ریاست کے علاوہ کسی بھی گروہ کی طرف سے طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے علاوہ کسی بھی ادارے یا گروہ کی طرف سے طاقت کا استعمال اور مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علمائے کرام و مشائخ سے ملاقات کے دوران آرمی چیف سید عاصم منیرنے کہا کہ بغیر کسی مذہبی، صوبائی، قبائلی، لسانی، نسلی، فرقہ وارانہ یا کسی اور امتیاز کے پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے۔

آرمی چیف کا علما و مشائخ سے ’پروپیگنڈے‘ کے تدارک اور اندرونی اختلاف دور کرنے پر زور
آرمی چیف نے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے ذریعے پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کے خاتمے کے لیے مذہبی علما کے فتویٰ ”پیغام پاکستان“ کو سراہا ہے۔ انہوں نے علما و مشائخ سے گمراہ کُن پروپیگنڈے کی تشہیر اور اس کے تدارک اور اندرونی اختلافات کو دور کرنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے فکری اور تکنیکی علوم کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی تفہیم اور کردار سازی کے لیے نوجوانوں کو راغب کرنے میں علمائے کرام کے کردار کی نشاندہی بھی کی۔

علمائے کرام و مشائخ کا انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت پر اظہارِ مذمت

علاوہ ازیں علمائے کرام و مشائخ نے متفقہ طور پر انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی مذمت کی اور ملک میں رواداری، امن اور استحکام لانے کے لیے ریاستی اور سیکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

اس موقع پر علما کرام نے کہا کہ ”اسلام امن اور ہم آہنگی کا مذہب ہے اور بعض عناصر کی طرف سے مذہب کی مسخ شدہ تشریحات صرف ان کے ذاتی مفادات کے لیے ہیں جس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے“

فورم کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات کی حمایت

فورم نے متفقہ طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی، ایک دستاویزی نظام (پاسپورٹ)کے نفاذ، انسداد اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات کی حمایت کی۔

علاوہ ازیں فورم نے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والی دہشت گردی پر پاکستان کے موقف اور تحفظات کی مکمل حمایت کی اور پاکستان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے افغانستان پر سنجیدہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔

فورم نے غزہ میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو نسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا

فورم نے غزہ میں جاری جنگ اور غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی غم و غصے کا اظہار کیا اور انہیں انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا

متھیرا کی شوز پر رونے والی شخصیات پر کڑی تنقید

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی میزبان اور ماڈل متھیرا کی جانب سے شوبز شخصایت کو شوز میں رونے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مارننگ شوز میں تکلیف دہ لمحات کا تذکرہ کرنے والی شوبز شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

شو کے میزبان کی جانب سے جب متھیرا سے ان کی علیحدگی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس پر گفتگو کرنے سے انکار کردیا۔

انہوں نے اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ زندگی میں نہیں ہیں، ان کے متعلق گفتگو نہیں کرنی چاہئے‘۔

متھیرا نے مزید کہا کہ ’میرے ساتھ بہت کچھ بُرا ہوا ہے لیکن مجھے شوز میں آکر رونا پسند نہیں ہے‘۔

شوبز شخصیات کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے وہ لوگ بلکل نہیں پسند جوایک ہی چیز پر ہر شو میں رو دیتے ہیں‘۔

متھیرا نے ان جملوں کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ ٹھیک ہے آپ نے ایک دفعہ اپنے تکلیف دہ لمحات کو بتادیا، بار بار ان باتوں کو کرنا صحیح نہیں ہے’۔

شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی لیکن اس کے باوجود تاحال وہ شادی کو خوبصورت تعلق اور رشتہ سمجھتی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ہر کسی کو شادی کرنی چاہیے۔

گوادر بندرگاہ مستقبل قریب میں سمندری راستے سے تجارت کا مرکز ہوگا، نگراں وزیرِاعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ مستقبل قریب میں سمندری راستے سے تجارت کا مرکز ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ سے گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہ اور سرکاری کارگو کا کچھ حصہ گوادر بندرگاہ سے پاکستان درآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیرِاعظم نے گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کو اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جب کہ وفد کو ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ گوادر میں فشریز کی صنعت کو جدت دی جائے، گوادر میں ماہی گیروں کو جدید مشینری، کشتیوں میں انجن و نیویگیشن آلات اور بین الاقوامی سطح پر رائج معیار کے مطابق مچھلی پکڑنے کے طریقہ کار کیلئے پیشہ ورانہ تربیت دی جا رہی ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ گوادر سے فشریز کے شعبے میں برآمدات کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا جب کہ گوادر بندرگاہ مستقبل قریب میں سمندری راستے سے تجارت کا مرکز ہوگا۔

گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن وفد نے حکومت کے ماہی گیروں کو روزگار کی فراہمی، پیشہ ورانہ تربیت اور گوادر کے مجموعی طور پر مسائل کے حل کے لئے اقدامات کی تعریف کی۔

ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع ہونے سے پہلے 11 ارب خرچ ہونے کا انکشاف

پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع ہونے سے قبل ہی 11 ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبےکی تفصیلات جمع کی گئیں۔

پاکستان ریلوے نے اپنے جواب میں کہا کہ منصوبےکی لاگت میں کمی کے لئے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں تاہم اس دوران معیار اور سیفٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا گیا۔

سینیٹ کو بتایا گیا کہ لاگت میں کمی کے لئے ڈیزائن کی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جون 2023 میں کیا گیا، منصوبےآغاز کے لئے چین کی نیشنل ریلوے سے اجازت کی درخواست کر رکھی ہے۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ این آراے سے پہلے مرحلے کے لئے بولی کے عمل کے آغاز کی اجازت طلب کی ہے، ایم ایل ون منصوبہ 9 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت سے 9 سال میں مکمل ہوگا جسے مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کا تاحال باضابطہ آغاز نہیں ہوا مگر اس کے باوجود منصوبے پر 11 ارب روپے سے زائد خرچ ہو چکے، ابتدائی ڈیزائن پر 10 ارب 64 کروڑ اور فیزیبیلٹی اسٹڈی پر 39 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

ہالینڈ میں پہلی بار مسلم تارکین وطن خاتون وزیراعظم بننے کے قریب

ایمسٹر ڈیم: ہالینڈ میں آئندہ بدھ کو وزارت عظمیٰ کے لیے انتخاب ہونے جا رہا ہے جس کے لیے پہلی بار ایک مسلم خاتون بھی میدان میں ہیں اور ان کی فتح کے امکانات بھی کافی روشن ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 7 سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ براستہ یونان تارکین وطن کی کشتی پر خطرناک سفر طے کرکے ہالینڈ پہنچنے والی مسلم خاتون ڈیلن یسیل گوز ملک کی مستقبل کی وزیراعظم بن سکتی ہیں۔

مسلم تارکین وطن خاتون کا مقابلہ سخت حریفوں سے ہے جن میں منجھے ہوئے سیاستدان اور متحرک سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں لیکن حالیہ سروے بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی کی مسلم خاتون رہنما ڈیلن یسیل گوز کو برتری حاصل ہے۔
46 سالہ ڈیلن یسیل گوز نے وزیر برائے انصاف کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں جب کہ وہ 2017 سے 2021 کے درمیان رکن پارلیمان بھی رہیں اور بطور اسٹیٹ سیکرٹری برائے اقتصادی امور اور ماحولیاتی پالیسی کی بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

آج کل ایک شخص الیکٹیبلز کی تلاش میں ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج کل ایک شخص الیکٹیبلز کی تلاش میں ہے، مہنگائی لیگ میں شامل ہونے والے الیکشن نہیں جیت سکتے۔

مردان میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں ابھی کنونشنز کا سلسلہ جاری ہے، اس کے بعد اس شہر میں جلسہ بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں پسماندہ طبقے کی خدمت کی، عوام نے ذوالفقاربھٹو کا ساتھ دیا تو انہوں نے عوام کو حقوق دیئے، کسانوں کو زمین کا مالک بنایا، بی بی شہید خاتون ہونے کے باوجود آمروں سے ٹکرائیں، اور عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کیا، انہوں نے شہادت قبول کی لیکن پیچھے نہیں ہٹیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ آصف زرداری نے خیبرپختونخوا کو شناخت دی، اٹھارہویں ترمیم کر کے بھٹو کا آئین بحال کروایا، اور اسی ترمیم کے ذریعےآپ کو آپ کے وسائل کا مالک بنایا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، اس پروگرام کو پوری دنیا میں مثالی کہا جاتا ہے، اب اس پروگرام میں اضافہ کرنا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ معاشی بحران کی وجہ سےمہنگائی اور غربت میں اضافہ ہوا، ان مسائل کا حل واحد پیپلزپارٹی کے پاس ہے، ہمیں عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کروانا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن پرانی سیاست ہے، پرانے سیاستدان ماضی کے مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں 70 سال سے روایتی سیاست کی جارہی ہے، ہمیں ملک میں نئی سیاست کا آغاز کرنا ہے، ملک میں عوام کا راج قائم کروانا ہے، ہم پاکستان کوتمام مسائل سےنکال دیں گے، ہم ماضی میں پھنسے ہوئے نہیں، ہمیں آج کی پریشانی کاعلم ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام کر آگے بڑھنا ہے، آنے والےالیکشن میں جیت ہماری ہی ہے، ایک ہوکر بھی یہ پارٹیاں پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو چھوڑنا ہو گا، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،عوام ہی حکمران کا فیصلہ کریں گے، اس کا ہر فیصلہ ہمارے سر آنکھوں پر ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام پر ہی بھروسہ کیا ہے، دیگر جماعتیں بھی عوام پر بھروسہ کریں، دائیں بائیں نہ دیکھیں، ایک بار پھر الیکشن کے بجائے سلیکشن ہوا تو نقصان عوام کا ہوگا، پاکستان کےعوام سلیکڈ راج قبول نہیں کریں گے۔

مسلم لیگ کو مہنگائی لیگ کہتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کل ایک شخص الیکٹیبلز کی تلاش میں ہے، مہنگائی لیگ میں شامل ہونے والے الیکشن نہیں جیت سکتے، ہم نے اپنے لئے نہیں عوام اور ملک کیلئے سوچنا ہے۔

بھارتی ٹیم کے ورلڈکپ فائنل میں پہنچنے پر فضائی کرایوں میں 6 گنا اضافہ

بھارتی ٹیم کے آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل کوالیفائی کرنے کے بعد بنگلورو سے احمد آباد کے فضائی کرایوں میں اضافہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 18 نومبر بروز ہفتے کیلئے ایک طرفہ ہوائی سفر کا کرایہ 33 ہزار روپے تک جاپہنچا ہے جبکہ اسی مہینے میں میگا ایونٹس کے ناک آؤٹ مرحلے سے قبل نارمل فلائٹس کا کرایہ محض 5 ہزار 700 روپے تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈی گو ائیرلائن کی بنگلورو سے احمد کیلئے سستی ترین فلائٹ 27 ہزار روپے ہے جبکہ اکاسہ ائیر ہفتے واحد ائیر لائن ہے جو 28 ہزار 778 روپے میں پہنچارہی ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی ورلڈکپ فائنل کو یادگار بنانے کیلئے بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم 19 نومبر میچ سے قبل ایئرشو کا انعقاد بھی کرے گی۔

صبا قمر کس اداکار سے شادی کرنا چاہتی تھیں؟ سامنے آ گیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر نے اُس پاکستانی اداکار کا نام بتا دیا جن سے وہ شادی کرنا چاہتی تھیں۔

حال ہی میں احسن خان نے یوٹیوب پر اپنے پوڈ کاسٹ کی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اُنہوں نے صبا قمر سے دلچسپ سوال پوچھنے کے ساتھ ساتھ روز مرہ کی باتیں کی۔

احسن خان نے صبا قمر سے سوال کیا کہ “آپ اُس اداکار کا نام بتائیں جو اگر شادی شدہ نہیں ہوتا تو آپ اُسے شادی کی پیشکش کردیتیں”۔

اس سوال کے جواب میں صبا قمر نے احسن خان کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ “میں نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے سے پہلے کسی سے احسن خان کا نمبر لیا تھا، احسن خان کو کالز اور میسجز کرکے کہتی تھی کہ مجھے صرف ایک بار آپ کے ساتھ کام کرنا ہے”۔

صبا قمر نے کہا کہ “شوبز میں آنے کے بعد جب پہلی بار احسن کے ساتھ کام کیا تو شروعات میں ہماری لڑائی ہوگئی تھی لیکن پھر وقت کے ساتھ ساتھ مجھے احسن سے محبت ہوگئی تھی”۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ “میں نے احسن سے اپنی محبت کا اظہار کرنا ہی تھا کہ احسن خان کی زندگی میں اُن کی اہلیہ آگئیں اور پھر دونوں کی شادی ہوگئی”۔

صبا قمر کی بات مکمل ہونے کے بعد احسن خان نے کہا کہ “میں یہ سمجھتا تھا کہ شاید صبا کا کہیں رشتہ ہوگیا ہے یا پھر وہ پسند کی شادی نہیں کریں گی”۔

پوڈ کاسٹ میں صبا قمر نے مزید کہا کہ “میں نے احسن خان کی محبت میں اندرون سندھ جاکر فلم بھی کی تھی، اگر احسن کے علاوہ کوئی اور شخص بولتا تو میں کبھی وہ فلم نہیں کرتی”۔

واضح رہے کہ احسن خان نے سال 2008 میں فاطمہ سے شادی کی تھی، اس جوڑی کے دو بیٹےاور دو بیٹیاں ہیں جبکہ صبا قمر ابھی تک کنواری ہیں۔

ایران کا اسرائیل سے جنگ میں حماس کے ساتھ شامل ہونے سے انکار

تہران: ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے ایک ملاقات میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو اسرائیل جنگ ساتھ مل کر لڑنے سے انکار کرتے ہوئے توجیہہ پیش کی کہ صیہونی ریاست پر 7 اکتوبر کے حملے سے پہلے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔

العربیہ نیوز کے مطابق حماس کے سینیئر عہدیداروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سپریم لیڈر خامنہ ای اور حماس کے سربراہ کی ملاقات رواں ماہ کے آغاز پر ہوئی تھی۔

عہدیداروں نے مزید بتایا کہ روحانی پیشوا علی خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی اسرائیل کے ساتھ جنگ مل کر لڑنے پر کہا کہ آپ نے ہمیں اس حملے سے پیشگی آگاہ نہیں کیا تھا اس لیے اس جنگ میں شامل نہیں ہوسکتے۔

تاہم ایران کے روحانی پیشوا علی خامنہ ای نے براہ راست مداخلت کیے بغیر حماس کے لیے اپنی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایران کے سپریم لیڈر نے اسماعیل ہنیہ سے یہ بھی کہا کہ وہ فلسطین کی تحریک سے وابستہ ان لوگوں کو خاموش کرائیں جو ایران اور حزب اللہ کو اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شامل ہونے کا کھلے عام مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایران یا حماس کے ترجمان کی جانب سے تاحال آیت اللہ خامنہ ای اور اسماعیل ہنیہ کی ملاقات اور اس گفتگو کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1400 فوجی اور شہری مارے گئے تھے جب کہ حماس 250 کے قریب اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو یرغمال بناکر غزہ بھی لے آئے تھے۔

اس حملے کی مبارک باد دینے والوں میں ایران بھی شامل تھا اور ابتدائی طور پر لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ عسکری جماعت حزب اللہ نے کارروائیوں میں مدد و معاونت کا عندیہ بھی دیا تھا۔

حزب اللہ نے چند ایک کارروائیاں بھی کی تھیں تاہم اس کے بعد سے کوئی بڑی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ حماس کے حملے کا ذمہ دار اسرائیل اور چند بڑی قوتوں نے اشاراتاً ایران کو ٹھہرایا تھا۔

7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے جواب میں اسرائیلی فوجیں مسلسل غزہ پر بمباری کر رہی ہیں اور ان کی برّی فوجیں غزہ میں داخل بھی ہوگئی ہیں۔

اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی جب کہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمیوں میں نصف تعداد بچوں اور خواتین کی ہیں۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کا چار روزہ فزیکل ریمانڈ منظور

اسلام آباد: احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے روبرو 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔ جج نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے منگل تک جسمانی ریمانڈ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 21 نومبر تک ہمارے حوالے کیا ہے، نیب طے کرے گا اب تحقیقات کیسے کرنی ہیں۔

لاہور میں مصنوعی بارش کیسے برسائی جا سکتی ہے اور کیا یہ ممکن ہے؟

نگراں حکومت پنجاب نے گزشتہ دنوں صوبے میں اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اہم اجلاس میں 28 نومبر کو لاہور شہر میں اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا۔

اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 300 سے بھی تجاوز کر گیا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے بارش کے امکانات بھی بہت کم ہیں۔

تاہم اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور میں گذشتہ دنوں ہونے والی ہلکی بارش سے آلودگی میں تھوڑی کمی ہوئی مگر ماہرین کے مطابق یہ عارضی راحت ہے اور آلودگی کا سلسلہ اتنی آسانی سے ختم نہیں ہوگا۔

مصنوعی بارش کا طریقہ کار کیا ہے؟
مصنوعی بارش برسانے کا عمل کافی دلچسپ ہوتا ہے جس میں کیمیکلز کے ذریعے بادلوں کو بھاری کیا جاتا ہے، اس عمل کو کلاؤڈ سیڈنگ بھی کہتے ہیں۔

کلاؤڈ سیڈنگ میں عام طور پر سلور آئیوڈائیڈ، پوٹاشیم آیوڈائیڈ، سوڈیم کلورائیڈ (ٹیبل سالٹ) یا ڈرائی آئس جیسے کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

کلاؤڈ سیڈنگ میں خصوصی ہوائی جہاز یا زمین سے راکٹ اور مخصوص آلات کے ذریعے بادلوں پر کیمیکل چھڑکے جاتے ہیں جو بادلوں میں سنو فلیکس کی تشکیل کے لیے بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

سیڈنگ کے عمل کے بعد بادلوں میں بننے والے برف کے کرسٹلز بادلوں کو وزنی بنا دیتے ہیں، جس کے بعد بارش ہونے لگتی ہے۔

کیا پاکستان میں مصنوعی بارش کرنا ممکن ہے؟
محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کے مطابق مصنوعی بارش برسانا کوئی مشکل عمل نہیں، لیکن اس تجربے کے کامیاب ہونے کے لیے کافی صورتیں ہیں جن کے بغیر مصنوعی بارش برسانا ناممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مؤثر کلاؤڈ سیڈینگ کے لیے کم از کم 40 فیصد بادلوں کا ہونا اور ہوا میں کم سے کم 70 فیصد نمی ہونا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ ہوا کی رفتار بھی بہت معنی رکھتی ہے جو کہ 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہونی چاہیے اور جب تک یہ صورتیں مکمل نہ ہوں تو مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔

ریجنل ڈائریکٹر محکمہ مومسیات کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کا تجربہ اگر کامیاب بھی ہو جائے تو اس کو آلودگی ختم کرنے کے لیے مستقل حل تصور نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بارش کے بعد آلودگی کم تو ضرور ہوگی مگر اس کی کوئی گارنٹی نہیں کہ اس میں دوبارہ اضافہ نہیں ہوگا۔

وہ دفعات لگائی جارہی ہے جن سے عمران خان کو سزائے موت ہوسکتی ہے،علیمہ خان

عمران خان کی ہمیشرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر وہ دفعات لگائی جارہی ہیں جن سے ان کو سزائے موت یا عمر قید ہوسکتی ہے، اگر عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو ہم امریکا میں ڈونلڈ لُو پر کیس کریں گے۔

سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل میں آئی ہوئی چیئرمین پی ٹی آئی کی علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ سے سائفر کیس کا اسٹے آرڈر ہوگیا ہے، عمران خان پر جو دفعات لگائی جارہی ہے، ان کے تحت انہیں سزائے موت یا عمر قید ہو سکتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمیشرہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایسا کیا جرم کیا کہ ایسی دفعات لگائی گئیں، رانا ثنا اللّٰہ نے عمران خان پر کیس کیا، پاکستان میں انصاف ملنا چاہیے، اگر عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو ہم امریکا میں ڈونلڈ لُو پر کیس کریں گے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں جیل میں اچھی روٹین بنی ہوئی، وہ بالکل اچھی صحت میں ہیں، اور ان کی جانب سے کھانے کی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مشاورتی اجلاس میں ن لیگ اور جی ڈی اے کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، عرفان اللہ مروت کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں جی ڈی اے، ایم کیوایم، جی یو آئی، ن لیگ کے ساتھ انتخابی اتحاد ہوگا۔

جی ڈی اے کے چیف کو آرڈینیٹر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر صدرالدین شاہ راشدی نے جی ڈی اے رہنماؤں کو ن لیگی قیادت سے ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں لیا۔ اور عام انتخابات میں ن لیگ کو جی ڈی اے میں شامل کرنے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کی دو مختلف رائے پر اظہار خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے اتحاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا کریں گے، اس حوالے سے جی ڈی اے کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لٕیا گیا ہے۔

دوسری جانب جی ڈی اے رہنما عرفان اللہ مروت کا دعویٰ ہے کہ جی ڈی اے۔ ایم کیوایم، جی یو آئی، ن لیگ کے ساتھ انتخابی اتحاد ہوگا، کوشش ہے اے این پی بھی ہمارے ساتھ شامل ہوجائے۔

جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ تمام جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلاکر اپنے لاٸحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔