنے چاہئیں۔ حج اور زکٰوة دو ایسی چیزیں ہیں جو صاحب استطاعت ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ساہیوال پر جو جے آئی ٹی بنی اس میں بندے باہر سے نہیں آئے‘ وہ کیا انصاف کریں گے۔ انہوں نے کہا ہمارے ہاں جو ادویات کی قیمتیں ہیں وہ دوسرے ممالک کی نسبت بہت زیادہ ہیں۔ یہ ایک مافیا ہے جس میں حکومتی لوگ بھی ملوث ہیں۔ تجزیہ کار آغا باقر نے کہا ہے کہ نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے اس کے منع کرنے کے باوجود حکومت نے حج اخراجات میں اضافہ کر دیا۔ غریب لوگ اپنے زیورات‘ زمینیں‘ مویشی بیچ کر حج پر جاتے ہیں۔ حج کیلئے غریب جتنا بے چین ہوتا ہے اتنا صاحب استطاعت بھی فکر نہیں کرتے۔ حکومت نے غریب کیلئے حج کرنا ناممکن بنا دیا‘ غریبوں کو سہولت ملنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت سانحہ ساہیوال کی ابتک کی تحقیقات میں کچھ بھی سامنے نہیں لا سکی۔ انہوں نے کہا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کرکے عوام کے ساتھ مذاق کیا ہے۔ تجزیہ کار مریم ارشد نے کہا ہے کہ حج صاحب استطاعت لوگوں پر فرض ہے۔ پہلے دوسری ضروریات پوری کرنی چاہئیں۔ ہم یہ نہیں چاہتے کہ غریب حج پر نہ جائے‘ حکومت کو غور کرنا چاہئے کہ کہاں آسانیاں فراہم کر سکتے ہیں۔ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ یہ غریب کے حق میں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سانحہ ساہیوال کی جتنی مذمت کریں وہ کم ہے۔ بچوں کو بار بار تحقیقات میں ملوث کرنا ظلم ہے‘ اگر اب بھی بچوں کو انصاف نہ ملا تو کبھی نہیں ملے گا۔ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے۔ تجزیہ کار میاں افضل نے کہا ہے کہ حج اخراجات میں اچانک 4لاکھ 36ہزار روپے کا اضافہ‘ اسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ حکومت کو اقلیتوں کی طرح مسلمانوں کو بھی حج اخراجات میں سہولتیں دینی چاہئیں‘ کم سے کم پی آئی اے کا کرایہ ہی کم کر دے۔ انہوں نے مزید کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر بینکوں کو 14کروڑ روپے سود دیا جا رہا ہے۔ بینکوں سے قرض لیکر ساری کی ساری گندم خریدی ہوئی ہے اس طرف کسی کا دھیان نہیں جاتا۔ اسلام کہتا ہے آسانیاں پیدا کریں یہاں حج کے اخراجات میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ مائیں آخری عمر میں بچوں کو کہتی ہیں کہ مجھے حج پر بھیج دو۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمشن بننا چاہئے۔ سانحہ کے حقائق حکومت جانتی ہے اسی لئے تاخیر کرتی جا رہی ہے۔ فائرنگ کرنے والوں کا کوئی ریمانڈ نہیں ہوا‘ عوام کے جان و مال کی ذمہ داری ریاست کی ہوتی ہے۔ حکومت کے پہلے 6ماہ کے دوران 42 فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

سعودی عرب اور یو اے ای سے رقوم کی منتقلی کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے

کراچی(ویب ڈیسک)سعودی عرب اور یو اے ای سے رقوم کی آمد کے بعد گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 54 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق 25جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے پر زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 25کروڑ 72 لاکھ ڈالرز کی سطح سے بڑھ کر 14 ارب 80 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی سطح پر جا پہنچے۔

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی،40700 پوائنٹس کی حد بھی بحال

کراچی(ویب ڈیسک) نئی مانیٹری پالیسی سے وابستہ مثبت توقعات پربڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں، منی بجٹ اقدامات سے متعلق عالمی ریٹنگ کمپنی موڈیز کی مثبت پیشگوئیوں اوربجٹ اقدمات سے برآمدات پیداوار اورغیرملکی سرمائے کیآمد میں اضافے کی توقعات پر مشتمل رپورٹ کے اجرا کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا۔انڈیکس کی 40700پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی۔ تیزی کے سبب68.81 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید4ارب 60کروڑ34 لاکھ 90ہزار 765روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس پوائنٹس کے اضافے سے 40799.53 ہوگیا۔کے ایس ای30 انڈیکس 19577، کے ایم آئی30 انڈیکس 68267اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 19733 ہوگیا۔