امریکا نہ ختم ہونے والی افغان جنگ سے چھٹکارا چاہتا ہے، ٹرمپ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان اور شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاءتاہم عراق میں فوج رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے پروگرام فیس دی نیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا طالبان امن چاہتے ہیں اور ہم بھی نہ ختم ہونے والی جنگ سے نکلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے افغان جنگ میں امریکی فوج کو بھاری مالی و جانی نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ طالبان بھی اب تھک کر جنگ بندی چاہتے ہیں اور امن کا راستہ اختیار کرنے کیلئے تیار ہیں، نہ صرف طالبان بلکہ ہر کوئی اس طویل جنگ سے تھک چکا ہے، خود امریکا بھی اس نہ ختم ہونے والی جنگ سے نکلنا چاہتا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے افغانستان اور دیگر ممالک میں ہماری انٹیلی جنس رہے گی اور اگر انخلا کے بعد کوئی مسئلہ ہوا تو اس کو حل کریں گے لیکن اس وقت تو امریکی فوجوں کو کئی سال سے جاری جنگوں سے واپس لانا چاہتے ہیںامریکی صدر کا کہنا تھا کہ عراق اور شام سے داعش کا 99 وے فیصد خاتمہ کر دیا ہے، جلد ہی مکمل صفایا بھی کر دیں گے، عراق سے اپنے اڈے خالی نہیں کریں گے، بلکہ وہاں سے ایران پر نظر رکھیں گے۔

امریکی صدر اپنے داخلی مسئلے کا بوجھ عراق پر نہ ڈالے، صدر برھم صالح

بغداد(ویب ڈیسک) عراق کے صدر برھم صالح نے صدر ٹرمپ کے ایران پر نظر رکھنے کے لیے امریکی فوج کی شام سے عراق منتقلی کے بیان کومسترد کردیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی صدر برھم صالح نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کی نگرانی کے لیے شام سے امریکی فوج کو عراق میں منتقل کرنے کی ہم سے اجازت نہیں لی ہے۔ اس لیے اس بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔عراقی صدر نے مزید کہا کہ امریکی فوج کی عراق میں موجودگی دو ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ایک معاہدے کے نتیجے میں ہے اور یہ کافی ہے، اس لیے امریکا اپنے داخلی مسئلے کا بوجھ عراق پر مت ڈالے۔عراقی صدر برھم صالح نے مزید کہا کہ یہ عراق کا بنیادی حق ہے کہ ہمسائے ممالک کے ساتھ خوشگوار دو طرفہ تعلقات استوار رکھے اور اس پر عراق کسی دوسرے ملک کا دباﺅ برداشت نہیں کرے گا۔امریکی صدر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ شام سے امریکی فوجوں کو عراق منتقل کیا جائے گا تاکہ خطے کی صورت حال پر نظر رکھی جا سکے بالخصوص ایران کی نگرانی کے لیے عراق میں امریکی فوج کی موجودگی ضروری ہے۔

طالبان اور افغان رہنما روس میں ملاقات پر رضامند

کابل(ویب ڈیسک) طالبان اور افغان رہنماﺅں نے روس میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کے لیے حامی بھر لی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان اور سابق افغان صدر حامد کرزئی سمیت دیگر افغان رہنماﺅں کے درمیان امن مذاکرات کل ماسکو میں ہوں گے۔ فریقین نے 2 روزہ امن مذاکرات میں شرکت کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ادھر افغان طالبان کے امن مذاکرات میں کابل حکومت کے نمائندے کی غیر موجودگی کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے کل ہونے والے مذاکرات میں کابل حکومت کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔افغان صدر اشرف غنی نے ماسکو میں ہونے والے امن مذاکرات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ طالبان افغانستان کے حقیقی نمائندوں سے ملاقات سے انکاری ہو کر غیر جمہوری قوتیں ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں۔صدر اشرف غنی نے مزید کہا کہ افغان عوام ایسے کسی امن مذاکرات کو نہیں مانیں گے جس میں ان کے حقیقی نمائندے شریک نہ ہوں۔ سابق صدر حامد کرزئی کو کابل حکومت کے نمائندے کی شرکت کے بغیر مذاکرات میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔واضح رہے کہ قطر اور سعودی عرب میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے طویل مذاکرات کے بعد فریقین کا کئی اہم نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور فریقین نے ایک دوسری کو کئی معاملات میں یقین دہانیاں بھی کرائی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کا اجرا کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کا اجرا کردیا۔تقریب اجرا کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ہیلتھ کارڈ کا مقصد غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیونکہ گھر میں بیماری ہو تو گھر کا بجٹ ڈسٹرب ہوجاتا ہے، لیکن اس ہیلتھ کارڈ سے غربت کم ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پہلے ہیلتھ کارڈ خیبر پختونخوا میں تقسیم کیا اور اب قبائلی علاقے کے خاندانوں کو بھی ہیلتھ کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ روپےکی قیمت کے 35 فیصد گرنے کے سبب مہنگائی میں اضافہ ہوا، لیکن حکومت سب سے مشکل میں گھرے طبقے کی مشکلات دور کرے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت غربت ختم کرنے کا جامع پروگرام لائے گی اور بیت المال اور دیگر ایسے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا جبکہ غریبوں کو گھروں کے قرضے کے لیے بھی سکیم لائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت، سری لنکا اور بنگلا دیش تک ہم سے آگے نکل چکا ہے، ہم موجودہ وسائل استعمال کرکے بہتری کا پلان لانے پر غور کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاق میں صحت انصاف کارڈ کا نام خوش آئند ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کا اجرا پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وسائل استعمال کرکے بہتری کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صحت کارڈ کے تحت غریب خاندان سات لاکھ 20 ہزار روپے تک خرچ کرسکتا ہے۔

ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشیں ناکام بنائیں گے، آپریشن ردالفساد کے تحت آپریشنز جاری ہیں، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ امن کی بہتر صورتحال کے ثمرات لوگوں تک پہنچیں۔ان کا کہنا ہے کہ اپنی سرحدوں کے تحفظ سمیت مربوط قومی ردعمل پر بھرپور توجہ ہے۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 218ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات بشمول افغان مصالحتی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر شرکا نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور اندرونی معاملات اور خطے میں قیام امن کے لیے کیے جانے والے حالیہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات چیت ہوئی۔اجلاس کے شرکانے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

”ہنی مون منانا ہے “ پاکستانی ٹیچر نے ایسی درخواست دیدی کہ انٹرنیٹ پر چھا گئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کچھ عرصہ قبل ایک مرد سرکاری ملازم نے اپنے افسر کو چھٹی کے لیے ایک درخواست لکھی تھی جس کے مزاح سے بھرپور متن نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا۔ اب ہنی مون پر جانے کی خواہش مند ایک خاتون سکول ٹیچر کی چھٹی کی درخواست سامنے آ گئی ہے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ درخواست گورنمنٹ گرلز مڈل سکول محمد خواجہ ہنگو کی ایس ایس ٹی امینہ صواب گل نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فی میل)ہنگو کے نام لکھی ہے۔امینہ گل لکھی ہیں کہ ”محترم میڈم! جیسا کہ آپ جانتی ہیں کہ میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے۔ آپ خود شادی شدہ ہیں اور بخوبی سمجھ سکتی ہیں کہ ہر نئے نویلے جوڑے کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ہنی مون سے لطف اندوز ہو اور اپنی زندگی کے نئے مرحلے کی شروعات کو یادگار بنائے۔ ہمارا بھی یہی معاملہ ہے۔ میں نے اپنے شوہر سے وعدہ کر رکھا ہے کہ ہم 14فروری تا 28فروری 2019ءدو ہفتے پر محیط ہنی مون مری، نتھیا گلی، وادی¿ سوات اور مالم جبہ میں منائیں گے۔ “

مختلف جانو ر پیدا کرنیوالے فارم ہاﺅسز تو ہیں مگر اب بچے پیدا کرنیوالا فارم بھی منظر عام پر آگیا

برازیلیا(مانیٹرنگ ڈیسک) جانوروں کی افزائش نسل کے فارمز کے بارے میں تو ہر کسی نے سن رکھا ہو گا لیکن آپ یہ سن کر سر تھام کر بیٹھ جائیں گے کہ برازیل میں انسانی بچے پیدا کرنے کا ایک فارم پکڑا گیا ہے جہاں لڑکیوں کے ساتھ ایسا ہولناک سلوک کیا جاتا تھا کہ سن کر ہی آدمی کی روح کانپ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ فارم برازیل کے ایک نام نہاد مذہبی پیشوا جواﺅ تیکسیرا ڈی فاریا نامی شخص چلا رہا تھا، جو لوگوں کا روحانی علاج بھی کرتا تھا۔ جواﺅ اپنے پیروکاروں میں ’جان آف گاڈ‘ کے لقب سے مشہور تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے اس فارم پر لڑکیوں کو جنسی غلام بنا کر رکھا جاتا، ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی جاتی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے دنیا بھر میں بے اولاد لوگوں کے ہاتھ فروخت کر دیئے جاتے تھے۔ ایک لڑکی سے مسلسل 10سال تک بچے حاصل کیے جاتے اور پھر اسے قتل کر دیا جاتا تھا۔رپورٹ کے مطابق اس فارم ہاﺅس پر اب تک 600سے زائد خواتین کے ساتھ یہ درندگی ہو چکی تھی۔ڈی فاریا کے اس غیرانسانی کرتوت کا بھانڈا گزشتہ دنوں برازیل کے گلوب ٹی وی نیٹ ورک کے ایک پروگرام میں اس کی درندگی کا شکار ہونے والی 10خواتین نے پھوڑا۔ ان خواتین نے پروگرام میں فارم کے بارے میں تفصیلات بتائیں جس کے بعدڈی فاریا کو گرفتار کر لیا گیا۔ ٹی وی شو میں بٹنکورٹ زہیرا لینیکے نامی خاتون نے بتایا کہ ”تین براعظموں کے ممالک سے تعلق رکھنے والی ایسی خواتین سے بات کر چکی ہوں۔ یہ سب وہ خواتین تھیں جو ڈی فاریا کے فارم سے بچے خرید چکی تھیں۔ ان خواتین نے بتایا کہ انہوں نے 50ہزار ڈالر (تقریباً 69لاکھ روپے)تک کی قیمت میں بچے خریدے۔اس فارم پر غریب خاندانوں کی 14سے 18سالہ لڑکیوں کو رقم کا لالچ دے کر لایا جاتا تھا اور پھر انہیں برازیلی ریاست مینس گریس میں واقع اس فارم میں جنسی غلام بنا کر قید کر لیا جاتا تھا۔ یہ لوگ لڑکیوں کو بھوکارکھتے اور کھانا حاصل کرنے کی ایک ہی شرط ہوتی کہ ایک مرد سے جنسی تعلق استوار کرو اور کھانا لے لو۔یہ لوگ بلیک مارکیٹ میں ان لڑکیوں کے بچے فروخت کرتے تھے۔ “

بلیو وہیل گیم کی پھر واپسی ، مسلمان ملک کی 10لڑکیوں کی خود کشی

الجزائر(ویب ڈیسک) شمالی افریقہ کے مسلمان ملک الجزائر میں ایک ماہ کے اندر ایک ہی طریقے سے 10 لڑکیوں نے خود کو پھانسیاں لگا کر خود کشی کرلی۔ خود کشی کرنے والی تمام لڑکیاں کم عمر اور غیر شادی شدہ ہیں جس کے باعث حکام تشویش کا شکار ہوگئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان لڑکیوں نے کسی ویڈیو گیم کی وجہ سے خود کشی کی ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس بلیو وہیل نامی قاتل گیم نے دنیا بھر میں متعدد نوجوانوں کو اپنے ہاتھوں اپنی زندگیوں کے خاتمے پر مجبور کیا تھا۔العربیہ کے مطابق الجزائر میں گزشتہ ماہ کے دوران 10 نوجوان لڑکیوں نے رسی یا اپنے سکارف کا پھندہ بنا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ خودکشی کا تازہ واقعہ 24جنوری کو سامنے آیا جب دو لڑکیوں نے خود کشی کی۔ ان میں ایک کی عمر 18 سال تھی اور وہ یونیورسٹی میں دوسرے سال کی طالبہ تھی۔ اس نے اپنے گھر میں پھندے کے ساتھ جھول کر اپنی زندگی ختم کر دی۔ اسی روز تبسہ ریاست میں 21 سالہ ایک لڑکی نے پھندے کے ساتھ جھول کر اپنی جان لے لی تھی۔

دوست نے اپنے ہی دوست کا خون پی ڈالا، پھر ایسا زبردست کام ہو گیا کہ سب دنگ رہ گئے

ماسکو(ویب ڈیسک) روس میں پولیس نے سکول کے دوست کا جسم کاٹ کر اس کا خون پینے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے،روس کے شہر چیلیا بنس کے اورسلز سٹی ہسپتال سے 36 سالہ شخص بورس کونڈراشین کو گرفتار کیا گیا ہے، بورس پر الزام ہے کہ اس نے ڈاکٹریٹ کی جعلی ڈگری اور جعلی کاغذات کی بنا پر گزشتہ برس نومبر میں ہسپتال میں ملازمت حاصل کی اس کے علاوہ بورس پر اپنے سکول کے دوست اور کلاس فیلو کا جسم کاٹ کر اس کا خون پینے کے الزام بھی ہے۔روسی میڈیا کے مطابق 1998 میں بورس نے اپنے 16 سالہ دوست کو مارکر اس کا خون پی لیاتھا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا ہے کہ بورس کونڈراشین خود کو ’’ویمپائر‘‘کہتاہے۔ چیلیا بنس سٹی ہسپتال کی صحت کے شعبے کی سربراہ نتالیا گورلوا نے میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ کونڈراشین کو پرائمری کیئر ڈاکٹر کی حیثیت سے ہسپتال میں ملازمت دی گئی تھی اوراس کا کام لوگوں کو اس بات کی جانب مائل کرنا تھا کہ لوگ سگریٹ اور شراب نوشی کو چھوڑ کر ورزش کی عادت کو اپنائیں۔ انہوں نے بورس کے ملازمت کے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان کے تجربے کے حوالے سے زیادہ جانچ اس لیے نہیں کی کہ بورس نیاپنے ضروری کاغذات ہی نہیں دئیے اس کا کہنا تھا کہ کسی وجہ سے اس کے کاغذات کھوگئے ہیں۔

ماضی میں لیگی حکومت پر شکار کے لائسنس جاری کرنیوالی حکمران جماعت کا یو ٹرن ،13لائسنس جاری کر دیئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کو سندھ میں ہوبارہ کا شکار کرنے کیلئے 13 لائسنس جاری کر دیئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شکار کیلئے یہ لائسنس سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور قطر کے بادشاہ ، صدر ، ولی عہد ، کزن اور سعودی عرب کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے فوجی سربراہوں کو جاری کیے ہیں ۔یاد رہے کہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت شکار کیلئے لائسنس جاری کرنے پر ن لیگ کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تی رہی ہیں اور ان کی جانب سے خیبر پختون خواہ میں شکار کیلئے کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا گیا تھا جہاں تحریک انصاف کی حکومت تھی ۔

کس پاکستانی سے شادی اور کہاں سیٹل ہونا تھا ،جمائما نے لیڈی ڈیانا بارے بڑا بھید کھول دیا

لندن (ویب ڈیسک)برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی حادثاتی موت آج بھی ایک معمہ ہے تاہم اب لیڈی ڈیانا سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما نے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی شہزادی ڈیانا پاکستانی ہارٹ سرجن ڈاکٹر حسنات سے شادی کرنا چاہتی تھیں جس کیلئے وہ پاکستان میں رہنے کیلئے بھی تیار تھیں۔تفصیلات کے مطابق جمائما خان نے اپنے انکشافات میں برطانیہ کی مرحوم شہزادی لیڈی ڈیانا کی زندگی کے سب سے بڑے راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔جمائما خان نے بتا یا کہ وہ اور لیڈی ڈیانا بہت اچھی سہیلیاں تھیںاور یہ دوستی ایک پاکستانی شخص کی وجہ سے ہوئی تھی۔ لیڈی ڈیانا برطانوی شاہی خاندان کی بہو بننے کے بعد والی زندگی سے زیادہ خوش نہیں تھیںاور انہیں برطانیہ میں مقیم پاکستانی شخص ڈاکٹر حسنات سے جنون کی حد تک محبت تھی۔ لیڈی ڈیانا کہتی تھیں کہ ہر شخص نے انہیں اپنے مطلب کیلئے استعمال کیا ہے، لیکن ڈاکٹر حسنات وہ واحد شخص ہے جو کبھی ایسا نہیں کرے گا۔لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات کی محبت میں اس حد تک سنجیدہ تھیں کہ وہ اس پاکستانی سے شادی کرنے کیلئے پاکستان منتقل ہو جانے کیلئے بھی تیار تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے میری اور عمران خان کی شادی کے بعد مجھ سے کئی مرتبہ رابطہ کیا اور پاکستان میں گزرے میرے وقت سے متعلق تفصیلات جانیں۔ لیڈی ڈیانا ان سے اکثر رائے طلب کرتی تھیں کہ آیا نہیں پاکستان منتقل ہونا چاہیے یا نہیں۔جمائما خان بتاتی ہیں کہ لیڈی ڈیانا نے ڈاکٹر حسنات سے شادی کرنے کیلئے ہی 2 مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوران لیڈی ڈیانا نے ڈاکٹر حسنات کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے انہیں راضی کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم ڈاکٹر حسنات کی والدہ کے انکار کے باعث ان کی شادی نہ ہو پائی۔ بعد ازاں لیڈی ڈیانا اور ایک ارب پتی مصری شخص کے درمیان تعلقات قائم ہوگئے تھے اور پھر دونوں پیرس میں ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

آئی پی ایل کیلئے کونسی مس ورلڈ کی خدمات حاصل کر لی گئیں،خبرآگئی

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کا چوتھا سیزن 14 فروری کو شروع ہونے جارہاہے اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام تیاریاں بھی مکمل کر لیں ہیں جبکہ افتتاحی تقریب میں ’ دس منٹ ‘ کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار ’ پٹ بل ‘ کو بھی بلا لیا ہے تاہم اس کے ساتھ ہی ایک اور بھی بڑی خوشخبری یہ ہے کہ پی سی بی نے میزبانی کے فرائض کیلئے معروف سپورٹس اینکر زینب کے ساتھ ساتھ سابقہ مس ورلڈ اور حسن کی شہزادی ” ایرن ہولینڈ “ کی بھی خدمات حاصل کر لی ہیں ۔ایرین ہولینڈ اور خوبصورت زینب عباس کے علاوہ مشہور زمانہ گلوکار فخر عامل بھی پاکستان سپرلیگ کی میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے ایونٹ کو چار چاند لگائیں گے ۔اس کے علاوہ ماہرین میں عامر سہیل ، بریڈ ہوگ اور شاون ٹیٹ شامل ہیں ۔

نئی آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی کونسی پوزیشن ؟

دبئی(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بلے بازوں میں قومی کھلاڑی بابراعظم کا پانچواں نمبر برقرار ہے جب کہ فخر زمان 2 درجے بہتری کے بعد نوویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، امام الحق 9 درجے ترقی پاکر سولویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ٹاپ ٹین بولر میں کوئی پاکستانی جگہ نہیں بنا سکا تاہم حسن علی 2 درجے تنزلی کے بعد چودہویں پوزیشن پر آگئے ہیں، آل راؤنڈرز کی فہرست میں محمد حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ ٹیموں میں پاکستان کا پانچویں نمبر ہے۔آئی سی سی کے نئی رینکنگ کے مطابق بولرز کی فہرست میں بھارتی بولر جسپریت بومرا پہلے اور دوسری پوزیشن پر افغانستان کے راشد خان موجود ہیں جب کہ تیسری پوزیشن پر نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ موجود ہیں۔بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے نمبر پر موجود ہیں، روہت شرما دوسرے اور راس ٹیلر تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ انگلینڈ کے جوئے روٹ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے راشد خان آل راونڈر کیٹگری میں ٹاپ پر ہیں۔
ٹیموں کی فہرست میں انگلینڈ پہلے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے جب کہ پاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔