میٹھی میٹھی عید ، رم جھم بارے ایسی خبر آ گئی کہ آپ بھی جھوم اٹھیں گے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے عیدالفطر پر موسم کے حوالے سے اہم خبر سنا دی ہے جس کے مطابق عیدالفطر کے دنوں میں ملک میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہو جائے گی ، تاہم عیدالفطر پر خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے سے قبل پاکستانیوں کو شدید گرمی کو بھی برداشت کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے پہلے دو ہفتوںمیں شمالی علاقوں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت دو سے تین درجے اضافہ ہو جائےگا تاہم دوسرے ہفتے کے اختتام کے بعد ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گاجس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی اور موسم خوشگوار ہوجائے گا اور عیدالفطر کے دنوں میں ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان خالد محمود ملک نے پیشنگوئی کی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں جڑواں شہروں سمیت ملک میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو جائے گا،ان کا کہناتھا کہ رواں سال مئی کے مہینے میںموہنجوڈرو، جیکب آباد،دادو اور تربت میں سب سے زیادہ51 سینٹی گریڈ جبکہ لاڑکانہ، سکھر اور دونوں علاقے میں 50 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ان کا کہناتھا کہ درجہ حرارت میں فرق کی وجہ سے امید ہے کہ جون کے درمیان میں ملک میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، جس میں موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہو جائے گی۔

عمران خان نے نکاح چُھپا کر 2ماہ تک جھوٹ بولا:ریحام خان

لاہور (ویب ڈیسک) سماجی کارکن اور سابق صحافی ریحام خان نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پیسے لینے اور ان سے یا سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی۔ساتھ ہی انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے معاملے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کردی۔ایک انٹرویو میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کے لیے شہباز شریف سے پیسے لیے اور نہ ہی کبھی ان کی شہباز شریف یا مریم نواز سے ملاقات ہوئی، ‘الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جاو¿ں گی’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر پی ٹی آئی میری کتاب سے کیوں پریشان ہے؟’ریحام کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا تماشہ اپوزیشن کو گرانے کیلئے رچایا گیا، فواد چوہدری ریحام خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور اپنے سابق شوہر عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ آئین کے آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے ان کے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا’۔

نصرت فتح علی خان کا اصل جانشین میں ہوں،راحت فتح علی خان ان ایکشن

کراچی( ویب ڈیسک )معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کی قوالیاں گانے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔اپنے ایک بیان میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کے جانشین ہیں اور انھوں نے ہی ان کی پرورش کی ہے۔انھوں نے بتایا کہ ان کے والد استاد فرخ فتح علی خان اور استاد نصرت فتح علی خان ان کے دادا فتح علی خان کا کلام گاتے تھے، گھر کے دوسرے افراد بھی ان کا کلام گاتے رہے ہیں اور اس میں کوئی اجازت والی بات نہیں رہی۔راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ان کے گھرانے میں قوالی اور صوفیانہ کلام کی میراث 600 برس سے زیادہ پرانی ہے، ان کا گھرانہ ایک خاندان کی طرح ہے اور ان کی سب چیزیں سانجھی ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان کی صاحبزادی ندا نصرت نے اعلان کیا تھا کہ وہ بغیر اجازت اپنے والد کے گیت گانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔بغیر اجازت نصرت فتح علی خان کے گیت گانے پر کارروائی کا اعلان ندا نصرت کا کہنا تھا کہ کھوکر پروڈکشن میوزک فرم نے نصرت میوزک کے جھوٹے حقوق (رائٹس) لیے جس پر انہیں قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران جب ندا نصرت سے سوال کیا گیا کہ گزشتہ برس راحت فتح علی خان نے بھی ان کے والد کے گیت بالی وڈ میں گائے تو کیا ان کے خلاف بھی ایکشن ہوگا؟جس پر ندا نصرت کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی میرے بھائی ہیں، میں ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لوں گی۔

الیکشن کمیشن میں آج سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا سکیں گے

 پاکستان (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی آج سے وصول اور جمع کرائے جاسکیں گے۔کاغذات نامزدگی کی وصولی اور انہیں جمع کرنے کا یہ سلسلہ 8 جون تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن نے طے کیا ہے کہ کاغذات نامزدگی ویسے ہی رہیں گے جیسے الیکشن ایکٹ میں طے کیے گئے تھے۔سپریم کورٹ کاغذاتِ نامزدگی کی تبدیلی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرچکی ہے اور الیکشن کمیشن اور سردارایاز صادق کی اپیلیں باضابطہ سماعت کے لیے منظور ہوچکی ہیں۔عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں اور انتخابات میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔سپریم کورٹ نے کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے یکم جون کو کاغذات نامزدگی فارم میں ترامیم کالعدم قرار دے کر الیکشن کمیشن کو نئےکاغذات نامزدگی تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔تاہم اب سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ترمیم شدہ الیکشن شیڈول جاری کیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلہ معطل کردیا ہے لہٰذا کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017کے مطابق برقرار رہیں گے۔

اسلام میں ڈکٹیٹر شپ کی گنجائش نہیں: علامہ ضیاءاللہ بخاری، ذوق یقیں پیدا ہو جائے تو مومن سرخروہو جاتا ہے : مولانا نذیر عباس شمسی، تمام انبیاءکی خواہش تھی کہ نبی آخر الزماں کے امتی بنیں: اورنگ زیب لغاری، چینل ۵ کی خصوصی ٹرانسمیشن ”مرحبا رمضان “ میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام مرحبا رمضان میں غزوہ بدر کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔ علامہ ضیاءاللہ بخاری نے کہا کہ اسلام میں غزوہ بدر میں حصہ لینے والے صحابہ کرام کہ سب سے اعلی قرار دیا گیا۔ اللہ پاک نے بدری صحابہ کے لئے آسمانوں سے جو فرشتے نازل فرمائے تھے وہ بھی دوسرے فرشتوں سے اعلی شمار کئے گئے تھے۔جنگ بدر میں نبی کریم کے ساتھ 313صحابہ تھے جبکہ کفار کی تعداد ایک ہزار سے بھی زائد تھی جبکہ کفار کے پاس جنگی سامان یعنی تلواریں ،تیر اور دوسرے ہتھیار بھی زیادہ تھے لیکن اللہ کی مدد سے مسلمانوں کو کفار کے خلاف فتح ملی اور اسلام کا جھنڈا اور صحابہ کا حوصلہ بلند ہوا۔کفار شیطان کے اکسانے پر آ رہے تھے جبکہ صحابہ رحمن کے پروانے پر آ رہے تھے کفار شرک کا پرچم اونچا کرنا چاہتے تھے جبکہ صحابہ اپنی جان کی بازی لگا کر توحید کا پرچم بلند کرنا چاہتے تھے۔کفار کا گروہ لونڈیوں کے گیتوں سے جھوم رہے تھے صحابہ تلاوت قرآن پاک سے اپنے سینے منور کرتے آ رہے تھے۔اللہ پاک نے فرمایا کہ جو تمہاری جنگی استطاعت ہے اس کے مطابق تیاری کرو اور اپنی زندگی کو محفوظ کرنے کےلئے جدوجہد کرو اس کے بعد اللہ کی ذات پر توکل کرو۔جنگ بدر میں نبی کریم نے صحابہ کرام سے مشاورت کی یعنی اسلام میں ڈکیٹیٹر شپ کی گنجائش نہیں۔انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کو نماز کی پابندی کرنی چاہئے اس سے مثبت قوت ملتی ہے۔مولانا نذیر عباس شمسی نے کہا کہ جنگ بدر ایک انتہائی اہم واقعہ ہے اگر اس واقعے کو سامنے رکھ کر دور حاضر سے تجزیہ کیا جائے تو جنگ بدر کے واقعے میں آج کے مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل مل جاتا ہے۔جنگ بدر کی جنگ میں دشمن نے اسلام کو مکمل طور پر مٹانے کی کوشش کی لیکن صحابہ نے مکمل دفاع کیا کیونکہ ان کا اللہ اور اس کے رسول پر پختہ ایمان تھا اور اس ارادے سے آئے تھے کہ دنیا ادھر کی ادھر ہو جائے وہ نہ پیغمبر کا دامن چھوڑیں گے نہ ہی اسلام کا۔ا ٓج کے دور میں عالم کفر مسلمانوںمیں نفاق پھیلانے کی کوشش کر رہاہے لیکن مسلمان دشمن کی سازش کو سمجھنے کے بجائے آپس میں ہی الجھ رہے ہیں ۔اگر ذوق یقین پیدا ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں سرخرو ہونے سے نہیں روک سکتی۔حضرت علی نے فرمایا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے مسلمانوں کو اپنے معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنا چاہئے۔ہمیں چاہئے ریاکاری، ملاوٹ،بدنظمی سے بچیں اور مساوات قائم کریں۔نبی کریم نے فرمایا مسلمان کے لئے ہر وہ دن عید ہے جس میں وہ کوئی گناہ نہ کرے۔
معروف ٹی وی آرٹسٹ اورنگزیب لغاری نے کہا کہ رمضان ایک تربیت کا مہینہ ہے برکتوں رحمتوں کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں ہم اپنے دلوں کے دروازے شیطان مردود کے لئے بند کر سکتے ہیں۔یہ دنیا ایک امتحان ہے ہمیں چاہئے کہ اللہ کی بندگی میں زندگی بسر کریں تاکہ دنیا کے ساتھ اپنی آخرت بھی سنوار سکیں۔ہم انتہائی خوش نصیب ہیں کہ نبی کریم کے امتی ہیں پچھلے تمام انبیاءکرام اس بات کے خواہش مند تھے اور دعا کرتے کہ اے اللہ ہمیں اپنے آخری نبی کا امتی بنا لیکن اللہ پاک نے یہ اعزاز بن مانگے ہی ہماری جھولی میں ڈال دیا۔

اربوں بچائے ، کسی کتے نے نہیں کاٹا : شہباز شریف ، جس نے بھی کاٹا آپ ذمہ دار ہیں : چیف جسٹس

لاہور(آئی اےن پی، مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا 56 کمپنیز کیس میں سابق وزیراعلی شہبازشر یف پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسوں کی واپسی کے ذمہ دار شہباز شریف ہیںسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پنجاب کی 56 سرکاری کمپنیوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان کے طلب کرنے پر شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے چیف جسٹس نے شہباز شریف سے کہا یہ بتائیں کہ کمپنیز میں خلافِ قانون لاکھوں روپے کی بھرتیاں کیوں کیں، کس بنیاد پر سرکاری افسران کو 25 25 لاکھ کی تنخواہیں دی گئیں، آپ کم ٹیکس گزار ہیں زیادہ ٹیکس تو عوام دیتے ہیں۔ سابق وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ کمپنیوں میں ملک کو اربوں کی کرپشن سے بچایا اور تعیناتیاں میرٹ پر کیں چیف جسٹس نے شہباز شریف کا جواب مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جواب سے مطمئن نہیں، جن افسران کو لاکھوں کی مراعات دی گئیں، ان سے ایک ایک پائی واپس ہوگی، پیسوں کی واپسی کے آپ ذمہ دار ہیں، اگر پیسے واپس نہیں کیے گئے تو آپ کو نوٹس جاری کریں گے، خزانہ آپ کے ہاتھ میں تھا آپ اس کے امین تھے، یہ پیسہ واپس آنا چاہیے، آپ کریں یا جن لوگوں نے یہ پیسہ لیا ہے وہ واپس کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ مجھے کل بلا لیں میں تفصیل لے کر آﺅں گا۔ چیف جسٹس نے جواب دیا کہ میں آپ کے احتساب کے لیے نہیں بیٹھا، احتساب کے لیے کوئی اور ادارہ ہے وہ اپنا کام کرے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف کرپشن کا ایک دھیلہ بھی نکل آئے تو سزا کے لیے تیار ہوںچیف جسٹس پاکستان نے شہباز شریف پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی ذات کو کیوں بار بار لے آتے ہیں، میں نے آپ کو ایک مخصوص سوال کے جواب کے لیے بلایا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ میرے جواب سے مطمئن نہیں تو پھر آپ فیصلہ کردیں، میں نے ملک کی خدمت کی ہے، مجھے کسی کتے نے کاٹا ہے جو میں نے ملک کے اربوں روپے بچائے چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ آپ کو کس نے کاٹا ہے، آپ کو ایسے الفاظ زیب نہیں دیتے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوں، میں عدالت کا فیصلہ قبول کروں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ فیصلہ قبول نہ کرنا چاہیں تو بھی آپ کو فیصلہ قبول کرنا پڑے گا، کروڑوں روپے صاف پانی کمپنی میں لگے اور ایک بوند پانی نہیں ملا۔قبل ازیں چیف جسٹس نے شہباز شریف کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کردار کے بغیر تو یہاں مکھی بھی نہیں اڑتی۔ چیف جسٹس نے نیب کو 6 کمپنیوں کے سی ای اوز کی جائیداد کا تخمینہ لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتا کریں کہ یہ افسران کتنی پراپرٹی کے مالک ہیں تاکہ قوم کا پیسہ واپس لوٹایا جاسکے۔ اس پر اربن پلاننگ اینڈ منیجنگ کمپنی کے سربراہ نے عدالت میں کہا کہ میں خود کشی کر لوں گا تو چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی اس دھمکی سے عدالت اپنا فیصلہ نہیں بدلے گی، جس کمپنی کا سربراہ قوم کا پیسہ نہ لوٹا سکا اس کو جیل ہو گی۔ چیف جسٹس نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ مجاہد شیر دل کو اتنی تنخواہ کیوں دی جارہی ہے، ان میں کیا خوبی ہے کہ انہیں 10 لاکھ روپے تنخواہ دی گئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ لوگ آپ سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں جس پر شہباز شریف نے درخواست کی کہ مجھے بات کرنے کا موقع دیا جائے، آپ جو بھی رولنگ دیں گے قبول ہوگی۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نہ بھی کریں تو آپ کو بات کرنی ہوگی، ملک میں قانون کی عمل داری چلے گی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے عوام سے کیا گیا کون سا وعدہ پورا کیا جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میں نے 160 ارب روپے کی بچت کی اور ایک دھیلہ بھی کم ہو تو جو مرضی سزا دیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں آپ کے احتساب کے لیے نہیں بیٹھا، احتساب کے لیے کوئی اور ادارہ ہے وہ اپنا کام کرے گا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ گزشتہ کئی برس سے آپ کا ہی دور رہا ہے، کیپٹن (ر)عثمان کو صاف پانی کمپنی میں 14 لاکھ روپے تنخواہ کس قانون کے تحت دی گئی جس پر شہباز شریف نے کہا کہ آپ مجھے کل بلالیں میں تفصیل لے کر آ ﺅ ں گا۔شہباز شریف نے کہا کہ جو بھی فیصلہ کریں گے مجھے قبول ہے، آپ ملک کی عدالت کے سب سے بڑے جج ہیں، میرے خلاف کرپشن کا ایک دھیلہ بھی نکل آئے تو سزا کے لیے تیار ہوں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اپنی ذات کو کیوں بار بار لے آتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں نے آپ کو مخصوص سوال کے جواب کے لیے بلایا ہے، کمپنیوں میں 25،25 لاکھ پر ان لوگوں کو کیوں رکھا گیا۔چیف جسٹس نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے جواب سے غیرمطمئن ہوں، یہ پیسہ واپس آنا چاہیے، آپ کریں یا جن لوگوں نے یہ پیسہ لیا ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان اور شہباز شریف کے گرما گرمی بھی ہوئی۔شہباز شریف نے جذبات میں آکر کہا کہ مجھے کسی کتے نے کاٹا تھا جو میں بچت کرتا رہا ہوں تاہم انہوں نے اپنے الفاظ پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ‘معافی چاہتا ہوں سخت الفاظ واپس لیتا ہوں ۔

سپریم کورٹ کیجانب سے اچھی خبر ، پرانا انتخابی فارم بحال کر دیا

لاہور (اے این این) سپریم کورٹ نے کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات میں امیدواروں کے نامزدگی فارم میں کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا۔ اتوار کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ان دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور الیکشن کمیشن کے وکلا کی جانب سے دلائل کا آغاز کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ 2 دن سے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا عمل روک رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی شیڈول جاری کیا جاچکا، تاہم نامزدگی فارم میں تبدیلی کے معاملے سے عام انتخابات میں تاخیر ہوگی۔ اس لیے آپ کے پاس حاضر ہوئے ہیں۔ سردار ایاز صادق کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا نامزدگی فارم کی قانون سازی کالعدم قرار دینا بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو کسی بھی معاملے پر قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔ دونوں درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نامزدگی فارم کے معاملے کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر ہوسکتی ہے لہذا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ سپریم کورٹ نے درخواست گزاروں کی طرف سے ابتدائی دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کا نامزدگی فارم میں کی گئی ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے خلاف فیصلہ معطل کردیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دورانِ سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئندہ عام اتنخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے اور اگر انتخابات میں تاخیر ہوئی تو الیکشن کمیشن ذاتی طور پر اس کا ذمہ دار ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست میں مو¾قف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں تضاد پایا جاتا ہے جس سے انتخابات کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے یکم جون کو کاغذات نامزدگی فارم میں ترامیم کالعدم قرار دے کر الیکشن کمیشن کو نئے کاغذات نامزدگی تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کے فارم اے اور بی میں تمام خامیاں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ نے ترمیم کرکے قرضہ جات اور نادہندگی کے جو خانے نکالے ہیں، وہ فارم میں موجود سمجھے جائیں گے۔39 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالت عالیہ کا کہنا تھا کہ نئے کاغذات نامزدگی میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تقاضے دوبارہ شامل کیے جائیں۔

بونی کپورشادی کی سالگرہ پرسری دیوی کو یاد کرتے رہے

ممبئی(شوبزڈیسک) فلم ساز بونی کپور نے اپنی شادی کی 22 ویں سالگرہ کے موقع پر انجہانی اداکارہ سری دیوی کے نام محبت بھرا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ چند ماہ قبل اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا فانی سے کوچ کرجانے والی بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی موت بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے یقینی طور پر ایک بڑا دھچکا تھا جس نے دنیا بھرمیں موجود ان کے مداحوں سمیت ساتھی فنکاروں کو افسردہ کردیا۔ اس سال بونی کپور نے شادی کی سالگرہ پر آنجہانی ادکارہ سری دیوی کی یاد میں ایک ویڈیو جاری کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف فلم ساز بونی کپور نے اپنی اہلیہ و بالی ووڈ انجہانی ادکارہ سری دیوی کو 22 ویں شادی کی سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سری دیوی کے ساتھ بیتائے لمحات کی ویڈیو پوسٹ کی اور ساتھ ہی محبت بھرا پیغام بھی دیا۔

عید پر نمائش ہونےوالی فلموں کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں:بشریٰ انصاری

لاہور(شوبزڈیسک) اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ میری دلی دعا ہے کہ عید الفطر نمائش ہونے والی پاکستانی فلمیں بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہوں ،مشکل وقت میں سینما مالکان اپنی فلموں کو بھرپور سپورٹ کریں ، عید الفطر پر بھارتی فلموں کی نمائش سے پاکستانی فلموں کےلئے میدان خالی ہے لیکن ہمیں صرف اس سہولت پر اکتفا کرنے کی بجائے معیار کو بہتر بنا کر مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونا چاہیے ۔ ” این این آئی “ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں نے فلموں پر بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور عید الفطر پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی سے انہیں یقینی طور پر فائدہ ہوگا ۔
پاکستانی شائقین کو چاہیے کہ وہ بھی اپنی فلموں کو پذیرائی دیں تاکہ ہماری انڈسٹری کو مضبوط بنیادیں میسر آ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف بھارتی فلموں کی نمائش کو روکنے پر خوش نہیں ہونا چاہیے بلکہ تسلسل کے ساتھ معیاری فلمیں بنا کر مقابلے کی دوڑ میں شامل ہو کر بھارت کی فلم انڈسٹری کو پیچھے چھوڑنے کی جدوجہد کرنی چاہیے۔

افغان دہشتگرد پھر باز نہ آئے ، پاکستان پر 7 حملے ، 4 اہلکار زخمی ، جوابی کاروائی میں پاک فوج کا منہ توڑ جواب ، 6 کو مار ڈالا

راولپنڈی (آن لائن) پاکستانی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ24گھنٹوں میں افغانستان سے اپنی چیک پوسٹوں پر ہو نے والے دہشت گردوں کے سات حملے ناکام بنا دئیے تاہم پاک افغان سرحد پر بارڈر پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد پر بارڈر پار سے پاکستانی چوکیوں پر فائرنگ کی گئی۔ فارئرنگ خیبر پختونخوا میں باجوڑ کے مقام پر جبکہ بلوچستان میں قمر دین کاریز کے مقام پر کی گئی۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے افغانستان میں اپنے ٹھکانوں سے حملہ کیا۔ حملے سے ایف سی کے تین اہلکاروں کے علاوہ پاک فضائیہ کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں چھ دہشت گردی ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے یہ حملے افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا نتیجہ ہیں۔ سکیورٹی زرایع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی حکومت نے اپنی طرف سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے جس کی وجہ سے دہشت گرد با اسانی سرحد کراس کرکے پاکستان انے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پاکستان نے اپنی طرف موثر سرحدی انتظام کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے چوبیس گھنٹوں میں سات حملے دہشت گردوں کے ناکام بنائے گئے۔

عامر خان کو بیٹی کےساتھ کھیلنے کی تصویر شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا

ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بیٹی کے ساتھ کھیلتے ہوئے بنائی گئی تصویر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار عامر خان ہمیشہ متنازعہ خبروں سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں، انہوں نے حال ہی میں بیٹی ایرا خان کے ساتھ پارک میں کھیلتے ہوئے بنائی گئی تصویر اپنے فیس بک اکاو¿نٹ پر شیئر کی جس میں دونوں خوشگوار موڈ میں ہیں جس پر عامر خان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا ۔

رنبیر کپورنے عالیہ بھٹ کے ساتھ افئیر کا اقرار کر لیا

ممبئی(شوبزڈیسک)حال ہی میں سونم کپور کی شادی میں عالیہ اور رنبیر کپور اس انداز میں پہنچے تھے۔بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے آخر کار تسلیم کر ہی لیا کہ وہ عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں اور عالیہ تو پہلے ہی رنبیر کے لیے اپنی پسند ظاہر کر چکی ہیں۔جی کیو میگزین کے ساتھ انٹرویو میں جب رنبیر سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں تو انھوں نے اقرار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ سب کچھ ابتدائی مراحل میں ہے اور وہ اس رشتے کو کچھ وقت دینا چاہتے ہیں۔رنبیر نے عالیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور اداکارہ اور انسان ان سے متاثر ہیں اور ابھی اس رشتے کو اور آگے بڑھنے دیں گے۔ رنبیر اس سے پہلے دیپکا پاڈوکون اور مبینہ طور پر قطرینہ کیف کے ساتھ رشتے میں رہ چکے ہیں۔

فلم ایک طرف آئیٹم نمبر ایک طرف ‘متیرا آئیٹم گیتوں کی دیوانی

لاہور(شوبزڈیسک) اداکارہ وماڈل متیرا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آئٹم نمبرہی حاضرین کوجھومنے پرمجبورکرتے ہیں۔ ہمارے نوجوان فلم میکرز اچھی اورمعیاری فلمیں توبنا رہے ہیں، لیکن کچھ مخالفین اس کوتفریح نہیں بلکہ پڑوسی ملک کی نقل قراردے رہے ہیں، جوکہ درست نہیں۔اپنے ایک انٹرویو میںمتیرا نے کہا کہ اس وقت دنیا بھرمیں آئٹم سانگ کوپسند کیا جا رہا ہے۔ شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا مختلف تقریبات، وہاں پرآئٹم نمبرہی حاضرین کوجھومنے پرمجبورکرتے ہیں۔ جوآئٹم سانگ کی کامیابی اور مقبولیت کا ایک بہترین ثبوت ہے۔ اس وقت اگردیکھاجائے تو فلموں میں آئٹم سانگ شامل کرنے کا رجحان زورپکڑرہا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ فلم کی کہانی میں ایک نئی سمت متعارف کروانے کے لیے اکثرآئٹم نمبرکا سہارا لیا جاتا ہے۔ بلکہ فلم کی پروموشن کے لیے بھی اس بہتراورکوئی ذریعہ دکھائی نہیں دیتا۔ اسی لیے توجس طرح بالی وڈ میں شاہ رخ، سلمان خان اور عامرخان کی فلموںمیں آئٹم نمبرشامل کیے جاتے ہیں،اسی طرح اب ہمارے ملک میں بھی آئٹم سانگ بے حدضروری سمجھے جارہے ہیں۔متیرا نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ پوری فلم ایک طرف اورآئٹم سانگ ایک طرف ہوتا ہے۔ اس کوتیارکرنے کے لیے جہاں کثیرسرمایہ خرچ کیا جاتا ہے،وہیں اس کی دھن، میوزک ارینجمنٹ اورگائیکی کے لیے منفرد آواز کا انتخاب کرنا ضروری ہوتا ہے۔ یہی نہیں فلم کی کامیابی میں آئٹم سانگ کا کرداربہت نمایاں ہوتا ہے۔ اس کی متعدد مثالیں بالی وڈ میں ملتی ہیں اوردوسری جانب پاکستان میں بھی اب اس کوخاص اہمیت دی جارہی ہے۔