سائنس دانوں کے دستانوں سے متعلق ہوشربا انکشاف!

یہ تحقیق رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی جانب سے شائع کی گئی

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ قدرت اور انسانی اعضا میں مائیکرو پلاسٹکس کی موجودگی کی جو مقدار سمجھی جا رہی تھی، وہ ممکنہ طور پر سائنس دانوں کے لیبارٹری دستانوں میں موجود ایک مرکب کی وجہ سے بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی ہے۔

حالیہ برسوں میں تشویشناک رپورٹس سامنے آئی ہیں جن کے مطابق مائیکرو پلاسٹکس (یعنی پانچ ملی میٹر سے چھوٹے ذرات) دریاؤں، مٹی، انٹارکٹکا کی برف، خون، پیشاب اور ماں کے دودھ میں پائے گئے ہیں۔

 

ایک رپورٹ میں تو یہاں تک کہا گیا کہ انسانی دماغ میں ایک چائے کے چمچ کے برابر پلاسٹک بھی پایا گیا ہے۔

 

تاہم یونیورسٹی آف مشیگن کے سائنس دانوں نے یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ نمونے دراصل لیبارٹری کے دستانوں پر موجود نہایت باریک مرکبات سے آلودہ ہو سکتے ہیں۔

یہ تحقیق رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی جانب سے شائع کی گئی.

تحقیق کے مطابق دستانوں سے خارج ہونے والی نہایت معمولی باقیات، جنہیں اسٹیریٹ سالٹس کہا جاتا ہے، آسانی سے مائیکرو پلاسٹک پولی ایتھائلین سمجھ لی جاتی ہیں۔

ایسفالٹ پر تیز رفتار اسکینگ کا ریکارڈ

امریکی شہری نے 69 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اسکینگ کر کے ’تیز ترین ٹوڈ ایسفالٹ اسکینگ‘ کا ریکارڈ بنایا

امریکا میں ایک سیریل ریکارڈ شکن (جو خود کو مسٹر ورلڈ ریکارڈ کہتے ہیں) نے ایسفالٹ پر 69 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر اسکینگ کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔

 

جونی کروز بکنگھم کو گاڑی سے باندھ کر پارکنگ لاٹ میں کھینچا گیا اور اس طرح انہوں نے 69 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اسکینگ کر کے ’تیز ترین ٹوڈ ایسفالٹ اسکینگ‘ کا ریکارڈ بنا دیا۔

 

گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کا حوصلہ بڑھانا چاہتے تھے کہ وہ بڑے مقاصد طے کرے اور ستاروں تک پہنچے۔

واضح رہے جونی کروز کے دیگر درجن سے زیادہ گینیز ورلڈ ریکارڈز میں ساتوں برِ اعظموں میں کم وقت میں سفر کرنا بھی شامل ہے۔

خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، 5اضلاع کو الرٹ جاری

شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات کا خدشہ ہے

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ 5 حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر میں موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیئرز پگھلنے کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات کا خدشہ ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کی ہدایات جاری کر دی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور فوری وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

 

اسی طرح، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء سے متعلق مشقیں کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہےجبکہ محفوظ مقامات پر انخلاء مراکز کو مکمل طور پر فعال اور سہولیات سے لیس رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر الرٹ رہنے اور مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔