الیکشن کے دن لا اینڈ آرڈر خراب کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، آئی جی پنجاب

 لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلیے پنجاب پولیس چوکس ہے اور ہم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024ء کے حوالے سے پنجاب پولیس کے سیکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ کے تمام ریجنز اور اضلاع میں سیکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی، جس میں الیکشن میٹریل کی بحفاظت ترسیل، پولنگ اسٹیشنز و کلسٹرز پر پولیس نفری کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق سینئر پولیس افسران نے پولنگ ڈیوٹی پر تعینات نفری کی ذمہ داریوں بارے بریفنگ کی جبکہ صوبہ بھر میں خصوصی ناکہ بندی اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کیے گئے، پولیس افسران نے لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال، پولنگ کے عمل کو پرامن رکھنے کی ریہرسل کا جائزہ لیا جبکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں فلیگ مارچز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں ضلعی پولیس، ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس کے جوانوں نے بھی حصہ لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فل ڈریس ریہرسل اور دیگر اقدامات کا مقصد شہریوں میں احساس تحفظ کو مزید اجاگر کرنا ہے، انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پنجاب پولیس کے انتظامات مکمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  موجودہ  ملکی صورتحال  کے پیش نظر پولیس انتہائی الرٹ رہے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، پنجاب پولیس الیکشن ڈے پر دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کو یقینی بنائے گی اور لا اینڈ آرڈر متاثر کرنے والے امن دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت اور پاکستانی عوام کا کشمیر کاز کے لیے عزم ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جا رہا ہے ، ڈاکٹر محمد فیصل مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم بچوں کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال میں اضافہ تشویشناک ہے ،پاکستانی ہائی کمشنر کی یوم یکجہتی جموں و کشمیر کے موقع پرسیمینار سے خطاب

لندن :(5 فروری 2024) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہےکہ وقت نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہمارے عزم اور حمایت کو کم نہیں کیا بلکہ حکومت اور پاکستانی عوام کا کشمیر کاز کے لیے عزم ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جا رہا ہے ۔وہ آج پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے ’’یوم یکجہتی جموں و کشمیر‘‘ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ ہائی کمشنر نےصورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی انتہائی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جہاں بھارتی قابض افواج بچوں سمیت معصوم شہریوں کو پیلٹ گنوں سے نشانہ بنا رہی ہیں اور گزشتہ برسوں کے دوران پیلٹ گنوں سے اندھے ہونے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ہائی کمشنر نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہے۔

سیمینار میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک اور سینیٹر مشاہد حسین سیدنےویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ایم پی ڈیبی ابراہمز اور لارڈ قربان حسین سمیت برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ نے بھی سمینار میں شرکت کی۔ ایم پی عمران حسین، ایم پی افضل خان، سینٹر آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز اے جے اینڈ کے سے ڈاکٹر عابدہ رفیق اور جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بھی سمینار سے خطاب کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق اورممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ دنیا مقبوضہ وادی میں نسل کشی دیکھ رہی ہے اور بھارتی حکومت نے تمام مواصلاتی لائنیں منقطع کر دی ہیں۔ دنیا کو اس ظلم کی مذمت کرنی چاہیے۔
جموں و کشمیر پر آل پارٹی پارلیمانی گروپ (اے پی پی جی) کی سربراہ ایم پی ڈیبی ابراہمز نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کو سزائے موت سے جغرافیائی سیاسی استحکام متاثر ہوگا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔
جموں و کشمیر اور پاکستان پر اے پی پی جی کے وائس چیئرمین ایم پی عمران حسین نے کہا کہ ہندوستان غیر قانونی طور پرجموں و کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے مزید کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ جموں و کشمیر سے متعلق کیس پر فیصلے جاری نہیں کر سکتی کیونکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے نہ کہ ملکی مسئلہ۔

ایم پی افضل خان نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو جواز فراہم کرنے کے لیے دیگر عالمی طاقتوں سے حمایت حاصل کر رہا ہے۔ لہٰذا ہمیں عالمی برادری کے سامنے ہندوستانی حکومت کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے متحد ہونے اور حمایت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
چئیرمین ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ محمد ایوب ٹھاکر اور دیگر مقررین نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

قبل ازیں ہائی کمشنر نے برطانیہ میں مقیم ممتاز کشمیری رہنمائوں، برٹش پاکستانیوں اور میڈیا کی ایک بڑی تعداد کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا دورہ کیا۔ تصویری نمائش میں جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصویری عکاسی کی گئی۔

30 آزاد امیدوار میرے ساتھ شامل ہوں گے، پرویز خٹک کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ 25 سے 30 آزاد امیدوار میرے ساتھ شامل ہوں گے۔

نوشہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چئیرمین پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کے پاس میرے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

پرویز خٹک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار رابطے میں ہیں اور انھوں نے میرا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ایک آزاد امیدوار مجھے فون کر کے کہہ رہا ہے کہ میں آپ کے ساتھ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ میری پارٹی کی اکثریت آئے گی۔ پی ٹی آئی والوں نے میرے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے۔

مزید وضاحت کرتے وہئے ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے وزیراعلیٰ ہونے کا اس لئے کہہ رہا ہوں کہ ’انہوں (آزاد امیدواروں) نے میرے ساتھ ایگریمنٹ کیا ہے۔ 20 میرے دوست آزاد کھڑے ہیں اور باقی پی ٹی آئی آزاد امیدوار ہیں۔‘

ملکی خود مختاری کی خلاف ورزی پر بھرپور فوجی طاقت سے جواب دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی / مظفر آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، پاکستان کی خود مختاری کی خلاف وزری اور کسی بھی قسم کی جارحیت پر بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور جنرل سید عاصم منیرچیف آف آرمی سٹاف  نے مظفرآباد کا دورہ کیا، اس کے علاوہ  آرمی چیف  نے ساریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوانوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف کو لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ جس پر انہوں نے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے اور موثر ردعمل کی تعریف کی۔

آرمی چیف و وزرائے اعظم پاکستان و آزاد کشمیر نے مظفر آباد میں قائم یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر شہدا کی عظیم قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

اعلامیے کے مطابق  آزاد جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کے بے دریغ ظلم و بربریت کے سامنے کشمیریوں کا استقامت غیر متزلزل ایمان مثالی ہے،   IIOJK میں پیدا ہونے والے انسانی اور سلامتی کے بحران سے علاقائی امن اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم اور آرمی چیف نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں  حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ’بھارت غیر قانونی انتظامی اور یکطرفہ طور پر مسلط کردہ سخت قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کے اپنے جائز مقاصد کے حصول کی خواہش اور حق خودارادیت کی تڑپ کو دبا نہیں سکتیں‘۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ ’ کسی بھی جارحیت یا علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، فوج خطرے کے مکمل اسپیکٹرم سے بخوبی واقف ہے اور مؤثر طریقے سے جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہے‘‘۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف  نے پاکستان میں ہندوستانی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کا بھی ذکر کیا جس نے اب ہماری سرزمین پر انفرادی پاکستانی شہریوں کو گھناؤنے نشانہ بنایا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ٹیلر سوئفٹ نے گریمی ایوارڈز جیتنے کا منفرد ریکارڈ قائم کردیا

لاس اینجلس: نامور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے 2024 میں گریمی ایوارڈ جیتنے کے ساتھ ایک منفرد ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

لاس اینجلس میں منعقدہ گریمی ایوارڈز 2024 میں ٹیلر سوئفٹ نے اپنے نئے البم ’مڈنائٹ‘ کے لیے ’البم آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ جیتا ہے۔

گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی بھی گلوکارہ نے اس کیٹیگری میں چار مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

اس موقع پر 34 سالہ گلوکارہ کا کہنا تھا ایوارڈ جیتنے سے انہیں بہت خوشی ہوئی ہے اور یہ ان لوگوں کیلئے بھی مسرت کا موقع ہے جنہوں نے انہیں ووٹ دے کر کامیاب کیا۔

واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ کی البم ’مڈنائٹ‘ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں پاک فوج کی دستوں کی تعیناتی کا عمل شروع

آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کو پُرامن بنانے الیکشن والے دن سیکیورٹی کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پاک فوج کی دستوں کی تعیناتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ منڈی بہاؤالدین اور چکوال میں کل تک فوج کی نفری پہنچ جائے گی۔

اسی طرح جہلم، سرگودھا اور دیگر اضلاع میں کل فوج کی نفری پہنچ جائے گی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے حکام اس سلسلے میں پاک فوج سے رابطے میں ہیں، امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، الیکشن کے انتظامات کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

پختونخوا میں گورنر راج لگے گا، اگلی حکومت ڈیڑھ سال چلے گی، سابق جنرل

سابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی کا کہنا ہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں آںے والی حکومت صرف ڈیڑھ سال چلے گی۔

جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے ایک صحافی کے ساتھ ویڈیو کال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میری نظر میں الیکشن تو ہوچکا، اب تو اس میں آپ نے بس ایک عمل سے گزرنا ہے، ریت پوری کرنی ہے، پاور انہی کے پاس رہے گی جن کے پاس آج ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر خیبرپختونخوا مینیج نہ ہوا تو بعد میں ہوسکتا ہے وہاں پر گورنر راج لگ جائے، پنجاب میں لگ رہا ہے کہ ”ن“ آئے گی، سندھ میں پیپلز پارٹی آئے گی، وہاں (بلوچستان) میں باپ (بلوچستان عوامی پارٹی) ہوگی‘۔

جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا کہ ’میری گارنٹی ہے آنے والی حکومت ڈیڑھ سال میں لپیٹ دی جائے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ والے انتخابات تو ہوچکے، اب دوسرے اصلی انتخابات جو ہوں گے وہ کروانے پڑیں گے کبھی نہ کبھی، اس کے بعد ایک اچھی فضا اس لیے آئے گی کہ پھر یقین آجائے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں فوج کا بڑا ہوں، میری بات اگر چھوٹے نہیں مان رہے تو کوئی بات نہیں، میں کہتا ہوں آگ میں ہاتھ ڈالیں گے تو جل جائے گا، وہ کہتے ہیں نہیں اس دفعہ نہیں جلے گا تو ٹھیک ہے ڈال کر دیکھ لیں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈیڑھ سال کے اندر اندر یہ سارا سائیکل کمپلیٹ ہوجائے گا، لوگوں کو بھی پتا چل جائے گا، فوج کو بھی پتا چل جائے گا، سیاستدانوں کو بھی پتا چل جائے گا کون کہاں پر کھڑا ہے اور اس کے بعد ایک اچھا نیا موسم، نیا سورج طلوع ہوگا، ان سب چیزوں کا واضح ہوجانا، حجت کا پورا ہوجانا ضرور ہے اور حجت پوری ہونے جارہی ہے‘۔

کراچی کے عوام موقع دیں 5 سال میں شہر بدل دیں گے، بلاول بھٹو

  کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہر قائد کے لوگوں نے اگر ہمیں 20 (قومی اسمبلی) کی نشستیں جتوا دیں تو پانچ سال کے اندر کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے سلسلے میں آج کراچی میں موجود رہے اور وہ ریلی کی صورت میں مختلف علاقوں میں گئے جہاں انہوں نے عوام و کارکنان سے خطاب کیا۔

کیماڑی میں کے پی ٹی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’اگر کراچی کے عوام میرے نمائندے منتخب کرائیں گے، پھر بلدیات کے بعد صوبائی حکومت بھی ہمارے ہاتھ میں ہوگی، آپ کے ووٹ سے وفاقی حکومت بھی ہمارے ہاتھ میں ہوگئی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ لوگ کراچی کی 20 نشستیں پیپلز پارٹی کو دلوا دیں پھر ہم پانچ سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے، ہم وفاق میں اپنی حکومت بنا کر کراچی میں تاریخی کام کریں گے اور ہر جگہ شہر کی نمائندگی ویسے ہی ہوگی جیسے اس کا حق ہے‘۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’سندھ کی صوبائی کابینہ میں کراچی کو اس کا حق دیا جائے گا اور ہم مل کر شہر کی خدمت کریں گے، اس شہر میں رہنے والوں کو جیالے سمجھائیں کہ وہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں کیونکہ کوئی اس شہر کو مذہب اور کوئی لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے‘۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر ان تمام عناصر جواب دیں کہ وہ نفرت اور تشدد کی سیاست کو قبول نہیں کرتے‘۔ بلاول بھٹو نے یقین دہانی کرائی کہ ہمارے نمائندے شہر کے عوام میں رہ کر کام کریں گے اور اس کو ترقی دیں گے، خواتین کو بھی خدمت کا بھرپور موقع دیا جائے گا‘۔

بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری، والدہ کی پیدائش کراچی میں ہوئی، یہ شہر میرا اپنے گھر کی طرح ہے اور کراچی کی خدمت کا مطلب گھر کی خدمت کرنا ہے، میں اپنے گھر کی بھرپور طریقے سے خدمت کروں گا اور آپ کے نمائندوں کو پابند کروں گا کہ وہ ہر خوشی و غم میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں۔

اب والدین خود اپنی اولاد کو طلاق کا مشورہ دیتے ہیں، جگن کاظم

  کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور میزبان جگن کاظم نے کہا ہے کہ معاشرے میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ والدین اپنی اولاد کو گھر بسانے کے بجائے طلاق کا مشورہ دیتے ہیں۔

حال ہی میں جگن کاظم نے پاکستان میک اپ انڈسٹری کی ممتاز شخصیت مسرت مصباح کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اداکارہ نے اپنی دوسری شادی اور طلاق کے حوالے سے بات کی۔

جگن کاظم نے کہا کہ “میرے لیے دوسری شادی کا فیصلہ کرنا بہت زیادہ مشکل تھا کیونکہ میں پہلے سے ایک بچے کی ماں تھی اور میں نہیں چاہتی تھی کہ میری شادی کی وجہ سے میرے بچے کا مستقبل خراب ہو”۔

اداکارہ نے کہا کہ “جب میں نے دوسری شادی کا سوچا تو میں نے اپنے بیٹے کو فیصل (دوسرے شوہر) سے ملوایا اور اس بات کی تسلی کی کہ ہاں شادی کے بعد فیصل اور میرے بیٹے کے درمیان تعلقات اچھے رہیں گے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “مجھے دوسری شادی کا فیصلہ کرنے میں تقریباََ 6 ماہ لگے کیونکہ مجھے اپنے بیٹے کو بھی اس بارے میں بتانا تھا اور میری دوسری شادی کے بعد آہستہ آہستہ تمام چیزیں ٹھیک ہوگئیں”۔

جگن کاظم نےخواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ “کوئی بھی اکیلی عورت جو ماں ہے اور اُس کی اپنے شوہر سے علیحدگی ہوگئی ہے تو وہ اگر دوبارہ شادی کرے تو کبھی بھی ارینج میرج نہ کرے، آپ پہلے خود اُس شخص سے ملیں جس سے آپ دوسری شادی کرنا چاہتی ہیں اور اس بات کی یقین دہانی کریں کہ کیا وہ واقع آپ کو اور آپ کی اولاد کو خوش رکھے گا، اُس کے بعد ہی فیصلہ کریں”۔

اداکارہ نے طلاق کی شرح میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “میں طلاق کے مشکل وقت سے گزر چکی ہوں، طلاق آپ کو اندرونی طور پر توڑ دیتی ہے، آپ چاہے کتنی بھی کوشش کرلیں کہیں نہ کہیں وہ دراڑ باقی رہ جاتی ہے”۔

جگن کاظم نے کہا کہ “پہلے کے زمانے میں والدین کہتے تھے کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے اپنا گھر بسانا ہے، طلاق کو بہت برا سمجھا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے”۔

اداکارہ نے کہا کہ “آج کل طلاق کو بہت آسان بنا دیا گیا ہے، اگر میاں بیوی کے رشتے میں کچھ اختلافات ہوتے ہیں تو اُن کو ٹھیک کرنے کے بجائے فوراََ طلاق لے لی جاتی ہے اور والدین بھی اب اپنی اولاد کو یہی سیکھا رہے ہیں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “اب لوگ اپنی شادیاں بچانے کے لیے کوشش ہی نہیں کرتے اور طلاق لیکر کہتے ہیں کہ ہمارے مزاج ایک دوسرے سے مختلف تھے”۔

جگن کاظم نے مزید کہا کہ “میں طلاق سے گزر چکی ہوں، اسی لیے یہی مشورہ دوں گی کہ آپ اپنی شادی کو بچانے کے لیے آخری حد تک کوشش کریں اور اگر پھر بھی معاملات ٹھیک نہ ہوں تو علیحدگی اختیار کرلیں”۔

واضح رہے کہ جگن کاظم کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی، پہلی شادی سے اداکارہ کا ایک بیٹا بھی ہے، اُنہوں نے سال 2013 میں فیصل ایچ نقوی کے ساتھ دوسری شادی ہے۔

قائداعظم نے قرار دیا تھا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، نگراں وزیراعظم

 مظفر آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کی رائے لینے سے ہی ممکن ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد پہنچے، جہاں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ان سے ملاقات کی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانب دار استصوابِ رائے کے تحت ممکن ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، نہتے و معصوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔

اسپیکر قانون ساز اسمبلی و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو وزیر اعظم انوار الحق کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد سے واضح پیغام پہنچ گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بہن بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

بعد ازاں آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے قرار دیا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے یہ محض دعویٰ نہیں بلکہ حقیقت برمبنی ہے، پاکستانیوں اور کشمیری اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں، جغرافیائی قربت، مشترکہ تاریخ اور عقیدہ اس بندھن کے اہم عناصر ہیں، ہمارے تہوار ایک ہیں، دل ایک ہی تال پر دھڑکتے ہیں اور ہماری رگوں میں ایک ہی خون رواں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اسی لیے جموں کشمیر میں ہونے والے مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، کوئی بھی یہاں کے عوام کی مرضی کے بغیر یہاں کا کوئی بھی حل مسلط نہیں کرسکتا، کشمیر کاز کے لیے ہمارے عزم پختہ ہے، کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم رہا ہے، ہمارے معاشرے کے اہم طبقات اور عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم یو این او کی قرارداد کے مطابق کشمیر کے لیے ہر طرح کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اسی لیے عالمی فورم پر ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔

چین میں آسٹریلوی مصنف کو جاسوسی کے الزام میں سزائے موت

بیجنگ: آسٹریلوی مصنف اور ناول نگار ڈاکٹر یانگ ہینگ کو 2019 میں آسٹریلیا جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر روک کر گرفتار کیا گیا تھا اور آج سزائے موت سنادی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 57 سالہ یانگ ہینگ جو آسٹریلوی شہریت بھی رکھتے ہیں اور وہ چین کی وزارت دفاع میں بھی ملازم کام بھی کر چکے ہیں۔ بعد ازاں وہ مستعفی ہوگئے تھے۔

یانگ ہینگ نے ناول لکھے اور بلاگز لکھے جس میں چین کے طرز حکومت اور سیکیورٹی کے معاملات پر کھل کر تنقید کرتے تھے۔ جس پر انہیں ”جمہوریت کا سوداگر” بھی کہا جاتا تھا۔
ڈاکٹر یانگ ہینگ کو جنوری 2019 میں گوانگزو ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا اور جاسوسی کے الزام کے تحت کیس بند عدالت میں چلایا گیا جب کہ 2021 میں خفیہ ٹرائل بھی ہوا تھا۔

اب انھیں سزائے موت سنادی گئی ہے جس پر آسٹریلیا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یانگ کی اپنے اہل خانہ کے پاس بحفاظت پہنچ جانے تک حمایت جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ ماضی میں آسٹریلوی حکام کے ڈاکٹر یانگ ہینگ کی حمایت میں بیان جاری کرنے پر چین کی وزارت خارجہ نے ہمیشہ یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ آسٹریلیا چین کے داخلی معاملے میں مداخلت نہ کرے اور ملک کی عدالتی خود مختاری کا احترام کرے۔

الیکشن کے روز انٹرنیٹ کیوں بند ہوگا؟ صوبائی الیکشن کمشنر کا اہم بیان

الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے کہا ہے کہ سندھ میں 2 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، سندھ میں 19 ہزار 8 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمشنر سندھ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ الیکشن کا سامان تمام اضلاع میں پہنچا دیا گیا ہے، تمام سامان 7 فروری کو پولنگ اسٹیشنز میں پہنچا دیا جائ ے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں، تمام حساس پولنگ اسٹیشنز میں کیمرے لگادئے گئے ہیں۔

الیکشن کمشنر شریف اللہ نے کہا کہ افسران کو رات 2 بجے تک نتیجہ لازمی دینا ہوگا، فارم 45 تمام سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹ وصول کریں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ حکومت کرتی ہے، پولنگ والے دن انٹرنیٹ بند ہوتا ہے تو امن و امان کی وجہ سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم 6 فروری رات 12 بجے ختم کی جائے گی، الیکشن میں خواتین کا 10 فیصد ٹرن آؤٹ ہونا ضروری ہے، ووٹوں کی گنتی کے دوران ایک ایک ایجنٹ کو موجود رہنے کی اجازت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے لئے جگہ جگہ بہتر اہتمام کیا گیا ہے، میڈیا لوگوں سے ووٹ کاسٹ کرنے کےلئے مہم چلائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز اور تمام تر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، میڈیا کے پاس جو کارڈ ہوگا اس حوالے سے انتظامیہ کو بتایا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر اوز الیکشن کمیشن کے ماتحت ہی کام کررہے ہیں، 8 فروری کا الیکشن بہترین طریقے سے ہوگا۔

بیویوں نے ماموں بھانجے کو لڑوا دیا، اداکار گووندا اور کرشنا کے درمیان جھگڑا کیوں ہوا؟

بھارتی اداکار گووندا اور کامیڈین کرشنا گھریلو جھگڑے کے باعث کافی عرصے سے ایک دوسرے سے ناراض ہیں۔

ایک عرصے تک بالی ووڈ پر راج کرنے والے اداکار گووندا ان دنوں اپنے بھانجے اور کامیڈین کرشنا کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

اس ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دونوں کے درمیان گھریلو جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا کہ اب یہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ خوب سمیٹ رہا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا اور کرشنا کے درمیان تلخی کی ایک بڑی وجہ دونوں کی بیگمات ہیں۔ گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے ایک انٹرویو میں اس بات کا اظہار کھل کر کیا تھا کہ میں کرشنا کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتی ہوں، اسی دوران گووندا اہلیہ کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

عام طور پر گووندا ٹھنڈے مزاج کے اداکار ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اس حد تک جذباتی ہیں کہ کرشنا اور ان کی اہلیہ کشمیرا کو میڈیا کے سامنے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اداکار گووندا کی اہلیہ کا موقف ہے کہ کشمیرا انہیں طعنہ دیتی تھی کہ گووندا پیسے کے لیے ناچتا ہے، ساتھ ہی سنتیا آہوجا نے کرشنا کی اہلیہ پر ناروا سلوک کا بھی الزام عائد کیا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ یہ کبھی نہیں ہو سکتا، کچھ سال پہلے میں نے کہا تھا کہ میرے رہتے یہ مسئلہ حل نہپں ہونے نہیں دوں گی۔ آپ کسی کے ساتھ بدتمیزی، نارواسلوک نہیں کر سکتے۔

اس سب میں گووندا کو جس بات نے افسردہ کیا وہ یہ تھی کہ مزاحیہ پروگرام کے دوران کرشنا نے کہا تھا کہ میں نے گووندا کو اپنا ماما رکھا ہے۔ اگرچہ اس پر کرشنا نے وضاحت دی، تاہم اس وقت تک بہت دیر ہو گئی تھی۔

اب جا کر دونوں فیملیز کے درمیان معاملات بحال ہونے کی اطلاعات ہیں، لیکن اس سب کے باوجود سنیتا آہوجا اور کشمیرا کو ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا ہے۔