عبدالرزاق کا ایشوریا سے متعلق کمنٹ؛ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

سابق کرکٹر عبدالرزاق کا بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق دیا گیا کمنٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے لگا۔

گزشتہ روز 2009 کی ٹی20 ورلڈکپ فاتح ٹیم کے اراکین نے تقریب میں شرکت کی، اس دوران سابق کرکٹرز نے حالیہ آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کی کارکردگی پر بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ ہمیں 2009 میں معلوم تھا کہ یونس خان کی نیت صاف ہے، جس نے ہمیں بھروسہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت ہماری پالیسی ہی نہیں کہ ہم کھلاڑیوں کو بنائیں انہیں سیکھائیں۔

عبدالرزاق نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہماری سوچ ایشوریا رائے سے شادی کرکے اور اُس سے نیک پرہیزگار بچہ ہو تو یہ کبھی نہیں ہوسکتا‘

بالی ووڈ میں کل بھی اقربا پروری تھی آج بھی ہے اور رہے گی، دپیکا پڈکون

ممبئی: اداکارہ دپیکا پڈکون کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں کل بھی اقربا پروری تھی اور آج بھی ہے۔

بالی ووڈ کی میگا اسٹار دپیکا پڈکون نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نوجوانی میں بالی ووڈ میں کام کرنا شروع کیا تو انڈسٹری میں پہلے سے کام کرنے اورکامیابی حاصل کرنے والے لوگوں کے عدم تحفظ کے احساس کا سامنا کرنا پڑا۔ کیرئیر کے شروع میں اپنے کھانے پینے اور سفر کے اخراجات خود اٹھاتی تھی۔

دپیکا پڈکون نے کہا کہ بالی ووڈ میں اقربا پروری کا سلسلہ ماضی میں بھی تھا اور آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ اب سے 15،20 سال پہلے فلم انڈسٹری میں کسی بھی نئے آنے والے کے لیے اپنی جگہ بنانے کے لیے کوشش کرنا بہت مشکل تھا۔ ماڈلنگ شروع کی تو مجھ سے کہا گیا کہ آپ کو پیرس، نیویارک یا میلان میں رہ کر کام کرنا چاہیے جس پر میں نے جواب دیا کہ بھارت میرا گھر ہے اور میں یہیں رہوں گی۔

اداکارہ دپیکا پڈکون کا تعلق بالی ووڈ کے کسی فلمی خاندان سے نہیں ہے۔ سال 2007 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی ’ اوم شانتی اوم‘ دپیکا پڈکون کی پہلی فلم تھی جس کی غیر معمولی کامیابی نے دپیکا پڈکون کو راتوں رات اسٹار بنا دیا تھا۔ دپیکا پڈکون بالی ووڈ کی متعدد سو کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے والی فلموں کی ہیروئن بھی ہیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن انتقال کرگئیں

نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن ماریانے بیری انتقال کرگئیں۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے اپنی 86 سالہ پھوپھی کے انتقال کی تصدیق کی اور ان سے قریبی تعلق کے جذبات کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 86 سالہ ماریانے بیری نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائی گئیں۔

نیویارک پولیس کا کہنا ہےکہ انہیں ففتھ ایونیو اپارٹمنٹ میں ایک 86 سالہ معمر خاتون باتھ روم میں بے ہوشی کی حالت میں ملیں جن کی اس وقت تک موت واقع ہوچکی تھی۔

نیویارک پولیس نے تصدیق کی ہےکہ ماریانے کی موت پیر اور منگل کی شب ساڑھے 4 بجے کے قریب ہوئی۔

حماس کا 70 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 5 روزہ جنگ بندی پر غور

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس 70 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 5 روزہ جنگ بندی پر غور کررہی ہے۔

حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے حماس آڈیو بیان میں کہا کہ قطری ثالثوں کو آگاہ کردیا ہے کہ ہم 5 روز کی جنگ بندی کے بدلے میں 70 یرغمالی خواتین اوربچوں کو رہا کرنے کو تیار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ معاہدے کے تحت مکمل جنگ بندی ہونا چاہیے اور امدادی سامان غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں تک پہنچا چاہیے۔ اسرائیل معاہدے کی قیمت ادا کرنا نہیں چاہتا۔
ابو عبیدہ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے قطری بھائیوں نے دشمن کے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے دشمن کے قبضے سے 200 فلسطینی بچوں اور 75 خواتین کو رہا کروانے کی کوشش کی تھی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنلز کا مکمل شیڈول

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے فائنل 4 ٹیموں کا شیڈول سامنے آگیا ہے۔

اتوار کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنے آخری میچ کے نتائج سے قطع نظر میزبان بھارت گروپ مرحلے کی درجہ بندی میں سرفہرست ہوگا۔

آخری لیگ میچ کے بعد روہت شرما الیون بدھ 15 نومبر کو ناک آؤٹ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں، جہاں بھارت نے ٹورنامنٹ میں سری لنکا کو 302 رنز سے شکست دی تھی، اس میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ہو گا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دو سیمی فائنل میچز بدھ 15 نومبر اور جمعرات 16 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے کھیلے جائیں گے۔

پہلا سیمی فائنل میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ سیمی فائنل کا مکمل شیڈول
سیمی فائنل 1: بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ، 15 نومبر، ممبئی

سیمی فائنل 2: جنوبی افریقہ بمقابلہ آسٹریلیا، 16 نومبر، کولکتہ

القادر ٹرسٹ کیس: نوٹیفکیشن ہوا تو اڈیالہ جیل سماعت کیلئے جائیں گے، جج محمد بشیر

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن ہوا تو پھراڈیالہ جیل سماعت کیلئے جائیں گے، صحافیوں کو کوریج کی اجازت ہونی چاہیے اسی لیے تو اوپن کورٹ ہوتی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے صحافیوں کے سوال پر مکالمہ کرتے ہوئے القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس میں نیب بتا سکتی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہاں پیش کیا جائے گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ اطلاعات ہیں کہ دونوں کیسز کی جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن ہو رہا ہے۔ جس پر جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن ہوا تو پھر اڈیالہ جیل سماعت کیلئے جائیں گے۔

جج محمد بشیر نے صحافیوں سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگ بھی وہیں (جیل) جائیں گے۔ جس پر صحافیوں نے جواب دیا کہ ہمیں اڈیالہ جیل کے اندر داخلے اور رپورٹنگ کی اجازت نہیں۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ ویسے تو اجازت ہونی چاہیےاس لیے تو اوپن کورٹ ہوتی ہے۔

توشہ خانہ اور190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت
گزشتہ روز (13 نومبر) کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔

نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ کیلئے درخواست دائر کی، تو عدالت نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ نے کیا کیا ہے۔

عدالت کے استفسار پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مقدمہ زیرالتواء ہے نہ عدالت نے حکم معطل اور نہ کوئی اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، عدالت سے درخواست ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں اور جیل سپریٹنڈنٹ کواقدامات کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ وارنٹ لیں گے تو کیا بلانا نہیں پڑے گا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ وارنٹ کے بعد گرفتارکریں گے تو جسمانی ریمانڈ کیلئے یہاں ہی لائیں گے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور جیل سپریٹنڈنٹ کو وارنٹ تعمیل کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا۔

نیب کی تحقیقاتی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی
نیب راولپنڈی کی ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی، نیب ٹیم بغیر اسکواڈ کے صرف 2 گاڑیوں میں اڈیالہ جیل پہنچی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اور وقارالحسن نے نیب ٹیم کی قیادت کی۔

نیب ٹیم نے چییرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں تفتیشی کارروائی مکمل کرلی جبکہ نیب ٹیم نے القادر ٹرسٹ سے متعلق عمران خان سے مختلف سوالات کیے۔

نیب ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کے بعد واپس روانہ ہوگئی، عمران خان اب اڈیالہ جیل میں نیب کورٹ کی تحویل میں ہوں گے۔

نیب ذرائع کے مطابق احکامات کی تعمیل کروالی گئی، بشریٰ بی بی کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی سائفر کیس میں اڈیالا جیل میں قید ہیں اور سکیورٹی خدشات کے باعث ان کا ٹرائل جیل میں ہی ہو رہا ہے۔

ورلڈکپ؛ سابق بھارتی کرکٹر بابراعظم کی حمایت میں آگئے

آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابراعظم پر ہونے والی تنقید کے بعد سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کپتان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

یوٹیوب پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے اس بات پر زور دیا کہ صرف موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر ان کا فیصلہ کرنا غیر منصفانہ ہوگا۔

انہوں نے بابراعظم کی سابقہ ​​کامیابیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف 6 ماہ قبل ہی پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچایا تھا، اگر آپ کہتے ہیں کہ بابر اعظم کپتانی کیلئے صحیح انتخاب نہیں تو آپ صرف ان کی موجودہ کارکردگی کو دیکھ رہے ہیں۔

کپل دیو نے کہا کہ جب کوئی صفر پر آؤٹ ہوتا ہے تو 99 فیصد لوگ چاہتے ہیں کہ اسے ڈراپ کر دیا جائے۔ اگر کوئی عام کھلاڑی آتا ہے اور شاندار سنچری بناتا ہے تو وہ اسے سپر اسٹار کہتے ہیں۔ لہٰذا صرف موجودہ کارکردگی کو نہ دیکھیں۔

واضح رہے کہ بابراعظم نے ورلڈکپ میں 40 کی اوسط سے 4 نصف سنچریوں کے ساتھ 320 رنز بنائے تاہم انکی قیادت میں پاکستانی ٹیم 9 میچوں میں 5 شکستوں اور 4 فتوحات کے بعد ایونٹ سے باہر ہوئی، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں بھارت، جنوبی افریقا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان سے شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا۔

ٹورنامنٹ میں 8 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان نے 5ویں پوزیشن پر رہا۔

قبل ازیں سابق کرکٹر رمیز راجا نے کہا تھا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئی بال پر جب ہمارے گیندباز وکٹیں نہیں لیں گے تو بابراعظم کپتانی کیا کرے گا؟۔

بادشاہ اور مرنال ٹھاکر کی ’ڈیٹنگ‘ کی حقیقت سامنے آ گئی

بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ نے اپنے اورنوجوان بھارتی اداکارہ مرنال ٹھاکر سے متعلق قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی۔

10 نومبرکو شلپا شیٹی کی دیوالی پارٹی سے مرنال ٹھاکر اور بادشاہ کے ایک ساتھ نکلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل تھی۔

ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے دونوں کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصرے کیے جارہے تھے، کئی صارفین کا کہنا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں۔

تاہم اب بھارتی ریپر بادشاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤںٹ انسٹاگرام پراسٹوری میں پُرمزاح پیغام کے ساتھ ان افواہوں پر ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے ہنستے ہوئے ایموجیز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیارے انٹرنیٹ، آپ کو ایک بار پھر مایوس کرنے کے لیے معذرت خواہ ہوں لیکن جیسا آپ سوچ رہے ہیں ویسا نہیں ہے‘۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں مرنال ٹھاکر کو ہرے رنگ کے لباس جبکہ بادشاہ کو کالے رنگ کے کرتے میں دیکھا جاسکتا ہے۔

مرنال ٹھاکر حال ہی میں بھارتی فلم ’پیپا‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں، وہ بہت جلد تیلگو ڈرامہ ’ہائی ننا‘ میں بھی نظر آئیں گی۔

ورلڈکپ؛ پاکستان کے موجودہ پیسرز ’’نرم مزاج‘‘ ہیں، سابق بھارتی کرکٹر

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق مڈل آرڈر بیٹر محمد کیف نے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم میں جیت کی کوئی چمک نظر نہیں آئی، گرین شرٹس کے پیسرز بہت نرم مزاج تھے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے لکھا کہ پاکستانی تیز گیندباز بہت نرم مزاج نظر آئے، وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر حریف کو ڈراتے تھے، کبھی کچھ بول بھی دیتے تھے لیکن بابر، حارث، شاہین ان میں وہ چمک نہیں تھی! وہ بہت دوستانہ لگ رہے تھے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز دینے کا منفی ریکارڈ حارث کے نام!
آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم 9 میچوں میں 5 شکستوں اور 4 فتوحات کے بعد ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں بھارت، جنوبی افریقا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان سے شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا۔

واضح رہے کہ سال 2011 کے بعد سے قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ مقابلوں کے سیمی فائنل میں کوالیفائی نہیں کرسکی ہے۔

بجلی صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

نیپرا جولائی تا ستمبردوہزار تئیس کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر آج سماعت کرے گا، منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

ملک بھر کے بجلی صارفین کو ایک اور جھٹکا دینے کی تیاری جاری ہیں، اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے 70 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

نیپرا جولائی تا ستمبر2023 کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر آج سماعت کرے گا، اور منظوری سے بجلی صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

ڈسکوز کی جانب سے بجلی صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست ہے، جس میں کیپیسٹی چارجز کی مد میں 12 ارب ، 12 کروڑ 60 لاکھ روپے، یوز آف سسٹم چارجز کے تحت 10 ارب 24 کروڑ 70 لاکھ روپے اور آپریشن اینڈ مینٹیننس کی مد میں 4 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ وصولی کی درخواست ہے، جب کہ ڈسکوز نے نقصانات کی مد میں 6 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کرنے کی درخواست کی ہے۔

نیپرا درخواست پر سماعت کے بعد قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا، اور اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔

سابق اسپیکر اسد قیصر 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

عدالت نے سابق اسپیکر اسد قیصر 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا، ان پرمیڈیکل کالج صوابی کیلئےآلات کی خریداری میں کرپشن کا الزام ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گزشتہ رات اسلام آباد سے صوابی منتقل کیا گیا تھا، انہیں آج صوابی میں جوڈیشل مجسٹریٹ خلیل خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام نے عدالت سے اسد قیصر کے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی پر پرمیڈیکل کالج صوابی کیلئے آلات کی خریداری میں کرپشن کا الزام ہے۔

عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ نےاینٹی کرپشن کی استدعامستردکردی اور اسد قیصر 2 روزہ جسمانی ریمانڈپر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔

عدالت میں میڈیا سے غیررسمی بات کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم امید اچھی رکھتے ہیں، اللہ کو جو منظور ہوا، میں تحریک انصاف میں ہوں، اور رہوں گا۔

5 ڈپٹی کمشنرز کو پی ٹی آئی کے جلسوں کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت

پی ٹی آئی کو پانچ اضلاع میں جلسے، ریلیاں اور کارنر میٹنگز کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنرز کو درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کو جلسے، ریلیاں اور کارنر میٹنگز کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے زبیر کسانہ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار زبیر کسانہ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ حافظ آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور نارووال کے ڈپٹی کمشنر کو درخواستیں دیں، لیکن کسی ڈپٹی کمشنرز نے درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو درخواستیں منظور کرنے کی ہدایت جاری کرے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کی تاریخ آنے کے بعد قانون و آئین کے مطابق سیاسی سرگرمیاں کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، ڈپٹی کمشنرز مکمل ضابطہ اخلاق بنا کر درخواستوں پر فیصلہ کریں، الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنرز کو درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی اور کہا کہ کچھ ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا رہے ہیں۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض دینے سے پہلے دوست ممالک سے براہ راست یقین دہانی مانگ لی

آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض دینے سے پہلے دوست ممالک سے براہ راست یقین دہانی مانگی ہے جس پر متحدہ عرب امارات پاکستان کو ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ پر آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرادی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، اور قرض فراہمی سے قبل آئی ایم ایف نے دوست ممالک سے براہ راست یقین دہانی مانگ لی ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ اس حوالے سے آئی ایم ایف مشن چیف نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کو بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یو اے ای کے سفیر نے آئی ایم ایف مشن چیف کو پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے اور ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کے معاملے پر یقین دہانی کرادی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 6.5 ارب ڈالر کے بڑے بیرونی فنانسنگ گیپ کا سامنا ہے، اور نگران حکومت نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر دوست ممالک سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔