امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت ہے، پی ٹی آئی

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور امریکی سفیر ڈونلڈ لو کی ملاقات کے اعلامیے کے مندرجات اس سازش کا تسلسل ہیں جس کے تحت عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا، اس ملاقات کے اعلامیے کے بعد سازش پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے اقتدار کیلئے ہر داخلی و خارجی بیوپاری سے پاکستان کے مفادات کی سودے بازی کی، نوازشریف جب بھی وزارتِ عظمیٰ تک پہنچا قومی مفاد کو ملکی و غیرملکی طاقتوں کے ہاں گِروی رکھ کر پہنچا، الیکشن کمیشن آف پاکستان مذکورہ اعلامیے کے مندرجات کا فوری نوٹس لے اور دفترِ خارجہ کے ذریعے امریکی سفارت خانے اور امریکی انتظامیہ سے معاملے کی وضاحت طلب کرے۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق ملکی سلامتی، آئین، جمہوریت اور انتخابات کی شفافیت کے خلاف کوئی خفیہ سازش یا اعلانیہ اقدام قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی اور اس کے ملکی اہم آہنگی، داخلی سلامتی اور قومی یکجہتی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، تحریک اںصاف آئین کی بالادستی، جمہوریت کے دفاع، انتخابات کی شفافیت اور قوم کی حقیقی آزادی کے ایجنڈے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔

مسلم لیگ ن سادہ اکثریٹ سے حکومت بنائے گی، رانا ثناء اللہ

سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جھوٹے مقدمات ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم لاڈلے ہوگئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلائیں گے، اگلے ہفتے نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں 120 سے 125سیٹوں پرکامیابی حاصل کرے گی، ہمارے پاس ہر حلقے میں ایک سے زائد امیدوار ہے، سادہ اکثریت سے ن لیگ حکومت بنا کر ملک کو 2017،18 کے ٹریک پر لائے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پہلے بھی دو بار ملک کو بحران سے نکالا، مخلص قیادت ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے، ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان جی 20 کا رکن ہوتا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں نواز شریف جلسے خطاب کریں گے، پوری امید ہے عوام نواز شریف پر اعتماد کریں گے، البتہ ہمیں نہیں لگتا جنوبی پنجاب میں ہماری پوزیشن کمزور ہے۔

بلاول سمیت دیگر سیاسی مخالفین کی تنقید پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم تنقید کا برا نہیں مناتے، ہم تنقید کا برا نہیں مناتے مگر تنقید سیاسی انداز میں ہونا چاہیے، بلاول تنقید تو کررہے ہیں حل پیش نہیں کر رہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں گی، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، الیکٹیبلز ہونا کوئی گالی یا برائی نہیں، ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات ختم ہوگئے کیا ہم لاڈلے ہوگئے۔

پی سی بی کا یونس خان اور سعید اجمل کو اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ

 لاہور: پی سی بی نے سابق کپتان یونس خان اور سعید اجمل  کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔

سعید اجمل کا  پاکستان سینئر ٹیم کے ساتھ بطور اسپن بولنگ کوچ تقرر ہوسکتا ہے۔ یونس خان  جونئیر کرکٹ ٹیم اور مختلف ایج گروپس ٹیموں کی ڈویلپمنٹ کے معاملات دیکھیں گے۔ پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کو ان عہدوں کی پیشکش کر رکھی ہے۔

یونس اور سعید اجمل کی جانب سے مشروط رضامندی ملنے کے بعد اب بال پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی کورٹ میں ہے، ان کی منظوری ملتے ہی یونس خان اور سعید اجمل کی تقرری کا باقاعدہ اعلان سامنے آئے گا۔

دونوں کرکٹرز پی سی بی کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ غیرملکی کوچز کی طرح  ان کے پاس بھی مکمل اتھارٹی ہو۔ اچھا معاوضہ اور لانگ ٹرم کنٹریکٹ دیا جائے۔

یونس خان  ماضی میں پاکستان سیینئر ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کرچکےہیں۔ سعید اجمل پاکستان سپرلیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ وابستہ رہےہیں، قومی ٹیم کے ساتھ وہ پہلی بار کام کریں گے۔ پی سی بی کی جانب سے  تقرری کا اعلان جلد متوقع ہے۔

’کوئی سمجھتا ہے کہ کسی کو زبردستی وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو ان کی بھول ہے‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کا کہنا ہے کہ آج کل کے حالات ایسے ہیں کہ سیاست میں مزا نہیں، کوئی سمجھتا ہے کسی کو زبردستی وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے، عوام کو پرانے سیاستدانوں میں اب دلچسپی نہیں رہی، 70 سال والے اب گھر اور مسجد میں بیٹھیں۔

پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی اصولوں کی سیاست کرتی ہے، کوڑے مارے جائیں یا سزائے موت دی جائے، ہم اصول سے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد، مردان اور ہزارہ کے بعد آج پشاور کے ورکرز کنونشن میں موجود ہیں، پیپلز پارٹی کنونشن نوشہرہ میں بھی ہوگا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ جلسہ آپ کی طرف سے تاریخی تھا، کنونشن کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، ورکرز کنونشن میں مجھے بہت مزہ آرہا ہے، اگلا ورکرز کنونشن دیر میں پھر چترال میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اصولوں اور نظریات کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک لیڈر نے بتایا یوٹرن لینا لیڈر کی نشانی ہے، یوٹرن لینا تو بزدلی کی نشانی ہے۔

چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کرنا ہوگا، پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے، میرا مخالف غربت مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو کبھی بھی لیول پلیئنگ فلیڈ نہیں ملی مگر پھر بھی وہ انتخابات جیتی۔

انہوں نے سنہ 1988 اور 2008 کے عام انتخـابات کا خاص طور پر حوالہ دیا ۔

یاد رہے سنہ 1988 میں بلاول بھٹو کی والدہ بے نظیر بھٹو 35 برس کی عمر میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔

بے نظیر بھٹو کے خلاف نواز شریف کی جماعت سمیت متعدد سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک انتخابی اتحاد ”آئی جے آئی“ تشکیل دیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سنہ 2024 کے الیکشن میں کسی بھی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے اور وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سنہ 2008 کے عام انتخابات سے چند دن قبل ان کی والدہ کو قتل کر دیا گیا مگر پھر بھی ان کی جماعت انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی اور پاکستان کے عوام کا اعتماد لے کر اقتدار میں آئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب ایک بار پھر ’جنگ کا میدان سجنے والا ہے، الیکشن کا میدان سجنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور 70 فیصد نوجوان پرانے سیاستدانوں سے تنگ آ چکے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر آج بھی کوئی وزیراعظم بننا چاہتا ہے تو ہم مقابلہ کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم تیر کے نشان پر جیتیں گے اور اقتدار میں آکر اس ملک کی خدمت کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے حالات ایسے ہیں کہ سیاست میں مزا نہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ کسی کو زبردستی وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو ان کی بھول ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ70 سال والے اب گھر اور مسجد میں بیٹھیں، اب نوجوان نسل کو راستہ بنانا چاہیے۔ 70 سال کے سیاستدان نوجوانوں کے راستے ہموار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم پاکستان ایک ماڈل ملک بنائیں گے، آپس کے اختلافات کو چند ماہ کے لیے بھول جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نےساتھ دیا تو کسی سے اتحاد کی ضرورت نہیں ہوگی۔

آسٹریلیا میں مکڑیوں کی 48 نئی اقسام دریافت

آسٹریلیا میں سائنسدانوں نے مکڑیوں کی 48 نئی اقسام کا پتہ لگایا ہے، یہ مکڑیاں بہت تیزی سے حرکت کرتی ہیں اور صرف رات میں متحرک ہوتی ہیں۔ مکڑی کی یہ مختلف انواع و اقسام زمین پر ہی اپنا شکار کرتی ہیں۔

آسٹریلیا کے کوئنزلینڈ میوزیم میں کی جانے والی اس تحقیق کے مطابق مکڑی کی یہ اقسام حشرات ارض کے میچر جیڈی خاندان کا حصہ ہیں اور یہ مختلف ماحول خشک، ریگستان اور آسٹریلیا کے یوکلائپٹ جنگلات (آسٹریلیا اور دنیا کے مختلف علاقوں میں پایا جانےوالا ایسا جنگلی درخت جو تیزی سے بڑھتا ہے اور ہمیشہ سرسبز و شاداب رہتا ہے) سے لے کر ساحلی علاقوں کے خودرو پودے انکا پسندیدہ ماحول ہے۔

عشروں پر مبنی اس تحقیق کی قیادت ماہر آثار قدیمہ رابرٹ راوین نے کی، انکا کہنا تھا کہ مکڑیوں کی اس نئی قسم کی دریافت حیرت انگیز نہیں لیکن جو تعداد دریافت ہوئی ہے وہ ضرور حیران کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکڑی کی ان اقسام کی جسمانی لمبائی 10 ملی میٹرز تک ہے۔ جو کچھ اس تحقیق میں بتایا گیا ہے میں جانتا ہوں وہ کافی ہیں لیکن انکی تعداد میرے اندازے بہت زیادہ ہیں۔

سیریز ‘صلاح الدین ایوبی’ میں شامل پاکستانی اداکاروں کے نام سامنے آگئے

ترکیہ اور پاکستان کے اشتراک سے بننے والی تاریخی ڈرامہ سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے اگلے سیزن میں پاکستانی اداکار بھی شامل ہوں گے جن کے نام سامنے آگئے ہیں۔

گزشتہ روز کراچی میں اسلامی فتوحات پر مبنی سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کا پریمئیر ہوا تھا جس میں ڈرامے کی پہلی قسط دکھائی گئی تھی، اس موقع پر پاکستانی فلمز پروڈکشن کے جنید علی شاہ نے کہا کہ اس تاریخی سیریز کے دوسرے سیزن میں پاکستانی اداکاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے لیے شاٹ لِسٹ ہونے والی پاکستانی اداکارہ عائشہ عُمر نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “سیریز کا آغاز تُرک اداکاروں سے ہی کرنی تھی کیونکہ ہمیں ابھی تُرک زبان سیکھنی ہے جس میں تھوڑا وقت لگے گا”۔

دوسری جانب عدنان صدیقی نے تصدیق کی کہ “سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے پہلے سیزن میں کوئی پاکستانی اداکار شامل نہیں ہے لیکن سیریز کے دوسرے سیزن میں پاکستانی اداکار شامل ہوں گے جن میں وہ خود (عدنان صدیقی)، عائشہ عُمر، ہمایوں سعید، فواد خان اور حمزہ علی عباسی ہوسکتے ہیں”۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ “شہرہ آفاق تُرک سیریز ‘ارطغرل غازی’ کی طرح سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کو بھی عالمی سطح پر نشر کیا جائے گا”۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ “سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ مصر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، روس، پاکستان سمیت بھارت میں نشر ہوگی”۔

واضح رہے کہ نئی ویب سیریز اسلامی تاریخ کے مشہور حکمران اور فوجی کمانڈر سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے بیت المقدس کو فتح کیا تھا۔

سیریز میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ترکیہ اداکار اوور گونیش ادا کررہے ہیں جبکہ اس سیریز کی تین گھنٹے پر مشتمل پہلی قسط 13 نومبر کو ترکیہ ٹی وی ’ٹی آر ٹی‘ پر نشر کی گئی تھی۔

تاریخی ویب سیریز کے لیے ایک بڑا سیٹ لگایا گیا ہے جس میں دمشق کے قدیم شہر کا مکمل منظر بنایا گیا جو کہ 200 ایکڑ پر محیط ہے۔

امریکی سفیر کی یوسف گیلانی سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف سیاست دانوں سے ملاقاتیں

ملتان: پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملتان میں سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں آزادانہ، منصفانہ انتخابات کی اہمیت، پاکستان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ اے بلوم نے ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی میزبانی میں منعقدہ ایک اجتماع میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے سفیر سے ملاقات کی۔

سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ، سینیٹر رانا محمود الحسن، ایاز خان نیازی، سابق ایم این اے مینا لغاری ، خالد خان خاکوانی، سابق ایم این اے نتاشا دولتانہ ، شہناز سلیم، سابق ایم پی اےاحمد مجتبیٰ گیلانی ، سابق ایم این اے عبدالقادر گیلانی اور سابق صوبائی وزیر پنجاب علی حیدر گیلانی نے وفد کا استقبال کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے الیکشن 2024 میں جنوبی پنجاب کے سیاسی منظر نامے سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔

سائفر جلسے میں افشا کیا، عمران، شاہ محمود کو آئینی تحفظ نہیں الزام کے تحت سزا موت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے معاملے میں شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ جرم پراکسانے، جرم کی سازش یا معاونت کرنے والے کو مرکزی جرم کرنے کی طرح ہی دیکھا جائے گا۔

10 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیازی اور شاہ محمود قریشی پر آفیشل سیکریٹس ایکٹ کا سیکشن 9 لگایا گیا ہے جس میں سزا موت یا عمر قید بنتی ہے۔

فیصلے میں ٓیہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان نے آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ مانگا جس کے تحت سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران ہونے والے اقدامات پر صدر، گورنر اور وزرا کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی۔

تاہم عدالت نے واضح کیا کہ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے سائفر کے حوالے سے انکشاف گذشتہ برس 27 مارچ کو جلسے میں کیے (فیصلے میں سال 2023 درج ہے تاہم بظاہر حوالہ 27 مارچ 2022 کے جلسے کا ہے) جبکہ شاہ محمود قریشی نے ان کی معاونت کی۔ عدالت نے لکھا کہ یہ فعل سرکاری فرائض کی انجام دہی کے زمرے میں نہیں آتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان پر لگی دفعات میں سزا عمر قید اور سزائے موت ہے جب کہ شاہ محمود قریشی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جائے گا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بلا شبہ ضمانت سزا روکنا نہیں، عمر قید اور سزائے موت کے ملزمان کو عدالتیں ضمانت دینے میں احتیاط سے کام لیتی ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ اس قسم کے کیسز میں جب تک معقول وجہ موجود نہ ہو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت ضمانت مسترد کرکے ہدایت کرتی ہے کہ ٹرائل 4 ہفتے میں مکمل کیا جائے۔

’’شامی کے گندے دماغ، لالچ کی وجہ سے ہمیں یہ دن دیکھنا پڑرہا ہے‘‘ اہلیہ کے الزامات

آئی سی سی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دیکھانے کے باوجود بھارتی میڈیا فاسٹ بولر محمد شامی کی نجی زندگی اور انکی اہلیہ کے نامناسب الزامات انٹرویو نشر کرنے لگا۔

بھارت کے مقامی میڈیا چینل نے آئی سی سی ورلڈکپ میں محمد شامی کی شاندار پرفارمنس پر انکی اہلیہ کا انٹرویو لیا، حسین جہاں نے ٹیم انڈیا کو شاندار کارکردگی پر سراہا تاہم ساتھ ہی فاسٹ بولر پر طنز بھی کَس دیا۔

بھارتی کرکٹر کی اہلیہ حسین جہاں نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ کبھی کبھی ذہن میں یہ خیالات آتے ہیں کہ شامی جتنے اچھے کرکٹر ہیں اگر اتنے ہی اچھے وہ انسان ہوتے تو میں، میری بیٹی انکے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ شامی کے لالچ اور گندے دماغ کی وجہ سے ہم تینوں کو ایسا وقت دیکھنا پڑرہا ہے، وہ پیسوں سے خود کو خوش رکھنے کی کوشش کررہا ہے لیکن میں ایسی نہیں ہوں۔

حسین جہاں کا مزید کہنا تھا کہ وہ واقعی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ وہ زندگی میں بہت اچھا ہو، ذاتی زندگی میں انہوں نے بہت برا کیا۔

قبل ازیں ورلڈکپ کے دوران ایک انٹرویو میں حسین جہاں نے ٹیم انڈیا کو شاندار کارکردگی دیکھانے پر مبارکباد دی تاہم فاسٹ بولر کی کارکردگی پر بات کرنے سے گریز کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ میں ٹیم انڈیا کو اپنی نیک خواہشات ضرور بھیجوں گی لیکن شامی کو نہیں!۔

حال ہی میں بھارتی اداکارہ پائل گھوش نے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کو شادی کی مشروط پیشکش بھی کی تھی۔

آصف زرداری کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

کراچی: سابق صدر آصف زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے شاہ چارلس کے یوم پیدائش کے حوالے سے اظہار مسرت کا پیغام دیا۔

آصف زرداری نے ڈیوڈ کیمرون کے وزیرخارجہ بننے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے برطانیہ کو مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ دونوں شخصیات کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
اہم ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

پیپلز پارٹی کے پی میں اختلافات، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مستعفی

پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا میں اختلافات کے سبب مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نے استعفا دے دیا۔

عاصمہ عالمگیر کا اپنے عہدے سے استعفے دینے کے حوالے سے کہنا ہے کہ پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدے داروں کے اختلاف کی وجہ سے مستعفی ہو رہی ہو ں۔چند عناصر کی وجہ سے خیبر پختو نخوا میں پارٹی کمزور ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی طرح ہر وقت پارٹی کے لیے قربا نیاں دی ہیں۔ پارٹی میں میر ا عہدہ کچھ مرکزی اور صوبائی عہدے داروں کو برداشت نہیں۔ عاصمہ عالمگیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں مجھے بے نظیر بھٹو لائی تھیں، پارٹی عہدہ چھوڑا ہے پارٹی نہیں۔
عاصمہ عالمگیر نے کہا کہ بلاول کیسے ان معاملات کونظراندازکرسکتے ہیں؟۔ وہ اپنے نانااورماں کی پارٹی کوخراب ہوتا کیسے دیکھ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کوچھوڑنے یا کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کافیصلہ جلدمشاورت سے کریں گے۔

واضح رہے کہ عاصمہ عالمگیر نے ایسے موقع پر پارٹی عہدے سے استعفا دیا ہے جب پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو خیبر پختونخوا کے دورے پر ہیں۔

ورلڈکپ فائنل؛ اختتامی تقریب میں کون کون پرفارم کرے گا؟ نام سامنے آگئے

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل سے قبل اختتامی تقریب کیلئے پرفارمرز کی فہرست کا اعلان کردیا۔

اتوار کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سے قبل میگا ایونٹ کے آفیشل براڈ کاسٹر نے ایک ٹویٹ میں پہلے اشارہ کیا تھا کہ بالی ووڈ اداکارہ دعا لیپا اختتامی تقریب میں پرفارم کرسکتی ہیں تاہم بھارتی بورڈ نے انکا نام ہٹادیا ہے۔

 

 

ورلڈکپ کی اختتامی تقریب کو 4 مختلف کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی تقریب میں بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم ایئرشو کا انعقاد کرے گی بعدازاں ٹاس ہوگا۔

 

 

پہلی اننگز کے وقفے میں کوک اسٹوڈیو انڈیا کے وائرل گانے کی آدتیہ گدھوی کی پرفارمنس ہوگی۔ اننگز کے وقفے میں ایک طویل پروگرام ہوگا جس میں موسیقار پریتم چکرورتی، گلوکار جونیتا گاندھی، نقاش عزیز، امیت مشرا، آکاسا سنگھ اور تشار جوشی پرفارم کریں گے جبکہ دوسری اننگز کے وقفے میں اسٹیڈیم میں لیزر اور لائٹ شو منعقد کیا جائے گا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانی یا انکے نائب فائنل دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم آئیں۔

دوسری جانب ورلڈکپ فائنل 2023 سے ایک روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تمام ٹیموں کے سابق کپتانوں کو مدعو کیا ہے تاہم 1992 میں پاکستانی ٹیم کے کپتان عمران خان نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے شرکت سے انکار کردیا ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جہانگیر ترین سے ملاقات، انتخابات پر بات چیت

لاہور: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔

امریکی سفیر اور جہانگیر ترین نے ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور اکنامک ریفارمز کے حوالے سے بات چیت کی۔ امریکی سفیر اور آئی پی پی کی قیادت کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔
جہانگیر ترین نے انسانی حقوق کے حوالے سے اپنا مؤقف امریکی سفیر کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی قیادت بھر پور انداز سے اپنی انتخابی اور سیاسی سرگرمیاں شروع کرچکی ہے، آئی پی پی عام انتخابات کے لیے تیار ہے۔

امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے اپنے بھر پور عزم کا اظہار کیا۔