لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کا کردار ہے، پی ٹی آئی

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے  میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن  کا ہاتھ ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی صدرِ مملکت کے بیانات کو آئین سے متصادم قرار دینے کی مذمو م کوشش کی شدید مذمت  کرتی ہے۔ دستور کی معین کردہ مدت گزرنے کے بعد غیرآئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر وزارت پر براجمان شخص کو صدرِ مملکت کو آئین کا درس دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے مسلسل محروم رکھنے میں نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کا شرمناک کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ تحریک انصاف کو سیاسی اجتماعات کی اجازت سے محروم رکھنے اور قائدین و کارکنان کی جبری گمشدگیوں میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والوں کو آئین کا ذکر کرنا زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے اپنے آئینی اختیارات کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے شفاف و منصفانہ انتخاب کا انعقاد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ دستور کا آرٹیکل 41 صدرِ مملکت کو ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کا پابند بناتا ہے۔

ترجمان کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹرعارف علوی پاکستانی تاریخ میں آئین کی روح کے عین مطابق اپنے فرائضِ منصبی سرانجام دینے والے واحد صدر ہیں۔ اس سے قبل نوز شریف کو دہی بھلے کھلانے اور ججز کو خریدنے کے لیے نوٹوں سے بھرے بریف کیس لے جانے والے مشہور اشخاص کو ریاست کے اہم ترین عہدے پر فائز کرنے کی شرمناک روایت قائم کی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں شفاف انتخاب کے انعقاد کے واحد کام کے لیے آنے والے نگراں وزیر کی جانب سے ریاست کے سربراہ کے آئینی کردار پر تبصرہ آرائی کسی صورت میں اسے زیب نہیں دیتی ۔ نگراں حکومت صدرِ مملکت کو آئین کا درس دینے کے بجائے ان کی ہدایات کے مطابق اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کوانتخابات سے قبل مساوی حقوق فراہم کرے اور قبل از انتخاب دھاندلی کے مذموم ایجنڈے میں سہولت کاری بند کرے۔

فیفا ورلڈکپ کوالیفائر؛ پاکستان فٹبال ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی

فیفا ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائر راؤنڈ 2 میں شرکت کیلئے پاکستان کی فٹبال ٹیم سعودی عرب پہنچ گئی۔

پاکستان اور میزبان سعودی عرب کا میچ جمعرات کو العشاء شہر کے پرنس عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم پر شیڈول ہے، دونوں ٹیمیں گروپ جی میں اردن اور تاجکستان کے ساتھ شامل ہیں۔

ہیڈ کوچ اسٹیفن کونسٹنٹینس کی زیرنگرانی قومی ٹیم نے سعودی عرب کے شہر دمام روانگی سے قبل ٹریننگ کی تھی۔

پاکستان کا اسکواڈ:

گول کیپر یوسف بٹ، سلمان الحق اور حسن علی، ڈیفینڈر عبداللہ اقبال، حسیب خان، مامون موسیٰ خان، محب اللہ، محمد سہیل، محمد صدام، جنید شاہ، راؤ عمر حیات اور محمد حمزہ منیر، مڈ فیلڈرز راہس نبی، عالمگیر غازی، رجب علی، علی عزیر، عمران کیانی اور ہارون حامد،فارورڈ شائق دوست، اوٹس خان، فرید اللہ، عبدالصمد ارشد، محمد ولید خان اور عدیل یونس شامل ہیں۔

ٹیم آفیشلز اسٹیفن کانسٹینٹین (ہیڈ کوچ)، راجیریو راموس (گول کیپر کوچ)، کلاڈیو الٹیری (پرفارمنس کوچ)، محمد علی خان (منیجر)، اعظم خان (ڈاکٹر)، محمد عبداللہ (فزیو)، حیدر علی (میڈیا) اور عبدالقیوم (مسیر) بھی اسکواڈ کاحصہ ہیں۔

واضح رہے کہ بیرون ملک سے آنے والے قومی کھلاڑی سعودی عرب میں پاکستان ٹیم کا حصہ بنیں گے۔

کراچی میں رواں سال نگلیریا سے 12 ویں موت کی تصدیق

  کراچی: محکمہ صحت سندھ نے رواں سال نگلیریا فولیری سے ہونے والی بارہویں موت کی تصدیق کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے مطابق نیگلیریا کے باعث اسکیم 33 گلشن معمار کا رہائشی 38 سالہ شخص انتقال کرگیا، مرحوم کو 7 نومبر کو بخار، سر درد اور اُلٹی کی علامات ظاہر ہوئیں تھی۔

نگلیریا سے جاں بحق شخص 8 نومبر تک گھر میں رہا اور تجویز کردہ ادویات استعمال کیں جبکہ 9 نومبر کو حالت تشویشناک ہونے پر متاثرہ شخص کو نجی اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا اور آئی سی یو وارڈ میں داخل کردیا گیا تھا۔

دل کی دھڑکن آہستہ ہونے کے باعث مریض کو وینٹیلیٹر پر ڈالا گیا،اسپتال انتظامیہ کی جانب سے طبی امداد کی فراہمی کے باوجود مریض جانبر نہ ہوسکا اور گزشتہ رات انتقال کرگیا۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ نیگلیریا فاؤلیری کی علامات میں سر درد، بخار، متلی، الٹی، گردن میں اکڑن، تبدیل شدہ ذہنی کیفیت اور دورے پڑنا شامل ہیں۔ نیگلیریا فاؤلیری دماغ کھانے والا امیبا ہے۔ اسے کلورین سے آسانی سے مارا جا سکتا ہے۔ شہری پانی کے ٹینکس میں عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے مطابق کلورین ملائیں۔

او آئی سی اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ریاض: سعودی عرب میں او آئی سی اور عرب لیگ کا غیر معمولی مشترکہ سربراہی اجلاس منعقد ہوا جسں میں سربراہان مملکت نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسرائیل سے محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا، غزہ میں قتل عام پر عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب لیگ کا مشترکہ ہنگامی اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوا، اجلاس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر اور دیگر ممالک کے سربراہان سمیت نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریاض میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔

اسرائیل غزہ پر اتنی بمباری کرچکا ہے جو سات ایٹم بم کے برابر ہے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ مارچ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی پر اتفاق کے بعد سے یہ ایرانی صدر کا پہلا دورہ سعودی عرب ہے۔ اس موقع پر ابراہیم رئیسی نے فلسطین کا روایتی  اسکارف کیفیہ بھی پہنا ہوا ہے۔

اپنے خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہمیں غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے، فلسطین امت مسلمہ کے فخر کا نشان ہے، اسرائیل غزہ میں بمباری کے ذریعے نئی نسل کو ختم کررہا ہے وہاں ہونے والا ظلم تمام عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے، اسرائیلی جارحیت سے 11 ہزار سے زائد نہتے شہری شہید ہوچکے ہیں، غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا ہے، میرا عالمی برادری سے سوال ہے کہ غزہ کے شہدا کا کیا قصور ہے، شہید خواتین کا کیا قصور ہے؟ ہمیں بتایا جائے شہید ہونے والے بچوں کا کیا قصور ہے؟

انہوں ںے کہا کہ امریکا فاشسٹ ملک ہے جو اسرائیل کی حمایت کرکے اسرائیل کے ساتھ جنگی جرائم میں شریک ہورہا ہے وہ غزہ کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل کو بڑے پیمانے پر جنگی ہتھیار اور رقومات فراہم کررہا ہے، ہمیں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا، اسرائیل غزہ پر اتنی بمباری کرچکا ہے جو سات ایٹم بم کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کے حوالے سے آج کا اجلاس بڑا اہم ہے اور یہ خطے کی تاریخ میں فیصلہ کن وقت ہے۔

ابراہیم رئیسی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کے جنگی جرائم کا مقابل کرنا ہوگا، خطے میں ہونی والے تمام کارروائیوں میں امریکا کا ہاتھ ہے اسی نے اسرائیلی مظالم کے لیے راہ ہموار کی، دہشت گرد اسرائیل فوری طور پر غزہ سے باہر نکل جائے۔

اسرائیل فوج غزہ کا محاصرہ ختم کرے، سیکریٹری جنرل او آئی سی

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں کا قتل عام بند کیا جائے، غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کرکے اسرائیل فوج غزہ کا محاصرہ ختم کرے۔

ہزاروں بچوں کے قتل پر افسردہ ہوں لیکن زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے، محمود عباس

فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی فوج پر گھمنڈ ہے کہ وہ ہمیں ختم کردے گا لیکن فلسطین کے عوام اسرائیل کی بدترین جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، میرا دل ہزاروں معصوم بچوں کے قتل عام پر بے حد افسردہ ہے لیکن اس سے زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے۔

محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیلی کی افواج کو جنگی جرائم کی عدالت میں لایا جائے۔

غزہ میں معصوم بچوں کی بکھری لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، طیب اردوان

ترک صدر طیب اردوان نے کہاکہ غزہ کی صورتحال پر مشترکہ اجلاس بلانے پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں، غزہ میں معصوم بچوں کی بکھری ہوئی لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، اسرائیلی قابض افواج نے فلسطینی بھائیوں پر ظلم کی انتہا کردی وہاں ہونے والے اسرائیلی مظالم ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی لیکن غزہ میں اسرائیلی بمباری اور اتنے بڑے قتل عام پر دنیا بھر کی خاموشی شرم ناک ہے، اسرائیلی حکام غزہ میں ہونے والے مظالم کے ذمہ دار ہیں۔

کون تصور کرسکتا ہے کہ 21ویں صدی میں اسپتالوں میں بمباری ہوگی، دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، امیر قطر

امیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ اسرائیل افواج کی غزہ میں اسپتالوں، شہریوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں، دنیا اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، غزہ میں ہونے والا قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں وہاں جو کچھ ہورہا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، کون تصور کرسکتا ہے کہ 21ویں صدی میں اسپتالوں میں بمباری ہوگی، اسرائیل کی جارحیت پرسکتہ طاری ہے دل ٹوٹے ہوئے ہیں، ہماری ریاست قطر فلسطینیوں کے مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ ہے۔

مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ پیش کرتے ہیں، انڈونیشیا

انڈونیشیا کے صدر جوکوویدودو نے کہاکہ اسرائیل سے عالمی قوانین کی پاس داری کا مطالبہ کرتے ہیں، انڈونیشیا مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ پیش کرتا ہے۔

یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں، غزہ کا محاصرہ ختم کرکے انسانی امداد کی اجازت دی جائے، محمد بن سلمان

سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب صدر محمد سلمان نے اجلاس کے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ پر جنگ کو مسترد کرتے ہیں اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں غزہ کا محاصرہ ختم کرکے انسانی امداد کی اجازت دی جائے، غزہ کی ناخوشگوار صورتحال پر مربوط اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

’’یا رسول اللہﷺ! ہمارے ٹکڑے ہوتے رہے اور امت تماشا دیکھتی رہی‘‘ فلسطینی بزرگ پوتے پوتیوں کی میتیں دیکھ کر جذبات پر قابو نہ کرپایا

مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست اسرائیل کے ایک ماہ سے زائد عرصے سے فلسطینی علاقوں خصوصاً پہلے سے محصور پٹی غزہ پر مسلسل حملے اور بم باری جاری ہے، جس میں شہدا کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

قابض اسرائیلی فوج کے غزہ پر پے در پے حملوں  اور دن رات مسلسل بم  باری کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد شامل ہے جب کہ وسیع پیمانے پر تباہی سے لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔

مغربی ممالک کی کھلی حمایت، عالمی اداروں اور انسانی حقوق تنظیموں کے دہرے رویے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیلی حکومت اور قا بض صہیونی فوج اسپتالوں، اسکول، پناہ گزیں کیمپوں، قافلوں  اور آبادیوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہی ہے۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی خاندان جام شہادت نوش کر چکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی بے شمار ہے

غزہ  پر اسرائیل کی تازہ بمباری میں ایک فلسطینی  بزرگ کے تمام پوتے اور پوتیاں شہید ہو گئے، اس موقع پر بزرگ نے شہدا کی میتوں پر روتے ہوئے انہیں مخاطب کیا اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات پر امت مسلمہ کی شکایت کرنے کو کہا، اس حوالے سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے بچوں کے دادا نے اپنے پوتے پوتیوں کی میتوں پر کھڑے ہوکر روتے ہوئے انہیں (شہدا کو) مخاطب کیا کہ ’’جب تمہاری اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات ہوگی تو ان سے کہنا کہ اے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کی امت نے غزہ والوں کو ناکام کیا۔ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم، مسلمانوں نے ہمیں ناکام کیا۔

بزرگ نے پوتے پوتیوں کی لاشوں کے پاس کھڑے رہتے ہوئے مزید کہا کہ ’’میرے پوتے پوتیو! اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم تک یہ پیغام ضرور پہنچانا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت نے غزہ والوں کو ناکام کیا۔ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، اس امت نے ہمیں ناکام کردیا۔ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے (اہل غزہ) کے ٹکڑے ہوتے رہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت تماشا دیکھتی رہی۔

مسجد اقصیٰ ریڈ لائن ہے، اپنی زمین کا تحفظ کرنیوالی حماس کو قابضین جیسا نہ سمجھاجائے: ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ ہمارے لیے ریڈ لائن ہے اور اپنی سرزمین کا تحفظ کرنے والی حماس کو قابضین جیسا نہ سمجھا جائے۔

سعودی عرب کی میزبانی میں مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی صورتحال پر مشترکہ عرب اسلامی اجلاس ریاض میں جاری ہے۔

مشترکہ عرب اسلامی اجلاس میں اسلامی ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔

اجلاس سے خطاب میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھاکہ اجلاس کے انعقاد کیلئے شاہ سلمان اور ولی عہد کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین کاز کیلئے واضح حمایت کا اظہار کرتے ہیں، غزہ پر اسرائیلی کے حالیہ ظلم اور تشدد کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اسرائیل اسکول، پناہ گزین کیمپ اور دیگر مقامات پر بدترین بمباری کر رہا ہے، شرمناک اقدامات کئی دہائیوں سے بار بار دہرائے جا رہے ہیں، اسرائیلی قابض فوج اور غیر قانونی آبادکاروں کے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ غزہ پر اسرائیلی بمباری پر پوری دنیا کی خاموشی شرمناک ہے، غزہ میں بچوں کی بکھری لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے لیکن غزہ میں ہزاروں اموات پردنیا میں کسی نےانگلی بھی نہیں اٹھائی، اسرائیلی قابض فوج نے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کردی۔

جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ غزہ میں عارضی نہیں مستقل جنگ بندی کی جائے، جنگ میں انسانی وقفہ کافی نہیں، مستقل جنگ بندی کی جائے، اسرائیل اور اسرائیلی حکام کو غزہ میں جرائم کاذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ اسرائیل غزہ میں جنگ کے نقصانات کا ازالہ کرے، اسرائیل کے جوہری ہتھیار خطے کیلئے خطرہ ہیں، آئی اے ای کو بھی ایٹمی طاقت اسرائیل کے اس اقدام کا نوٹس لینا چاہیے۔

ترک صدر کا کہنا تھاکہ فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم کبھی نہیں بھولیں گے، پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی، مسجد اقصیٰ ہمارے لیے ریڈ لائن ہے ، اپنی سرزمین کاتحفظ کرنے والی حماس کو قابضین جیسا نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی باتیں کرنے والے مغربی ممالک کی فلسطین میں قتل عام پرخاموشی شرمناک ہے۔

زیادہ مزدوری مانگنے پر شہری نے گن پوائنٹ پر پلمبر کو یرغمال بنا لیا

مالاگا: اسپین میں ایک شہری نے اپنے گھر میں آئے پلمبر کو اس وقت ڈاکے کا الزام عائد کرکے گن پوائنٹ پر یرغمال بنالیا جب اس نے پائپ ٹھیک کرنے کے بعد زیادہ مزدوری کا مطالبہ کیا۔

اسپین کے شہر مالاگا میں ایک مقامی شخص کو بندوق کی نوک پر پلمبر کو یرغمال بنانے پر گرفتار کیا گیا۔ تحقیق پر پتہ چلا کہ پلمبر نے گھر کا پائپ ٹھیک کرنے کے بعد مزدوری کا مطالبہ کیا جو ملزم کے نزدیک زیادہ تھی اور اس نے پلمبر پر ڈاکا ڈالنے کا الزام عائد کرکے اسے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔

واقعے کے مطابق نامعلوم پلمبر کو ایک شہری کی طرف سے کال موصول ہوئی جس میں اس کے گھر میں پانی کے ٹوٹے ہوئے پائپ میں مدد کی درخواست کی گئی۔ پلمبر نے اس شخص کے گھر پہنچ کر اور مسئلے کو دیکھ کر لاگت کا تخمینہ دیا جس سے آدمی غصے میں آگیا اور گن لاکر اس نے پلمبر پر تان لی اور قتل کی دھمکی دی۔

حملہ آور کے پڑوسیوں نے اپارٹمنٹ کی کھڑکیوں سے اونچی آوازیں سننے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔ جب پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور شہری سے یرغمالی کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا تو شہری نے انکار کر دیا اور دھمکی دی کہ اگر کوئی اس کے قریب بھی آیا تو وہ پاس رکھے سلینڈر کو دھماکے سے اڑا دے گا۔

تاہم پولیس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو غیرمسلح کرکے اسے فوری طور پر گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف مضبوط شواہد ہیں جس کی بنیاد پر ملزم کو طویل مدتی قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دنیائے طب میں پہلی بار مکمل آنکھ کا کامیاب ٹرانسپلانٹ

ارکنساس: امریکی ریاست آرکنساس میں بجلی کے شدید جھٹکے سے جیمز نامی شہری کا چہرہ اور اس کی آنکھ بری طرح متاثر ہوئی جس کے بعد دنیا میں پہلی بار مکمل آنکھ کا ٹرانسپلانٹ کردیا گیا۔

21 گھنٹے کی سرجری میں نیویارک کی لینگون ہیلتھ سرجیکل ٹیم نے ایک عطیہ دہندہ کی طرف سے بائیں آنکھ اور چہرے کے ایک چھوٹے سے حصے کو 46 سالہ فوجی تجربہ کار آرون جیمز پر ٹرانسپلانٹ کیا جو ایک حادثے میں ہائی وولٹیج سے بچ تو گئے تھے لیکن چہرہ بری طرح متاثر ہوا تھا۔

جیمز نے لینگون کی ایک نیوز ریلیز میں کہا کہ میں عطیہ دہندگان اور اس کے اہل خانہ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے مشکل کے وقت زندگی میں دوسرا موقع دیا, مجھے امید ہے کہ خاندان کو یہ جان کر تسلی ملے گی کہ عطیہ دہندگان کا ایک حصہ میرے ساتھ ہی ہے۔

انہوں نےمزید  کہا، “مجھے امید ہے کہ میری کہانی چہرے اور آنکھوں کی شدید چوٹوں کا سامنا کرنے والوں کے لیے حوصلہ اور پُرامید ثابت ہوگی”۔

غزہ میں اوسطاً ہر10منٹ میں ایک بچہ مارا جاتا ہے، ڈبلیو ایچ او

اسرائیلی فورسز کی غزہ کے الشفا اور انڈونیشین اسپتال پر بدترین بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے، شہدا کی تعداد11 ہزار سے تجاوز کرگئی، غزہ کی پٹی میں اوسطاً ہر 10 منٹ میں ایک بچہ مارا جاتا ہے۔

صیہونی فورسز نے الشفا سمیت دیگر اسپتالوں پر زمینی کارروائی کی تیاری کرلی ہیں، بمباری کی وجہ سے احاطے میں موجود ڈاکٹرز اورعملے نے شیلٹرز میں پناہ لی ہوئی تھی، حملوں میں مزید 260 فلسطینی شہید، جبکہ 29000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

بمباری کاشکار ہونے والے بچوں کی تعداد 4500 سے زائد ہے، جبکہ 1500 سے زائد بچےلاپتہ ہیں، غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران 42 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔

جنگ کے دوران غزہ میں 198 ہیلتھ ورکرزاسرائیلی بمباری کا شکار ہوئے،21 اسپتال اور47 ہیلتھ مراکزغیرفعال ہیں، جبکہ اسرائیل نے صحت کے135 مراکزکو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کی مسلسل انخلا کی دھمکیوں کے نیتجے میں ایک لاکھ سے زائد فلسطینوں نے دو دن میں نکل مکانی کی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اوسطاً ہر 10 منٹ میں ایک بچہ مارا جاتا ہے، کہیں بھی کوئی محفوظ نہیں ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں صحت کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، 36 اسپتالوں میں سے نصف کام نہیں کر رہے ہیں، اسپتالوں کی راہداریاں زخمیوں اور بیماروں سے بھری پڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں بے گھر افراد اسپتالوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں، صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے لیکن پھر بھی کسی نہ کسی طرح زندگی بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ٹک ٹاکر علیزہ سحر نے شوہر کے ہمراہ اسلحہ کی نمائش کردی، ویڈیو وائرل

حاصل پور کی رہائشی ٹک ٹاکر علیزہ سحر نے شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ جدید اسلحہ کی نمائش کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

علیزہ سحر نے شادی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ جدید اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ علیزہ سحر اور اس کا خاوند پسٹل اور جدید رائفل ہاتھ میں تھامے بیٹھے ہیں۔

شوشل میڈیا پرجدیداسلحے کی نمائش قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے یہ کھلا چیلنج ہے، شہریوں نے آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ٹاک ٹاکر علیزہ سحر کی ایک نازیبا وڈیو لیک بھی ہوئی تھی جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر کافی زیر بحت رہا تھا۔

علیزہ سحر نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ویڈیو لیک ہونے کا 3 دن پہلے پتہ چلا تھا جس کے بعد میں اگلے دن ایف آئی اے سائبر کرائم ملتان کے پاس گئی جنہوں نے میرے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا سیاست مکمل طور پرچھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سیاست سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ ایک دہائی سے زیادہ عوامی زندگی گزارنے کے بعد سیاست کو مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ عوامی سطح پر پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میں ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں۔ ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

پی ٹٰی آئی رہنما نے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے عوامی زندگی میں میرا ساتھ دیا۔ خاص طور پر این اے 54 کے ووٹرز اورٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے 2 بار منتخب کیا۔ حلقے کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ اللہ پاک پاکستانی قوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

9 مئی واقعات کیس: شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں توسیع

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید رشید کی 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے درج مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے شیخ رشید پر 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے درج مقدمے کی سماعت کی۔

شیخ رشید احمد اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ سپلیمنٹری میں نام ڈالا ہے، شیخ رشید کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کی گاڑیاں بھی اٹھا لیں۔

اس پر عدالت نے ریماکرس دیئے کہ پانچ ہزار روپے مچلکے جمع کرا دیں، شیخ رشید نے کہاکہ جو مچلکے جمع کراتے ہیں ان کو بھی اٹھا لیتے ہیں، آج تو بینک بند ہیں۔

جج نے ریمارکس دیےکہ شیخاں والی گل کردی جس پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگ گیا، بعدازاں عدالت نے سابق وزیر داخلہ کی عبوری ضمانت میں 25 نومبر تک توسیع کر دی۔

رہنما ن لیگ عطا تارڑ تھانہ علی پور چٹھہ حملہ کیس میں بری

تھانہ علی پور چٹھہ حملہ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ کو باعزت بری کر دیا گیا۔

وزیرآباد کی مقامی عدالت کے سول جج محمد آصف نے عطا اللہ تارڑ کو مذکورہ کیس سے بری کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔

واضح رہے کہ عطاء تارڑ اور ان کے ساتھیوں پر 25 جولائی 2021 کو آزاد کشمیر الیکشن کے دوران جھگڑے، پولیس اہلکاروں کی وردی پھاڑنے سمیت تھانے پر حملے کے الزامات پر مقدمہ درج ہوا تھا۔

اس موقع پر عطاء تارڑ نے کہا مقدمہ شیخ رشید اور فواد چوہدری کی ایما پر درج کیا گیا تھا، مجھے تین سال جیل میں رکھنے کا کہنے والے آج خود سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دیگر جماعتوں سے اتحاد کی باتیں قبل از وقت ہیں، یہ فیصلہ قیادت نے کرنا ہے، انتخابات کی صورتحال 30 نومبر کے بعد واضح ہوگی، البتہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوتے نظر آ رہے ہیں۔