بابر اب بیٹنگ پر مکمل توجہ دیں

ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ملکی شائقین کو سخت مایوس کیا، سب کو امید تھی کہ اس بار کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی لے کر واپس آئیں گے لیکن تمام امیدوں پر پانی پھر گیا۔

اگر مقابلے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ یا کسی اور ایسے ملک میں ہوتے تو کہا جا سکتا تھا کہ کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا موقع نہ مل سکا لیکن ورلڈکپ تو پڑوسی ملک بھارت میں ہوا، وہاں کی کنڈیشنز قطعی مشکل نہ تھیں، کم از کم سیمی فائنل تک تو پہنچنا ہی چاہیے تھا لیکن ابتدا میں 2 میچز جیتنے کے بعد نجانے ٹیم کو کیا ہو گیا کہ وہ کھیلنا ہی بھول گئی،افغانستان تک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بعد میں جب دوبارہ فتوحات ملنا شروع ہوئیں تو بہت دیر ہو چکی تھی۔

ورلڈکپ جہاں بھی ہو ٹیم اگر اچھا کھیل پیش نہ کرے تو افسوس لازمی ہوتا ہے لیکن اس بار چونکہ بھارت میں میچز ہوئے اس لیے شائقین کو ہارنے کا دکھ بھی زیادہ ہے، اب ملکی کرکٹ میں کئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، سب سے بڑا فیصلہ بابر اعظم کا بطور کپتان استعفیٰ ہے، پی سی بی نے ان کو ٹیسٹ اسکواڈ کا کپتان برقرار رہنے کی پیشکش کی تھی جسے قبول نہ کیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم اچھے بیٹسمین ہیں، انھوں نے پاکستان کیلئے کئی عمدہ اننگز بھی کھیلی ہیں،البتہ یہ ضروری نہیں ہوتا کہ کوئی اچھا کھلاڑی اچھا کپتان بھی ہو۔

ماضی میں بھی ہم نے ایسی کئی مثالیں دیکھیں،زیادہ دور کیوں جائیں بھارت کے ویراٹ کوہلی بھی تو بطور کپتان ناکام رہے تھے، جب یہ ذمہ داری چھوڑی تو آج دیکھیں کوہلی کہاں کھڑے ہیں، بابر کو قیادت کرتے ہوئے کئی برس بیت گئے تھے،اگر کوئی بہتری آنا ہوتی تو اب تک آ چکی ہوتی لیکن ایسا نہ ہوا، اسی لیے بورڈ کو ان سے کہنا پڑا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتانی ازخود چھوڑ دیں جس پر بابر نے یہ انتہائی قدم اٹھایا، اب ان کے پاس موقع ہے کہ وہ بطور بیٹسمین اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔

ماضی میں بابر کا نام کوہلی جیسے عظیم بیٹسمیوں کے ساتھ لیا جاتا تھا اب پھر بابر کے پاس موقع ہوگا کہ وہ تسلسل سے اچھی اننگز کھیل کر بطور بیٹسمین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں، نئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود اعلیٰ تعلیم یافتہ سلجھے ہوئے انسان ہیں، انھوں نے اپنا زیادہ تر وقت انگلینڈ میں ہی گذارا ہے، اس نئی ذمہ داری میں وہ کامیاب ثابت ہو سکتے ہیں، انھیں ساتھی کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا،آسٹریلیا کا دورہ پاکستانی ٹیم کیلئے ہمیشہ بہت مشکل ثابت ہوتا ہے۔

جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے کبھی وہاں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی، شان کی قائدانہ صلاحیت کا آسٹریلین پچز پر اصل امتحان ہوگا، انھیں نہ صرف کپتان بلکہ بیٹسمین کی حیثیت سے بھی خود کو منوانا ہوگا،بابر اعظم بھی کپتانی کے بوجھ سے آزاد ہو کر بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں شاہین شاہ آفریدی نئے کپتان مقرر ہوئے ہیں، وہ لاہور قلندرز کو 2 بار اپنی قیادت میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جتوا چکے، ان میں کپتانی کی صلاحیتیں تو موجود ہیں اب عالمی سطح پر کیسے اس کا اظہار کرتے ہیں یہ دیکھنا ہوگا۔

شاہین ابھی کم عمر ہیں وقت کے ساتھ سیکھتے رہیں گے، اگلے سال ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈکپ ہو رہا ہے، تب ان کا اصل امتحان ہوگا۔ پی سی بی نے کوچنگ پینل کو فارغ کر دیا، یہ بھی درست فیصلہ لگتا ہے، آپ دیکھیں ورلڈکپ میں دنیا بھر کے بیٹسمین کیسے کیسے جدید شاٹس کھیل رہے ہیں، سوئچ ہٹنگ، اسکوپ، ریورس سوئپ سمیت زبردست اسٹروکس دیکھنے کو ملے لیکن کیا آپ نے کسی پاکستانی بیٹسمین کو ایسے شاٹس کھیلتے دیکھا؟

یقینا نہیں دیکھا ہوگا کیونکہ کوچز نے پریکٹس ہی نہیں کرائی تھی، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر آن لائن کوچنگ کر رہے تھے ایسے میں وہ کیسے شاٹس کی مشقیں کرا سکتی تھے، بریڈ برن وغیرہ بھی ناکام ہی ثابت ہوئے، اسی طرح فیلڈنگ بھی معیاری نہ تھی جب ٹیم کی تیاریاں ہی مناسب نہ تھیں تو اچھی کارکردگی کیسے سامنے آتی؟ ہمارے کھلاڑی جدید کرکٹ سے بہت پیچھے ہیں، انھیں اپ ڈیٹ ہونا پڑے گا، اب محمد حفیظ ٹیم ڈائریکٹر بنے ہیں، میں نے میڈیا رپورٹس دیکھیں کہ وہی کوچنگ بھی کریں گے۔

حفیظ کو کوچنگ کا تجربہ نہیں ہے، وہ تو خود لیگز کھیل رہے تھے، نئی ذمہ داری سے وہ کس حد تک انصاف کر پاتے ہیں اس کا اندازہ تو آسٹریلیا میں ہی ہو سکے گا، تبدیلیاں تو بہت ہو گئیں اب امید یہی رکھنی چاہیے کہ مثبت نتائج بھی سامنے آئیں، سلیکشن میں بھی میرٹ کو ترجیح دینا ہوگی تاکہ باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ سکیں،اگر متوازن اسکواڈ بن گیا اور حقدار کرکٹرز کو متواتر مواقع دیے جاتے رہے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی کرکٹ دوبارہ سے پھلنے پھولنے لگے گی۔

پرائز بانڈ کی آڑ میں اسرائیلی وبھارتی کرنسی کی فروخت

کراچی: پرائز بانڈ کی آڑ میں اسرائیلی وبھارتی کرنسی کی فروخت پکڑی گئی۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بولٹن مارکیٹ میں چھاپہ مارکارروائی کے دوران 32 ممالک کی بھاری مالیت کی کرنسی تحویل میں لے لی، کرنسی کے غیرقانونی کاروبارکرنے والے ملزمان سے اسرائیلی شیقیم کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پرایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل جاوید بلوچ کی نگرانی میں غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے شہرکے گنجان آبادی والے علاقے بولٹن مارکیٹ میں چھاپہ مارکارروائی کی جس کے دوران غیرملکی کرنسی کی غیرقانونی خریدوفرخت میں ملوث 2 ملزمان احمد رضا اورفیضان رضا کو گرفتارکیا گیا۔

ملزمان پرائز بانڈ کے کاروبار کی آڑ میں غیرملکی کرنسی کی خریدوفرخت میں ملوث اور اسٹیٹ بینک کی منظوری کے بغیر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے،ملزمان کے قبضے سے30سے زائد ممالک کی کرنسی برآمدہوئی۔

ملزمان سے8لاکھ پاکستانی روپے، ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے پرائزبانڈ، بھارتی کرنسی ساڑھے چارہزار، تھائی بات 5ہزار، انڈونیشین کرنسی 6لاکھ، افغانی 2ہزار، ویتنام ڈونگ 17لاکھ، موزمبیق 8ہزار، فلپینو1400، ملائشین رنگٹ ہزار، ایرانی ریال 48لاکھ، عراقی ریال 3500، رشین منات40، کینیا شینگ600، سعودی ریال 500، قطری ریال150، سوئس فرینک50، ناروے50، ساؤتھ کوریا5لاکھ، جرمن مارک50، ماپڈوز500، مصری پاؤنڈ250، کوسٹاریکا 1ہزار، لیبنز1ہزار، اسرائیل شیقیم 20، نیپالی 900، ہانگ کانگ ڈالر30، بحرین دینار3، برطانوی پاؤنڈز30، یورو20، اور 500 شامی پاؤنڈ برآمد ہوئے۔

ملزمان کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے، ملزمان سے غیرملکی کرنسی کے کاروبار کے حوالے سے مذید تفتیش جاری ہے۔

شکیب الحسن نے سیاست میں بھی قدم رکھ دیا، 7 جنوری کو الیکشن لڑنے کا امکان

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا اور ان کی جانب سے حکمران جماعت عوامی لیگ کی طرف سے 7 جنوری کو الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔

بنگلادیشی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق شکیب الحسن نے عوامی لیگ کے ٹکٹ سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے 3 حلقوں کے لیے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔

بنگلادیشی کپتان نے عوامی لیگ کے دفتر سے ہفتہ کی صبح فارم حاصل کیا، چھاترا لیگ کے سابق جنرل سیکرٹری صدیق نظم العالم جو عوامی لیگ کے لیے ڈھاکہ ڈویژن کے نامزدگی فارم فروخت کرنے والے بوتھ پر موجود تھے، انہوں نے کرکٹر کے سیاست میں آنے کی تصدیق کی۔

اس سے قبل گزشتہ انتخابات میں بھی شکیب الحسن کے حصہ لینے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن انہوں نے اس وقت سیاست میں آنا مناسب نہیں سمجھا تھا۔

دوسری جانب عوامی لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل بہاؤالدین نسیم نے بھی خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ شکیب نے ہفتے کے روز پارٹی سے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لیے نامزدگی فارم لیے۔

انہوں نے آل راؤنڈر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں اور ملک کے نوجوانوں میں ان کی بہت مقبولیت ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سربراہی میں حکمران جماعت کے پارلیمانی بورڈ سے شکیب کی امیدواری کی تصدیق کرنا ہو گی۔

بھارتی کمپنی کا ورلڈکپ جیتنے کی صورت میں 100 کروڑ روپے تقسیم کرنیکا اعلان

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے بعد آج بھارت کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہو جائے گا، اور آج دن کے آخر میں بھارت یا آسٹریلیا میں سے کوئی ایک عالمی کرکٹ کا نیا شہنشاہ بن جائے گا۔

ایسے میں ایک بھارتی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے حیران کن اعلان کیا ہے، ستاروں سے متعلق پیشگوئیاں کرنے والی ویب سائٹ ایسٹرو ٹاک کے سی ای اور پونیت گپتا نے بھارت کی جیت پر اپنے صارفین میں انعامی رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پونیت گپتا کے مطابق اگر بھارت ون ڈے ورلڈکپ جیت جاتا ہے تو وہ اپنے تمام صارفین میں 100 کروڑ بھارتی روپے تقسیم کریں گے۔

اس حوالے سے پونیت کی جانب سے لنکڈ ان پر پوسٹ شیئر کی گئی اور ساتھ ہی انہوں نے اس کا اعلان انسٹاگرام پر ویڈیو کے ذریعے بھی کیا۔

لنکڈ ان پوسٹ میں پونیت گپتا نے ماضی کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا ‘آخری بار جب ہندوستان نے 2011 میں ورلڈ کپ جیتا تھا، میں کالج میں پڑھ رہا تھا، اور یہ میری زندگی کے خوشگوار دنوں میں سے ایک تھا’۔

ایسٹرو ٹاک کے سی ای او کے مطابق ‘میں نے اپنے تمام دوستوں کے ساتھ چندی گڑھ کے قریبی کالج کے آڈیٹوریم میں میچ دیکھا، اوہ خدا، ہم سب سارا دن بہت پریشان رہے، میچ کے دن سے پہلے ہمیں اچھی طرح نیند نہیں آئی کیونکہ ہم پوری رات میچ کی حکمت عملی پر بحث کرتے رہے’۔

انہوں نے کہا ‘لیکن جب ہم نے میچ جیت لیا، تو مجھے سب سے طویل عرصے تک ہنسی آتی رہی، میں نے اپنے تمام دوستوں کو گلے لگایا، ہم چندی گڑھ میں موٹر سائیکل کی سواری پر گئے اور ہر چکر پر اجنبیوں کے ساتھ بھنگڑا ڈالا، ہم نے ملنے والے سب لوگوں کو گلے لگایا’۔

دنیائے کرکٹ کا نیا چیمپئن بھارت یا آسٹریلیا؟ ورلڈکپ کا فائنل ٹاکرا آج ہوگا

پونیت گپتا نے مزید لکھا ‘یہ واقعی میری زندگی کا سب سے خوشی کا دن تھا، کل رات میں سوچ رہا تھا کہ اس بار میں کیا کر سکتا ہوں، پچھلی بار میرے چند دوست تھے جن کے ساتھ میں اپنی خوشیاں بانٹ سکتا تھا، لیکن اس بار ہمارے پاس Astrotalk کے بہت سارے صارفین ہیں، اس لیے مجھے ان کے ساتھ اپنی خوشی بانٹنے کے لیے کچھ کرنا چاہیے’۔

کمپنی کے سی ای او نے کہا ‘لہذا، آج صبح میں نے اپنی فنانس ٹیم سے بات کی اور وعدہ کیا کہ اگر ہندوستان ورلڈ کپ جیتتا ہے تو اپنے صارفین کو 100 کروڑ بھارتے روپے تقسیم کروں گا’۔

ملک کے تمام بڑے شہروں میں فارمیسی اور میڈیکل اسٹورز پر چھاپے

ملک کے تمام بڑے شہروں میں ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسی اورمیڈیکل اسٹور پر ڈریپ کی جانب سے چھاپے مارے جارہے ہیں، اور کراچی کی مختلف فارمیسیز سے جعلی ادوایات پکڑی گئی ہیں۔

ملک میں جعلی آن رجسٹرڈ ادویات اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اور تمام شہروں میں ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسی اور میڈیکل اسٹورزپر چھاپے جارہے ہیں۔

ڈریپ کی ٹیم نےکراچی کےمختلف علاقوں میں فارمیسی کا معائنہ کیا، اس دوران گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں مختلف فارمیسیز سے جعلی ادوایات پکڑی گئیں، جب کہ کچھ اسٹورز پر ہیپارین انجکشن منظور شدہ قیمت 800 کے باجے 3500 روپے میں فروخت ہو ریا تھا۔

ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ جعلی آن رجسٹرڈ ادویات کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ فارمیسی مالکان کیخلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

نگراں وزیر صحت ندیم جان کا کہنا ہے کہ عوام کو لوٹنے والے عناصرکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

استعفے نے انضمام کو ڈیڑھ کروڑ کا نقصان کرا دیا

کراچی: استعفے نے انضمام الحق کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان کرا دیا جب کہ ازخود چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے پر پی سی بی کوئی ادائیگی نہیں کرے گا۔

انضمام الحق نے 25 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر پی سی بی کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیا تھا، اس میں 6 ماہ کا نوٹس پیریڈ بھی شامل تھا، گزشتہ دنوں ان پر مفادات کے ٹکراؤ کا الزام سامنے آیا جس پر پی سی بی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی،اس پر انضمام نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تحقیقات میں کلیئر ہونے پر واپس آ جائیں گے، مگر پھر میڈیا میں تیزوتند بیانات دیتے رہے جس پربورڈ نے استعفی منظور کرنے کا اعلان کر دیا۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ انضمام الحق نے چونکہ خود عہدہ چھوڑا لہذا ہم انھیں 6 ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کے پابند نہیں، البتہ اگر انھیں برطرف کیا جاتا تو معاہدے کے تحت ڈیڑھ کروڑ روپے دینا پڑتے، اس سوال پر کہ اب فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا کیا بنے گا؟

ذرائع نے کہا کہ بظاہر اس کا خاتمہ ہو چکا کیونکہ انضمام اب بورڈ کا حصہ ہی نہیں ہیں لہذا تحقیقات کا کیا فائدہ، البتہ حتمی فیصلہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی بھارت سے وطن واپسی کے بعد ہی ہوگا۔

یاد رہے کہ برطانوی کمپنی ’’یازو انٹرنیشنل‘‘ میں انضمام الحق اور کئی کھلاڑیوں کے ایجنٹ طلحہ رحمانی سمیت محمد رضوان کے بھی شیئرز ہیں۔

انضمام نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کمپنی کا شیئرہولڈر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا بچوں کے سائیکلوں کے ہیلمٹ بنانے کا ارادہ تھا مگر اسے عملی جامہ نہیں پہنا سکے تھے۔

حفیظ کو قومی ٹیم کی ذمہ داریاں ملنے پر آصف نے تحفظات کا اظہار کردیا

سابق کپتان محمد حفیظ کو ڈائریکٹر اور ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں ملنے پر سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے تحفظات کا اظہار کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئی تقرریوں سے بورڈ اپنی ساکھ کھوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے ستمبر میں ٹیکنیکل کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا اور اسے نومبر میں ڈائریکٹر کرکٹ کم ہیڈ کوچ کے طور پر واپس رکھا گیا؟۔ اس بورڈ کے پاس معاملات چلانے کا کوئی اختیار نہیں۔

ورلڈکپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں اہم تبدیلیاں کی گئیں، محمد حفیظ کو مکی آرتھر کی جگہ ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈکوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر کے عہدے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ سے قبل محمد حفیظ تکنیکی کمیٹی کے رکن تھے تاہم انکی رائے کو اہمیت نہ دینے پر وہ کمیٹی سے الگ ہوگئے تھے۔

دوسری جانب محمد آصف کے طنز کی وجہ سے یہ بھی ہے کہ 2010 میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث رہنے والوں کے ساتھ محمد حفیظ نے کھیلنے سے انکار کردیا تھا جبکہ سلمان بٹ اور محمد عامر کے حوالے سے بھی حفیظ کی یہی رائے تھی۔

قرضے 81.8 ہزار ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا تخمینہ

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے تخمینہ لگایا ہے کہ وفاقی حکومت کے قرضے رواں مالی سال کے اختتام تک 81.8 ہزار ارب روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ جائیں گے، جبکہ بجٹ خسارہ اور سودی ادائیگیاں بھی بجٹ تخمینوں سے بڑھ جائیں گی۔

ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ بجٹ کے غیر حقیقی اعداد وشمار کی وجہ سے آئی ایم ایف نے نیا جائزہ جاری کیا ہے، یہ جائزہ حالیہ مذاکرات کے دوران پاکستانی حکام کے ساتھ ڈسکس کیا گیا ہے، جس کے مطابق وفاقی حکومت کا بجٹ 15.4 ہزار ارب روپے ہوگا، جو کہ رواں مالی سال کے آغاز میں قومی اسمبلی سے منظور کیے گئے بجٹ تخمینے سے 1.1 ہزار ارب روپے زیاد ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پبلک قرضوں اور گارنٹیوں کے 81.8 ہزار ارب روپے رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، جو کہ جی ڈی پی کا 77.3 فیصد بنتا ہے، جبکہ بجٹ خسارہ جو پہلے 6.9 ہزار ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، اب اس کا تخمینہ8.2 ہزار ارب روپے لگایا گیا ہے، جو کہ گزشتہ تخمینے سے 1.3 ہزار ارب روپے زیادہ ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تخمینوں میں ردوبدل کی بنیادی وجہ آمدن، اخراجات اور سودی ادائیگیوں کے غیر حقیقی اعداد و شمار ہیں، آئی ایم ایف نے سودی ادائیگیوں کا تخمینہ 8.63 ہزار ارب روپے لگایا ہے، جو کہ آئی ایم ایف کے گزشتہ اندازوں سے برائے نام زیادہ ہیں۔

یاد رہے کہ دو ماہ قبل ایکسپریس ٹریبیون نے یہ رپورٹ کیا تھا کہ سودی ادائیگیاں بجٹ تخمینوں سے 1 ہزار ارب روپے بڑھ گئی ہیں، جبکہ حکومت کو 4.5 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کا بھی سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں وزارت خزانہ نے سودی ادائیگیوں کا تخمینہ7.3 ہزار ارب روپے لگایا تھا، لیکن حالیہ مذاکرات کے دوران یہ تخمینہ 8.5 ہزار ارب روپے لگایا گیا ہے، جو کہ آئی ایم ایف کے نئے تخمینے سے اب بھی 140 ارب روپے کم ہے۔

آئی ایم ایف نے ڈومیسٹک قرضوں پر سودی ادائیگیوں کا تخمینہ 7.5 ہزار ارب روپے لگایا ہے، جو کہ بجٹ تخمینے سے 1.1 ہزار ارب روپے زیادہ ہے جبکہ بیرونی قرضوں پر سودی ادائیگیوں کا تخمینہ 1.02 ہزار ارب روپے لگایا گیا ہے جو کہ بجٹ تخمینے سے 150 ارب روپے زیادہ ہے۔

بے تحاشا اخراجات کے علاوہ قرضوں اور سودی ادائیگیوں میں اضافے کی دوسری بڑی وجہ مرکزی بینک کی وجہ سے بلند پالیسی ریٹ ہے، جو اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر 22 فیصد ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بیرونی فنانسنگ کا تخمینہ 2.7 ہزار ارب روپے سے کم کرکے 1.2 ہزار ارب روپے کردیا ہے، جس کا واضح مطلب ہے کہ حکومت کی جانب سے تجارتی بینکوں سے قرضوں کے حصول میں مزید اضافہ ہوگا، آئی ایم ایف نے ڈومیسٹک فنانسنگ 6.9 ہزار ارب روپے رہنے کا تخمینہ لگایا ہے جو کہ اس سے قبل 4.8 ہزار ارب روپے لگایا گیا تھا۔

آئی ایم ایف نے اخراجات 14.6 ہزار ارب روپے رہنے کا تخمینہ لگایا ہے جو کہ بجٹ تخمینے سے 1.24 ہزار ارب روپے زیادہ ہیں، لیکن ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 782 ارب روپے رہے گا جو کہ بجٹ تخمینے کے مقابلے میں 168 ارب روپے کم ہے، نتیجتا بجٹ کا سائز 15.4 ہزار ارب روپے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گا۔

آئی ایم ایف نے مجموعی بنیادی توازن کو کسی تبدیلی کے بغیر جی ڈی پی کے 0.4 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔

پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ فعال رابطے بڑھانے پر اتفاق

کوئٹہ: پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ فعال رابطے بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔

چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم و رسورسز محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ایک بہت بڑی پیشرفت میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر دونوں ممالک کے درمیان ستمبر 2024تک فعال رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور دونوں ممالک اتفاق رائے پیدا کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگی ایل این جی درآمد کر رہا ہے۔

خواتین کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع

کراچی: حکومت کی جانب سے خواتین کو ذاتی کاروبار کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی شروع کر دی گئی۔

ڈپٹی منیجر اسٹیٹ بینک قراۃ العین بلال نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے خواتین کو ذاتی کاروبار کیلیے بلا سود قرضہ سہولت کا اجرا کیا ہے، اب خواتین گھر بیٹھی آن لائن درخواست جمع کرا کر پانچ لاکھ روپے تک کا قرضہ باآسانی حاصل کر کے بہتر روزگار کا سلسلہ شروع کر سکتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں خواتین 48 فیصد ہیں مگر بہت تھوڑی تعداد بلکہ نہ ہونے کے برابر خواتین اس وقت اپنا ذاتی کاروبار کر رہی ہیں۔

ورلڈ کپ کا تاج بھارت کے سر ہی سجے گا؛ اروشی روٹیلا کا دعویٰ

احمد آباد: بالی وڈ اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا آج کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بھارت ٹیم کی جیت کے لیے پُراعتماد ہیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل آج ہوگا، دونوں ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز سہ پہر 1:30 پر ہوگا۔

ورلڈ کپ فائنل سے قبل بھارتی شائقین اپنی ٹیم کی جیت کے لیے بےحد پُرجوش ہیں، ایسے میں بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آج کی جیت کا تاج بھارت کے سر ہی سجے گا۔
اروشی روٹیلا نے کہا کہ “میں ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے بہت پُرجوش ہوں، مجھے یقین ہے کہ آج بھارت ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے گا”۔

اداکارہ نے کہا کہ “میں نے جب ایفل ٹاور پر ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کی تھی تو ٹرافی کو چوما اور چُھوا تھا لیکن اب میں چاہتی ہوں کہ یہ ٹرافی ہمیشہ کے لیے ہمارے پاس آجائے”۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ “یہ صرف اُسی صورت ممکن ہوگا جب بھارت ورلڈ کپ کا فائنل جیتے گا”۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میچ سے قبل موسیقی کی تقریب اور ایئر شو بھی منعقد ہوگا جبکہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچیں گے جبکہ ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہوگا۔

سائبر حملوں کا خدشہ، حفاظتی تدابیر کیلیے ایڈوائزری جاری

اسلام آباد: سائبر حملوں کا خدشہ، حفاظتی تدابیر کیلیے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔

عالمی ہیکرز کی جانب سے حکومتی اداروں اور اہم انفرااسٹرکچرکو نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا۔ پاکستان نے ہیکرز کے ممکنہ حمکوں کے خدشات کے پیش نظر حفااظتی تدابیر متعارف کرادی ہیں تمام وزارتوں و ڈویعنوں کو سائبر حملوں کے خدشات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سائبر سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ نے تمام وزارتوں اور ڈویعنوں و ڈیپارٹمنٹس کو ایڈوائزی جاری کردی ہے جس میں ہیکرز کے حملوں سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور تکنیکی تفصیلات بھی شیئر کی گئی ہیں۔

ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ ڈیڈ گلیف بیک ڈور ونڈو بیسڈ آن سسٹم ہے جو ہیکرز کی جانب سے حکومتی اداروں اور اہم انفراسٹرکچر کو ہیک کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے لہذا تمام اداروں کے سسٹم و نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ او ایس، بی آئی او ایس، ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر سمیت پورے سسٹم کی فول پروفنگ اور وائٹ لسٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ای میل اور بینکنگ پر ملٹی فیکٹر تصدیقی کوڈ لگائے جائیں مضبوط پاس ورڈ پالیسی کو یقینی بنائیں اور پاس ورڈزباقاعدگی سے تبدیل کریں سرکاری، خفیہ یا نجی ڈیٹا آن لائن کمپیوٹرز پر نہ رکھیں تمام وزارتوں و ڈویژنوں اور اداروں سمیت ماتحت محکموں سے کہا گیا ہے کہ سائبر حملوں سے بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اسرائیل اور حماس امریکی حمایت یافتہ ڈیل پر رضا مند، واشنگٹن پوسٹ کا دعوی

اسرائیل اور حماس امریکی حمایت یافتہ ڈیل پر رضا مند ہوگئے، فریقین نے جنگ میں وقفے اور یرغمالیوں کی رہائی پر رضا مند ظاہر کردی ہے۔

جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی میں پانچ دن کے وقفے پر اتفاق کیا گیا ہے، ابتدائی 24 گھنٹے میں 50 کے قریب یرغمالیوں کو رہا کرایا جاسکے گا۔

واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل، امریکا اور حماس کے درمیان غزہ میں یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کے بدلے لڑائی میں پانچ دن کے وقفے کے ایک عارضی معاہدہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے دوران 240 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔

امریکی اخبار کے مطابق اوور ہیڈ سرویلنس پولیس مدد کے لیے زمینی نقل وحرکت کی نگرانی کرے گی، جس کا مقصد انسانی امداد کی ایک قابل ذکر مقدار کی اجازت دینا بھی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی اخبار کی رپورٹ پر وائٹ ہاؤس یا اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی پر کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے۔

فلسطینی صدر کا امریکی صدر سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ
فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر جوبائیڈن سے فوری جنگ بندی اور غزہ میں امداد کی فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔

صدر محمود عباس نے اپنے بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی کارروائی کو روکنے کے لیے مداخلت کریں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد افراد ہیضے میں مبتلا ہوگئے ہیں، صاف پانی اور نہ ہی نکاسی آب کا نظام ہے، مناسب خوراک اور ادویات نہ ہونے سے بڑے سانحہ کا خدشہ ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اسرائیل اور حماس جنگ کے بعد فلسطینی اتھارٹی کو غزہ پٹی اور مغربی کنارے پر حکومت کرنی چاہیے۔

یاد رہے 2007 سے مغربی کنارے اور غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کا کوئی کردار نہیں ہے۔

جبالیہ کیمپ، اقوام متحدہ کے اسکول سمیت 2 اسکولوں پرحملے
اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں، جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول سمیت دو اسکولوں پر فضائی حملے میں 200 سے زائد پناہ گزین شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

خان یونس میں غلبان فیملی کے گھرانے پر حملے میں 15 افراد شہید ہوئے، جبکہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی پر رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، حملے میں بچوں سمیت 26 فلسطینی شہید ہوگئے۔

رہائشی عمارتوں کے ملبے تلے دبی لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے، غزہ میں آل وفا اسپتال پر اسرائیل حملے میں اسپتال کے ڈائریکٹر شہید ہوگئے۔

عاشور اور آغا فیملی کے گھروں پر بھی بمباری کی گئی، اسرائیلی بمباری میں مزید دو صحافی شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ سات اکتوبر سے اب تک شہدا کی تعداد 12 ہزار 300 ہوگئی، جن میں 8 ہزار300 سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں، 32 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

بمباری کے باعث غزہ میں 35میں سے26اسپتال بند ہوچکے
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کو جبری خالی کرا لیا، ہزاروں زخمی اور بے گھر افراد جنوب کی طرف جانے پر مجبور ہوگئے۔

چلنے پھیرنے سے قاصر 120 مریض اسپتال میں رہ گئے، جن کی دیکھ بھال کے لیے پانچ ڈاکٹر اور چند نرسیں موجود ہیں۔

بمباری کے باعث غزہ میں 35 میں سے 26 اسپتال بند ہوچکے ہیں، اسرائیلی جارحیت میں اسپتالوں، مساجد اور گرجا گھروں سمیت ہزاروں عمارتیں تباہ ہوگئیں۔