کاش اچھے کرکٹر کیساتھ اچھے شوہر اور باپ بھی ہوتے: شامی کی اہلیہ کا کرکٹر کی پرفارمنس پر ردعمل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے اپنے شوہر کی ورلڈکپ 2023 میں شاندار کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کاش وہ اچھے کرکٹر کی طرح اچھے انسان، شوہر اور باپ بھی ہوتے۔

شامی نے اب تک ون ڈے ورلڈکپ میں 23 وکٹیں حاصل کی ہیں ، ان کی تباہ کن بولنگ نے اس ایونٹ میں ٹیم انڈیا کو کئی میچز جتوائے جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی محمد شامی نے 57 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے شامی کی اہلیہ حسین جہاں کا انٹرویو کیا اور اس کارکردگی پر ان کی رائے لینا چاہی۔

حسین جہاں نے انٹرویو میں کہا ‘ظاہر ہے خوشی تو ہورہی ہے کہ بھارت فائنل میں پہنچا، اب امید ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ ورلڈکپ ہمارے ملک کے نام رہے’۔

اپنے شوہر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا ‘کبھی کبھی دل میں یہ باتیں آتی ہیں کہ انہیں کرکٹر کی طرح اچھا انسان بھی ہونا چاہیے تھا، لوگوں کو ہماری پروفیشنل لائف اور ذاتی زندگی الگ رکھنی چاہیے’۔

شامی کی اہلیہ نے مزید کہا کہ ‘کاش شامی جتنا اچھا کھلاڑی ہے اتنا ہی اچھا باپ، شوہر اور انسان بھی ہوتا، اگر ایسا ہوتا تو میں، شامی اور ہماری بیٹی بہت اچھی زندگی گزار رہے ہوتے’۔

انہوں نے کہا ‘شامی کی غلطیوں، لالچ اور گندے دماغ کی وجہ سے ہم تینوں کو یہ سب جھیلنا پڑ رہا ہے، شامی زیادہ پیسوں اور ان کی نمائش کرکے اپنی مشکلات چھپانے کی کوشش کررہا ہے، لیکن میں کسی چیز کو چھپاتی نہیں ہوں’۔

واضح رہے کہ 2014 میں محمد شامی نے ماڈل حسین جہاں سے شادی کی تھی تاہم اب کرکٹر محمد شامی اور ان کی اہلیہ کےدرمیان 2019 سےکیس چل رہا ہے۔

چند برس قبل محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے ان پر تشدد کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد شامی اور ان کے بھائی کو گرفتار کیا گیا جب کہ شامی کی اہلیہ کو بھی اپنے شوہر کے گھر جاکر شور شرابا کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، محمد شامی کی جانب سے اگرچہ ان الزامات کی تردید کی گئی تھی ۔

تاہم رواں برس مئی میں ایک بار پھر محمد شامی کی اہلیہ نے شوہر کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔

ڈیزل سستا ہونے کے باوجود ریلوے مسافر ریلیف سے محروم

لاہور: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ریلویز مسافروں کو ریلیف نہ مل سکا،ڈیزل کی6 روپے47 پیسے فی لیٹر کمی کے باوجود ریلویز کے مسافر ٹرینوں کے کرایے برقرار ہیں۔

30 ستمبر سے 15 نومبر 2023 کے درمیان ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 32روپے 47پیسے کمی ہوئی۔ 45روز میں تیسری بار ڈیزل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ریلویز نے کرایے کم نہ کیے۔

یکم اگست سے 15 ستمبر کے دوران ریلویز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر مجموعی طور 20 فیصد اضافہ کیا تھا۔

ورلڈکپ فائنل؛ 1992 کی وننگ ٹیم کے کپتان عمران خان تقریب میں شریک نہیں ہونگے

آئی سی سی ورلڈکپ فائنل 2023 کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تمام ٹیموں کے سابق کپتانوں کو مدعو کرلیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ فائنل سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکا اشرف سے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے درخواست کی ہے کہ وہ 1992 ٹیم کے کپتان عمران خان کا خصوصی تحفہ (بلیز) لیں۔

اتوار کو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میگا ایونٹ کے فائنل سے پہلے ورلڈکپ جیتنے والے تمام کپتانوں کو خصوصی بلیزر پیش کیا جائے گا، اس تقریب میں کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ایلن بارڈر، رانا ٹنگا، اسٹیو وا، رکی پونٹنگ، مہندرا سنگھ دھونی، مائیکل کلارک اور آئن مورگن شرکت کریں گے۔

1992 کے ورلڈکپ وننگ ٹیم کے کپتان عمران خان ذاتی وجوہات کی بنا پر اہم ایونٹ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

اسرائیلی فورسزنے خان یونس کی رہائشی عمارت پربم برسا دئیے، بچوں سمیت 26 افراد شہید

اسرائیل کی جنوبی غزہ میں بمباری سے متعدد بچوں سمیت 26 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کی فلسطینی ذرائع کے حوالے سے رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے علاقے میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ بمباری زخمی ہونے والے افراد میں متعدد کی حالت نازک ہے۔

غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی الفلاح اسکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 پناہ گزین شہید ہوگئے جبکہ الوفا اسپتال پر بمباری سے ڈائرکٹر شہید اور متعدد ڈاکٹرز زخمی ہوئے۔

اسرائیل کی غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری بمباری اور حملوں میں شہید فلسطینوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 30 ہزار ہے۔ شہدا اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔

خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان پر، چلغوزہ 12 ہزار روپے فی کلو میں فروخت

پشاوری قہوہ اور ڈرائی فروٹ سردی کی اہم سوغات ہیں تاہم اس مرتبہ مہنگائی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کو شاید قہوے پر ہی گزارا کرنا پڑے گا۔ گزشتہ سال 6000 روپے فی کلو ملنے والا چلغوزہ 10 سے 12 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔

پشاور میں ہر سال سردی آتے ہی ڈرائی فروٹ کی مانگ بڑھ جاتی ہے، تاہم اس سال حالات کچھ مختلف ہیں۔ اس بار ڈرائی فروٹ غریب اور متوسط طبقے کی استطاعت سے باہر ہوچکا ہے۔

پشاور: خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان پر، چلغوزہ 12 ہزار روپے فی کلو میں فروخت۔ تصویر بذریعہ مصنف

ڈرائی فروٹ میں اگر بات کریں چلغوزے کی تو عام آدمی اس کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ چلغوزے کی فی کلو قیمت 12ہزار روپے تک پہنچنے پر دکانداروں کا کہنا ہے کہ پیداوار کم ہونے کے باعث چلغوزہ مہنگا ہوا۔

پشاور: خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان پر، چلغوزہ 12 ہزار روپے فی کلو میں فروخت۔ تصویر بذریعہ مصنف

عام شہری کہتے ہیں مہنگائی کے اس دور میں چلغوزہ تو دور کی بات وہ چنا اور مونگ پھلی بھی مشکل سے کھا سکتے ہیں۔

کپتان بننے کے بعد بابراعظم کی کارکردگی میں نکھار آیا تھا، میتھیوہیڈن

سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم کے استعفی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اس فیصلے کے ذمے دار ہیں انہوں نے بطور کپتان اور بلے باز بابر کی غیرمعمولی کارکردگی  کو نظر انداز کیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو  سے بات چیت کرتے  ہوئے سابق آسٹریلوی بلے باز نے پاکستانی کرکٹ میں سسٹم کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے اس بات  پر زور  دیا کہ پاکستانی کرکٹ کے  چیلنجز صرف انفرادی لیڈرشپ تک محدود نہیں ہیں بلکہ پورے فریم ورک  کا احاطہ کیے ہوئے ہیں۔

کپتان کے عہدے سے بابراعظم کے استعفی دینے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے میتھیو ہیڈن نے کہا کہ جو لوگ اس فیصلے کے اصل ذمے دار ہیں انہوں نے کھلاڑی اور کپتان کے طور پر بابراعظم کی غیرمعمولی کارکردگی کو نظرانداز کیا ہے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹرنے کہا کہ متعلقہ فرد یا افراد نے ایک عام کھلاڑی اور پھر بطور کپتان بابراعظم  کی پرفارمینس پر توجہ نہیں دی۔ بطور کپتان  بابر کی پرفارمینس کہیں زیادہ بہتر رہی ہے اور ٹیم کا لیڈر بننے کے بعد اس کی کارکردگی میں نکھار آیا۔ اس کی رنز بنانے کی اوسط 50 سے  اوپر ہے لہٰذا وہ ایک نیچرل لیڈر اور اچھا انتخاب تھا، مگر میرے خیال میں جہاں تک بابر کی بطور لیڈر صلاحیتوں کا سوال ہے تو  ان کے بارے میں قبل از وقت رائے قائم کرلی گئی۔

میتھیو ہیڈن نے مزید کہا کہ بابر ابھی نوجوان اور  دنیائے کرکٹ کا صف اول کا کھلاڑی ہے، جس کی وجہ سے مجھے اس فیصلے پر شاک لگا اور افسوس بھی ہوا۔

واضح رہے کہ  ورلڈ کپ  میں پاکستانی  ٹیم کی خراب کارکردگی کے پیش نظر بابراعظم نے تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کپتانی سے استعفی دے دیا تھا۔

پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار صرف عمران خان نہیں ہیں، فضل الرحمان

پشاور: جمعیت علما اسلام کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا مگر ہم نے نظریاتی وطن کا حق ادا نہیں کیا، ہمیں پرانی لکیروں کو مٹا کر نئے مستقبل کیلیے راستہ بنانا ہوگا.

پشاور میں جے یو آئی کے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ صوبے میں آئندہ جے یو آئی اکثریت حاصل کرے گی، آج کے جلسے سے ثابت کردیا کہ اگلی حکومت ہماری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں اب ہمیں وطن میں انقلاب کی نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی، ہمیں عالمی سازشوں کیخلاف ڈٹنا ہوگا، آج ہماری فوج کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران کا شکار کرنا حادثہ کی بنیاد نہیں اتنی معاشی تباہی حادثاتی طور پر نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے کشمیر تقسیم کرنے اور اسرائیل کو قبول کرنے کا منصوبہ تیار تھا، خیبر پختونخوا میں ایک حکومت بنائی گئی اس صوبے کی روایت اور اسلامی اقدار کو نقصان پہنچایا، پاکستان کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار صرف عمران خان نہیں بلکہ پراجیکٹ لانچ کرنے والے قمر باجوہ اور فیض حمید بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو اس ملک اور صوبے کے مجرم ہیں ان کو یہ صوبے حوالے کیا جارہا ہے، ہم سے بھی ہاتھ ملانے کی بات کی گئی لیکن ہم نے صاف انکار کردیا، قبائل کے ساتھ کیے جانے والے وعدے پورے ہونے چاہیں۔

فضل الرحمان نے کہا کہ ’تمھارے مطالبے پر فوج بے قبائل میں آپریشن کیا اور انھیں بے گھر کیا گیا، ہمیں معلوم ہے تمھیں کہاں سے ہدایات ملتی پیں، افغانستان سے احترام کا تعلق ہے ہم نے جذباتی فیصلے نہیں کرنے، ہر طرف سے پاکستان پر دباؤ ہے اسرائیل کو تسلیم کرانا ہے‘۔

دریں اثنا جلسے کے دوران اے این پی سے سابق ڈسٹرکٹ ناظم حاجی عمر خان اور سابق بلدیاتی نمائندوں نے جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

خامنہ ای کا اسرائیل جنگ میں حماس کیساتھ شامل نہ ہونے کا بیان جھوٹی خبر ہے، ایرانی میڈیا

ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے ایک رہنما نے ان سے گفتگو میں رائٹرز کی اس خبر کو جھوٹا قرار دیا ہے جس میں آیت اللہ خامہ ای کی جانب حماس کی جنگ میں اسرائیل کے خلاف شامل نہ ہونے کا بیان منسوب کیا گیا تھا۔

ایران کے سرکاری میڈیا IRNA  کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے ایک رکن اسامہ حمدان نے خصوصی انٹرویو میں عالمی خبر رساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ کی غلط معلومات اور جھوٹی خبریں پھیلانے پر شدید مذمت کی ہے۔

اسامہ حمدان نے IRNA نے بات کرتے ہوئے کہا کہ  آیت اللہ خامنہ ای اور اسماعیل ہنیہ کے درمیان رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والی ملاقات ایران اور حماس کے درمیان مسلسل تعمیری اور اچھے تعلقات کے عین مطابق تھی۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسامہ حمدان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران اور حماس کے درمیان تعلقات کی نوعیت، فلسطینی کاز، فلسطینی عوام اور اس کی مزاحمت کی حمایت میں ایرانی مؤقف کو سب جانتے ہیں۔

اسامہ حمدان نے رائٹرز کی خبر کو جھوٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے متعصب پروپیگنڈے کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں۔ اوّل یہ کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم پر پردہ ڈالنا اور دوم حماس کی کامیابیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

یاد رہے کہ رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں حماس کے عہدیداروں کی جانب سے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے حماس رہنما سے ملاقات میں اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کے شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق یہ ملاقات رواں ماہ کے اوائل میں ہوئی تھی جس میں آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ پر واضح کیا تھا کہ چوں کہ 7 اکتوبر کے اسرائیل پر حملے سے ہمیں پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا اس لیے ایران براہ راست جنگ میں شامل نہیں ہوگا۔

اسٹیٹ بینک نے اسٹریٹجک پلان برائے 2023 ء تا 2028ء جاری کردیا

 کراچی: بینک دولت پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے جمعہ کو کراچی میں منعقدہ تقریب میں اسٹیٹ بینک کا اسٹریٹجک پلان برائے 2023ء تا 2028ء’’ایس بی پی وژن 2028ء‘‘ جاری کردیا۔

’’اسٹیٹ بینک وژن 2028ء‘‘ اسٹیٹ بینک ایکٹ میں ترمیم کے بعد جاری کیا جانے والا پہلا منصوبہ ہے۔ اس میں مرکزی بینک کا نصب العین، مشن اور اگلے پانچ سال کے لیے متعین کلیدی اہداف بتائے گئے ہیں۔ اسٹریٹجک پلان اہم متعلقہ فریقوں کے ساتھ ایک مشاورتی اور جامع عمل کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ ’’اسٹیٹ بینک وژن 2028ء‘‘ اسٹیٹ بینک کے اس عزم کا اظہار ہے کہ قیمتوں کا استحکام اورمالی استحکام حاصل کیا جائے گا اور ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی میں حصہ لیا جائے گا۔

جمیل احمد نے مزید کہا کہ پلان کی تیاری کے دوران جن امور کو مدِنظر رکھا گیا ہے ان میں معیشت اور مالی استحکام کو درپیش ابھرتے ہوئے خطرات بشمول ماحولیاتی تبدیلی ، تیزرفتار ڈیجیٹل اختراعات اور رکاوٹیں، اور سائبر سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات بھی شامل ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ  ’’ایس بی پی وژن 2028ء‘‘ میں 6 اہم اسٹریٹجک مقاصد کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں مہنگائی کو وسط مدتی ہدف کی حد میں رکھنا، اور مالی نظام کی کارکردگی، اثرانگیزی، شفافیت اور استحکام بڑھانا، مالی خدمات تک شمولیتی اور پائیدار رسائی کو فروغ دینا، شریعت سے ہم آہنگ بینکاری نظام میں ڈھالنا، جدت پسندانہ اور شمولیت پر مبنی ڈیجیٹل مالی خدمات کا ایکوسسٹم تشکیل دینا، اور اسٹیٹ بینک کو ہائی ٹیک اور عوام پر مرتکز ادارے کا روپ دینا شامل ہیں۔

ان اسٹریٹجک مقاصد کو پانچ بنیادی موضوعات کے گرد تشکیل دیا گیا ہے، جن میں اسٹریٹجک ابلاغ، ماحولیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں جدت طرازی، تنوع اور شمولیت، اور پیداواریت اور مسابقت شامل ہیں۔

’ٹائیگر3‘ پر عمان اور قطر میں پابندی، کویت میں نمائش جاری

دوحہ: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی میگا ایکشن فلم ’ٹائیگر3‘ کو مشرق وسطیٰ کے ممالک عمان اور قطر میں پابندی کا سامنا ہے۔ 

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق عمان اور قطر کے حکام نے فلم کے مواد پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ’ٹائیگر3‘ میں پاکستان اور انڈیا کے پہلو سے کہانی اور کچھ نازیبا مناظر پر دونوں ممالک کو شدید تحفظات ہیں۔

سلمان خان کی فلم کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کلین چٹ مل چکی ہے اور وہاں یہ معمول کے مطابق ریلیز کی گئی ہے، کویت کے حوالے سے پابندی کی خبریں سامنے آئی لیکن وہاں بھی معمول کے مطابق فلم کی نمائش جاری ہے۔

’ٹائیگر3‘ میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔

تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ میں ناصرف سلمان خان بلکہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن بھی نظر آئے، ان دونوں اسٹارز کو فلم میں مختصر کردار کے لیے شامل کیا گیا۔

یاد رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔

مہنگائی میں 9.95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ، سالانہ شرح بھی 41.90 فیصد کی تاریخی سطح پر

اسلام آباد: حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 9.95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 41.90 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مہنگائی میں بڑے پیمانے پر اضافے کی صورت ظاہر ہونا شروع ہوگئے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔

حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 9.95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہواہے جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 41.90 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ کمانے والا طبقہ متاثر ہوا جس کے لیے مہنگائی کی شرح 45.84 فی صد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں 25 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 13 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگی ہوئی اشیاء میں گیس سرفہرست ہے جس کی قیمتوں میں 480 فیصد کی شرح کے حساب سے سب سے زیادہ اضافہ ہوا۔

چائے کی پتی کی قیمتوں میں 8.88 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 2.54 فیصد، چکن کی قیمت میں 3.99فیصد، لہسن کی قیمت میں 3.09 فیصد، نمک کی قیمت میں2.93 فیصد، آٹے کی قیمت میں 2.64 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں2.03 فیصد جبکہ آلو کی قیمتوں میں2 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے جن13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ان میں سے بجلی کی قیمتوں میں16.06 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں11.16 فیصد، چینی کی قیمتوں میں4.24 فیصد، ڈیزل کی قیمت میں2.15 فیصد، پٹرول کی قیمت میں0.73 فیصد، پیاز کی قیمت میں1.49 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمت میں1.39 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمت میں 0.65 فیصد جبکہ گڑ کی قیمت میں0.27 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 35.72 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں40.81فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 45.84فیصد رہی۔

اسی طرح 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 42.94فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 39.67 فیصدرہی ہے۔

خواجہ سراؤں کا ’’مورت مارچ‘‘ میں اپنے مطالبات پیش کرنے کا فیصلہ

کراچی: خواجہ سراؤں نے کراچی میں ’’مورت مارچ‘‘ میں اپنے مطالبات پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

کراچی پریس کلب میں خواجہ سراؤں کی نمائندگی کرنے والی بندیا رانا، ڈاکٹر میرب اعوان اور  شہزادی رائے نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ خواجہ سراؤں کی جانب سے 19 نومبر کو کراچی میں فرئیر ہال میں ’’مورت مارچ‘‘ منعقد ہوگا۔ جس وہ اپنے مطالبات پیش کریں گے۔

دوران پریس کانفرنس شرکا نے کہا کہ ہمیں خاندانی وراثت میں حصہ نہیں ملتا اگر کوئی خواجہ سرا مانگیں تو اس کو مبینہ طور پر خاندان کے لوگ قاتل کردیتے ہیں، نادرا ہمارے ایکس شناختی کارڈ جاری نہیں کررہا ہے اس لیے اپنے حقوق کے لیے ہر فورم پرآواز بلند کریں گے۔

شہزادی رائے کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر بہت سارے خواجہ سرا قتل کر دیے جاتے ہیں، ہم اس ڈر سے جائیداد میں حصہ نہیں مانگتے، ہماری شناخت کا حق ہم سے چھینا جا رہا ہے جبکہ ہمیں سرکاری ملازمتیں نہیں دی جاتی، سرکار کو چاہیے ایسی پالیسیز کو یکسر ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سے مطالبہ ہے کہ کوٹے کا اعلان تو کر دیا لیکن عمل کون کریگا ایک خواجہ سرا کو بھی سرکاری ملازمت نہیں دی گئی، کوئی بھی مالک مکان ہمیں گھر نہیں دیتا اور اگر دے تو بہت مہنگا دیتا ہے۔

اس موقع پر بندیا رانا کا کہنا تھا کہ نادرا نے ایکس کارڈ بنانا روک دیے، جس کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہوگا اس کے پاس پاکستانی شہریت نہیں ہوگی۔ ڈاکٹر میرب نے کہا کہ19 نومبر تین بجے سے چھ بجے تک فریئیر ہال میں مورت مارچ کیا جا رہا ہے،اس سال دوسرا مورت مارچ نکال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مطالبات مورت مارچ میں رکھیں گے، خواجہ سرا آج بھی ناچ گانا کر کے اپنا گزارہ کرتے ہیں، آنے والے پڑھے لکھے خواجہ سرا کو نوکریاں دی جائیں۔

سویلینز کے خصوصی عدالتوں میں ٹرائل پر بحث احتجاج میں تبدیل، سینیٹ اجلاس ملتوی

خصوصی عدالتوں میں سویلیئنز ٹرائل کے حق میں منظور قرارداد کے خلاف احتجاج کے باعث سینیٹ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام ایف (جے یو آئی) کے سینیٹر کامران مرتضی نے نقطہ اعتراض اٹھایا تو سینیٹرسعدیہ عباسی نے کہا کہ مذکورہ قرارداد پربات نہ ہونے تک ایوان نہیں چلنے دیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس کا آغاز ہوا تو سینٹر کامران مرتضی نے خصوصی عدالتوں سے متعلق منظور قرارداد پر بحث کے لئے نقطہ اعتراض اٹھایا او ربات کرنے کے لئے اصرار کیا۔

سینیٹر سعدیہ عباسی نے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ قرارداد پر بات نہ ہونے تک ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے جس کے بعد ممبران اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔

شور بڑھنے پر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس ملتوی کرنے پر ہی اکتفا کیا اور اجلاس پیرتک کے لئے ملتوی کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 9 مئی کے مقدمات کا ٹرائل خصوصی عدالتوں میں چلانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔

9 مئی کے مقدمات کا ٹرائل خصوصی عدالتوں میں چلانے کی قرار داد سینیٹر دلاور حسین نے سینیٹ میں پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

گزشتہ ماہ، سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے حکومت کو 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں گرفتار کیے گئے شہریوں کا فوجی ٹرائل کرنے سے روک دیا تھا۔

بینچ کی سربراہی کرنے والے جسٹس اعجاز الاحسن نے 23 اکتوبر کو فیصلہ سنایا، جس میں بینچ نے پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعہ 2 (1) (d) اور دفعہ 59 (4) (سول جرائم) کو بھی غیر آئینی قرار دیا تھا۔