عام انتخابات 2024: الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے سرور نہ ہونے کا انکشاف

عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہے لیکن الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے اپنا سرور موجود نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کیلئے نادرا کے سرور کا سہارا لے گا، جس کے لیے ان کے درمیان سرور ہوسٹنگ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نادرا کے سرور ہوسٹنگ کی مد میں رینٹ ادائیگی کرے گا، نتائج نئے سافٹ ویئر الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے تیارکیے جائیں گے۔

الیکشن مینجمنٹ سسٹم ڈیجیٹل اور مینیوئل طریقوں سے چلایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں ای ایم ایس کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ٹریننگ دے دی، ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کومدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، ای ایم ایس سے نتائج انٹرنیٹ، بغیرانٹرنیٹ کے بھی بھیجیں جاسکیں گے۔

زرداری کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، غزہ معاملے پر مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور

کراچی: سابق صدر آصف زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں غزہ معاملے پر مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے شاہ چارلس کے یوم پیدائش کے حوالے سے اظہار مسرت کا پیغام دیا۔

آصف زرداری نے ڈیوڈ کیمرون کے وزیرخارجہ بننے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے برطانیہ کو مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ دونوں شخصیات کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
اہم ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

بھارت: 7 روز سے سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو اب تک نکالا نہ جاسکا، مشین بھی خراب

بھارت میں زیر تعمیر سرنگ گرنے سے 7 روز سے پھنسے 40 مزدوروں کو بچانے کی کوشش جاری ہے تاہم ڈرل مشین خراب ہونے سے ریسکیو آپریشن کو روک دیا گیا۔

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں گزشتہ اتوار کو زیر تعمیر سرنگ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 40 مزدور دب گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سرنگ میں مزدوروں کو پھنسے ہوئے 150 گھنٹے ہوگئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو انتظامیہ کام کررہی ہے اور ہیوی مشینری کی مدد لی جارہی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ گرنے والی سرنگ میں مزدور زندہ ہیں اور انہیں آکسیجن کے ساتھ ساتھ کھانا، پانی بھی سرنگ میں بچھائی جانے والی لائنوں کے ذریعے سے فراہم کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مزدوروں کو نکلانے میں ڈرل مشین کا سہارا لیا جارہا تھا کہ بدقسمتی سے گزشتہ رات وہ بھی خراب ہوگئی اور دوسری مشین منگوانے کے لیے ریسکیو آپریشن کو روک دیا گیا ہے جسے ہوائی جہاز کے ذریعے جائے حادثہ پر پہنچایا جانا ہے۔

دوسری جانب طبی عملے کی جانب سے بھی انتظامیہ پر جلد از جلد مزدوروں کو نکالنے کے لیے زور دیا جارہا ہے کیونکہ زیادہ دیر تک سرنگ میں رہنے سے مزدروں کی حالت غیر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

واضح رہے ریاست اتراکھنڈ میں بہت سی عبادت گاہیں ایسی ہیں جہاں زائرین کا رش لگا رہتا ہے، اسی وجہ سے زائرین کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے سرنگ سے سڑک نکالنے کا پروجیکٹ شروع کیا گیا تھا۔

فواد خان اور حمزہ علی عباسی کو کن بالی ووڈ اداکاراؤں کیساتھ کاسٹ کیا جائے گا؟

بھارتی فلم پروڈیوسرشیلجا کیجریوال پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں سامنے آگئیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان شوبز تعلقات جلد بحال ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اس حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں پاکستانی اداکاروں کواپنی تخلیق کردہ فلموں میں ضرور کاسٹ کریں گی۔

بھارتی فلمساز کہا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی اداکار فواد خان کو بالی ووڈ اداکارہ تبو اور حمزہ علی عباسی کو ودیا بالن کے ساتھ کاسٹ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے انٹرویو میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تنازعات پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ’ہماری حکومت کو ایسے قوانین بنانے کی ضرورت ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پیدا ہو تو اُس سے دونوں ممالک کے فنکار، فلمیں اور ڈرامے متاثر نہیں ہونے چاہئیں‘۔

شیلجا کیجریوال نے مزید کہا کہ ’پاک بھارت فنکاروں، فلمسازوں اور موسیقاروں نے جب بھی ملکر کام کیا ہے تو اُنہیں عالمی سطح پر خوب پذیرائی ملی ہے، اس سے دونوں ممالک کو ہی فائدہ ہوتا ہے‘۔

شیلجا کیجریوال کے مطابق دونوں ممالک کے عوام بھی فنکاروں کو ایک ساتھ کام کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم ایک ساتھ ملکر بہت کچھ کرسکتے ہیں، بہت سی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔

اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ”زی فائیو: زندگی“ کے پلیٹ فارم سے پاک بھارت کے کئی مشترکہ پراجیکٹس پر کام کررہی ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ اپنے منصوبے میں ماہرہ خان کو شاہ رخ خان کے علاوہ کسی دوسرے بھارتی اداکار کے ساتھ کاسٹ کیا جائے‘۔

بھارتی فلمساز کے مطابق پاکستان کے سینما گھروں میں بھی بھارتی فلموں کی ریلیز کو یقینی بنانا چاہئے۔

ان کے مطابق اس سے نہ صرف بھارت کو فائدہ ہوگا بلکہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے کے مواقع بھی روشن ہوں گے۔

کراچی: سندھ حکومت نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کی اپیل دائر کرنے کی تردید کردی۔

کراچی: سندھ حکومت نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کی اپیل دائر کرنے کی تردید کردی۔

حکومت اور وزارت دفاع کی جانب سے فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے خبروں میں سندھ حکومت کا نام بھی سامنے آیا ہے کہ اس نے بھی فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

تاہم ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری وضاحت کے مطابق سندھ حکومت نے سویلین کے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کے لئے کوئی اپیل دائر نہیں کی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تاثر بے بنیاد ہے کہ سندھ حکومت نے ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل فائل کی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل غیرقانونی قرار دیتے ہوئے 9 مئی کے تمام ملزمان کا ٹرائل عام عدالتوں میں کرنے کا حکم دیا ہے۔

9 مئی واقعات: شیخ رشید کی ضمانت میں 25 نومبر تک توسیع

راولپنڈی:  انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید اور راشد شفیق کی ضمانتوں میں 25 نومبر تک توسیع کر دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید احمد اور راشد شفیق کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق بھی انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی پہنچے تھے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج 23 مقدمات میں سرکار نے مزید تیاری کی استدعا کی ہے، سرکار کا اصرار تھا کہ ایک ہفتہ مزید دیا جائے۔

ہفتے میں ساری دنیا کو پتہ چل جائے گا ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں: شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ ضمانتوں میں 25 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے، 25 نومبر کو صبح یہاں اور دوپہر میں اسلام آباد میں ٹرائل ہو گا، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے تمام ضمنی مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتے میں ساری دنیا کو پتہ چل جائے گا کہ ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، چلے سے 3 دن پہلے مجھ پر ایک بھی مقدمہ نہیں تھا، 68 کیسز ابھی تک میدان میں آ چکے ہیں، باقی اللہ بہت بڑا ہے۔

امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات، الیکشن پر گفتگو

کراچی: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں عام انتخابات، غزہ پر اسرائیلی بمباری اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طورپر مختلف امریکی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی رہنما دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔

ڈونلڈ بلوم اور نواز شریف کی ملاقات میں پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال، خصوصاً عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوںمیں تعاون پر گفتگو بھی کی گئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا گیا۔ امریکی سفیر اور نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی و علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔

نوازشریف نے غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔

امریکی سفیر نے نواز شریف کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار و کھلے انداز میں گفتگو پر نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی حسینہ ایریکا رابن کے عالمی مقابلۂ حسن کے اسٹیج پر جلوے

’مس یونیورس پاکستان‘ ایریکا رابن نے عالمی مقابلۂ حسن 2023 کے اسٹیج پر کیٹ واک کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

مس یونیورس 1952 سے ہر سال منعقد ہونے والا بین الاقوامی مقابلۂ حسن ہے، رواں سال کا مس یونیورس مقابلہ ایل سلواڈور میں منعقد کیا گیا ہے جس میں ماڈل ایریکا رابن پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔

مس یونیورس مقابلہ جیتنے کی پاکستانی امیدوار 90 سے زائد ممالک کی شرکا کے ساتھ ٹائیٹل جیتنے کی دوڑ میں شریک ہوئی ہیں اور آج یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ 2023 کی ‘مس یونیورس’ کا تاج کس ملک کی حسینہ کے سر پر سجے گا۔

عالمی مقابلۂ حسن 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ماڈل ایریکا رابن نے ریمپ پر واک کرنے کے لیے ایسے لباس کا انتخاب کیا جس میں پاکستانی ثقافت کے رنگ نظر آئے۔

ایریکا رابن نے ریمپ پر واک کرتے ہوئے پاکستانی ثقافت کو دُنیا بھر کے سامنے اُجاگر کیا اور سامعین کو خوب محظوظ کیا جبکہ اُن کے لباس کو ’پہچان‘ کا نام دیا گیا۔

اس کے علاوہ اُنہوں نے عالمی مقابلۂ حسن کے اسٹیج پر ایک اور کیٹ واک میں سفید موتیوں اور ستاروں سے چمکتا ہوا خوبصورت سلور گاؤن زیب تن کیا، اُن کے اس لباس اور واک کو بھی خوب مقبولیت ملی۔

واضح رہے کہ ایریکا رابن نے تاریخ میں پہلی ’مس یونیورس پاکستان‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ مجھے پہلی مس یونیورس پاکستان ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور میں پاکستان کی خوبصورتی کو نمایاں کرنا چاہتی ہوں۔

ایریکا رابن نے کہا تھا کہ ہماری ایک خوبصورت ثقافت ہے جس کے بارے میں میڈیا بات نہیں کر رہا۔ پاکستانی لوگ بہت فیاض، مہربان اور مہمان نواز ہیں۔

آشیانہ اقبال ریفرنس: شہباز شریف سمیت 10 ملزمان بری

لاہور: احتساب عدالت آشیانہ اقبال ریفرنس میں (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے آشیانہ اقبال کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر 10 ملزمان کو ریفرنس سے بری کردیا۔

شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس 2018 میں دائر کیا گیا تھا جس میں بیورو کریٹس بھی نامزد تھے۔

عدالت نے اس ریفرنس میں جن تمام ملزمان کو بری کیا ان میں شہباز شریف کے علاوہ فواد حسن فواد، احد چیمہ، شاہد شفیق، بلال قدوائی، امتیاز حیدر، اسرار سعید اور عارف بٹ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ عدالت دو مرکزی ملزمان ندیم ضیاء اور کامران کیانی کو پہلے ہی ریفرنس سے بری کرچکی ہے۔

واضح رہےکہ آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے اس میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا، عدالت نے اس ریفرنس میں 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔

لاہور: اقبال ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران 6 ڈاکو ہلاک

لاہورکے علاقے اقبال ٹاؤن میں پولیس مقابلہ ہوا جس کے نیتجے میں چھ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو گھر میں واردات کے لیے داخل ہوئے، تو گھر والوں نے ون فائیو پرکال کردی تھی۔

پولیس کی کارروائی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں چھ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر لگی دفعات میں عمر قید، سزائے موت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں عدالت نے کہا کہ جرم پر ابھارنے ، جرم کی سازش یا معاونت کرنے والے کو مرکزی جرم کرنے ہی کی طرح دیکھا جائے گا ۔

عدالتی فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی پر لگی دفعات میں عمر قید، سزائے موت ہے۔ شاہ محمود قریشی کو اسی تناظر میں دیکھا جائے گا ۔ بلا شبہ ضمانت سزا روکنا نہیں لیکن عمر قید سزائے موت کے ملزمان کو عدالتیں ضمانت دیتے ہوئے احتیاط سے کام لیتی ہیں ۔ اس قسم کے کیسز میں جب تک معقول وجہ موجود نہ ہو ضمانت نہیں دی جا سکتی ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل پہلے ہی شروع ہے، مناسب بیلنس ٹرائل کورٹ جلد ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت سے ہی حاصل ہو سکتا ۔ 248 کا استثنا صرف آفیشل ڈیوٹی کے لیے ہے۔ شاہ محمود قریشی پر جلسے میں تقریر کا الزام ہے ۔ شاہ محمود قریشی پر 27 مارچ کی جو جلسہ تقریر کا الزام ہے، وہ آفیشلی ڈیوٹی میں نہیں آتا ۔

فیصلے کے مطابق عدالت ضمانت مسترد کرکے ہدایت کرتی ہے کہ ٹرائل کو 4 ہفتوں میں مکمل کیا جائے ۔

اسرائیل کی الشفا اسپتال کو ایک گھنٹے میں خالی کرنے کی دھمکی

اسرائیل نے غزہ کے الشفا اسپتال کو ایک گھنٹے میں خالی کرنے کی دھمکی دے دی۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر حملہ آور اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں دھمکی دی گئی ہے کہ الشفا اسپتال میں موجود ڈاکٹرز،مریض ، زخمی اور پناہ گزین ایک گھنٹے میں اسپتال خالی کردیں۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسزنے خان یونس کی رہائشی عمارت پربم برسا دئیے، بچوں سمیت 26 افراد شہید

الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایمبیولینسز کی غیر موجودگی میں ایک گھنٹے میں اسپتال خالی کرنا ممکن نہیں ہے۔اسپتال میں اس وقت بھی 7 ہزار سے زائد افراد موجود ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے کئی روز سے الشفا اسپتال کا محاصرہ کررکھا ہے۔ دو روز قبل اسرائیلی فوجی ٹینکوں سمیت اسپتال میں گھس گئے تھے۔

“ورلڈ کپ بھارت ہی جیتے گا”؛ سلمان خان کا دعویٰ

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار اور “ٹائیگر 3″ کے جاسوس سلمان خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل بھارت ہی جیتے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز “ٹائیگر 3″ کے فلمسازوں نے فلم کی شاندار کامیایی پر ممبئی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نے شرکت کی۔

تقریب میں “ٹائیگر 3″ کے اسٹارز نے فینز کی محبت کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اپنے فینز سے بات چیت بھی کی۔
اس موقع پر سلمان خان نے 19 نومبر کو ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جوکہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سلمان خان نے کہا کہ “بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا ہر میچ جیتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل بھی بھارت ہی جیتے گا”۔

اداکار نے کہا کہ “ورلڈ کپ کے دوران ہی ہم اپنی فلم “ٹائیگر 3″ کے ساتھ آپ کے سامنے آئے، ورلڈ کپ کی وجہ سے فلم نے اچھی کمائی کی، اب فائنل میچ کے بعد آپ سب نے واپس سنیما گھروں میں آنا ہے اور “ٹائیگر 3″ دیکھنی ہے”۔

یاد رہے کہ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “ٹائیگر 3″ رواں ماہ 12 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم عالمی باکس آفس پر 300 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے۔

“ٹائیگر 3″ میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے فائنل میں میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کل مدمقابل ہوں گی۔