بھارتی ہیکرز کی سائبر دہشتگردی کا سلسلہ جاری

نئی دہلی: ہندوستانی ہیکرز مختلف ممالک پر جاسوسی اور دہشتگردی کی مد میں سائبر حملے کر چکے ہیں۔

ہندوستانی ہیکرز سائبر حملوں سے دوسرے ممالک کی حساس معلومات کو اپنے مذموم ارادوں کے لئے استعمال کرتا ہے۔ کینیڈا اور فلسطین کے اکاؤنٹس پر بھی ہندوستانی ہیکرز سائبر حملوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔

اکتوبر 2023 کو سابق بحریہ کے افسران کو قطر میں اسرائیل کے لئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی گئی تھی۔ 26 اکتوبر کو ہندوستانی ہیکر گروپ نے سابق بحریہ کے افسران کی سزا کے فیصلے کے بعد سائبر حملے سے جوابی کارروائی کی دھمکی جاری کی۔

ہندوستانی ہیکرز نے بحریہ کے سابق افسران کی سزائے موت کا بدلہ لینے کے لیے قطر پر سائبر حملے شروع کر دیئے۔ انڈین فورس نے تصدیق کی تھی قطر کے سرکاری پورٹل پر ہندوستان کا سائبر حملہ دو گھنٹے تک جاری رہا۔

7 نومبر 2023 کو ہندوستان نے اپنی سابقہ ​​وارننگ کو پورا کرتے ہوئے قطر پر کئی سائبر حملوں کو انجام دینے کا دعویٰ کیا۔ قطر نے ہندوستانی ہیکرز پر اپنی غیر مجاز سرور تک رسائی، لیک کریڈینشل ڈیٹا، ویب سائٹس کو خراب کرنے جیسے حملوں کا بھی الزام لگایا۔

ہندوستانی ہیکرز نے قطر کے سی سی ٹی وی کیمرہ ویب سرورز کی بھی خلاف ورزی کی۔ ہیکرز کے گروپ انڈین سائبر فورس نے قطر کے اہم سرکاری ای کامرس سسٹمز پر ایک جدید ترین سائبر حملہ بھی کیا اور قطر کی اہم تنظیموں کے ڈیٹا کو لیک کیا۔ پرو انڈیا گروپ کے ہیکرز نے قطر کی ایک شاپنگ ویب سائٹ کو ہیک کیا۔

اس سے قبل اسی ہیکر گروپ نے کینیڈا کی سرکاری ویب سائٹس اور فلسطینی ویب سائٹس کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔ ہندوستانی ہیکرز گروپ کا ہدف کینیڈا کی ویب سائٹس پر ہردیپ سنگھ نجار کے قتل پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے تبصرے کا جواب دینا تھا۔

اسرائیل اور حماس جنگ کے آغاز کے بعد ہندوستانی ہیکرز گروپ نے حماس کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ کیا۔

کیا دوسرے ملک کے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہندوستانی ہیکرز اور منفی پروپیگنڈا پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بین الاقوامی قوانین کے تحت مکمل پابندی نہیں عائد ہونی چاہئے؟ ہندوستانی ہیکرز انتہائی غیر قانونی عمل سرانجام دے رہے ہیں کیا اب ان کو روکنے کا وقت نہیں؟۔

وزیراعظم سے کویت کے ولی عہد کی ملاقات، فلسطین بارے گفتگو

ریاض:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے دورہ سعودی عرب کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ فلسطین میں جاری تنازع پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور محاصرے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، شہریوں کے بنیادی حقوق، انفراسٹرکچر کی تباہی اور بھاری جانی نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی، محاصرے کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اسرائیل کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لئے فلسطین کے لئے پاکستان کے دیرینہ اصولی مؤقف کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا ذکر کیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے کویتی ولی عہد کو خصوصی سرمایہ کاری کونسل سے متعلق آگاہ کیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے ولی عہد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، ولی عہد نے پیغام کویت کے متعلقہ حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔

کویت کے ولی عہد نے کویت کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا۔

ورلڈکپ میں ناقص پرفارمنس؛ رمیز راجا نے بورڈ پر تنقید کے نشتر چلادیئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے ورلڈکپ 2023 سے قومی ٹیم کے باہر ہونے پر صحافیوں اور بورڈ پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔

سوشل میڈیا پر اپنے چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر رمیز راجا نے کہا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئی بال پر جب ہمارے گیندباز وکٹیں نہیں لیں گے تو بابراعظم کپتانی کیا کرے گا؟۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران بورڈ نے کپتان اور عہدیدار کی واٹس ایپ چیٹ لیک کردی، جنہیں کرکٹ کی سمجھ نہیں ہے! انہیں عہدے بانٹے جائیں گے تو ایسے نتیجے دیکھنے کو ملیں گے۔

رمیز راجا نے کہا کہ ٹیم کی ناکامی کے بعد بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران سابق کرکٹرز کا مجمع لگاکر پوچھیں گے آپ بتائیں کرکٹ کیسے ٹھیک ہوگی؟، کپتان بدلنے اور کوچنگ اسٹاف فارغ کرنا کوئی بہت بڑا کام نہیں۔

سابق کرکٹر نے پی سی بی کی خبریں لیک ہونے کے معاملے پر صحافیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے کچھ افراد کو فیورٹ بنایا ہوا ہے، جو پاکستان کرکٹ کا بیڑا غرق کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان کے دور میں سابق چیئرمین رمیز راجا کو بورڈ کا عہدہ دیا گیا تھا جبکہ ایک میگا ایونٹ میں بھارت کے خلاف میچ میں وزیراعظم کی ہدایت نہ ماننے پر سرفراز احمد کو کپتانی کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا بعدازاں انکی 4 سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی تھی۔

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد بابراعظم کو رمیز راجا نے قیادت کے فرائض سونپے تھے جبکہ صحافیوں سے بدسلوکی کے متعدد واقعات بھی انہیں کے دور میں پیش آئے تھے۔

‘اسرائیل فلسطین’ پوسٹ تنازع، عائزہ خان نے معافی مانگ لی

کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عائزہ خان نے فلسطین کے حق میں پوسٹ نہ کرنے کی وجہ سے شدید تنقید کے بعد اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی۔

گزشتہ ایک ماہ سے اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں 12 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف جہاں دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں تو وہیں انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی اداکارہ عائزہ خان کی خاموشی نے اُن کے مداحوں کی محبت کو نفرت میں تبدیل کردیا۔

مداحوں نے عائزہ خان کی وجہ پوچھی تو اداکارہ نے کہا کہ اُن کے نزدیک دعا کرنا روزانہ پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ دُعا کریں اور دوسروں پر انگلی اُٹھانے اور ایک دوسرے پر الزام لگانے سے گریز کریں۔

اس پوسٹ کے بعد عائزہ خان کو مداحوں کے ہاتھوں ایک بار پھر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد عائزہ نے اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ سے پوسٹ ہی ڈیلیٹ کردی۔

تاہم، اب عائزہ خان نے اس تمام تر معاملے سے متعلق اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک تفیصلی نوٹ جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے وضاحت دیتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔

شمالی وزیرستان: اتمانزئی جرگہ کا پاک فوج، حکومت کیساتھ ملکر پولیو مہم چلانے کا اعلان

اسلام آباد / پشاور: شمالی وزیرستان میں اتمانزئی جرگہ نے پولیو جیسی مہلک بیماری کے تدارک کے لیے پاک فوج اور حکومت کے ساتھ ملکر مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔

پاک فوج، خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ملکر اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شمالی وزیرستان سمیت دیگر ضم شدہ اضلاع میں پولیو وائرس مکمل خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے۔

اتمانزئی جرگہ، شمالی وزیرستان کے معتبر اور سینیئر مشران پر مشتمل ایک علاقائی کمیٹی ہے۔ جرگے کے اعلان سے شمالی وزیرستان میں آنے والی نسلوں کو پولیو جیسے مہلک مرض سے بچایا جا سکے گا۔
اتمانزئی جرگہ نے یہ بھی کہا کہ آئندہ بھی علاقے کے لوگ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر خوشحالی اور ترقی میں حصہ لیں گے۔

اتمانزئی جرگہ نے سیکیورٹی فورسز اور حکومتی اداروں کا مقامی لوگوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور پولیو آگاہی مہم میں مثبت کردار ادا کرنے پہ بھی شکریہ ادا کیا۔

پولیو سے پاک وزیرستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

حالیہ بارشوں سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس کافی نیچے آگیا

لاہور: حالیہ بارشوں کے بعد لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کافی نیچے آگیا جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے ایئر کوالٹی انڈیکس جاری کیا ہے جس کے مطابق لاہور کالج فور وومن یونیورسٹی میں اے کیو آئی 184ریکارڈ کیا گیا جبکہ شاہین ویلز فیز ٹو اور لاہور فیصل آباد بائی پاس روڈ شیخوپورہ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 167 ریکارڈ کیا گیا۔

ٹاؤن ہال لاہور میں اے کیو آئی 161، پنجاب یونیورسٹی لاہور کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمینٹل سائنسز میں 121 اور شالے ویلی رینج روڈ راولپنڈی پر اے کیو آئی 97ریکارڈ کیا گیا۔
یہ ڈیٹا گزشتہ 24 گھنٹے کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی دوسرے اور لاہو چوتھے نمبر پر ریکارڈ کیا گیا۔

حکومت ورلڈ بینک کے فنڈڈ منصوبوں پر پیش رفت میں ناکام

اسلام آباد: ورلڈ بینک کی جانب سے اسپانسر کیے جانے والے6.7 ارب ڈالر مالیت کے نصف سے زائد وفاقی منصوبوں پر پیش رفت غیر تسلی بخش ہے جب کہ ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں ان منصوبوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے منصوبوں پر پیش رفت کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔

ورلڈ بینک نے وزارت معاشی امور کے ساتھ مل کر 6.7 ارب ڈالر کے20 منصوبوں کا جائزہ لیا ہے، حکام کے مطابق جائزے میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف 2.9 ارب ڈالر کے منصوبے ٹریک پر پائے گئے ہیں،3.4 ارب ڈالر کے منصوبوں پر پیش رفت جزوی طور پر اطمینان بخش پائی گئی ہے جبکہ 453 ملین ڈالر کے منصوبوں کو مسائل کا شکار قرار دیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ بے قاعدگیاں واپڈا کے محکمے میں پائی گئی ہیں، جس پر دہائیوں سے ریٹائرڈ جرنیل حکمرانی کر رہے ہیں، اس کے علاوہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی، ایف بی آر، وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک سے متعلق منصوبے بھی مسائل کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے ان منصوبوں سے حاصل ہونے والے فوائد میں تاخیر ہوئی ہے۔

جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے رواں سال جولائی میں بلوچستان میں سیلات متاثرین کی بحالی کیلیے ورلڈ بینک سے 213 ملین ڈالر کا قرضہ لیا تھا، لیکن تاحال پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ غیر فعال ہے اور فنڈز وصولی کیلیے کوئی بینک اکاؤنٹ بھی نہیں کھولا گیا ہے، جس کی وجہ سے ابھی تک ورلڈ بینک سے ایک پائی بھی وصول نہیں کی جاسکی ہے۔

پاکستان نے2019 میں ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلیے ورلڈ بینک سے400 ملین ڈالر کا قرضہ لیا تھا، لیکن منصوبے پر عمل نہ کیا جاسکا اور ایک بار پھر دونوں فریق منصوبے کو ری اسٹرکچر کر رہے ہیں،137 ارب ڈالر کا اسٹیٹ بینک کا فنانشل انکلوژن اینڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ جس کو دسمبر 2022 میں مکمل ہونا تھا، دو بار توسیع حاصل کرچکا ہے۔

اسی طرح پبلک فنانشل منیجمنٹ اینڈ اکاؤنٹیبلیٹی کا 380 ملین ڈالر کا منصوبہ دو بار توسیع کے بعد لیپس ہوچکا ہے، 340 ملین ڈالر کی نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کی اسکیم سست روی کا شکار ہے، مہاجرین کی دیکھ بھال کیلیے ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلیے 50 ملین ڈالر کا جاری منصوبہ بھی دستاویزاتی معاملات کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔

اسی طرح ایجوکیشن سیکٹر میں کووڈ 19 کے اثرات سے نمٹنے کا 200 ملین ڈالر کا منصوبہ، 460 ملین ڈالر کا خیبرپاس اکنامک کوریڈور کا منصوبہ، تربیلا ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی صلاحیت بڑھانے کا 1.1 ارب ڈالر کا منصوبہ، 390 ملین ڈالر کی ٹنل فائیو اسکیم، 588 ملین ڈالر کا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کے 425 ملین ڈالر کے منصوبے سمیت متعد ایسے منصوبے ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر تعطل کا شکار ہیں۔

شرجیل میمن کے بیٹے کا ولیمہ سیاسی ملاقاتوں میں تبدیل

پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے بیٹے شادی کی تقریب میں سیاسی حریف ایک دوسرے سے بغل گیر ہوگئے، اور ولیمے میں سیاسی گفتگو چلتی رہی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اس وقت کراچی میں موجود ہیں اور انتخابات سے قبل جوڑ توڑ کی کوششوں میں مصروف ہیں، گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق سمیت دیگر رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما شرجیل میمن کے بیٹے راول شرجیل کی شادی میں شرکت کی۔

ولیمے کی تقریب اس سیاسی ملاقاتوں میں تبدیل ہوگئی جب روزانہ ایک دوسرے کو آڑے ہاتھوں لینے والے بغل گیر ہوئے، اور دلچسپ مکالمے ہوئے۔

ایاز صادق، سعد رفیق اور شرجیل میمن کےدرمیان دلچسپ مکالمہ ہوا اور ایاز صادق نے شرجیل میمن سے کہا کہ خورشید شاہ کہاں ہیں، میں اپنوں میں بیٹھنا چاہتا ہوں۔

تقریب میں شریک پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے بشیر میمن کو دیکھ کر آواز لگائی پکڑو پکڑو، اور بشیر میمن کو نئے لیڈر کے نام سے مخاطب کیا۔ جب کہ شرجیل میمن نے بشیرمیمن کا ہاتھ پکڑ کر کہا کہ ہم ایک ہیں۔

تقریب میں شریک محسن نقوی بشیر میمن سے ہاتھ ملاتے ہوئے
ایاز صادق نے ازراہ مذاق جملہ کہا میں پی پی رہنماؤں کے خلاف سازش کرسکتا ہوں، لیکن ہم گالیاں نہیں دیں گے۔ جس پر میر شاہ نے کہا کہ آج رات مل کر بیٹھتے ہیں آپ سازش کل کرنا۔

تقریب میں سعد رفیق اور خورشید شاہ مسلسل سرگوشیاں کرتے رہے۔

فلسطین کیلئے لندن میں 3 لاکھ افراد کا مارچ

وسطی لندن میں 3 لاکھ سے ذائد افراد نے فلسطینیوں کے حق میں مارچ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے تقریباً 100 افراد کو گرفتارکر لیا تاکہ انہیں مرکزی ریلی میں خلل ڈالنے سے روکا جاسکے، کچھ نے افسران پر بوتلیں پھینکیں تھیں۔

لندن کے میئر صادق خان اور اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے وزیر داخلہ سویلا بریورمین پر تنقید کی اور ان کے پہلے ریمارکس سے منسوب کرتے ہوئے پولیس پر ”فلسطین کے حامی ہجوم“ کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔

پولیس کے مطابق فلسطینی حامی ریلی میں بہت زیادہ ٹرن آؤٹ تھا اور اب تک اس سے متعلق کوئی بد نظمی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

پولیس نے کہا کہ ہم اسے ہونے سے روکنے کے لیے اپنے پاس موجود تمام طاقتوں اور حربوں کا استعمال کریں گے۔

قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 سابق ارکان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 سابق ارکان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر 5 سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔

سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ اس کے علاوہ سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نواز نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، شیخ فیاض الدین، عطا اللہ تارڑ، رانا ارادت حسین اور احمد رضا مانیکا، آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمیٰ بخاری بھی موجود تھے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں اور آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ، مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم وملزوم ہیں، قائد نوازشریف کا ہر دور تعمیر، ترقی اور عوامی خوش حالی کا دور ہے۔

مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے اراکین نے پارٹی قائد نوازشریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی روایت رہی ہے، نوازشریف کی قیادت میں عوام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردارادا کریں گے۔

اوآئی سی کا اجلاس؛ سلامتی کونسل پرغزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم

ریاض: وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ کی صورتحال پر سعودی عرب میں او آئی سی اور عرب لیگ کے غیر معمولی مشترکہ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیحدہ فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلےکا واحد حل ہے، سلامتی کونسل پرغزہ میں قتل عام رکوانےکی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ 

اس موقع پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 70 سال قبل اقوام متحدہ نے قرارداد کےذریعے مسئلہ فلسطین کےحل کا فیصلہ کیا، غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری روکا جائے، ناانصافی اورمعصوم شہریوں کا قتل عام مزید تنازعات جنم دے گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ پراسرائیلی بمباری سے ہسپتال، اسکول، یواین دفاتربھی محفوظ نہ رہے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی پرزورمذمت کرتا ہوں، پاکستان 1967 کی سرحدوں کےمطابق ریاست فلسطین کے قیام کاحامی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں فوری انسانی ہمدردی کےتحت امدادکی فراہمی یقینی بنائی جائے، پاکستان نے2 طیاروں پرمشتمل امدادغزہ بھجوائی۔

وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی ان ظالمانہ کاروائیوں اور غزہ کے غیر انسانی و غیر قانونی محاصرے کو غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں، بڑے پیمانے پر تباہی اور نقل مقانی کا ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج فلسطین میں بین الاقوامی انسانی قوانین اور انسانی حقوق کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں اسرائیلی افواج کا مسلسل اور بلاتفریق نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم ہے.

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کیلئے اسکا محاسبہ کرے، فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی، غزہ کے محاصرے کو ختم اور غزہ کے لوگوں تک امداد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے.

نئے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے مشاورت، گورنر خیبرپختونخوا نے اجلاس بلالیا

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال گرگئے۔ ان کی وفات کے بعد صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیسے ہوگا، ذمہ داروں نے سر جوڑ لیے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اہم اجلاس بلا لیا ہے۔ جس میں لیگل ٹیم اور صوبے کے انتظامی امور چلانے والے افراد شریک ہیں۔

گورنرغلام علی کا کہنا ہے کہ جائزہ لے رہے ہیں کہ اعظم خان کے انتقال کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیسے ہوگا۔

خیبرپختون خوا کے گورنر نے مزید کہا کہ اہم امور پر مشاورت کیلئے ایڈووکیٹ جنرل سمیت قانونی اور آئینی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اعظم خان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں پڑانگ چارسدہ میں ادا کی گئی جس کے بعد انھیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ انھوں نے سوگوران میں 2 بیٹے اور ایک بیوہ چھوڑے ہیں۔

اعظم خان نے نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف 21 جنوری 2023 کو اٹھایا تھا۔

اعظم خان 4 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک کے پی کے وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ جب کہ انہوں نے سیکرٹری پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کی خدمات بھی سرانجام دیں۔

اعظم خان ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کے انتقال کے بعد سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صوبے کا انتظام اب کسطرح چلے گا، نئے نگراں وزیراعلیٰ کا انتخاب کس طرح ہوگا اور ان کی کابینہ کا کیا بنے گا۔

ان سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے ماہر قانون حافظ احسان نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیونکہ نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان انتقال کر گئے ہیں اس لیے ان کی کابینہ بھی خودکار طریقے سے تحلیل ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’جب چیف منسٹر ہی نہیں رہا تو اس کی کابینہ بھی ایگزسٹ (وجود) نہیں کرتی‘۔

حافظ احسان کا کہنا تھا کہ کسی کے خلاف اعتماد کا ووٹ کامیاب ہوجائے، وزیراعلیٰ مستعفی ہوجائے یا اس کا انتقال ہوجائے، تینوں ہی صورتوں میں سب سے پہلا کام جو ہوگا وہ یہ کہ کابینہ تحلیل کردی جائے گی۔

ورلڈکپ سیمی فائنل میں نہ پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کی وطن واپسی کا شیڈول جاری

بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کرنے والی پاکستان ٹیم کی وطن واپسی کا شیڈول جاری کردیا گیا، قومی کرکٹرز اور آفیشلز ٹولیوں میں کولکتہ سے براستہ دبئی وطن لوٹیں گے۔

بھارت میں ہونے والے میگا ایونٹ میں قومی اسکواڈ کا سفر تمام ہوگیا، بھارت سے قومی کرکٹرز اور آفیشلز 12 نومبر (اتوار) کو کولکتہ سے 2 مختلف پروازوں سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گے۔

کھلاڑی 13 نومبر کو دبئی سے سیالکوٹ، اسلام آباد اور لاہور پہنچ کر اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔

فاسٹ بولر حسن علی بھارت میں اپنے سسرال میں قیام کریں گے اور 22 نومبر کو بھارت سے وطن لوٹیں گے جبکہ ڈائریکٹر مکی آرتھر بھارت سے دبئی پہنچ کر 3 روز قیام کریں گے اور ان کی 16 نومبر کو لاہور آمد ہوگی۔