اسرائیل کا جنگی جنون، لبنان پر قبضے کا منصوبہ

اسرائیلی فوج لبنان کے اندر دفاعی پوزیشن سنبھالے گی، اسرائیلی وزیر دفاع

اسرائیل کا جنگی جنون اب لبنان کے علاقوں پر قبضے کے منصوبے میں تبدیل ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے اسرائیل کے ناپاک عزائم کا اظہار کرتے ہوئے لبنان کے علاقوں پر قبضے کے منصوبہ کا انکشاف کیا۔

ایران جنگ، ٹرمپ عرب ریاستوں سے مالی تعاون کے خواہاں

  • ایران سے بات چیت جاری ہے اور مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، وائٹ ہائوسامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جاری جنگ کے اخراجات کے لیے عرب ممالک سے مالی تعاون حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے پیر کو صحافیوں کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اس معاملے پر مزید بات کر سکتے ہیں اور یہ ایک ایسا خیال ہے جس پر وہ غور کر رہے ہیں۔

    ایک نیوز بریفنگ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عرب ممالک جنگ کے اخراجات میں حصہ ڈالیں گے تو کیرولین لیوٹ نے کہا کہ وہ صدر سے پہلے کوئی بات نہیں کرنا چاہتیں، تاہم یہ ایک ایسا آپشن ہے جس میں ٹرمپ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق صدر عرب ممالک سے اس حوالے سے بات کرنے کے خواہاں ہو سکتے ہیں۔

    کیرولن لیوٹ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے بتایا کہ بات چیت جاری ہے اور مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران عوامی سطح پر جو مؤقف اختیار کرتا ہے وہ نجی سطح پر امریکی حکام کو دی جانے والی معلومات سے مختلف ہوتا ہے، اور تہران نے نجی طور پر واشنگٹن کے بعض نکات سے اتفاق بھی کیا ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے نجی سطح پر دی گئی یقین دہانیوں کو پرکھا جائے گا اور امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔

    اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے آبنائے ہرمز کو نہ کھولا تو اس کے توانائی کے پلانٹس اور تیل کے کنوؤں کو تباہ کر دیا جائے گا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایران نے امریکی امن تجاویز کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا اور اسرائیل پر میزائل حملے کیے۔

ملک بھر کی جامعات میں فزیکل کلاسز، سندھ میں نیا تعلیمی سال کل سے شروع ہوگا

تعلیمی اداروں میں ہفتہ اور اتوار دو دن تعطیل ہوگی

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کل یکم اپریل سے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات میں فزیکل کلاسز بحال کرنے کا اعلان کردیا، سندھ میں بھی نیا تعلیمی سال کل شروع ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق یکم اپریل 2026ء سے تمام یونیورسٹیز اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں میں فزیکل کلاسز دوبارہ شروع کی جائیں گی، یہ فیصلہ 10 مارچ 2026ء کے خط کے تسلسل میں کیا گیا ہے، سابقہ فیصلہ ایندھن کے بچاؤ کے اقدامات کے تحت تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق کیا گیا تھا۔

 

سندھ میں نیا تعلیمی سال کل یکم اپریل سے شروع ہوگا

 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی سال کل یکم اپریل سے شروع ہوگا۔

اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت اسکولوں میں ہفتے میں دو دن تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ صوبے بھر کے اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار دو دن تعطیل ہوگی۔ ہفتہ کی تعطیل کا فیصلہ حکومت کے آئندہ حکم نامہ تک جاری رہے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نئے سال میں اساتذہ کی محنت، طلبہ کی دلچسپی اور والدین کے جذبے کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

بلال بن ثاقب ٹرمپ انتظامیہ تک پاکستان کی بذریعہ کرپٹو رسائی کے اہم سہولت کار بن کر ابھرے ہیں، رپورٹ

  • رپورٹ میں اسے بپلومیسی کا نام دیا گیا ہے، جس نے امریکی صدر اور پاکستانی قیادت کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیابلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں اپنی فعال موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکہ میں اثر و رسوخ کے نئے راستے تلاش کر لیے ہیں۔ خاص طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی حلقوں تک رسائی حاصل کرنے میں پاکستان کو غیر معمولی کامیابی ملی ہے، جس میں بلال بن ثاقب نامی ایک نوجوان ٹیکنالوجی ماہر نے کلیدی سہولت کار اور پُل کا کردار ادا کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ بڑھتے ہوئے تعلقات بلال بن ثاقب کے ورلڈ لبرٹی فنانشل(ڈبلیو ایل ایف) کے ساتھ روابط کا نتیجہ ہیں، جو ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان اور ان کے قریبی ساتھیوں کا تیار کردہ ڈیجیٹل مالیاتی منصوبہ ہے۔ رواں سال کے آغاز میں پاکستان نے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی اختراعات کے لیے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ذیلی ادارے کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا تھا۔

    رپورٹ میں اسے بپلومیسی (بٹ کوائن اور ڈپلومیسی کا امتزاج) کا نام دیا گیا ہے، جس نے صدر ٹرمپ اور پاکستانی قیادت کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔ رواں سال اسلام آباد میں امریکی صدر کے خاندانی کاروبار سے وابستہ شخصیات کا شاندار استقبال اس اسٹریٹجک تعلق کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ایک اہم ثالث بن کر ابھرا ہے۔

    واشنگٹن کے اٹلانٹک کونسل سے وابستہ ماہر مائیکل کوگل مین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ میں ذاتی تعلقات کی بہت اہمیت ہے اور پاکستان نے کرپٹو کے ذریعے وہ اثر و رسوخ حاصل کر لیا ہے جو اسے واشنگٹن میں ایک ثالث کے طور پر پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوا۔

    بلال بن ثاقب، جنہوں نے بہت کم وقت میں پاکستان کے پالیسی حلقوں میں جگہ بنائی کہتے ہیں کہ کرپٹو کی وجہ سے بند دروازے کھل گئے ہیں اور پاکستان کو اپنی ساکھ بہتر کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے بائننس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ جیسے بڑے کھلاڑیوں کو بھی پاکستان سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق ایک ایسے ملک کے لیے جو عالمی سرمایہ کاری کا پیاسا ہے، واشنگٹن کی کرپٹو پالیسیوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنا صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ بدلتی ہوئی عالمی ترتیب میں اپنی اہمیت ثابت کرنے کا ذریعہ ہے۔ اگرچہ آئی ایم ایف کی جانب سے کرپٹو تجربات پر تحفظات جیسے خطرات موجود ہیں، لیکن اسلام آباد اس حکمت عملی پر کاربند دکھائی دیتا ہے۔ بلال بن ثاقب اس حوالے سے پرامید ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ پاکستان کے لیے تمام حالات سازگار ہو رہے ہیں۔

بال ٹیمپرنگ کیس، پی سی بی نے فخر زمان کو سزا سنادی

فخر زمان نے دو بار کیس کی سماعت میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے الزام کو مسترد کیا ہے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے دوران بال ٹیمپرنگ کیس میں پی سی بی نے فخر زمان کو سزا سنادی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قومی کرکٹر فخر زمان کو پی ایس ایل کے دو میچز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ پابندی ان پر ضابطہ اخلاق کی شق 2.14 کی خلاف ورزی پر لیول تھری جرم ثابت ہونے کے بعد عائد کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کے فخر زمان 29 مارچ کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے آخری لمحات میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے نظر آئے تھے۔

آن فیلڈ امپائرز نے لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کرکے گیند تبدیل کردی تھی۔

گنگا رام ہسپتال میں خون کے سیمپل معاملے پر دو سکیورٹی اہلکار برطرف

گنگا رام ہسپتال میں خون کے سیمپل لینے کے معاملے پر سکیورٹی سٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نائٹ شفٹ سپروائزر غلام رسول کو فوری طور پر برطرف کر دیا گیا جبکہ سکیورٹی گارڈ شان عارف کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، واقعے کے بعد چیف سکیورٹی آفیسر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ایم ایس ڈاکٹر عارف افتخار  نے کہا کہ ہسپتال میں سکیورٹی عملے کی حدود سے تجاوز اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، انتظامیہ  نے خون کے نمونے لینے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ  نے شہریوں اور مریضوں کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مارکٹس ایک تولہ سونا 2,800 روپے مزید مہنگا

  • فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 78 ہزار 762 روپے، 10 گرام کے نرخ 4 لاکھ 10 ہزار 461 روپے پر پہنچ گئےعالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث پاکستان میں بھی منگل کو سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 2,800 روپے بڑھنے کے بعد 478,762 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز سرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 2,401 روپے بڑھنے کے بعد یہ 410,461 روپے پر فروخت ہوا۔ یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 3,900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور قیمت 475,962 روپے رہی تھی۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 28 ڈالر اضافے کے ساتھ 4,560 ڈالر فی اونس (20 ڈالر پریمیم کے ساتھ) تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی 260 روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد چاندی کی فی تولہ قیمت 7,784 روپے ہوگئی ہے۔

رنویر سنگھ کی فلم’دھرندھر 2‘ آن لائن لیک ہونے پر ہنگامہ

ہدایت کار کی اپیل کے باوجود 4 گھنٹے طویل فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیابالی ووڈ کی تاریخ میں کمائی کے اعتبار سے نئے ریکارڈ قائم کرنے والی پروپیگنڈا فلم ’دھرندھر 2‘ آن لائن لیک ہوگئی جس پر مداحوں نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔

کراچی کے علاقے لیاری کے کینگ وار پر بننے والی رنویر سنگھ کی متنازع فلم دھرندھر نے بھرپور کمائی کی تھی جس کے بعد فلم کا سیکوئل فوری بنانے کا فیصلہ کیا جس نے ریلیز ہوتے ہی تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ تاہم، ریلیز کے دوسرے ہفتے ہی ’دھرندھر 2‘ کے حوالے سے بری خبر سامنے آئی ہے، اور ہدایتکار کی خصوصی اپیل کے باوجود فلم آن لائن اپ لوڈ کر دیا گیا۔

کھیل نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا آج سے حیدر آباد سپورٹس کلب میں آغاز

 پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کیلئے بڑا قدم، نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا آج سے حیدر آباد سپورٹس کلب میں آغاز ہوگا۔

ایونٹ پاکستان آرمی کے زیر اہتمام اور باکسنگ فیڈریشن کے تعاون سے ہو رہا ہے، دس ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی، دو سو سے زائد مرد اور خواتین باکسرز صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا پرومو بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

روف ٹاپ سولر سے پاکستان کو ایل این جی مد میں 12 ارب ڈالر کی بچت

پورٹ کے مطابق پاکستان میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے

برطانیہ کے توانائی تھنک ٹینک ایمبر کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شمسی توانائی کے تیزی سے فروغ نے معیشت کو بڑا فائدہ پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں مائع قدرتی گیس کی درآمدات پر تقریباً 12 ارب ڈالر کی بچت ممکن ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 2022 میں 7.7 ٹیراواٹ آور سے بڑھ کر 2025 میں 36.6 ٹیراواٹ آور تک پہنچ گئی، جو اوسطاً سالانہ تقریباً 68 فیصد اضافے کے برابر ہے۔

ایمبر کے مطابق اب پاکستان میں شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کے بڑے ذرائع، جیسے ہائیڈرو پاور اور گیس، کے برابر آ چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں گیس سے بجلی کی پیداوار میں تقریباً 9 فیصد کمی آئی جبکہ کوئلے کا استعمال تقریباً مستحکم رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیگر فوسل فیولز کی طلب میں بھی کم از کم 37 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ ڈیزل سے بجلی کی غیر ریکارڈ شدہ پیداوار میں بھی ممکنہ طور پر کمی آئی ہے۔

اگر شمسی توانائی کے بجائے یہی اضافہ فوسل فیولز سے پورا کیا جاتا تو گیس کے استعمال میں 15 فیصد اضافہ ہوتا، جس کے باعث درآمدی لاگت بڑھتی۔ اس طرح شمسی توانائی کے فروغ نے ایل این جی درآمدات میں تقریباً 12 ارب ڈالر کی بچت ممکن بنائی۔

ایمبر کے مطابق 2020 کے بعد بجلی کے شعبے میں مالی دباؤ اور اصلاحات، خصوصاً آئی ایم ایف سے جڑی پالیسیوں کے تحت بجلی کے نرخ بڑھنے کے بعد صارفین نے بڑی تعداد میں روف ٹاپ سولر کا رخ کیا۔ اس کے علاوہ نیٹ میٹرنگ پالیسی اور کم قیمت چینی سولر پینلز کی دستیابی نے بھی اس رجحان کو تیز کیا۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ گرڈ سے بجلی کی طلب میں کمی کے باعث فی یونٹ نرخ بڑھ سکتے ہیں، کیونکہ نظام کے مستقل اخراجات کم صارفین میں تقسیم ہوں گے۔ مزید کہا گیا کہ سولر کے پائیدار فروغ کے لیے ایک مستحکم اور مالی طور پر مضبوط گرڈ ضروری ہے، خاص طور پر اس وقت جب بیٹری اسٹوریج محدود ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اس وقت تقریباً 55 فیصد بجلی صاف ذرائع سے پیدا ہو رہی ہے، جسے 2034 تک 90 فیصد سے زائد کرنے کا ہدف ہے، جبکہ مقامی توانائی ذرائع کا حصہ بڑھا کر 96 فیصد تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

پنجاب گورنمنٹ مثالی گاؤں پروگرام: پنجاب کے 302 دیہات میں ترقیاتی کام شروع

اس حوالے سے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پی آر ایم ایس سی کے سی ای او خرم پرویز نے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ آفس کے سیکرٹری کوآرڈینیشن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے ابتدائی طور پر 485 دیہات میں ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی تھی، جن میں سے 464 دیہات کے منصوبوں کی منظوری ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں سے حاصل ہو چکی ہے۔

 اس کے علاوہ 357 دیہات کے لیے ورک ایوارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 302 دیہات میں کنٹریکٹرز نے عملی طور پر کام سنبھال لیا ہے۔

وزیر بلدیات نے پروگرام کی مؤثر نگرانی کے لیے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تقریباً 22 ہزار 986 دیہات میں 41 ہزار سے زائد چھپڑ موجود ہیں، جن کی بحالی کے ساتھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی نصب کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلیوں، ڈرینج سسٹم اور پارکس کی بہتری کے ساتھ 200 دیہات میں واٹر سپلائی سکیمیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں چھپڑوں کی زمین پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ذیشان رفیق نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو تجاوزات ہٹانے کا ٹاسک سونپنے کی ہدایت کرتے ہوئے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اخراجات میں کمی کردی، وزیراعظم کا کمزور طبقے کو ریلیف دینے کا عزم

  • 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کا استعمال فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے، اجلاس سے خطابوزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز کہا کہ حکومت نے اخراجات میں کمی کر دی ہے، ترقیاتی بجٹ کم کر دیا گیا ہے اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کا استعمال فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

    خلیجی بحران کے پیٹرولیم مصنوعات پر اثرات، پاکستان کے موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا گیا اور اس سے بچنے والی رقم عوامی ریلیف پر خرچ کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید سہولت دینے کے لیے کوشاں ہے اور مشکل وقت میں معاشی طور پر کمزور افراد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے ذریعے قربانی کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے عوامی ریلیف کے اقدامات براہ راست عام آدمی تک پہنچیں گے۔

    انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عالمی بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آیا۔

    علاقائی امن کی کوششوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کر رہا ہے۔

    اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی ملکیت کی رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ جاری ہے تاکہ مستحق افراد کو ممکنہ ریلیف اقدامات سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔

    کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

سائنس دانوں کے دستانوں سے متعلق ہوشربا انکشاف!

یہ تحقیق رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی جانب سے شائع کی گئی

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ قدرت اور انسانی اعضا میں مائیکرو پلاسٹکس کی موجودگی کی جو مقدار سمجھی جا رہی تھی، وہ ممکنہ طور پر سائنس دانوں کے لیبارٹری دستانوں میں موجود ایک مرکب کی وجہ سے بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی ہے۔

حالیہ برسوں میں تشویشناک رپورٹس سامنے آئی ہیں جن کے مطابق مائیکرو پلاسٹکس (یعنی پانچ ملی میٹر سے چھوٹے ذرات) دریاؤں، مٹی، انٹارکٹکا کی برف، خون، پیشاب اور ماں کے دودھ میں پائے گئے ہیں۔

 

ایک رپورٹ میں تو یہاں تک کہا گیا کہ انسانی دماغ میں ایک چائے کے چمچ کے برابر پلاسٹک بھی پایا گیا ہے۔

 

تاہم یونیورسٹی آف مشیگن کے سائنس دانوں نے یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ نمونے دراصل لیبارٹری کے دستانوں پر موجود نہایت باریک مرکبات سے آلودہ ہو سکتے ہیں۔

یہ تحقیق رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی جانب سے شائع کی گئی.

تحقیق کے مطابق دستانوں سے خارج ہونے والی نہایت معمولی باقیات، جنہیں اسٹیریٹ سالٹس کہا جاتا ہے، آسانی سے مائیکرو پلاسٹک پولی ایتھائلین سمجھ لی جاتی ہیں۔