قومی کرکٹرز کو واجبات کی ادائیگی کر دی گئی

راچی: پی سی بی کی جانب سے قومی کرکٹرز کو واجبات کی ادائیگی کر دی گئی۔

قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ پر اس سال بڑا تنازع ہوا، البتہ پھر کھلاڑیوں کے موقف کی جیت ہوگئی، پی سی بی نے ماہانہ تنخواہوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے میچ فیس بھی بڑھا دی، سب سے بڑی بات تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی کی آمدنی سے 3 فیصد شیئر ملناہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بیشتر پلیئرز نے معاہدوں پر دستخط کر دیے جس کے بعد انھیں واجبات کی ادائیگی ہو گئی ہے، ڈی کیٹیگری میں شامل سینئر کرکٹرز شان مسعود اور حسن علی سمیت سی کیٹیگری کے عماد وسیم اور بی کے نسیم شاہ کی رضامندی کا انتظار تھا، ان میں سے شان نے گزشتہ روز کنٹریکٹ پر دستخط کر دیے،انھیں حال ہی میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور اب کیٹیگری میں تبدیلی بھی خارج از امکان نہیں۔

حسن کو کیٹیگری میں بہتری کا انتظار ہے، عماد وسیم آج کل ایک نجی ٹی وی چینل کیلیے ورلڈکپ پر تبصرے کر رہے ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ پر سائن کی صورت میں انھیں اس کی اجازت نہیں ہوتی،اگر انھوں نے لیگز کیلیے ’’آزاد‘‘ رہنے کو ترجیح دی تو اس حوالے سے بڑا فیصلہ کرنا پڑے گا۔

نسیم شاہ ان دنوں کندھے کی انجری سے نجات کیلیے کوشاں ہیں، وہ انگلینڈ سے واپسی پر معاہدہ قبول کر سکتے ہیں، مذکورہ کھلاڑیوں میں سے جو بھی کنٹریکٹ پر سائن کرے گا اسے چند روز میں واجبات مل جائیں گے۔

یاد رہے کہ ابتدا میں افتخار احمد نے بھی ڈی کیٹیگری کا معاہدہ قبول نہیں کیا تھا تاہم چند روز قبل انھوں نے دستخط کر دیے جس کے بعد انھیں اب معاوضے کی ادائیگی کر دی جائے گی۔

’دلوں کے کپتان‘ بابر پر محبت کے پھول نچھاور

کراچی: ’دلوں کے کپتان‘ بابر اعظم پر کرکٹرز نے محبت کے پھول نچھاور کردیے۔

ورلڈکپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی کی جانب سے بابراعظم کو وائٹ بال کرکٹ کی قیادت چھوڑنے کو کہا گیا مگر انھوں نے تینوں ہی فارمیٹس میں استعفیٰ دے دیا، پھر سوشل میڈیا پر اپنے فیصلے سے شائقین کو آگاہ کردیا۔

بابر کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ سابق کرکٹرز نے بھی انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا کہ مجھے آپ کی قیادت میں کھیلنے پر فخر ہے، میں اس دوران کئی نشیب و فراز سے گزرا مگر آپ نے ہمیشہ ہی سپورٹ کیا، میں بابر کو پاکستان کیلیے رنز کے مزید انبار لگاتے ہوئے دیکھنے کا منتظر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کے کپتانی چھوڑنے پر کیوی بیٹر نے اپنے ردعمل کا اظہار کردیا

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ میرے 4 برس بہت ہی شاندار گزرے، آپ کی قیادت میں وائٹ بال ڈیبیو کیا، آپ نے ہمیشہ لیڈ فرام فرنٹ کی مثال قائم کی اور ہمیں ’ایک ٹیم، ایک خواب‘ پر یقین دلایا، انشااللہ ہم آپ کو مزید کئی بیٹنگ ریکارڈ توڑتے ہوئے دیکھیں گے۔

سابق کرکٹر اظہر علی نے کہا کہ بطورکپتان بہترین خدمات پر بابر کا شکریہ، مجھے پورا یقین ہے کہ یہ کپتانی کی ان کی آخری اننگز نہیں ہوگی، ہر چیز اچھے اور سیکھنے کیلیے ہوتی ہے۔ سعید اجمل نے بھی بابراعظم کی بطورکپتان خدمات کو سراہا،ساتھ بطور بیٹر فتوحات میں کردار ادا کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔

بھارت کی جانب سے ’پچ سوئچنگ‘ تنازع میں آئی سی سی کمزور قرار

لندن / ممبئی: ’پچ سوئچنگ‘ تنازع میں آئی سی سی کو کمزور قرار دیا جانے لگا۔

بھارت کی جانب سے ’پچ سوئچنگ‘ تنازع میں آئی سی سی کو کمزور قرار دیا جانے لگا۔ بی سی سی آئی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل نئی پچ کے بجائے پہلے سے استعمال شدہ ٹریک پر کھیلا تھا۔

سابق انگلش کرکٹر ڈیوڈ لائیڈ نے کہا کہ اس تنازع میں آئی سی سی کمزور دکھائی دی، ہمیشہ سے ورلڈکپ سیمی فائنلز اور فائنل نئی پچ پر کھیلے جاتے ہیں، اس بار ایگریمنٹ میں یہ تھا کہ فائنل پہلے سے صرف ایک بار استعمال کی گئی پچ پر کھیلا جائے گا، آئی سی سی کو چاہیے تھا کہ وہ بھارت کو کہتا کہ سیمی فائنل پہلے سے طے شدہ پچ پر کھیلے یا فورفیٹ کرجائے ، یہ اس کا نہیں بلکہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے، بھارت میں صرف انعقاد ہورہا ہے۔

’پچ سوئچنگ‘ تنازع سامنے آنے پر سنیل گاوسکر بھڑک اٹھے

بھارتی ’پچ سوئچنگ‘ تنازع سامنے آنے پر سابق کپتان سنیل گاوسکر بھڑک اٹھے، انھوں نے پچ تبدیلی کی نشاندہی کرنے والوں کو ہی احمق قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ سے سیمی فائنل فریش پچ نمبر 7 پر کھیلا جانا تھا تاہم اسے 6 پر منتقل کیا گیا جس پر پہلے ہی 2 میچز ہوچکے تھے۔

گاوسکر نے کہا کہ جو ایسی باتیں کررہے ہیں وہ بے وقوف ہیں کیونکہ اگر پچ تبدیل ہوئی بھی تو وہ ٹاس سے پہلے ہوئی تھی، دونوں ٹیموں کو ایک ہی پچ پر کھیلنا تھا،اسے میچ کے درمیان تو تبدیل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت پر الزام ہے کہ ایسی پچ کا انتخاب کیا جو اس کے بولرز کیلیے موزوں تھی، اس مقابلے میں محمد شمی نے 7 وکٹیں لی تھیں۔

برطانیہ میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے آنیوالے غیرملکی ملازمین کو روکنے کی تیاری

برطانیہ میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے آنیوالے غیرملکی ملازمین کی تنخواہ 30 ہزار پاؤنڈ کردی جائے گی تاکہ انہیں روکا جاسکے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق وزراء بیرون ملک مقیم نیشنل ہیلتھ سروس اور مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے آنے والوں کو اپنے اہل خانہ کو برطانیہ لانے سے روکنے پر غور کر رہے ہیں کیونکہ وہ امیگریشن کی ریکارڈ سطح کو کم کرنا چاہتے ہیں۔

مذکورہ اقدام رواں ماہ کے آخر میں اعداد و شمار کی اشاعت سے پہلے سامنے آئے ہیں، جن سے یہ ظاہر ہونے کی توقع ہے کہ امیگریشن 2019 کی سطح سے کہیں زیادہ ہے۔

امیگریشن کے وزیر رابرٹ جینرک نے اصلاحات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ٹی وی شو میں بتایا کہ اس نظام میں بدسلوکی ہے، جس سے امیگریشن میں کمی واقع ہوگی، جو لوگ قانونی طور پر آرہے ہیں، ان کی تعداد بھی زیادہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کی عظیم کامیابی، امیگریشن پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا، صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا، درحقیقت ہم نے دھوکہ دیا، یا اس وقت کی انتظامیہ نے دھوکہ دیا، ایسا نظام بنا کر بریگزٹ کے وعدے کو جو بہت کھلا تھا، جس کی وجہ سے بہت زیادہ لوگ ملک میں آئے ہیں۔

رابرٹ جینرک نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ ایک معاشی ماڈل ہے، جو طویل مدتی خوشحالی کو آگے بڑھاتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ انضمام اور ہم آہنگی کے لحاظ سے چیلنجوں کو بڑھاتا ہے، لہذا اب ہمیں اپنے نظام میں بنیادی اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔

وائٹ ہال کے ایک زرائع نے بتایا کہ وزراء تنخواہ کی حد کو26 ہزار پاؤنڈ سے بڑھا کر برطانیہ کی اوسط اجرت 33 ہزار پاؤنڈ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ سابق ہوم سیکرٹری سویلا بریورمین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 40 ہزار پاؤنڈز کے لیے دباؤ ڈال رہی تھیں۔

شادی ایکٹ ون ڈش کی خلاف ورزی پر 24 افراد گرفتار، 25 لاکھ کے جرمانے عائد

لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شادی ایکٹ ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے پر دو درجن افراد گرفتار جب کہ 25 لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی عائد کردیے گئے ہیں۔

نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی جانب سے پنجاب میں شادی ایکٹ کے تحت ٓتقریبات میں ون ڈش کی پابندی یقینی بنانے کے لیے سخت عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شادی ہالوں پر چھاپے مار دو درجن سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا جب کہ 5 شادی ہالز سیل کردیے اور متعدد کو وارننگز بھی جاری کی گئی۔

محسن نقوی نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آغا علی نے علیحدگی کی افواہوں پر وضاحت پیش کردی

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے حنا الطاف سے علیحدگی کی قیاس آرائیوں پر پہلی مرتبہ وضاحت پیش کردی۔

گزشتہ چند ماہ سے آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان علیحدگی کی افواہیں سرگرم تھیں، دونوں کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی نے سوشل میڈیا صارفین کو بے چین کردیا تھا۔

تاہم حال ہی میں آغا علی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پوسٹ پر چند تصاویر شئیر کی تھیں، جس پر ان کے مداح نے ان سے اس حوالے سے سوال کیا۔

مداح نے اداکار سے ان افواہوں سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’’آغا میں آپ کا بہت بڑا فین تھا اور مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ لوگ آپ کو ریڈ فلیگ کیوں کہتے ہیں، وضاحت پیش کردیں‘۔

مداح کے اس تبصرے کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ’کون لوگ؟ وہ لوگ جو یہ بھی نہیں جانتے کہ میں کون ہوں یا میں کیا ہوں؟ لوگ ہمیشہ آپ کو نیچے لانے کی کوشش کریں گے‘۔

اداکار نے مداح کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’دنیا عدم تحفظ، حسد سے بھری ہوئی ہے اور یہ افسوسناک ہے لیکن سچ ہے۔ میں ایسے لوگوں پر توجہ نہیں دیتا اور نہ ہی آپ کو توجہ دینی چاہیے۔ ہمیشہ خود پر اعتماد کریں اور اپنے تجربات پر یقین رکھیں‘۔

اس سے قبل گزشتہ سال بھی ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس کی آغا علی اور حنا الطاف دونوں نے سختی سے تردید کی تھی۔

یہ قیاس آرائیاں آغا علی کے ایک پوسٹ سے زور پکڑنے لگ گئی تھیں، جب انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’الجھن کی حالت میں مجھے تعجب ہوتا ہے کہ چیزیں ٹھیک کیوں نہیں ہیں‘۔

اس پوسٹ کے کچھ ہی دنوں بعد دونوں اداکاروں نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام سے اَن فالو کردیا تھا، جس نے صارفین کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔

لیکن سوشل میڈیا صارفین کو دھچکا اُس وقت لگا جب اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام سے اپنا نام ’حنا آغا‘ سے تبدیل کرکے ’حنا الطاف‘ کیا۔

تاہم حال ہی میں ایک بار پھر ایسی قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی جب آغا علی نے اپنے انسٹاگرام سے اہلیہ حنا الطاف کے ہمراہ لی گئی تمام تصاویر حذف کردیں۔

2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے اس جوڑے نے انتہائی سادگی سے شادی کی تھی، جس کو ان کے مداحوں نے خوب سراہا تھا۔

پیپلز پارٹی کا آج مردان میں جلسہ، بلاول بھٹو خطاب کرینگے

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس کے تحت آج مردان میں جلسہ بھی کی جائے گا۔

سابق وزیر خارجہ اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو آج مردان کا دورہ کرکے محمد علی باغ میں ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے۔

پیپلز پارٹی کا خیبر پختونخوا میں جلسوں کا آغاز کل سے ہوچکا ہے، بلاول بھٹو ضلع ہزارہ، ملاکنڈ، پشاور، مردان اور لکی مروت کا دورہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا نواز لیگ پر بڑا حملہ، پی ٹی آئی سے تشبیہ دے دی، سلیکٹڈ راج قبول نہیں، پی پی چیئرمین

واضح رہے گزشہت روز ایبٹ آباد جلسے سے خطاب میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج قبول نہیں، پیچھے بیٹھ کر وزیراعظم کا فیصلہ کرلیا جاتا ہے، کسی کو دوسری یا چوتھی بار منتخب کرنے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں۔

بھارت کے بعد آسٹریلیا بھی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

 کولکتہ: بھارت کے بعد آسٹریلیا نے بھی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پروٹیز کا 213 رنز کا ہدف کینگروز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر اڑتالیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.4 اوورز میں 212 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پروٹیز اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ ٹمبا باؤما 4 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کوئنٹن ڈی کوک 3، وین ڈر دوسن 6، ایڈن مارکرن 10 جبکہ مارکو جانسن صفر کے مہمان ثابت ہوئے۔

ہینرچ کلاسن اور ڈیوڈ ملر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 95 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں کلاسن 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مارکو صفر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، ڈیوڈ ملر 101 ، جیرالڈ کوٹزی 19 رنز، کیشو مہاراج 4 رنز اور کاگیسو ربادا 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تبریز شمسی ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 3، 3، ٹریوس ہیڈ اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹیں اور ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کریں۔

اس موقع پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے تاہم کوشش کریں گے افریقی ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے فتح سمیٹیں۔

دونوں ٹیموں نے پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے، جنوبی افریقی ٹیم میں لنگی نگیڈی کی جگہ تبریز شمسی جبکہ آسٹریلوی اسکواڈ میں مارکس اسٹوئنس کی جگہ مارنس لبوشین کی واپسی ہوئی ہے۔

دوسری جانب میچ کے بارش کے امکانات 50 فیصد سے کم ہوکر 35 فیصد پر آگئے ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبشگن، جوش انگلیس، مارنس لبوشین، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

کپتان، ٹمبا باؤما، ایڈن مارکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی

چین میں طلاق یافتہ جوڑوں کو ماضی بھلانے کیلئے منفرد کاروبار

چین میں ان دنوں شادی کی تصاویر ضائع کرنے یا انہیں ٹھکانے لگانے کا کاروبار کافی فروغ پا رہا ہے۔ اس حوالے سے چین کے صوبے شین ڈونگ میں ایک آف لائن (انٹر نیٹ یا کمپیوٹر کے استعمال کے بغیر) بزنس عروج پر ہے اور اس کاروبار نے طلاق یافتہ جوڑوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اس بزنس سے وابستہ افراد ایسے طلاق یافتہ جوڑوں کو ان کی تصاویر کافی کم خرچ پر موثر انداز میں ضائع کرنے پر مبنی سروس فراہم کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ چین میں ناکام شادی اور طلاق کے نتیجے میں شادی کی تصاویر کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے پھینکنا اتنا آسان نہیں جتنا سمجھا جاتا ہے۔

یہ ایسا ملک ہے جہاں پر روایتی طور پر شادی کی یادگار تصاویر سخت قسم کے تھرمو پلاسٹک سے بنے کینوس پر چسپاں کی جاتی ہیں اور انہیں جلانا کافی مشکل ہوتا ہے۔

جس کی وجہ سے طلاق یافتہ جوڑوں کو تصاویر کچرے میں پھینکنے جیسے آپشنز اختیار کرنا ہوتے ہیں، لیکن اس میں یہ خدشہ ہوتا ہے کہ کوئی جاننے والا کچرے میں پڑی ان کی تصاویر دیکھ نہ لے۔

اس وجہ سے شین ڈونگ میں تصاویر کو ٹھکانے لگانے والی یہ کمپنی لیو نامی (عرفیت) نوجوان نے قائم کی۔

یہ کمپنی شادی کی تصاویر کو ٹھکانے لگانے میں کافی مہارت رکھتی ہے تاکہ اسکے کلائنٹس اپنے ماضی کو پیچھے چھوڑنے کے ساتھ اپنی پرائیویسی کو بھی محفوظ رکھ سکیں۔

اس کام کی فیس 10 سے 100 یو آن (14 امریکی ڈالرز) تک ہے جو کہ تصاویر کے سائز اور مقدار کے مطابق ہے جبکہ کیمیائی طور پر ٹھکانے لگانے کے اس پورے عمل کی فلمنگ اور فوٹیج بناکر کلائنٹ کو بطور پروف دی جاتی ہے۔

قسم کھاتا ہوں شاہین کی کپتانی کیلئے لابنگ نہیں کی، شاہد آفریدی

  کراچی: پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کی بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان تقرری پر اپنا ردعمل دے دیا۔

نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں نے کبھی شاہین کو کپتان بنانے کیلئے سپورٹ اور لابنگ نہیں کی۔ میں نے بابراعظم کو کپتان برقرار رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مجھ پر لابنگ کا الزام لگایا جس پر حیرانی اور افسوس ہوا، میں ان چیزوں میں ملوث ہوں نہ مجھے ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ سب کرنا ہوتا تو کبھی چیئرمین کیخلاف باتیں نہ کرتا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میں وائٹ بال میں ہمیشہ محمد رضوان کو کپتان بنانے کے حق میں رہا ہوں کیونکہ وہ لڑکوں کو ساتھ لیکر چلنا جانتا ہے۔ میں شاہین کو کپتانی سے دور رکھنا چاہتا تھا۔

یاد رہے کہ بابراعظم نے گزشتہ روز تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی کیلئے شاہین آفریدی اور ٹیسٹ ٹیم کیلئے شان مسعود کو کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چین میں دفتری عمارت میں خوفناک آتشزدگی؛ 26 ملازمین ہلاک

بیجنگ: چین میں ایک چار منزلہ دفتری عمارت میں لگنے والی آگ سے 26 ملازمین ہلاک اور 51 زخمی ہوگئے۔

چینی میڈیا کے مطابق آگ صوبے شانکزی کے شہر لولیانگ کی ایک کمرشل عمارت میں لگی جو کوئلے کی کان کن کمپنی کی ملکیت تھی اور اس میں درجنوں دفاتر تھے۔

آگ دفتری عمارت کی پہلی منزل کے ایک کمرے میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے بلند شعلوں اور سیاہ دھوئیں کے باعث کے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

آتشزدگی کے وقت اس عمارت میں 125 سے زائد افراد موجود تھے جن میں سے 63 کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 26 افراد اپنی جانوں سے گئے اور 51 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تحقیقات جاری ہیں۔

آتشزدگی میں زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔ زخمیوں میں 10 سے زائد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کا 860 سال پرانا خوبصورت ترین درخت

جیونگسانگ: جنوبی کوریا کا وونجو بانگی ری گنکگو (Wonju Bangye-ri Ginkgo) نامی 860 سال پرانا درخت ملک کی قومی علامت کے طور پر بھی پہچانا جاتا ہے جو اپنی شاندار خوبصورتی کیلیے مشہور ہے۔

یہ درخت تقریباً 17 میٹر کے دائرے پر محیط ہے اور تقریباً 32 میٹر اونچا (104 فٹ) ہے۔ اگرچہ یہ ایشیائی ملک کا سب سے اونچا جگنکگو درخت نہیں ہے لیکن جس طرح سے اس کی شاخیں پھیلی ہوئی ہیں وہ اسے زمین پر سب سے زیادہ متاثر کن درختوں میں سے ایک بناتی ہیں۔ جنوبی کوریا میں اس درخت کو اکثر دنیا کا سب سے خوبصورت درخت بھی کہا جاتا ہے۔

ہر سال خزاں کے آخر میں ہزاروں لوگ اس 860 سال پرانے درخت کی خوبصورتی کا مشاہدہ کرنے کے لیے خطے جیونگسینگ کے ایک گاؤں بانگی ری میں آتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوبی کوریا کا یہ خوبصورت درخت کورونا وبا کے دوران مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا اور وبا کے دوران کئی خاندانوں کا سماجی فاصلے برقرار رکھنے کیلئے یہ پسندیدہ پرکشش مقام کی حیثیت رکھتا تھا۔

ہانیانگ یونیورسٹی کے اسکول آف ٹورزم کے پروفیسر لی ہون نے مقامی اخبار کو بتایا کہ وبا کے بعد سے جوڑے یا خاندانوں میں بیرونی مقامات کی سیر کرنا ایک رجحان بن گیا ہے۔

گوگل اسٹریٹ ویو میں ایک خوفناک مخلوق نے صارفین کو دہشت زدہ کردیا

یوٹاہ، امریکا: گوگل اسٹریٹ ویو یا گوگل میپس کی ایپ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ میں سے ایک ہے کیونکہ یہ صارفین کو کہیں بھی کسی بھی وقت دنیا بھر کے مقامات کا نقشہ دیکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

تاہم بعض اوقات یہ تصاویر مضحکہ خیز یا غیر حقیقی لمحات کا بھی موجب بنتی ہیں اور کبھی . . . . . خوفناک تجربہ کرواتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ امریکی ریاست یوٹاہ میں ہوا جہاں گوگل اسٹریٹ ویو کے کچھ صارفین نے ایک خوفناک مخلق کا مشاہدہ کیا۔

گوگل اسٹریٹ ویو کی ایک تصویر میں لمبے، لچکدار بازوؤں اور ٹانگوں کے ساتھ ایک نصف برہنہ مخلوق بف شہر میں بیئرز ایئرز وزیٹر سینٹر  کے قریب دیہی علاقوں میں بظاہر دوڑتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے۔

اس مبینہ خوفناک مخلوق کی تصاویر نے امریکہ میں ہلچل مچا دی ہے اور سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اس عجیب و غریب مخلوق کو “خوفناک پاگل” مخلوق قرار دیا ہے۔