مردم شماری نتائج کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر، مٹھائی کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ بھی عدالت میں

سپریم کورٹ نے مردم شماری کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقررکردی ۔ جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 13نومبرکوابتدائی سماعت کرے گا۔ دوسری جانب مٹھائی اوربیکری آئٹمزکی قیمتوں کے تعین کا معاملہ بھی سپریم کورٹ میں پہنچ گیا۔

درخواست گزارحسن کامران نے بلوچستان میں مردم شماری کے نتائج چیلنج کیے تھے، بلوچستان ہائیکورٹ سے درخواست خارج ہونے پر یہ اپیل سپریم کورٹ میں دائرکی گئی۔

مردم شماری کے خلاف اپیل کے علاوہ کراچی میں غیرقانونی تعمیرات اورتجاوزات کیخلاف کیس بھی سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے جس کی سربراہی جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 17 نومبر کوسماعت کرے گا۔

عدالت نے اس حوالے سے لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ سمیت دیگرفریقین کونوٹس جاری کر دیے۔

غیرقانونی تعمیرات اورتجاوزات کیخلاف شہری اظہارالحق نے درخوست دائر کر رکھی ہے۔

دوسری جانب مٹھائی اوربیکری آئٹمزکی قیمتوں کے تعین کا معاملہ بھی سپریم کورٹ تک پہنچ گیا۔ شہری ادریس اعوان کی اپیل 15 نومبرکو سماعت کیلئے مقررکی گئی ہے۔

درخواست گزارنے پشاورہائیکورٹ فیصلے کیخلاف اپیل دائرکررکھی ہے جس کی سماعت چییف جسٹس فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

واضح رہے کہ پشاورہائیکورٹ نے مٹھائیوں اوربیکری آئٹمز کی قیمتیں کنٹرول کرنے کو انتظامی معاملہ قراردیا تھا۔

وسیم اکرم کے طنزیہ فقروں کا عماد وسیم نے جواب دے دیا

لاہور: وسیم اکرم کے طنزیہ فقروں کا عماد وسیم نے جواب دے دیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ کو نظر انداز کرنے کے سوال پر سابق کپتان نے عماد کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ٹی وی پر بیٹھے چند کرکٹرز چاہتے ہیں کہ پاکستان کی جانب سے کھیلیں، حالانکہ وہ ڈومیسٹک میچز میں حصہ ہی نہیں لیتے۔

اب عماد وسیم نے جواب میں کہا کہ پاکستان ٹیم کیلیے کھیلتے ہوئے میں آل راؤنڈرز کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر تھا جب بلا وجہ ڈراپ کردیا گیا، مجھے بتائیں کیا ضمانت ہے کہ اگر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلوں تو مجھے منتخب کرلیا جائے گا، میں 2 سال قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلا تب بھی زیر غور نہیں لایا گیا۔

نسیم شاہ کی محبت میں اروشی روٹیلا کا دُنیائے کرکٹ میں قدم، ویڈیو وائرل

معروف بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کی بیٹنگ کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اروشی روٹیلا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی نئی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ کرکٹ کِٹ پہنے گراوْنڈ میں موجود ہیں۔

ویڈیو میں اروشی روٹیلا کے ہمراہ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی موجود ہیں جبکہ بالی ووڈ اداکارہ وکٹ کیپر کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

اروشی روٹیلا کے انسٹاگرام فین پیچ نے بھی اُن کی ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اداکارہ بیٹنگ کرتے ہوئے نظر آئیں۔

دراصل، یہ ویڈیوز اروشی روٹیلا کی نئی آنے فلم کے سیٹ پر بنائی گئیں، اس فلم میں وہ ایک خاتون کرکٹر کا کردار ادا کریں گی۔

اروشی روٹیلا نے فلم کے نام اور ریلیز کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم مداح اُنہیں کرکٹر کے کردار میں دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں اداکارہ نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی بیٹنگ اور پریکٹس کرتے ہوئے کئی انسٹا اسٹوریز شیئر کی تھیں جس کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی تھی۔

ماضی میں اروشی روٹیلا اور نسیم شاہ کی دوستی سے متعلق افواہیں گردش کرنے لگی تھیں تاہم نسیم شاہ نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھارتی اداکارہ کو نہیں جانتے اور ان کی تمام تر توجہ اپنے کھیل اور کیرئیر پر ہے۔

اسٹرٹیجک ایم ایل ون منصوبے کا سنگ بنیاد اگلے سال رکھا جائیگا

لاہور: پاکستان ریلوے کے اسٹرٹیجک ایم ایل ون منصوبے کا سنگ بنیاد اگلے سال فروری یا مارچ تک رکھا جائے گا۔

اسٹرٹیجک ایم ایل ون منصوبے کا سنگ بنیاد اگلے سال فروری یا مارچ تک رکھا جائے گا جبکہ پہلا فیز کراچی سے ملتان تک تعمیر کیا جائے گا جس کی بڈنگ کی اجازت کیلیے چین کو خط لکھ دیا گیا۔

دستاویز کے مطابق ایم ایل ون کی تعمیری لاگت 6.78ارب ڈالر کر دی گئی ہے جبکہ پہلے منصوبے کی لاگت 9ارب ڈالر سے زیادہ تھی۔ کراچی سے لالہ موسی تک ڈیزائن لاگت بہت ہو رہی تھی اسے قابل عمل بنایا گیا ہے۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی اسرائیلی بمباری میں شہید

غزہ: اسرائیل کی غزہ پر بمباری میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی شہید ہوگئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی رؤی ہمام اسماعیل ہنیہ بھی شہید ہوگئیں۔

فلسطینی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رؤی ہنیہ اسلامی یونیورسٹی آف غزہ میں میڈیکل کی طالبہ تھیں۔ وہ براق اسکول پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوئیں۔ حملے میں دیگر 25 فلسطینی بھی شہید ہوئے۔ حماس سے منسلک اکاؤنٹس سے بھی اسماعیل ہنیہ کی پوتی کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔

اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں۔ وحشیانہ حملوں میں اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت اب تک 11 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اپنا پسندیدہ کھانا بتانے والے یووراج سنگھ کی ویڈیو غلط وجوہات پر وائرل

سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کی ویڈیو پسندیدہ کھانے کا نام بتانے کے باوجود غلط وجوہات کی بناء پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی یوٹیوبر کو دیے گئے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں یووراج سنگھ نے اپنے پسندیدہ کھانوں کے بارے میں بتایا اور اس انکشاف نے غیر متوقع وجوہات کی بنا پر انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔

پوڈ کاسٹ کے ایک مختصر کلپ میں یووراج سنگھ نے اپنے کھانے کی ترجیحات سے متعلق گفتگو کی، اس دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ کڑھی چاول بہت شوک سے کھاتے ہیں اور وہ ان کے پسندیدہ کھانوں میں سے ایک ہے۔

اگرچہ یووراج سنگھ کے کھانے سے متعلق کے انکشافات دلچسپ تھے مگر ویڈیو نے ایک اور وجہ سے بھی توجہ مبذول کروائی۔

سوشل مڈیا پر ناظرین نے رنویر کا موازنہ ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ سے کیا جو سیریل کلر سے پوچھ گچھ کرنے سے پہلے غیر معمولی مذاق میں مصروف تھا۔

ایک صارف نے ایکس پر ویڈیو کلپ کے ساتھ اپنے کیپشن میں لکھا کہ ایسا لگتا ہے جیسے میزبان ایف بی آئی کا کوئی ایجنٹ ہے جو کسی سیریل کلر سے پوچھ گچھ کرنے سے پہلے کوئی چھوٹی سی بات کر رہا ہو۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ یووراج سوچ رہے ہیں کہ یہ لڑکا کیا کر رہا ہے لیکن کھانا اہم ہے، اس لئے اس پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔

اگرچہ یووراج سنگھ کے اپنے پسندیدہ کھانوں کے بارے میں انکشافات پوڈ کاسٹ کا مرکزی موضوع نہیں تھے، لیکن بات چیت میں غیر متوقع موڑ نے یقینی طور پر اس ویڈیو کو وائرل کردیا ہے۔

مولانا طارق جمیل اپنے خلاف سوشل میڈیا مہم پر آبدیدہ ہوگئے

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل مرحوم بیٹے عاصم جمیل کے انتقال کے بعد اپنے خلاف سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید سے آبدیدہ ہوگئے۔

مولانا طارق جمیل کے آبائی قصبے تلمبہ میں 29 اکتوبر کو ان کے بیٹے عاصم نے گارڈ سے بندوق چھین کر خود کو گولی مار لی تھی۔ موت کے بعد مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا یوسف جمیل نے مختلف قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے، انہیں علاج کی غرض سے گزشتہ 6 ماہ سے بجلی کے جھٹکے لگائے جارہے تھے۔ اس باعث انہوں نے گارڈز سے گن چھین کرخود کو شوٹ کرلیا۔

بیٹے کے انتقال کے بعد سے مولانا طارق جمیل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پرمختلف ویڈیو اپ لوڈ کی جارہی ہیں جن میں وہ بیٹے کے حوالے سے مختلف واقعات کا ذکر کرتے ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان ویڈیوز پر تبصروں میں مختلف حوالوں سے تنقید کی جارہی ہے۔

مولانا تازہ ویڈیو میں خود پر اور مرحوم بیٹے پر کی جانے والی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

ویڈیو میں ان کا کہنا ہے کہ، ’کچھ لوگوں نے اس موقع پر بہت منفی کردار ادا کیا ۔ جوان بیٹ کی میت اٹھا رہا ہوں، اورسوشل میڈیا پر کیا کیا ہورہا ہے، میرے ملک سے انسانیت ختم ہوگئی ہے ، اسلام کو پتہ نہیں کیا بنادیا ہے۔ کسی کا نام نہیں لیتا سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے اوراتنی جھوٹی خبریں ہیں، زخم پر مرہم لگاتے ہیں یا نمک چھڑکتے ہیں‘۔

انہوں نے اپنے جذبات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ زندہ لاش کی طرح پھر رہا ہوں ، کچھ دیر کیلئے دل بہل جاتا ہے اور پھر وہ (بیٹا) آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے خواب جھوٹا بیان کیا، قرآن خوانی کیوں کروائی یہ حرما ہے، کوئی کہتا ہے دُعا کیوں کروائی، صرف لائکس لینے اور چند پیسے اکٹھے کرنے کیلئے کررہے ہیں، شرم نہیں آتی لوگوں کو، سستی شہرت کے لیے مجھے اور رُلا رہے ہیں۔

مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ، ؎ماں باپ کی یہ کیفیت ہو اور کوئی ایسے تبصرے کرر ہا ہو تو میرے اوپر کیا گزرے گی۔ جن کی زبانیں شعلے برسائیں انہیں آخرت میں بھگتنا پڑے گا۔ میں نے سب معاف کردیا لیکن اللہ کا نظام چلتا ہے،صرف لائکس لینے اور چند پیسے اکٹھا کرنے والے نہیں جانتے کہ تمہارے چند پیسوں کے لالچ میں ایک باپ کے زخم اور کتنے گہرے ہوجائیں گے’۔

اُن کا کہنا تھا کہ ، ’اپنا دکھ آپ کے ساتھ شیئر کیا ہے اور آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ اپنی زبان کی حفاظت کریں‘۔ میرا بچہ اتنا نیک تھا، کبھی غیبت کرتا تھا نہ کرنے دیتا تھا، کسی سے نفرت نہیں کرتا تھا۔وہ کہتا تھا جس جس نے پاکستان کو لوٹا ہے ، اس میں جتنا میرا حصہ لوٹا ہو میں نے سب کو معاف کیا، میرا ایسا بچہ مر جائے اور مجھ پر طعنے برسا رہے ہوں کہ قرآن خوان کیوں کروائی۔ ایسوں کے پاس سوائے نفرت کی آگ بھڑکانے کے اور کوئی موضوع ہی نہیں ہے۔

گزشتہ روز بھی طارق جمیل کے یوٹیوب چینل پرایک جذباتی ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی جس میں انہیں عاصم جمیل کی عاصم کی فیکٹری کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ فیکٹری میں پہنچتے ہیں تو ان کے چہرے پر درد اور غم نمایاں ہے۔

انہوں نے ملازمین سے ملاقات کی اور اپنے بیٹے کے دفتر بھی گئے جہاں اس کی میز پر بیٹھتے ہی وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

ایک اعلی عہدہ دارآئندہ الیکشن کی شفافیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کررہے ہیں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ایک اعلی عہدہ دار کی جانب سے آنے والے الیکشن کی شفافیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یہ طرزِعمل مناسب نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن پرعزم ہے کہ ان شاء اللہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے اور اس امر کو یقینی بنایا  جائے گا۔

انتخابات کی تاریخ کے تعین کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ریاستی انتقام میں شدت آئی ہے، پی ٹی آئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے تعیّن کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ریاستی انتقام کے مجرمانہ سلسلے میں شدت اور تیزی آگئی ہے۔ 

پاکستان تحریک انصاف کی کور  کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں  کہا گیا ہے کہ دستور الیکشن کمیشن کو آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا پابند کرتا اور نگران حکومتوں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ذمہ داری سونپتا ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے تعیّن کے بعد تحریک انصاف کیخلاف ریاستی انتقام کے مجرمانہ سلسلے میں شدت اور تیزی آئی ہے اور ریاستی اداروں کی جانب سے تحریک انصاف کے قائدین کے ”اغوا برائے بیان“ کا سلسلہ جاری ہے۔

مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علی نواز اعوان کی جبری گمشدگی پر الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی بےعملی لاقانونیّت کی بدترین مثال  ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگران حکومت اپنا آئینی فرض نبھانے میں کلیتاً ناکام اور دستور سے انحراف کے ریاستی ایجنڈے میں کلیدی سہولت کار ہیں،  الیکشن کمیشن اور نگران حکومت اپنے حسّاس ترین فرائض کا احساس کریں اور جمہوریت کیخلاف سازشوں کا حصہ بننے کی بجائے اس کے بقا و تحفّظ کا فریضہ سرانجام دیں۔

کور کمیٹی پی ٹی آئی نے  مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان اور قائدین کی رہائش گاہوں پر غیرقانونی و غیرآئینی چھاپوں، ماورائے قانون گرفتاریوں، انہیں ہراساں کرنے یا جبری طور پر گمشدہ/لاپتہ کرنے کا سلسلہ بھی بلاتاخیر روکا جائے اور علی نواز اعوان سمیت تمام اغوا کنندگان کو بازیاب اور زیرحراست افراد کو فی الفور رہا کیا جائے۔

اعلامیہ میں چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمات کی کھلی عدالت میں قومی و غیرملکی ذرائع ابلاغ کی موجودگی میں ٹرائل چلانے کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان پر خفیہ انداز میں یا جیل میں ٹرائل چلانے کا کوئی آئینی یا قانونی جواز نہیں، ٹرائل کو کسی بھی انداز میں خفیہ رکھنے یا اسے شفافیّت کے تقاضوں کے برعکس چلانے کی کسی کوشش کو قبول نہیں کریں گے۔

کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ جیل میں کھلی جگہ پر مقدمہ چلانے کی بجائے سائفر ٹرائل کو معمول کی عدالت میں منتقل کیا جائے اور ملکی و غیرملکی میڈیا کی موجودگی میں شفاف انداز میں ٹرائل کا عمل مکمل کیا جائے۔

کورکمیٹی کی جانب سے خواتین کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہماری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں نے اپنی جرات اور بہادری سے حقیقی آزادی کی تحریک کو جِلا بخشی ہے، ریاستی ادارے خصوصاً نظامِ انصاف ہماری بہادر خواتین کے بنیادی دستوری حقوق کے تحفّظ میں بُری طرح ناکام رہا ہے۔

عام انتخابات کے دوران بھی ہماری خواتین غیرمعمولی کردار ادا کریں گی اور ملک میں جاری لاقانونیت کے سلسلے کو شکست دے کر آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے اِک نئے دور کا خیر مقدم کریں گی۔ خواتین شہریوں کے بنیادی دستوری حقوق غصب کرنے اور انہیں انصاف سے محروم کرنے والوں کا کڑا محاسبہ عدالتِ عظمیٰ کی ذمے داری ہے۔

مظلوم اہلِ فلسطین کیخلاف اسرائیلی وحشت و بربریت کی جاری مہم کی مذمت اور بےگناہ انسانوں کی قتل و غارت گری کا سلسلہ بند کروانے کیلیے عالمی برادری کے ناگزیر کردار کے حوالے سے دوٹوک پالیسی کا بھی اعادہ کیا گیا۔

کور کمیٹی کے مطابق غزّہ میں عالمی قانون اور انسانی اقدار کے قتلِ عام کا جاری سلسلہ اہلِ عالم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اہلِ فلسطین کی بے رحم نسل کشی تہذیبِ انسانی کی موت کی علامت ہے۔

قبل اس سے کہ غزّہ انسانیت کے قبرستان میں بدل جائے، اہلِ عالم خصوصاً اقوامِ متحدہ عالمی دہشت گرد ریاست اسرائیل کو لگام ڈالنے کیلیے اقدام کرے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا

دوحہ: اسرائیل اور حماس کے مابین قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ 

اس حوالے سے عرب میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا کہ  دونوں فریقین نے اسرائیل کے زیر حراست فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے لیے حماس کے زیر حراست 100 قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے قطر کی جانب سے کوششیں جاری رہی تھیں جبکہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے مابین معاہدہ انسانی بنیادوں پر طے پایا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق حماس کے زیر حراست 241 اسرائیلی موجود ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں حماس نے 4 یرغمالیوں کو رہا کیا تھا۔

چاند کے پہلے انسانی مشن ’اپولو 8‘ کی قیادت کرنے والے خلاباز انتقال کرگئے

  واشنگٹن: چاند پر بھیجے جانے والے پہلے انسانی مشن اپولو 8 کی قیادت کرنے والے ناسا کے سابق خلا باز فرینک بورمین 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا ایجنسی نے اطلاع دی خلاباز فرینک بورمین کا انتقال بلنگز، مونٹانا میں 95 سال کی عمر میں ہوگیا ہے۔ مسٹر بورمین اور دو ساتھی خلا نورد پہلے انسان تھے جنہوں نے 1968 میں اپولو 8 مہم پر چاند کا دورہ کیا۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے مسٹر بورمین کا ناسا کے بہترین لوگوں میں سے ایک اور حقیقی امریکی ہیرو کے طور پر ذکر کیا جنہوں نے واقعی اپنے آپ کو اس کام کے لیے وقف کردیا تھا۔

ایڈمنسٹریٹر کا کہنا تھا کہ مسٹر بورمین کیلئے صرف ان کی اہلیہ سوزن تھیں جن سے ان کی محبت ہوا بازی اور خلائی مشنز سے بھی زیادہ تھی۔ مزید برآں فرینک کو معلوم تھا کہ طاقت کی تلاش اصل میں انسانیت کو متحد کرنے میں ہے، تحقیق ہی دراصل انسانی روح کا جوہر ہے۔

واضح رہے کہ اپولو 8 ایک اہم مشن تھا کیونکہ یہ پہلا موقع تھا جب انسان اپنے آبائی سیارے کے مدار سے نکل کر دوسرے خلائی مقام یعنی چاند تک پہنچا۔

اقتدار میں آیا تو ایف بی آئی کو مخالفین کیخلاف استعمال کرونگا، ٹرمپ کا اعلان

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ سال انتخابات میں کامیابی ملی تو اقتدار میں آکر ایف بی آئی کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال کروں گا۔

گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے کہ اگر وہ اگلے سال وائٹ ہاؤس واپس آتے ہیں تو وہ ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کو سیاسی حریفوں کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال کریں گے جس سے ان خدشات میں مزید اضافہ ہوگا کہ ٹرمپ کے لیے دوسری مدت صدارت کا کیا مطلب ہو سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ہسپانوی ٹیلی ویژن نیٹ ورک یونی ویژن کو انٹرویو دیا، جس میں میزبان نےان سے ان کے خلاف بنائے گئے مقدمات کے بارے میں پوچھتے ہوئے کہا آپ کہتے ہیں کہ انہوں (سیاسی حریفوں) نے محکمہ انصاف کو ہتھیار بنایا ہے، انہوں نے ایف بی آئی کو ہتھیار بنایا ہے۔ اگر آپ دوبارہ منتخب ہو جاتے ہیں تو کیا آپ بھی ایسا ہی کریں گے؟

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب دیا کہ انہوں نے جن کو باکس سے باہر چھوڑ دیا ہے، انہوں نے انتخابات جیتنے کے لیے فرد جرم عائد کی ہے، وہ اسے ہتھیار وں کا نام دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو چار مختلف مجرمانہ مقدمات کا سامنا ہے، جن میں دو مختلف وفاقی مقدمات بھی شامل ہیں جو خفیہ دستاویزات کے حوالے سے اور انتخابات کو منسوخ کرنے کی کوششوں سے متعلق ہیں۔ یہ دونوں مقدمات اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کی جانب سے مقرر کردہ محکمہ انصاف کے خصوصی وکیل جیک اسمتھ کی جانب سے دائر کیے گئے تھے۔

انٹرویو میں ٹرمپ نے سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا لیکن انہوں نے کچھ ایسا کیا ہے جس سے اگلی پارٹی کو اجازت ملتی ہے، میرا مطلب ہے کہ اگر میں صدر بن جاتا ہوں اور میں کسی ایسے شخص کو دیکھتا ہوں جو اچھا کام کر رہا ہے اور مجھے بری طرح پیٹ رہا ہے، تو میں کہتا ہوں کہ نیچے جاؤ اور ان پر فرد جرم عائد کرو، زیادہ تر وہ کام سے باہر ہو جائیں گے۔ وہ باہر ہوں گے وہ انتخابات سے باہر ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ واشنگٹن پوسٹ نے رواں ماہ کے اوائل میں خبر دی تھی کہ ٹرمپ اور ان کے اتحادی پہلے ہی اس بات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں کہ سابق اٹارنی جنرل بل بار اور ان کے سابق چیف آف اسٹاف جان کیلی سمیت ٹرمپ کے خلاف آواز اٹھانے والے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور انتقامی کارروائی کے لیے محکمہ انصاف کو کس طرح استعمال کیا جائے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ 2024 کی صدارتی نامزدگی کے لیے ریپبلیکن پارٹی کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں اور ابھی تک کوئی حریف انہیں سنجیدگی سے چیلنج کرنے کے لیے سامنے نہیں آیا ہے۔

آئی سی سی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت معطل کردی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت معطل کردی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت کو سیاسی مداخلت کے باعث معطل کیا گیا۔ بھارت کے خلاف شرمناک ہار کے بعد سری لنکا کے وزیر کھیل نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کو برطرف کردیا تھا.

پابندی ختم ہونے تک سری لنکا کی ٹیم کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے گی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مستقبل کے حوالے سے مزید اقدامات کا فیصلہ 21 نومبر کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ہوگا۔