پاکستان میں کم ازکم چار ہزارسینما گھرہونے چاہئیں، نگراں وفاقی وزیر ثقافت

کراچی: نگراں وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کم ازکم 4 ہزار سینما گھر ہونے چاہئیں اور موجودہ سینما ہاوسز تک عام آدمی کی رسائی نہیں ہے۔

نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں جمال شاہ کا کہنا تھا کہ مسلسل زبوں حالی کے بعد اب ملک بھرمیں سینما گھروں کی تعداد صرف 150 رہ گئی۔

انہوں نے کہا کہ سینما صرف تفریح نہیں ہے بلکہ ایسی طاقت ہے جس کے ذریعے معاشرے کو فنکار ایک پیغام دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فردوس جمال سمیت دیگر کچھ علیل فنکاروں کے لیے حکومتی سطح پر کاوشیں کی گئی ہیں مگر وہ اس حکومتی وظیفے کو ٹھیک نہیں سمجھتے اور ان کے خیال میں فن کی خدمت کرنے والے افراد کے لیے ایسا کوئی طریقہ وضع ہونا چاہیے جو انھیں باعزت روزگار کی شکل میں ملتا رہے۔

جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کا درجہ رکھنے والی عمارتوں کے تحفظ کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی اور کہا کہ قائد کی جدوجہد کی شناخت کروانا ہمارا فرض ہے۔

صدرمملکت کا فلسطینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ؛ اسرائیلی مظالم کی مذمت

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے فلسطینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے۔ 

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وحشیانہ اقدامات کے نتیجے میں خواتین، بچوں، شعبہ صحت، صحافیوں اور اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں سمیت ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال اسرائیل کی دہائیوں کی نسلی تفریق اور غیر منصفانہ پالیسیوں کا ردعمل ہے، مسلمانوں کی نسل کشی اور انہیں اپنے علاقوں سے بے دخل کرنے پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہیں۔

صدر عارف علوی نے غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی قاتلانہ مہم روکنے کیلئے عالمی برادری کی جانب سے عدم کارروائی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری فوری جنگ بندی، غزہ تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کیلئے اقدامات لے، عالمی برادری فلسطینیوں کی اپنے وطن سے مزید بے دخلی روکنے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کیلئے کوششیں کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دو ریاستی حل اسرائیل کیلئے قابل قبول نہیں تو پھر ایک ریاستی حل ہی واحد راستہ رہ جاتا ہے، ایک ریاست میں یہودی، مسلمان اور عیسائیوں کی اچھی خاصی تعداد مساوی سیاسی حقوق کے ساتھ رہ سکتی ہے۔

علاوہ ازیں فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔ فلسطینی صدر نے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے غزہ کے لیے راہداری کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کے لیے خوراک، ادویات اور بجلی دستیاب نہیں ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطین کی حمایت اور انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

قمر جاوید باجوہ نے عدم اعتماد سے 2 دن قبل بلا کر تحریک واپس لینے کا کہا، بلاول

 کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’’سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے 2 دن قبل ہمیں بلایا تھا اور عدم اعتماد واپس لینے کا کہا گیا‘‘

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ان کا پیغام آیا تھا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر ہم نیوٹرل ہیں‘‘۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو لوگ باغی ہوتے ہیں ان کو الیکشن میں قیمت چکانی پڑتی ہے، ایک مخصوص پارٹی کا وہی حال ہوگا جو 2008 میں ہوا تھا، ہرالیکشن میں کنگز پارٹیز کسی نا کسی صورت میں واپس آجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کے اتحاد کا فائدہ پیپلزپارٹی کو ہوگا، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں اور ان کے بغیر بھی، پسندیدہ بیوروکریٹ کیلئے پنجاب کے سیاستدانوں نے نعرے لگوائے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات بھی پی پی جیتے گی، 8 فروری کو صرف پی پی کو عوامی ووٹ ملے گا۔

شہباز شریف کی لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت

شہبازشریف نے بلوچستان کے سینئر سیاستدان نوابزادہ لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی ہے، اور کہا ہے کہ بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بلوچستان کے سینئر سیاستدان نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نے ملاقات کی، اس موقع پر میر ہمایوں کرد اور دیگر رہنما بھی شریک تھے، شہباز شریف نے رہنماؤں کا استقبال کیا۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا اور شہبازشریف نے لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی۔

لشکری رئیسانی نے مینار پاکستان پر کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارک دی اور کہا کہ مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کے فیصلے سے آگاہ کروں گا۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اس صوبے کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے، میں نے 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، بلوچستان میں دانش سکول کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے، اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دیں گے، بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو 31 دسمبر تک گوشوارے جمع کرانے کی تنبیہ

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں، واجبات کے گوشوارے 31 دسمبر تک جمع کرادیں، یکم جنوری تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام شائع کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے بیان جاری کیا ہے کہ اراکین صوبائی و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں اور واجبات کے مالی سال 2022-23 کے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر ہے، ارکان اپنے شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں، واجبات کے گوشوارے جمع کرادیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یکم جنوری تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام شائع کئے جائیں گے، اور 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے والے رکن اسمبلی کیخلاف کارروائی ہوگی۔

نگراں حکومت کاجھکاؤ کسی جماعت کی طرف بھی نہیں ہے، نگراں وزیراطلاعات

نگراں وزیراطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا ہے کہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کاکام ہے، نگراں حکومت کا جھکاؤ کسی جماعت کی طرف بھی نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کاکام اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت کا جھکاؤ کسی جماعت کی طرف بھی نہیں ہے، نگراں حکومت کسی پارٹی یا امیدوارکی حمایت یا مخالفت نہ کرے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ صحافی کا کام خبر دینا ہے کسی پارٹی کی طرف داری نہیں، جان محمد مہر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، نگراں حکومت صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

کینیڈا میں 6.8 کلوگرام کے بچے کی پیدائش

کینیڈا میں 6.8 کلوگرام کے بچے کی پیدائش

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں والدین کے ہاں 6.8 کلو گرام کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون کے ہاں 23 اکتوبر کو آپریشن کے ذریعے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق والدین کے ہاں یہ پانچویں بچے کی پیدائش تھی اور اس کے زیادہ وزن پر انہوں نے حیرانی اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچے کے غیر معمولی وزن پر ڈاکٹرز نے بھی حیرانی اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچے کے والد نے بتایا ہے کہ ان کے پہلے 2 بچوں کا وزن بھی پیدائش کے وقت 13 پونڈ سے زیادہ تھا۔

فواد چوہدری کے خلاف ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا نیا مقدمہ درج

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف اب ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کا دعوی ہے کہ سابق وزیر اپنے ساتھیوں سمیت میرے بھائی کے مکان پر قبضہ کرنے آئے تھے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف دھوکا دہی اور زمینوں پر قبضے کے بعد اب ڈکیتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

فواد چوہدری پر اب ان کے آبائی علاقے جہلم میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پنڈداد نخان میں درج ایف آئی آر میں ڈکیتی اور دھمکیوں کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

مدعی مقدمے کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری 30 نومبر 2020 کو مسلح ساتھیوں کے ہمراہ میرے بھائی کے مکان پر قبضہ کرنے آئے، اور چارپائیاں، کھاد کی بوریاں اور صوفہ اٹھا کرکے لے گئے۔

انگلینڈ کیخلاف میچ سے قبل بابر اور امام کی شاپنگ

 آئی سی سی ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف اہم ترین میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم  اور  امام الحق کولکتہ میں شاپنگ میں مصروف رہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے جمعرات کو شاپنگ کی، اس سے قبل بھی 5 کرکٹرز کولکتہ میں شاپنگ کو جا چکے تھے۔

پاکستانی کرکٹرز نے کولکتہ کےساؤتھ سٹی مال میں گزشتہ روز شاپنگ کی، اس دوران بابر اعظم نے فیملی کیلئے ساڑھیاں خریدیں، کپتان نے گھر والوں سے ویڈیو کال پر منظوری کے بعد چیزیں خریدیں۔

 شاپنگ کے دوران بابر اعظم اور امام الحق نے سن گلاسز کی خریداری کی اور دونوں کرکٹرز نے اپنے لیے کپڑے بھی خریدے۔

پرویز الٰہی کی اہلیہ اور بیٹے کو اشتہاریوں کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار کرنے کا فیصلہ

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پی ٹی آئی پرویز الٰہی کی اہلیہ اور بیٹے پر اشتہاریوں کو پناہ دینے کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ملکی سلامتی کے خلاف اٹک جیسے حساس علاقے میں غیر قانونی افغانیوں کی پشت پناہی اور سہولت کاری سے متعلق ایف آئی اے کی تحقیقات میں چشم کشا انکشافات ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے مرکزی ملزم طاہر صادق کی گرفتاری کے لئے آپریشن کا دائرہ کار وسیع کر دیا جب کہ طاہر صادق اوران کی بیٹی ایمان وسیم جلاؤ گھیراؤ کے متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔

برطانیہ کا اعلیٰ شاہی اعزاز پاکستانی مصنف عارف انیس کے نام

لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف مصنف اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے عارف انیس برطانوی سلطنت کے ’’موسٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘‘ کے رکن بن گئے اور انھوں نے اپنی اس بے مثال کامیابی کو اپنے وطن کے نام کیا ہے۔

پاکستانی نژاد مصنف، روزنامہ ایکسپریس کے کالم نگار اور فلاحی رضاکار عارف انیس کو انسانی ہمدردی کی خدمات پر ’’دی ممبر آف دی موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘‘ (MBE) کا میڈل ونڈسر کیسل میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں برطانوی شہزادے پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم نے دیا۔

اس اعزاز کے لیے عارف انیس کے نام کا اعلان رواں برس سال جون میں بکنگھم پیلس نے کنگ چارلس کی پہلی باضابطہ سالگرہ کے موقع پر کیا تھا۔ اس اعزاز کے لیے برطانوی بادشاہ نے عارف انیس کو ان کی شاندار خدمات پر منتخب کیا تھا۔

Arif Anis

عارف انیس نے مارچ 2020 میں کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائنز پر موجود طبی عملے بالخصوص ایمبولینس ڈرائیورز کے لیے ون ملین کھانے کا آغاز اپنے 2 دوستوں سلیمان رضا اور بلال ثاقب کے ساتھ مل کر کیا تھا۔

پاکستانی نژاد عارف انیس نے بتایا کہ کورونا وبا میں نیشنل ہیلتھ سروس عالمی وبا سے جنگ لڑ رہی تھی۔ ریستوراں بند، اور عملہ بھوکا تھا۔ میں ایمبولینس کے عملے کو کھانے کے بغیر کام کرتے دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔

نگران وزیراعظم او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ او آئی سی کے اجلاس شرکت کرنے کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے۔

وزیراعظم کا ڈپٹی گورنر ریاض نے استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق سمیت دیگر سفارتی افسران بھی موجود تھے۔

نگران وزیراعظم 12 نومبر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سعودی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ او آئی سی کا اجلاس غزہ کی صورتحال پر سعودی عرب کی درخواست پر منعقد ہو رہا ہے۔

حتساب عدالت اسلام آباد،توشہ خانہ کیس، نواز شریف کی ضبط شدہ جائیداد واپس کرنے کا حکم

توشہ خانہ ریفرنس میں اہم پیش رفت،احتساب عدالت اسلام آباد نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضبط شدہ جائیداد اور اثاثے واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کی جائیداد واپسی کے احکامات جاری کیے ۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کی جائیداد ضبطگی کے احکامات بھی واپس لے لئے ، اشتہاری قرار دینے کے بعد جائیداد ضبطگی کے  احکامات اکتوبر 2020 میں جاری کیے گئے تھے ۔

عدالت نے نواز شریف کی پراپرٹی، گاڑیاں، بینک اکاؤنٹس بھی واپس کرنے کا حکم دیدیا ، نواز شریف کی لاہور میں 1650 کنال سے زائد زرعی اراضی، مرسیڈیز، لینڈ کروزر و گاڑیاں ضبط ہوئی تھیں