مقبوضہ کشمیر میں بس گہری کھائی میں جا گری؛ 36 ہلاک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مسافر بردار بس خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پیش آیا۔ مسافر بس میں 55 سے زائد مسافر سوار تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔ تیز رفتار بس ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی۔

بس حفاظتی جنگلا توڑتے ہوئے 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔ کھائی گہری ہونے اور پُرخطر راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کیا گیا جب کہ ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی گئی۔ حادثے میں 36 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے جن میں سے 6 کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 2 لاکھ جب کہ زخمیوں کے لیے فی کس 50 ہزار مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات سطح زمین سے 5 میٹر بلندی پر دنیا کی پہلی فلائنگ کار ریس کی میزبانی کرنے کا تیار

جیسا کہ متحدہ عرب امارات اپریل 2024 میں دنیا کے سب سے بڑے خود مختار کار ریسنگ ایونٹ کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے، وہاں دنیا کی پہلی فلائنگ کار ریس متعارف کرانے کے منصوبے ہیں، اور مکا فلائٹ کے سی ای او کرسچن پینو کے مطابق، متحدہ عرب امارات اس کی میزبانی کا سب سے بڑا دعویدار ہے۔ ہائیڈروجن سے چلنے والی پہلی فلائنگ ریسنگ کار پروڈیوسر۔ Maca Flight، ایک خود مختار ادارہ جو ایئربس سے الگ ہوا، نے اس سال کے شروع میں اپنی فلائنگ ریسنگ کار کا انکشاف کیا۔ $2 ملین (Dh7.34 ملین) کی قیمت والی، گاڑی 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار اور صفر CO2 کے اخراج پر فخر کرتی ہے۔پینو نے اڑنے والی کار ریس کا تصور کیا، جو زمین سے 4-5 میٹر بلند ہے، اور اس کے پہلے مقابلے میں 8 سے 10 شرکاء کو راغب کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات، خاص طور پر دبئی کو اس شاندار ریسنگ چیمپئن شپ کے لیے ممکنہ میزبان کے طور پر سمجھا جا رہا ہے، جس میں سعودی عرب، کویت اور بحرین نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ مقصد یہ ہے کہ 2025 کے آخر تک فلائنگ ریسنگ کار چیمپیئن شپ قائم کی جائے، جس میں پہلی ریس ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں ہو گی۔ یہ منصوبہ ریڈ بل کے تعاون سے ہے، جو انتہائی کھیلوں میں اپنی شمولیت کے لیے جانا جاتا ہے۔

نواز شریف کیخلاف 2018 سے زیر سماعت توہین عدالت کی درخواست خارج

ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف کے خلاف 2018 سے زیر سماعت  توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی۔ درخواست گزار کی جانب سے کوئی عدالت میں پیش نہ ہوا۔

نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مقامی شہری عدنان اقبال نے دائر کی تھی۔ درخواست میں نواز شریف کے خلاف 2018ء کے بیانات پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔

پہلا سیمی فائنل؛ بھارت کا نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کیویز کیخلاف بڑا اسکور کرکے پریشر بڑھائیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے ابتدائی اوورز میں جلد وکٹیں لیکر میزبان ٹیم کو پریشر میں لائیں۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

بھارت کا اسکواڈ

کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ

دھرنا کیس: چیف جسٹس نے شیخ رشید کو روسٹرم پر بات کرنے سے روک دیا

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیض آباد دھرنا کیس میں نظر ثانی اپیل واپس لینے پر شیخ رشید کو بات کرنے سے روک دیا اور کہا کہ مزید خدمت کا موقع ملے گا تو کیا ایسی خدمت کریں گے۔

سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ میں شامل تھے۔

سماعت شروع ہوئی تو شیخ رشید کے وکیل نے نظرثانی درخواست واپس لے لی، اور وکیل شیخ رشید نے مؤقف پیش کیا کہ شیخ رشید خود عدالت میں بیٹھے ہیں۔

چیف جسٹس نے وکیل شیخ رشید سے استفسار کیا کہ آپ نے نظرثانی دائرکیوں کی تھی۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ کچھ غلط فہمیاں ہوئیں جس پر نظرثانی دائر کی تھی۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پاکستان مذاق تو نہیں ہے، اس ملک کو مذاق نہ بنایا جائے کہ جو دل چاہے کریں، پورے ملک کو نچوایا پھر حکم آیا تو نظرثانی واپس لے لیا، 4 سال بعد درخواست واپس لینا عجیب فیصلہ ہے، ججز سمیت سب لوگ قابل احتساب ہیں۔

سپریم کورٹ نے نظرثانی درخواست واپس لینے پرخارج کردی اور چیف جسٹس نے شیخ رشید کو روسٹرم پر بات کرنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جب دل چاہے جلاؤ، گھیراؤ اور سڑکیں بند کرا دو، جب کھڑے ہونے کی باری آتی ہے تو سب بھاگ جاتے ہیں، ہم خود کے ہی دشمن بن چکے ہیں، آپ اپنے ملک سے مخلص نہیں، مزید خدمت کا موقع ملے گا تو کیا ایسی خدمت کریں گے۔

بابراعظم کو تمام فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹائے جانے کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابراعظم کو تمام فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان بابراعظم اگر قیادت سے خود الگ ہوتے ہیں تو بورڈ اسے قبول کرلے گا بصورت دیگر انہیں برطرف کردیا جائے گا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ٹی20 جبکہ شان مسعود ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی درخواستِ ضمانت بحال

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ نیب کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بحالی کی استدعا منظور کرلی۔

ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ نیب کیس میں ضمانت بحالی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں گرفتاری کی وجہ سے ضمانت بحالی کی درخواست غیر مؤثر قرار دے دی جبکہ توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت بحال کردی۔

احتساب عدالت نے عدم پیروی پر دونوں ضمانتیں خارج کی تھیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے احتساب عدالت کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

’اپنے آپ کو پہلے عزت دیں‘، سُپر اسٹار ریما کی نوجوان اداکاروں کو تجویز

پاکستان فلمی دنیا کی نامور سُپر اسٹار ریما خان کی جانب سے ان کے کامیاب فلمی کیرئیر کی وجوہات سے پردہ اٹھادیا گیا۔

حال ہی میں انہوں نے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے ’اسٹارڈم‘ سے متعلق اظہارِ خیال کیا، شو میں انہوں نے اپنے کیرئیراور نجی زندگی سے متعلق گفتگو بھی کی۔

تین دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی ریما خان کو آج بھی ان کے چاہنے والوں کی طرف سے خوب داد دی جاتی ہے۔

شو کے میزبان کی جانب سے جب فلمی اداکارہ سے ان کی پُرسکون شخصیت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’آسمان پرموجود ستارے کی اپنی چمک ہوتی ہے۔ جب وہ ستارہ قریب آجائے، اور جب آپ کو اس ستارے کی چمک کے پیچھے چھپے رازمعلوم ہوجائیں تو اس ستارے سے آپ کی کشش ختم ہوجائے گی‘۔

فلمی اداکارہ نے خود کو ملنے والی مقبولیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر دور کی چیز اپنی جگہ اپنی اہمیت رکھتی ہے، اس چیز کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے‘۔

اپنے پُرسکون اور پُر کشش رہنے کی وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں تنقید نہیں کرتی، مجھے منفی بات نہ صرف کہنا بلکہ مجھے منفیت پھیلانا بھی اچھا نہیں لگتا ہے‘۔

ریما خان نے مزید کہا کہ ’اپنے لیے اہمیت خود بنانی پڑتی ہے، جب تک آپ اپنی اہمیت خود نہیں بنائیں گے تو کوئی دوسرا آپ کو اہمیت نہیں دے گا‘۔

نوجوان اداکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سب سے پہلے اپنی عزت کرنا سیکھیں، اس کے بعد ہی آپ کو عزت ملتی ہے‘۔

ریما خان کا مزید کہنا تھا کہ ’اپنے آپ کو پہلے عزت دیں، اپنے آپ کو عزت آپ اپنے لباس، گفتگو اور کردار سے ہی دیتے ہیں۔ اس سے آپ اپنے دیکھنے والوں کو اپنی ویلیوز بتاتے ہیں‘۔

ریما خان کو پاکستان فلم انڈسٹری کی سُپر اسٹارکہا جاتا ہے، ان کو ایک دہائی تک پاکستان فلم انڈسٹری پر راج کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے فلم اسٹار شان شاہد کے ساتھ اپنی پہلی فلم ’بلندی‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا، جو آگے چل کر ان کی شہرت کی وجہ بنی۔

اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، وزیر توانائی

نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اضافی بجلی موجود ہے لیکن اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

کراچی میں دی فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ پکستان کی جی ڈی پی میں ٹیکس کا تناسب 10فیصد سے کم ہے، جو دنیا میں کم ترین تناسب ہے، چند سال قبل ہماری فی کس آمدنی بعض ہمسایہ ممالک سے زیادہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم غیر دستاویزی معیشت، ہنڈی حوالہ اور بجلی و گیس چوری میں پھنس گئے ہیں، پاکستان منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں پیچھے رہ گیا ہے۔

محمد علی کا کہنا تھا کہ توانائی کسی بھی ملک کی لائف لائن ہے، پاکستان میں ایک بڑی آبادی کو توانائی تک رسائی نہیں، پاکستان میں اضافی بجلی موجود ہے تاہم پالیسی سازی میں پیچھے رہنے کے باعث ہم لوڈ شیڈنگ کر رہے ہیں۔

نگراں وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت گردشی قرضے کم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے، بجلی کے شعبے میں کیپسٹی ادائیگیوں کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے بھارت میں اقلتیوں کے استحصال پر ڈوزیئر جاری کردیا

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقلتیوں کے استحصال پر ڈوزیئر جاری کردیا ہے جس میں مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں پر مظالم کی تدصیلات بتائی گئی ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم پر ڈوزیئر جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی حکومت 2014 کے بعد سے مظالم جاری رکھے ہوئے ہے، 2021 میں نفرت انگیز جرائم کے 294 واقعات رپورٹ ہوئے۔

ڈوزیئر میں بتایا گیا کہ بھارت میں تاریخی مساجد حملوں کی زد میں ہیں، 1600 سے زائد مساجد کو میڈیا مہم کا نشانہ بنایا گیا، ریاست منی پور میں سیکڑوں گرجا گھروں کو جلایا گیا، مقبوضہ کشمیرمیں24ہزار496مذہبی مقامات کوسرکاری تحویل میں لیاگیا۔

ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ ہندو توا نظریات کے حامل افرادعبادت گاہوں کو تباہ کر رہے ہیں، درجنوں تاریخی مساجد کی تباہی یا خالی کرانے کے خطرات کا سامنا ہے، عالمی کنونشن کے دستخط کنندہ کے طور پر بھارت نسل کشی روکنے کا پابند ہے، عالمی برادری بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائے۔

اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام مارگلہ ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ترقی کیلئےبنیادی دھانچے کی تعمیروقت کی اہم ضرورت ہے، رائےعامہ کی ہمواری میں حکومتیں اہم کردارادا کرتی ہیں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کےطور پر ابھر رہاہے، پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ جدید دور میں پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ چین کی معاشی ترقی کا سفر جاری ہے، چین نے معاشی طور پر ترقی کرکے دنیا کیلئے مثال قائم کی، جدید دور میں روابط، راہداریوں سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں تصادم،عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے، فلسطین میں معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، معصوم بچوں کے قتل سے اسرائیل اپنی جنونیت کو پورا کر رہا ہے، دنیا میں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے، پاکستان بین الاقوامی امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطرے کے طور پر ابھر کر سامنے آرہی ہے، جس سے نمٹنا کسی ایک ملک کیلئے ممکن نہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مربوط تعاون کی ضرورت ہے، اس کےاثرات کم کرنے کیلئےاقوام عالم کو اقدامات کرنا ہوں گے۔

کینیڈین انتہا پسند نے مسلمانوں سے نفرت کی بنا پر پاکستانی خاندان پر گاڑی چڑھائی

ایک کینیڈین انتہا پسند شخص نے مسلمانوں سے نفرت کی بنا پر پاکستانی خاندان پر گاڑی چڑھا دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق استغاثہ کی جانب سے منگل کو اختتامی دلائل میں کہا کہ ایک کینیڈین شخص نے مسلمانوں کو مارنے کا تعاقب کررہا تھا کہ اس نے اپنے ٹرک سے شام کے وقت ایک خاندان کے افراد پر گاڑی چڑھادی۔

نیتھنیل ویلٹ مین نامی شخص جس کی عمر ابھی 22 سال ہے، اس پر جون2021 سے لندن، اونٹاریو میں مقدمہ چل رہا ہے۔

اس کیس میں پہلی بار کینیڈا کی جیوری سے کہا گیا ہے کہ وہ سفید فام بالادستی سے متعلق دہشت گردی کا اقدام اٹھانے پرغورکریں۔ قتل کا اعتراف کرنے پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ اسے کم سے کم سزا ملنی چاہیے۔

پراسیکیوٹر فریزر بال نے جیوری کو بتایا کہ ان کے پاس ہر وہ چیز موجود ہے جس کی آپ کو ممکنہ طور پر اس کیس میں سزا سنانے کی ضرورت ہے، گواہوں نے پولیس کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم ویلٹ مین نے اپنے کمپیوٹر پر ایک نوٹ لکھا تھا، جس میں اس نے سفید فام قوم پرستی کی حمایت کی تھی اور مسلمانوں سے اپنی نفرت کو بیان کیا تھا۔

پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ملزم نے ایک سپاہی کی وردی پہنی ہوئی تھی اور مسلمانوں کو مارنے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

کراؤن اٹارنی نے کہا کہ جب ملزم ویلٹ مین لندن کی ایک سڑک پر افضل کے خاندان کے پاس سے گزرا، تو اس نے اپنا ٹرک گھمایا اور تیز رفتاری کے ایک خاندان کے افراد کو کچل دیا۔

حادثے میں 46 سالہ سلمان افضل، ان کی اہلیہ 44 سالہ مدیحہ سلمان، 15 سالہ بیٹی یمنہ اور اس کی دادی 74 سالہ طلعت افضل جان کی بازی ہار گئے، ایک نو سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔

واقعے کے بعد ملزم ویلٹ مین کو قریبی پارکنگ میں گرفتار کیا گیا اور پولیس کو بتایا کہ وہ امیگریشن سے آنے والے مسلمانوں کوایک مضبوط پیغام بھیجنا چاہتا ہے۔

دفاعی وکیل کرسٹوفر ہکس نے دلیل دی کہ ملزم ویلٹ مین ذہنی عارضے اور بچپن کے صدمات کا شکار تھا، جس کی وجہ سے ”ڈپریشن اور اضطراب“ پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کی موت کا ذمہ دار ہے لیکن اس کے پاس قتل یا دہشت گردی کے لیے منصوبہ بندی اور سوچنے کی استعداد نہیں تھی۔

ملزم ویلٹ مین کو فرسٹ ڈگری کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ قتل عام کی سزا زیادہ سے زیادہ سات سال قید ہے۔

2017 میں کیوبیک سٹی کی ایک مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سے یہ کینیڈا میں سب سے مہلک مسلم مخالف حملہ تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس شوٹنگ کے مرتکب پر دہشت گردی کا الزام نہیں لگایا گیا تھا۔

پی آئی اے نے اپنے فلائٹ ایٹنڈنٹ غائب ہونے کا ذمہ دار کینیڈا کو قرار دے دیا

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے) نے اپنے فلائٹ اٹنڈنٹ غائب ہونے کا ذمہ دار کینیڈا کو قرار دے دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے قومی ائیر لائن کے دو فلائٹ اٹینڈنٹ کینیڈین جانے والی پروز میں ٹورنٹو پہنچنے کے بعد غائب ہو گئے تھے۔

گزشتہ دنوں پی آئی اے ترجمان نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی آئی اے کے 8 ملازمین گزشتہ دو سالوں کے دوران کینیڈا میں اس کی لچک کی حامل آزادانہ پناہ دینے کی پالیسی کی وجہ سے لاپتا ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ غیر قانونی طریقوں سے معاشی حالات میں بہتری کے لیے یورپ اور شمالی امریکا کے ترقی یافتہ ممالک تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

رواں سال یونان کے قریب 750 غیر قانونی تارکین کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوب گئی تھی جس میں 350 پاکستانی بھی شامل تھے۔

کینیڈا میں پی آئی اے کے ملازمین کی حالیہ گمشدگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں بہتر ملازمتوں کے حامل نوجوانوں میں بھی ملک سے باہر جانے کا رجحان پیدا ہو رہا ہے۔

عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا کہ دو فلائٹ اٹنڈنٹ پرواز کے ٹورنٹو پہنچنے پر غائب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ فلائٹ اٹینڈنٹس خالد محمود اور فدا حسین 10 نومبر کو پی کے 772 پر اسلام آباد سے کینیڈا گئے تھے مگر وہ ٹورنٹو سے پرواز کے روانہ ہونے سے قبل واپس رپورٹ کرنے میں ناکام رہے۔

ایئر لائن نے کینیڈا میں مقامی حکام کو اس واقعے کے بارے میں مطلع کیا اور اپنے لاپتہ ملازمین کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا آغاز کیا جو ان کی خدمات کو ختم کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے کیبن کریو کے چار ارکان گذشتہ برس اسی طرح غائب ہوئے تھے، جبکہ مزید چار 2023 میں غائب ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کی وجہ کینیڈا کی حکومت کی طرف سے حد سے زیادہ لچکدار سیاسی پناہ دینے کا پروگرام ہے، ہم عام طور پر ایسے افراد کی پی آئی اے کے لئے خدمات کو ختم کر دیتے ہیں۔ . واضح رہے کہ قومی ائیر لائن نے کینیڈا اور یورپی ممالک کا سفر کرنے والے فلائٹ اٹینڈنٹ کے لیے سخت ضابطے نافذ کیے ہیں جن میں کیبن کریو کے ارکان کے لیے 50 سال سے زیادہ عمر کی حد مقرر کرنا شامل ہے۔

یونس خان نے پاکستان ٹیم کی کپتانی کا نسخہ بتا دیا

 

سابق کپتان یونس خان نے کہا ہےکہ بابراعظم کو کپتانی اور اپنی بیٹنگ کو الگ الگ زاویے میں ڈھالنا چاہیے تھا۔

یونس خان نے اپنی لیڈنگ کوالیٹیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ورلڈکپ میں کپتانی اتنا بڑا اشو نہیں تھا، بابراعظم کو کپتانی اور اپنی بیٹنگ کو الگ الگ زاویے میں ڈھالنا چاہے تھا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ورلڈکپ کا بغور جائزہ لیں تو یہ دیکھیں کہ ہم نے فنش کہاں کیا ہے، اگر ہم بغیر پلاننگ کے پانچویں نمبر پر آسکتے ہیں جہاں دیگر ٹیموں سے پھر بھی قدرے بہتر ہیں اور اگر ہم تھوڑی سی پلاننگ کر لیتے، تھوڑی ٹیوننگ کرلیتے، تھوڑی ایڈجسٹمنٹ کرلیتے تو ہم ٹاپ فور میں فنش کرتے اور سیمی کھیل رہے ہوتے۔

ایڈجسٹمنٹ کوئی راکٹ سائنس نہیں کہ اس میں پہاڑ کاٹنا پڑے، مشکل کام انکےلیے ہے جو پلاننگ نہیں کرپاتے : یونس خان

یونس خان نے کہا کہ یہاں جو بڑے پلیئر ہوتے ہیں وہ سیمی فائنل اور فائنل میں بڑی اننگز کھیل جاتے ہیں جیسے 2009 ورلڈکپ میں شاہد آفریدی تھے، موجودہ ورلڈکپ میں فخر زمان نے بیک ٹو بیک 2 میچز میں امیزنگ بیٹنگ کی ان جیسے بڑے کھلاڑیوں کو کہاں استعمال کرنا کیسے کرنا ہے یہ آپ کو آنا چاہیے۔

سابق کپتان نے موجودہ ورلڈکپ میں بھارت کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم بھارت کی بات کریں تو روہت شرما، ویرات کوہلی اور راہول ٹاپ کے بیٹسمین ہیں جو پورے ورلڈکپ میں پرفارم کررہے ہیں، بولنگ میں اسپنرز کے ساتھ فاسٹ بولرز کی کارکردگی کی وجہ سے ان کی ٹیم ٹاپ پر ہے تو ایسی ہی پلاننگ کی ضرورت ہے، ٹیم پلاننگ اور ایڈجسٹمنٹ کوئی راکٹ سائنس نہیں کہ اس میں پہاڑ کاٹنا پڑے مشکل کام ان کے لیے ہے جو پلاننگ نہیں کرپاتے، آپ کو پاور پلے کا درست استعمال آنا چاہیے۔

یونس خان نے کپتان بابراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آج جو بابر کی کپتانی کی ہر پلیٹ فارم پر باتیں ہورہی ہیں میرے خیال میں یہ اتنا مشکل کام نہیں ہے، پہلے آپ کو ایک اچھی ٹیم سلیکٹ کرکے فرنٹ سے لیڈ کرنا ہے، آپ مثال بنیں پلیئرز خود ہی آپ کو فالو کریں گے، دوسری جانب اپنی بیٹنگ کرتے وقت پوری توجہ محض اپنی بیٹنگ پر دیں اور جب کپتانی کا رول ادا کرنا ہے ٹیم کھلانی ہے تو اس وقت اپنی لیڈنگ شپ کوالیٹیز دکھائیں، یہاں یہ نہیں سوچنا کہ آپ کی بیٹنگ کے وقت رنز بنے ہیں یا نہیں، سنچری بنائی ہوئی ہے یا نہیں اس وقت آپ کو اپنا رول کپتانی کا ادا کرنا ہے۔