20 گنا زیادہ دودھ دینے والی گائے کی نئی نسل متعارف

الینوئے: امریکی سائنسدانوں کی ٹیم نے عام گائے کے مقابلے میں 20 گنا زیادہ دودھ دینے والے گائے ’تیار‘ کی ہے۔

یونیورسٹی آف الینوائے میں جانوروں کے سائنسدانوں کی ٹیم نے تنزانیہ کے کسانوں کے لیے ایسی گائے تیار کی ہے جو کہ گیم چینجر ثابت ہوگی۔ ایسی گائے جو دیسی نسلوں کی نسبت 20 گنا زیادہ دودھ دے گی۔

’اینیمل فرنٹیئرز‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہولسٹینز اور جرسیوں کی دودھ پیدا کرنے کی صلاحیت والی گائے کی نسلوں کو گرمی، خشک سالی اور بیماری کیخلاف مزاحمت کی اہل گائرس کی نسل سے کراس کروایا ہے جو کہ حارہ (tropical) ممالک میں عام ہے۔

کراس کی پانچ نسلوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی یہ گائے عام تنزانیہ کے انتظام کے تحت روزانہ 10 لیٹر دودھ پیدا کرنے کی قابل ہوتی ہے جو دیسی مویشیوں کی نصف لیٹر اوسط پیداوار کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

اس بار عوام لاہور سے وزیراعظم منتخب نہیں کریں گے، بلاول بھٹو

 کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس بار پاکستان کے عوام لاہور سے وزیر اعظم منتخب نہیں کریں گے، کراچی کے  بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو نے  گزری اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ( کراچی کے) بلدیاتی انتخابات  فروری کے الیکشن کا ٹریلر ہیں۔  بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوگیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ اس وقت بلدیاتی انتخابات جیتے جب ہم حکومت میں نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، ملک کو معاشی مسائل، غربت اور مہنگائی سے نجات دلانی ہے اور  پیپلز پارٹی کی حکومت ہی غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی میں کردار ادا کرسکتی ہے۔

نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے رابطے کی خبر پرانی ہے، ہم نے کسی جماعت کے لیے اپنے دروازے بند نہیں کیے ہیں، ہم اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  اب ہم بلدیاتی اور صوبائی کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے۔  8 فروری کو ثابت کردیں گے، فتح صرف تیر کی ہوگی۔ اس بار پاکستان کے عوام وزیراعظم لاہور سے منتخب نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  آئین صدر مملکت کو الیکٹرول کالج مکمل ہونے تک عہدہ سنبھالنے کی اجازت دیتا ہے، مگر صدر مملکت آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔  نون لیگ آج مطالبہ کررہی ہے مگر ہم  تو ابتدا ہی سے یہ کہہ رہے ہیں، 15 ماہ میں صدر کے خلاف کیوں کچھ نہیں کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  الیکشن کمیشن نے ترقیاتی اسکیموں پر پابندی لگائی ہے مگر پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، ہمارے بھائی محسن نقوی کی درخواست پر تو ایک دن میں ہی آٹو پر اجازت مل جاتی ہے  مگر  سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کو اس کی اجازت نہیں دی جارہی، سندھ کے ساتھ سوتیلے جیسا سلوک ہورہا ہے۔

دہشت گردی  کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے، افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردوں کے پاس موجود ہے۔

خیبر میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا۔

دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

ورلڈ کپ: سری لنکا نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دے دیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 38 ویں میچ میں سری لنکا نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف دے دیا۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم 50 ویں اوور میں 279 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی بیٹنگ

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور پاتھم نسانکا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 5 رنز پر گرگئی، اوپنر کوشل پریرا 4 رنز بناکر شریف السلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا کے درمیان دوسری وکٹ پر 61 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن 12ویں اوور میں 66 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، کپتان کشال مینڈس 19 رنز بنا کر بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔

سری لنکن ٹیم کا اسکور 72 تک پہنچا تو سری لنکا کی ایک اور وکٹ گر گئی، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر پاتھم نسانکا تھے جنہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

چوتھی وکٹ پر سدیرا سمارا وکراما اور چراتھ اسالنکا کے درمیان 63 رنز کی شراکت داری بنی لیکن سدیرا سمارا وکراما 41 رنز پر اپنی وکٹ کھو بیٹھے اور وہ بھی شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ اینجلو میتھیوز کی تھی جو ’ٹائم آؤٹ‘ ہوئے اور کرکٹ تاریخ کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جو ’ٹائم آؤٹ‘ پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی 135 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد دھننجیا ڈی سلوا اور چراتھ اسالنکا نے ٹیم کے اسکور میں 78 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کا اسکور 213 تک پہنچایا تو ڈی سلوا 34 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

ساتویں وکٹ پر چراتھ اسالنکا اور مہیش تھیکشانا کے درمیان 45 رنز شراکت داری بنی تو 258 کے اسکور پر مہیش تھیکشانا 22 رنز بناکر شریف السلام کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے چراتھ اسالنکا نے سنچری بنائی، وہ 105 گیندوں پر 108 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

اس کے علاوہ کاسن راجیتھا اور دلشان مدھوشنکا صفر پر آؤٹ ہوئے اور یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 279 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بنگلہ دیش کے لیے 280 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن نے 3 جبکہ شریف السلام اور شکیب الحسن نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کا ٹاس

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا 38واں میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے،جہاں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ہم توقعات پر پورا نہیں اترے، ٹیم میں 1 تبدیلی کی ہے، مستفیض الرحمان کی جگہ تنزید تمیم کو شامل کیا ہے۔

سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، ہم نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، دیموتھ کرونارتنے اور ہمانتا کی جگہ کوشل پریرا اور دھننجیا ڈی سلوا کو شامل کیا ہے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، محمود اللہ، شکیب الحسن (کپتان)، مہدی حسن میراز، توحید ہردوئے، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام شامل ہیں۔

سری لنکا اسکواڈ

سری لنکن ٹیم میں پتھم نسانکا، کوشل پریرا/دیمتھ کرونارتنے، کوسل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، اینجلو میتھیوز دشن ہیمانتھا مہیش تھیکشانا، کسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدھوشنکا شامل ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سری لنکا ساتویں جب کہ بنگلادیش نویں نمبر پر ہے اور دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نکل چکی ہیں۔

دونوں ٹیموں نے 7،7 میچز کھیلے ہیں جس میں سے سری لنکا نے دو جب کہ بنگلادیش نے ایک میچ میں فتح حاصل کی۔

ورلڈ کپ میں کس کا پلڑا بھاری؟

ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا 7 میچز میں سے 2 جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے 7 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہیں۔

دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں لیکن پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی تاکہ 2025 میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئن ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرسکیں۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے لیے یہ میچ اہم ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز

دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں 53 بار آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے سری لنکا نے 42 جبکہ بنگلہ دیش نے 9 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ 2 میچ بنا کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے 4 میچوں میں بنگلہ دیش اور سری لنکا آمنے سامنے آئے، جن میں سے سری لنکا کو 3 میں کامیابی ملی اور ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ بنگلہ دیش اپنے پچھلے پانچوں میچ ہارا جبکہ سری لنکا نے صرف 2 میں کامیابی سمیٹی۔

پچ اور موسم کی صورتحال

دہلی میں مجموعی طور پر موسم کی صورتحال خراب ہے۔ دونوں ٹیموں نے شدید فضائی آلودگی کی وجہ سے طے شدہ پریکٹس سیشن منسوخ کر دیے تھے۔

برف پگھلنے لگی، آصف زرداری اور نواز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

لیگی ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وطن واپسی پر نواز شریف کو مبارک باد پیش کی اور دونوں رہنماؤں نے ریاست کو بچانے کیلیے ملکر کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے معاشی مشکلات اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان جلد ملاقات کا امکان ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کا نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی میٹنگ کے حوالے سے ذرائع سے چلنے والی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں، پارٹی قیادت سے متعلق خبریں سکریٹری اطلاعات ہی جاری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں اور بے بنیاد اطلاعات کو خبریں نہ بنایا جائے۔

قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم لیول پلیئنگ فیلڈکی بات کرتے ہیں اور آپ اسے ایون فیلڈسمجھ رہی ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ کا سن کرآپکےچہرے پر مایوسی، ماتھے پر پسینہ کیوں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے پیپلزپارٹی 1988 کی طرح انتخابات جیتےگی، پیپلزپارٹی کی قیادت مشکلات کامقابلہ کرتی ہے میدان نہیں چھوڑتی، نوازشریف کی خواہش وزیراعظم بننا ہے،خواہشات پرکوئی پابندی نہیں ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی لاہورآمد پرلاہور لاتعلق رہا،پیپلزپارٹی 8 فروری کولاہورمیں سرپرائزدے گی۔

فلسطین پر ایٹم بم حملے کی اسرائیلی دھمکی علاقائی سلامتی کیلیے خطرہ ہے، پاکستان

 اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیلی وزیر کے فلسطینیوں پر ایٹم بم حملے کی دھمکی کو علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق فلسطینیوں پر ایٹم بم کے ممکنہ استعمال کے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر ہمیں تشویش ہے۔ یہ بیان فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کا وجود مٹانے کے عزائم کا اظہار ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی وزیر کا بیان علاقائی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ صہیونی وزیر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں دھمکی دی ہے کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا بھی ایک آپشن ہے۔ جس کے بعد  اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ورثہ کے وزیر کو تاحکم ثانی حکومتی اجلاسوں میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

گائے، مرغی کے گوشت اور پلاؤ کے لیے 26 افراد کو پھانسیاں لگانے والا شخص

قتل کے جرم میں جیل جانے والے شاہ جہان بویا کی سنسنی خیز کہانی سن کر لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں، وہ ایک قیدی تھا لیکن پھر گائے، مرغی کے گوشت اور پلاؤ کے لیے جلاد بن گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک ایسے بنگلادیشی قیدی کی کہانی شائع کی ہے، جسے قتل کے جرم میں 42 سالہ قید کی سزا دی گئی تھی، لیکن پھر ایک دن اس کی زندگی بدل گئی، جب اسے ہر پھانسی کے بعد مزیدار کھانا دیا جانے لگا اور آؤ بھگت ہونے لگی تو وہ خوشی خوشی جلاد بن گیا۔

شاہ جہان بویا بنگلا دیش کی تاریخ کا ایک ایسا جلاد بنا جس کے ہاتھوں درجنوں ایسے لوگ دنیا سے رخصت ہوئے جن کے کیسز سیاسی طور پر نمایاں تھے، اس نے 3 ایسے افراد کو بھی پھانسی دی جن کے بارے میں اس کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ تھے۔

جیل حکام کی جانب سے مجموعی طور شاہ جہان بویا سے 26 پھانسیاں لگوائی گئیں، تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ 60 سزاؤں کا حصہ رہے، 1975 میں بغاوت کرنے والے فوجی افسران، جنھوں نے شیخ مجیب کو قتل کیا تھا، کو بھی اس نے پھانسی پر چڑھایا، 2007 میں کالعدم جماعت المجاہدین سے تعلق رکھنے والے صدیق اسلام اور الیاس بنگلہ بھائی کو بھی پھانسی دی، 1971 کی جنگ میں جنگی جرائم کے لیے جماعت اسلامی کے بھی 5 رہنماؤں کی گردنوں میں پھندا کسا۔

وہ جب جب کسی کو پھانسی پر چڑھاتا، اس کی سزا میں کمی کی جاتی تھی، وہ مارکسزم سے متاثر تھا، 1970 میں وہ حکومت گرانے کے لیے باغی تنظیم میں شامل ہوا، 1979 میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ٹرک ڈرائیور کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور 42 سال کی سزا سنائی گئی۔

اس نے قید کے دوران دیکھا کہ جیل میں جلاد کا کام کرنے والوں کو فرسٹ کلاس ملتی ہے، دوسرے قیدی جلاد کا مساج بھی کیا کرتے تھے، تو شاہ جہان بویا نے جلاد بننے کا فیصلہ کیا اور اپنی خدمات پیش کر دیں، جیل حکام نے پیش کش قبول کر کے کچھ عرصے بعد اس کو اپنی پہلی ڈیوٹی نبھانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ یوں 80 کی دہائی میں بطور نائب جلاد اس نے پہلے شخص کو پھانسی پر چڑھایا۔

بہ طور جلاد بویا کی زندگی میں کئی یادگار واقعات رونما ہوئے، ایک شخص کو پھانسی دی جا رہی تھی تو اس نے سکون سے کلمہ پڑھا اور بالکل نہ رویا۔ بویا کے مطابق ہر پھانسی سے چند روز قبل اسے اطلاع دی جاتی اور وہ رسی، پھانسی کا تختہ اور لیور کا کھینچ کر جائزہ لیتا۔

قیدیوں کو پھانسی دیتے وقت بویا کو کبھی کچھ غیر معمولی محسوس نہ ہوا، وہ قیدی کے ہاتھ پیچھے باندھ دیتا، سر پر کالے رنگ کے کپڑے کا تھیلا چڑھاتا اور پھر گلے میں پھندا ڈال کر کلمہ پڑھنے کے لیے کہتا۔ وارڈن ہاتھ میں پکڑا رومال نیچے کرتا تو وہ لیور کھینچ دیتا۔

بویا کو یقین تھا کہ جن لوگوں کو اس نے پھانسی دی ان میں سے کم سے کم تین بے گناہ تھے، ریپ اور قتل کیس میں ملزمان نے ایک شخص کو سزا کے لیے تیار کیا تھا، پھانسی سے قبل اس نے اتنی درخواست کی کہ اس کی ماں کو بتایا جائے میں نے یہ جرم نہیں کیا۔

رہا ہونے اور جلاد کے کام سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد شاہ جہان بویا ڈھاکا کے مضافاتی علاقے میں ایک کرائے کے کمرے میں رہتا ہے، 70 برس کی عمر میں بھی مضبوط جسم کا مالک ہے، گھنی مونچھیں رکھنے والے شاہ جہان بویا نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’کچھ لوگ مر جاتے ہیں اور کچھ دعوت کا لطف اٹھاتے ہیں۔‘

افغانیوں کے جعلی شناختی کارڈز بنانے والا 14 رکنی گروہ گرفتار

ہنگو: پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران افغان باشندوں کو جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی پی او نثار احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی افغانیوں کو پاکستانی شناختی کارڈ بنانے والے 14 رکنی گروہ  کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار گروہ میں ویلیج سیکریٹری نادرا اہلکار سمیت 14 افراد ملوث ہیں جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی پی او نے کہا کہ افغانیوں کو شناختی کارڈ بنانے والے نادرا اہلکار سمیت 8 ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کاررواٸی جاری ہے، یہ گینگ 9 لاکھ روپے کے عوض ایک افغانی کو شناختی کارڈ بنارہے تھے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ مذکورہ گینگ ایک بوڑھی عورت کو ورغلا کر اس کے زکوة کے نام پر شناختی کارڈ اور دستاویز لیتا تھا، ملزمان کے خلاف فارن آرڈی ننس کے تحت مقدمات درج کرلیے لیں۔

اینجلو میتھیوز ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر وکٹ گنوانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

دہلی: سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر وکٹ گنوانے والے کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی بن گئے۔

ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران امپائر کی جانب سے اینجلو میتھیوز کو ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ بلے باز کو دو منٹ کے اندر پہلے گیند کا سامنا کرنا تھا لیکن وہ نہیں کر سکے۔

سدیرا سمارا وکرامام کے آؤٹ ہونے کے بعد اینجلو میتھیوز بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے لیکن ہیلمٹ میں خرابی کی وجہ سے دو منٹ کے اندر پہلی گیند کا سامنا نہ کر سکے جس پر بنگلہ دیش نے آؤٹ کی اپیل کر دی۔

بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کی اپیل پر امپائر نے طویل بحث کے بعد اینجلو میتھیوز کو ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر واپس میدان کے باہر بھیج دیا۔ اس طرح، اینجلو میتھیو بغیر کوئی گیند کھیلے آؤٹ قرار دیے گئے۔

اینجلو میتھیوز نے شکیب الحسن کو بتانے کی کوشش کی کہ تاخیر ہیلمٹ کی وجہ سے ہوئی تاہم بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے اپنی اپیل واپس لینے سے انکار کر دیا۔ اس طریقے سے آؤٹ ہونے پر اینجلو میتھیوز نے غصے کا اظہار کیا اور میدان سے باہر جا کر اپنا ہیلمٹ پھینک دیا۔

کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی کھلاڑی کو مقرر وقت پر بیٹنگ شروع نہ کرنے پر آؤٹ قرار دیا گیا ہے۔

پرینیتی چوپڑا نےحضرت علی ؓ کا قول شیئر کر دیا

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے دلی خواہشات کو سمجھنے کے لیے حضرت علیؓ کا ایک خوبصورت قول شیئر کر دیا۔

پرینیتی چوپڑا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں خلافتِ راشدہ کے چوتھے اور آخری خلیفہ حضرت علی ؓ کا ایک قول تحریر کیا ہے۔

حضرت علیؓ کے اس قول میں انسان کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر اسے کبھی یہ سمجھنے میں مشکل ہو رہی ہو کہ اس کی دلی خواہش کیا ہے اور وہ کیا چاہتا ہے تو اس بات پر دھیان دے کہ جب وہ بے خیالی میں ہوتا ہے تو اس کے ذہن میں کیسے خیالات آتے ہیں۔

ایران کا اسرائیلی ڈرون حملہ ناکام بنانےاور 3 جاسوس گرفتارکرنے کا دعویٰ

تہران: ایران نے افغانستان کی سرحد کے قریب سے 3 اسرائیلی جاسوسوں کو گرفتار کرلیا۔

ایران کی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق 3 گرفتار اسرائیلی جاسوس ایران کے مشرقی حصے میں ڈرون حملہ کرنے کی تیاری کررہے تھے۔ ایران کی انٹیلیجنس منسٹری نے افغانستان کی طالبان حکومت کے تعاون سے اسرائیلی جاسوسوں کو گرفتارکیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی ’موساد‘ کے تینوں ایجنٹس کے پاس ایران کی شہریت تھی۔ اسرائیلی جاسوسوں کو ایران اور افغانستان کے درمیان واقع پہاڑی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار اسرائیلی جاسوسوں کو جلد طالبان حکومت کے حوالے کیا جائیگا۔
متعدد مسلمان ممالک کے برعکس ایران نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے اور اسرائیل ایران کو اپنا بڑا دشمن قرار دیتا ہے۔

کراچی ، ضمنی بلدیاتی الیکشن غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے 6 نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب

کراچی کے پانچ اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے میدان مار لیا۔

گزشتہ روز چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبران کی 10 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ ہوئی جس میں غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے 6 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔

گزشتہ روز ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی دو جبکہ پی ٹی آئی اورآزاد امیدوار ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کر پائے۔

کراچی کے پانچ اضلاع کے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے  صدر یوسی 13، ملیر گڈاپ یو سی 7  سے چیئرمین اور ماڑی پور یوسی 3  سے چیئرمین کی تینوں نشستیں اپنے نام کیں۔

ضلع جنوبی صدر یوسی 13 سے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب نے 3949 جبکہ کیماڑی ماڑی پور یوسی 3 سے پیپلز پارٹی کے ہی سیف اللہ نے 5466 ووٹ لیکر جیت کا جشن منایا۔

ملیر گڈاپ یوسی 7 سے چیئرمین شپ کیلئے پی پی امیدوار سلمان عبداللہ مراد اور وائس چیئرمین محمد سلیم میمن نے 9932 ووٹ کے ساتھ حریفوں کو پیچھے چھوڑدیا۔

ضلع جنوبی صدر یوسی 12 میں پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین کے امیدوار حامد حسین 3248 ووٹ کے ساتھ سب سے آگے رہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے ضلع وسطی ناظم آباد یوسی 5 کا وارڈ 3 اور ضلع شرقی جناح ٹاؤن یوسی 6 کا وارڈ 4 جیت لیا، ملیرغازی داؤد بروہی یوسی 2 وارڈ 3 سے آزاد امیدوار محمد عمر نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کے امیدوار منصور احمد نے ضلع جنوبی صدر یوسی 6 کی نشست پر فتح سمیٹی۔

ضمنی بلدیاتی انتخاب میں کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کیا ہے، اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کی واحد عوامی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جون کے بلدیاتی انتخابات کے مقابلے میں اس ضمنی انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی کو زیادہ ووٹ دیے ہیں، اب کراچی کی دعویدار جماعت اسلامی کو یقین آ جانا چاہیے کہ پیپلز پارٹی ہی کراچی کے عوام کی پارٹی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی۔

میانوالی ائر بیس حملے میں غیر ملکی اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف

میانوالی ائیر بیس حملے میں غیر ملکی اسلحہ استعمال ہوا جس میں RPG-7، AK-74، M-4 اور M-16/A4 شامل ہیں۔

گزشتہ روز میانوالی ائیر بیس حملے سے متعلق سنسنی خیز انکشافات منظر عام پر آئے ہیں، اور حملے میں غیر ملکی اسلحہ استعمال ہونے کا بڑا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حملے میں مارے جانے والے دہشتگردوں سے غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا جو امریکی ساخت کا ہے، اس اسلحے میں RPG-7، AK-74، M-4 اور M-16/A4 شامل ہیں۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ساختہ ہتھیار افغانستان میں وافر مقدار میں موجود ہیں، اور افغان سرزمین پر کھلے عام فروخت ہو رہے ہیں اور دہشت گردوں تک ان کی رسائی انتہائی آسان ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف غیر ملکی سرزمین کا استعمال اور امریکا کے افغانستان سے اِنحلا کے بعد دہشت گرد آزادانہ غیر مُلکی ہتھیاروں کا استعمال کرتے آرہے ہیں۔

دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ اس سے پہلے بھی ژوب کنٹونمنٹ حملے میں بھی امریکی ہتھیاروں اور سازو سامان کا استعمال ہوا تھا، افغان انٹرم گورنمنٹ کو اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکنا ہوگا۔

 

 

واضح رہے کہ 4 نومبر کو ہفتے کے روز پاکستان ائرفورس ٹریننگ بیس میانوالی پردہشت گردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے وقت سکیورٹی اہلکاروں نے غیر معمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو بیس میں داخل ہونے سے پہلے روکا اور ہلاک کردیا۔ دیگر 6 کلیئرنس آپریشن کے دوران مارے گئے تھے۔