اُشنا شاہ عرفان پٹھان کی حمایت میں بول پڑیں

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری بمباری نے سب ہی کو طیچ میں مبتلا کردیا ہے، پاکستان کے بعد مشہور بھارتی شخصیات کی جانب سے بھی اسرائیل کی مذمت کی جارہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان نے ایک پوسٹ شئیرکی تھی، جس انہوں نے لکھا تھا کہ ’غزہ میں ہر روز معصوم بچے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور دنیا خاموش ہے، ایک کھلاڑی کی حیثیت سے، میں صرف بات کر سکتا ہوں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما متحد ہوں اور اس احمقانہ قتل کو ختم کریں‘۔

کرکٹرعرفان پٹھان کی اس مذمت پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، لیکن پاکستانی اداکارہ کرکٹر کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

اداکارہ نے ان کی اس پوسٹ کو ری شئیر کرتے ہوئے غزہ کے حق میں آواز اُٹھانے پر اُن کی حمایت کی۔

پاکستان کے خلاف افغانستان کی فتح کا جشن مناتے ہوئے عرفان پٹھان نے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما متحد ہوجائیں‘۔

عام تاثر پایا جاتا ہے کہ بھارتی مسلم شخصیات کو اکثر بھارت سے اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لیے حساس موضوعات پر خاموش رہنا پڑتا ہے۔

اسرائیل فلسطین کے درمیان حالیہ کشیدگی میں بھی زیادہ تر بھارتی انتہا پسندوں کو اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

نیپال میں 6.4 شدت کا زلزلہ، 140 افراد ہلاک

کٹھمنڈو: نیپال میں 6.4 شدت کے زلزلے سے 140 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق جمعے کی رات آنے والے زلزلے کا مرکز دارالحکومت کٹھمنڈو سے 500 کلومیٹر دور مغرب میں تھا۔ زلزلے سے متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ سڑکیں تباہ ہوگئیں اور بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ زلزلے سے درجنوں افراد زخمی ہوئے جبکہ متعدد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں امدادی کارروائیاں کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نیپالی فوج بھی امدادی کارروائیوں میں شہری انتظامیہ کی مدد کررہی ہے۔ زلزلے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔
نیپال میں 2015 میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں 9 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے

غیر شرعی نکاح کیس: عدالت کا آئندہ سماعت فریقین کو ایک ساتھ دلائل دینے کا حکم

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت پر فریقین کو ایک ساتھ دلائل دینے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے سول جج قدرت اللہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل شیر افضل مروت کی جگہ ان کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے شیرافضل مروت کی عدم حاضری پر اعتراض بھی اٹھایا جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ شیر افضل مروت بیرون ملک ہیں، آئندہ سماعت پر پیش ہوجائیں گے۔

پی ٹی آئی معاون وکیل نے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی تو عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ، توشہ خانہ فوجداری کیس میں اہم پیش رفت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ نیب تحقیقات کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کی اپیل سات نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاز لسٹ جاری کر دی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو اپیل میں نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے 5 اگست کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے ۔ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سزا معطلی کے بعد ضمانت پر ہیں۔

احتساب عدالت نے عدم پیروی پر چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کیسوں میں ضمانت خارج کر دی تھی۔

واضح رہے کہ دو رکنی بینچ پہلے چھ کیسوں میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں بحال کر چکا ہے۔

پی ٹی آئی اپنا قانونی حق استعمال کرکے انتخابی مہم چلا سکتی ہے، پشاور ہائیکورٹ

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن مہم اور جلسوں کے لئے دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ الیکشن کی تیاریاں جاری ہے لیکن ان کو مہم کی اجازت نہیں دی جارہی اور پارٹی کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد ہے۔

ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ کئی بار ضلعی انتظامیہ کو کنونشن کے لئے درخواستیں دیں لیکن انہیں مسترد کیا گیا، کئی بار انتظامیہ کو درخواستیں دینے کے باوجود پی ٹی آئی پر الیکشن مہم پر پابندی لگائی گئی ہے، تاہم ایڈووکیٹ جنرل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل سے ہم نے پوچھا کہ پی ٹی آئی پر اعلانیہ یا غیر اعلانیہ کوئی پابندی ہے، جس کے جواب میں ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ پی ٹی آئی پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہے، خیبرپختونخوا سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2020 کے سیکشن 14 کے مطابق جلسے اور کنونشن منعقد کرنے کے لئے پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا لازمی ہے۔

عدالت کے مطابق درخواست گزار نے کہا کہ ہم ایڈوکیٹ جنرل سے معاہدہ کرتے ہیں کہ پہلے اجازت لینگے، ایڈووکیٹ جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ بھی اپنی قانونی ڈیوٹی انجام دینگے۔

پشاور ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی کو قانون کے تحت جلسوں کی اجازت ہے اور اپنا قانونی حق استعمال کرکے انتخابی مہم چلا سکتی ہے ، کسی ایک سیاسی جماعت کو اس کے حق سے دور نہیں کیا جا سکتا، درخواست گزاروں کو اپنی انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے، نگران حکومت شفاف الیکشن کی انعقاد کے لیے اقدامات اٹھائے۔

بالز تبدیلی کے بیان پر وسیم اکرم نے حسن رضا کو آڑے ہاتھوں لے لیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے حسن رضا کو بالز میں تبدیلی کے بیان پر آرے ہاتھوں لے لیا۔

گزشتہ روز مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کرکٹر حسن رضا نے بھارتی بولرز پر الزام عائد کیا تھا کہ آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ مختلف گیند فراہم کررہا ہے جس کی وجہ انہیں زیادہ سوئنگ اور سیم مل رہی ہے جبکہ دیگر ٹیمیں ایسا کرنے میں ناکام ہیں۔

حسن رضا کے تبصرے پر سابق کپتان وسیم اکرم نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ ایسے بیانات دیکر اپنی بےعزتی کروارہے ہیں اور ساتھ میں ہماری بھی!۔

سابق کپتان نے کہا کہ امپائر ٹاس سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو بلا کر ریفریز کی موجودگی میں بالرز کے ڈبے سے دو گیند بالنگ کرنے والا کپتان اٹھاتا کہ اگر ایک خراب ہوجائے تو دوسری لائی جائے، ایسی طرح دوسری ٹیم بھی یہی کرتی ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ کوئی ڈیوائس کے ذریعے گیند کیسے سوئنگ کرسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ باقی ٹیموں کی گیند سوئنگ نہیں کررہی تو اسکا مطلب یہ ہے کہ بھارتی بالرز نے کچھ سیکھا ہو۔ وہ زیادہ اچھی فارم میں ہیں انہیں سراہا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی پیسرز نے 7 میچوں میں 18.57 کی اوسط سے 45 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے تیز گیندبازوں نے سب سے زیادہ 7 میچوں میں 50 وکٹیں لی ہیں۔

سری لنکا کے خلاف میں بھارتی پیسرز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور پوری ٹیم کو محض 55 کے مجموعے پر پویلین بھیج دیا تھا۔

لاہور: 20 کلو آٹے کا تھیلا یکدم 50 روپے مہنگا

لاہور میں فلور ملز کو سرکاری گندم نہ ملنے پر بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھادی گئی۔

فلور ملز مالکان نے سرکاری گندم کی عدم فراہمی پر آٹے کے دام بڑھا دیے ہیں جس سے تنخواہ دار طبقےکو گھریلو اخراجات میں مزید اضافے کی مشکل نے گھیرے میں لے لیا ہے۔

اس ضمن میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے بھی آٹے کے اسٹاک کی خریداری مشکل ہو رہی ہے، حکومت سرکاری گندم فراہم کرے تو عوام کی پریشانی دور ہوگی۔

محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے تاحال فلورملز مالکان کو گندم کی فراہمی سے متعلق کچھ آگاہ نہیں کیا گیا جس کے باعث آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2800 روپے سے بڑھ کر 2850 روپے پر پہنچ گئی۔

’نسیم تیرے پیار میں حد سے گزر جائیں گے‘

سوشل میڈیا پر وائرل رہنے والی بھارتی ماڈل اور اداکارہ اروشی روٹیلا ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئیں، اداکارہ نے ایک نیا انداز اپنا کرصارفین کو حیران کردیا۔

بھارتی اداکارہ نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شئیر کی ہے۔ شئیر کی گئی ویڈیو میں ان کو ’وکٹ کیپنگ‘ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

کرکٹ پچ پر بطورِ وکٹ کیپر اروشی روٹیلا کی یہ ویڈیو ان کی آنے والی فلم کی پروموشن کی ہے، انہوں نے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ نئی فلم کیلئے نئی شروعات ہے‘۔

اروشی روٹیلا کے اس دلچسپ اعلان اور لُک نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

فلم کی پروموشن کیلئے بنائی گئی اس ویڈیو میں بھارتی اداکارہ کو خاصا پُراعتماد اور پرجوش دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی تاریخ میں پہلی بار کسی ہیروئن نے منفرد طریقے سے اپنی آنے والی فلم کا بطورِ کرکٹر بن کر اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس ایکس پر اس وائرل ویڈیو پران کے مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

ایکس پر خاتون صارف نے اداکارہ کی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’رضوان کی جگہ اب خطرے میں ہے کیونکہ اروشی روٹیلا نسیم شاہ کی بولنگ پر وکٹ کیپنگ کریں گی‘۔

ایک اور صارف لکھا کہ ’نسیم تیرے پیار میں حد سے گزرجائیں گے‘۔

ایک صارف نے طنزیہ لکھا کہ ’یہ نسیم کے آگے ایک اوور کیلئے بھی نہیں رہ پائیں گی‘۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’رشبھ پنت کی واپسی کافی ناممکن دکھائی دے رہی ہے کیونکہ اب اروشی روٹیلا انہیں وکٹ کیپنگ میں سخت مقابلہ دے رہی ہیں‘۔

ایک صارف نے نسیم شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اروشی روٹیلا وکٹ کیپر بن رہی ہیں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ نسیم شاہ اب سست بالنگ کروائیں گے‘۔

ایشیا کپ 2022 کے پاک بھارت میچ کے دوران نسیم شاہ کی ایڈٹ شدہ ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرنے کے بعد بھارتی اداکارہ خوب وائرل ہورہی تھیں۔

اپنی اسٹوری پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نسیم شاہ کو کرکٹ گراؤنڈ میں مسکراتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

’جب بھائیوں نے والد کا وینٹی لیٹر ہٹایا تو۔۔۔‘ عروسہ صدیقی کی دل گداز باتیں

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری میں کامیڈی ڈراموں سے شہرت پانے والی اداکارہ عروسہ صدیقی نے پریگنینسی کے دوران والد کی وفات کا صدمہ اٹھانے کے تکلیف دہ لمحات کا بتاتے ہوئے نجی زندگی سے متعلق بھی کھل کربات کی۔

ایک مارننگ شو میں شریک عروسہ صدیقی نے بتایا کہ وہ اس دوران کس جذباتی کیفیت سے گزریں جبکہ ان کے بھائی بھی چھوٹے تھے۔

اداکارہ نے بیٹے کی پیدائش سے متعلق سوال پر بتایا کہ ’میں حاملہ تھی الحمدللہ، سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، میری ساس میرے ساتھ تھیں لیکن میرے والد کا ان دنوں انتقال ہو گیا‘۔

اداکارہ نے جذاباتی ہوتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں سات ماہ کی حاملہ تھی، میرے والد کی موت اچانک ہوئی تھی۔ انہیں دل کا دورہ پڑا، پھر انہیں فالج ہوا جس کے بعد دماغ کی سرجری ہوئی اور انہیں وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا‘۔

اداکارہ نے والد کے آخری لمحات کے بارے میں گفتگو کرتے نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ ’اسپتال میں میرے لیے جذبات پر قابو رکھنا کافی مشکل تھا، جب میرے بھائیوں نے میرے والد کا وینٹی لیٹر ہٹایا، میں اسی وقت آگے بڑھی، اور میں نے ان سے پوچھا ”ہوگیا“، جس پر میرے بھائیوں نے مجھے گلے لگا لیا‘۔

عروسہ صدیقی کا شمار پاکستان کی نامور اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغازایک کامیڈی ڈرامے سے کیا تھا جس میں انہوں نے ’سکینہ‘ کا کردار ادا کیا۔

”کنکر“، ”ہم سب عجیب سے ہیں“، ”قدوسی صاحب کی بیوا“ اور ”بُلبُلے“ جیسے ہٹ ڈراموں میں انہوں نے نمایاں کردار ادا کیے ہیں۔

حکومت کس سیکٹر سے کتنا ٹیکس وصول کر رہی ہے، آئی ایم ایف نے رپورٹ طلب کرلی

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے فیدرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے جون 2024 تک 6670 ارب روپے محصولات جمع کرنے کا پلان مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 10 روزہ مذاکرات جاری ہیں، اسی دوران آئی ایم ایف نے ایف بی آر سے پیر کو نے رواں مالی سال کے لئے 6670 ارب روپے محصولات جمع کرنے کا پلان مانگ لیا ہے۔

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ریونیو اہداف میں ٹیکس شارٹ فال نہیں کرے گا اور ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھا کر ریونیو محصولات کو بڑھایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہا کہ عالمی ادارے نے زیر التوا ٹیکس کیسز پر پیشرفت رپورٹ بھی طلب کی جسے ایف بی آر پیر کو پیش کرے گا جب کہ ریونیو بورڈ نے 10 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کی تفصیلات آئی ایم ایف کو شیئر کردی ہیں۔

اس کے علاوہ ذرائع نے مزید بتایا کہ 4.9 ملین ٹیکس دہندگان کو 10 ملین تک بڑھانے کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت ہوئی، ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے حکومت اور عالمی ادارے کے درمیان مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے ریونیوم حصولات میں شارٹ فال اور ٹیکس چھوٹ کے لئے حکومت کو گنجائش نہیں دی ہے۔

عرب مانیٹری فنڈ اور اسٹیٹ بینک کے مابین ایم او یو طے پا گیا

کراچی: ترسیلات زر میں سہولت کے لیے عرب مانیٹری فنڈ اور اسٹیٹ بینک کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔

ڈائریکٹر جنرل چیئرمین آف دی بورڈ آف ڈائریکٹرز عرب مانیٹری فنڈ (اے ایم ایف) ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبداللہ الحامدی اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے اے ایم ایف کے زیر اہتمام ابوظہبی میں ایک تقریب میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

مفاہمت کی یادداشت کا مقصد سرحد پار ادائیگی کے نظام ’بونا‘، جسے اے ایم ایف کی زیر ملکیت عرب علاقائی ادائیگی کی کلیئرنگ اور تصفیے کی تنظیم ’اے آر پی سی ایس او‘ چلاتی ہے، اور پاکستان کے فوری ادائیگی کے نظام ’راست‘ کے درمیان تعاون کا فریم ورک قائم کرنا ہے۔

’راست‘ اور ’بونا‘ کو اس لیے منسلک کیا جارہا ہے کہ عرب خطے اور پاکستان کے درمیان ترسیلات زر کی منتقلی باضابطہ چینلز سے آسانی سے ہوسکے۔

اس اقدام سے افراد کے علاوہ کاروباری اداروں کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ نہ صرف فوری، محفوظ اور سستی سرحد پار ادائیگیاں ہوسکیں گی بلکہ عرب ممالک اور پاکستان کے درمیان معاشی، مالی اور سرمایہ کاری روابط بھی مضبوط ہوں گے۔

ڈاکٹر الحامدی نے مفاہمت کی یادداشت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ راست کے ساتھ یہ اسٹریٹجک اشتراک ’بْونا‘ کے اس عزم کا اظہار ہے کہ مختلف خطّوں کو باہم مربوط کرنے، اور عرب خطّے اور اس کے اہم عالمی شراکت داروں کے مابین اقتصادی، مالی، اور سرمایہ کارانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس اقدام سے اس مشترکہ نصب العین کا بھی اعادہ ہوتا ہے کہ رقوم کی سرحد پار ادائیگی کے جدید طریقے ایجاد کیے جائیں تاکہ افراد اور کاروباری اداروں کو محفوظ اور کارگر طریقے سے بیرونِ ملک سے فوری ادائیگی کی سہولت مل سکے‘‘۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت ایک اہم تزویراتی کامیابی ہے جس سے پاکستان اور عرب خطے کے درمیان قریبی روابط کے دروازے کھلتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک اور عرب مانیٹری فنڈ کے درمیان یہ اشتراک ایک جدید ڈیجیٹل فنانشل سروسز ایکو سسٹم کے قیام کے مقصد کی تکمیل کے لیے ملکوں کے مابین ارتباط سے فائدہ اٹھانے کے ہمارے وژن کے مطابق ہے۔

ریفنڈز ادائیگیوں کا ٹارگٹ حاصل، ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی رپورٹ آئی ایم ایف کو پیش

اسلام آباد: پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزہ کے بارے میں تکنیکی مذاکرات جاری جبکہ معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کیساتھ طے شدہ اسٹرکچرل بینچ مارکس پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کردی۔

ٹیکس چھوٹ ختم کرنے سے متعلق ایف بی آر کی تیار کردہ عملدرآمد رپورٹ بھی پیش کردی گئی ہے تکنیکی سطع کے مذاکرات میں اسٹرکچرل بنچ مارکس، پیشگی اقدامات اور رواں مالی سال کی پہلی سہہ کے اقتصادی اعدادوشمار کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے اجلاس میں ریونیو اہداف، ریفنڈز ادائیگیاں اور ٹیکس چھوٹ پر بات چیت ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آرکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں کا ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا، ستمبر 2023 تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیاں 250 ارب روپے تک محدود کی جانی تھیں ستمبر 2023 تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں کو 200 ارب روپے تک محدود کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر پلان کے مطابق انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے، قرض پروگرام میں رہتے ہوئے ایف بی آر نے پہلی سہہ ماہی کے دوران ٹیکس چھوٹ نہیں دی۔

پاکستان میں مہنگائی؛ بھارت نے اپنے یاتریوں کیلیے کرتارپور راہداری پر اسٹور کھول دیا

لاہور: پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے بھارت نے اپنے یاتریوں کیلیے کرتارپور راہداری پر اسٹور کھول دیا۔

کرتارپور راہدری سے گرو دوارہ سری دربار صاحب، کرتارپور آنے والے یاتریوں کی سہولت کے لیے بھارتی حکومت نے اپنے علاقے میں خصوصی اسٹور کھول دیا۔ پاکستان میں مہنگائی کے باعث بھارتی یاتری اس اسٹور سے لنگر میں حصہ ڈالنے کے لیے سبزیاں، چاول، مصالحہ جات سمیت مذہبی رسومات کے لیے دیگر اشیا خرید سکیں گے۔

بھارتی مرکزی حکومت کی جانب سے کھولے گئے اسٹور سے ایک یاتری کو صرف 7 کلو تک سامان خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اسٹور کھولنے والے سُکھ ویندر سنگھ راجندر سنگھ نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسٹور میں اس وقت ٹماٹر، ہری مرچ، ادرک، لہسن، پیاز، دالیں، تیل، دیسی گھی، آٹا، چاول اور دیگر اشیا کے علاوہ رومال، کنگھی، کڑا، کرپان وغیرہ رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل راہ داری میں داخل ہونے کے بعد عقیدت مندوں کو گرو گھر لے جانے کے لیے کچھ نہیں ملتا تھا۔ یاتری اپنے شہروں ہی سے سامان خرید کر ساتھ لاتے تھے یاپھر پاکستان پہنچ کر گرو دوارہ صاحب کے احاطے میں بنائی گئی دکانوں سے یہ سامان خریدتے تھے۔ پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے یاتریوں کو لنگر کا سامان کافی مہنگا خریدنا پڑتا تھا لیکن اب اس اسٹور کے کھلنے سے عقیدت مند گرو گھر کے لنگر کا سامان اور دیگر سامان لے جاسکتے ہیں۔