ماہرہ خان لاہور میں”سات دن محبت ان “کی تشہیر میں مصروف

لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ ماہرہ خان ساتھی فنکاروں کے ہمراہ فلم سات دن محبت ان کی تشہیری مہم میں حصہ لینے کے لئے لاہور پہنچ گئیں۔فنکاروں نے گزشتہ روزمختلف شاپنگ مالزکا دورہ کیااوراپنے پرستاروں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔تشہیری مہم میں حصہ لینے والے فنکاروں میں شہریار منور،آمنہ الیاس اورمیرا سیٹھی بھی شامل ہیں۔ماہرہ خان اور شہریار منور نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں محبت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اسی موضوع کوفلم میں اجاگرکیاگیا ہے۔یہ صرف لوسٹوری نہیں ہے بلکہ اس میں ایک پیغام بھی ہے۔ ماہرہ خان کاکہناتھا میں نے کسی فلم میں پہلی بار کامیڈی کی ہے اور مجھے بہت اچھا لگا ۔مداح اب نہ صرف وہ مجھے ہنستے ہوئے دیکھیں گے بلکہ میں بھی انہیں ہنساﺅں گی۔

\

ملک بھر میں نمبر ون جماعت بن کر ابھریں گے ، عمران خان کی رشید گوڈیل کی شمولیت کے موقع پر گفتگو

اسلام آباد (آئی این پی)عمران خان نے کہا کہ کراچی کو اٹھائے بغیر پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، عبدالرشید گوڈیل کی آمد سے کراچی میں تحریک انصاف کو تقویت ملی ہے، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں پہلے سے کئی گنا بہتر کارکردگی دکھائے گی، تحریک انصاف کراچی واحد اکثریتی نمائندہ جماعت بن کر ابھرے گی۔ اتوار کو کراچی سے تحریک انصاف کو بڑی کامیابی متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل تحریک انصاف میں شامل ہوگئے، انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف سے بنی گالہ میں ملاقات کے دوران اپنی شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور زلفی بخاری بھی موجود تھے ، عبدالرشید گوڈیل نے تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا، چیئرمین تحریک انصاف نے عبدالرشید گوڈیل کی شمولیت کا خیر مقدم کیا، اور کہا کہ عبدالرشید گوڈیل کی پارٹی میں شمولیت باعث مسرت ہے، کراچی میں تحریک انصاف کی صف بندی میں محنت کررہے ہیں، عمران خان نے کہا کہ کراچی کو اٹھائے بغیر پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، عبدالرشید گوڈیل کی آمد سے کراچی میں تحریک انصاف کو تقویت ملی ہے، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں پہلے سے کئی گنا بہتر کارکردگی دکھائے گی، تحریک انصاف کراچی واحد اکثریتی نمائندہ جماعت بن کر ابھرے گی۔

فواد خان کے ”چائے والا“ سٹائل کے چرچے ہونے لگے

لاہور(شوبزڈیسک) اداکار فواد خان اور ماہرہ خان نے حال ہی میں بھارتی فیشن میگزین”برائیڈل“ کے لیے فوٹوشوٹ کروایا تھا، جس میں دونوں کے بولڈ سٹائل کو کافی سراہا جا رہا ہے۔ اس فوٹوشوٹ میں دونوں پاکستانی اداکاروں نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر صدف فواد خان کی ملبوسات پہنیں تھیں، جن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فوٹو شوٹ اور دونوں اداکاروں کے لیے تیار کردہ ملبوسات پر بہت محنت کی۔ شوٹ میں جہاں ماہرہ اور فواد کے بولڈ انداز کو سراہا جا رہا ہے، وہیں اس فوٹو شوٹ میں فواد خان کو دیکھ کر لوگوں کو ’چائے والا‘ ارشد خان یاد آگیا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مداحوں نے فواد خان اور ’چائے والا‘ کا موازنہ کیا ہو، اس سے قبل 2016 میں جب ارشد خان کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں اور وہ راتوں رات سٹار بن گئے تھے۔، تب بھی کئی لوگوں نے ان کا موازنہ فواد خان کے ساتھ کیا تھا۔اس بار فواد خان نے فوٹوشوٹ میں نہ صرف شلوار قمیض پہنی بلکہ ’چائے والا‘ سے مشابہ میک اپ بھی کیا، جس وجہ سے کئی لوگوں نے ایک بار پھر ان کا موازنہ ارشد خان سے کیا۔

عروہ نے پاکستان کیخلاف بولنے والی سوارا کو کھری کھری سنا دیں

لاہور(شوبزڈیسک) اداکارہ و ماڈل عروہ حسین نے بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کو پاکستان کو ناکام ریاست کہنے اور پاکستان کے خلاف دوغلی پالیسی اپنانے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب کھری کھری سنادیں۔ فلم ویرے دی ویڈنگ میں بولڈ مکالمے اور غیر اخلاقی سین ہونے کی وجہ سے فلم پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم سوارا بھاسکر کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی۔تاہم عروہ حسین نے سوارا بھاسکر کو آئینہ کو دکھاتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہی پاکستان کو دنیا کا بہتر ملک قرار دیاتھا ۔ اور کہا آپ نے اپنی ہی فلم پدماوت پر پابندی عائد کیوں کی تھی۔، آپ عورتوں کے حقوق کی بات کرتی ہیں ، آج کے بعد عورتوں کے حقوق کی بات مت کریئے گا۔عروہ حسین نے مزید کہا کہ پاکستان ناکام ریاست نہیں ہے لیکن آپ لازما ایک کمزور اور ناکام انسان ہیں۔

ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ 6 جون سے شروع ہو گا

پورٹ آف سپین(اے پی پی) ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 جون سے پورٹ آف سپین میں شروع ہو گا، سری لنکن ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے پہلے ہی ویسٹ انڈیز پہنچ چکی ہے، آئی لینڈرز اور ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون کے درمیان تین روزہ ٹور میچ ڈرا ہوا تھا، ٹور میچ میں سری لنکن کھلاڑیوں کی بیٹنگ و باﺅلنگ تسلی بخش رہی اسلئے ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 جون تک سینٹ لوشیا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 23 سے 27 جون تک بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔

الیکشن لڑنے والے ہو جائیں ” خبردار “ ، سنٹرل سکروئنی سیل بن گیا

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے سنٹرل سکروٹی سیل قائم کردیا، سکرونٹی سیل نادرا، ایف بی آر، اسٹیٹ بنک اور دیگر اداروں کے ساتھ رابطے کرکے امیدواروں کی سکرونٹی کرے گا، امیدواروں کی دوہری شہریت، قرضہ معافی، نادہندگی اور انکم ٹیکس سے متعلق معلومات بھی حاصل کرے گا، الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق عام انتخابات 2018میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکرونٹی کیلئے مرکزی سطح پر خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے۔یہ سکروٹی سیل 4ٹیموں پر مشتمل ہوگا جس میں الیکشن کمیشن، نادرا، ایف بی آر، اسٹیٹ بنک، ایف آئی اے اور نیب سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے تعلق رکھنے والے 36کے قریب ممبران ہونگے، سکرونٹی سیل با ضابطہ طور پر آج سے کام شروع کریگا سکرونٹی سیل ریٹرننگ افسران اور متعلقہ اداروں کے درمیان کو آرڈیینشن کریگا اور دو شفٹوں میں 24گھنٹے کام کریگا ذرائع کے مطابق سکرونٹی سیل امیدواروں کی آرٹیکل 62، 63کے مطابق جانچ پڑتال کو یقینی بنانے میں مدد دے گا اسی طرح سکرونٹی سیل نادرا، ایف آئی اے نیب، ایف بی آر، اسٹیٹ بنک سے رابطے کریگا اور دوسری شہریت کے حامل قرضے حاصل کرنے والے ، ڈیفالٹر اور انکم ٹیکس کی معلومات اکھٹی کریگا ذرائع کے مطابق سکرونٹی سیل کے انچارج سیکرٹری الیکشن کمیشن ہونگے۔

محمد عباس کا لیسٹر شائر کاونٹی سے اگلے سیزن کیلئے معاہدہ

لیڈز(سپورٹس ڈیسک )لارڈز ٹیسٹ کے ہیرومحمد عباس کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے لیسٹر شائر کاونٹی نے ان سے اگلے سیزن کے لئے بھی معاہدہ کر لیا ہے۔محمد عباس لیسڑ شائر کاو¿نٹی کی نمایندگی کیلیے انگلینڈ میں رکیں گے اوراس سال وہ پہلی بار کاونٹی چیمپین شپ کھیلیں گے۔محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ میں64رنز دے کر8وکٹ حاصل کئے تھے۔عباس نے سات ٹیسٹ میچوں میں40وکٹ لے کر سب کو حیران کردیا ہے۔محمد عباس نے یہاں شائع ہونے والے ایک انٹر ویو میں کہا ہے کہ مجھے یہ مقام مشکل سے ملاہے۔میں چمڑے کی فیکڑی میں ملازمت کرتا رہا اورایک ویلڈنگ کی دکان پر بھی کام کیا۔سیالکوٹ کے ایک وکیل کے پاس بھی چھوٹی سی ملازمت کی لیکن کرکٹ کھیلنے کا جنون کی حد تک شوق تھا۔مجھے میری مسلسل محنت کا صلہ ملا لیکن میں ایک پراسس سے گذر کر پاکستانی ٹیم میں آیا ہوں اس مقام کو حاصل کرنے کے لئے انتھک محنت کی ہے۔

خود کشی کر لوں گا :سربراہ اربن پلاننگ کمپنی ، دھمکی سے فیصلہ نہیں بدلے گا : چیف جسٹس ثاقب نثار

لاہور  (آئی اےن پی، مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا 56 کمپنیز کیس میں سابق وزیراعلی شہبازشر یف پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسوں کی واپسی کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔ چیف جسٹس نے شہباز شریف کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کردار کے بغیر تو یہاں مکھی بھی نہیں اڑتی۔ چیف جسٹس نے نیب کو 6 کمپنیوں کے سی ای اوز کی جائیداد کا تخمینہ لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتا کریں کہ یہ افسران کتنی پراپرٹی کے مالک ہیں تاکہ قوم کا پیسہ واپس لوٹایا جاسکے۔ اس پر اربن پلاننگ اینڈ منیجنگ کمپنی کے سربراہ نے عدالت میں کہا کہ میں خود کشی کر لوں گا تو چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی اس دھمکی سے عدالت اپنا فیصلہ نہیں بدلے گی، جس کمپنی کا سربراہ قوم کا پیسہ نہ لوٹا سکا اس کو جیل ہو گی۔

ڈومینک تھیم کواٹرفائنل میں پہنچ گئے

پیرس (سپورٹس ڈیسک)آسٹرین کھلاڑی ڈومینک تھیم نے جاپانی حریف کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔آسٹرین کھلاڑی کاکوارٹر فائنل میں مقابلہ جرمن سٹار الیگزینڈر سے ہوگا۔دوسری طرف آخری اطلاعات آنے تک جوکووچ کو بھی حریف پر میچ دو سیٹس کی برتری حاصل تھی۔سپین کے کھلاڑی گوفن نے بھی اہم میچ کامیابی حاصل کرلی۔ فرنچ اوپن ٹینس میں روسی سٹار ماریا شراپووا اور امریکی نمبر ون پلئیر سرینا ولیمز کی فتوحات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ دونوں ٹینس پلئیرز نے ٹورنامنٹ کے تیسرے راو¿نڈ میں رسائی حاصل کر لی۔فرنچ اوپن ٹینس میلے میں کھلاڑیوں کی مہارت اور صلاحیت کا امتحان جاری ہے جس کے دوران روس کی ٹینس کوئین ماریا شراپووا تیسرے راو¿نڈ میں پہنچ گئیں، انہوں نے کروشیا کی ڈونا کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرایا۔ایک اور میچ میں امریکی نمبر ونسرینا ولیمز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ایشلی بارٹی کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹ سے شکست دی۔ اس طرح دونوں خواتین ٹینس پلئیرز ٹورنامنٹ کے تیسرے راو¿نڈ میں پہنچ گئیں۔

زرداری سے ہٹ کر بلاول کیساتھ چل سکتے ہیں یہاں ” را “ کا ایجنٹ بھی الیکشن لڑ سکتا ہے ، شیخ رشید کا دبنگ بیان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن لڑنے کیلئے پاکستان کی شہریت ہونا لازمی نہیں۔ کاغذات نامزدگی فارم بڑا سوچ سمجھ کر بنایا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے بھی کہا ہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات ہونے چاہیں۔ الیکشن سے پہلے اصل مسئلہ حلقوں کا ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ اعتراضات کر رہے ہیں جو 5 ویںنمبر کے کونسلر ہیں۔ حلقہ بندیاں کالعدم ہونے سے امیدواروں کیلئے مشکلات ہیں، مجھے معلوم ہی نہیں کہ اب میرا حلقہ کہاں تک ہے۔ الیکشن میں ایک ماہ کی تاخیر سے قیامت نہیں آجائے گی۔ الیکشن میں15 سے 20 دن تاخیر ہوجائے تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ الیکشن میں تاخیر کا حکم سپریم کورٹ دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران مرضی کے ہونگے تو 2، 3 ڈاکے انکے لیے بڑی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی جماعتیں اسلام کے نہیں اسلام آباد کے ساتھ ہیں۔ ختم نبوت کی شق پر بھی سب سے پہلے میں نے آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پھر نواز شریف کی طرف جارہی ہے۔ 20 سے 25 فیصد پی پی نواز بیانیے کو سپورٹ کر رہی ہے۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ انکو سزا ہوجاتی ہے تو تحریک ہے اور انکو ووٹ ملے۔ میں نواز شریف کا سیاسی مستقبل نہیں دیکھ رہا، وہ عید کے فوری بعد الیکشن چاہتے ہیں تاکہ جیل جانے کا سیاسی فائدہ مل سکے۔ پی پی سمجھ رہی ہے کہ سارا جنوبی پنجاب تحریک انصاف کی طرف چلا گیا ہے۔ میں عمران خان کی مخلوط حکومت دیکھ رہا ہوں۔ اگر عمران خان کی ہوا چل گئی تو اکیلا ہی حکومت بنالے گا۔ ریحام خان کی کتاب سے عمران کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ الیکشن میں اصل مقابلہ عمران و نواز کا ہے۔ ضروری نہیں کہ آصف زرداری کے ساتھ چلا جائے۔ بلاول کے ساتھ بھی چلا جاسکتا ہے۔ پی ٹی آئی میں اختلاف کی باتیں لوگوں کیلئے تکلیف کا باعث ہیں۔ جسٹس ثاقب نثار اسوقت حقیقی مرکزی کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز و شاہد خاقان عباسی کو جیل دیکھ رہا ہوں۔ چودھری نثار اس بار آزاد الیکشن لڑیں گے۔ ان کیلئے بغیر ایڈمنسٹریشن کے یہ الیکشن مشکل ہوگا۔ چودھری نثارکے لیے راستہ صاف ہے مدمقابل نواز، شہباز وخاقان جیل جا رہے ہیں۔ 5، 6 دنوں میں ایل این جی کا کیس لگ جائے گا۔ اسوقت سٹیبلشمنٹ کا سب سے مضبوط آدمی شاہد خاقان ہے۔ شہباز شریف فوج کو استعمال کرنے میں بہت سمارٹ ہیں۔ ایل این جی پر شاہد خاقان نے مناظرے کا چیلنج دیا تھا، دعوت دیتا ہوں ٹی وی پر مناظرہ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی ختم ہوگئی، ماہرین قانون کہتے ہیں میری نا اہلی کا مسئلہ بھی ختم ہوگیا۔ سپریم کورٹ کا میرے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا قبول ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران شہباز شریف سے دوبارہ رابطہ کیا تھا۔ مجھے یقین ہے الیکشن کے بعد میرا بہترین دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا مریم نواز کو کبھی سنجیدہ نہیں دیکھا ہمیشہ جذباتی فیصلے کیے۔ نواز شریف جیسے لوگوں کو سیاست میں نہیں ہونا چاہیے۔ 40 سال عوام کا پیسہ لوٹ کر کھایا۔

اسمتھ کی طرح بولر سے بیٹسمین نہیں بننا چاہتا

لیڈز(سی پی پی)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ بولنگ ہی میری اولین ترجیح ہے ، اسٹیون اسمتھ کی طرح بولر سے بیٹسمین نہیں بننا چاہتا، اچھی فارم کے باوجود بیٹنگ آرڈر میں اوپر آنے کا کبھی نہیں سوچا، ٹیم میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کئی بیٹسمین موجود ہیں، یاسر کی کمی پوری تو نہیں کرسکتا تاہم اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔یاسر شاہ کا خلا پرکرنے کیلیے پاکستان ٹیم میں شامل کیے جانیوالے لیگ اسپنر شاداب بولنگ سے زیادہ بیٹنگ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں جب صحافیوں نے ان سے سوال ہوا کہ کیا وہ بھی اسمتھ کے نقش و قدم پر چلنا چاہتے ہیں جو بطور بولر آسٹریلوی ٹیم میں آئے مگر بیٹسمین بن گئے، اس پر شاداب نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ابھی نہیں،اسمتھ میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں مگر میں بطور بیٹسمین نہیں کھیلنا چاہتا، میری خواہش بطور بولنگ آل رانڈر ٹیم کے کام آنے کی ہے۔شاداب خان نے کہاکہ میں کسی بولر یا کنڈیشنز کی فکر میں مبتلا ہونے کے بجائے گیند کو دیکھتے ہوئے اپنا نیچرل کھیل جاری رکھتا ہوں۔ میرٹ پر بیٹنگ کرتے ہوئے جہاں مناسب سمجھوں اسٹروک کھیلنے سے گریز نہیں کرتا،لیڈز میں کنڈیشنز لارڈز سے مختلف تھیں لیکن میں نے ٹیم کیلیے رنز بنانے کی کوشش کی اور کامیاب رہا۔دبا میں اچھی اننگز کھیلنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میچ کی صورتحال کوئی بھی ہومیں سمجھتا ہوں کہ آخری موقع میرے پاس موجوداور اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہے۔شاداب نے کہا کہ اچھی فارم کے باوجود بیٹنگ آرڈر میں اوپر آنے کا کبھی نہیں سوچا، ٹیم میں ایک عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کئی بیٹسمین موجود ہیں، میٹنگ میں بھی یہ تجربہ کرنے کی بات نہیں ہوئی۔انھوں نے کہا کہ یاسر کی کمی پوری تو نہیں کرسکتا تاہم اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

ویمن ایشیاءکپ، پاکستان نے تھائی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دےدی

بنکاک (سپورٹس ڈیسک) ویمنز ایشیاءکپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکن ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور بھارت نے ملائیشیا کو 142 رنز سے چت کر کے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔کنرارا اکیڈمی اوول میں کھیلے گئے میچ میں تھائی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی باﺅلرز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے بلے بازوں کی ناک میں دم کئے رکھا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 67 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔تھائی لینڈ کی جانب سے چانٹم اور تیپوچ نے سب سے زیادہ 17,17 رنز بنائے جبکہ 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ پاکستان کی جانب سے ثنائ میر نے سب سے زیادہ 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیانا بیگ، نشرہ سندھو، ندا ڈار اور کائنات امتیاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے 67رنزمقررہ ہدف 14 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں پہلی فتح اپنے نام کی۔ ناہیدہ خان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 41 گیندوں پر ناقابل شکست 38 رنز بنائے جبکہ جویریہ خان نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔دوسری جانب بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فتح سری لنکا کا مقدر ٹھہری۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 وکٹوں کے نقصان پر 63 رنز بنائے اور سری لنکا نے 14.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف عبور کر لیا۔

والد کے آبائی حلقے سے الیکشن لڑینگی یا نہیں ، مریم نے اعلان کر دیا

لاہور(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے الیکشن 2018میں اپنے والد نواز شریف کے آبائی حلقے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے جب اس حلقہ سے پہلی بار الیکشن لڑا تھا تویہ این اے 96کہلاتا تھا بعدازاں یہ حلقہ این اے 120 بن گیا اور موجودہ نئی حلقہ بندیوں کے بعد یہ حلقہ این اے 125 بن گیا ہے ن لیگی ذرائع کے مطابق مریم نواز کو اس حلقے سے الیکشن لڑنے کی اجازت ان کے والد نواز شریف نے دیدی ہے جبکہ یہ بھی بتایاگیا ہے کہ مریم نواز اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 149 سے الیکشن لڑیں گی واضح رہے کہ نواز شریف کی عدالت سے نااہلی کے بعد 17 ستمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نے اسی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مریم نواز نے بہترین انداز میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے اپنی والدہ بیگم کلثوم کو بڑے مارجن سے کامیابی دلوائی تھی۔