آڈیو لیک اسکینڈل؛ جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کردی

 اسلام آباد: جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے خلاف آڈیو لیک اسکینڈل میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی نے  سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی  ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا آئندہ کارروائی کے لیے موصول نوٹس بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے ایڈووکیٹ مخدوم علی خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی، جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکیسویں آئینی ترمیم کیس میں سپریم کورٹ عدلیہ کی آزادی کو بنیادی آئینی ڈھانچے کا جزو قرار دے چکا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ  16فروری سے تضحیک آمیز مہم کا سامنا کر رہا ہوں۔ میرے خلاف میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے۔ میرے خلاف شکایت کنندگان عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ صدارتی ریفرنس کیس میں یہ اصول طے کیا گیا کہ جج کو شفاف ٹرائل کا حق ملنا چاہیے ۔ سپریم جوڈیشل کونسل کا مجھے شوکاز نوٹس جاری کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

جسٹس مظاہر نقوی کی درخواست میں مزید کہا گیا کہ  شوکاز نوٹس کے بارے میں جاری کردہ پریس ریلیز میری رائے لیے بغیر جاری کی گئی۔ سپریم جوڈیشل کونسل کا پریس ریلیز جاری کرنے سے میرا میڈیا ٹرائل ہوا۔ میرے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو بدنیتی پر مشتمل قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ جوڈیشل کونسل کا جاری کردہ شوکاز نوٹس خلاف قانون قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت دائر کی گئی اس درخواست کو کھلی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ 3 رکنی کمیٹی کرے گی۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت 3 رکنی کمیٹی کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ ہیں۔ کمیٹی کے دیگر 2 ارکان میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔

مودی جی! اتنی دھاندلی کے بعد بھی ہار گئے؛ حریم شاہ کا طنز

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر طنزیہ وار کردیا۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

شکست کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بھارتی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے پیغام جاری کیا۔

نریندر مودی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “آپ نے پورے ورلڈ کپ میں زبردست جذبے کے ساتھ کھیلا، قوم کو آپ پر بےحد فخر ہے، میں اور پورا بھارت آپ کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہے”۔

مودی کی اس پوسٹ پر طنزیہ وار کرتے ہوئے ٹک ٹاکر حریم شاہ نے کہا کہ “مودی جی! اتنی دھاندلی کے بعد بھی ہار گئے”، اُنہوں نے اپنے ردعمل میں قہقہے لگانے والے ایموجی کا بھی استعمال کیا۔

بھارتی وزیراعظم کی پوسٹ پر ردعمل دینے کے بعد حریم شاہ نے اپنے آفیشل ایکس اکاوْنٹ پر انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی ایک مزاحیہ تصویر پوسٹ کی۔

تصویر میں بھارتی کرکٹر میگا ایونٹ کا فائنل ہارنے کے بعد گراوْنڈ میں منہ چُھپائے لیٹا ہوا ہے جبکہ انوشکا شرما منہ لٹکائے صدمے میں بیٹھی ہیں۔

بھارتی شائقین کی آسٹریلیوی بیٹرکی بیوی،ایک سالہ بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں

احمد آباد: ورلڈ کپ میں شرمناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹ فینز آپے سے باہر ہوگئے۔ فائنل میں سنچری بنانے والے آسٹریلیوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کی بیوی اور بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں دے دیں۔

سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹ کے مداحوں نےبدترین کارکردگی پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید کرنے کے بجائے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کی جیت کی راہ ہموار کرنے والے بیٹر ٹریوس ہیڈ کی بیوی اور ایک سالہ بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں دے دیں۔

دنیا بھرکے سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی انتہاپسندوں کو شرمناک دھمکیوں پرشدید تنقید کا سامنا بنایا۔ متعدد افراد نے آسٹریلیوی کرکٹر کی بیوی اور ایک سال کی بچی کو ریپ کی دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

ترکیہ کا کارگو بحری جہاز بحیرہ اسود میں لاپتہ

 انقرہ: ترکیہ کا بحری جہاز بحیرہ اسود میں لاپتہ ہوگیا۔

ترک حکام کے مطابق کارگو جہاز کا بحیرہ اسود میں آنے والے طوفان میں پھنسنے کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ لاپتہ ہونے والے جہاز پر کپتان سمیت عملے کے 12 افراد سوار تھے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ اتوار کی صبح جہاز کے کپتان نے بتایا تھا کہ جہاز ترکیہ کے شمال مغربی صوبے زونگلوداک کی حدود میں ایرگلی کے پانیوں سے گزر رہا ہے۔ سمندری طوفان کے باعث لاپتا جہاز کی تلاش کیلئے ریسکیو کشتیاں روانہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔  تیز ہوائوں کے باعث ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی تلاش شروع نہیں کی جاسکی۔

حکام کے مطابق تمام تیاریاں مکمل ہیں اور موسم بہتر ہوتے ہی لاپتہ جہاز کی تلاش کے لیے ریسکیو  کام شروع کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹیمیں بھی تیار ہیں جیسے ہی موسمی حالات مناسب ہوتے ہیں ٹیموں کو روانہ کردیا جائے گا۔

ایران پاکستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر ستمبر تک رابطے بڑھانے پر اتفاق

 اسلام آباد: ایران پاکستان گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر ستمبر تک رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم عبدالقادر نے بتایا دونوں ممالک اس انداز سے پورا کرنا چاہتے ہیں کہ امریکی پابندیوں کا اثر نہ پڑے، اس سے قبل مذاکرات کے دوران ایران کا موقف تھا کہ گیس کی تجارت پر امریکی پابندیوں کا اثر نہیں پڑتا۔

انھوں نے 14نومبر کو بتایا پاکستان گیس کی قلت کا سامنا کر رہا ہے اور ضروریات پوری کرنے کے لئے مہنگی ایل این جی درآمد کر رہا ہے۔

شاہ رخ خان مایوس بھارتی ٹیم کو تسلی دینے میدان میں آگئے

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل ہارنے والے مایوس بھارتی کرکٹرز کو تسلی دیتے ہوئے اُن کی حوصلہ افزائی کردی۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

بھارت کی شکست کے بعد بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

شاہ رخ خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “بھارتی ٹیم نے جس جذبے اور لگن کے ساتھ یہ پورا ٹورنامنٹ کھیلا وہ اعزاز کی بات ہے، تمام کھلاڑیوں نے زبردست جذبے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا”۔

اداکار نے کہا کہ “یہ ایک کھیل ہے جس میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، ہمیشہ جیت نہیں ملتی، کوئی دن ایسا بھی ہوتا ہے جب  ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور فائنل میں ایسا ہی ہوا، ہم ہار گئے لیکن ہم اس شکست کے باوجود بھی بھارتی ٹیم کے شُکرگزار ہیں جنہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں فخر محسوس کروایا”۔

حالیہ فتح ورلڈکپ 2015 سے بڑی ہے، آسٹریلین اسٹارز خوشی سے جھوم اٹھے

کراچی: آسٹریلین پلیئرز نے 2023 کی ون ڈے ورلڈ کپ فتح کو 2015 کی جیت سے بڑا قرار دے دیا۔

احمد آباد کے مودی اسٹیڈیم پر 90 ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کینگروز نے بھارتی ٹیم کے ارمان ٹھنڈے کردیے۔

جوش ہیزل ووڈ اس موقع پر کہا کہ میرے خیال میں ہماری حالیہ فتح 2015 کی جیت سے بھی بڑی ہے ، اس وقت ہم نے اپنے ہوم گراؤنڈ اور ملکی شائقین کے سامنے یہ ٹرافی جیتی تھی، ہم نے یہاں بھارت میں میزبان ٹیم کے خلاف مختلف کنڈیشنز میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

مارنس لبوشین نے کہا کہ ہم نے آج جو حاصل کیا وہ ناقابل یقین ہے، یہ ہماری بہترین کامیابی ہے اور میں اس کا حصہ بننے پر بہت مسرور ہوں، ہمارے بولرز نے شاندار پرفارمنس پیش کی، میں اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کرپارہا ہوں۔

ٹریوس ہیڈ نے کہا کہ ہم خوش قسمت رہے کہ سب چیزیں ہمارے موافق رہیں، میں اگرچہ کچھ نروس تھا ، مارنس نے بھی غیرمعمولی اننگز کھیلی، روہت بدقسمت رہے، ہمارے لیے تاریخی موقع کا حصہ بننا خوش کن ہے۔

مچل اسٹارک، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور گلین میکسویل نے جذبات کا اظہار کیا۔

توشہ خانہ ریفرنس؛ نواز شریف کا 30 نومبر تک بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت

اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کا 30 نومبر تک بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کردی۔

توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی، جس میں جج محمد بشیر کے روبرو وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نواز شریف کا دوران تفتیش بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔

وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ عدالت نیب کو نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کرے۔ ہم چاہتے ہیں نواز شریف کا مؤقف نیب ریکارڈ کر لے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ درخواست پڑھنے کا وقت دے دیں ۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس میں کیا مسئلہ ہے، نواز شریف کو بلا کر بیان ریکارڈ کرلیں ۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں سوالنامہ دے دیں، ہم بیان دے دیتے ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کرلیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔

بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے 30 نومبر تک بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔

لیگی رہنما کی بریت لاڈلا پن نہیں، عدلیہ خود پر لگے ناانصافی کے داغ دھو رہی ہے، مریم اورنگزیب

لاہور: ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بے گناہ رہنماؤں کی بریت لاڈلا پن نہیں بلکہ عدلیہ خود پر لگے نا انصافی کے داغ دھو رہی ہے۔ 

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا،بے روز گاری اور معاشی بدحالی کی ذمہ دار2018 میں آنے والی حکومت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہو رہے ہیں، جب2018 میں ترقی کرتے پاکستان پر چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا گیا تو معاشی ترقی کا پہیہ رک گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو نیب کی عدالت میں صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ ہائوسنگ مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا، ان کو بلایا کسی اور مقدمہ میں اور گرفتار کسی اور کیس میں کر لیا گیا، اسی طرح احد چیمہ کو بھی پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے میں شہباز شریف کے ویژن کو مکمل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے شہباز شریف اور احد چیمہ ان جھوٹے مقدمات سے اللہ کے فضل سے سرخرو ہو گئے ہیں،آج عدالتیں قانونی مہریں لگا کر تصدیق کر رہی ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔

مسلم لیگ (ن ) پر لاڈلہ ہونے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں پیشیاں بھگت کر آج مسلم لیگ (ن )کی قیادت عدالتی فیصلوں سے بری ہو رہی ہے توکیا یہ لاڈلہ پن ہے۔

پنجاب؛ اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں ایک ہفتے کیلیے فیس ماسک لازمی قرار

 لاہور: پنجاب کے اسموگ سے متاثرہ اضلاع  میں ایک ہفتے کےلیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ 

اسموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت  نے فیصلہ کرتے ہوئے متاثرہ اضلاع میں ایک ہفتے کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا  ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہر شہری کے لیے 20 تا 26 نومبر  ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

ماسک کی پابندی لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع میں نافذ العمل ہوگی۔

امریکی گلوکار ڈیڈی کا گرل فرینڈ سے تشدد اور ریپ کے مقدمے پر تصفیہ

لاس اینجلس: امریکی سپر اسٹار گلوکار ڈیڈی  کے ساتھ سابقہ گرل فرینڈ گلوکارہ کیسی نے ریپ اور جسمانی تشدد کے کیس میں تصفیہ کرلیا۔ 

گلوکارہ نے مین ہیٹن کے فیڈرل کورٹ درخواست دی تھی کہ ڈیڈی نے ان کو منشیات دے کر تشدد کا نشانہ بنایا اور انے کے ساتھ ریپ کیا ہے۔

اب دونوں گلوکاروں کی طرف سے تصفیہ کا اعلان کیا گیا ہے اور کیسی نے کہا ہے کہ وہ اپنی خوشی سے چند شرائط پر کیس واپس لے رہی ہیں۔

امریکی سپر اسٹار گلوکار ڈیڈی اور کیسی کے درمیان تصفیہ کی شرائط کو میڈیا کے سامنے نہیں لایا گیا ہے۔

کیسی اور ڈیڈی کی ملاقات 2005 میں ہوئی تھی جب کیسی کی عمر 19 اور ڈیڈی کی عمر 37 برس تھی۔

ڈیڈی نے کیسی کو اپنے لیبل ’بیڈ بوائے ریکارڈز‘ کیلئے سائن کیا اور اس کے ساتھ مل کر مشہور گانے گائے اور اسی دوران ان کا رومانوی تعلق بھی شروع ہوگیا۔

غزہ صورتحال پر سعودیہ سمیت مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کا دورہ کریں گے

ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بتایا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں بہت جلد مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کا دورہ کریں گے۔

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کے تناظر میں وزرائے خارجہ کے ایک وفد کا دورۂ چین بہت جلد متوقع ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید بتایا کہ عرب اور مسلم دنیا کے وزرائے خارجہ کے دورے کا مقصد غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے بعد اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا یہ وفد دیگر ممالک کا بھی دورہ کریں گے اور جنگ کے خاتمے کے لیے راہموار کریں گے۔

فیصل بن فرحان کے مطابق اس دورے کا ایک مقصد غزہ میں انسانی بنیادوں امدادی سامان کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے عالمی قوتوں پر دباؤ ڈالنا بھی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو خود مختار ریاستوں کے قیام کے بغیر فلسطین میں امن و استحکام ناممکن ہے۔

غزہ اور مغربی کنارے پر حماس کی نہیں فلسطینی اتھارٹی کی حکومت ہوگی؛ امریکا

 واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں اب کبھی بھی حماس کی حکومت نہیں بن پائے گی بلکہ یہاں اب فلسطینی اتھارٹی حکومت بنائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے واشنگٹن پوسٹ میں اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ ہم خطے میں پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی ان ’’کوششوں‘‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیل حماس جنگ کے بعد فلسطینی اتھارٹی کو مغربی کنارے اور غزہ پر بھی حکومت سنبھالنا ہوگی۔

صدر جوبائیڈن نے کہا کہ فلسطین، غزہ اور مغربی کنارے کو ایک ہی حکومتی ڈھانچے کے نیچے آنا ہوگا۔ اس مسئلے کا پائیدار حل ’’دو ریاستوں‘‘ اسرائیل اور فلسطین کا قیام ہے۔

امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کے غزہ میں طویل عرصے تک اپنی فوجوں کی تعیناتی کے ارادے پر کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی یا اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کریں گے۔ غزہ کے محاصرے اور ناکہ بندی کی بھی مخالفت بھی کرتے ہیں۔

صدر جوبائیڈن نے مزید لکھا کہ میں نے اسرائیلی لیڈروں پر زور دیا ہے کہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر انتہا پسندانہ حملوں اور تشدد کے حامی نہیں ان واقعات کو روکا جائے اور ایسا کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔