ایف بی آر کو غلط فارمولے کی وجہ سے جمع اضافی انکم ٹیکس واپس کرنے کا حکم

اسلام آباد: وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو نئے انکم ٹیکس ریٹرن میں غلط فارمولے کی وجہ سے تمام ٹیکس دہندگان کو اضافی انکم ٹیکس واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ایف ٹی او کی جانب سے یہ تاریخی حکم ٹیکس وکیل وحید شہزاد بٹ کی جانب سے پنشنرز، بزرگ شہری اور شہدا کے اہل خانہ کے لیے درج کرائی گئی مفاد عامہ کی شکایت کی بنیاد پر جاری کیا گیا۔ اس سے قبل ایف بی آر نے ایف ٹی او کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ ٹیکس سال 2023ء کے لیے تیار کردہ انکم ٹیکس ریٹرن میں پنشنرز، بزرگ شہریوں اور شہدا کے خاندانوں کے افراد کے لیے غلط ٹیکس واجبات کا حساب لگایا جا رہا ہے۔

ایف ٹی او کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری ریونیو ڈویژن اسلام آباد سمیت دیگر حکام سے معاملے پر رائے طلب کی گئی ہے جب کہ ایف بی آر، چیف آئی ٹی پی مسعود اختر اور چیف بی ڈی ٹی-آئی ٹی) عباس میر نے ڈپارٹمنٹل ریپریزنٹ کے طور پر پیش ہوکر محکمے کا موقف پیش کیا۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگرچہ محکمے نے آئی آر آئی ایس میں حساب کتاب کی غلطی کو درست کر لیا ہے لیکن پھر بھی ان کی طرف سے یہ جاننے کی کوئی مشق نہیں کی گئی کہ ٹیکس دہندگان نے کتنی اضافی رقم ادا کی، جنہوں نے ٹیکس کی ذمے داری کا حساب 10 فیصد کی شرح سے زیادہ ہونے پر ریٹرن فائل کیا تھا۔

نانا پاٹیکر نے مداح کو تھپڑ مارنے پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے اپنے نوجوان مداح کو تھپڑ مارنے پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز نانا پاٹیکر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک مصروف سڑک پر اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اُسی دوران ایک نوجوان مداح اداکار کے قریب آتا ہے اور سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے جس پر نانا پاٹیکر مداح کو زور دار تھپڑ مار دیتے ہیں۔

نانا پاٹیکر کی یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اب اداکار نے اپنے مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں نانا پاٹیکر نے کہا کہ “میری فلم کا ایک منظر تھا جس میں مجھے ایک نوجوان کو تھپڑ مارنا تھا، ہم ایک بار یہ سین کرچکے تھے اور دوبارہ بھی یہی سین کرنا تھا”۔

نانا پاٹیکر نے کہا کہ “مجھے لگا تھا کہ وہ نوجوان ہماری ٹیم کا حصہ ہے اور میں نے اُسے تھپڑ ماردیا لیکن جب مجھے پتا چلا کہ وہ میرا مداح تھا تو میں نے اُسے ڈھونڈا لیکن وہ اُس وقت وہاں سے بھاگ چکا تھا”۔

اداکار نے کہا کہ “اُس مداح کے کسی دوست نے ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی لیکن میں نے جان بوجھ کر تھپڑ نہیں مارا، میں نے اپنے کیریئر میں کبھی بھی کسی مداح کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا”۔

کراچی سے گئے پیاز کے کنسائمنٹ میں 5 ارب روپے کی منشیات ملائیشیا میں پکڑی گئی،2ملزمان گرفتار

 کراچی سے پیاز کی ایکسپورٹ کے کنسائنمنٹ میں اربوں روپے کی منشیات ملائشیا میں پکڑی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق ملیشیا ایکسپورٹ کیے جانے والے کنٹینر میں 100 کلو کوکین ،اور 411 کلو میتھامائن نامی منشیات اسمگل کا انکشاف ہوا ہے۔ اسمگل کی گئی منشیات کی مالیت 5 ارب روپے سے زائد ہے، اس حوالے سے ملائشین حکام کا کہنا ہے کہ ملائشین پولیس نے پاکستان سے آنے والے پیاز سے لدے کنٹینر میں چھپائی گئی 500 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی۔

دستاویز کے مطابق 27 اکتوبر 2023 کو ملائیشیا کے شعبہ نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن  نے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر چھاپے مارے ۔ملائشیا میں چیراس پرائما کے  گودام پر چھاپے کے دوران ملائیشیا کے اہلکاروں کو  تھیلوں سے بھرےہوے کنٹینر کی تلاشی لی۔کنٹینر میں  پیاز کے بجائے   تھیلوں میں منشیات کے پیکٹوں سے بھرے ہوئے تھے۔ ملائشین حکام نے پانچ مقامی مشتبہ افراد  کو گرفتار کیا ہے۔نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے 24 اکتوبر 2023 کو پاکستان سے ایک کنٹینر کو کلونگ کی بندرگاہ پر پہنچنے کے بعد پتہ لگایا۔  21 سے 53 سال کی عمر کے تمام مشتبہ افراد کو خطرناک منشیات ایکٹ (ADB) کے سیکشن 39B کے تحت تحقیقات  کے لیے حراست میں رکھا گیا۔

ملایشین حکام نے پاکستان میں ایف بی آر اور ٹی ڈیپ کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا۔ مراسلے کی وصولی کے بعد معاملے کی پاکستان کسٹمز نے  ایف آئی آر درج کر لی۔ کسٹم دفاتر میں بھی مراسلہ پر کھلبلی مچ گئی۔

واضح رہے کہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں  دو پاکستانی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم چوہدری ندیم کو تھائی لینڈ جاتے ہوئے ائیر پورٹ سے حراست میں لیا گیا۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق کسٹمز حکام میں کلئیرنگ ایجنٹ عامر علی خان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ جس کمپنی کے نام سے ایکسپورٹ جی ڈی فائل کی گئی وہ اس کمپنی کی دوسری جی ڈی تھی۔ مال جانے سے پہلے پورٹ پر اس کو ڈرگ انفورسمنٹ سیل کی جانب سے چیک کرنے کا بھی دعوی کیا گیا ہے۔ چیکنگ کے باوجود اتنی بڑی مقدار میں منشیات بیرون ملک پہنچنا کنسائمنٹ کی ایگزامینیش  مشکوک ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان

حکومت نے 16 سے 30 نومبر تک پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے چار پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے کمی کا اعلان کردیا ہے۔

اس اعلان کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 281.34 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 296.71 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

قیاس تھا کہ ایکسچینج ریٹ کے تحت ڈالر مہنگا ہونے سے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا ریلیف نہیں مل سکے گا۔

پیٹرول اور ڈیزل کے علاوہ مٹی کا تیل بھی 6 روپے پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 9 روپے ایک پیسے تک کمی کی گئی ہے۔

جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 204.98 روپے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 180.45 روپے ہوگئی۔

خیال رہے کہ غزہ جنگ کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، تاہم، اب برینٹ آئل کی قیمت 81 ڈالر فی بیرل تک آچکی ہے۔

خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے پیش نظر امکان تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل نگراں حکومت نے 31 اکتوبر کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا تھا، اور 15 نومبر تک پیٹرول کی قیمت 283.38 روپے اور ڈیزل کی قیمت 303.18 روپے فی لیٹر رہی۔

نیوزی لینڈ کو شکست دے کر بھارت ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے محمد شامی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد بھارتی ٹیم میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔

بھارت کی جانب سے دیے گئے 398 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49ویں اوورز میں 327 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے شبمن گِل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، دونوں بیٹرز نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور اسکور 8.2 اوورز میں 71 رنز پر پہنچایا جس کے بعد بھارت کی پہلی وکٹ گر گئی۔

بھارتی کپتان روہت شرما جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 29 گیندوں پر 47 رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اپنی اننگ کے دوران روہت شرما نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی بنایا، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 50 واں چھکا لگا کر ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑا۔

بعدازاں شُبمن گِل اور ویرات کوہلی نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 164 رنز تک پہنچایا جس کے بعد اوپننگ بلے باز شبمن گل نصف سینچری بنانے کے بعد زخمی ہوکر باہر چلے گئے۔

اس کے بعد تیسری وکٹ پر ویرات کوہلی اور شریاس ایر کے درمیان 164 رنز کی دھواں دار پارٹنرشپ لگی جس نے بھارت کو بڑے ہدف کی جانب گامزن کردیا۔

ویرات کوہلی 113 گیندوں پر 117 اسکور بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر ڈیوڈ کونوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ویرات کوہلی نے سنچری مکمل کرتے ہوئے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی بنا لیا۔

ویرات اس وقت ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں انہوں نے 691 رنز بنا کر سچن ٹنڈولکر کا 673 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

شیریاس ایر 70 گیندوں پر 105 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سوریا کمار یادیو 2 گیندوں پر ایک رنز بنانے کے بعد ٹم ساؤتھی کا شکار بنے۔

اختتامی لمحات میں کے ایل راہول نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ شبمن گل آخری اوور میں دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے اور 80 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں بھارتی ٹیم نے مقررہ مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کے لیے 398 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 100 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹرینٹ بولٹ 10 اوورز میں 86 رنز دے کر ایک وکٹ لے سکے۔

نیوری لینڈ کی اننگز

398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اس کے دونوں اوپنرز ڈیون کونوے اور راچن رویندرا 13، 13 رنز بنا کر 39 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، دونوں کو محمد شامی نے آؤٹ کیا۔

ایسے میں ڈیرل مچل اور کپتان کین ولیمسن کے درمیان تیسری وکٹ پر 181 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے نیوزی لینڈ کو جیت کی امید دلائی۔

تاہم 220 کے مجموعے پر بھارتی بولر محمد شامی ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کے لیے مردِ بحران ثابت ہوئے اور انہوں نے پہلے 69 رنز بنانے والے کین ولیمسن اور پھر اسی مجموعے پر ٹام لیتھم کو صفر پر آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ڈیرل مچل کا ساتھ گلین فلپس نے نبھایا، دونوں کے درمیان 75 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 295 کے مجموعی اسکور پر گلین فلپس 41 رنز بناکر جسپریت بمرا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے نئے آنے والے بلے باز مارک چیپمین بھی صرف 2 رنز کے مہمان ٹھہرے جنہیں کلدیپ یادیو نے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کروایا۔

ایک جانب کھڑے ڈیرل مچل بھی رن ریٹ کے سامنے ہمت ہار گئے اور 46 ویں اوور میں 306 کے مجموعی اسکور پر محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیرل مچل نے 7 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 134 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو فائنل میں نہ پہنچا سکے۔

اس کے بعد بھارتی بولرز نے یکے بعد دیگرے کیوی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھا کر 327 رنز پر اس کی اننگز تمام کردی۔

یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 48.5 اوورز میں 327 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اس طرح بھارت نے پہلا سیمی فائنل میں 70 رنز سے جیت اپنے نام کرلی اور میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 9.5 اوورز میں 57 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ جسپریت بمرا، کلدیپ یادیو اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

شاندار بولنگ کرنے پر محمد شامی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے بھارت نے چوتھی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور بھارتی ٹیم 2 بار ورلڈ چیمپئن بنی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر جمعرات کو یعنی کل کھیلا جائے گا، یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا جہاں میچ طوفان کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔

بارش کے باعث میچ ریزرو ڈے میں بھی ممکن نہیں ہوسکا تو جنوبی افریقا پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا ۔

میچ کا ٹاس

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین آج وانکھیڈٖٖے اسٹیڈیم ممبئی میں کھیلا جا رہا ہے، جس کا ٹاس بھارتی کپتان روہت شرما نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ کوشش کریں گے کیویز کے خلاف بڑا اسکور کرکے پریشر بڑھائیں اور میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے ابتدائی اوورز میں جلد وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو پریشر میں لائیں۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم میں کپتان روحت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریئس ایئر، وکٹ کیپر لوکیش راحول، سوریا کمار یودوو، روندرا جڈیجا، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادوو، محمد سراج اور محمد شامی شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے 11 رکنی اسکواڈ میں کپتان کین ولیئمسن، ڈیون کانوے، رچن روندرا، ڈیرل مچل، وکٹ کیپر ٹام لیتھم، گلین دلدس، مارک چپمین، مچل سینٹنر، ٹم ساوتی، لوکی فورگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

ایک طرف بھارت جو ابھی تک ناقابل شکست اور اپنی کارکردگی کے باعث پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر موجود ہے، دوسری طرف نیوزی لینڈ جو لیگ راؤنڈ میں صرف 5 میچز جیت سکا ہے لیکن تمام بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں بھی جیت کے لیے پر امید ہے۔ تاہم 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی یہ دونوں ٹیمیں مد مقابل تھیں اور نیوزی لینڈ نے بھارت کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے مختلف فارمیٹس میں گزشتہ 4 ناک آؤٹ میچوں میں انڈیا کو لگاتار شکست دی ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو نیوزی لینڈ ٹیم کی مستقل کارکردگی با آسانی سمجھ میں آتی ہے۔ 2007 کے بعد سے یہ ٹیم ہر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔

نیوزی لینڈ 2015 اور 2019 میں فائنل تک پہنچی تھی اور 2019 کے فائنل میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہوئی۔ 2021 میں اسی ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں انڈیا کو شکست دی تھی۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز ماضی کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تک 10 بار مد مقابل آئی ہیں۔ ان 10 میچوں میں سے 4 میں بھارت اور 5 میچز میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا ہے۔

بھارت اب تک کسی بھی آئی سی سی ناک آؤٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے تاہم اس بار ہندوستان ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مضبوط فیورٹ کے طور پر جائے گا۔

ورلڈ کپ میچز میں مقابلہ

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچوں میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف سب سے زیادہ 273 رنزبنائے تھے جبکہ بھارت نے ہدف حاصل کرتے ہوئے 274 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم کا سب سے کم اسکور 182 جب کہ نیوزی لینڈ کا بھارت کے خلاف سب سے کم اسکور 146 رنز تھا۔

ون ڈے میچز میں ریکارڈ

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک کل 117 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں، ان میں سے بھارتی ٹیم نے 59 میچ جیتے جبکہ نیوزی لینڈ نے 50 میچ جیتے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے میچ ٹائی جبکہ 7 میچ منسوخ ہوئے۔

پچ اور حالات

وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کو زیادہ کامیابی ملی ہے، موسم ٹھیک ہے اور اگر نہیں بھی تو سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے ہے۔

اعداد و شمار اور ٹریویا

ورلڈ کپ میں اس وقت بھارت کے پاس سب سے زیادہ وکٹیں 85، بہترین اکانومی ریٹ 4.5، بہترین اوسط 19.6 اور بہترین اسٹرائیک ریٹ 26.2 ہے۔

ٹم ساؤتھی بمقابلہ ویرات کوہلی ایک دلچسپ جنگ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے 101 کے اسٹرائیک ریٹ سے 205 رنز بنائے لیکن ساتھ ہی 6 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ اس ورلڈ کپ میں تیزی سے رنز بنانے میں مؤثر رہا ہے، اس ٹورنامنٹ کی تمام ٹیموں میں نیوزی لینڈ کا مشترکہ سب سے زیادہ رن ریٹ 6.5 ہے۔

ون ڈے میں کم از کم 1000 رنز کے ساتھ اوپننگ جوڑیوں میں، روہت اور شبمن گل کی اوسط (74.8) صرف ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ 80.1 کے م

پچ کیوں تبدیل کر دی گئی؟

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران ہونے والے کچھ واقعات کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ میں مداخلت اور اس دوران کیے جانے والے کچھ ایسے اقدامات جن کی بدولت اس ورلڈ کپ کو متنازع بنا دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو آگاہ کیے بغیر سیمی فائنل کے لیے پچ تبدیل کر دی ہے جو پہلے ہی 2 میچز کے دوران استعمال کی جا چکی ہے۔ بھارت نے اسپنرز کے لیے سازگار پِچ کا انتخاب کیا تاکہ ان کے اسپنرز کو مدد مل سکے۔

پانچ برس بغیر شادی کے سیف کے ساتھ رہتی رہی، کرینہ کپور کا انکشاف

بالی ووڈ اداکار کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی کو 11 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ لیکن اب جا کر انہوں نے ایسا انکشاف کیا ہے کہ لوگ حیران رہ گئے ہیں۔

میگزین کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کرینہ نے بتایا کہ انہوں نے پانچ سال بنا شادی کے ”لیو ان ریلیشن شپ“ میں سیف علی خان کے ساتھ گزارے۔

کرینہ کا کہنا تھا کہ جب دونوں کو بچوں کی خواہش ہوئی تو شادی کرنا پڑی۔

خیال رہے کہ جب سیف کی کرینہ کپور سے ملاقات ہوئی تو وہ پہلے سے ہی دو بچوں کے باپ تھے۔ ان کی امریتا سنگھ سے 2004 میں طلاق ہو چکی تھا۔

دوسری جانب کرینہ کپور نے شاہد کپور کو چھوڑ کر 10 سال بڑے سیف علی خان کا ہاتھ تھاما تھا۔

کرینہ نے کہا کہ وہ اپنے بچوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کی موجودگی میں بغیر کسی دباؤ کے اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔

کرینہ کا کہنا تھا کہ ’شادی کرنے کی وجہ یہ ہے کہ آپ بچے چاہتے ہیں، صحیح کہہ رہی ہوں، میرا مطلب ہے کہ اگر ایسا نہیں ہے تو آپ صرف ساتھ رہتے ہیں۔ سیف اور میں پانچ سال تک ساتھ رہے تھے، تو ہم اس لئے آگے بڑھے کیونکہ ہم بچے چاہتے تھے۔‘

بچوں کی پرورش کے حوالے سے کرینہ کی رائے بہت آسان ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اس میں کچھ صحیح یا غلط نہیں ہے۔ ہم بچوں کی شخصیت کو قبول کرتے ہیں اور اسی طرح سلوک کرتے ہیں۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور انہیں وہ بننے دیتے ہیں جو وہ ہیں۔ وہ اپنا راستہ خود تلاش کریں گے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کے قرض کی اگلی قسط کے لیے اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے بدھ کی شام جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اسٹاف اور پاکستان کے حکام میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے کے پہلے ریویو پر معاہدہ طے پا گیا ہے جس کی منظوری آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلے سے مشروط ہے۔ منظوری کی صورت میں پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ رقم ملے گی۔

معاہدے کا اعلان ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب آئی ایم ایف کے مشن چین نیتھن پورٹر کی نگران وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کی مقامی نمائندہ ایستھر پیریز بھی شامل تھیں۔

وفد نے وزیراعظم کو تکنیکی سطح پر ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ جاری کام پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیرِ خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں نگراں وزیر خزانہ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے متفقہ اصلاحاتی کوششوں کیلئے حکومت کے مستقل عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف اسٹاف اور پاکستانی حکام نے پاکستان کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (SBA) کے تحت پہلے جائزے پر عملے کی سطح پر ایک معاہدہ کیا ہے، جو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔ منظوری کے بعد پاکستان کو 528 ملین اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) (تقریباً 70 کروڑ امریکی ڈالر) تک رسائی حاصل ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ طے شدہ مالیاتی استحکام کو آگے بڑھانے، توانائی کے شعبے میں لاگت پر کمی لانے والی اصلاحات کو تیز کرنے، مارکیٹ کی طرف سے طے شدہ شرح مبادلہ کی واپسی کو مکمل کرنے، اور سماجی امداد کو مستحکم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد کے لیے سرکاری ادارے اور گورننس اصلاحات کی حمایت کرتا ہے۔

مشن چیف نیتھن پورٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔ منظوری کے بعد تقریباً 70 کروڑ امریکی ڈالر پاکستان کو دستیاب ہو جائیں گے جس سے پروگرام کے تحت کل ادائیگی تقریباً 1.9 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹینڈ بائے معاہدے کے تحت استحکام کی پالیسیوں کے ذریعے بحالی جاری ہے، بین الاقوامی شراکت داروں کی حمایت اور بہتر اعتماد کے اشارے خوش آئند ہیں۔

نیتھن پورٹر نے کہا کہ مالی سال 24 کے بجٹ کے مستقل نفاذ، توانائی کی قیمتوں میں مسلسل ایڈجسٹمنٹ، اور فارن ایکسچینج مارکیٹ میں نئے بہاؤ نے مالی اور بیرونی دباؤ کو کم کیا ہے۔ رسد میں کمی اور معمولی مانگ کے درمیان آنے والے مہینوں میں افراط زر میں کمی متوقع ہے۔ تاہم، پاکستان اہم بیرونی خطرات کے لیے حساس ہے، جس میں جغرافیائی سیاسی تناؤ کی شدت، اجناس کی دوبارہ بڑھنے والی قیمتیں، اور عالمی مالیاتی حالات میں مزید سختی شامل ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ لچک پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ ’اس سلسلے میں، میکرو اکنامک پائیداری کو مضبوط بنانا اور متوازن نمو کے لیے حالات قائم کرنا معاہدے کے تحت اہم ترجیحات ہیں۔

آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے بجلی کے نقصانات کم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی بحالی جاری ہے، دوست ممالک کے تعاون سے معاشی استحکام آرہا ہے، وفاقی بجٹ پر عملدرآمد سے پالیسیوں میں تسلسل آیا ہے، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی گئیں، ایکسچینج مارکیٹ پردباؤ کم ہورہا ہے۔

فرانس نے شامی صدر بشار الاسد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

فرانس نے شامی صدر بشار الاسد کی گرفتاری کے لیے  عالمی  وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

عدالتی ذرائع اور مدعی نے بتایا کہ بشار الاسد کے خلاف وارنٹ کا اجرا 2013 میں اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف مشتبہ کیمیائی حملے کرنے کی پاداش میں ہوا ہے۔

دعوی کے مطابق، شامی صدر  کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت دے کر جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

عدالتی ذرائع نے بتایا کہ بشار الاسد حملوں میں معاونت کی صورت میں جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ان حملوں میں دمشق کے قریب کم سے کم 1400 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

قطر کی ثالثی میں ہونے والے اسرائیل حماس ممکنہ معاہدے کے نکات سامنے آگئے

تل ابیب: قطر اسرائیل اور حماس کے درمیان امریکا کی مدد سے ایک ایسے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے جس میں 50 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں 3 روز کے لیے جنگ بندی کی جائے گی۔

العربیہ نیوز نے مذاکرات میں شامل ایک ذریعے کے حوالے سے دعوٰی کیا ہے کہ غزہ میں حماس کے پاس 200 سے زائد اسرائیلی یرغمال ہیں جن میں سے 50 بچوں اور خواتین کو رہا کرنے پر حماس نے رضامندی ظاہر کی ہے۔

اس کے بدلے میں اسرائیل بھی اپنی جیلوں میں قید 120 فلسطینی بچوں اور خواتین کو رہا کردے گا تاہم اسرائیل کا اصرار ہے کہ حماس 50 کے بجائے یرغمال بنائے گئے 100 خواتین اور بچوں کو رہا کرے۔

قطر سے تعلق رکھنے والے مذاکرات کار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر یہ بھی بتایا کہ اگر دونوں جانب سے یرغمالیوں کی رہائی پر عمل درآمد کردیا جاتا ہے تو غزہ میں 3 دن کے لیے جنگ بندی کی جائے گی۔

ان 3 دنوں میں یرغمالیوں کا تبادلہ کیا جائے گا، غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل تیز ہوگا اور غزہ میں انسانی ضروریات کی چیزیں امداد کی شکل میں مہیا کی جائیں گی۔

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگر ایک بار جنگ میں تعطل آگیا تو یہ مکمل سیزفائر کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرکے 200 سے زائد اسرائیلیوں کو یرغمال بنالیا تھا جن میں 100 سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں جب کہ بقیہ اسرائیلی فوجی افسران اور اہلکار ہیں۔

ان میں سے اسرائیل اب تک صرف ایک کو بازیاب کراسکا ہے جب کہ 4 سے 5 کے یرغمالی اسرائیلی بمباری میں مارے گئے اور 4 کو حماس رہا کرچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے اپنے اپنے یرغمالیوں اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوچکا ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ امریکی صدر نے بھی جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ طے پانے کا عندیہ دیا تھا۔

اسرائیل اور حماس کی جانب سے تاحال مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ ان مذاکرات میں ثالثی کا کردار قطر ادا کر رہا ہے جب کہ مصر اور اردن بھی حماس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہے ہیں۔

اسی طرح امریکا بھی کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے اسرائیل پر اپنے تعلقات استعمال کر رہا ہے۔ اس جنگ میں اب تک 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1400 سے زائد اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔

علاوہ ازیں اس جنگ میں اب تک 25 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں نصف تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کیا جائے، ملزمان کی عزت پر کوئی حرف نہ آئے، اسلام آباد ہائیکورٹ

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کے خلاف دائر سائفر کیس کا ٹرائل شفاف انداز سے چار ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سائفر کیس کا ٹرائل چار ہفتوں میں مکمل کیا جائے اور جیل سپرنٹنڈٹ کو ہدایت کی ہے کہ اس دوران ملزمان کی عزت پر کوئی حرف نہ آئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے جاری محفوظ فیصلے کے تحریری حکم نامے میں شاہ محمود قریشی کی جانب سے دائر فرد جرم کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیل سپرٹنڈنٹ یقینی بنائیں کہ ملزمان کی عزت اور وقار پر کوئی حرف نہ آئے، جیل میں ٹرائل کا مطلب ان کیمرہ سماعت نہیں بلکہ اوپن ٹرائل ہی ہے، جیل حکام اور حکومت سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو عدالتی کارروائی دیکھنے کو یقینی بنائیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہر حوالے سے اوپن اور شفاف ٹرائل یقینی بنایا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے لکھا کہ ’آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت اس کیس میں استثنیٰ کا اطلاق نہیں ہوتا ، آفیشل ڈیوٹی کے دوران لگائے کریمنل الزامات پرآرٹیکل 248 کا اطلاق ہوتا ہے۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، اُن کی کی سیکیورٹی کی وجہ سے جیل ٹرائل ہو رہا ہے ، اُن کی فیملی اس سے قبل سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر چکی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہر سماعت پر جیل سے عدالت لانا چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے سیکیورٹی خدشات پیدا کر سکتا ہے، کوئی پروسیڈنگ صرف اس بنیاد پر کالعدم نہیں ہو سکتی کہ غلط جگہ پر وہ ہوئی،  جب تک انصاف کی فراہمی میں ناکامی ظاہر نہ ہو وہ پروسیڈنگ کالعدم نہیں ہو سکتی۔

خوشی ہے کہ ایک بھارتی نے ہی میرا ریکارڈ توڑا، سچن ٹنڈولکر

نئی دہلی: لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنی سب سے زیادہ سنچریوں کا تاریخی ریکارڈ توڑنے اور نیا سنگ میل عبور کرنے پر ویرات کوہلی کو انوکھے انداز سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی کی بطور بلے باز تعریف کرتے ہوئے ایک واقعہ لکھا اور بتایا کہ ’جب پہلی بار ڈریسنگ روم میں تم (ویرات کوہلی) سے ملا تو تم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مذاق میں میرے پاؤں چھوئے تھے، جس پر میں اپنی ہنسی کو کنٹرول نہیں کرپارہا تھا‘۔

سچن نے لکھا کہ ’اس کے بعد تم نے اپنی صلاحیتوں اور جنون سے میرا دل جیت لیا، میں بہت خوش ہوں کہ ایک نوجوان کھلاڑی ویرات کوہلی کی صورت میں سامنے آیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’میرے لیے اس سے زیادہ خوشی کی کوئی اور بات نہیں کہ میرا ریکارڈ ایک بھارتی کھلاڑی نے اہم اور بڑے مقابلے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں میرے ہی ہوم گراؤنڈ پر توڑ کر اعزاز اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی نے 50ویں سنچری بنا کر سچن ٹنڈولکر کا تاریخ ساز ریکارڈ توڑا ہے۔ اس موقع پر ویرات کوہلی نے لیجنڈری کرکٹر کو بھی اسٹیڈیم میں خراج تحسین پیش کیا۔

بابر اعظم کا تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر قومی کرکٹر بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا اور لکھا کہ تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہورہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنا مشکل تھا لیکن یہی درست وقت ہے۔

بابر اعظم نے لکھا کہ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹ بطور کھلاڑی کھیلتا رہوں گا، پی سی بی نے جو مواقع دیے اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے تجربے کی بنیاد پر نئے کپتان کا ساتھ دوں گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور کپتان قومی ٹیم بابر اعظم کی ملاقات ختم ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بابر اعظم کو ٹیسٹ کی قیادت کی پیشکش کی ہے تاہم بابر نے کہا تھا کہ سوچ کر جواب دوں گا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کو اکتوبر 2019 میں ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، وہ چار سال تک تینوں فارمیٹ کے کپتان رہے، 43 ون ڈے میچز میں قیادت کی اور 26 جیتے، 15 ہارے۔

بابر کی قیادت میں 20 ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے 10 جیتے، 6 ہارے، 4 ڈرا ہے، ٹی 20 میں بابر پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان رہے۔

ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک

 راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 اور 15 نومبر کی درمیانی رات کو خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فارئنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد ٹانک اور گردونواح میں پولیس کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔