بھارت کی قطر میں بحریہ کے 8 سابق افسران کو سزائے موت دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل

بھارتی حکومت نے کہا کہ قطر میں انڈین بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو سزائے موت دینے کے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے میں قطری حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ قطر کی عدالت نے بھارتی شہریوں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ 26 اکتوبر کو سنایا تھا۔ قطری عدالت کی جانب سے دیا گیا فیصلہ کانفیڈینشل ہے اور فیصلے کی کاپی کو صرف قانونی ماہرین کی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔

ارندم باگچی کا کہنا تھا کہ قطر کی عدالت کے انڈین بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو سزائے موت دینے کے فیصلے کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس حوالے سے عدالت میں ایک اپیل فائل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قطر کی عدالت نے گزشتہ دنوں بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنائی تھی، ان اہلکاروں کو گزشتہ سال اگست میں دوحہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ قطر کی عدالت کی طرف سے اسرائیل کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں سزائے موت پانے والے آٹھ سابق بحریہ اہلکاروں کی رہائی کے لئے ”ہر ممکن کوشش“ کی جائے گی۔

 

 

جمعرات کو دی گئی پریس بریفنگ میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت اس معاملے میں قطری حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سات نومبر کو قطر میں واقع انڈین سفارتحانے کو سزا پانے والے آٹھ شہریوں تک قونصلر رسائی دی گئی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ جے ایس شنکر نے سزائے موت پانے والے افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کی تھی جبکہ حکومت جہاں تک ممکن ہوا اہلکاروں کو قانونی اور قونصلر مدد فراہم کرتی رہے گی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ بہت ہی حساس نوعیت کا ہے اس لیے اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے مکمل گریز کرنا چاہیے۔

 

 

بی بی سی اردو نے انڈین ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سزائے موت پانے والے انڈین بحریہ کے سابق افسران کی شناخت کمانڈر (ریٹائرڈ) پورنیندو تیواری، کیپٹن (ریٹائرڈ) نوتیج سنگھ گل، کمانڈر (ریٹائرڈ) بیرندر کمار ورما، کیپٹن (ریٹائرڈ) سوربھ وششت، کمانڈر (ریٹائرڈ) سوگناکر پکالا، کمانڈر (ریٹائرڈ) امیت ناگپال، کمانڈر (ریٹائرڈ) امیت ناگپال اور سیلر راگیش کے طور کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سزا پانے والے انڈین بحریہ کے سابق اہلکار دوحہ میں قائم ’الظاہرہ العالمی کنسلٹینسی اینڈ سروسز‘ کے لیے کام کرتے تھے۔ یہ کمپنی قطر کی بحریہ کو تربیت اور ساز و سامان فراہم کرتی ہے۔

کراچی: ماہی گیر کے جال میں 70 کروڑ کی سوا مچھلیاں پھنس گئیں

کراچی میں ابراہیم حیدری کے کھلے سمندر میں ماہی گیروں کے جال میں 70 کروڑ کی ’سوا مچھلیاں‘ آگئیں۔

اس نایاب مچھلی کے پیٹ سے نکلنے والی چربی سے فوٹا آپریشن کا دھاگہ بنتا ہے، جسے گولڈن سوا کہتے ہیں۔

ماہی گیروں نے 70 کروڑ کی مچھلیاں کراچی فش ہاربر پر فروخت کردیں۔

’سوا مچھلی‘ مچھلی ایک طرح سے نایاب ہوچکی ہے۔ اس کا گوشت ایک ہزار روپے کلو میں فروخت کیاجاتا ہے۔

اس کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ چربی ہے۔

لاہور میں بارش سے اسموگ میں کمی، لاک ڈاؤن بدستور نافذ

لاہور میں علی الصبح ہونے والی بارش سے اسموگ میں کمی آگئی جبکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

شہر میں بارش کے بعد درجہ حرارت تقریبا 15 ڈگری کم ہوگیا اور اسموگ اوسطاً 350 تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں مزید ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے اسموگ سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور سانس اور آنکھوں کی جلن میں کمی آئے گی۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیکفیشن کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹس بند رہیں گے جبکہ 10، 11 اور 12 نومبر کو بینکس، سرکاری و نجی دفاتر، پارکس اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور مینوفیکچرنگ کے لیے تمام صنعتیں کھلی رہیں گی تاہم فیکٹری آؤٹ لیٹس اور سیلز پوائنٹس بند رہیں گے۔ تاجر تنظیموں سے آج بھی مارکیٹس بند رکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن کے نفاذ کے لیے شہر میں ٹریفک کی آمد و رفت کو محدود ترین کیا جائے گا۔ تمام ٹیک اویز مکمل بند ہونگے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔ شہری کسی الجھاؤ کی صورت میں ڈی سی آفس سے رابطہ کریں۔

سائفر کیس: ملزمان کی فیملیز کے پانچ پانچ ممبران کو سماعت سننے کی اجازت

 اسلام آباد: سائفر کیس میں عدالت نے دو ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی فیملیز کے پانچ پانچ ممبران کو سماعت سننے کی اجازت دے دی۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اور بیٹی نے پہلی بار جیل عدالت کی کارروائی دیکھی جبکہ آئندہ تاریخ پر چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملیز ممبران بھی کمرہ عدالت آئیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ملاقات سے متعلق عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو بلا کر حکم دیا کہ ہفتے میں ایک دن چیئرمین پی ٹی آئی سے بچوں کی گفتگو کرائی جائے۔

ایف آئی اے 3 گواہ ہمراہ لائی تاہم سینیئر وکیل صفائی کے عدم موجودگی کے باعث کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔ آئندہ سماعت 14 نومبر منگل کو صبح 9 بجے ہوگی۔

استغاثہ کی 3 گواہان کے بیانات قلمبند نہ ہوسکے اور آئندہ سماعت پر مزید 3 گواہ طلب کیے گئے۔

ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی ہلکی برف اور ژالہ باری

 اسلام آباد: ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی ہلکی برف کے ساتھ ہی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ 

سٹی ٹریفک پولیس مری کے مطابق اس وقت تک مری کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں جبکہ لانگ ویک اینڈ کی وجہ سے ملکہ کوثار مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

پولیس کے مطابق مری میں اس وقت تک دو سے تین انچ سنو فال ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ دانے دار برف باری کی وجہ سے مری کی سڑکوں میں پھسلن ہے اس لیے آنے والے سیاح حضرات سٹی ٹریفک پولیس مری کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

پولیس نے سیاحوں کو لیٹ نائٹ سفر کرنے سے منع کیا ہے۔

نواز شریف اور عمران خان کو الیکشن سے پہلے انصاف ملنا چاہیے، جاوید لطیف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں جاوید لطیف نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف دیا جائے تاکہ پتہ چلے کون ملک کا خیرخواہ ہے۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ کوئی مجرم ہے تو اسے بھی سزا ملنی چاہیے، ووٹ کو عزت دو کا مطلب ہے کہ آئینی ادارے اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، سب کو لیول پلینگ فیلڈ کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے لیکن 9 مئی کے پودے کی آبیاری نہیں ہونی چاہیے۔

قائد نواز شریف کے کیسز کا جلد فیصلہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف ریاست ہی نہیں بلکہ اس خطے کو بھی ان نواز شریف کی ضرورت ہے اس لیے اب آئینی ادارے محسوس کر رہے کہ اب نواز شریف کے راستے میں انتقام سے بھری رکاوٹیں حائل نہیں ہو سکتیں۔ نوازشریف کے کیسز کی تاریخ منتخب کی جائیں۔

لیگی رہنما نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولتوں کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہیں جو سہولتیں جیل کے باہر دستیاب نہیں تھیں، وہ انہیں جیل کے اندر مہیا کر دی گئی ہیں۔ میری اداروں سے گزارش ہے کہ ایسا تاثر قائم نہیں ہونا چاہیے کہ منصفانہ انتخابات نہیں ہو رہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 9 مئی کو جو حساس تنصیبات پر حملہ ہوا تو کیا وہ سیاسی کارکن تھے یا دہشت گرد تھے، ماسٹر مائنڈ دہشت گرد تھا یا سیاستدان تھا، میانوالی ایئر بیس پر حملہ کرنے والوں کو کہیں گے کہ معاف کردو تو ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ آئینی ادارے خود احتسابی کر رہے ہیں تو یہ اچھی بات ہے، ووٹ کو عزت ملے گی تو ہی ملک معاشی گرداب سے نکل سکے گا۔ وزیراعظم جیالا ہوگا یا متوالا، یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن اصل پتہ انتخابی نتائج کے بعد معلوم ہوگا۔

جنرل (ر) فیض نے مجھے جیل بھیجا وہ آرمی چیف بننا چاہتا تھا، علیم خان

ٹیکسلا: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر)فیض نے مجھے جیل بھیجا وہ آرمی چیف بننا چاہتا تھا، عمران خان جو کہتے تھے سب کو رلاؤں گا آج خود جیل میں بیٹھے رو رہے ہیں۔

ٹیکسلا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) علیم خان نے کہا کہ ہم سب ایک جماعت میں 2011ء میں شامل ہوئے، جہانگیر ترین علاج کے بعد گھر نہیں گئے سیدھا اسلام آباد دھرنے میں پہنچے، ہم نے نئے پاکستان کے لیے بھرپور کوشش کی اور جو ممکن تھا ہم نے کیا ایک فیصد کمی نہیں چھوڑی، کوشش کی کہ یہ ملک خوشحال ملک بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ 2011ء میں پی ٹی آئی کے پاس ایک کونسلر بھی نہیں تھا اور ہم اس سے پہلے وزیر بن چکے تھے، ہم روایتی سیاست سے الگ ہوکر نئے پاکستان کے لیے چل پڑے لیکن پی ٹی آئی کا لیڈر کسی کے ساتھ مخلص نہیں تھا وہ شخص اپنی اولاد کے ساتھ بھی مخلص نہیں تھا، کوئی شخص ساڑھے 3 سال تک وزیراعظم رہے اور وہ بیٹوں کے ساتھ نہ ملے، جتنے دن وہ وزیراعظم رہا وہ اپنی اولاد کا نہیں رہا اس نے ہمارا کیا ہونا تھا۔

علیم خان نے کہا کہ عمران خان کو جب موقع ملا اس نے ہمارے خلاف کارروائی ضرور کی، عامر کیانی کے پیچھے نیب کو لگا دیا، جہانگیر خان کی خواتین کے خلاف پرچے کرادئیے، ہم نے کبھی اپنی ماں بہن کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے نہیں بھیجا، ہم مردانگی کے ساتھ سیاست کرتے ہیں لیکن انہوں ںے میری بیٹی پر دو پرچے کٹوائے، کوئی اتنا گھٹیا بھی ہوسکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سکھاتا تھا مدینہ کی ریاست اور حال یہ تھا کہ گھر میں تجوری میں پیسے آرہے تھے، تجوری گھر والی کے پاس تھی، فرح گوگی، بزدار پیسے بھیج رہے تھے کوئی ایسا گھر جس میں پیسے آرہے ہیں آپ کو پتا ہی نہ ہو؟ گھر میں تجوری بھری جارہی تھی، آپ نہیں بولے کیوں کہ آپ اس کرپشن میں شامل تھے۔

علیم خان نے کہا کہ پرانے بچوں کی آمد آمد تھی خفیہ ایجنسی آپ کو بتاتی تھی، ڈی جی آئی ایس آئی نے بتایا تھا کہ گھر میں بے ایمانی کا مال آرہا ہے اس پر چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو آج ہی بدلنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان فرح گوگی بنارہی تھی، 80 ارب کی جنگلہ بس بنادی، اس کے پیچھے مال کمایا، پل اس لیے بنائے تاکہ مال بنایا جاسکے انہوں ںے 6 سال میں جنگلہ بس بنائی، بلین سونامی ٹری میں 10 لاکھ پودے بھی نہیں نکلے، چئیرمین پی ٹی آئی کا اپنا ٹولا تھا جو کرپشن میں ملوث تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید نے مجھے جیل کے اندر کرایا کیونکہ وہ آرمی چیف بننا چاہ رہے تھے۔

انہوں ںے کہا کہ یہ جو اللہ کا نظام ہے وہ ہوتا ہے، عمران خان جو کہتا تھا رلاؤں گا سب کو، آج بیٹھے رو رہے ہیں اور جیل سے مطالبہ کررہے ہیں دیسی مرغی دے دو، آپ جیل میں ہیں جہاں آپ لوگوں کو بھیجتے تھے اب اگر رو رہے ہیں تو یہ اللہ کا نظام ہے۔

جہانگیر ترین

چئیرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2011ء میں ہمارے سارے گروپ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی، ہم پی ٹی آئی میں نیا پاکستان بنانے آئے تھے، پرانی باتیں نہیں کرنا چاہتا، پرانی باتیں بھولیں اور آگے دیکھیں، یہ ملک بہت بہترین ملک ہے، کمی ہے ہم آپس میں لڑتے رہتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ آپ مقابلہ ضرور کریں  لڑائی نہ لڑیں ااس سے ملک خراب ہوتا ہے، کوشش کریں اور حق کے لیے آگے بڑھیں، مقصد کو بڑا رکھیں، اپنی سوچ کو بڑا رکھیں،

جہانگیر ترین نے کہا کہ آپ لوگ ہی ہیں جو ہماری طاقت ہیں جو ہماری آواز کو آگے لے کر جائیں گے، پاکستان کو وہاں تک لے کر جائیں گے جہاں تک پاکستان جاسکتا ہے، 75 سال میں جو کام نہیں ہوسکے وہ کام کرنا چاہتے ہیں، ہم پہلے عوام کا سوچیں گے، ہم سب اکٹھے ہوکر حقیقت میں نیا پاکستان بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کے علی نوازا اعوان اور عامرڈوگر بھی مانسہرہ سے گرفتار

مانسہرہ: تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان اور عامر ڈوگر کو مانسہرہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق دونوں سابق ایم این اے مانسہرہ میں پی ٹی آئی تحصیل بفہ پکھل کے صدررضااللہ خان کی رہائشگاہ پر موجود تھے۔ رضا اللہ خان اور ان کے کزن کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب ابھی تک پولیس یا کسی بھی ادارے نے گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔ رضااللہ خان کے کزن نے تھانہ بٹل میں دونوں کے اٹھائے جانے کی اطلاع دی۔

کزن سابق ناظم رضا اللہ کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس دودرجن اہلکاروں نے دونوں ایم این ایز اوردیگر دولوگوں کو پکڑا اور اپنے ساتھ لے گئے۔ علاوہ ازیں مانسہرہ پولیس کے مطابق کسی گرفتاری کے بارے میں ہمیں معلومات نہیں ہے۔

امریکا کا شام میں ایران کی فوجی تنصیبات پر حملہ؛ 9 افراد ہلاک

دمشق: شام میں ایران کی ایک فوجی تنصیب پر امریکی فضائیہ کے طیاروں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ شام میں ایران کی پاسداران انقلاب اور اس کی حمایت یافتہ ملیشیا کی ایک فوجی تنصیب پر کیا گیا۔

امریکا کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بتایا کہ عراق اور شام میں امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے جواب میں F-15  کے دو لڑاکا طیاروں نے پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان حملوں میں کتنی ہلاکتیں ہوئیں تاہم انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی امریکی حملے میں 9 افراد ہلاک ہوئے۔

اسی طرح سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے یہ بھی بتایا کہ 10 اکتوبر سے 30 اکتوبر کے دوران اسرائیلی فوج نے بھی شام میں ایرانی تنصیبات پر 16 فضائی اور راکٹ حملے کیے۔

جاپان میں آتش فشاں پھٹنے سے سمندر میں نیا جزیرہ بن گیا

جاپان میں سمندر کے اندر آتش فشاں پھٹنے سے ایک نیا جزیرہ بن گیا ہے۔

جاپان کے موسمیاتی ادارے جے ایم اے کے مطابق Iwo Jima کے قریب بحر الکاہل میں یہ نیا جزیرہ سمندر میں ابھرا ہے۔

جاپانی ادارے نے بتایا کہ یہ بے نام جزیرہ زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے کا نتیجہ ہے۔

سمندر میں اس کے ابھرنے کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔

اس تصویر میں ایک دھماکے کے بعد سیاہ راکھ کے بادل کو جزیرے کے اوپر پھیلتے دکھایا گیا ہے۔

جے ایم اے نے بتایا کہ گزشتہ سال سے اس خطے میں آتش فشانی سرگرمی کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

ٹوکیو یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ یہ جزیرہ 30 اکتوبر کو آتش فشاں پھٹنے سے تشکیل پایا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ زیرسمندر اس چٹان کے بننے کا عمل کافی عرصے سے جاری تھا اور اب جا کر یہ سطح پر ابھری ہے۔

یہ جزیرہ Iwo Jima کے ساحل سے ایک کلومیٹر دور واقع ہے۔

اسرائیل فرعون کے نقش قدم پر چل رہا ہے، نگران وزیراعظم

تاشقند: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسرائیل کو فرعون کے نقش قدم پر چلنے والا قرار دے دیا۔

ازبکستان کے شہر تاشقند میں 16 ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسیٰ ؑ کی پیدائش پر فرعون نے بچوں کو قتل کیا اور اب بدقسمتی سے جو لوگ ان کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے کہا ای سی او رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کے احتساب کی کوششوں کی حمایت کریں۔

انوار الحق کاکڑ نے اسپتالوں پر بمباری اور محصور پٹی میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں جاری جنگ فوری بند ہونی چاہئے، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عدم رواداری، زینوفوبیا اور اسلاموفوبیا پر بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کو فروغ دیتے ہوئے اسلاموفوبیا کے گھناؤنے اضافے کے خلاف سیاسی اور قانونی مزاحمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم نے باہمی تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ای سی او کی راہداری پر مبنی نقطہ نظر جیسے کرغزستان-تاجکستان-افغانستان-ایران , اسلام آباد-تہران-استنبول” ( آئی ٹی آئی)، قازقستان، ترکمانستان اور ایران ( کے ٹی آئی) اور دیگر کی حمایت کی اور کہا کہ مربوط ٹرانسپورٹ منصوبے تعمیر و ترقی میں مدد کریں گے۔

دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ازبکستان کے دو روزہ دورے کے بعد پاکستان کے لئے روانہ ہوگئے، تاشقند کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ نگمیتووچ اریپو اور پاکستانی سفارتی عملے نے وزیر اعظم کو رخصت کیا، اپنے دو روزہ دورہ ازبکستان میں وزیر اعظم نے ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

جنگ کے بعد بھی اسرائیلی فوجیں غزہ میں ہی رہیں گی، امریکا

واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ ختم ہونے کے بعد بھی اسرائیلی فوجیں غزہ میں ہی رہیں گی اور سیکیورٹی معاملات کی نگرانی کریں گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ میں 3 دن کےلیے جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ اس دوران حماس بھی کچھ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردے گی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو بتایا کہ تمام یرغمالیوں کی شناخت کی تصدیق کے لیے جنگ میں 3 دن کا وقفہ ناگزیر ہے جس کے بعد یرغمالیوں کے ناموں کی فہرست فراہم کی جائے گی۔

امریکی صدر نے یہ بات ان مذاکرات کے بعد کی جس میں امریکا اور قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا اور جس کے نتیجے میں 10 سے 15 یرغمالیوں کی مشروط رہائی پر اتفاق ہوا ہے۔

قبل ازیں وائٹ ہاؤس حکام نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوجیں غزہ میں لڑائی کے خاتمے کے بعد بھی غزہ میں سیکیورٹی معاملات کو سنبھالنے کے لیے موجود رہیں گی۔ امریکا کے پاس فی الحال غزہ کے مستقبل کا کوئی حتمی حل نہیں۔

تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جواب دیا کہ انھیں حماس پر بھروسہ نہیں اور اس بات پر بھی یقین نہیں کہ حماس یرغمالیوں کے حوالے سے کسی معاہدے پر راضی ہونے کو تیار ہے یا معاہدے کی پاسداری کریں گے۔

دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام تر توجہ غزہ سے اسرائیلی یرغمالیوں بالخصوص امریکی شہریوں کو نکالنے پر ہے۔

ادھر حماس نے یرغمال بنائے گئے 12 غیر ملکی شہریوں کو رہا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کے فضائی اور برّی حملے یرغمالیوں کی رہائی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1400 اسرائیلی مارے گئے تھے جب کہ 240 اسرائیلیوں کو یرغمال بناکر غزہ لے آئے تھے جن میں زیادہ تر اسرائیلی فوجی اور کچھ غیرملکی بھی شامل تھے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اپنے کئی انتظامی اختیارات رجسٹرار کو تفویض کردیے

 اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے کئی انتظامی اختیارات رجسٹرار کو تفویض کردیے۔اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق  چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے متعدد انتظامی اختیارات رجسٹرار کو تقویض کر دیے  ہیں، جس کے بعد رجسٹرار سپریم کورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے متعلق معاملات میں مکمل بااختیار ہوں گی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے متعلق امور پر رجسٹرار کا فیصلہ فل کورٹ یا چیف جسٹس کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ آڈٹ اور محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی سے متعلق امور بھی رجسٹرار چیف جسٹس کی منظوری سے انجام دیں گی۔

سپریم کورٹ کا سالانہ بجٹ پلان بھی رجسٹرار، چیف جسٹس کی منظوری سے حتمی شکل دیں گی۔