اشتعال انگیز ٹویٹ کا معاملہ، خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور

لاہور: سیشن کورٹ نے اشتعال انگیز ٹویٹ کے معاملے میں پی ٹی آئی کی کارکن خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں اشتعال انگیز ٹویٹ سے متعلق سماعت ہوئی۔ اایڈیشنل سیشن جج محمد نواز نے خدیجہ شاۃ کی درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ایف آئی اے کے اس مقدمے میں خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے خدیجہ شاہ کو ضمانت کے عوض ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

خدیجہ شاہ نے اپنے وکیل بیرسٹر سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت دائر کی تھی۔ خدیجہ کے خلاف ایف آئی اے لاہور نے مقدمہ درج کیا تھا۔

اسمگلرز سے پکڑی گئی چینی و دیگر اشیا یوٹیلیٹی اسٹور کو نصف قیمت پر دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے دوران پکڑی گئی چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ صوبائی حکومت کی مقرر کردہ کم از کم قیمتوں کے 50 فیصد پر یوٹیلٹی اسٹورز کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چینی سمیت دیگر پکڑی جانے والی اشیاء کی خریداری میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے عدم دلچسپی کی صورت میں  انہیں کسٹمز آکشن رولز 2001ء کے مطابق عام نیلامی کے لیے پیش کردیا جائےگا۔

ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران پکڑی اور ضبط کی جانے والی چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی نیلامی بارے کسٹمز جنرل آرڈر نمبر تین جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے 15 جون 2002 کو جاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 12 میں ضروری ترامیم کر دی ہیں۔

ترامیم میں کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران پکڑی اور ضبط کی جانے والی چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی فروخت کا اختیار متعلقہ کلکٹر اور ڈائریکٹر کو دے دیا گیا ہے۔ جس کلکٹریٹ و ڈائریکٹریٹ کی حدود میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ پکڑی اور ضبط کی جائیں گی، وہی متعلقہ کلکٹر اور ڈائریکٹر سب سے پہلے ضبط شدہ اشیائے ضروریہ صوبائی حکومتوں کے نوٹیفائی کردہ قیمتوں کے 50 فیصد پر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو فروخت کریں گے۔

اگر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان ان اشیاء کی خریداری میں عدم دلچسپی ظاہر کرتی ہے تو اس صورت میں 18 جون 2001 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبری 450(I)/2001 کے ذریعے جاری کردہ کسٹمز آکشن رولز 2001 کے تحت عام نیلامی کیلئے پیش کی جائیں گی۔

لاہور؛ تاجروں کا ہفتے میں 4 دن دکانیں بند کرنے سےانکار

لاہور میں حکومت پنجاب اورتاجر تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان اسموگ کے باعث مارکیٹیں بند کرنے پر مذاکرات جاری ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویرسمیت اعلیٰ حکام کے ساتھ مذاکرات میں تاجروں نے ہفتے کے 4 روز مارکیٹ بند رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ 4 دن مارکیٹس بند رہنے سے مسائل ہوں گے۔ ہفتہ اور اتوار کو دکانیں بند رکھنے پر تیار ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت کا کہنا تھا کہ مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ لوگوں کی صحت کیلئے کیا ہے۔ہم تاجروں سے محاذ آرائی نہیں چاہتے البتہ کل سے لاک ڈاون ہے ہم ٹرانسپورٹ نہیں چلنے دیں گے۔

,امریکی اسلحہ بلیک مارکیٹ میں فروخت ہونے کے شواہد سامنے آ چکے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے افغان رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بے امنی پھیلانے میں غیر قانونی تارکین وطن کا ہاتھ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا جب بھی افغانستان پر مصیبت آئی پاکستان نے ان کی بھرپور مدد کی، پاکستان نے 40 لاکھ افغان شہریوں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، افغانستان میں عبوری حکومت بننے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ غیر قانونی طور سے نقل مکانی کر کے پاکستان آئے، 8 لاکھ افغان شہریوں کو عبوری طور پر سٹیزن کارڈ مہیا کیے گئے، پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کےلیے دیدہ و دل فرش راہ کیے ہیں، اس جذبے پر دشنام تراشی پرپاکستان کے غیور اور بےلوث عوام کے جذبات پر ٹھیس پہنچائی ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا پاکستان میں بے امنی پھیلانے والوں میں غیر قانونی تارکین وطن کا ہاتھ ہے، دہشتگردوں نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے، دہشتگرد افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہیں، افغان عبوری حکومت کو سفارتی، سیاسی، فوجی، رسمی اور غیر رسمی ذرائع سے افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کا قلعہ قمع کرنے کا واضح پیغام دیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو افغانستان میں موجود پاکستان کو مطلوب دہشتگردوں کی فہرست بھی دی گئی، دہشتگردوں سے متعلق معلومات افغان حکومت کے ساتھ شیئر بھی کی گئیں لیکن پاکستان مخالف دہشت گردوں کےخلاف افغانستان نےکوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔

کچھ بھی ہو جائے غیرقانونی تارکین کی پالیسی سے واپسی ممکن نہیں: نگران وزیراعظم
ان کا کہنا تھا بدقسمتی سے افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد دہشتگردی میں 60 فیصد اضافہ ہوا، 2 سال میں سرحد پار دہشتگردی کی وجہ سے 2 ہزار سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، 64 افغان دہشتگرد پاکستانی سکیورٹی فورسز سے لڑتے ہوئے مارے گئے، کوشش تھی ایسے معاملات کو میڈیا پر لائے بغیر افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے لیکن افغان حکومت کے مثبت ردعمل نہ آنے پر معاملات خودٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا۔

غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کی واپسی پر دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں اضافے سے متعلق سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا ہمارے کچھ خدشات ہیں، ہم الرٹ ہیں اور تمام پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں، کچھ بھی ہو جائے اس پالیسی سے واپسی ممکن نہیں ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا افغان رہنماؤں کے حالیہ بیانات کے بعد حملوں میں تیزی آنا معنی خیز ہے، رضاکارانہ جانے والے افغان شہریوں کو عزت و احترام کے ساتھ واپس بھیج رہے ہیں، پاکستان کے اوپر کسی بھی ملک کا کسی بھی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے، افغان رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک ہیں، افغانستان کی عبوری حکومت کو ادراک ہونا چاہیے کہ دونوں خودمختار ممالک ہیں۔

افغان حکومت کی ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی انکے اور ہمارے بھی حق میں ہے: انوار الحق
پارا چنار میں سرحد پار سے کارروائیوں سے متعلق سوال پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا اس حوالے سے صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کر دی ہیں، کسی کو بھی ایک انچ حصے پر کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

ٹی ٹی پی کے خلاف افغان سرزمین میں کارروائیوں سے متعلق سوال پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا ہمیں امید ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کرے گی، یہ ان کے بھی حق میں ہے اور ہمارے بھی حق میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آنے والے 25 ہزار افغانوں کا ڈیٹا پاکستان کے پاس موجود ہے، ان لوگوں کو جن ممالک میں جانا ہے وہ بھی تیار ہیں اور ہم نے انہیں ان ممالک کو بھیجنا ہے ہم بھی تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث پاکستانیوں کو ہمارےحوالے کیا جائے، پاکستان دہشتگردی میں ملوث ایسے تمام پاکستانیوں کو وصول کرنے کےلیے تیار ہے۔

امریکی اسلحہ بلیک مارکیٹ میں فروخت ہونے کے شواہد سامنے آچکے: وزیراعظم
دہشتگردی کے واقعات میں امریکی اسلحہ استعمال ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا امریکی اسلحہ اب بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہا ہے اس کے شواہد سامنے آ چکے ہیں، ڈیڑھ لاکھ افغان ملٹری تھی، اس کا اسلحہ کہاں گیا؟ یہ امریکی اسلحہ پورے خطے میں بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہا ہے اور مشرق وسطیٰ تک جا رہا ہے۔

امریکا یا کوئی اور ملک دباؤ نہیں ڈال سکتا، نگران وزیراعظم
بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کا کہنا تھا میرے اوپر کوئی دباؤ نہیں ہے، امریکا یا کوئی اور ملک دباؤ نہیں ڈال سکتا، میں امریکی سفیر سے ملاقات اور گفتگو کی ویڈیو نہیں دکھا سکتا، کچھ معاملات ریاستی راز ہوتے ہیں۔

سری لنکن ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بورڈ کے ایکشن اور پاکستان میں توسیع سے متعلق سوال پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا ہم نہیں چاہتے تھے کہ کسی ایکشن سے کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر اثر پڑے، 3 ماہ بعد نئی حکومت آجائے گی وہی کرکٹ بورڈ کے معاملے کو دیکھے گی، ہم کیوں کسی اور کی ذمہ داری اپنے اوپر لیں۔

پی ٹی آئی کو لاہور میں الیکشن سے متعلق کارنر میٹنگ کی اجازت

لاہور ہائیکورٹ نے شاہدرہ میں پی ٹی آئی کو کارنر میٹنگ کرنے کی اجازت دے دی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے علی جعفری ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کے حوالے سے لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کارنر میٹنگ کرنا چاہتے ہیں، عدالت کارنر میٹنگ کی اجازت دے اور پولیس کی سکیورٹی بھی فراہم کی جائے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 19 نومبر کو پی ٹی آئی کو کارنر میٹنگ کی اجازت دے دی۔

آئی سی سی رینکنگ؛ شبمن گل نے بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل نے کپتان بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

آئی سی سی کے مطابق ون ڈے کے بیٹرز رینکنگ میں بابراعظم دوسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ انکی جگہ اب بھارتی اوپنر شبمن گل نے پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں۔

بھارتی بیٹر شبمن گل 830 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ کپتان بابراعظم 824 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، فہرست میں کوئنٹن ڈی کوک 771 پوائنٹس کے ساتھ تیسری، ویرات کوہلی 770 پوائنٹس کے ہمراہ چوتھی پویشن پر قابض ہیں۔

دوسری جانب بھارتی بالر محمد سراج نے شاہین شاہ آفریدی سے پہلی پوزیشن ہتھاتے ہوئے قبضہ جمالیا ہے، فاسٹ بولر 709 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں، قومی بولر شاہین شاہ آفریدی 658 ریٹنگ پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں پوزیشن پر آگئے۔

1

اسموگ کی وجہ سے ہونیوالی گلے کی خراش سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو یہ 4 غذائیں کھائیں

آج کل دنیا کے کئی شہر اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جن میں بھارت اور پاکستان سرِ فہرست ہے، پاکستان کا لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی دارالحکومت دہلی دوسرے جب کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے۔

اس موسم کے پیش نظر نگران پنجاب حکومت کی جانب سے جمعے کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 10 نومبر جمعے کو لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع ، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور حافظ آباد کے اضلاع میں اسموگ کے پیشِ نظر چھٹی کا اعلان کر دیا۔

اسموگ سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور خود کو محفوظ رکھنے کیلئے کیا کریں؟

اس کے علاوہ ماہرین صحت نے بھی شہریوں کو ماسک لازمی پہننے کی تجویز دی ہے، اس کے علاوہ ماہرین کے مطابق لوگ اسموگ میں زیادہ باہر نہ نکلیں کیونکہ اس سے پھیپھڑوں سمیت مختلف بیماریاں ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اس موسم میں سب سے زیادہ گلا خراب اور پھر کھانسی، نزلہ اور بخار عام ہے، آج ہم آپ کو کچھ ایسی غذائیں بتائیں گے جسے کھاکر آپ گلے کے انفیکشن سے محفوظ رہ سکیں گے۔

1) گرم شہد اور لیموں کا پانی

گلا خرابی کا ایک عام علاج جو تقریباً تمام گھروں میں ہوتا ہے، وہ یہ کہ گرم پانی کے ساتھ شہد اور لیموں کا نچوڑ آرام فراہم کر سکتا ہے۔ شہد میں قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہوتی ہیں اور یہ گلے کے درد کو ختم کرسکتا ہے، جب کہ لیموں وٹامن سی سے مالا مال ہوتا ہے۔

2) سوپ یا یخنی

سوپ، خاص طور پر یخنی یا سبزیوں کا سوپ آپ کے گلے کو ہائیڈریشن اور گرمائش فراہم کر سکتا ہے۔ سوپ گلے کی تکلیف کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

3) ہربل چائے

گرم جڑی بوٹیوں والی چائے گلے کی سوزش کے لیے ناقابل یقین حد تک سکون بخش ہو سکتی ہے، کیمومائل، ادرک، پیپرمنٹ، یا لیکورائس کی چائے گلا خرابی میں ضرور پیئں۔ یہ چائے نہ صرف گرم ہوتی ہیں بلکہ گلے کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ان میں سوزش ختم کرنے کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں۔

4) دودھ میں ہلدی ملا کر پیئں

ہلدی میں سوزش ختم کرنے اور سکون فراہم کرنے جیسی خصوصیات ہیں۔ ایک چٹکی ہلدی، ایک عدد کالی مرچ، اور شہد کا ایک چمچ دودھ میں ملائیں اور یہ مشروب پیئں۔

انڈونیشیا: صدر کے بیٹے کے حق میں فیصلہ دینے پر چیف جسٹس عہدے سے برطرف

انڈونیشیا میں صدر کے بیٹے کے حق میں فیصلہ دینے پر جوڈیشل پینل نے چیف جسٹس کو برطرف کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے چیف جسٹس نے گزشتہ ماہ صدر جوکو ویدودو کے بیٹے کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے انہیں نائب صدر کے لیے الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی جس پر جوڈیشل پینل نے چیف جسٹس کو مفادات کے ٹکراؤ کا مرتکب قرار دیا اور ان کو برطرف کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے چیف جسٹس انور عثمان صدر جوکو ویدودو کے عزیز ہیں جنہیں عدالتی پینل نے کورٹ قوانین کی بنیادی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

عدالتی پینل نے کہا کہ چیف جسٹس، صدر اور نائب صدر کے امیدواروں کی عمر کی حد سے متعلق عدالتی فیصلے میں خود کو اثرانداز ہونے سے بچانے میں ناکام رہے۔

رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں صدر کے بیٹے کو نائب صدر کا انتخاب لڑنے کا اہل قرار دیا تھا۔

عدالتی فیصلے پر جوڈیشل پینل نے کہا کہ ثابت ہوا کہ چیف جسٹس نے ججز ایتھیکل کوڈ کی خلاف ورزی کی اور انہوں نے بنیادی طور پر خود کو غیر جانبداری کے اصولوں پر نہیں رکھا۔

عدالتی پینل کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس انور ابراہیم کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے تاہم وہ 9 ججز کے ساتھ برقرار رہ سکتے ہیں لیکن وہ مفادات کے ٹکراؤ کے باعث الیکشن کے کسی کیس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سے تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کی ملاقات

اسلام آباد: تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے انٹرا پارٹی الیکشن کا تحریری فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کی ملاقات ہوئی جس میں بیرسٹر گوہر اوربابر اعوان موجود تھے۔ ملاقات میں آئندہ عام انتخابات سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

پی ٹی آئی وفد نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو انتخابی مہم میں رکاوٹوں سے آگاہ بھی کیا۔
چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی قانونی ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے بابر اعوان اور میں نے ملاقات کی جوکہ ہماری درخواست پر ہوئی۔

بیرسٹر گوہر علی نے بتایا کہ تقریبا 45 منٹ کی ملاقات ہوئی جس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبرز موجود تھے، ہم نے چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو دیا۔ ہم نے کہا کہ ہمیں میٹنگ کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے جھنڈے اور بینرز پرنٹ نہیں ہونے دیے جا رہے۔

بیرسٹر گوہر علی نے بتایا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو کہا ہے ایک نوٹیفیکیشن جاری کریں جس میں ہمیں فیئر اینڈ فیئر الیکشن کی مہم کی اجازت دی جائے، ہم نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت فنڈز جاری کر رہی ہے جو نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک کمپنیز کے ڈسکوز جاری کرنے والے ن لیگ کے امیدوار ہیں، ہمارا انتخابی نشان کا آرڈر ابھی تک ریلیز نہیں کیا گیا ان کو کہا ہے کہ تفصیلی آرڈر جاری کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر علی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ بیٹ کا نشان پی ٹی آئی کا ہی ہوگا، کوئی چیئرمین مائنس نہیں ہوگا جو چیئرمین پی ٹی آئی ہیں وہ رہیں گے، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے کردار ادا کرے گا۔

را کی پاکستان میں دہشتگردی کا سوشل میڈیا پر اعتراف

نئی دہلی: بھارت کے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے مزید شواہد سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی خفیہ ایجنسی را نے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کا اعتراف سوشل میڈیا پر کرلیا۔ پاکستان میں دہشتگرد واقعات کی خبریں سب سے پہلے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نشر کی جاتی ہیں۔ دہشتگرد واقعات کی خبریں نشر کرنے میں ایکس ( سابق ٹوئٹر) پر را سے متعلق اکاؤنٹس سر فہرست ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حیران کن طور پر ان اکاؤنٹس پر دہشتگردی واقعات کی پہلے سے وارننگ دے دی جاتی ہے۔ میانوالی ائیربیس حملے کی اطلاع بھی ایک رات پہلے ہی را کے اکاؤنٹ نے دے دی تھی۔ حملے اور کلیئرنس آپریشن کے دوران یہ اکاؤنٹس ایسی وڈیوز نشر کرتے رہے جو دہشتگردوں کے موبائل سے بنائی گئی تھیں۔ اِن اکاؤنٹس کو معلومات بدنام زمانہ بھارتی ایجنسی را پہنچاتی ہے۔
یہ پروپیگنڈا اکاؤنٹس پاکستان میں دہشتگرد حملوں کے واقعات کو بڑھا چڑھا کر بھی پیش کرتے ہیں۔ را کے یہ اکاؤنٹس ایک ہی جگہ اور ایک ہی آئی پی ایڈریس سے چلائے جارہے ہیں۔ اکتوبر 26 کو وادی نیلم سے 5 شہریوں کے اغواء کو آپریشن کا رنگ دے کر انہی اکاؤنٹس سے نشر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق 28 اکتوبر کو وادی تیراہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی اطلاع بھی انہیں را کے اکاؤنٹس سے دی گئی تھی جبکہ 4 اکتوبرکو ان اکاؤنٹس سے ایشیا کے دو ممالک میں جنگ بندی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

را کے اکاؤنٹ سے 5 نومبر کو دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاک فوج نے کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا اور 26 اکتوبر کو ظفر وال سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی وارننگ پہلے ہی ان بدنام زمانہ اکاؤنٹس سے دی جا چکی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ 21 اکتوبر کو 2 ہزار پاکستانی فوجی غزہ پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا اور 13 ستمبرکو اننت ناگ میں ہوئے حملے کا ملبہ بھی ان اکاؤنٹس سے پاکستان پر ڈالا گیا۔ ان پروپیگنڈا اکاؤنٹس نے 6 ستمبر کو طور خم بارڈر پرہونے والی فائرنگ کو جنگ بنا کر پیش کیا۔

ہنی سنگھ اور اہلیہ شالنی تلوار کے درمیان طلاق ہوگئی

دہلی: معروف بھارتی میوزک ریپر یو یو ہنی سنگھ اور ان کی اہلیہ شالنی تلوار کے درمیان طلاق ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی مقامی عدالت نے گزشتہ روز ہنی سنگھ اور اہلیہ شالنی تلوار کے درمیان طلاق کا فیصلہ سنا دیا، گلوکار اور اُن کی اہلیہ نے ایک سال سے عدالت میں طلاق کا کیس درج کیا ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ دورانِ سماعت جج کی طرف سے کیے گئے ایک سوال پر ہنی سنگھ نے کہا کہ اُن کا اب شالنی تلوار کے ساتھ رہنا ناممکن ہے۔

یو یو ہنی سنگھ کا جواب سُن کر فیملی کورٹ کے جج پرمجیت سنگھ نے گلوکار اور اُن کی اہلیہ شالنی تلوار کے درمیان طلاق کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ شیلنی تلوار نے شوہر یو یو ہنی سنگھ کی جانب سے جسمانی، زبانی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنانے اور لڑکیوں سے جنسی تعلقات رکھنے کے خلاف دہلی کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

شالنی نے ہنی سنگھ سے بیس کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان پر مالی بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

یویو ہنی سنگھ نے سال 2011 میں شالنی تلوار سے شادی کی تھی اور گزشتہ سال ستمبر میں ان دونوں نے عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

عامر خان کی بیٹی ایرا کی شادی کی تقریبات کا آغاز، تصاویر وائرل

بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کی بیٹی ایرا خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

ایرا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنے منگیتر نپور شیکھرے کے ہمراہ چند تصاویر پوسٹ کیں جوکہ اُن کی شادی کے آغاز کی رسم ’کیلوان‘ کے دوران لی گئی تھیں۔

عامر خان کی بیٹی کی شادی کا آغاز مراٹھی انداز میں رسم ’کیلوان‘ سے کیا گیا ہے، اس رسم میں ایرا خان نے سُرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کیا جس کے ساتھ اُنہوں نے پھولوں کے زیورات بھی پہنے جبکہ اُن کے منگیتر نپور شیکھرے نے پیلے رنگ کے کرتا پاجامے کا انتخاب کیا۔

یہ تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے ایرا نے اپنے منگیتر سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ “میں ان سے بےحد محبت کرتی ہوں”۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران عامر خان نے کہا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی پر بہت رونے والے ہیں کیونکہ وہ بہت جذباتی ہیں، وہ اپنی مسکراہٹ اور اپنے آنسوؤں پر قابو نہیں رکھ سکتے، اس حوالے سے ابھی سے اُن کی فیملی میں سب کہہ رہے ہیں کہ عامر کو ایرا کی شادی والے دن سنبھالنا۔

اداکار نے اپنے ہونے والے داماد نپور کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی بیٹی نے اپنے لیے بہترین ہمسفر کا انتخاب کیا ہے، جب ایرا ڈپریشن سے لڑ رہی تھی تو نپور نے ایرا کا بہت ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 22 نومبر کو عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے اپنے بوائے فرینڈ نپور شکھیرے کے ساتھ منگنی کی تھی، ممبئی میں منعقدہ تقریب میں عامر خان کی دونوں سابقہ اہلیہ رینا دتہ اور کرن راؤ نے بھی شرکت کی تھی۔

بھارت فیٹف کے ریڈار پر، انتہا پسند تنظیموں کے غیر قانونی فنڈز کی تفتیش شروع

بھارت سونے کی اسمگلنگ میں بھی سر فہرست ہے:فوٹو:فائل

پیرس: فنانشل ٹاسک فورس ( فیٹف)  کا کہنا ہے کہ بھارت کی پرتشدد انتہا پسند تنظیمو نے منظم نیٹ ورکس کے ذریعے فنڈز جمع کیے۔

فیٹف کی  رپورٹ کے مطابق  بھارت  میں منظم نیٹ ورکس  انتہا پسند پرتشدد تنظیموں کے لیے سرمایہ اکٹھا کررہے ہیں۔ فیٹف نے بھارت میں غیر قانونی اور غیر انسانی کارروائیوں  کی تفصیلی تفتیش کے لیے ٹیم بھیج دی۔ مودی سرکار کو فیٹف کے تمام سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت وسیع پیمانے پر دہشتگرد تنظیموں کو مالی تعاون فراہم کررہی ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کو مالی تعاون فراہم کرنے کے لیے رقم غیرقانونی کاروبار سے حاصل کی جاتی ہے۔ بھارتی شہر ممبئی جوئے کا سب سے بڑا اڈا بن چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق  منی لانڈرنگ، اسمگلنگ، منشیات فروشی، انسانی اسمگلنگ اور انفارمل اکنامک اکاؤننٹس میں بھارت سرفہرست ہے۔  انفارمل اکاؤنٹس کا بھارت کی  جی ڈی پی میں 43 فیصد حصہ ہے جبکہ مالی ذخائر میں  4287 بلین ڈالر سے بھی زائد رقم غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی ہے۔

مودی سرکار اس غیر روایتی سیکٹر سے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں دہشتگردی کو فروغ دیتی ہے۔ سونے کی اسمگلنگ میں بھی بھارت سرفہرست ہے۔فرانس میں بھارتی گروہ کو منی لانڈرنگ کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اور بھارتی نیٹ ورک سے منی لانڈرنگ کے 10 ملین یوروز برآمد ہوئے۔

بھارت میں آے بی جی شپیارڈ بینک فراڈ کے ذریعے 228.42 بلین بھارتی روپے اور پنجاب نیشنل بینک فراڈ میں 2 بلین امریکی ڈالر کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ بھارت میں ریئل اسٹیٹ میں فراڈ، اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے تانے بانے دنیا بھر میں دہشتگردی سے مل رہے ہیں۔