پی ٹی آئی کا لیڈر کسی سے مخلص نہیں تھا، جو کہتا تھا سب کو رلاؤں گا ، آج خود رو رہا ہے، علیم خان

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لیڈر کسی سے مخلص نہیں تھا، جو کہتا تھا سب کو رلاؤں گا ، آج خود رو رہا ہے۔ کیا اس وقت ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی تھی، جب تجوری میں پیسے آرہے تھے۔

ٹیکسلا میں تقریب سے خطاب میں علیم خان نے نام لیے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی کو نشانے پر رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کہتا تھا سب کو رلاؤں گا ، آج خود رو رہا ہے، کیا تحریک انصاف کے دور میں نیا پاکستان فرح گوگی بنارہی تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ لیڈر اپنی اولاد سے بھی مخلص نہیں تھا، بطور وزیراعظم انہوں نے اپنے بچوں کو آنے سے منع کیا، ساڑھے 3 سال ان کے بچے ان سے نہیں ملے، ساڑھے 3 سال اپنے بچوں کی شکل نہیں دیکھی، لیکن جب برا وقت آیا تو انہیں اپنے بچے یاد آگئے۔

علیم خان کا مزید کہنا تھا کہ جو شخص اپنی اولاد کا نہیں وہ ہمارا کیا بنے گا، اسے جب موقع ملا اس نے اپنی کارروائی کی، ہم نے کبھی خواتین پر سیاست نہیں کی۔ میری بیٹی کیخلاف مقدمات بنائےگئے اور جہانگیر ترین کے اہلخانہ کےخلاف پرچے کرائےگئے۔

انھوں نے کہا کہ جو کہتا تھا سب کو رلاؤں گا ، آج خود رو رہا ہے، جیل میں جاکر دیسی مرغی مانگی جارہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اسی جیل میں ہے جہاں لوگوں کو بھیجتا تھا، لوگوں کو رلانے والا خود رو رہا ہے، یہ اللہ کا نظام ہے۔

صدر آئی پی پی نے الزام عائد کیا کہ وہ لیڈر ہمیں مدینہ کی ریاست کا سمجھاتا تھا مگر ان کے گھر کی تجوری میں پیسے آرہے تھے، فرح گوگی اور عثمان بزدار پیسے اکٹھے کر کے دے رہے تھے ، کیا اس وقت ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی تھی، کیا ایسا کوئی گھر ہوسکتا ہے جس کی تجوری میں پیسے آرہے ہوں اور سربراہ کو پتا نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیلئے جو محنت کرسکتے تھے ہم نے کی، پی ٹی آئی کا لیڈر کسی کےساتھ بھی مخلص نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ میں اور جہانگیرترین 2011 سے ساتھ ہیں، نیا پاکستان بنانے کی ایک سوچ اور نظریہ تھا۔ ہمارے لیے جوممکن تھا اس میں ایک فیصد بھی کمی نہیں چھوڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ 80 ارب روپے میں پشاور جنگلہ بس بنائی گئی، جنگلہ بس منصوبے کے پیچھے مال تھا، جو منصوبہ پنجاب میں ایک سال میں مکمل ہوا وہ کے پی میں 6 سال میں مکمل ہوا، بلین ٹری سونامی میں 10 لاکھ پودے بھی نہیں لگے، بعد میں کہتے پودے بکریاں کھا گئیں۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وقت آئے گا اس ملک کو آگے لے کر جائیں گے، مایوس نہ ہوں، پاکستان جیسا ملک دنیا میں نہیں، پاکستان جیسا روزگار دنیا میں نہیں، ہمیں صرف قیادت نہیں ملی، جہانگیر ترین کی صورت میں ہمیں قیادت مل گئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جہانگیر ترین سے کام نہ لے سکے، یہ ملک کی زراعت میں بہتری لا سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنا مال بنانے اور تجوریاں بھرنے کی پڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان کے پارٹی میں آنے سے ہمیں بڑا حوصلہ ملا، آنے والے دنوں میں بہت سے مخلص دوست آئی پی پی میں شامل ہوں گے۔

پاکستان کی برآمدات میں 13.5 فیصد کا بڑا اضافہ

اسلام آباد: وزارت صنعت و پیداوار نے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ اکتوبر کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 13.5 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 2.7 بلین امریکی ڈالر رہا جبکہ اسی مدت کے دوران زراعت اور خوراک کے شعبے میں 73 فیصد بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں برآمدات تیزی سے فروغ کر رہے ہیں، مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ کی برآمدات میں 11 فیصد اضافہ ہوا جبکہ زراعت کی برآمدات میں 48 فیصد اضافہ ہوا۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ جولائی تا اکتوبر 2023 پاکستان کی برآمدات میں 0.7% اضافہ ہوا اور برآمدات اضافے کے ساتھ 9.6 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ درآمدات میں 18.5% کی کمی ہوئی جس کی وجہ سے تجارتی خسارہ 34% کم ہوا۔

پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

 لاہور: عدالت نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

کینٹ کچہری میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی پانچویں مقدمے میں گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت جوڈیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ شبیر احمد جوئیہ کے روبرو ہوئی، جس میں عدالت نے صنم جاوید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

پولیس کی جانب سے صنم جاوید کو متعلقہ انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا تھا۔ دوران سماعت صنم جاوید کی جانب سے سلمان شاہد ایڈووکیٹ نےدلائل پیش کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صنم جاوید کو ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد جیل ہی سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ انہیں زمان پارک مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ صنم جاوید پر الزام ہے کہ انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔

9مئی ٹولے کو مائنس کرکے پی ٹی آئی سے بات کیلیے تیار ہیں، رانا ثناء

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 9مئی کا ٹولے کو نکال کر پی ٹی آئی سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

میڈٰیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فرح بی بی کرپشن دو جمع دو والا معاملہ ہے پہلے بھی ثبوت عوام کے سامنے رکھے، 60 ارب روپے کی رقم پاکستان بھجوائی اور پراپرٹی کی 7 ارب روپے 400 کنال کی تھی اس ثبوت کی کبھی تردید نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اونٹھنی کا دودھ دیں، شہد، ہرن یا دیسی مرغی دیں تو اس پر اعتراض نہیں، ہمارا یہ ظرف نہیں ان کی جیل میں ادویات و کھانا بند کر دیں، ہمارا پی ٹی آئی چیئرمین سے سوال ہے کہ وہ کہتے رہے جیل میں کوئی کلاس نہیں ہونی چاہیے بلکہ سب کلاس ختم کر دینی چاہیے لیکن عمران خان اڈیالہ جیل میں دیکھ لیں جو ان کے ساتھ سلوک ہوا وہی سلوک دوسروں کے ساتھ بھی ہوا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فرح گوگی کو بیرون ملک سے واپس لانے کا ملکی و غیر ملکی قانونی طریقہ کار ہے اس پر تحقیقاتی ادارے کام کر رہے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی کے صدر شہباز شریف ہی ہیں اور نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں، ہاتھی کے پاؤں میں سب کا پاؤں ہوتا ہے، جنوبی پنجاب کا جائزہ لیا وہاں اچھی پوزیشن ہے نئے لوگ شامل ہو رہے ہیں تمام حلقوں سے تگڑے امیدوار کھڑے ہوں گے، ہمیں امیدواروں کی کمی نہیں ہے بلکہ چناؤ میں دشواری ہو رہی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف کا چوہدری شجاعت حسین سے جلد ملاقات کا امکان ہے، آصف علی زرداری کو اپنی پارٹی کا سربراہ ہوتے ہوئے حق حاصل ہے کہ لاہور کا وزیر اعظم کا راستہ روکیں اور لاڑکانہ کے وزیر اعظم کے لیے راہ ہموار کریں، عوام الیکشن میں سندھ، لاہور یا کے پی کے حق میں کریں ہمیں قبول ہوگا، نوازشریف عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی بھائی اور بے باک انسان ہیں وہ ن لیگ سے ناراض نہیں ہیں، شاہد خاقان عباسی پارٹی سے تعاون کریں گے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سچی بات یہ ہے کہ اور یہ بات کنفرم بھی نہیں کر رہا مجھے شک ہے کہ عمران خان کو جیل میں دوائی مل رہی ہے۔

3 مردوں سے جعلی شادیاں رچانے والی شادی شدہ خاتون گرفتار

بیجنگ: ایک چینی خاتون کو شادی شدہ ہونے کے باوجود فراڈ کے لیے 3 مردوں سے جعلی شادیاں کرنے پر گرفتار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ژو نامی چینی خاتون نے 3 مردوں سے جعلی شادی کرے تقریباً ایک لاکھ ڈالرز ہتھیائے۔

35 سالہ جعلساز خاتون جو کہ پہلے سےشادی شدہ ہیں اور ایک بیٹی کی ماں ہیں، نے دوسرے مردوں کو دھوکہ دینے کے مخصوص مقصد سے ڈیٹنگ کرنا شروع کی۔ یہ واضح نہیں ہے کہ خاتون کو مسلسل دکھاوے کی زندگی میں کس چیز نے مائل کیا کیونکہ چینی میڈیا کے مطابق ان کے شوہر کا اپنا کاروبار ہے اور خاندان کی مالی حالت اچھی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بات یقینی ہے جس نے عورت کو کئی سالوں تک چار شوہروں کو دھوکا دینے پر اکسایا، اور وہ ہے ان کا حقیقی شوہر جو ہمیشہ کام میں مصروف رہتا تھا اور اہلیہ کو زیادہ توجہ نہیں دیتا تھا۔

بھانڈا پھوٹنے پر خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خاتون کو دھوکہ دہی کے جرم میں کم از کم 10 سال قید کی سزا کا سامنا ہے، جیسا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انہوں نے کم از کم 660,000 یوان (92,000 ڈالرز) کیلئے اپنے تین جعلی شوہروں کو دھوکہ دے چکی ہیں۔

پی ٹی آئی دور حکومت میں فرح گوگی کے اثاثوں میں 4 ارب 52 کروڑ روپے اضافے کا انکشاف

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے اثاثوں میں صرف 3 سال کے دوران 4 ارب 52 کروڑ روپے کے اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

تحریک انصاف کے تین سالہ دور حکومت کے دوران کرپشن کی ایک اور کہانی سامنے آگئی ہے، اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی فرںٹ پرسن بھی کہا جاتا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کے ظاہری اورغیر ظاہری اثاثوں میں2017 سے 2020 تک 4 ارب 52 روپے (4520 ملین ) کا اضافہ ہوا، اور وہ 2020 میں 950 ملین روپے کے اثاثوں کو خود بھی تسلیم کرتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فرح گوگی کے غیر ظاہری اثاثوں میں 15 ہزار 300 فیصد کا اضافہ ہوا، ان کے غیر ظاہری ملکیتی اثاثے3825 ملین روپے ہیں۔ جب کہ صرف تین سالوں میں ان کے ظاہری اثاثوں میں 420 فیصد کا اضافہ ہوا، وہ غوثیہ بلڈرز، البراق ہاؤسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ میں بھی حصہ دار ہیں۔

وزیراعظم افس گیٹ نمبر دو سے جعلی وزیراعظم گرفتار

اسلام آباد : نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑکے بیرون ملک جاتے ہی وزیراعظم سیکرٹریٹ گیٹ نمبر 2 پر نامعلوم شخص کو گرفتار کر لیا گیا ۔ نامعلوم شخص کا کہنا تھاکہ وزیراعظم آفس میں جانا ہے اور وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا کہ ملزم کا کہنا ہے صبح میں نے وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھانا ہے ۔ظاہری دیوانہ لگتا ہے جبکہ ملزم کا نام عمران سلیم ہے ۔

پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی۔پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس نے ملزم کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا ہے ۔

ورلڈکپ؛ نیوزی لینڈ کیخلاف سری لنکا 3 وکٹیں جلد گرگئی

آئی سی سی ورلڈکپ کے 41ویں میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنالیے۔

بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر پاتھم نسانکا 2، کپتان کوشل مینڈس 6 جبکہ سدیرا سمارا وکرما محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز ہیں اس وجہ سے پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے میں کامیابی سمیٹ کر چیمپئیز ٹرافی کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں۔

دونوں ٹیموں نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ایش سودھی جبکہ سری لنکا نے کسن راجیتھا کی جگہ چمیرا کو پلئینگ الیون میں موقع دیا ہے۔

دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں 80 فیصد بارش کے امکانات ہیں، اگر میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا۔

سری لنکا کا اسکواڈ

کپتان کوشل مینڈس، ڈیموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دشن ہیمنتھا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، چمیکا کرونارتنے
اور دلشان مدھوشانکا

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ

سموگ لاہوریوں کی اوسط عمر 7 سال سالانہ کم کر رہی ہے۔

شکاگو یونیورسٹی کے ایک حالیہ تحقیقی مطالعے نے لاہور میں شہر میں اسموگ کی مسلسل بلندی کی وجہ سے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

حکومتی کوششوں کے باوجود لاہور بدستور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے۔ مطالعہ ایک پریشان کن رجحان کی نشاندہی کرتا ہے کیونکہ لاہور کے رہائشیوں کی اوسط سالانہ عمر کم ہو رہی ہے۔

شہر میں متوقع عمر میں مبینہ طور پر ہر سال 7 سال کی کمی ہو رہی ہے، اور مطالعہ سموگ کے نقصان دہ اثرات کو اجاگر کرتا ہے، اس کا موازنہ روزانہ 30 سگریٹ پینے سے کیا جاتا ہے، خاص طور پر بچوں کو متاثر کرنا۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق، ہوا کے معیار کا انڈیکس 500 سے بڑھ گیا ہے، جو 200 کی معیاری سطح سے کافی اوپر ہے، 200 اور 300 کے درمیان کی سطح آنکھوں میں جلن کا باعث بنتی ہے۔

Community Verified icon

’واہ، انتظامیہ نے بالآخر پبلک ٹوائلٹ نصب کردیے‘

اسلام آباد کو دنیا کا دوسرا سب سے خوبصورت دارالحکومت کہا جاتا ہے لیکن کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی عدم توجہی سے اب یہاں بھی پاکستان کے سب سے بڑے شہرجیسے مناظرعام ہورہے ہیں۔

کراچی کی طرح اسلام آباد کی اسٹریٹ لائٹس بند اور4 گٹروں کے ڈھکن غائب نظر آتے ہیں۔

سوشل میڈیا پرگزشتہ روز ایک تصویر خاصی وائرل ہوئی جس میں بیچ سڑک ایک کھلے گٹرپرڈھکن کے بجائے کموڈ رکھ دیا گیا ہے۔

سیکٹر آئی نائن کے انڈسٹریل ایریا کی ایک سڑک پر کموڈ رکھنے کی نفاست بتاتی ہے کہ اسے بڑے طریقے سے یہاں فکس کیا گیا ہے کہ تا کہ یہ ڈھکن کا متبادل بن سکے۔

 

 

صارفین نے یہ تصویر دیکھتے ہی دلچسپ تبصروں سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 

 

کموڈ سے گٹر کو کور کرنے پر ایک صارف نے طنزیہ لکھا، ’دنیا کا دوسرا سب سے خوبصورت دارالحکومت‘۔

 

 

ایک صارف نے کموڈ کے اس انوکھے استعمال پر لکھا، ’ہم بھرپور ترقی کی طرف جاتے ہوئے‘۔

 

 

ایک صارف نے طنزیہ لکھا انتظامیہ نے بالآخر پبلک ٹوائلٹ نصب کردیے ہیں۔

فیضان خٹک لکھتے ہیں کہ شہر کی انتظامیہ نے بالآخرعوام کی بات سنتے ہوئے پبلک ٹوائلٹ نصب کر دیے۔

 

 

تاہم اچھی بات یہ رہی کہ سوشل میڈیا پرصارفین کی جانب سے نشاندہی کے بعد سی ڈی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گٹر کا ڈھکن لگا دیا۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مسئلہ اُجاگر کرنے والے ’اسلام آبادیز‘ ہینڈل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ مسئلہ حل کرتے ہوئے گٹر کا ڈھکن لگا دیا گیا ہے۔

 

 

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی، حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری دیں گے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔۔ غزہ میں انسانی بحران اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان ایئرلائن کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار اورسیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے ایک مثبت پیشرفت قراردیا۔

 

اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک سرابان مملکت کی تصویر
اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک سرابان مملکت کی تصویر

 

وزیر اعظم کاکڑ اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز ، علاقائی تعاون اوراجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ای سی او کے اہم کردارپرتبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

انوار الحق کاکڑ کی آج ازبکستان تاریخی شہر سمر قند روانگی بھی متوقع ہے، جہاں وہ حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری دیں گے۔

اسموگ کی بگڑتی صورتحال؛لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

لاہور: اسموگ کی مسلسل بگڑتی صورت حال کے باعث لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

صوبے میں اسموگ کی صورت حال مسلسل خراب ہو رہی ہے جس کی وجہ سے شہری بیمار ہونے لگے ہیں۔نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

لاہور میں جمعرات کے روز ائر کوالٹی انڈیکس 450 اے سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے بعد شہر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکمے سرگرم ہیں۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں نے حکمت عملی بھی تشکیل دے دی ہے۔
لاہور اور اسموگ سے متاثرہ دیگر اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کے روز جزوی طور پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے جب کہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مرکزی علاقوں کی مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کی انتہائی توجہ کے ساتھ نگرانی کی جائے گی۔ اس حوالے سے ضلعی انتطامیہ اور پولیس نے تاجر تنظیموں کو صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے اعتماد میں لے لیا ہے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو لاہور سے باہر آنے جانے والی ٹریفک بند ہوگی ۔ انسداد اسموگ لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جب کہ اسموگ لاک ڈاون کامیاب بنانے کے لیے پولیس شہر کے داخلی خارجی راستوں پر ناکا بندی کرے گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ 4 دن بغیر کسی ہنگامی ضرورت کے اپنے گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

رشمیکا، کترینہ کی جعلی تصاویر وائرل ہونے پر بھارتی حکومت حرکت میں آگئی

تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ رشمیکا مندانا اور بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کی نامناسب ڈیپ فیک (جعلی) تصویر وائرل کرنے پر بھارتی حکومت حرکت میں آگئی۔

بھارتی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹرانکس نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کسی بھی شخص کی کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مدد سے جعلی ویڈیوز بنانے والوں کو 3 سال جیل اور 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے جبکہ ڈی ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے سیکشن 66 کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: رشمیکا مندانا کے بعد کترینہ کیف کی بھی نامناسب جعلی تصویر وائرل
گزشتہ دنوں بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کی لفٹ میں نازیبا لباس پہنے داخل ہوتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی بعدازاں کترینہ کیف کی ایک جعلی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں انہیں نامناسب انداز میں کپڑے تبدیل کرتے ہو ئے دکھایا جا رہا ہے۔

دونوں اداکاراؤں نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کو فیک قرار دیا تھا جبکہ انکا کہنا تھا کہ تصاویر مصنوعی ذہانت کے زریعے تخلیق کی گئی ہیں۔