9 مئی کیس میں سابق پی ٹی آئی ایم این اے سمیت 23 ملزمان پر فرد جرم عائد

پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی توڑ پھوڑ واقعے میں ملوث پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے سمیت 23 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

اے ٹی سی جج جہانزیب شینواری نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے سابق ایم این اے ساجد مہمند سمیت تمام 23 ملزمان پر فرد جرم عائد کردیا ۔

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ۔ عدالت نے مزید سماعت چار دسمبر تک ملتوی کردی اور استغاثہ کے گواہان بھی طلب کرلیے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے نو مئی کو ضلع مہمند میں مین غلنئی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا تھا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور دیگر قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کیں۔

ملزمان کے خلاف تھانہ غلنئی میں مقدمہ درج ہے۔ پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرایا۔

ورلڈکپ؛ جنوبی افریقا کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹیں اور ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کریں۔

اس موقع پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے تاہم کوشش کریں گے افریقی ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے فتح سمیٹیں۔
دونوں ٹیموں نے پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے، جنوبی افریقی ٹیم میں لنگی نگیڈی کی جگہ تبریز شمسی جبکہ آسٹریلوی اسکواڈ میں مارکس اسٹوئنس کی جگہ مارنس لبوشین کی واپسی ہوئی ہے۔

دوسری جانب میچ کے بارش کے امکانات 50 فیصد سے کم ہوکر 35 فیصد پر آگئے ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبشگن، جوش انگلیس، مارنس لبوشین، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

کپتان، ٹمبا باؤما، ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی

بڈھ بیر اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، فوجی جوان شہید

اسلام آباد: پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فوجی جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڈھ بیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں کارروائی کے دوران چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

مارے گئے دہشتگردوں میں کمانڈر سمیع اللہ عرف شینائے، دہشت گرد کمانڈر سلمان احمد، دہشت گرد عمران محمد اور دہشت گرد حضرت عمر عرف خالد شامل ہیں۔
تمام دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے جن سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ دہشتگرد علاقے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

دوسرا آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد اعجاز خان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مجھے اج تک کسے نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا،عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں کھڑے رہیں گے،چوہدری پرویز الہٰی

چوہدری پرویز الہی کی کمرہ عدالت میں کورٹ رپورٹرَز سے غیر رسمی گفتگو خدا کی قسم مجھے اج تک کسے نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا۔ چوہدری پرویزعمران خان میرے ساتھ والے سیل میں ہیںآئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ عمران خان سے ملاقات کرنے آتے ہیںعمران خان کو اتنے ووٹ پریں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گین لیگ کے پاس لاہور سمیت پورے پاکستان میں الیکشن کے لہے بندے نہیں ہیں ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں کھڑے رہیں گے الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آج ایبٹ آباد کا دورہ کرینگے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج ایبٹ آباد کے دورے کے دوران کالا پل پرورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

کالا پُل پرجلسہ گاہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ورکرز کنونشن میں ہزارہ ڈویژن سے جیالے شرکت کریں گے، بلاول بھٹو دن دو بجے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

خواتین کو نشانہ بنانے پر نواز شریف ہدف تنقید بن گئے

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین کو نشانہ بنانے پر تنقید کی زد میں آ گئے۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے جلسے ہوتے ہیں، وہاں خواتین بھی آتی ہیں، تقاریر سنتی ہیں اور چلی جاتی ہیں، ہمارے جلسوں میں دھمال یا ناچ گانا نہیں ہوتا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا کلچر نہیں ہے کہ اس طرح سےکام کیے جائیں۔

یاد رہے کہ پچھلے ماہ وطن واپسی پر مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب میں بھی نواز شریف نے پی ٹی آئی خواتین کارکنوں کے بارے میں اسی طرح کے الفاظ کہے تھے جس پر اُنہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قلات میں درجہ حرارت صفر تک گر گیا، کوئٹہ میں سردی

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کے ساتھ ہی شمالی اضلاع میں موسم سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرارت صفر، کوئٹہ میں 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موسم سرد، خشک رہنے کا امکان ہے۔

گوادر میں19، جیونی میں17 سینٹی گریڈ، تربت میں 15، نوکنڈی اور سبی میں 13سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی جنگی جرائم پر انصاف کے عالمی اداروں کو متحرک ہونا ہوگا، پاکستان

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جنگی جرائم پر انصاف کے عالمی اداروں کو متحرک ہونا ہوگا، اسپتالوں پر حملے انسانی و جنگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اپنی ہفتہ واربریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، اسرائیلی فوج نہتے فلسطینی عوام پر مظالم ڈھا رہی ہے، اسپتالوں پر حملے انسانی و جنگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسرائیلی جارحیت و بربریت کی شدید مذمت کی ہے اور فلسطین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اسرائیل عام شہریوں اور عمارتوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اسپتالوں پر حملے انسانی و جنگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اسرائیلی جنگی جرائم پر انصاف کے عالمی اداروں کو متحرک ہونا ہوگا۔

انوکھے لاڈلے کو کہنا چاہتا ہوں فیصلہ آسمانوں پر ہوتا ہے، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر جیل سے الیکشن لڑنا ہے تو میں نے رضائی لے لی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے یوئے شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان کی 16 سیٹیں ہیں جن میں 3سیٹیس انوکھا لاڈلا لے گا جب کہ 3 سے 4 سیٹیں فضل الرحمان لے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اوپر80 سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں، اس کے خلاف کل لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کروں گا اور اگر جیل سے الیکشن لڑنا ہے تو میں نے رضائی لے لی ہے۔

بشریٰ بی بی کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد، درخواست منتقلی کی استدعا

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کردی۔

سابق خاتون اول کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھہ نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ کے روبرو مقرر کردی جائے۔ وکیل نے کہا کہ ہمارے جتنے بھی کیسز آپ کے روبرو مقرر ہوئے، ان میں ایک ہی طرح کے فیصلے آرہے ہیں ۔ ہمارے اس بینچ میں جتنے بھی مقدمات ہیں، انہیں کسی اور بینچ کو منتقل کردیا جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ بالکل نامناسب بات کررہے ہیں ۔ ایسے نہ کریں۔ چلیں پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں ۔ ایسا نہیں ہے، جو فیصلے بھی ہیں وہ آپ چیلنج کو سکتے ہیں، کیے بھی ہوئے ہیں۔ عدالت کے سامنے بینچ پر اعتراض کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی استدعا پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، پاکستان بار کونسل، اسلام آباد بار کونسل کو نوٹس جاری کردیے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

عمران خان، فوج کے درمیان مصالحت میں ناکامی کی متعدد وجوہات تھیں، صدر

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور فوج کے درمیان مصالحت میں ناکامی کی بہت سی وجوہات تھیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم سے زیادہ تر سرکاری امور کے سلسلے میں ہی رابطہ ہوتا ہے۔ عمران خان وزیراعظم تھے تو ان سے بھی ذاتی معاملات پر کم بات ہوتی تھی۔

صدر علوی نے کہا کہ عمران خان اور فوج کے درمیان مصالحت نہ ہونے بہت سی وجوہات تھیں جن کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں اور بحیثیت صدر عدلیہ پر یقین رکھتا ہوں۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ شفاف اور قابل اعتماد الیکشن کے لیے ضروری ہے ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلئنگ فیلڈ ملے۔ نوازشریف یا جو بھی منتخب ہو کر آئے گا عہدے کے تقاضے کے مطابق اس سے حلف لینے کی ذمہ داری پوری کروں گا۔

الیکشن سے قبل کنگز پارٹی سے متعلق باتوں پر صدر علوی نے کہا کہ اس بارے میں بات نہیں کروں گا کیونکہ اس سے صدر کا منصب متنازع ہوجائے گا۔تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔ نو مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے تاہم حکومتوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ ایسے حالات پیدا نہ ہوں کہ احتجاج پر تشدد ہوجائے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے فیصلے پر دنیا اور افغان حکومت سے بات چیت کے نیتیجے میں نظر ثانی ہوسکتی ہے تاہم یہ فیصلہ وہ فورم ہی کرے گا جہاں اس کا فیصلہ ہوا تھا۔

اقوام متحدہ میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر عارضی جنگ بندی کی قرارداد منظور

نیویارک: اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر عارضی جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں عارضی جنگ بندی کی قرارداد مالٹا کی جانب سے پیش کی گئی۔ قرارداد پر ووٹنگ میں 12 ممالک نے حصہ لیا جبکہ 3 مستقل ارکان امریکا، برطانیہ اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد میں حماس اور دوسری گروپوں کی کی طرف سے یرغمال بنائے گئے شہریوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال کو مانیٹر کریں اور عمل درآمد سے متعلق رپورٹ دیں۔ سیکورٹی کونسل کی قرارداد میں تمام فریقین سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

حج پالیسی 2024 کا اعلان آج کیا جائے گا

اسلام آباد: نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد آج حج پالیسی 2024 کا اعلان کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز حج پالیسی 2024 میں ترامیم کی منظوری دی تھی، جس کے تحت 2024 میں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

حج پالیسی کے تحت سرکاری اور نجی اسکیمز کا غیر استعمال شدہ اسپانسر شپ کوٹہ سعودی عرب حکومت کو واپس کر دیا جائے گا۔ حج گروپس آرگنائزرز کے مالی انتظامات کے حوالے سے ایک فول پروف مانیٹرنگ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔
نئی حج پالیسی میں حج آرگنائزر کمپنیز کے تحفظات کو دور کیا گیا ہے جس کے مطابق 10 سال سے کم عمر بچے بھی حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے۔

نجی حج اسکیمز میں 80 سال سے زائد افراد کے لیے خدمت گار ساتھ رکھنے کی شرط میں نرمی کی جائے گی۔

حج گروپ آرگنائزرز حاجی کے ساتھ ایک معاہدہ کرے گی جس کے تحت سعودی عرب میں قیام کے دوران مقامی معاون کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس نکتے کی خلاف ورزی پر حج گروپ آرگنائزر کو جرمانہ اور بلیک لسٹ کیا جا سکے گا۔

نئی پالیسی کے مطابق ہارڈ شپ حج کوٹہ میں کمی کی جا رہی ہے۔ مقامی معاونین کے کوٹہ کا 50 فیصد اُن پاکستانی طلباء کے لیے مختص کیا جائے گا جو سعودی عرب کی مقامی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ہیں، ان طلباء کی تعیناتی ویلفیئر اسٹاف کے طور پر کی جائے گی۔