فیٹف نے بھارت میں منی لانڈرنگ کی تفتیش کیلئے ٹیم بھیج دی

یٹف نے بھارت میں غیرقانونی کارروائیوں کی تفتیش کیلئے ٹیم بھیج دی ہے اور اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت منی لانڈرنگ،اسلحہ کی غیرقانونی تجارت کامرکزبناہواہے۔

بھارتی بھی فیٹف کے ریڈار پر آگیا ہے، اور فیٹف نے ہندوستان میں غیر قانونی اور غیر انسانی کارروائیوں کی تفصیلی تفتیش کے لیے اپنی ٹیم بھیج دی ہے۔

فیٹف رپورٹ کے مطابق بھارت کئی دہائیوں سے بین الاقوامی منی لانڈری اور مختلف اشیاء خصوصاً ہتھیاروں اور گولہ بارود کی غیر قانونی تجارت کے مرکز کے طور پر کام کرتا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں منی لانڈرنگ 674.9 بلین ڈالر تک بڑھ گئی ہے، منی لانڈرنگ کا عمل بی جے پی حکومت کینگرانی میں مزید تیز ہوا ہے۔

معروف اخباراورویب سائٹ پولیٹیکو نے بھارت سے متعلق سوال اٹھا دیے ہیں۔ اور بتایا ہے کہ 2010 میں ہندوستان میں منی لانڈرنگ مخالف اقدامات میں متعدد کوتاہیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔

پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں غیر قانونی تجارت کے ذریعے منی لانڈرنگ تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے تناظر میں جی ڈی پی کے 5 فیصد اضافے کو پہنچ گئی ہے، بھارت میں منی لانڈرنگ کا تخمینہ ملک کے جی ڈی پی کے 5 فیصد تک لگایا گیا ہے۔

اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق بھارت 2002 کے بعد سے اب تک دنیا کا سب سے بڑا ہتھیار درآمد کرنے والا ملک ہے، اور عالمی ہتھیاروں کی 11 فیصد درآمد کرتا ہے، جن میں بالخصوص روس، امریکا، یورپی یونین اور اسرائیل شامل ہیں۔

نومبر 2023 میں بھارت کی اس منی لانڈرنگ اور ٹی ٹی پی جیسے بین الاقوامی دہشت گردی کی فنڈنگ کے ساتھ روابط برقرار رکھنے کے لیے جانچ کی جائے گی

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی حکومت سرکاری طور پر دہشت گرد تنظیموں جیسے آر ایس ایس، بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کی سرپرستی کرتی ہے، ہندوستانی رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو بھی پوری دنیا میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی خواتین کو محرم کے بغیر حج کی مشروط اجازت

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ خاتون کے بغیر محرم حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے وزارت حج کے استفسار پر تحریری جواب میں کہا ہے کہ جس عورت کو سفر اور حج فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو بغیر محرم حج کے لئے جا سکتی ہے۔

کونسل نے اپنی رائے دی کہ فقہ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق خاتون محرم کے بغیر حج کرسکتی ہے۔ فقہ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق جس خاتون کو قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جا سکتی ہے، تاہم عورت کے والدین موجود ہونے یا شادی شدہ ہونے کی صورت میں ان کی اجازت لازمی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے تحت محرم میسر نہ ہونے پر عورت پر حج فرض نہیں۔

پاکستان کا پہلا ٹیلی پریزنس روبوٹ تیار، طبی ماہرین طویل فاصلے سے مریض کا معائنہ کرسکیں گے

  کراچی:  پاکستان کی ہیلتھ ٹیک کمپنی نے ملک کا پہلا ٹیلی پریزنس روبوٹ تیار کرلیا  ہے جو طبی ماہرین اور معالجین کو مریضوں کا لائیو معائنہ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ روبوٹ کو ”پاک روبو“ کا نام دیا گیا ہے جسے ہیلتھ ٹیک پلیٹ فارم ایجوکاسٹ اور اینوویٹ اٹ نے باہمی اشتراک سے  تیار کیا ہے۔

ملکی سطح پر تیار کردہ ٹیلی پریزنس روبوٹ ہیلتھ کیئر اور ہیلتھ ایجوکیشن میں اہم پیش رفت ہے جس کی مدد سے معالجین اور طبی ماہرین دور دراز فاصلوں حتی کہ بیرون ملک سے بھی معائنہ کرسکیں گے۔

 

 

یہ روبوٹ جدید کمیونی کیشن سہولتوں اور سینسرز سے لیس ہے جو مریض کی لائیو صورتحال ماہرین کو فراہم کرتا ہے اور اس روبوٹ کے ذریعے طبی ماہرین مریض اور اس کے ساتھ موجود پیرامیڈکس کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں۔

پاک روبو آزادانہ طریقے سے حرکت کرسکتا ہے اس میں خصوصی لیزز لینس نصب ہے جو مریض کے جسم کے کسی بھی حصے کی نشاندہی کرتا ہے تاکہ مریض کے ساتھ موجود پیرامیڈکس اس حصے کی تفصیلات بتاسکیں۔ کیمروں کی  مدد سے دور دراز فاصلوں پر موجود معالجین خود بھی مریض کا معائنہ کرسکیں گے۔

روبوٹ تیار کرنے والے ہیلتھ ٹیک پلیٹ فارم ایجوکاسٹ کے سی ای او عبداللہ بٹ نے بتایا کہ روبو پاک بنانے کا مقصد پاکستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم پر پڑنے والے دباؤ اور افرادی قوت کی قلت کو کم کرنا ہے۔ یہ روبوٹ اسپتالوں کے وارڈز میں جاکر مریضوں کا انفرادی معائنہ کرنے میں معالجین کی مدد کرے گا اور اسپشلسٹ طبی ماہرین ملک کے کسی دوسرے حصے یا بیرون ملک بیٹھ کر بھی اپنے زیر علاج مریضوں کا معائنہ کرسکیں گے۔

robot1

عبداللہ بٹ نے بتایا کہ روبو پاک اس وقت ڈیولپمنٹ کے مراحل میں ہے اور جلد ہی اسے مریضوں کے اہم اور بنیادی وائٹلز طبی اشاریے پہچاننے کی صلاحیت سے بھی لیس کردیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیکنالوجی فرم کے ساتھ اشتراک عمل پر اتفاق ہوگیا ہے جو پاکستان کے پہلے ٹیلی پریزنس روبوٹ کے لیے ایسا سلوشن مہیا  کرے گی جس کی مدد سے یہ روبوٹ مریضوں کے چہرے اور آنکھوں کو اسکین کرکے بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن، نبض اور دیگر اہم وائٹلز کی ریڈنگ حاصل کرسکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے بڑے ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس اس روبوٹ میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ملکی ضرورت پوری کرنے کے بعد یہ سلوشن ایکسپورٹ بھی کیا جائے گا۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے بھی اسلامی دنیا میں ہیلتھ کیئر سسٹم پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے اور افرادی قوت کی قلت سے نمٹنے کے لیے اس سلوشن کو استعمال کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ہیلتھ کیئر کے شعبے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے جانے والے اس روبوٹ کی ملکی سطح پر آزمائش جاری ہے،  جلد ہی اسے بڑے اسپتالوں میں آزمایا جائے گا اور آزمائش کے نتائج کی روشنی میں کارکردگی کو مزید بہتر بناکر یہ سلوشن مارکیٹ کیا جائے گا۔

عبداللہ بٹ نے بتایا کہ اس طرز کے روبوٹ امریکا میں بھی زیر استعمال ہیں لیکن ان کی لاگت بہت زیادہ ہے،  ملکی سطح پر تیار کیے جانے والے روبو پاک کی لاگت 3لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے جس میں آگے چل کر مزید کمی لائی جائے گی۔

بابر سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس، صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابرا عظم سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لے لی گئی ہے البتہ انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کی پاکستان ٹیم مینجمنٹ  اور کپتان بابر اعظم سے لاہور میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں چیئرمین ذکاء اشرف نے کوچز کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق بابر سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لے لی گئی جبکہ انہیں صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں کپتان کون ہوگا اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

ویرات کوہلی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ کر دنیا میں پہلے نمبر پر آگئے

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اپنے ہی ملک کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ کر دنیا میں پہلے نمبر پر آگئے، انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑا۔

ویرات کوہلی نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرکے ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا۔

ویرات کوہلی کی ون ڈے سنچریوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے، انہوں نے یہ سنگ میل 291 میچز کی 279 ویں ون ڈےانٹرنیشنل میں سر انجام دیا۔

ویرات کوہلی ون ڈے کیریئر میں 50 سنچریاں اور 71 ففٹیاں اسکور کر چکے ہیں۔

اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے بھارت کی جانب سے 463 ون ڈے میچز کی 452 اننگز میں 49 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 18 ہزار 426 رنز بنائے، جس میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچری شامل تھیں۔

ورلڈکپ سیمی فائنل: بھارت کا نیوزی لینڈ کو 398 رنز کا ہدف

ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 398 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کپتان روہت شرما نے شُبمن گِل کے ساتھ اننگ کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹرز نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور اسکور 8.2 اوورز میں 71 رنز پر پہنچایا جس کے بعد بھارت کی پہلی وکٹ گر گئی۔

کپتان روہت شرما کو ٹِم ساؤتھی نے 47 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

اپنی اننگ کے دوران روہت شرما نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی بنایا۔

روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف 50 واں چھکا لگا کر ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑا۔

بعدازاں شُبمن گِل اور ویرات کوہلی نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 164 رنز تک پہنچایا جس کے بعد شُبمن گِل 79 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے والی ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اُمید ہے آج کا میچ اچھا ہو گا، بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ہم بھی اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، ہماری ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون

نیوزی لینڈ ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل،ٹام لیتھم، گلین فلیپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگیوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

سیمی فائنل کیلئے بھارت کی پلیئنگ الیون

بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، سوریا کماریادیو، رویندرا جڈیجا، محمد شامی، جسپریت بمرا، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

بھارت اس ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے اپنے تمام 9 میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچا ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلے مرحلے میں اپنے 5 میچز جیتے تھے۔

آج پہلے سیمی کے بعد ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ایڈن گارڈنز کولکتہ میں شیڈول ہے۔

دونوں سیمی فائنل جیتنے والی ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔

چینی صدر شی جنپنگ امریکا پہنچ گئے

 واشنگٹن: چین کے صدر شی جنپنگ اپیک اجلاس میں شرکت اور امریکی ہم منصب جوبائیڈن سے ملاقات کے لیے سان فرانسسکو پہنچ گئے جہاں امریکی وزیر خزانہ  اور کیلی فورنیا کے گورنر نے انھیں خوش آمدید کہا جب کہ چینی شہریوں نے ایئرپورٹ سے ہوٹل تک قطار بناکر ان کا استقبال کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق بالی میں ایک سال قبل صدر جوبائیڈن اور چینی ہم منصب کی اہم ملاقات ہوئی تھی اور ایک مفاہمت نامے پر اتفاق بھی کیا گیا تھا جس کے بعد اب دوسری ملاقات ہونے جا رہی ہے۔

چین کے صدر شی جنپنگ کی امریکا میں مصروفیات میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) اجلاس میں شرکت کرنا بھی ہے جب کہ اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے وہ امریکی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

یوکرین جنگ اور پھر غزہ میں حماس اسرائیل جھڑپوں کے باعث امریکی اور چینی صدور کی یہ ملاقات اہمیت اختیار کرگئی ہے اور خطے سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اپیک کے رواں برس اجلاس کو بھی  ’’سب کے لیے ایک لچکدار اور پائیدار مستقبل کی تخلیق‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے جس میں سب کی معاشی و تجارتی خود مختاری کی بات کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 21 ممالک کی تنظیم ’’اپیک‘‘ کے اجلاس کا آغاز امریکی شہر سان فرانسسکو میں آج 15 نومبر سے ہورہا ہے جو 17 نومبر تک جاری رہے گا۔ اپیک میں امریکا، روس اور چین سمیت جنوبی کوریا، تائیوان اور ہانگ کانگ بھی شامل ہیں۔

لاہور میں اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند، دفاتر میں ورک فرام ہوم کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ پر قابو پانے کیلئے شہر بھر میں ہفتے کے روز نجی وسرکاری سکول کالج بند کرنے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم پر عمل درآمد کرائیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور اور اس کے گرد نواح میں کچرے کے ڈھیر ہیں ۔ ایک ایونٹ کریں کہ اتوار یا کسی روز اسکولوں کے بچوں کو بلا کر کچرا اٹھائیں یہ پوری دنیا میں ہوتا ہے۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ کلین لاہور کے نام سے ایونٹ شروع کرسکتے ہیں۔

ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے خاتمے کیلئے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی. عدالتی حکم پر سرکاری افسران پیش ہوئے ۔

کمشنر لاہور کی جانب سے لیگل ایڈوائزر صاحبزادہ مظفر علی نے رپورٹ جمع کروادی. جس کے مطابق ننکانہ اور شیخوپورہ میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات ہوئے ۔ ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کے پٹواری  سمیت دیگر حکام کو معطل کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے لاہور میں استنبول چوک سے لیکر مال روڈ تک گرین لائن بنادی گئی . ایل ڈی اے، واسا اور پی ایچ اے کے ملازمین کو سائیکلیں دینے کیے لیے تجاویز نگران وزیر اعلی کو بھجوادیں گئیں۔

عدالت نے جوڈیشل واٹر کمیشن کے ممبران کو نگراں وزیر اعلی سے جمعہ کو میٹنگ کرنے کی ہدایت کردی اور ریمارکس دیئے کہ دوسرے اضلاع کی نسبت لاہور میں اسموگ پر بہتر کام ہو رہا ہے. کیونکہ کمشنر لاہور ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

وکیل پی ایچ اے نے عدالت کو بتایا کہ پی ایچ اے کے تمام ملازمین کی بائیکس کو الیکٹرک بائیک میں تبدیل کر رہے ہیں.

عدالت نے واضح کیا کہ الیکٹرک بائیکس کا کام حکومتی سطح پر ہوگا تو زیادہ مفید ہوگا۔

عدالت نے ایل ڈی اے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں کہ لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبے کب تک مکمل ہونگے.ایل ڈی اے نے بتایا کہ 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے آئندہ سماعت پر اس حوالے سے رپورٹ پیش کردیں گے۔

عدالت نے باور کرایا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دو ہفتے پہلے جو اسموگ تھی وہ دوبارہ نہ ہو اور اسموگ کا مسئلہ صرف لاہور کا نہیں پورے پنجاب کا ہے۔

عدالت نے جوڈیشل کمیشن کو وزیر اعلی سے 17 یا 18 نومبر کو ملاقات کی ہدایت کی اور سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی ۔

عدالت نے حکم دیا کہ ہفتے کے روز اسکول کالجز مکمل طور پر شٹ ڈاؤن ہوں جبکہ ورک فرام ہوم کی پالیسی پر عملدرآمد کروایا جائے۔

بلاول کیساتھ 16 ماہ ملکر کام کیا، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، شہباز شریف

کوئٹہ: سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلاول کے ساتھ 16 مہینے کام کیا ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، مل کر مسائل حل کرنا ہوں گے۔

بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اسلم خان رئیسانی سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو میرے چھوٹے بھائی جیسے ہیں،  ہم نے 16 ماہ اکٹھے کام کیا ہے،  رونے دھونے اور  ایک دوسرے کو مؤرد الزام ٹھہرانے سے کچھ نہیں ہوگا،  ہمیں سنجیدہ سیاست کی طرف جانا ہوگا۔

شہباز شریف نے اسلم خان رئیسانی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی، جس پر انہوں نے جلد  فیصلہ کرنے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی،  معاشی اور  معاشرتی مسائل مل کر حل کرنے پڑیں گے۔ سیاسی زعما اور اسٹیک ہولڈر ماضی سے سبق سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ اس ملک کی ترقی اور حوش حالی ہی سے ہماری ترقی و خوش حالی وابستہ ہے۔ پاکستان ایک جوہری قوت ہے مگر معاشی طور پر ہمارا گزشتہ 75 برس میں جو حشر ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ ہمیں اس حالت کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ الزام تراشی   کرنا کوئی مناسب عمل نہیں ہے۔

انہوں نے پارٹی قائد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے بلوچستان کی ترقی کے لیے اقدامات اور فیصلے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ ان کے دور میں ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا جب کہ سابقہ حکومت کے 4 سالہ دور میں تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں ہوا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں سے کوئی بھی وزیراعظم منتخب ہو،  قوم اسے قبول کر لے گی۔ ہماری مخلوط حکومت میں تمام فیصلے مشاورت کے تحت ہوتے تھے۔ بلاول میرے چھوٹے بھائی کے جیسے ہیں، ان کے ساتھ مل کر 16 ماہ کام کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب کو الزام تراشی اور رونا دھونا چھوڑ کر اپنے گریبان میں جھانکنا پڑے گا۔ تجزیہ کرنا ہوگا کہ ہم سے کیا کیا اور کہاں کہاں  غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹر ہونے سے بچایا، ہماری سیاست کو نقصان پہنچا مگر ریاست بچ گئی۔ اب سیاست بھی بچ جائے گی۔

فوجی عدالتوں کے حق میں سینیٹ کی قرارداد کیخلاف مشتاق احمد نے قرارداد جمع کرادی

اسلام آباد: ملٹری کورٹس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سینیٹ میں قرارداد منظور ہونے کے معاملے میں  سینیٹر مشتاق احمد نے منظور قرارداد کو کالعدم قرار دینے کی قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد نے اپنی قرارداد میں کہا ہے کہ یہ سینیٹ سپریم کورٹ کے ملٹری کورٹ کے خلاف دیے گئے فیصلے کی حمایت کرتا ہے مگر اس کے برخلاف یہاں ایوان میں ایجنڈا لائے بغیر اور سینیٹ کے رولز کو نظر انداز کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اور ملٹری کورٹ کے حق میں قرارداد منظور کروائی گئی۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی محافظ ہے، سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ سویلین کا ٹرائل سویلین عدالتوں میں ہی ہوگا، یہ سینیٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتا ہے، سینیٹ سے ملٹری کورٹ کے حق میں منظور کی گئی قرارداد کو کالعدم قرار دیا جائے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی حمایت کی جائے۔

یونس، حفیظ اور وہاب سلیکشن کمیٹی کیلئے مضبوط امیدوار

آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد سلیکشن کمیٹی میں اُکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سابق کپتان یونس خان، محمد حفیظ، سہیل تنویر اور نگراں صوبائی وزیر کھیل وہاب ریاض سے ملاقاتیں کی ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کے استعفیٰ کی منظوری کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کے انتخاب کی ذمہ داری سنبھالی تھی تاہم بورڈ نے عبوری کمیٹی کو بھی توڑ دیا۔

بورڈ سربراہ سربراہ یونس خان، وہاب ریاض اور محمد حفیظ میں سے کسی ایک کو نیا چیف سلیکٹر بنانے پر غور کر رہے ہیں تاہم فاسٹ بولر وہاب ریاض سلیکشن کی پوزیشن کیلئے مضبوط دعویدار ہیں۔

نئی سلیکشن کمیٹی 20 سے 24 نومبر تک ٹیسٹ سکواڈ کی تشکیل پر غور و خوض کرے گی۔

بورڈ چاہتا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مقرر کردہ چیف سلیکٹر جدید دور کی کرکٹ کے متحرک منظر نامے واقف ہو اور اسی حساب سے ٹیم منتخب کی جائے۔

سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی اور محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔

جسٹس عامر فاروق نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف امریکی سائفر کو لیک کرنے کے الزام میں کارروائی جاری ہے۔

حریم شاہ کو “بگ باس سیزن 17” کی پیشکش

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کو بھارت کے مقبول ترین ریئلیٹی شو “بگ باس سیزن 17″ میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی ہے۔

حریم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے نیلے اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

ٹک ٹاکر نے ایکس پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے صارفین سے ایک  خبر شیئر کی جوکہ  بھارتی ریئلیٹی شو “بگ باس” کے  سیزن 17 کے حوالے سے تھی۔

Bigg Boss 17 walon ny bulaya hai .. jaun ya na jaun? @ColorsTV pic.twitter.com/Co2248vEcb

حریم شاہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “مجھے بگ باس کے سیزن 17 کے لیے بُلایا گیا ہے”، اُنہوں نے صارفین سے اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے پوچھا کہ “میں اس پیشکش کو قبول کرکے بگ باس میں جاوْں یا نہیں؟”

صارفین نے حریم شاہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہیں بگ باس میں جانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بگ باس میں جاکر پاکستان کا نام روشن کرو۔

ایک صارف نے حریم شاہ سے یہ بھی پوچھا کہ “کیا آپ کے پاس اُن کے شو کی بھی کوئی ویڈیو ہے؟”

ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ “کچھ عرصے بعد پتا چلے گا کہ سلمان خان کی بھی کوئی آڈیو یا ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہورہی ہے”۔

عدنان نامی صارف نے کہا کہ “میں تو یہ سوچ رہا ہوں بگ باس کے پہلے والے 16 سیزن آپ کے بغیر کیسے ہوگئے”۔

یاد رہے کہ حریم شاہ سوشل میڈیا پر ویڈیو لیک کرنے کی وجہ سے مشہور ہیں، اُنہوں نے ماضی میں پاکستانی سیاستدان اور معروف شخصیات کی نازیبا ویڈیوز لیک کی ہیں۔