کیا نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے راہیں جدا کرنے والے ہیں؟

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے علیحدگی اختیار کرلیں گے۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سال 2019 سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ فاسٹ بولر نسیم شاہ ذاتی وجوہات کی بنا پر فرنچائز سے علیحدگی اختیار کررہے ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائزز نسیم شاہ کی خدمات حاصل کرنے کی خواہاں ہیں جبکہ ایک ٹیم نے روابط بڑھانا بھی شروع کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل 8 کے میچ کے دوران نسیم شاہ بظاہر مایوس نظر آئے تھے، بعدازاں مداحوں کی جانب سے انہیں اگلے سیزن میں فرنچائز سے الگ ہونے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

فاسٹ بولر ایشیاکپ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوکر ورلڈکپ سے باہر ہوگئے تھے جبکہ انہیں دورہ آسٹریلیا کیلئے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے تاکہ وہ صحتیاب ہوسکیں۔

لاہور میں میٹرو بس حادثے کا شکار ہوگئی

لاہور میں شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نیتجے میں بس کو نقصان پہنچا ہے۔

میٹرو بس کو کچہری اسٹیشن پرحادثہ پیش آیا، جو تیز رفتاری کے سبب اسٹیشن کی بس سے ٹکرا گئی ہے۔

حادثے کے نتیجے میں بس کی ونڈ اسکرین کوشدید نقصان پہنچا ہے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بس حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

حادثے میں میٹرو بس کی باڈی اور بمپر کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ بس ٹکرانے سے اسٹیشن کے انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان ہوا لیکن اس دوران کسی بھی مسافر کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیلی معیشت کو غزہ جنگ سے یومیہ 26 کروڑ ڈالرز کا نقصان

اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے معاشی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیلی مرکزی بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنگ کے سبب اسرائیلی معیشت کو یومیہ 26 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے اور غزہ جنگ کی وجہ سے اسرائیلی معیشت کو 50 ارب ڈالرز کا نقصان ہو سکتا ہے۔

اسرائیل کی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہےکہ غزہ پر جنگ کی وجہ سے ورک فورس میں 20 فیصد کمی آگئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جنگ کے باعث اسرائیل کی کرنسی شیکل 2012 کے بعد کم ترین سطح پر آچکی ہے، جنگ کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے اسرائیلی کرنسی کی قدر میں 0.7 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

کینیڈا؛ پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو ٹرک سے کچلنے والا شخص مجرم قرار

کینبرا: کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے 4 افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار شخص کو مجرم قرار دے دیا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 12 رکنی جیوری نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 22 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے جان بوجھ کر افضال فیملی کو قتل کیا۔

نیتھینیل ویلٹمین نے جون 2021 میں اونٹاریو کے شہر لندن میں لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان فزیو تھراپسٹ سلمان افضال کے خاندان کے 4 افراد کو ٹرک سے کچل دیا تھا۔ ملزم نے ٹرک سے کچل کر46 سالہ سلمان افضال، ان کی اہلیہ 44 سالہ مدیحہ سلمان ،15 سالہ بیٹی یومنہ اور74 سالہ والدہ طلعت افضال کو قتل کیا تھا۔ واقعے میں مقتول خاندان کا کمسن بیٹا زخمی بھی ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 22 سالہ نیتھینیل ویلٹمین کو عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ملزم نے سلمان افضال کے خاندان کو اپنے پک اپ ٹرک سے ٹکرانے کا اعتراف کیا تھا۔ نتھینیل ویلٹمین کو سزا سنانے کی تاریخ یکم دسمبر کو مقرر کی جائے گی۔

تقریباً 10 ہفتوں کے مقدمے میں جیوری کومعلوم ہوا کہ نیتھینیل ویلٹمین نے اپنے کمپیوٹر پر ’دہشت گردی کا منشور‘ لکھا تھا جس میں اس نے سفید فام قوم پرستی کی حمایت کی تھی اور مسلمانوں سے اپنی نفرت کو بیان کیا تھا۔

خدیجہ شاہ کو 30 دن کیلئے نظربند کرنے کے احکامات جاری

ڈپٹی کمشنرلاہور نے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے، لیگل ٹیم نے نظربندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

خدیجہ شاہ کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پرنظربند کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن کے مطابق خدیجہ شاہ 9 مئی کو پُرتشدد کارروائیوں میں شریک رہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا کہ خدیجہ شاہ کے خلاف مواد کا جائزہ لیا گیا ہے، وہ دوبارہ امن و امان کی صورتحال خراب کرسکتی ہیں، جس کے پیش نظر انہیں 30دن کیلئے نظر بند کیا جاتا ہے۔

ہائیکورٹ کے حکم امتاع کی روشنی میں سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناع کی روشنی میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔

آفیشل سکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف سفارتی سائفر گمشدگی کیس کی سماعت کی۔

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

بعد ازاں خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی سماعت 21 نومبر تک بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کی روشنی میں سماعت ملتوی کی گئی، سرکاری پراسکیوشن کی جانب سے گواہ بھی پیش نہیں کیا گیا۔

14 نومبر کو خصوصی عدالت میں ہونے والی سماعت
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی گزشتہ سماعت 14 نومبر کو جیل میں ہوئی، خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کوجیل عدالت میں پیش کیا گیا۔

چییرمین پی ٹی آئی کے وکلاء اور ایف آئی اے کی ٹیم 6 گواہان کو لے کر اڈیالہ جیل پہنچی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس، شاہ خاور، رضوان عباسی بھی جیل میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے، جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے فیملی ممبران میں بشری بی بی، علیمہ خان، عظمی خانم، نورین خانم اور شاویز خان بھی پہنچیں، ملزمان کی فیملیز کو جیل کے کمرہ عدالت تک رسائی دی گئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے مزید 6 گواہان کو پیش کیا گیا۔ گواہان میں نادر خان، اقراء اشرف، حسیب بن عزیز شامل ہیں۔

عدالت کی جانب سے صرف دو گواہوں حسیب بن عزیز اوراقراء اشرف کا بیان قلمبند کیا گیا۔ وکلاء صفائی نے گواہ اقراء اشرف پر جرح بھی مکمل کرلی اور دوسرے گواہ حسیب بن عزیز کا ابتدائی بیان قلمبند کیا گیا۔

صبح دس بجے شروع ہونے والی سماعت شام تک جاری رہی، جس کے بعد عدالت نے سائفر کیس کی سماعت جمعہ تک کیلئے ملتوی کردی تھی۔

دماغ کو بغیر جسم فعال رکھنے والا آلہ ایجاد

ڈیلاس: سائنس دانوں نے ایک ایسا آلہ ایجاد کیا ہے جو جسم کے بغیر دماغ کو زندہ اور فعال رکھ سکتا ہے۔

امریکا کے یوٹی ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کے محققین نے ایک تجربے میں کیٹامائن سے بے ہوش کیے گئے خنزیر کے دماغ کو جسم سے علیحدہ رکھ کر خون کی گردش برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔ سائنس دانوں نے کمپیوٹرائزڈ الگورتھم کی مدد سے دماغ میں بلڈ پریشر، حجم، درجہ حرارت اور مطلوبہ اجزاء کی طلب کو برقرار رکھا۔

نیورولوجسٹ کی ٹیم کے مطابق باقی جسم سے کسی قسم کا حیاتیاتی مداخل موصول نہ ہونے کے باوجود دماغ کی سرگرمی میں انتہائی معمولی سی تبدیلی آئی۔
سائنس دانوں کے مطابق تجربے کی کامیابی جسم کے دیگر وظائف کی مدخلت کے بغیر انسانی دماغ کا مطالعہ کرنے کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔ جبکہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں دماغ کے ٹرانسپلانٹ کے امکانات کی راہیں کھول سکتی ہیں۔

ادارے میں نیورولوجی کے پروفیسر ژواں پاسکل کا کہنا تھا کہ یہ نیا طریقہ کار ایسی تحقیق کو ممکن بناتا ہے جس میں جسم سے آزاد دماغ پر توجہ ہو اور ان تمام عضویاتی سوالات کے جوابات ایسے حاصل کیے جائیں جیسے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

دماغ کو اس طرح سے علیحدہ کرنے سے محققین کو جسم کے قدرتی دفاعی نظام کے بغیر اجزاء کی کھپت کے اثرات کے مطالعے کا موقع ملتا ہے۔

یہ تحقیق سائنٹیفک رپورٹس نامی جرنل میں شائع ہوئی۔

روپے کے مقابلے ڈالر مسلسل دوسرے روز سستا

انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں مسلسل دوسرے روز کمی دیکھی جا رہی ہے۔

کاورباری ہفتے کے آخری روز ملکی تبادلہ منڈیوں میں 87 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی خرید و فروخت 286 روپے 50 پیسے میں جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 76 پیسے کمی سے 287 روپے 38 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

امریکی کرنسی میں کمی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد اور پاکستانی معاشی ٹیم کے درمیان 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پہلے جائزے پر عملے سطح کا معاہدہ ہونے کے باعث واقع ہو رہی ہے۔

پاکستان نے مالیاتی ادارے سے کرنسی کے تبادلے کے ریٹ کے تعین کا معاملہ دوبارہ مارکیٹ پر چھوڑنے، سرمایہ کاری اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سرکاری اداروں اور گورننس کی اصلاحات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

پاک امریکا تعلقات اب اقتصادی استحکام پر مرکوز ہیں: امریکی سفیر

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات سکیورٹی سے آگے بڑھ کر اب اقتصادی استحکام پر مرکوز ہیں۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی نیویارک کے ڈپٹی اسپیکرفل راموس سے ملاقات ہوئی جس میں امریکی سفیر نے کہا کہ گرین انرجی پالیسی سے پاکستانی معیشت کا پہیہ رواں اور اقتصادی آزادی ممکن رہ سکتی ہے، گرین الائنس کی بدولت کلائمیٹ، انرجی، پانی اور پاکستان کی دیگر اقتصادی ضروریات محفوظ رہ سکتی ہیں۔

اس موقع پر نیویارک کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کو نیویارک کی سسٹر اسٹیٹ بنایا گیا تو وہ ایک اچھا قدم ہوگا۔

کوئی بابر کی جگہ نہیں لے سکتا، جاوید آفریدی نے بھرپور حمایت کردی

لاہور: کوئی بابر اعظم کی جگہ نہیں لے سکتا جب کہ مشکل وقت میں پشاورزلمی اپنے کپتان کے ساتھ کھڑی ہوگئی۔

تینوں فارمیٹ کی قیادت سے دستبردار ہونے والے اسٹار بیٹر کی شائقین بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے ان کے کیریئر کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔

دوسری جانب پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ کوئی بابر اعظم کی جگہ نہیں لے سکتا ہے۔

برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر پیٹرک سینڈرز تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنرل پیٹرک سینڈرز دیگر مصروفیات کے ساتھ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملیں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ معمول کی دفاعی مصروفیات کا دورہ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان یہ دفاعی مصروفیات اہمیت کی حامل ہیں، جنرل پیٹرک سینڈرز لاہور میں برطانیہ اور پاکستان کی پولو ٹیموں کا مقابلہ بھی دیکھیں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کا بتانا ہے کہ یہ دورہ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات قائم رکھنے کے عزم کا اظہار ہے، 12 ماہ میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان متعدد دفاعی تبادلے ہوئے ہیں، مشترکہ نیول تربیت اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ فوجی دوروں کے تبادلے بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف سر پیٹرک سینڈرز 6 ماہ قبل بھی پاکستان کے دورے پر آئے تھے اور اس دوران انہوں نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی تھی۔

فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل روکنے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر

اسلام آباد: سندھ حکومت نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل روکنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔

سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں بذریعہ ایڈووکیٹ جنرل درخواست دائرکی جس میں فوجی عدالتوں میں سویلنزکا ٹرائل روکنے کا فیصلہ کالعدم قرار، اپیل پر فیصلے تک سپریم کورٹ کا حکم معطل کرنےکی استدعا کی گئی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہی ہونا چاہیے، سپریم کورٹ نے قانون اور حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔

سندھ حکومت نے درخواست میں آرمی ایکٹ اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کی کالعدم دفعات بحال کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 23 اکتوبرکو فوجی عدالتوں میں سویلینزکا ٹرائل کالعدم قرار دیا تھا۔

سیف الملوک جانے والے سیاحوں کیلئے جھیل روڈ سے برف ہٹانے کا کام شروع

سیاحوں کی رسائی کے لئے جھیل روڈ سے برف ہٹانا شروع کردی گئی، برف ہٹ جانے سے سیاح جھیل سیف الملوک پر برفباری سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

وادی کاغان کے علاقے میں حالیہ برفباری کے باعث جھیل روڈ ناران بند ہوگیا تھا جس کے بعد سیاحوں کی رسائی کے لئے جھیل روڈ سے برف ہٹانا شروع کردی گئی۔

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں نے بھاری مشینری لگا کر برف ہٹانا شروع کردی ہے۔

ڈی جی اتھارٹی محمد طارق خان کے مطابق برف ہٹ جانے سے سیاح جھیل سیف الملوک پر برفباری سے لطف اندوز ہوسکیں گے اور خوبصورت مقامات تک سیاحوں کی رسائی ہمارا اولین مقصد ہے۔