آئی سی سی ورلڈکپ 2023: بھارت اور آسٹریلیا فائنل میں آج ٹکرائیں گے

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل ٹاکرا آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

آسٹریلیا ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے مضبوط ٹیم ہے، جو آٹھویں مرتبہ ورلڈکپ کا فائنل کھیل رہی ہے، پانچ مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا اور تین مرتبہ ٹورنامنٹ میں رنر اپ رہی، بھارت دو مرتبہ عالمی چیمپیئن رہ چکی ہے۔

بھارت میں جاری ورلڈکپ میں پانچ بار کے چیمپیئن آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا، ابتدائی دو میچز میں آسٹریلیا کو میزبان بھارت اور پھر جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی۔

پاکستان کیخلاف تیسرا میچ ہوا تو آسٹریلیا ردھم میں آگیا، یہاں سے آسٹریلوی ٹیم کا جیت کا سفر شروع ہوا، تو پھر نہ تھما، آٹھ مسلسل کامیابیاں حاصل کرکے آسٹریلیا فائنل میں پہنچ گیا۔ آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کو زیر کرکے آٹھویں بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے

آسٹریلیا نے 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں میگا ایونٹ جیت کر کرکٹ پر حکمرانی کا قائم کی ہے، جبکہ 2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو دھول چٹا کر عالمی کپ کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا۔

واضح ہے کہ آج احمد آباد میں ہونے والے فائنل میں ایک بار پھر میزبان بھارت اور آسٹریلیا مدمقابل ہونگے، اس بار فاتح کون رہے گا۔ اس کا فیصلہ میدان میں ہوگا۔

قابل برداشت نہیں افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف کارروائیاں کی جائیں، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قابل برداشت نہیں کہ افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف کارروائیاں کی جائیں اور افغان طالبان تماشا دیکھتے رہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ افغان طالبان اچھی طرح جانتے ہیں کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لوگ پاکستان کے خلاف کہاں سے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی وسطی ایشیائی ریاستوں میں نہیں بلکہ افغان سرزمین پر موجود ہے، دو سال قبل جو مذاکرات کا ڈھونگ رچایا گیا تھا، تو ٹی ٹی پی کے لوگ کابل میں عملی طور پر ان مذاکرات میں شریک تھے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اب یہ فیصلہ افغان طالبان کو کرنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے لوگوں کو ہمارے حوالے کرنا ہے یا ان کے خلاف خود کارروائی کرنی ہے، یہ بات قابل برداشت نہیں کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کی جائیں اور افغان طالبان تماشا دیکھتے رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء نے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات میں ٹی ٹی پی سے متعلق موجودہ حکومتی پالیسی کی حمایت کی ہے۔

جماعت اسلامی کا ’سب سے بڑا غزہ مارچ‘ آج ہوگا

لاہور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فلسطین کے حق میں آج ’غزہ مارچ‘ ہوگا، جو پنجاب یونیورسٹی کیمپس پُل سے شروع ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا۔

غزہ مارچ میں کارکن بڑی تعداد میں شریک ہوں گے، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور دیگر رہنما شرکاء سے خطاب کریں گے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ تاریخ کا سب سے بڑا مارچ آج غزہ مارچ کے نام سے ہوگا، ہر طبقے کے لوگ غزہ کے عوام کا دکھ محسوس کرتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارچ سے دشمن کو پیغام ملے گا کہ فلسطینی اکیلے نہیں ہیں اور پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقین تھا اسرائیل اوآئی سی اجلاس کے بعد ظالمانہ کارروائیاں بند کرے گا مگر او آئی سی اجلاس کے بعد اسرائیل کی کارروائیوں میں شدت آئی ہے۔

بھارت آج بھی خواتین کے ساتھ جنسی درندگی میں سر فہرست، این سی آربی رپورٹ

این سی آربی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت آج بھی خواتین کے ساتھ جنسی درندگی میں سر فہرست ہے، جب کہ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مودی سرکار ملک میں ہونے والی خواتین کے ساتھ زیادتی کو نظرانداز کر رہی ہے۔

نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت میں جہاں اقلتیوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے سنگین واقعات سامنے آتے رہے ہیں وہیں بھارت خواتین کے ساتھ جنسی درندگی کے واقعات میں بھی سر فہرست ہے۔

بھارت میں جنسی جرائم سے متعلق این سی آربی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی خواتین ہمیشہ سے ہی جنسی زیادتی اور تشدد کا شکار رہی ہیں، صرف 2020 میں بھارت میں 3 لاکھ 71 ہزار 503 مقدمات رپورٹ کیے گئے، 2021 میں عصمت دری کے 4 لاکھ 28 ہزار 278 سے زائد مقدمات رپورٹ ہوئے، اور اس سال (2021) میں ہریانہ میں خواتین سے زیادتی میں 27 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ 2023 میں خواتین کے خلاف جنسی جرائم میں سنگین حد تک اضافہ ہوا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں نومبر 2023 کے دوران جنسی زیادتی کے381 مقدمات درج ہوئے جب کہ اس شہر میں خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے 222 مقدمات رجسٹر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق کیرالہ میں 5 سال کی بچی کو ریپ کے بعد قتل کر کے کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیا گیا، راجستھان میں ایک پولیس سب انسپکٹر نے 4 سال کی بچی کو درندگی کا نشانہ بنایا، اور اس واقعہ کے بعد وسیع پیمانے پر بی جے پی لیڈر کے خلاف مظاہرے اور احتجاج کیا گیا ہے۔

امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مودی سرکار خواتین کے بچاؤ میں ناکام رہی ہے، اور ملک میں ہونے والی خواتین کے ساتھ زیادتی کو نظرانداز کر رہی ہے، جب کہ بجرنگ دل جیسی بی جے پی کی انتہا پسند تنظیمیں خواتین کے خلاف جرائم میں پیش پیش ہیں۔

انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور خواتین کے غیر محفوظ ہونے میں ہندوستان آج بھی سر فہرست ہے، آخر کب تک دنیا مودی سرکار کے دوغلے پن سے بے وقوف بنتی رہے گی، یہ عالمی برادری کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

چاند پر پہنچنے والا بھارت سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نہ بچاسکا

اتراکھنڈ میں 40 مزدورسرنگ کی کھدائی کے دوران ملبے تلے پھنس گئے تھے، تاہم 6 سے زائد گزر جانے کے باوجود تاحال امدادی کارروائی ہی شروع نہیں کی گئی، جب کہ مزدوروں کی امداد کے لیے جو مشینری بھیجی گئی تھی وہ بھی ناقص اور خراب نکلی۔

انسانی حقوق کی پامالیوں میں سب سے آگے اور چاند پر پہنچنے والا بھارت چھ دنوں سے سرنگ میں پھنسے چالیس مزدورں کی جان نہ بچا سکا، اور مودی حکومت کی بے حسی کھل کر دنیا کے سامنے آ گئی ہے۔

مودی کے ہندوستان میں انسانی جان سستی ہے، 11 نومبرکو اتراکھنڈ میں 40 مزدورسرنگ کی کھدائی کے دوران ملبے تلے پھنس گئے تھے، سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی امداد کے لیے جومشینری بھیجی گئی وہ بھی ناقص اورخراب تھے، جس کے باعث ریسکیو کاروائیاں مزید تاخیر کا شکار ہوگئیں، انتظامیہ نے ریسکیو میں ناکامی کے بعد تھائی اور نارویجین کمپنیوں سے مدد طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب عالمی میڈیا نے بھی مودی سرکار اور انتظامیہ کی کارکردگی اور بے حسی کو اپنی رپورٹس میں واضح کیا ہے۔ رائیٹرز نے خبر دی کہ سرنگ کی کھدائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 40 مزدور ملبے کے نیچے دب گئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 6 دن سے بھی زیادہ گزر گئے لیکن ابھی تک امدادی کاروائیاں کامیاب نہ ہوسکیں، اور سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی صورتحال نہایت سنگین ہوگئی۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق سرنگ میں پھنسے 40 مزدور ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہیں۔ دی وائر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکاراورہندوستانی میڈیا غریب مزدوروں کی حالت زار پر خاموش ہے۔ اور اشوک سوئین کا کہنا ہے کہ 40 مزدوروں کو سرنگ میں پھنسے 6 دن گزر گئے لیکن ہندوستان خاموش ہے۔

دووسری جانب سرنگ کے باہر مزدوروں اور مقامی لوگوں نے وسیع پیمانے پر مودی سرکار کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ جان بوجھ کر ریسکیو کاروائیوں میں سستی دکھا رہی ہے۔

واضح رہے کہ سلکیارا اوردند لگاؤں کو جوڑنے کے لیے 4.5 کلومیٹر کی سرنگ بنائی جا رہی تھی، اور ماہرین نے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے بارے میں مودی سرکار کو پہلے ہی خبردار کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق بھارت میں تعمیرات کے بڑے منصوبوں کے دوران حادثات عام ہیں، جنوری 2023 کو اتراکھنڈ میں سیلاب میں 200 سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

عرب نیوز کے مطابق ماہرین نے بھارت میں سیلاب اور حادثے کی وجہ غیر ضروری تعمیرات بتائی ہیں، جولائی 2023 کومہاراشٹرا میں 27 افراد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہوگئے۔

الیکشن کمیشن پراعتماد ہے، انتخابات شفاف ہوں گے، آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو پیپلزپارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے انتخابات شفاف ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے، اور پیپلز پارٹی اس کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہیے، ملک کا ماحول اس وقت انتخابات کیلئے سازگار ہے، مجھے الیکشن کمیشن پراعتماد ہے وہ شفاف الیکشن کرائے گا۔

سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہر ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، 8 فروری کو پیپلزپارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔

ٹی ٹی پی کے ہاتھوں پاکستان کیخلاف استعمال ہونیوالے امریکی اسلحے سے متعلق امریکا کے بڑے انکشافات

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف استعمال ہونیوالے امریکی اسلحے سے متعلق امریکی ہاؤس کمیٹی برائے خارجہ امور نے بڑے انکشافات کیے ہیں۔

امریکی ہاؤس کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین مائیکل میکول نے کہا کہ امارت اسلامیہ ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف مسلح کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔

مائیکل میکول کے بیان کے رد عمل میں امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی بیان کی تردید کرتے ہوئے اُسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔

مائیکل میکول کے مطابق ٹی ٹی پی کو ہتھیاروں کی فراہمی نے خطے کی سلامتی کو خاطر خواہ نقصان پہنچایا ہے۔

پینٹاگون کی رپورٹ نے بھی ٹی ٹی پی کا پاکستان کے خلاف امریکی ہتھیار استعمال کرنے کا راز فاش کیا تھا۔

پینٹاگون نے کہا کہ 30 اگست 2021 میں امریکی انخلاء کے بعد 7.12 ارب ڈالر کا دفاعی سامان افغانستان میں رہ گیا تھا، امریکا نے افغان فوج کو کل 427,300 جنگی ہتھیار فراہم کیے، جس میں سے 300,000 انخلا کے وقت باقی رہ گئے۔

پینٹاگون کے مطابق امریکی انخلاء کے بعد یہ ہتھیار امارت اسلامیہ کی نگرانی میں آگئے اور بعد ازاں پاکستان مخالف گروہوں کے ہاتھوں تک پہنچ گئے، امریکی ہتھیاروں نے ٹی ٹی پی اور بلوچ علیحدگی پسند گروہوں کوعسکری طور پر مضبوط کیا۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ اس بنا پر خطے میں گزشتہ دو سالوں کے دوران دہشت گردی میں وسیع پیمانے پر اضافہ دیکھا گیا، امریکا نے 2005 سے اگست 2021 کے درمیان افغان قومی دفاعی اور سیکیورٹی فورسز کو 18.6 ارب ڈالر کا سامان فراہم کیا۔

مزید کہا کہ امارت اسلامیہ کی کھلی چھوٹ کی وجہ سے ٹی ٹی پی کو جدید اسلحہ میسر آیا، جس میں M24 اسنائپر رائفل، M4 کاربائنز اور M16 A4 جیسے جدید اسلحے شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امارت اسلامیہ کے سابق کمانڈروں نے رضامندی سے ان ہتھیاروں کی کافی مقدار ٹی ٹی پی کے حوالے کیا ہے، ان ہتھیاروں نے ٹی ٹی پی کو سرحد پار کارروائی کرنے میں مدد دی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ اگست 2022 میں ٹی ٹی پی کی جانب سے نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں یہ ہتھیار دیکھے جاسکتے ہیں،ان میں M24 اسنائپر رائفلز، تھرمل اسکوپس سے لیس M16A4 رائفلز بھی شامل ہیں، جبکہ Trijicon ACOG اسکوپس پر مشتمل M4 کاربائنز، DShKM ہیوی مشین گنز اور T-15mm ہیوی 5 ایم ایم لانچر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ان ہتھیاروں کے ذریعہ ٹی ٹی پی نے پشاور، لکی مروت، بنوں، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردانہ کارروائیاں کیں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جبکہ 2022 میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طور پر 118 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔

رواں سال کے 2023 کے پہلے چار ماہ میں پولیس کے 120 اہلکار ٹی ٹی پی کا نشانہ بنے، بلوچ لبریشن آرمی نے بھی انہی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فروری 2022 میں نوشکی اور پنجگور اضلاع میں ایف سی کیمپوں پر حملے کیا۔

ذرائع کے مطابق 12 جولائی 2023 کو ژوپ گیریژن پر ہونے والے حملے میں بھی ٹی ٹی پی کی جانب سے امریکی اسلحے کا استعمال کیا گیا، 16 مئی 2023 کو ٹی ٹی پی نے چند تصاویر شیئر کی، جن میں ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو ٹریننگ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

تصاویر میں یہ جنگجو جدید دفاعی اسلحے سے لیس نظر آتے ہیں، جس میں تھرمل ویژن والا ہیلمٹ، رائفلیں اور لیزر سائٹس شامل تھیں، یہ تمام حقائق واضح کرتے ہیں کہ امارت اسلامیہ نہ صرف ٹی ٹی پی کو مسلح کر رہی ہے بلکہ دیگر دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ راستہ بھی فراہم کر رہی ہے۔

مقابلہ حسن کے نتائج کا اعلان، پاکستان کی ایریکا روبن کا کیا بنا

مِس نکاراگوا نے مِس ​​یونیورس 2023 کا مقابلہ جیت لیا ہے۔

جمہوریہ نکاراگوا کی شینس پالاسیوس کا اعلان مس یونیورس 2023 کے ٹائٹل کے فاتح کے طور پر کیا گیا ہے۔

مقابلے میں آسٹریلیا کی مورایا ولسن سیکنڈ رنر اپ اور تھائی لینڈ کی اینٹونیا پورسلڈ فرسٹ رنر اپ رہیں۔

اس مقابلے میں 84 امیدواروں نے حصہ لیا ہے، جبکہ 2022 کی فاتح امریکی ر بونی گیبریل تھیں۔

غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئےعرب، مسلم ممالک کے سربراہان چین کا دورہ کرینگے، سعودی عرب

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئےعرب، مسلم ممالک کے سربراہان چین کا دورہ کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مذکورہ دورہ رواں ماہ ریاض میں ہونے والی مشترکہ عرب اور اسلامی سربراہی کانفرنس میں طے پانے والے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کی جانب پہلا قدم ہو گا۔

شہزادہ فیصل نے کہا کہ پہلا پڑاؤ چین میں ہوگا، پھر ہم ایک واضح پیغام دینے کے لیے دوسرے دارالحکومتوں میں جائیں گے کہ فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے اور مدد کی جائے۔

سعودی وزیر خارجہ نے واضح کہا کہ ہمیں اس بحران اور غزہ پر جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے کام کرنا ہے۔

دوسری جانب فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر جوبائیڈن سے فوری جنگ بندی اور غزہ میں امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر محمود عباس نے اپنے بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی کارروائی کو روکنے کے لیے مداخلت کریں۔

لاہور میں تیز رفتار ویگن کی ڈمپر کو ٹکر، ڈرائیور سمیت تین افراد جاں بحق

سگیاں روڈ پر تیز رفتار ویگن ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ویگن ڈرائیور سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

لاہور میں سگیاں روڈ پر تیز رفتار ویگن بے قابو ہوکر ڈمپر سے ٹکرا گئی، حادثے میں ویگن ڈرائیور سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی اولاہور نے ایس پی ٹریفک کو فوری موقع پر پہنچنے کا حکم دیا، جس پر ایس پی ٹریفک جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

پانی میں تین منٹ کے دوران 38 جادوئی کرتب دِکھانے والی امریکی لڑکی

سان فرانسسكو: ایک امریکی لڑکی نے تین منٹ تک زیرِ آب رہ کر 38 جادوئی کرتب دِکھا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔

13 سالہ ایوری ایمرسن فشر نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں قائم ایکوئریم آف دی بے کے ٹنل ٹینک میں جا کر یہ ریکارڈ بنایا۔

ایوری ایمرسن نے غوطہ لگا کر تین منٹ میں جادو کے 38 کرتب دِکھاتے ہوئے 2020 میں برطانوی جادوگر مارٹِن ریس کا ریکارڈ توڑا۔ برطانوی جادوگر نے تین منٹ میں 20 کرتب دِکھا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ایوری ایمرسن کے پاس 12 اسکوبا ڈائیونگ کی اسناد موجود ہیں اور وہ 30 سے زیادہ بار سمندر میں غوطہ خوری کر چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ ان کا ریکارڈ لوگوں میں سمندروں کی حفاظت کے لیے آگہی پھیلائے گا۔

اتر پردیش میں ’’حلال‘‘ ٹیگ والی کھانے پینے کی مصنوعات پر پابندی لگادی

نریندر مودی نواز اترپردیش کی حکومت نے ’’حلال‘‘ ٹیگ والی کھانے کی مصنوعات پر پابندی لگا دی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فوڈ کمشنر کے دفتر نے ایک حکم نامے میں کہا کہ ’’مصنوعات کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔‘‘

حکم میں کہا گیا کہ کھانے کی مصنوعات کی حلال سرٹی فکیشن ایک متوازی نظام ہے جو کھانے کی اشیا کے معیار کے حوالے سے الجھن پیدا کرتا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق “کھانے کی اشیا کے معیار کا فیصلہ کرنے کا حق صرف مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 29 میں دیے گئے حکام اور اداروں کے پاس ہے، جو ایکٹ کی دفعات کے مطابق متعلقہ معیارات کی جانچ کرتے ہیں۔”

ریاستی حکام نے اپنے اقدام کے دفاع کے حق میں کہا کہ یہ اقدام ایک کمپنی اور چند دیگر تنظیموں کے خلاف مبینہ طور پر “جعلی” حلال سرٹیفکیٹ فراہم کرکے فروخت کو بڑھانے کے لیے “لوگوں کے مذہبی جذبات کا استحصال” کرنے کے الزام میں پولیس مقدمہ درج کیے جانے کے بعد کیا۔

یہ مقدمہ حلال انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ چنئی، جمعیت علمائے ہند حلال ٹرسٹ دہلی، حلال کونسل آف انڈیا ممبئی، جمعیۃ علماء مہاراشٹرا اور دیگر جیسے اداروں کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں مبینہ طور پر مذہبی جذبات کا استحصال کرنے کے لیے حلال سرٹیفکیٹ فراہم کر کے فروخت کو بڑھاوا دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں نے مبینہ طور پر مالی فائدے کے لیے مختلف کمپنیوں کو جعلی حلال سرٹیفکیٹ جاری کیے۔

دوسری جانب جمعیت علما ہند حلال ٹرسٹ نے ایک بیان میں ان الزامات کو “بے بنیاد” قرار دیا اور کہا کہ وہ “اس طرح کی غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری قانونی اقدامات کرے گی”۔

فوڈ کمشنر کے دفتر نے کہا کہ حلال سرٹیفیکیشن کا ذکر کچھ کھانے کی مصنوعات جیسے ڈیری مصنوعات، چینی بیکری کی مصنوعات، پیپرمنٹ آئل، نمکین کھانے کے لیے تیار ذائقے اور خوردنی تیل وغیرہ کے لیبل پر ہوتا ہے۔

عمران خان سے جیل میں امریکی حکام کی ملاقات کا دعویٰ جھوٹ کا پلندہ ہے، ترجمان پنجاب حکومت

 لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے اڈیالہ جیل میں سینئر امریکی عہدیداروں کی عمران خان سے ملاقات کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چار روز قبل چوہدری پرویز الہیٰ نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے امریکی عہدیداران، یورپین یونین کے نمائندوں اور آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی ہے۔

پرویز الہیٰ کے دعوے کے بعد جیل سپرنٹنڈںٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے اس کی تردید کی تھی اور بتایا تھا کہ عمران خان سے کسی بھی غیر ملکی نے ملاقات نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی سے صرف اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا تھا کہ پرویز الہیٰ اور عمران خان دونوں ایک جیل میں تو ہیں مگر ان کے سیل کے درمیان پانچ سو میٹر کا فاصلہ ہے اور دونوں کی اب تک کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

اب پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے پرویز الہیٰ کے بیان ’حال ہی میں سینئر امریکی حکام کی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات‘ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں کسی امریکی عہدیدار نے عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں کسی بھی قیدی سے ملاقات کے لیے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اجازت درکار ہوتی ہے، لیکن نہ تو کسی غیر ملکی ڈپلومیٹ کی جانب سے عمران سے ملاقات کی درخواست آئی اور نہ ہی ایسی کوئی ملاقات ہوئی۔

عامر میر نے مشورہ دیا کہ پرویزالٰہی کو جھوٹی کہانیاں گھڑنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔