پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، بارش کے باعث میچ دوبارہ روک دیا گیا

آئی سی سی ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 21 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے جس کے بعد ایک گھنٹے کے لیے میچ تاخیر کا شکار ہوا، پھر 24 گیندوں کے بعد کھیل کو دوبارہ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔

بعد ازاں بارش رکنے کے بعد امپائرز نے گراؤنڈ کا جائزہ لیا اور پھر ڈی ایل ایس کے تحت 9 اوورز کم کر کے 41 جبکہ ہدف 342 رنز تک محدود کردیا۔

بنگلورو کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ اوپنر فخر زمان اور کپتان بابراعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 153 کی پارنٹرشپ قائم کرلی ہے، دونوں بالترتیب 126 اور 66 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔

نیوزی لینڈ اننگز 

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار 400 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔

کیوی اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 68 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم کانوے 35 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کین ولیمسن اور راچن رویندرا نے 180 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان ولیمسن نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ راچن رویندرا 108 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 29 اور مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناسکے۔ مچل سینٹنر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3 حارث رؤف، افتخار احمد اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ

نیب ترامیم کیس: سپریم کورٹ کا عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم، نوٹس جاری

سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع فراہم کردیا۔

عدالت عظمیٰ نے نیب ترامیم کیس کی 31 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیب ترامیم میں مرکزی درخواست گزار ہیں، عدالت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتی ہے۔

عدالتی حکمنامے میں کہا گیا کہ حکم کی نقل اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پہنچائی جائے، کیس کی سماعت سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کے فیصلے سے مشروط ہے۔

اٹارنی جنرل او رتمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کردیے گئے ہیں، جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے 31 اکتوبر کو نیب ترامیم کیس کی سماعت کی تھی۔

سپریم کورٹ نے نیب ترامیم فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرتے ہوئے نیب عدالتوں کو زیرسماعت مقدمات کے حتمی فیصلے سے روک دیا۔

عدالت نے اپیلوں کی نقول چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد تک ملتوی کردی تھی۔

غزہ میں خون آلود بچوں کی تصاویر دیکھ کر آنسو آ جاتے ہیں، روسی صدر

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ غزہ میں خون آلود بچوں کی تصاویر دیکھ کر آنسو آجاتے ہیں۔

روسی صدر پیوٹن نے بیان میں کہا کہ پتھر دل والے لوگ ہی غزہ کی تباہی پر خاموش رہ سکتے ہیں۔ غزہ میں خون آلود بچوں کی تصاویر دیکھ کرآنسو آ جاتے ہیں اور رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جاری بمباری فوری طور پر نہ روکی گئی تو اشتعال انگیزی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس پر چنگاری لگانا بہت آسان ہے۔ اگر کسی کو غزہ کے واقعات کا احساس نہیں ہوتا تو اس کے سینے میں دل نہیں پتھر ہے۔ اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ برائی کی جڑ کہاں ہے اور اس برائی نے کیسے جنم لیا۔
غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 9 ہزار 300 فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

جنرل باجوہ کی مدد سے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی،اختر مینگل کا انکشاف

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے اتحادی سردار اختر مینگل کی جانب سے کئی اہم انکشافات اور اعتراف سامنے آگئے۔ ڈان نیوز کو دیئے ایک انٹرویو میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا کہ جنرل باجوہ کی مدد کے بغیر نہ تحریک عدم اعتماد ممکن تھی اور نہ ہی پی ڈی ایم کی حکومت بن سکتی تھی کیوں کہ اگر جنرل باجوہ نہ چاہتے اور اگر ان کے عمران خان کے ساتھ اختلافات نہ ہوتے تو ہم کبی بھی ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہیں لا سکتے تھے اور اگر اس وقت کے آرمی چیف کی مدد نہ ہوتی تو شاید یہ پی ڈی ایم حکومت کبھی بھی نہیں بنتی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ملٹری قیادت سے وعدہ کیا کہ ان سولہ مہینوں میں عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنی ہیں اورٹارگٹ تھا کہ پی ٹی آئی کو بلڈوز کرنا ہے لیکن ہم ان دونوں منصوبوں میں بری طرح ناکام ہو گئے، پی ڈی ایم حکومت کا ٹارگٹ تھا کہ ہم پی ٹی آئی کا ووٹر بلڈوز کر کے سارا ووٹر اپنی طرف کر لیں گے لیکن ایسا نہیں کر سکے بلکہ جو نفرت ہم پی ٹی آئی کیخلاف پیدا کرنا چاہتے تھے وہ بھی ہمارے کھاتے میں آ گئی کیوں کہ ان سولہ مہینوں میں پی ڈی ایم حکومت کچھ بھی ڈیلیور نہیں کر پائی، پی ڈی ایم سیاستدانوں نے اپنے اپنے کیسز ختم کرائے، نیب قوانین میں ترامیم کیں اور الیکشن ریفارمز کے نام پر وہ ریفارمز کیں جو ہمارے حق میں بہتر تھیں، پی ڈی ایم حکومت نے اسمبلی کے فلور پر ایک دن میں 56 بل پاس کیے لیکن انہوں نے ہمارا ایک بل بھی پاس نہیں کیا، وہ ہمارے ووٹوں کی خاطر ہمیں واپس بلاتے ہیں اور جب کام ہو جاتا ہے تو وہ ہم سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ جب میں پی ڈی ایم سے اتحاد کے لیے شہباز شریف سے ملا تو انہوں نے اس وقت کے وزیر اعظم سے کہا چوں کہ اب وہ معاہدہ کر چکے ہیں تو انہیں ماضی کی طرح بلوچستان کو اسٹیبلشمنٹ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑنا چاہیے لیکن شہباز شریف نے ہمیں لپیٹ کر اسٹیبلشمنٹ کی جیبوں میں ڈال دیا۔

ورلڈکپ؛ 402 رنز کے ہدف کےتعاقب میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری

آئی سی سی ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 21 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنالیے۔

بنگلورو کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ اوپنر فخر زمان اور کپتان بابراعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 153 کی پارنٹرشپ قائم کرلی ہے، دونوں بالترتیب 106 اور 46 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار 400 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔

کیوی اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 68 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم کانوے 35 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کین ولیمسن اور راچن رویندرا نے 180 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان ولیمسن نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ راچن رویندرا 108 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 29 اور مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناسکے۔ مچل سینٹنر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3 حارث رؤف، افتخار احمد اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اداکارہ جگن کاظم کی اپنے بچوں کے ساتھ ہیلووین پارٹی

ورسٹائل پاکستانی اداکارہ جگن کاظم نے اپنے بچوں اور ساتھیوں کے ساتھ ہالووین اپنے انداز میں منائی۔

اداکارہ جگن کاظم کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے اپنے بچوں اور ان کے اسکول کے دوستوں کے لئے ہالووین پارٹی کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر جگن کاظم نے خود بھی ہالووین کی مناسبت سے ڈراونہ لباس زیب تن کیا تھا جبکہ ان کا بیٹا اور بیٹی نے بالترتیب بیٹ مین اور بی (مکھی) کا حلیہ اپنایا ۔

 

 

انسٹاگرام پر اس پارٹی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جگن کاظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ دنیا جل رہی ہے لیکن وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بچوں کو ہولناکیوں کے بارے میں معلوم نہ ہو اور جب تک ممکن ہو انہیں سچائی سے بچایا جائے۔

بھارت میں آلودگی سے پریشان انگلش کرکٹرز انہیلر استعمال کرنے لگے

ممبئی، بھارت میں آلودگی سے پریشان انگلش کرکٹرز انہیلر استعمال کرنے لگے۔انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود ابھی تک شایان شان کارکردگی نہیں دکھاسکی، دوسری جانب بھارتی شہروں میں بے پناہ آلودگی بھی درد سر بنی ہوئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق کرکٹرز سانس کی کمی دور کرنے کیلئے ایسے انہیلرز استعمال کررہے ہیں جو عام طور پر دمہ کے مریضوں کی بحالی کے کام آتے ہیں، بین اسٹوکس کی انہیلر استعمال کرتے ہوئے تصویر بھی منظر عام پر آئی تھی۔

پی اے ایف ٹریننگ بیس میانوالی میں کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام 9 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: پاک فوج نے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر آج علی الصبح حملے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے پر پاک فوج نے بر وقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر حملہ ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 3دہشتگرد مارے گئے۔

پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر دہشتگردوں کا حملہ، 14 جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے 3 طیاروں اور فیول باوزر کو نقصان پہنچا جب کہ جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ ائیر بیس پر ناکام حملے کے بعد محلقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئر نس آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، دہشتگردوں کے ناکام حملے میں 3 گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا اور تینوں طیارے نان آپریشنل تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کے لیے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیسز؛ اعجاز چوہدری، میاں محمود سمیت دیگر ملزمان کا ٹرائل شروع

لاہور: 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کا ٹرائل شروع ہوگیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 4 مقدمات میں ملزمان کا ٹرائل شروع کرتے ہوئے نامزد گرفتار ملزمان کو 15 نومبر کو جیل سے طلب کرلیا۔

عدالت نے گرفتار نہ ہونے والے ملزمان سے متعلق پراسیکیوٹر کو ہدایات لے کر پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔ علاوہ ازیں عدالت نے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے ،گلبرگ میں کنٹینر جلانے کے مقدمات میں بھی طلبی کے نوٹسز جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مختلف چالانوں پر سماعت کرتے ہوئے اعجاز چوہدری ،میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا۔

سعودی عرب کا آئی پی ایل میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کیلئے بھارت سے رابطہ

سعودی عرب نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل دنیا کی مہنگی کرکٹ لیگ میں سے ایک ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشیروں نے بھارتی حکومت سے آئی پی ایل کو ایک ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کرنے کے بارے میں بات کی ہے جس کی مالیت 30 ارب ڈالر ہے۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ معاملے بات چیت اس وقت ہوئی تھی، جب محمد بن سلمان نے ستمبر میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔

سعودی عرب نے لیگ میں 5 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری اور دوسرے ممالک میں توسیع کی رہنمائی میں مدد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) جو آئی پی ایل کی نگران ہے، اس نے فوری طور پر رائٹرز کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل دنیا کی مہنگی ترین لیگوں میں سے ایک ہے، جو 2008 میں اپنے آغاز سے بہترین کھلاڑیوں کو بھارت کی جانب راغب کر رہی ہے۔

ورلڈکپ؛ پاکستانی اسپنرز بری طرح ناکام، نیدرلینڈز بھی گرین شرٹس سے آگے

آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستانی اسپنرز 7 میچوں میں محض 10 وکٹیں لے سکے۔

بھارت میں کھیلے جارہے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے اسپنرز شاداب خان، افتخار احمد، سلمان آغا اور اسامہ میر 7 میچوں میں محض 10 وکٹیں لے سکے۔

ایک زمانے کے تک اسپنرز کا راج رکھنے والی پاکستانی ٹیم کے اسپنرز ورلڈکپ میں بری طرح ناکام رہے، نیدرلینڈز کے اسپنرز 19، جنوبی افریقا کے 17، انگلینڈ کے اسپنرز 11 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کے علاوہ سری لنکا واحد ٹیم ہے جس کے اسپنر محض 5 وکٹیں لے سکے ہیں۔

شنیرا اکرم کی غزہ سے متعلق غیر واضح پوسٹ، تنقید کے بعد ڈیلیٹ

اکستان کے سابق کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے غزہ سے متعلق غیر واضح پوسٹ کی، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کے بعد پوسٹ ڈیلٹ کردی۔

شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ “وہ خود کو بہت زیادہ بےبس محسوس کررہی ہیں، اُنہوں نے کبھی اپنے خیالات اور احساسات کو بیان کرنے میں خوف یا ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی لیکن اس وقت اُن کے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں بچے”۔

وسیم اکرم کی اہلیہ نے اپنی پوسٹ میں واضح نہیں کیا تھا کہ وہ اسرائیل فلسطین کشیدگی پر بات کررہی ہیں یا کسی دوسرے مسئلے پر لیکن اس پوسٹ کے بعد اداکارہ ارمینہ خان نے اُن پر شدید تنقید کی تھی۔

ارمینہ خان نے کہا تھا کہ “جب پاکستان کے کسی مسئلے کی بات آتی ہے تو اُس وقت آپ کے پاس کہنے کے لیے بہت سارے الفاظ ہوتے ہیں”۔

اداکارہ نے شنیرا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا “فلسطین کے بارے میں بات کرنی ہے تو کُھل کر بات کریں اور اپنی ڈرامائی باتیں اپنے پاس رکھیں”۔

ان دونوں شخصیات کی لفظی جنگ میں اب شنیرا اکرم نے ارمینہ خان کی تنقید پر ردعمل دیا، شنیرا اکرم نے ارمینہ خان کی ایکس پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے حیران کُن انداز میں کہا کہ “دُنیا کی موجودہ درد بھری حالت میں بھی تم مجھ پر تنقید کررہی ہوں، تم کیوں مجھ سے نفرت کررہی ہو؟”

وسیم اکرم کی اہلیہ نے کہا کہ “تُم مجھے نہیں جانتی لیکن ہم دونوں مائیں ہیں، اس مشکل وقت میں تمہیں متحد ہوکر سوچنا چاہیے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے اپنی آواز کا استعمال کرنا چاہیے”۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ “مجھے لگتا ہے کہ یہ تمہارے بڑے ہونے کا وقت ہے، تُم صرف سُرخیوں میں آنے کے لیے اس حد تک نیچے گِر رہی ہو”۔

سوشل میڈیا صارفین نے شنیرا اکرم کی پوسٹ پر اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اُنہوں نے اپنے ایکس اکاوْنٹ سے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں اب تک 3 ہزار سے زائد بچوں سمیت فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 24 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔