فرحت شہزادی کا لیگی رہنما عطا تارڑ کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی نے رہنما ن لیگ عطاء اللہ تارڑ کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بجھوا دیا۔

فرحت شہزادی نے وکیل اظہر صدیق کی وساطت سے عطاء تارڑ کو لیگل نوٹس بھجوایا جس میں کہا گیا کہ عطاء تارڑ نے میڈیا پر اثاثوں کے حوالے سے من گھڑت الزامات لگائے۔

نوٹس کے متن کے مطابق عطاء تارڑ نے الزامات کے کوئی شواہد نہیں دیے، فرحت شہزادی کے تمام اثاثے ڈکلئیرڈ ہیں، عطاتارڑ نے الزامات عائد کرکے ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی۔

فرحت شہزادی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اگر عطاء تارڑ نے معافی اور ہرجانہ ادا نا کیا تو عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

ٹیکس نظام میں بہتری کیلیے ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے، نگران وزیراعظم

اسلام آباد / چارسدہ: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ٹیکس نظام میں بہتری کیلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر قرار دیدیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ صدارت کریں گے۔ اجلاس میں6 نکاتی ایجنڈے سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے پانچویں دور سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا، حج پالیسی 2024ء پھر پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں بینکوں کو مالی سال 2021ء تا 2022ء میں زرمبادلہ پر غیر معمولی منافع پر ٹیکس، پاکستان بزنس ویزہ آن لائن لسٹ میں مزید ممالک شامل کرنے کی منظوری لی جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر کونسل کے بجٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف 9 ہزار 415 ارب کے سالانہ ٹیکس ہدف پر رضامند، منی بجٹ نہیں آئے گا

انوارالحق کاکڑ نے ایک اجلاس میں ٹیکس نظام میں بہتری کیلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر قراردیا اسمگلنگ پرقابو پانے کیلئے تندہی سے کام کرنا ہو گا۔ ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے فریقین سے مشاورت کی جائے،جس میں تمام اداروں کی تجاویز شامل کی جائیں۔

نگران وزیراعظم سابق نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا اعظم خان کی رہائش گاہ پر گئے۔ انھوں نے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

قائد ن لیگ نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف آج کوئٹہ روانہ ہوں گے

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہبازشریف آج کوئٹہ روانہ ہوں گے جہاں ان کی بہت سے اہم سیاسی قائدین کی ملاقات ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف آج کوئٹہ روانہ ہوں گے، جب کہ مریم نوازاور دیگر پارٹی رہنما بھی ہمراہ ہوں گے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے بعد نوازشریف پہلی بار بلوچستان جارہے ہیں، وہ صوبے کے اہم سیاسی قائدین سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور قائدن ن لیگ پارٹی کے اہم تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر سے بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعت بننے جارہی ہے، اور ن لیگ بلوچستان کے سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے دعویٰ کیا ہے کہ بڑی سیاسی شخصیات ن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق صوبائی وزراء میں سردار عبدالرحمان کھیتران، محمد خان طور اتماخیل، محمد خان لہڑی، عبدالکریم نوشیروانی، نواب چنگیز مری، نور محمد دمڑ، عبدالغفور لہڑی، سردار مسعود لونی، ڈاکٹر ربابہ بلیدی، مجیب الرحمان محمد حسنی سمیت دیگر سابق وزراء شامل ہیں۔

سحر گل خلجی سمیت سینیئر سیاست دان اراکین اپنی باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

نسیم وکی نے ’کپل شرما شو‘ سے فی قسط ملنے والا معاوضہ بتا دیا

پاکستان کے معروف تھیٹر ایکٹراورکامیڈین نسیم وکی نے بھارت میں کمائے جانے والے معاوضہ سے متعلق حیر انگیز انکشاف کیا ہے، انہوں نے اپنے کیرئیر پر بھی کھل کر گفتگو کی۔

نسیم وکی نے حافظ احمد کے پوڈکاسٹ شو میں شرکت کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کے مختلف تجربات کا تذکرہ کیا۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے نہ صرف اپنے کامیڈی کیرئیر بلکہ سرحد پار کام کرنے سے متعلق بھی کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔

نسیم وکی کو بھارت کے سب سے دیکھے جانے والے کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ کا حصہ رہنے کا اعزازحاصل ہے۔

میزبان کی جانب سے جب نسیم وکی سے شو میں تجربے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’دی کپل شرما شو کو ہم نے زیروسے شروع کیا تھا، اب وہ بہت کامیاب جا رہا ہے ۔ مجھے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے شو کو چھوڑنا پڑا‘۔

میزبان نے جب اس شو سے ملنے والے معاوضے کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ’مجھے فی قسط 4 سے 5 لاکھ بھارتی روپے ملتے تھے جو پاکستانی روپوں میں میں دُگنا معاوضہ ہے‘۔

نسیم وکی نے مزید کہا کہ شو میں بالی ووڈ ستارے مفت آتے ہیں کیونکہ وہ اپنے ملک کے کام کو فروغ کرنا چاہتے ہیں۔

نسیم وکی نے اپنے اور کپل شرما کے درمیان تنازع پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت سے یوٹیوبرز نے انٹرویو میں کہے گئے میرے الفاظ کو غلط انداز میں توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے تاکہ ایسا لگ سکے کہ میں کپل شرما کے خلاف بول رہا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اور کپل شرما کے کچھ باہمی دوستوں نے وہ کلپس کپل شرما کو بھیجے تاکہ وہ مجھ سے ناراض ہوں۔

جس کے بعد نسیم وکی نے کپل شرما سے گفتگو کرتے ہوئے تمام تحفظات کو دور کردیا تھا۔

نسیم وکی نے شو کے دوران بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان سے ملاقات کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’ایک دفعہ شاہ رخ خان مجھ سے ملنے آئے، جب انہیں معلوم ہوا کہ میں پاکستان سے ہوں تو انہوں نے میرے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ گزارا‘۔

نسیم وکی کو پاکستان کا نامور تھیٹر اداکار کہا جاتا ہے۔ ان کا شمار اس وقت ملک کے سب سے معروف کامیڈینز میں ہوتا ہے۔

توشہ خانہ تفصیلات فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پر وکیل کو تیاری کی مہلت

لاہور ہائی کورٹ نے قیام پاکستان سے لیر اب تک توشہ خانہ کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست پر درخواستگزار کو وکیل کو تیاری کی مہلت دے دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے 1947 سے لیکر اب تک کی توشہ خانہ کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے خلاف شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کے لئے مزید مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔

جسٹس عاصم حفیظ نے درخواستگزار کے وکیل سے کہا کہ آپ کو انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنی چاہیے تھی، آپ کو 2 روز کی مہلت دے دیتے ہیں، آپ مزید تیاری کرلیں۔

بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کشمیری وکیل پرنظر رکھنے کیلئے برقی کڑا پہنا دیا

مقبوضہ کشمیر میں ایک شخص کے جسم پر گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) ٹریکر لگانے پر بھارتی کارکنوں نے حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ دہشتگردی کے الزامات پر یہ ملک میں الیکٹرانک مانیٹرنگ کا اس طرح کا پہلا استعمال ہے۔

سری نگر کے رہائشی 65 سالہ غلام محمد بھٹ کے ٹخنے کے گرد ایک ہفتے سے زائد عرصے سے ٹریکر لگا ہوا ہےجس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ اسے ضمانت پر رہا قیدیوں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس سیکیورٹی ایجنسیوں کو مدعا علیہان کی چوبیس گھنٹے نگرانی کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔

وکیل غلام محمد بھٹ کشمیر کے سرکردہ علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کے قریبی ساتھی تھے، جنہوں نے 2021 میں اپنی موت سے ایک سال قبل تک مقبوضہ کشمیر میں سرکردہ علیحدگی پسند گروپ حریت کانفرنس کی صدارت کی۔

غلام محمد بھٹ کو 2011 میں حریت کانفرنس کی سرگرمیوں کے لیے مبینہ طور پر مالی اعانت کرنے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت سری نگر میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں نئی دہلی کی ایک جیل میں رکھا گیا تھا اور گزشتہ ہفتے تک کئی بار ضمانت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔

دوسرے طریقوں سے قید
ضمانت کی شرائط کے ایک حصے کے طور پرجموں میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت نے حکام کو حکم دیا کہ وہ 24 گھنٹے غلام محمد بھٹ کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ عدالت نے ضمانت پر رہائی کے دوران رہائشگاہ تبدیل نہ کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرینگر درخواست گزار کی نقل و حرکت کو ٹریک پر رکھیں تاکہ اُس کی سرگرمیوں کو بار بار نوٹ کیا جاسکے۔

مقبوضہ کشمیر کے ایک پولیس افسر نے الجزیرہ کو بتایا کہ جی پی ایس ڈیوائس حکام کو مدعا علیہان کے حقیقی مقامات کا سراغ لگانے میں مدد دے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ اپنی ضمانت کی شرائط پر عمل کر رہے ہیں۔

عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ جی پی ایس اور سم پر مبنی ہے اور اگر کوئی شخص اسے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے تو یہ کنٹرول روم کو الرٹ کرتا ہے کیونکہ وہ میڈیا سے بات کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

لیکن انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ سیاہ، مربع شکل کا، پانی کے خلاف مزاحمت کرنے والا یہ گیجٹ ’مجازی قید‘ کی ایک شکل ہے اور اس شخص کی پرائیویسی سے سمجھوتہ کرتا ہے جو مقدمے کا سامنا کر رہا ہے لیکن سزا یافتہ نہیں ہے۔ ے۔

حکام کی جانب سے اقدام کا دفاع
ستمبر میں ایک پارلیمانی پینل نے قیدیوں پر جی پی ایس ٹریکر کے استعمال کی سفارش کی تھی تاکہ بھارت کی بدنام زمانہ بھری ہوئی جیلوں پر دباؤ کو کم کیا جا سکے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق بھارتی جیلوں میں 5 لاکھ 54 ہزار 34 قیدی ہیں اور ان میں سے 4 لاکھ 27 ہزار 165 یعنی 76 فیصد مقدمات کا انتظار کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جہاں آزادی پسند گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں ہزاروں گرفتاریاں ہوئیں، یہ تعداد 91 فیصد ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں علاقے کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آرآرسوین نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ضمانت پر رہا ہونے والے مشتبہ شخص کی ضمانت کی شرائط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلے کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ضروری ہے۔ یہ ٹریکر مغربی ممالک میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے. ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے ایک ملزم شخص پر پہلا ٹریکر لگا دیا ہے۔

آرآرسوین نے دعویٰ کیا کہ ، ’مجھے بتایا گیا ہے کہ جب بھٹ کو گرفتار کیا گیا تو وہ دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں کی مالی معاونت کے لیے گیس سلنڈر میں 50 لاکھ بھارتی روپے لے کر جا رہا تھا۔ ٹریکر کی مدد سے، ہم عدالت کی ہدایت کے مطابق اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکتے ہیں‘۔

نئی دہلی میں قائم تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ مینجمنٹ کے سیکیورٹی تجزیہ کار اجے ساہنی نے الجزیرہ کو بتایا کہ جی پی ایس ٹریکر مدعا علیہان کے لیے ضمانت حاصل کرنے کی شرط ہے، بصورت دیگر ضمانت حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پولیس اور قیدیوں دونوں کے لیے چیزیں بہت آسان ہو جاتی ہیں۔یہ آلہ دنیا بھر میں استعمال کیا جاتا ہےخاص طور پر جب کسی ملزم کو سنگین الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تاہم ساؤتھ ایشیا ہیومن رائٹس ڈاکومنٹیشن سینٹر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر روی نائر نے دلیل دی کہ کسی شخص کے جسم پر نصب الیکٹرانک ٹیگنگ بنیادی آزادیوں جیسے نقل و حرکت کی آزادی یا کسی شخص کی پرائیویسی کے حق جیسے مسائل کو اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے الجزیرہ کو بتایا، ’ریاست ٹیگنگ کے ذریعے عوامی سلامتی کو برقرار رکھنا چاہتی ہے، لیکن دوسری طرف اس کا نشانہ بننے والوں کو ان کے بنیادی حقوق دیے جانے چاہئیں‘۔ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے استعمال سے بہت سے اخلاقی، قانونی اور عملی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگرانی کے تحت منتخب افراد کی باخبر رضامندی کو یقینی بنانے کی ضرورت کی ضمانت دی جانی چاہئیے اور غیر اخلاقی یا غیر قانونی طریقوں سے نمٹنے کے لئے موثر طریقہ کار قائم کیا جانا چاہیئے۔ یہ حقیقت بھی ایک بڑی تشویش ہے کہ ایک نجی فرم جی پی ایس ٹریکر تیار کرتی ہے۔

ممکنہ گرفتاری کا خدشہ، بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں جہاں انہوں نے زیرالتوا مقدمات کی تفصیلات فراہمی اورضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دائر کی۔

بشری بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بائیو میٹرک تصدیق کروائی جس کے بعد عدالت سے روانہ ہو گئیں۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 6 مقدمات کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

ورلڈکپ سیمی فائنل؛ امپائر روڈ ٹکرون ڈے میچز کی سنچری مکمل کرلیں گے

ممبئی: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں روڈ ٹکر بطور امپائر ون ڈے میچز کی سنچری مکمل کرلیں گے۔

ورلڈکپ سیمی فائنلز کیلیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے میچ کی صورت میں روڈ ٹکر بطور امپائر ون ڈے میچز کی سنچری مکمل کرلیں گے، اسی مقابلے میں انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ بھی فیلڈ آفیشل کی ذمہ داری انجام دیں گے، تھرڈ امپائر جوئیل ولسن، فورتھ آفیشل ایڈرین ہولڈاسٹاک اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے۔

اسی ورلڈکپ کے دوران ون ڈے میچز کی سنچری مکمل کرنے والے رچرڈ کیٹل برو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میں امپائرنگ کریں گے، انھیں فیلڈ میں نیتن مینن جوائن کریں گے، کرس گیفنی تھرڈ اور مائیکل گف فورتھ امپائر ہوں گے، میچ ریفری کی ذمہ داری جواگل سری ناتھ کو سونپی گئی ہے۔

غیر فعال جی میل اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کے لیے گوگل خبردار کرنا شروع

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے صارفین کو آئندہ ماہ سے جی میل اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کے آپریشن کے متعلق خبردار کرنا شروع کر دیا۔

اس آپریشن میں گوگل تمام ایسے نجی اکاؤنٹس کو ای میل، دستاویزات، اسپریڈ شیٹ، کلینڈر اپائنٹمنٹ، تصاویر اور ویڈیوز سمیت مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دے گا جو کم از کم دو سال سے زیر استعمال نہیں ہوں گے۔

گوگل کی جانب سے یہ پالیسی رواں برس کے ابتداء میں متعارف کرائی گئی تھی جس کا اطلاق 2023 کے دسمبر سے ہونا تھا۔
گوگل کے پروڈکٹ منیجمنٹ کے نائب صدر روتھ کریشلی نے گزشتہ مئی میں بلاگ اسپاٹ میں لکھا تھا کہ کمپنی گوگل اکاؤنٹ کے لیے غیر فعلیت کی پالیسی میں دورانیے کو دو سال تک بڑھا رہی ہے۔

گوگل کی جانب سے یہ اقدام فعال صارفین کو فشنگ اسکیم (جعلسازی) اور اکاؤنٹ ہائی جیکنگ سے بچانا ہے۔

پُرانے اکاؤنٹ جو سالوں سے استعمال نہیں کیے جارہے ہیں وہ ہیکرز کا آسان ہدف ہو سکتے ہیں کیوں کہ ان کا ڈیٹا ڈارک ویب پر باآسانی دستیاب ہے۔

گوگل کے مطابق ہر وہ اکاؤنٹ جس کو ڈیلیٹ کیے جانے کا خطرہ ہوگا ان کو ڈیلیٹ کرنے سے قبل متعدد نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں گے۔ جبکہ گوگل کی جانب سے بعض صارفین کو نوٹیفکیشن بھیجے جانے کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔

نصیرالدین شاہ سے اداکاری سیکھی، پریانکا چوپڑہ کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ کی میگا اسٹار پریانکا چوپڑہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ سے اداکاری سیکھی۔

اداکارہ پریانکا چوپڑہ نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ سے 10 روز تک اداکاری کی کلاسز لیں۔ میں نے نصیرالدین شاہ سے درخواست کی کہ کیا آپ فلم ’ سات خون معاف‘ کے اسکرپٹ پر کام کے لیے میری مدد کریں گے کیونکہ یہ بہت پیچیدہ کردار ہے۔

پریانکا چوپڑہ کے مطابق نصیرالدین شاہ نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے کس قسم کی مدد کی ضرورت ہے اور پھر 10 روز تک میں نے اپنے کردار کو بہترانداز میں نبھانے کے لیے ان سے اداکاری سیکھی۔
بالی ووڈ کی میگا اسٹار کا مزید کہنا تھا کہ اکثر لوگ مجھے خواتین کے مرکزی کرداروں والی فلمیں جیسا کہ ’ فیشن‘ کرنے سے منع کرتے تھے لیکن مجھے فلم ’فیشن ‘ کی کہانی بہت پسند آئی۔ فلم میں مسئلے کو بہت موثر انداز میں پیش کیا گیا۔

عازمین حج کیلیے اخراجات میں ڈیڑھ لاکھ تک کمی کا امکان

اسلام آباد: عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، آئندہ برس حج پہلے سے سستا ہوگا۔

گزشتہ سال کے حج اخراجات میں ایک سے ڈیڑھ لاکھ تک کی کمی متوقع ہے، یاد رہے کہ گزشتہ سال عازمین حج سے11لاکھ75ہزار روپے وصول کیے گئے تھے۔

نظرثانی شدہ حج پالیسی دوبارہ منظوری کیلیے وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے اور بدھ کو اجلاس میں پالیسی منظور ہونے کا امکان ہے، نظرثانی شدہ پالیسی میں نجی حج ٹور آپریٹرز کے مطالبے پر2ترامیم شامل ہیں۔

پالیسی کے تحت10برس سے کم عمر بچے بھی حج پر جاسکیں گا اور80برس سے زائد عمر کے عازمین کو مددگار ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی،سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں رواں ماہ سے وصول کیے جانے کا امکان ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے لیٹر کمی متوقع

سلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی کے پیش نظر پاکستان میں بھی 15 نومبر سے قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل کی عالمی قیمت میں کمی کے بعد پاکستانی عوام کو بھی اس کا ریلیف دینے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں15نومبر سے آئندہ 15روز کیلئے 8 سے 10 روپے لیٹر تک کمی متوقع ہے۔

یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت جولائی کے بعد 4 فیصد کم ہو کر کم ترین سطح 78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔دوسری جانب روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں اب تک 6 روپے کی نمایاں کمی ہوچکی ہے۔

ایلون مسک کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ

ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (ٹوئٹر) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی ووڈ اسٹوڈیو اے 24 کی جانب سے ایلون مسک کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے حقوق حاصل کیے گئے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس فلم کے ڈائریکٹرڈیرن آرونوفسکی ہوں گے، جو اس سے پہلے دی وہیل اور بلیک سوان جیسی فلموں کی ہدایات بھی دے چکے ہیں۔

یہ فلم 12 ستمبر 2023 کو شائع کی گئی والٹر اساکسون کی جانب تحریر کی گئی ایلون مسک کی سوانح حیات پر مبنی ہوگی۔

اس کتاب کے مطابق 52 سالہ ایلون مسک کی پیدائش جنوبی افریقا میں ہوئی تھی اور انہیں اپنے والد کے سلوک کی وجہ سے ذہنی مسائل کا سامنا ہوا۔

والٹر اساکسون کی اسٹیو جابز پر تحریر کی گئی سوانح حیات پر بھی 2015 میں ایک فلم بنائی گئی تھی۔

ایلون مسک کی زندگی پر بننے والی فلم ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے تو یہ واضح نہیں کہ اس کا اسکرین پلے کون تحریر کرے گا۔

اسی طرح ابھی فلم کی کاسٹ کے بارے میں بھی ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔