اپنی سرزمین دہشت گردی کیلیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم

روس کے شہر سوچی میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سوچی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن ہونے پر فخر ہے اور امید ہے تنظیم خطے میں ترقی کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی، اس کے علاوہ تنظیم تجارت، توانائی اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔وزیراعظم  نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل شنگھائی تعاون تنظیم کے کردار کی عکاس ہے، اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے جب کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔

پشاورحملہ کامیاب ہوجاتا تو سیکڑوں ہلاکتیں ہوسکتی تھیں، آئی جی خیبرپختونخوا

پشاور میں زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ حملے کے بعد واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی جی صلاح الدین نے کہا کہ  حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ریپڈ رسپارنس ٹیم  تین سے پانچ منٹ میں جائے  وقوعہ پر پہنچ گئی اور  بروقت کارروائی کرکے  کئی قیمتی جانوں کو بچالیا،دہشت گرد برقع پہن کرآئے تھے جنہوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں اور اندر داخل ہوتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کردی تاہم پولیس ،آرمی اور دیگر سیکورٹی اداروں میں  بہترین کوآرڈی نیشن نے حملہ آوروں کو ہاسٹل میں داخل ہونے سے روک دیا۔آئی جی نے کہا کہ حملہ آوروں نے پہلے ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ پرتعینات اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طالب علم ،چوکیدار اور کچھ شہری شہید ہوئے جب کہ آرمی کےدو افسران کی بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔انہوں نے بتایا کہ  پولیس نے آپریشن کے ساتھ طلبا کا انخلا بھی کیا ، طالب علموں کو بکتر بند میں بٹھا کر باہر لایا گیا جب کہ فورسزنے دیگر ہاسٹلوں کو دہشت گردوں کے پہنچنے سے پہلے کور کرلیا تھا،موثر اور برقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کو مزید خونریزی کرنے کا موقع نہ مل سکا اور طلبا کو بحفاظت باہر  نکال لیا گیا۔

پاکستانی عمرہ زائرین پر بائیو میٹرک تصدیق کی پابندی بحال

سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے عمرہ کے لیے جانے والے زائرین کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی شرط بحال کردی گئی ہے جس کا اطلاق 4 دسمبر سے ہوگا تاہم 45 سال سے زائد عمر کے افراد غیر معینہ مدت کے لیے شناختی کارروائی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ترجمان سعودی سفارت خانے کے مطابق 12سال سے کم عمر بچوں کو بھی بائیومیٹرک تصدیق سے استثنیٰ حاصل ہوگا جب کہ پیر سے عمرہ ویزا کے لیے درخواست گزاروں کو انگلیوں کے نشانات دینا ہوں گے۔واضح رہے کہ فنگر پرنٹس کی تصدیق کے لیے رش کے باعث سعودی حکومت نے پاکستانی عمرہ زائرین کی شناختی کارروائی ایک ماہ کے لیے موخر کی تھی۔

سرورِ کائنات کی ولادت کا جشن، درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر

لاہور: (ویب ڈسک) رحمت اللعالمین، آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی کی ولادت کا جشن، شہر شہر، قریہ قریہ ریلیاں۔ عید میلاالنبی  کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ ملک بھر میں عاشقان رسول جلوس اور ریلیاں نکال کر اپنی محبت کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں۔ کراچی میں عید میلاد النبی  کے سلسلے میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جس میں شمع رسالت کے پروانے خوشی سے جھوم رہے ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔زندہ دلانِ لاہور کا بھی جشن ولادت رسول  پر جذبہ دیدنی ہے۔ مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ ہر کوئی نبی کی محبت کے جذبے سے سرشار ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی بارہ ربیع اول پر عاشقان رسول ریلیاں نکال رہے ہیں۔کوئٹہ میں عید میلاد النبی  کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں اور موبائل فون سروس بند ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی رحمت اللعالمین  کی ولادت کا جشن جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشن میلاد النبی  پر ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں گھر، عمارتیں، بازار اور مارکیٹیں برقی قمقموں اور خوبصورت جھنڈیوں سے سجے ہیں۔ پہاڑیاں اور مسجد نبوی کے ماڈلز بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

نواز شریف کو گرانے کیلئے ملک کا نقصان کیا گیا :طلال چودھری

اسلام آباد (ویب ڈسک ) وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے ملک کا نقصان کیا گیا ،میڈٰیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی تمام پارٹیوں پر بل منظور کرانے کی ذمہ داری تھی تنہا ہم پر نہیں ،اب کیا ہمیں ان لوگوں سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت ہے جو گالیوں کی زبان میں بات کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چودھری نے کہا کہ ملک میں دہشتگرد جتنی بھی کارروائیاں کر لیں ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے ۔

جشن عید میلادالنبی پردہشتگردی کرنے والے حقیقی دشمن ہیں، عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ رحمة العالمین کی ولادت کے باسعادت دن سفاکیت کا منصوبہ بنانے والے حقیقی دشمن ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زرعی یونیورسٹی پشاورمیں دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رحمة اللعالمین کی ولادت کے مبارک دن کے آغازمیں خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت اوراسلام کے دشمن ہیں، شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں اورحملے کا نشانہ بننے والوں کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا گوہیں۔عمران خان نے دہشت گردوں کوکیفرکردار تک پہنچانے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کی پیشہ وارانہ بنیادوں پرتشکیل نوبارآور ثابت ہورہی ہے، انتہائی خطرناک حملے کو ممکنہ طورپرکم از کم وقت میں ناکام بنانا باعث اطمینان ہے، پولیس کی اصلاح کے بعد اب پختونخوا کو شرانگیزی کا نشانہ بنانا آسان نہیں، آپریشن میں حصہ لینے والے ریپیڈ ریسپانس یونٹ کے جوان تحسین کے مستحق ہیں جب کہ بڑے نقصان سے محفوظ رکھنے پر اللّہ رب العزت کا شکرہے۔پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کے حقیقی ذمہ داروں تک رسائی کیلئے جامع تحقیقات سمیت  صوبائی حکومت زخمیوں کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

شکر گڑھ میں جنازے پر فائرنگ سے نمازی جاں بحق

شکر گڑھ میں نور کوٹ کے علاقہ مدو گول میں جنازے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ یوسی لنگا کے وائس چیئرمین کے والد کا جنازہ ہورہا تھا کہ اس دوران مخالفین نے فائرنگ کردی۔گولیاں لگنے سے جنازہ پر آیا ہوا ظہیر بٹ جاں بحق ہوگیا جب کہ ایک اور شخص شدید زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ظہیر بٹ اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پاکستانی فورسزنے دہشتگردوں کوملک سے ماربھگایا ہے، اعزازچوہدری

پاکستانی سفیراعزازچودہری نے امریکی سینیٹرجیف مرکلی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اعزازچوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف عظیم کامیابیاں حاصل کی ہیں، موجودہ دورمیں پاکستان میں دہشتگردی کارروائیوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، پاکستانی فورسز نےدہشتگردوں کو ملک سے ماربھگایا ہے اورغیرملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھارہی ہیں۔افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کیلئےامریکا کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، افغانستان میں عدم استحکام پاکستانی معیشت کیلئے خطرہ ہے، افغانستان میں امن کیلئے جامع سیاسی اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان امریکا مل کرافغان امن عمل میں کرداراداکریں گے جس پرسینیٹرجیف مرکلی نے کہا کہ پاکستان اورامریکا میں دوطرفہ تعلقات وقت کی ضرورت ہے۔

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پھر مہنگا کردیا

حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مںظوری دے دی، وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے۔پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت 77 روپے47 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے جب کہ ڈیزل 85 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔حکومت کی جانب سے مٹی کا تیل 4 روپے 39 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگیا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند

کراچی(ویب ڈسک)سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، سکھر، کوئٹہ اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون اورانٹر نیٹ سروس بند کردی گئی۔ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس اورریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرحکومت نے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اورانٹر نیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد نےبتایا کہ موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا جب کہ رات 8 بجے سروس بحال کردی جائے گی۔ ادھر کوئٹہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس دوپہر دو بجے بحال ہوجائے گی۔

پشاور میں زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پر حملے میں 9 افراد شہید، 32 زخمی

پشاور(ویب ڈسک) زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں خود کش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر واقع زرعی ڈائریکٹوریٹ میں مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور اندر داخل ہوکر فائرنگ شروع کردی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ حملے میں 9 افراد شہید اور 32 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 طلبہ، ایک گارڈ اور 2 عام شہری شامل ہیں۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔

زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں پاک فوج کے دو جوان، دو پولیس اہلکار، دو طالب علم اور دو گارڈز شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تین افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہیں جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 6 افراد کی لاشیں موجود اور 17 زخمی زیر علاج ہیںپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پشاور پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان ڈائریکٹوریٹ کے اندر داخل ہو گئے ہیں اور کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا۔دہشت گردوں سے 12 دستی بم، 3 کلاشن کوف اور 3 خودکش جیکٹس برآمد ہوئیں۔ فوجی دستوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کیا جب کہ آرمی ایوی ایشن کی جانب سے علاقے کی فضائی نگرانی کی گئی۔ ہاسٹل سے 8 طلبہ کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے کے وقت چالیس سے پچاس طلبا ہاسٹل میں موجود تھے، تینوں دہشتگرد خودکش جیکٹ پہنے ہوئے تھے اور افغانستان میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے، حملہ آور 8 بجکر 45 منٹ پر دہشتگرد رکشے سے ڈائریکٹوریٹ زراعت پہنچے تھے۔حکام نے بتایا کہ آپریشن میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔ دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں جو گولی لگنے سے دھماکے سے پھٹ گئیں۔  حکام نے یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔خیبرپختون خوا پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے برقعے پہنے ہوئے تھے اور وہ بھیس بدل کر رکشے میں آئے تھے جب کہ رکشہ ڈرائیور بھی ممکنہ طور پر حملے کا سہولت کار ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے وقت زرعی ڈائریکٹوریٹ کے ہاسٹل میں طلبہ موجود تھے اور متعدد طلبہ نے جان بچانے کے لیے بالائی منزل سے چھلانگ دی جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئی ہیں۔واقعے کے عینی شاہد اور زخمی طالب علم نے بتایا کہ حملے کے وقت ہم ہاسٹل میں سو رہے تھے، اچانک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آنے لگیں، فائرنگ کی آوازیں سن کر ساتھی طلبہ کو اٹھایا اور ہم 8 دوستوں نے باتھ روم میں چھپ کر جان بچائی، پھر فوج کے جوانوں نے ہمیں ریسکیو کیا۔واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر انسٹی ٹیوٹ میں دفاتر اور ہاسٹل بھی واقع ہیں۔